Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • جامعہ کراچی میں افسوسناک حادثہ،طالبہ کی موت،ڈرائیور معطل

    جامعہ کراچی میں افسوسناک حادثہ،طالبہ کی موت،ڈرائیور معطل

    جامعہ کراچی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے طلبہ و اساتذہ کو سوگوار کر دیا، جہاں سماجی بہبود سال دوئم کی طالبہ انیقہ سعید پوائنٹ سے گر کر جاں بحق ہوگئیں۔ یہ حادثہ شعبہ ریاضیات کے سامنے اس وقت پیش آیا جب وہ یونیورسٹی پوائنٹ پر اُتر رہی تھیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ جیسے ہی انیقہ سعید بس سے اُترنے لگیں، ڈرائیور نے گاڑی اچانک چلا دیا، جس کے نتیجے میں وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور زمین پر گر کر بس کے ٹائروں تلے آ گئیں۔ موقع پر موجود طلبہ نے فوراً ڈرائیور کو روکا، تاہم انیقہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شعبہ ٹرانسپورٹ کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو معطل کر دیا ہے اور واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی نے جاں بحق طالبہ کے والدین سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "انیقہ سعید کی ناگہانی موت پورے جامعہ خاندان کے لیے صدمہ ہے۔ ہم ان کے اہل خانہ کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔”

  • اورکزئی میں پاک فوج کا کامیاب آپریشن، خراجِ تحسین کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

    اورکزئی میں پاک فوج کا کامیاب آپریشن، خراجِ تحسین کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

    ضلع اورکزئی میں پاک فوج کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر خراجِ تحسین کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی

    قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی،قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہے،یہ ایوان 19 دہشت گردوں کے خاتمے اور قومی امن کی بحالی پر پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتا ہے،یہ ایوان شہداء لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب رحمت اور دیگر جوانوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتا ہے،یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ قوم اپنے بہادر محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،یہ ایوان حکومتِ پاکستان سے شہداء کے اہلِ خانہ کے لیے خصوصی مراعات اور مالی معاونت کا مطالبہ کرتا ہے،یہ ایوان شہداء کے بچوں کے لیے تعلیمی وظائف دینے کی سفارش کرتا ہے،یہ ایوان دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاک فوج کی پشت پر رہنے کے عزم کا اظہار کرتا ہے،پاک فوج زندہ باد، شہداء پاکستان پائندہ باد

  • دہلی میں ائیر ہوسٹس کے ساتھ نسلی تعصب ’چِنگ چانگ‘ کہہ کر مذاق اُڑایا گیا

    دہلی میں ائیر ہوسٹس کے ساتھ نسلی تعصب ’چِنگ چانگ‘ کہہ کر مذاق اُڑایا گیا

    شمال مشرقی بھارت کی ریاست میگھالیہ سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ فضائی میزبان رِتو مارک کے لیے ایک عام سی شام زندگی کے سب سے تکلیف دہ تجربے میں بدل گئی۔ رِتو، جو گارو ہلز کی رہنے والی ہیں، نے دہلی کے کملانگر علاقے میں ایک ہی رات میں دو مرتبہ نسلی تعصب اور توہین آمیز رویے کا سامنا کیا۔

    رِتو مارک نے این ڈی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ وہ شام تقریباً ساڑھے نو بجے کملانگر میں کچھ کام نمٹا کر واپس جا رہی تھیں جب اچانک ایک گروپ موٹر سائیکل پر گزرا۔میں بھوکی تھی اور کھانے کے لیے جگہ ڈھونڈ رہی تھی کہ ایک اسکوٹر پر بیٹھے چند مرد میرے قریب سے گزرے۔ ان میں سے ایک نے زور سے کہا، ‘چِنگ چانگ’ اور سب ہنسنے لگے۔ میں حیران رہ گئی۔ یہ سب پڑھے لکھے، بڑے لوگ تھے۔ ان کے منہ سے یہ الفاظ سن کر دل بہت دکھا، کیونکہ ایسے لوگوں سے اس رویے کی توقع نہیں تھی۔”

    اس واقعے سے ہل کر رہ جانے والی رِتو نے فوراً ایک ٹیکسی بُک کی تاکہ گھر واپس جا سکیں، مگر اس رات ان کی آزمائش ختم نہ ہوئی۔میٹرو میں ایک اور شخص آیا اور بولا ‘چِنگ چانگ چائنا’۔ اس بار بھی لوگ ہنسنے لگے۔ میں رو پڑی، مگر کسی نے کچھ نہیں کہا۔ وہاں شمال مشرق سے تعلق رکھنے والا کوئی نہیں تھا جو میرا ساتھ دیتا۔

    رِتو مارک دو ماہ قبل دہلی منتقل ہوئی تھیں۔ اس سے پہلے وہ تین سال تک بنگلورو میں مقیم رہیں، جہاں انہیں کبھی ایسے رویے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔بنگلورو ہمیشہ گھر جیسا محسوس ہوا۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ دارالحکومت دہلی میں مجھے اس طرح کی نفرت دیکھنے کو ملے گی۔رِتو نے اپنے اس تلخ تجربے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو وائرل ہوگئی۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ان سے اظہارِ ہمدردی کیا، جب کہ مرکزی وزیر کیرن ریجیجو نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "ایسی امتیازی حرکتیں بند ہونی چاہئیں۔”

    رِتو کا کہنا ہے کہ اب انہیں عوام کی جانب سے بہت زیادہ حمایت مل رہی ہے۔میں نے نہیں سوچا تھا کہ میری ویڈیو کو اتنی توجہ ملے گی۔ بہت سے لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا اور بتایا کہ انہوں نے بھی ایسی ہی تکلیف سہی ہے۔انہوں نے اس رویے کے پیچھے موجود بنیادی مسئلے کی نشاندہی بھی کی ،کہا یہ سب لاعلمی اور تعلیم کی کمی کا نتیجہ ہے۔ رِتو مارک نے دیگر متاثرہ افراد کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہاسب سے پہلے اپنی حفاظت کو ترجیح دیں۔ اگر موقع مناسب نہیں تو بحث میں نہ پڑیں۔ پہلے محفوظ رہیں، پھر آواز اٹھائیں۔ خاموشی کو کبھی رضامندی نہ سمجھا جائے

  • لڑکیاں خبردار رہیں،لڑکوں سے تعلقات پر50،50 ٹکڑوں میں کاٹ دیا جاتا ہے،گورنر اترپردیش

    لڑکیاں خبردار رہیں،لڑکوں سے تعلقات پر50،50 ٹکڑوں میں کاٹ دیا جاتا ہے،گورنر اترپردیش

    اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے وارانسی میں منعقدہ مہاتما گاندھی کاشی ودیاپیٹھ کی 47ویں کانووکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طالبات کو "لائیو اِن ریلیشن شپ” (Live-in Relationship) سے دور رہنے کی نصیحت کرتے ہوئے اس طرزِ زندگی کو تشدد اور قتل جیسے سنگین جرائم سے جوڑ دیا۔

    گورنر نے اپنی تقریر میں کہا میں لڑکیوں سے ایک ہی بات کہنا چاہتی ہوں، آج کل لائیو اِن ریلیشن شپ کا بڑا فیشن بن گیا ہے، لیکن اس سے دور رہیں۔ ورنہ آپ نے دیکھا ہی ہے کہ عورتوں کو پچاس پچاس ٹکڑوں میں کاٹ دیا جاتا ہے۔آنندی بین پٹیل، جو ریاستی جامعات کی چانسلر بھی ہیں، نے یہ بات یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہی۔گورنر نے کہا کہ وہ حالیہ دنوں میں خواتین کے خلاف ہونے والے ہولناک واقعات سے بے حد افسردہ ہیں۔میں پچھلے کچھ دنوں سے ایسی خبریں سن رہی ہوں، دل دکھتا ہے۔ میں سوچتی ہوں کہ ہماری بیٹیاں ایسا کیوں کرتی ہیں؟ انہیں اپنی حفاظت کے بارے میں زیادہ باشعور ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک جج سے ملاقات کے دوران بھی اس موضوع پر گفتگو ہوئی، جس نے مشورہ دیا کہ جامعات میں آگاہی مہمات چلائی جائیں تاکہ نوجوان خواتین اپنے آپ کو استحصال اور تشدد سے بچا سکیں۔

    یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ گورنر نے لائیو اِن ریلیشن شپ پر سخت موقف اختیار کیا ہو۔ دو دن قبل بھی بالیا میں جن نائک چندر شیکھر یونیورسٹی کی ساتویں کانووکیشن میں خطاب کے دوران انہوں نے ایسے ہی بیانات دیے تھے۔انہوں نے اس تقریب میں کہا تھا اگر آپ ان یتیم خانوں میں جائیں تو آپ کو لائیو اِن ریلیشن شپ کے نتائج نظر آئیں گے۔ وہاں 15 سے 20 سال کی لڑکیاں ایک ایک سال کے بچوں کے ساتھ قطار میں کھڑی نظر آئیں گی

    اپنے خطاب کے دوران گورنر آنندی بین پٹیل نے نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس دن خوشی ہوگی جب ریاست کا ہر نوجوان منشیات سے مکمل طور پر آزاد ہوگا۔

  • وزیرآباد،جہیز کم لانے پر دلہن کو تیزاب پلا دیا گیا،شوہر،ساس گرفتار

    وزیرآباد،جہیز کم لانے پر دلہن کو تیزاب پلا دیا گیا،شوہر،ساس گرفتار

    وزیرآباد کے نواحی علاقے کالا سکّے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نئی نویلی دلہن رخسار کو مبینہ طور پر اس کے سسرالیوں نے تیزاب پلانے کے بعد قتل کر دیا۔ اس اندوہناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔

    گوجرانوالہ کی رہائشی 22 سالہ رخسار کی شادی 12 ستمبر 2025ء کو کالا سکّے کے رہائشی الطاف حسین سے ہوئی تھی۔ شادی کے چند ہی دن بعد سسرالیوں کے رویے میں تبدیلی دیکھی گئی، اور مقتولہ کے اہلِ خانہ کے مطابق یہ تنازعہ جہیز میں کمی کے باعث شروع ہوا۔اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ رخسار کے سسرالی خصوصاً اس کی ساس اور دیور اسے جہیز کے حوالے سے طعنے دیتے اور ذہنی طور پر اذیت دیتے رہے۔ مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ رخسار کو اس کے شوہر الطاف حسین اور ساس نے زبردستی تیزاب پلایا، جس کے نتیجے میں اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔رخسار کو فوری طور پر ضلع ہیڈکوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کیا گیا، تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی احمد نگر چھٹہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی کارروائی کے دوران شوہر الطاف حسین اور اس کی والدہ کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان سے ابتدائی تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب ملزم شوہر الطاف حسین نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رخسار نے خود تیزاب پیا، ہم نے اسے کسی قسم کی زبردستی نہیں کی۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ مقتولہ کے اہلِ خانہ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

  • خیبرپختونخوا میں تبدیلی کے بعد اِس سے بھی بدترین صورتحال ہوگی،حافظ حمداللہ

    خیبرپختونخوا میں تبدیلی کے بعد اِس سے بھی بدترین صورتحال ہوگی،حافظ حمداللہ

    جے یو آئی کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ بغیر این او سی کے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی، علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہیں کر سکتے۔

    حافظ حمد اللّٰہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی کے بعد اِس سے بھی بدترین صورتحال ہوگی، کیا گوجرانوالہ میں تین سابق وزرائے اعظم کے خلاف غداری کے پرچے نہیں ہوئے تھے،اپوزیشن جماعتیں جتنا حکومت بنانے سے دور رہیں اتنا ہی سیاسی جماعتوں کا فائدہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور نے عمران خان کے حکم پر استعفیٰ دے دیا ہے جو تاحال منظور نہیں کیا گیا،کے پی میں سیاسی جماعتیں متحرک ہو چکی ہیں،

  • غریب بچوں کو مریم نواز آٹزم سکول میں مفت تعلیم دی جائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب

    غریب بچوں کو مریم نواز آٹزم سکول میں مفت تعلیم دی جائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپیشل ایجوکیشن کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا

    پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مختصر ترین مدت میں خصوصی بچوں کے 5 ہزار سے زائد داخلے کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا،وزیراعلیٰ نے واضح فیصلہ کیا کہ غریب بچوں کو مریم نواز آٹزم سکول میں مکمل طور پر مفت تھراپی اور تعلیم دی جائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دنیا بھر سے بہترین ماہرین آٹزم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں خصوصی بچوں کو ہمّت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا،سپیشل ایجوکیشن مراکز کیلئے مزید 48 نئی بسوں کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹزم اسکول کے بچوں، اساتذہ اور سٹاف کے لیے یونیفارم اور ڈیزائن کی بھی منظوری دی،13 رکنی بورڈ آف گورنرز کی تشکیل اورآٹزم ریسورس سینٹر کے تین سالہ سٹرٹیجک پلان کی منظوری دی گئی

    معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ مریم نواز آٹزم سکول میں ایک کسٹمائزڈ ماڈل نافذ کیا جا رہا ہے،نصاب تعلیم کا کسٹمائزڈ ماڈل دنیا کے مختلف ممالک میں کامیابی سے رائج ہے،ثبوت پر مبنی (Evidence-Based) آٹزم ماڈلزاور بین الاقوامی ریسرچ سٹڈی کے بعد تیار کیا گیا ہے،سکول کے لیے ایک جامع فنکشنل گرین نصابِ تعلیم بھی تیار کیا گیا ہے،شنل گرین نصابِ تعلیم میں کمیونیکیشن و لینگویج، لائف اسکلز، اسلامی و اخلاقی تعلیم، ٹیکنالوجی، جسمانی تعلیم اور سماجیات شامل ہیں،پاکستان کے پہلے آٹزم سکول میں اوپن جم، واکنگ ٹریک، سنسری گارڈن اور ساؤنڈ تھراپی سینٹرز قائم کیے جائیں گے،یہاں 3 سے 16 سال تک کے بچوں کو داخلہ دیا جائے گااور مریم نواز آٹزم سکول اینڈ ریسرچ سینٹر میں بچے 22 سال کی عمر تک زیرِ تعلیم و زیرِ علاج رہ سکیں گے،سکول کے لیے خصوصی ہائبرڈ ماڈل تیار کیا گیا ہے،جس کے تحت بچوں کو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تصویری اور تحریری تھراپی دی جائے گی،بچوں کے والدین کے لیے بھی کوچنگ ماڈیولز تیار کر لیے گئے ہیں تاکہ گھر اور سکول کے درمیان بہتر ہم آہنگی قائم کی جا سکے،آٹزم سکول میں بچوں کی سکلز اور حفاظت کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے،چلڈرن ویلفیئر آفیسرز سپیشل بچوں کی حفاظت اور فلاح کی براہِ راست نگرانی کریں گے،سکول میں ریسرچ اینڈ ٹیچر ٹریننگ ڈویژن بھی قائم ہوگا،ریسرچ اینڈ ٹیچر ٹریننگ ڈویژن میں ماسٹر ٹرینرز اساتذہ کو جدید تربیت فراہم کریں گے،ریسرچ اینڈ ٹیچر ٹریننگ ڈویژن میں ایک سالہ ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ پروگرامز بھی شروع کیے جائیں گے

  • مجھے اور میری بیوی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ،توشہ خانہ ٹو میں عمران کا جواب

    مجھے اور میری بیوی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ،توشہ خانہ ٹو میں عمران کا جواب

    توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کا 342 کا اہم جواب سامنے آگیا

    کورٹ رپورٹ ثاقب بشیر کی جانب سے ایکس پر کی گئی پوسٹ کے مطابق عمران اور بشریٰ نے اپنے جواب میں کہا کہ 2018 توشہ خانہ پالیسی کے مطابق تحفے سے متعلق صرف رپورٹ نا کرنے پر قانون کے مطابق ایکشن لیا جا سکتا ہے ملٹری سیکرٹری نے مجھ سے پوچھ کر رپورٹ کیا پھر بلغاری سیٹ کی توشہ خانہ رولز کے مطابق قیمت 59 لاکھ روپے لگوائی جس کی آدھی قیمت 29 لاکھ دیکر قانون کے مطابق تحفہ ہم نے اپنے پاس رکھا ایف آئی اے کے دائرہ اختیار سے متعلق توشہ خانہ رولز مکمل خاموش ہیں انعام اللہ شاہ کو کبھی نہیں کہا کہ صہیب عباسی پر پریشر ڈال کر کم قیمت لگوائے اگر فرض کریں انعام اللہ شاہ نے مئی 2021 میں مجھے اتنا فائدہ (پراسیکوشن کے مطابق تین ارب 20 کروڑ کا) پہنچایا ہوتا تو جولائی 2021 میں اس کو بدنیتی کی بنیاد پر دوہری تنخواہ 70 ہزار لینے پر برطرف کیوں کرتا ؟ وہ جہانگیر ترین کا ٹول تھا جس نے توشہ ون 2023 میں گواہی دیتے ہوئے بلغاری سیٹ کی بھی قیمت کم لگوانے کا کہیں ذکر نہیں نا ہی صہیب عباسی نے ذکر کیا تھا اب توشہ خانہ ٹو میں آکر دونوں یہ بیانات بھی دے رہے ہیں کہ میرے کہنے پر قیمت کم لگوائی ہے پھر اٹلی سے نیب کے قیمت کا تخمینہ تقریبا 7 کروڑ جو لگوایا وہ تو اب نیب ترمیم ہو چکی نیب کا تو دائرہ اختیار ہی نہیں بنتا وہ کیسے لگوا سکتے ہیں اور چیئرمین نیب نے بھی وعدہ معاف گواہ صہیب عباسی کی معافی کو بغیر اختیار کے ہی منظور کر لیا ابھی تک 300 کے قریب من گھڑت کیسز بنائے جا چکے مجھے اور میری بیوی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ”

  • اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ، موبائل انٹرنیٹ سروس معطل

    اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ، موبائل انٹرنیٹ سروس معطل

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک لبیک کے احتجاج اور ممکنہ دھرنے کے پیش نظر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔

    مذہبی جماعت نے اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کیا ہے جس کے باعث ضلعی انتظامیہ نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت سکیورٹی اقدامات کیے ہیں۔ تمام مرکزی شاہراہوں اور داخلی مقامات پر بھاری کنٹینر لگا دیے گئے ہیں، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے جبکہ متبادل راستے بھی بند کیے جانے کے باعث دفتری اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروس شدید متاثر ہوگئی ہے۔ شہریوں کو موبائل فون پر انٹرنیٹ استعمال کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے، جب کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی رسائی محدود ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کرنے کے لیے باضابطہ طور پر خط لکھ دیا ہے۔وزارت کے خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ تھری (3G) اور فورجی (4G) سروسز آج رات 12 بجے سے تاحکم ثانی معطل رہیں گی۔وزارت داخلہ کے مطابق یہ اقدام مکمل طور پر سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

    احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی کے بیشتر نجی تعلیمی اداروں میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ والدین اور طلبہ کو اسکول انتظامیہ کی جانب سے چھٹیوں کی اطلاع رات گئے دی گئی، جس پر شہریوں میں تشویش کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔وزیر داخلہ کی ہدایت پر اسلام آباد کے کمشنر، آئی جی پولیس اور راولپنڈی کے آر پی او کو صورتحال پر مکمل نظر رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق شہر میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، جب کہ مشکوک گاڑیوں اور افراد کی تلاشی کا عمل جاری ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور حکومت کی جانب سے جاری سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جا سکے۔

  • بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں،43 دہشتگرد جہنم واصل

    بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں،43 دہشتگرد جہنم واصل

    بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز، کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد کارروائیاں کیں جن میں 43دہشت گردوں کی ہلاکت، ان کے ٹھکانوں کی تباہی اور کئی افراد کے اغوا کے واقعات سامنے آئے۔

    سوراب ضلع میں جاری سرچ اور روڈ بلاک آپریشن کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے ایک شخص کو اغوا کر لیا جس کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے ایک تعمیراتی کمپنی کے سات ملازمین کو بھی اغوا کیا ہے جو علاقے میں کام کر رہے تھے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ مغویوں کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

    کرم ضلع میں سیکیورٹی فورسز نے حالیہ دہشت گرد حملے میں ملوث گروہ کو کامیاب کارروائی میں ختم کر دیا۔ مصدقہ انٹیلی جنس معلومات پر کرم اور اورکزئی اضلاع میں مشترکہ آپریشن کیے گئے جن میں تقریباً 30 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں میں کرم حملے کے مرکزی کردار بھی شامل تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔یہ کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ وہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خیبر پختونخوا میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

    کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے بنوں میں کارروائی کرتے ہوئے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں وہ دہشت گرد بھی شامل تھا جو چار سی ٹی ڈی اہلکاروں کی شہادت کا ذمہ دار تھا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کا منصوبہ ڈومیل پولیس اسٹیشن کے قریب ایک بڑا حملہ کرنے کا تھا۔
    مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت رشیدین عرف ملنگ یار اور خالد عثمان عرف عثمان کے نام سے ہوئی۔
    رشیدین 30 اپریل کو سی ٹی ڈی ٹیم پر حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا، جبکہ خالد عثمان 2023 کے دوران متعدد ٹارگٹ کلنگز اور حملوں میں ملوث رہا۔

    ضلع سوات کے مٹہ تھانہ حدود میں درشخیلہ برنجال کے علاقے میں سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل یونٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کر دیا۔انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں بارودی مواد برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔یہ بروقت کارروائی ایک ممکنہ دہشت گرد منصوبے کو ناکام بنانے میں کامیاب رہی، جس سے سوات میں امن و استحکام کو تقویت ملی۔

    ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے ایک کالعدم تنظیم کے کمانڈر رضوان عرف وقاص کو ہلاک کر دیا۔آپریشن کے دوران اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا۔

    بنوں کے علاقے گریرہ شاہ جہان میں واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی (WSSC) کے دو ملازمین کو دہشت گردوں نے اغوا کر لیا۔مغویوں کی شناخت گل رحمان اور نصیب کے نام سے ہوئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور اردگرد کے علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    ضلع ہنگو کے علاقے سمانہ سنگر پوسٹ کے قریب دہشت گردوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (FC) کی چیک پوسٹ پر سنائپر فائر سے حملہ کیا۔حملے میں نائب صوبیدار رحمت اللہ سینے میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے اور بعد ازاں شہید ہو گئے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

    ڈیرہ مراد جمالی میں پٹ فیڈر کینال برج کے قریب ریلوے ٹریک پر آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ریلوے ملازم امداد کھوکھر شہید ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب ایک خالی انجن جعفر ایکسپریس سے قبل وہاں سے گزر رہا تھا۔واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    زہری کے شمالی علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے عین نشانے پر کی گئی کارروائی میں فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے سات دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا۔آپریشن کے دوران کوبرا گن شپ ہیلی کاپٹرز نے وادی میں پھنسے دہشت گردوں کی نقل و حرکت روک کر انہیں نشانہ بنایا۔یہ کارروائی بلوچستان میں غیر ملکی سرپرستی میں سرگرم گروہوں کے خلاف جاری وسیع آپریشن کا حصہ ہے۔

    پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔فائرنگ کے تبادلے میں تین سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔یہ کارروائی اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر قیمت پر پرعزم ہیں۔

    یہ تمام کارروائیاں ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔