Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • مناواں میں ڈرون گر گیا،پولیس پہنچ گئی

    مناواں میں ڈرون گر گیا،پولیس پہنچ گئی

    لاہور کے نواحی علاقے مناواں میں جنڈیالہ روڈ پر ایک مشتبہ ڈرون گرنے کا واقعہ پیش آیا۔

    مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور ڈرون کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ڈرون ممکنہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق، گرنے والا ڈرون جدید نوعیت کا ہے .ماہرین کی مدد سے ڈرون کا تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ کس مقام سے اڑایا گیا اور اس کے ذریعے کیا منتقل کیا جا رہا تھا۔

    دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ڈرون بھارتی تھا جس کو سیکورٹی فورسز نے گرایا ہے، ڈرون کی پاکستانی حدود میں نقل و حرکت دیکھی گئی تھی، جس پر فوری کارروائی کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں ڈرون کو سرویلنس کے لیے استعمال ہونے والا قرار دیا گیا ہے، اور اس میں کوئی بارودی مواد موجود نہیں تھا۔ حساس اداروں نے ڈرون کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    ڈرون کا اس طرح رہائشی علاقے میں آنا اور پھر گر جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، مقامی افراد میں اس واقعے کے بعد خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اس علاقے میں ایسا کوئی واقعہ پیش آیا ہے، اور حکام کو چاہیے کہ فضائی نگرانی کے ایسے واقعات پر نظر رکھیں تاکہ مستقبل میں کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔پولیس نے ڈرون قبضے میں لے کر سیف سٹی اتھارٹی اور حساس اداروں کو بھی اطلاع دے دی ہے، تاکہ ڈرون کی پرواز کی سمت اور کنٹرول کرنے والے مقام کا سراغ لگایا جا سکے۔

  • بنوں،ایف سی کی چیک پوسٹ پر ڈرون حملہ، ایک اہلکار شہید، تین زخمی

    بنوں،ایف سی کی چیک پوسٹ پر ڈرون حملہ، ایک اہلکار شہید، تین زخمی

    بنوں کے علاقے تختی خیل میں فرینٹیئر کور کی چیک پوسٹ پر ایک کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔

    ڈی پی او سلیم عباس کلاچی نے تصدیق کی ہے کہ زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں شہید ہونے والے اہلکار کی شہادت سے اہلکاروں میں گہرا صدمہ پہنچا ہے۔واقعے کے فوراً بعد فرینٹیئر کور اور پولیس نے مل کر علاقے میں وسیع سرچ آپریشن کا آغاز کیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے اور مزید حملوں کو روکا جا سکے۔ سیکورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے اور حساس مقامات پر اضافی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کے حکم امتناع میں 12 ستمبر تک توسیع

    مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کے حکم امتناع میں 12 ستمبر تک توسیع

    سندھ ہائیکورٹ نے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کے حکم امتناع میں 12 ستمبر تک توسیع کردی۔

    سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اقبال نے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کی صوبائی محتسب کی سزا کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی جس دوران صوبائی محتسب اور خاتون فریق نے تحریری جواب جمع کرایا،سماعت کے دوران صوبائی محتسب نے کہا کہ مونس علوی کی درخواست ناقابل سماعت ہے اسے مسترد کیا جائے، دائرہ اختیار سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور دائرہ اختیار سے متعلق درخواست سندھ ہائیکورٹ سننے کا مجاز نہیں،سماعت کے دوران وکیل عابد زبیری نے بتایا کہ ان کے موکل مونس علوی نےگورنر سندھ کے پاس اپیل دائر کردی ہے،گورنر سندھ نے مونس علوی کی اپیل کو پیر کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔

    جسٹس محمد اقبال نے کہا کہ جب تک اپیل پر فیصلہ نہیں ہوجاتا ہے، عہدے سے کیسے ہٹایا جاسکتا ہے ؟ جب تک اپیل پر فیصلہ نہیں ہوجاتا ہم کیس نمٹا دیتے ہیں، گورنر اپیل سن رہے ہیں تو وہیں پیروی کی جائے، اتنی بڑی سزا ہے، کیسے دے سکتے ہیں،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اس کیس میں بہت سی چیزیں پہلی بار دیکھ رہے ہیں، اس پر جسٹس محمد اقبال نے کہا کہ آپ بہت سی چیزیں پہلی بار دیکھ رہے ہوں گے، 26 ویں ترمیم کے بعد تو اور بھی بہت سی چیزیں دیکھنی پڑرہی ہیں۔

    بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے مونس علوی کے وکیل کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او کے الیکٹرک کو عہدے سے ہٹانے کے حکم امتناع میں 12 ستمبر تک توسیع کردی۔

  • بالی وڈ کی نامور اداکارہ کاکزن پارکنگ تنازع پر قتل

    بالی وڈ کی نامور اداکارہ کاکزن پارکنگ تنازع پر قتل

    بالی وڈ کی مشہور اور خوبرو اداکارہ ہما قریشی کے قریبی رشتہ دار آصف قریشی کو دہلی کے نظام الدین علاقے میں پارکنگ کے تنازع پر تشدد کرکے قتل کر دیا گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی شب تقریباً رات 11 بجے پیش آیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، واقعہ اس وقت ہوا جب آصف قریشی اپنی رہائش گاہ کے قریب مارکیٹ کی پارکنگ میں کھڑے اسکوٹر کو مبینہ طور پر دو افراد سے ہٹانے کو کہا۔ تاہم، اس معمولی تنازعے نے تشدد کی شکل اختیار کر لی اور ملزمان نے آصف پر حملہ کر دیا۔آصف کے گھر والوں نے الزام لگایا ہے کہ مقتول پر تشدد کے دوران کسی بھاری چیز سے حملہ کیا گیا، جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی حالت میں آصف کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان، اُجول اور گوتم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، اُجول نے آصف پر تشدد کا آغاز کیا تھا، جبکہ گوتم اس میں ملوث رہا۔

    اس واقعے نے دہلی میں پارکنگ تنازعات کے حوالے سے عوامی تشویش کو مزید بڑھا دیا ہے اور اس قسم کے واقعات میں پولیس کی فوری کارروائی کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں.

  • چین اور پاکستان کا ٹیکنالوجی میں تعاون، جوہری توانائی، خلائی تحقیق اور مصنوعی ذہانت تک پھیل گیا

    چین اور پاکستان کا ٹیکنالوجی میں تعاون، جوہری توانائی، خلائی تحقیق اور مصنوعی ذہانت تک پھیل گیا

    پاکستان چین کے ساتھ تکنیکی تعاون کو مزید گہرا کر رہا ہے، جو اب ہوائی جہازوں اور میزائلوں سے آگے بڑھ کر خلائی تحقیق اور جوہری ٹیکنالوجی جیسے جدید شعبوں تک پہنچ گیا ہے، پاکستان کے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سائنسی شراکت داری کو مضبوط کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، خاص طور پر مصنوعی ذہانت (AI) اور کوانٹم کمپیوٹنگ کے شعبوں میں۔

    انہوں نے یہ بات پیر کے روز بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں اپنی چین کے ہفتہ بھر کے دورے کے دوران کہی۔ اپریل میں، پاکستان کے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کی یونٹ 3 نے، جو چینی ساختہ "ہوالونگ ون” ری ایکٹر استعمال کرتا ہے، اپنے آخری ٹیسٹ مکمل کیے اور جلد ہی مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ یہ کراچی پلانٹ میں دوسرا یونٹ ہے جو چینی ری ایکٹر سے لیس ہے۔ ہوا لونگ ون چین کا خود تیار کردہ تیسری نسل کا پریشرائزڈ واٹر ری ایکٹر ہے، جس میں ہر یونٹ سالانہ 10 ارب کلو واٹ آور (kWh) سے زیادہ بجلی پیدا کر سکتا ہے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چین-پاکستان خلائی تعاون میں سیٹلائٹ لانچز اور اگلے سال پاکستانی خلابازوں کو چین کے خلائی اسٹیشن میں بھیجنے کے منصوبے شامل ہیں۔ یہ تعاون پاکستان کے خلائی پروگرام کو مزید ترقی دینے میں مدد دے گا، اور جنوبی ایشیائی ملک کا سپارکو (SUPARCO) چاند گاڑی مشن چین کے "چانگ ای-8” مشن کا حصہ ہوگا۔ یہ چینی مشن 2029 میں چاند کے جنوبی قطب پر اُترے گا، جو ایک سائنسی طور پر قیمتی لیکن پیچیدہ علاقہ ہے، جہاں سطح کی جانچ، تحقیق اور مستقبل کے خلائی مشنز کے تجربات کیے جائیں گے۔

    چین کے دورے کے دوران،احسن اقبال نے 31 جولائی کو پاکستان ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ-1 کی لانچنگ کا مشاہدہ کیا، جو جنوب مغربی چین کے صوبہ سیچوان کے ژی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کی گئی۔ یہ سیٹلائٹ زمین کی پیمائش اور قدرتی آفات کے انتظام میں مدد دے گا۔

    گزشتہ ماہ پاکستان کے انگریزی اخبار دی نیوز انٹرنیشنل میں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں،احسن اقبال نے اسلامی دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ “علم، جدت اور تہذیب سازی میں اپنی تاریخی قیادت کو 21ویں صدی میں دوبارہ حاصل کرے”۔ انہوں نے زور دیا کہ “ہنگامی بنیادوں پر، اتحاد کے ساتھ اور اعلیٰ تعلیم کی جرات مندانہ نئی تشریح کے ساتھ” ایسا ممکن ہے۔ احسن اقبال نے لکھا، “وسائل کو یکجا کر کے، مہارت کا تبادلہ کر کے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو بروئے کار لا کر ہم بکھراؤ پر قابو پا سکتے ہیں اور ایسا علمی ماحولیاتی نظام بنا سکتے ہیں جو امریکہ یا چین جیسے عالمی رہنماؤں کا مقابلہ کر سکے۔”

    جب ان سے چین کے ساتھ مصنوعی ذہانت میں تعاون کے بارے میں پوچھا گیا، تو احسن اقبال نے کہا کہ چین پہلے ہی پاکستان کے سائنس دانوں اور انجینئروں کو مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تربیت دینے پر رضامند ہو چکا ہے۔ چینی وزیراعظم لی چیانگ نے اکتوبر میں پاکستان کے دورے کے دوران STEM (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی) میں پاکستانی ہنر کو ترقی دینے کی تجویز پیش کی تھی۔

  • موٹر سائیکل سوار کو دل کا دورہ،بیوی سمیت فلائی اوور سے گر کر جاں بحق

    موٹر سائیکل سوار کو دل کا دورہ،بیوی سمیت فلائی اوور سے گر کر جاں بحق

    لاہور: فیصل ٹاؤن کے علاقے میں اکبر چوک فلائی اوور پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں میاں بیوی جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب موٹرسائیکل سوار شوہر کو دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو کر فلائی اوور کی باؤنڈری وال سے ٹکرا گئی۔

    جاں بحق ہونے والے 65 سالہ شیخ افضل اور اُن کی اہلیہ 60 سالہ عابدہ نور اقبال ٹاؤن سے فیروز پور روڈ پر واقع اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔ فلائی اوور سے اترتے ہوئے شیخ افضل کو دل کا شدید دورہ پڑا، جس کے بعد ان کی موٹرسائیکل دیوار سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی فلائی اوور سے نیچے جا گرے۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون عابدہ نور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ شوہر افضل کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ اہل خانہ اور اہلِ علاقہ اس حادثے پر شدید غمزدہ ہیں۔

    دوسری جانب لاہور شہر میں دیگر مختلف مقامات پر بھی خطرناک ٹریفک حادثات میں مزید پانچ قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔شاہکام فلائی اوور پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔اسی مقام کے قریب کینال روڈ شاہکام چوک پر ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کار کی ٹکر سے تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور دو مزید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثات کی بنیادی وجہ تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ ہے۔شہر میں بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ پولیس نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ اور حفاظتی سامان کا استعمال کریں اور گاڑی چلاتے وقت رفتار پر قابو رکھیں۔

  • کمبوڈیا نے بھی ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کیلئے نامزد کر دیا

    کمبوڈیا نے بھی ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کیلئے نامزد کر دیا

    کمبوڈیا نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے باقائدہ طور پر نامزد کردیا۔کمبوڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تھائی لینڈ کے ساتھ سرحدی تنازع رُکوانے میں صدر ٹرمپ نے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے دنیا کے دیگر کشیدہ معاملات کے حل میں بھی غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ اس سے پہلے پاکستان بھی بھارت کے ساتھ جنگ بندی کرانے پر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کر چکا ہے جب کہ اسرائیل بھی گزشہ ماہ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کر چکا ہے۔

  • پی سی بی نے قومی کرکٹر حیدر علی کو معطل کر دیا

    پی سی بی نے قومی کرکٹر حیدر علی کو معطل کر دیا

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز حیدر علی کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ معطلی مانچسٹر پولیس کی جانب سے شروع کی گئی ایک کرمنل تفتیش کے باعث کی گئی ہے جس میں حیدر علی ملوث ہیں۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے حالیہ انگلینڈ دورے کے دوران پیش آیا۔ اس کیس کی تحقیقات مانچسٹر پولیس کر رہی ہے اور اس دوران حیدر علی کو قومی اور کلب کرکٹ سے معطل کر دیا گیا ہے۔پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ حیدر علی کو اس قانونی معاملے میں مکمل قانونی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی صفائی پیش کر سکیں۔ تاہم، کیس کے حتمی نتائج سامنے آنے تک ان کی معطلی برقرار رہے گی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کیس کی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انضباطی کارروائی پر غور کیا جائے گا، اور اس دوران پی سی بی کسی مزید تفصیلات کا اعلان نہیں کرے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کرے گا تاکہ کھیل کی عزت اور کرکٹرز کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

  • بحریہ ٹاؤن سے منسلک 3 کمرشل پراپرٹیز کی نیلامی

    بحریہ ٹاؤن سے منسلک 3 کمرشل پراپرٹیز کی نیلامی

    قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے بحریہ ٹاؤن سے منسلک 3 کمرشل پراپرٹیز کی نیلامی کردی۔ تین کےلیے قابل قبول بولی نہ آنے پر نیلامی کا عمل دوبارہ ہو گا۔

    نیلامی 2019 کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم کی وصولی کے لیے کی گئی ہے۔نیب اعلامیے کے مطابق ایک مارکی 50 کروڑ 80 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔ یہ رقم مقررہ قیمت سے 2 کروڑ روپے زائد میں نیلام ہوئی ہے۔ کارپوریٹ آفس ون کیلئے87 کروڑ 60 لاکھ روپے کی مشروط بولی موصول ہوئی ہے، جس کی حتمی منظوری تاحال زیر غور ہے۔ کارپوریٹ آفس ٹو کے لیے 88 کروڑ 15 لاکھ روپے کی مشروط بولی موصول ہوئی۔ اس کا فیصلہ نیب اتھارٹی کرے گی۔

    تین پراپرٹیز کی نیلامی کیلئے قابلِ قبول بولی نہ آنے پر دوبارہ نیلامی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

  • بیرسٹر گوہر کا ضمنی الیکشن پر عمران خان سے مشاورت کا عندیہ

    بیرسٹر گوہر کا ضمنی الیکشن پر عمران خان سے مشاورت کا عندیہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کی جانب سے آنے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کریں گے۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ میں اپنا کردار جاری رکھے گی اور آئندہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی کوئی حتمی موقف اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوگی۔اسی دوران انہوں نے 5 اگست کے احتجاج کو ایک بار پھر کامیاب اور مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر حلقے میں پارٹی کے ارکان کی ذمہ داریاں مقرر تھیں اور ہر ضلع میں پارٹی کارکنان اور عوام نے بھرپور شرکت کی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاجی تحریکیں اس انداز میں ہوتی ہیں اور عوام کا اظہارِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے۔

    مزید برآں، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر رکن پارلیمنٹ پر تقریباً 50، 50 مقدمات درج ہیں اور پارٹی کے ارکان پہلے ہی مختلف قربانیاں دے رہے ہیں تاکہ پارٹی کے منشور کو آگے بڑھایا جا سکے۔بیرسٹر گوہر کے مطابق تحریک انصاف اپنی سیاسی جدوجہد کو اسی جذبے اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی اور عوام کی خدمت کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔