Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • جنگ میں بھارت پاکستان کا کوئی طیارہ نہ گرا سکا،ترجمان پاک فوج

    جنگ میں بھارت پاکستان کا کوئی طیارہ نہ گرا سکا،ترجمان پاک فوج

    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں بھارت پاکستان کا کوئی طیارہ نہیں گراسکا۔

    غیر ملکی جریدے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری حکمت عملی مؤثر،کارگرپلیٹ فارمز اور پاکستانی ٹیکنالوجی کوشامل کرنا رہی ہے، ہم ہر قسم کی ٹیکنالوجی کےحصول کے لیے تیار رہتے ہیں چاہےمقامی ہویامشرقی یامغربی ہو، پاکستان بھارت سے ہتھیاروں کی دوڑمیں شامل نہیں اور نہ ہی پاکستان نےکبھی بھی اعدادو شمار اور حقائق سےکھیلنے یاچھپانے کی کوشش کی،معرکہ حق میں بھارت ہمارا کوئی طیارہ نہیں گراسکا

  • وزیراعظم شہباز شریف کو ملائیشیا میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری مل گئی

    وزیراعظم شہباز شریف کو ملائیشیا میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری مل گئی

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا کی جانب سے لیڈر شپ اور گورننس میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کی گئی۔ یہ اعزاز وزیراعظم کی قیادت، گورننس اور عوامی خدمت کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

    یہ اعزازی ڈگری ریاست پہانگ کی ملکہ اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی آئینی سربراہ محترمہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے وزیراعظم کو پیش کی۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں اعلیٰ حکومتی شخصیات، یونیورسٹی انتظامیہ، طلباء و طالبات اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ملکہ پہانگ نے تقریب سے خطاب بھی کیا، جس میں دونوں شخصیات نے تعلیم، قیادت اور مسلم دنیا کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

  • بھائی نے بہن کو محبت کے رشتے پر قتل کر کے نہر میں پھینک دیا

    بھائی نے بہن کو محبت کے رشتے پر قتل کر کے نہر میں پھینک دیا

    اترپردیش کے ضلع گورکھپور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک بھائی نے اپنی بہن کو اُس کے محبت بھرے تعلق پر قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق 22 سالہ ادتیہ یادو نے اپنی 19 سالہ بہن نِتیا یادو کو نہر میں ڈبو کر مار دیا اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک لاش کے پاس بیٹھا رہا، پھر خود ہی پولیس کو فون کر کے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نِتیا یادو بارہویں جماعت کی طالبہ تھی اور پچھلے تین سالوں سے ایک نوجوان کے ساتھ محبت کے تعلق میں تھی۔ بھائی ادتیہ اس رشتے کے سخت خلاف تھا۔ کچھ روز قبل اس نے اپنی بہن کو پیشانی پر سندور (ہندو مذہب میں شادی شدہ عورتوں کی نشانی) لگاتے دیکھا تو شدید غصے میں آ گیا۔ اس نے کئی بار بہن کو سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ اپنے محبوب سے تعلق ختم کرنے پر آمادہ نہ ہوئی۔پولیس کے مطابق اتوار کے روز نِتیا گھر سے نکلی اور رات بھر واپس نہ آئی۔ اگلی صبح ادتیہ کو اطلاع ملی کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ ایک نزدیکی ریستوران میں دیکھی گئی ہے۔ ادتیہ وہاں پہنچا، بہن کو سمجھایا اور اسے گھر واپس چلنے پر راضی کر لیا۔ مگر گھر پہنچنے سے پہلے وہ دونوں ایک سنسان مقام پر رُکے جو اُن کے گھر سے تقریباً ڈھائی کلومیٹر دور تھا۔

    ادتیہ نے دورانِ گفتگو طیش میں آ کر بہن کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے اس کے سر پر چوٹ آئی، اور پھر اسے قریب کی نہر میں دھکا دے دیا۔ پولیس کو دیے گئے بیان میں ادتیہ نے اعتراف کیا کہ وہ بہن کی لاش کے پاس ڈیڑھ گھنٹہ بیٹھا رہا، پھر ضمیر کے بوجھ تلے دب کر پولیس کو خود اطلاع دی۔گورکھپور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جتیندر شریواستو نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش برآمد کی اور پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی۔ ملزم ادتیہ یادو کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    ادتیہ یادو اپنے دو بہن بھائیوں کے ساتھ رہتا تھا۔ والد کے انتقال کے بعد اس نے گھر کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں اور مزدوری کر کے اپنی بہنوں کی تعلیم کا خرچ اُٹھا رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات واضح ہوئی ہے کہ قتل کی بنیادی وجہ “غیرت” اور بہن کا محبت بھرا تعلق تھا۔

  • بیوی رات کو ناگن بن جاتی ، کاٹنے کے لیے دوڑتی ہے،شوہر کا الزام

    بیوی رات کو ناگن بن جاتی ، کاٹنے کے لیے دوڑتی ہے،شوہر کا الزام

    اترپردیش کے ضلع سیتاپور میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس کی بیوی رات کے وقت ’’ناگن‘‘ بن جاتی ہے اور اُسے کاٹنے کے لیے پیچھے دوڑتی ہے۔ اس انوکھے الزام نے نہ صرف مقامی انتظامیہ بلکہ سوشل میڈیا صارفین کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، میراج نامی شخص جو لودھسا گاؤں (تحصیل محمودآباد) کا رہائشی ہے، نے سمادھان دیوس (عوامی شکایات کے دن) کے موقع پر ضلع مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو کر اپنی فریاد سنائی۔ اس موقع پر عام طور پر لوگ بجلی، سڑکوں یا راشن کارڈ سے متعلق مسائل پیش کرتے ہیں، مگر میراج نے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا صاحب، میری بیوی نسیمن رات کو ناگن بن جاتی ہے اور مجھے کاٹنے کے لیے دوڑتی ہے۔ میراج نے الزام لگایا کہ اُس کی بیوی کئی مرتبہ اُسے مارنے کی کوشش کر چکی ہے، لیکن وہ ہر بار جاگ کر اپنی جان بچا لیتا ہے۔ اُس نے کہا کہ اُس کی بیوی اُسے ذہنی اذیت دیتی ہے اور وہ کسی بھی رات اُس کی نیند میں جان لے سکتی ہے۔میراج کا کہنا ہے کہ اُس کی بیوی نے ایک مرتبہ اُسے کاٹا بھی ہے اور اکثر راتوں کو ’’ناگن‘‘ بن کر اُس کے پیچھے دوڑتی ہے۔ اس حوالے سے اُس نے ضلعی انتظامیہ کو ایک تحریری درخواست بھی جمع کرائی ہے۔

    یہ خبر جیسے ہی منظرِ عام پر آئی، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ صارفین نے طرح طرح کے طنزیہ تبصرے کیے۔
    ایک صارف نے لکھا: ’’کیا پتا اور کتنوں کو کاٹ چکی ہو!‘‘
    دوسرے نے مذاق میں کہا: ’’کہیں تم نے اُس کی ناگمنی تو نہیں چھپا لی؟‘‘
    ایک اور صارف نے مشورہ دیا: ’’تمہیں بھی کوبرا بن جانا چاہیے!‘‘
    جبکہ کسی نے ہنستے ہوئے لکھا: ’’یہ شخص خوش نصیب ہے، اُسے اپنی زندگی میں سری دیوی مل گئی ہے۔‘‘ (یہ حوالہ 1986 کی مشہور فلم ناگِنا سے دیا گیا، جس میں سری دیوی نے ایک روپ بدلنے والی ناگن کا کردار نبھایا تھا۔)

    ضلعی مجسٹریٹ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور پولیس کو واقعے کی تفتیش کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس نے واقعے کو ممکنہ طور پر ذہنی اذیت یا گھریلو تنازع کا پہلو سمجھتے ہوئے ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے گٹھ جوڑ کا ایک اور ناقابلِ تردید ثبوت منظرِ عام پر

    فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے گٹھ جوڑ کا ایک اور ناقابلِ تردید ثبوت منظرِ عام پر

    فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے گٹھ جوڑ کا ایک اور ناقابلِ تردید ثبوت منظرِ عام پر ، صوبہ پکتیکا کے قبرستان میں فتنہ الخوارج کے جھنڈوں کی ویڈیو وائرل ہو گئی

    افغانستان میں اگر فتنہ الخوارج کو پناہ گاہیں اور تربیت نہیں دی جارہی تو ان کی قبریں کیوں بنی ہوئی ہیں؟حال ہی میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں افغانستان کے صوبہ پکتیکا کے ایک قبرستان میں قبروں پر فتنہ الخوارج کے جھنڈے واضح طور پر لہراتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ بظاہر تو یہ تاثر دیا گیا ہے کہ یہ قبریں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے جنگجوؤں کی ہیں، لیکن درحقیقت ان میں دفن تمام افراد افغان طالبان کے ارکان ہیں جنہیں طالبان حکومت نے مارچ سے اگست 2025 کے دوران پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے بھیجا، جہاں وہ مارے گئے۔حیران کن طور پر ان کی قبریں ٹی ٹی پی کے پرچم تلے بنائی گئیں اور افغان طالبان انتظامیہ نے ان کے لیے باقاعدہ یادگاریں بھی تعمیر کیں، یوں افغانستان میں اُن دہشت گردوں کو اعزاز دیا جا رہا ہے جو پاکستان میں معصوم شہریوں اور بچوں کے قاتل ہیں۔

    الغرض ایک بار پھر سے عیاں ہوتا ہے کہ افغان طالبان دہشت گردوں کو جہاد کے نام پر پاکستان میں معصوم بچوں کے قتل عام کے لئے استعمال کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے گٹھ جوڑ کے شواہد سامنے آئے ہوں۔ 29 ستمبر 2025 کو افغانستان میں انٹرنیٹ بند ہوتے ہی ٹی ٹی پی کے آن لائن پلیٹ فارمز بھی اچانک غائب ہو گئے، جو پاکستان میں ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔

    ان کی یکدم خاموشی اس حقیقت کو بے نقاب کرتی ہے کہ ٹی ٹی پی کے یہ ڈیجیٹل نیٹ ورک براہِ راست افغان سرزمین سے چلائے جا رہے تھے۔اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں اس وقت القاعدہ، داعش خراسان، تحریکِ طالبان پاکستان، اور ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ جیسے شدت پسند گروہ سرگرم ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً چھ ہزار ٹی ٹی پی جنگجو افغان سرزمین پر موجود ہیں جو سرحد پار پاکستان پر حملے کرتے ہیں، اور انہیں طالبان حکومت کی مکمل سرپرستی اور محفوظ پناہ گاہیں حاصل ہیں۔

    اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری افغانستان کے اس خطرناک کردار کو تسلیم کرے اور اس کی سرزمین کو دہشت گردی کی نرسری بننے سے روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ پاکستان کے خلاف ہونے والی خوارج کی ہر سازش کے پیچھے افغان حکومت کا براہِ راست ہاتھ صاف دکھائی دے رہا ہے، جسے مزید نظرانداز کرنا خطے کے امن و استحکام کے لیے تباہ کن ہوگا۔

  • وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد کی ملاقات

    وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد کی ملاقات

    وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشین بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد کی گوبی پارٹنرز کے کو-فاؤنڈر اور چیئر تھامس ساؤ کی سربراہی میں ملاقات ہوئی ہے

    اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیاء کے درمیان اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ استعداد موجود ہے جس کے لئے دونوں فریقین بھرپور کام کر رہے ہیں،دونوں ممالک کی درمیان بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے کے حوالے سے گزشتہ روز پاکستان ملائیشیاء بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے،ہم کاروبار کے لیے دوستانہ ماحول بنانے اور کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ، پاکستان کے سٹارٹ اپ ایکو سسٹم پر گوبی پارٹنرز کے اعتماد خوش آئند ہے،حکومت پاکستان سرمایہ کاری سہولت اور بنیادی ڈھانچے تک بہتر رسائی کے ذریعے سٹارٹ اپس اور ابتدائی مرحلے کے سرمایہ کاروں کی مدد کے لیے مرکوز اصلاحات پر کام کر رہی ہے، ایک پائیدار سٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی اور ملکی سرمایہ کو متحرک کرنا ہماری ترجیح ہے،ڈیجیٹل معیشت خاص طور پر فنٹیک، ای کامرس، اور آئی ٹی خدمات ہماری قومی ترقی کی حکمت عملی میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے، ہم پاکستان کے آئی ٹی، ٹیک، اور اے آئی کے شعبوں میں وسیع استعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے متعلقہ بین الاقوامی بزنس گروپس اور سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کریں گے،

    گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای-کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجیز کے شعبے میں اشتراک میں گہری دلچسپی دکھائی،ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ،وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ, وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

  • شرجیل میمن سے الیکٹرک کار ساز کمپنی کے وفد  کی ملاقات

    شرجیل میمن سے الیکٹرک کار ساز کمپنی کے وفد کی ملاقات

    سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے الیکٹرک کار ساز کمپنی کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے

    صوبائی وزیر برائے محنت و سماجی تحفظ سعید غنی بھی اجلاس میں شریک تھے،وفد نے اپنی تیار کردہ الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے ماڈلز، مقامی سطح پر اسمبلنگ اور چارجنگ انفرااسٹرکچر کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،وفد کی جانب سے سندھ حکومت کے ساتھ شراکت داری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر شرجیل میمن کا کہناتھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور حکومت سندھ عوام کے لیے جدید، ماحول دوست اور کم لاگت سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں،چاہتے ہیں کہ جلد از جلد الیکٹرک ٹیکسی سروس شروع کی جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے ، الیکٹرک گاڑیوں سے ایندھن کی بچت کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی ہوگی،حکومت سندھ پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں سے متعلق نجی شعبے کے ساتھ مل کر جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے، الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی بلکہ یہ صنعتی شعبے میں جدت اور سرمایہ کاری کے دروازے بھی کھولے گی، سندھ حکومت پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اور الیکٹرک وہیکلز اس سمت ایک اہم قدم ہیں،

  • پی سی بی کا سیزن 2025.26 کے لئے میچ آفیشیلز پینل کا اعلان

    پی سی بی کا سیزن 2025.26 کے لئے میچ آفیشیلز پینل کا اعلان

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 26-2025 کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا ہے۔

    پی سی بی کے سیزن 26-2025 کے لیے انٹرنیشنل پینل میں میچ ریفری علی نقوی جبکہ امپائرز آصف یعقوب، فیصل آفریدی، راشد ریاض اور سلیمہ امتیاز شامل ہیں،پی سی بی کے ایلیٹ پینل آفیشلز میں مجموعی طور پر 18 امپائرز اور 10 میچ ریفریز کو شامل کیا گیا ہے جب کہ امپائرز کی کارکردگی کو باریکی سے جانچنے کے لیے سپلیمنٹری پینل کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں سپلیمنٹری پینل 1 میں 14 جبکہ سپلیمنٹری پینل 2 میں 24 امپائرز شامل ہیں،اسی طرح میچ ریفریز کے سپلیمنٹری پینل میں 10 ریفریز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ پی سی بی ایمرجنگ پینل میں ملک بھر سے 40 امپائرز کو شامل کیا گیا ہے۔

    میچ آفیشلز پینل میں 13 خواتین امپائرز کو بھی شامل کیا گیا ہے، جن میں نمایاں نام سلیمہ امتیاز کا ہے،پی سی بی کے مطابق نئے پینلز کی تشکیل کا مقصد ملک بھر میں امپائرنگ اور میچ ریفریز کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے منگل 7 اکتوبر کو 2025-26 کرکٹ سیزن کے لیے امپائرز اور میچ ریفریز کے مختلف پینلز کا اعلان کردیا۔ اس اعلان کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے پانچ آفیشلز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے انٹرنیشنل پینل میں شامل کیے گئے ہیں جن میں میچ ریفری علی نقوی جبکہ امپائرز میں آصف یعقوب، فیصل خان آفریدی، راشد ریاض وقار اور سلیمہ امتیاز شامل ہیں۔

    انٹرنیشنل پینل
    پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق علی نقوی میچ ریفری کی حیثیت سے جبکہ امپائرز آصف یعقوب (اسلام آباد)، فیصل خان آفریدی (سرگودھا)، راشد ریاض وقار (لاہور) اور سلیمہ امتیاز (کراچی) پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    🔸 نیشنل ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز
    اس پینل میں دس میچ ریفریز شامل ہیں جن میں علیم خان موسیٰ (کراچی)، علی نقوی (لاہور)، اطہر لائق (کراچی)، بلال معین الحق خلجی (لاہور)، افتخار احمد (کراچی)، کامران چوہدری (لاہور)، محمد اسلم (کوئٹہ)، محمد اقبال شیخ (حیدرآباد)، ندیم ارشد (فیصل آباد) اور سہیل ادریس (لاہور) شامل ہیں۔

    🔸 نیشنل ایلیٹ پینل آف امپائرز
    پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 18 امپائرز کو نیشنل ایلیٹ پینل میں شامل کیا گیا ہے۔ ان میں عبدالمقیط (لاہور)، علی حیدر (کراچی)، آصف یعقوب (اسلام آباد)، فاروق علی خان (ایبٹ آباد)، فیصل خان آفریدی (سرگودھا)، غلام سرور (سبی)، عمران جاوید (کراچی)، عمران اللہ اسلم (بہاولپور)، کاشف سہیل (خانیوال)، خالد محمود سنیئر (کراچی)، محمد ساجد (چارسدہ)، ناصر حسین (لاہور)، قیصر خان (لاہور)، راشد ریاض وقار (لاہور)، ثاقب خان (ایبٹ آباد)، سید امتیاز اقبال (کراچی)، طارق رشید (لاہور) اور ظلفقار جان (چارسدہ) شامل ہیں۔

    🔸 سپلیمنٹری I پینل آف امپائرز
    اس پینل میں 14 امپائرز شامل ہیں جن میں احمد شہاب (لاہور)، آصف فاروق اعوان (گوجرانوالہ)، اسلم بریچ (کوئٹہ)، حسن محمود (لاہور)، عرفان حیدر (اسلام آباد)، مجید حسین (آزاد کشمیر)، محمد آصف (لاہور)، محمد باسط (لاہور)، محمد فیاض (پشاور)، محمد عمران (سرگودھا)، قیصر وحید (لاہور)، رانا محمد ارشد (فیصل آباد)، سید فہیم احمد بخاری (کراچی) اور ولید یعقوب (لاہور) شامل ہیں۔

    🔸 سپلیمنٹری II پینل آف امپائرز
    اس پینل میں 24 امپائرز شامل ہیں، جن میں عبد الکریم (نصیرآباد)، احمد ندیم (پشاور)، انصر محمود (پتوکی)، عقیل عادل خان (کراچی)، دلشاد علی (ملتان)، ہارون ملک (سرگودھا)، ہاشم علی (لودھراں)، ہدایت اللہ (پشین)، جمشید اقبال (پشاور)، کامران خلیل (لاہور)، مقبول احمد (فیصل آباد)، محمد عرفان دلشاد (لاہور)، محمد کلیم (لاہور)، محمد شفیق الحی (ڈی آئی خان)، محمد وقاص (لاہور)، ممتاز علی (لورالائی)، نصیر احمد (چکوال)، نورالاحکم (بونیر)، رفیق احمد (دادو)، رضا اصغر (شیخوپورہ)، سلیم بٹ (راولپنڈی)، سلطان محمود (لورالائی)، وقار احمد (اسلام آباد) اور ذیشان عارف (آزاد کشمیر) شامل ہیں۔

    پی سی بی کے مطابق گزشتہ سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نورالاحکم، ہدایت اللہ، مقبول احمد، ممتاز علی اور محمد شفیق الحی کو اب ابھرتے ہوئے پینل سے ترقی دے کر سپلیمنٹری II پینل میں شامل کیا گیا ہے۔

    🔸 سپلیمنٹری پینل آف میچ ریفریز
    10 میچ ریفریز پر مشتمل اس پینل میں ابوالحسنات راؤ (لاہور)، احمر سعید (کراچی)، علی گوہر (کراچی)، فضل اکبر شاہ (پشاور)، غلام مصطفیٰ (قصور)، انعام اللہ خان (لاہور)، محمد عامرالدین انصاری (کراچی)، سمیع الحق (فیصل آباد)، ثمن ظلفقار (شیخوپورہ) اور سہیل خان (لاہور) شامل ہیں۔

    🔸 ایمرجنگ پینل آف امپائرز
    پی سی بی کے 2025-26 سیزن کے لیے ابھرتے ہوئے امپائرز کا پینل 40 ارکان پر مشتمل ہے۔ اس میں ملک کے تقریباً تمام علاقوں سے باصلاحیت امپائرز کو شامل کیا گیا ہے جن میں عامر عطا (ڈی جی خان)، عبدالباسط (راولپنڈی)، عبد القیوم (کراچی)، ابرار احمد (قصور)، عدنان رشید (لاہور)، اجمل خان (سوات)، عاصم علوی (کراچی)، فاروق انور بجوہ (فیصل آباد)، فاروق جان (چارسدہ)، فرقان بٹ (لاہور) سمیت دیگر شامل ہیں۔

    🔸 خواتین امپائرز پینل
    پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین امپائرز کے لیے بھی 13 ارکان پر مشتمل پینل برقرار رکھا ہے۔ اس میں عافیہ امین، عائشہ فاروق، فخیرہ کاظم سیدہ، حمیرہ فراح، نازیہ نذیر، رفعت مصطفیٰ، صباحت رشید، سلیمہ امتیاز، ثانیہ اشرف، شکیلہ رفیق، سخن فیض، سمیرا ساجد اور ذکیہ گل شامل ہیں۔

    پی سی بی کے مطابق ان پینلز کی تشکیل کارکردگی، قابلیت، تربیت اور ماضی کے سیزنز میں امپائرنگ کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس جامع نظام کا مقصد پاکستان میں امپائرنگ کے معیار کو بہتر بنانا اور نئے ٹیلنٹ کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

  • توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں استدعا

    توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں استدعا

    بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرائل کورٹ کو توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کی استدعا کر دی۔

    بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کی،بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے روسٹرم پر آ کر توشہ خانہ کیسز میں مشترکہ گواہ انعام اللّٰہ شاہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی توشہ خانہ کیس بنائے گئے، اس کیس میں بھی گواہ ایک جیسے ہی ہیں، بشریٰ بی بی کو عدت نکاح کیس میں عدالت نے بری کر کے گھر جانے کا کہا، بریت کے بعد اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر ان کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا،پہلے تفتیش میں تحائف اکٹھے کیے تو بلغاری سیٹ الگ کر دیا کہ اسے بعد میں دیکھیں گے، اسلام آباد میں ایسی کوئی ایجنسی نہیں جس نے توشہ خانہ کیس میں تفتیش نہیں کی، پہلے الیکشن کمیشن، پھر نیب، پھر ایف آئی اے اور ایک تھانہ کوہسار میں بھی مقدمہ ہے، آپ کی عدالت میں ریلیف ملنے کے بعد مجھے ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت پیش ہونا ہے، ان سب میں ایک ہی چیز مشترکہ ہے اور وہ ہے نیب، یعنی پہلے بھی نیب نے تفتیش کی اور دوبارہ بھی، نیب نے تفتیش شروع کی تو پھر ایف آئی اے آگئی انہوں نے کام شروع کیا، قوانین کا تحفظ حاصل ہے کہ ایک کیس میں بار بار سزا نہیں ہوسکتی۔

    بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے ٹرائل کورٹ کو توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت سے استدعا ہے کہ جج صاحب کو کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیں،جس پر جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کہا کہ اس کو بھی دیکھ لیتے ہیں۔،وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اس کیس میں کُل 35 گواہان ہیں، 19 گواہان نے اپنے بیانات قلمبند کرائے، بطور ملزم بیان قلمبند کرانے کے لیے سوال نامے آگئے، کل جوابات مانگے ہیں، شاید پرسوں سزا بھی ہو،جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ میں اس کیس میں نوٹس کرتا ہوں۔

    وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اگر آپ اسٹے نہیں دیتے تو میرے دلائل کا کوئی فائدہ نہیں، جس دن یہ چارج فریم ہوا دوسرا چارج ان کے سامنے پڑا تھا، مجھے پہلے اور دوسرے چارج کو پڑھنے کی اجازت دیں، تفتیشی ایجنسی پہلے ایک اور پھر دو ہوگئیں،جسٹس انعام امین منہاس نے وکیل سے استفسار کیا کہ مگر اس میں تو اختیارات کا ناجائز استعمال بھی ہے نا،بیرسٹر سلمان صفدر نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جانب سے ضمانت کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے فیصلے کے دو پیراگراف پڑھ لیتے ہیں، سارا معاملہ اس میں لکھا ہوا ہے، جسٹس میاں گل نے اسی کیس میں دونوں ملزمان کو ضمانت دی تھی۔ میرے پاس 5 پروٹیکشنز ہیں،جسٹس انعام امین منہاس نے وکیل سے کہا کہ وہ ضمانت کا معاملہ ہے ایسے تو آپ فیصلے پڑھتے رہیں گے، اس کا مطلب کہ رولز کی خلاف ورزی ہوئی ہے، کوئی سٹیچوٹری نہیں،وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ نہیں میرا کیس ہے کہ اگر کوئی بندہ نہ بتائے کہ تحفہ لیا تب کیس بنتا ہے، مگر اگر ایک بندہ خود آکر کہے کہ میں نے یہ چیز لی ہے تو پھر کیس کیسا،جسٹس انعام امین منہاس نے بیرسٹر سلمان صفدر سے استفسار کیا کہ آپ پر چارج کیا ہے وہ بتائیں،وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ میرے موکلان پر جیولری گراف سیٹ سمیت دیگر تحائف لینے کا الزام ہے، صہیب عباسی اور انعام شاہ گواہان ہیں اور اگلے صفحے پر ملزمان کی لسٹ میں بھی شامل ہیں، توشہ خانہ ون کیس میں 31 جنوری 2024 کو سزا دی جاتی ہے، سائفر کیس کے ساتھ ہی میرے موکل کو توشہ خانہ ون کیس میں سزا سنائی جاتی ہے، جو جج صاحب سزا دیتے ہیں وہ 342 کا بیان قلمبند کرنے کا موقع بھی نہیں دیتے، توشہ خانہ میں پہلے ایک کیس بنایا پھر دوسرا کیس بنایا، توشہ خانہ ٹو کیس اب اختتامی مراحل میں ہے، ہم نے بریت کی درخواست گزشتہ سال دائر کی تھی، توشہ خانہ ون میں سزا سنائی گئی تو ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے سزا معطل کردی، توشہ خانہ ٹو کیس میں انعام اللّٰہ شاہ اور صہیب عباسی ملزمان بھی ہیں اور گواہ بھی، سنگل خط سے یکم اگست 2022 سے تفتیش شروع ہو جاتی ہے، 5 اگست 2022 کو چیئرمین انکوائری کی اجازت دیتا ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس انعام امین منہاس نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو کیس سے متعلق تمام عدالتی فیصلوں کے حوالہ جات جمع کرانے کی ہدایت کر دی،عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی، آئندہ تاریخ سماعت بعد میں بتائی جائے گی۔

  • میر علی،انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد

    میر علی،انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد

    میرعلی کے نزدیک سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں ایک مشکوک ٹرالی کو روک کر اس سے بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز سامان برآمد کر لیا گیا۔

    حکام کے مطابق کارروائی قابلِ عمل خفیہ معلومات پر مبنی تھی اور فورسزنے حدِ ہدف کو محاصرہ کر کے فوری کارروائی انجام دی، جس کے نتیجے میں ٹرالی کو مزید منتقل ہونے سے قبل ہی قابو کر لیا گیا۔آپریشن کے دوران ای او ڈی (Explosive Ordnance Disposal — بم و دھماکہ خیز اشیاء سے نمٹنے والی ٹیم) نے موقع پر موجود متعدد چیزیں محفوظ انداز میں ڈسپوز کیں۔ ڈسپوز کی جانے والی اشیاء کی فہرست درج ذیل ہے

    16 آر پی جی (RPG) گولے
    3 روسی قسم کے ہائی ایکسپلوسیو (HE) گرینیڈ
    7 دیگر HE گرینیڈ
    1 اینٹی پرسنل مائن (APM)
    3 تیار شدہ IEDs (بارود سے بنے دھماکہ خیز آلات)
    20 کلو گرام دھماکہ خیز مواد
    5 راؤنڈز 81 ملی میٹر مورٹر گولہ بارود
    15 شاٹ گن راؤنڈز (12 گیج)
    23 آر پی جی-7 کے بوسٹر چارجز
    6 IED فیوزز

    مزید تحقیقات اور عدالتی جانچ پڑتال کے لیے مندرجہ ذیل اشیاء ضبط کر کے لیبارٹری تک بھیج دی گئی ہیں
    3 آر پی جی-7 لانچرز
    1 بھاری مشین گن (زارکائی) کا بیرل
    1 12.7 ملی میٹر بندوق کا زنگ آلود جسمانی حصہ
    2 اضافی بھاری مشین گن کے بیرلز
    1 سب مشین گن کے تحت لگایا جانے والا گرینیڈ لانچر (UBGL) کِٹ
    1 راکٹ لانچر باڈی (نوعیت نامعلوم)
    1 ٹرائی پوڈ ماؤنٹ

    گولہ بارود کی تفصیلی مقدار (جو بعد ازاں فورنزک استعمال کے لیے رکھی گئی):
    1,445 راؤنڈز 12.7 ملی میٹر (AAMG) کی گولیاں
    30,400 راؤنڈز زارکائی کالیبر ہتھیاروں کے لیے
    2,240 راؤنڈز 14.5 ملی میٹر ایچ ایم جی (HMG) گولیاں
    190 پستول راؤنڈز

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایک ممکنہ بڑے حملے کو ناکام بنانے کی کوشش میں سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ موقع پر پہنچنے والی ای او ڈی ٹیم نے شواہد کی حفاظت اور ابتدائی تفتیش کے بعد اشیاء کا معائنہ کیا، جبکہ تفتیشی ٹیمیں برآمد شدہ اشیاء کی ماخذ، ممکنہ کارپوریٹرز اور ان کے نیٹ ورک کی شناخت کے لیے مزید تفتیش کر رہی ہیں۔علاقائی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو عارضی طور پر سیل کر رکھا تھا اور اس بات کی تصدیق کی جارہی ہے کہ اس واقعے میں عام شہریوں یا فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا