Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • متنازعہ ٹویٹ کیس،ایمان مزاری پر فردجرم عائد

    متنازعہ ٹویٹ کیس،ایمان مزاری پر فردجرم عائد

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیخلاف متنازعہ ٹویٹ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے

    ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیخلاف ٹرائل کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے فرد جرم عائد کی۔ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ فرد جرم کے وقت کورٹ روم میں موجود نہیں تھے۔ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیجانب سے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے استفسار کیا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کدھر ہیں؟ معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ عدالت میں پیش ہوئے تھے اب راولپنڈی پیشی پر گئے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہ کس سے اجازت لیکر گئے ہیں،عدالت کیجانب سے فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی۔ معاون وکیل نے استدعا کی کہ عدالت فرد جرم کی کاپی فراہم کردے۔ جج محمد افضل مجوکہ نے ریمارکس دیے کہ آپ طریقہ کار کے ذریعے نقل کیلئے اپلائی کریں۔ عدالت نے ڈیڑھ بجے استغاثہ کے گواہان کو طلب کر لیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت میں ڈیڑھ بجے تک وقفہ کردیا۔

  • 2026 میں پاکستان میں مہنگائی 6 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے،ایشیائی ترقیاتی بینک

    2026 میں پاکستان میں مہنگائی 6 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے،ایشیائی ترقیاتی بینک

    ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیائی ترقیاتی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی معیشت درمیانی مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مالی سال 2026 میں جی ڈی پی گروتھ 3 فیصد رہنے کا امکان ہے جب کہ پالیسی ریفارمز اور استحکام سے معیشت میں بہتری جاری رہے گی، 2026 میں مہنگائی 6 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے، گیس ٹیرف میں اضافے سے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوگا جب کہ مرکزی بینک مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے محتاط مانیٹری پالیسی اپنائے گا،آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان میں معاشی اصلاحات میں پیشرفت ہوئی، پاکستان کی ترقی کے امکانات مثبت لیکن ڈھانچہ جاتی چیلنجز برقرار ہیں جب کہ تعمیراتی شعبے کے لیے بجٹ میں دی گئی مراعات جزوی طور پر نقصانات کم کریں گی،بار بار آنے والی قدرتی آفات اور حالیہ سیلاب ترقی کیلئے خطرہ ہیں، سیلاب سے انفرا اسٹرکچر اور زرعی اراضی کو نقصان، شرح نمو پر دباؤ ڈالے گا جب کہ سیلاب سے سپلائی چین متاثر اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اصلاحات اور پالیسی عملدرآمد سے معیشتی رفتار اور اعتماد برقرار رکھا جا سکتا ہے، مالی سال 2026 میں امریکا پاکستان تجارتی معاہدے سے کاروباری اعتماد بحال ہونے کا امکان ہے جب کہ بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔

  • کینیڈا نے بھارتی لارنس بشنوئی گینگ کو دہشت گرد قرار دے دیا

    کینیڈا نے بھارتی لارنس بشنوئی گینگ کو دہشت گرد قرار دے دیا

    کینیڈا نے بھارت کے ایک خطرناک گینگ ’’لارنس بشنوئی گروپ‘‘ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ اس گروپ پر الزام ہے کہ یہ قتل، فائرنگ اور آتشزنی کے ذریعے عوام کو ڈراتا اور ان سے بھتہ وصول کرتا ہے، اس گینگ کے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی سے تعلقات کے دعوے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے “دی گارجئین“ کے مبطابق، کینیڈا کے وفاقی وزیر برائے پبلک سیفٹی گیری اننداسنگری نے پیر کو اعلان کیا کہ اس فیصلے کے بعد حکام کو کینیڈا میں موجود اس گینگ کے اثاثے ضبط کرنے اور اس کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مزید طاقتور قانونی سہولتیں حاصل ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بشنوئی گروپ کینیڈا میں بسنے والی کمیونٹی کے لیے غیر محفوظ ماحول پیدا کر رہا تھا، یہ گروپ خاص طور پر نمایاں سماجی شخصیات، کاروباری افراد اور ثقافتی رہنماؤں کو نشانہ بناتا ہے۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کینیڈا اور بھارت کے درمیان ایک عرصے سے سفارتی کشیدگی جاری ہے۔

    کینیڈا کی پولیس نے یہ نتیجہ نکالا تھا کہ بھارت نے لارنس بشنوئی گینگ کی مدد سے نمایاں سکھ رہنما اور کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نِجّار کے قتل کی منصوبہ بندی کی اور ہدایت دی تھی۔لارنس بشنوئی کا شمار اس وقت بھارت کے سب سے بڑے اور خوفناک مافیا سرغناؤں میں ہوتا ہے۔ لارنس تقریباً دس سال سے بھارتی جیل میں قید ہے لیکن اس کے گینگ کی کارروائیاں بھارت سے نکل کر دنیا بھر میں پھیل چکی ہیں۔اس گروہ کو پنجابی گلوکار سدھو موسے والا اور بھارتی سیاست دان بابا صدیقی کے قتل سے بھی جوڑا جاتا ہے۔

    کینیڈا کی رائل ماؤنٹڈ پولیس نے گزشتہ سال بھارت پر یہ الزام بھی لگایا تھا کہ بھارتی سفارت کار کینیڈا میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، جن میں سکھوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔ پولیس نے واضح طور پر کہا کہ بشنوئی گروپ بھارتی حکومت کے ایجنٹس کے ساتھ رابطے میں تھا۔دہشت گرد قرار دیے جانے کے بعد اب کینیڈا میں کسی بھی فرد یا ادارے کے لیے اس گروہ کے ساتھ مالی لین دین یا اس کی مدد کرنا جرم ہوگا۔کینیڈین پولیس کے مطابق نِجّار قتل سمیت کئی وارداتوں میں آٹھ افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ درجنوں لوگ بھتہ خوری اور قتل کی کوششوں کے کیسز میں پکڑے گئے ہیں۔

    ورلڈ سکھ آرگنائزیشن نے کینیڈین حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس گینگ کی سرگرمیوں کی وجہ سے بے شمار کاروباری حضرات مسلسل دھمکیوں اور بھتہ خوری کا شکار رہے ہیں۔تنظیم نے مزید کہا کہ یہ پہلا اہم قدم ہے مگر ضروری ہے کہ اس تشدد کے اصل ماسٹر مائنڈز کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • کوئٹہ دھماکہ، چھ افراد کی موت، 10 زخمی

    کوئٹہ دھماکہ، چھ افراد کی موت، 10 زخمی

    کوئٹہ: کوئٹہ کے مشرقی علاقے میں زوردار دھماکے اور اس کے بعد فائرنگ کی آوازیں سنائی دی ہیں

    دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہوگئی،زخمیوں کی تعداد 10 ہے،کوئٹہ میں حالی روڈ کےقریب دھماکا ہوا ہے پولیس نےحالی روڈ کے قریب دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں اب تک 10 افراد زخمی ہوئے ہیں،دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے،ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں دھماکے کے پیش نظر سول اسپتال، بی ایم سی اسپتال اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذکردی کردی گئی ہے ، تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، اسٹاف نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اسپتالوں میں طلب کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب حالی روڈ پر دھماکے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی ہے جس میں زوردار دھماکے کے بعد جائے وقوعہ سے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے جب کہ قریب سڑک پر موجود کئی گاڑیاں بھی دھماکے کی زد میں آگئیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق زرغون روڈ پر دھماکے کے کچھ لمحوں بعد ہی علاقے میں فائرنگ شروع ہوگئی جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم مکمل جانچ کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

    ریسکیو ٹیمیں اور پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور غیر ضروری طور پر متاثرہ علاقے کی طرف جانے سے گریز کریں۔

  • سپریم کورٹ، جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنےکا فیصلہ کالعدم

    سپریم کورٹ، جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنےکا فیصلہ کالعدم

    سپریم کورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنےکا فیصلہ کالعدم قراردے دیا

    سپریم کورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی اپیل منظور کر لی،اٹارنی جنرل عثمان منصور اعوان نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی اپیل کی حمایت کر دی ، اٹارنی جنرل عثمان منصور اعوان نے کہا کہ جج کو عبوری حکم کے تحت کام سے روکا نہیں جا سکتا، جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف درخواستگزارمیاں داؤد نےبھی اٹارنی جنرل سے اتفاق کیا

    جسٹس طارق محمود جہانگیری بحالی کے بعد اپنی عدالت پہنچ گئے۔ کیسوں کی سماعت کا آغاز کردیا۔سپریم کورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو عہدے پر بحال کیا تھا۔جسٹس طارق محمود جہانگیری سنگل بینچ میں کیسوں کی سماعت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • مودی کے جنگی جنون نے بھارتی نوجوانوں کو غیر ملکی جنگ کا ایندھن بنا دیا

    مودی کے جنگی جنون نے بھارتی نوجوانوں کو غیر ملکی جنگ کا ایندھن بنا دیا

    بھاری ٹیرف کے باوجود فاشسٹ مودی عالمی سطح پر اشتعال انگیز کارروائیوں میں مصروف ہے

    امریکی صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ میں روس یوکرین جنگ میں بھارتی سہولت کاری کا پردہ چاک کر دیا،امریکی صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران کہا کہ؛ ہندوستان روس سے تیل کی خریداری جاری رکھ کر جنگ کو مالی مدد فراہم کر رہا ہے،روس یوکرین جنگ میں ایندھن بننے والے بھارتی نوجوان کا کہنا ہے کہ؛ ہمیں کوئی تربیت نہیں دی گئی اور زبردستی جنگ کے محاذ میں دھکیل دیا گیا ہے،ہمیں کہا جا رہا ہےکہ آپ لوگ یوکرین کے اندر ہیں، آپ کی کوئی نہیں سنے گا، ہمیں کام کے لالچ میں ادھر لایا گیا اور اب ہمیں کھانا پینا نہیں دیا جا رہا.کام کے بجائے ہمیں فرنٹ لائن پر بھیج دیا گیا ہےہمارے ساتھ زبردستی کی جا رہی ہے، یہ ہماری آخری ویڈیو ہو سکتی ہے،

    کچھ روز قبل کانگریس ایم ایل اے پرگت سنگھ نے انکشاف کیا تھا کہ ہمارے نوجوان غیر ملکی میدان جنگ میں مر رہے ہیں، خاندانوں کو بے سہارا، بے خبر چھوڑ دیا گیا ہے، بھارتی نوجوانوں کو نوکری کے جھوٹے وعدے کے تحت روس لے جایا جا رہا ہے،

    فاشسٹ مودی نے مذموم مقاصد کے لیے بھارتی نوجوانوں کو غیر ملکی میدان جنگ میں مرنے کے لیے تنہا چھوڑ دیا،روس نواز پالیسیوں سے بھارت کو شدید سفارتی اور معاشی نقصان پہنچا چکا ہے ،روس یوکرین جنگ میں جھونکے گئے بھارتی نوجوانوں نے نام نہاد ‘نیشن فرسٹ’ جیسے کھوکھلے نعروں کا پردہ چاک کر دیا ہے

  • دیر میں پاک فوج کے کامیاب آپریشن کے بعد  عوام کاپرتپاک استقبال

    دیر میں پاک فوج کے کامیاب آپریشن کے بعد عوام کاپرتپاک استقبال

    خیبر پختونخوا کے علاقہ دیر میں پاک فوج کے کامیاب آپریشن کے بعد عوام نےپرتپاک استقبال کیا

    دیر میں پاک فوج کا فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن اور قیام امن کے اقدامات پر والہانہ استقبال کیا، عوام نے ایف سی کمانڈنٹ کو پھولوں کے ہار پہنا کر خراجِ تحسین پیش کیامدیر کے عوام نے پاک فوج کی قربانیوں اور کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا،دیر کی فضا پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی،خوارج کے خاتمہ کے لیے دیر کے عوام نے پاک فوج کے جوانوں کے شانہ بشانہ لڑنے کا عزم کیامپاک فوج کی موجودگی سے علاقہ میں امن و امان کے قیام پر عوام نے اظہارِ تشکر کیا،فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر دیر کے عوام نے پاک فوج پر مکمل اعتماد ظاہر کیا

  • جن نکالنے کے بہانے 30 لاکھ ہتھیا کر عامل کی خاتون سے زیادتی کی کوشش

    جن نکالنے کے بہانے 30 لاکھ ہتھیا کر عامل کی خاتون سے زیادتی کی کوشش

    سرگودھا میں ایک جعلی عامل کے خلاف سنگین الزامات سامنے آئے ہیں، جس نے ایک لڑکی سے "جن نکالنے” کے بہانے لاکھوں روپے بٹورنے کے بعد مبینہ طور پر اس سے زیادتی کی کوشش بھی کی۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے شکایت درج کرائی ہے کہ جعلی عامل نے اسے یقین دلایا کہ اس پر "جنات” کا اثر ہے، جسے ختم کرنے کے لیے بھاری رقوم درکار ہوں گی۔ عامل نے مختلف مراحل میں تقریباً 30 لاکھ روپے وصول کیے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے جن نکالنے کے بہانے پیسے بٹورنے کے بعد متاثرہ لڑکی کو اپنے قبضے میں لے کر اس سے مبینہ زیادتی کی کوشش کی۔ مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزم نے لڑکی کی نازیبا ویڈیو بنا لی اور اسے بلیک میل کرتے ہوئے 20 لاکھ روپے مزید طلب کیے۔پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم وہ تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔ پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایسے جعلی عامل سماج میں خوف اور جہالت کا فائدہ اٹھا کر معصوم لوگوں کو لوٹتے ہیں، اس لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے اس ملزم کو گرفتار کر کے قرارِ واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کے گھناونے فعل کا ارتکاب نہ کر سکے۔

  • امن منصوبے کو تسلیم نہ کرنے پر اسرائیلی وزیراعظم کی حماس کو دھمکی

    امن منصوبے کو تسلیم نہ کرنے پر اسرائیلی وزیراعظم کی حماس کو دھمکی

    اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ٹرمپ کے مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبے کو تسلیم نہ کرنے پر حماس کو دھمکی دے دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس نے منصوبہ رد کیا تو اسرائیل اپنا کام مکمل کرےگا،منصوبہ جنگ کے خاتمے سے متعلق اسرائیل کے اصولوں سے مطابقت رکھتاہے اور یہ معاہدہ یقینی بنائےگا کہ غزہ اسرائیل کےلیےکبھی خطرہ نہیں بنےگا۔

    گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبے کا اعلان کیا،ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیےتاریخی دن ہے، خطے میں امن اور استحکام کے لیےکام کریں گے، غزہ امن معاہدے کے بالکل قریب پہنچ چکےہیں، عرب اور مسلم رہنماؤں نے اس منصوبے کی حمایت کی ہے، ترکیے اور انڈونیشیا کے صدور میرے ساتھ ہیں، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے بھی امن معاہدے کی حمایت کی ہے اسرائیلی وزیراعظم نے میرا امن معاہدہ تسلیم کرلیا ہے، اگر حماس معاہدہ مسترد کردے تو اسرائیل کو حماس کے خاتمے کےلیے میری مکمل پشت پناہی حاصل ہوگی۔

    علاوہ ازیں مسلم ممالک نے غزہ جنگ بندی سے متعلق ٹرمپ کے مجوزہ منصوبےکی حمایت کی ہے،پاکستان، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر کی غزہ جنگ بندی کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا  امن منصوبہ  سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر "بورڈ آف پیس” میں شامل

    ڈونلڈ ٹرمپ کا امن منصوبہ سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر "بورڈ آف پیس” میں شامل

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ کے سابق وزیراعظم سر ٹونی بلیئر غزہ کے مستقبل کی نگرانی کے لیے تشکیل دیے جانے والے بین الاقوامی ادارے "بورڈ آف پیس” میں شامل ہو رہے ہیں۔ یہ ادارہ ٹرمپ کی زیر صدارت قائم کیا جا رہا ہے جس کا مقصد غزہ کی عبوری حکمرانی اور جنگ بندی کے بعد کے انتظامات کو دیکھنا ہے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ یہ بورڈ ان رہنماؤں پر مشتمل ہوگا جنہیں دیگر ممالک سے بھی نامزد کیا جائے گا۔ سر ٹونی بلیئر اس کے پہلے رکن ہیں جن کا نام باقاعدہ طور پر سامنے آیا ہے۔صدر ٹرمپ نے پیر کی شب ایک 20 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا جس کا بنیادی مقصد اسرائیل اور حماس کے درمیان دو سال سے جاری جنگ کو ختم کرنا ہے۔

    ٹونی بلیئر نے منصوبے کو "جنگ، دکھ اور مصیبت کے خاتمے کا بہترین موقع” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا یہ قدم اسرائیل اور فلسطین دونوں کے لیے ایک بہتر مستقبل کی امید ہے۔ٹونی بلیئر کا مزید کہنا تھا کہ
    "صدر ٹرمپ نے ایک جرات مندانہ اور بامعنی منصوبہ پیش کیا ہے جو اگر قبول ہو جائے تو نہ صرف جنگ کا خاتمہ ہوگا بلکہ غزہ کے عوام کو بہتر مستقبل کی طرف لے جائے گا اور اسرائیل کی سلامتی کو بھی یقینی بنائے گا۔”

    غزہ کے نظم و نسق کے لیے ایک نیا عالمی اتھارٹی ماڈل تجویز کیا گیا ہے جس کی قیادت سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کو دی جائے گی۔ اس منصوبے کو ’’غزہ انٹرنیشنل ٹرانزیشنل اتھارٹی‘‘ (GITA) کا نام دیا گیا ہے اور ماہرین کے مطابق اس سے نہ صرف فلسطینی سیاسی قیادت کو پسِ منظر میں دھکیل دیا جائے گا بلکہ فیصلہ سازی کا زیادہ تر اختیار چیئرمین کے ہاتھ میں ہوگا۔گارڈین اور اسرائیلی اخبار ہاریٹز کے مطابق 21 صفحات پر مشتمل مسودے میں جنگ کے بعد غزہ کی تعمیرِ نو اور انتظامیہ کے لیے بین الاقوامی شخصیات کو کلیدی کردار دینے کی تجویز ہے، جبکہ فلسطینی محض ثانوی کردار ادا کریں گے۔دستاویز میں ایک الگ "غزہ سرمایہ کاری و ترقیاتی اتھارٹی” کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے، جس میں نجی و سرکاری اشتراک اور سرمایہ کاری کے نئے ماڈل متعارف کرانے کی بات کی گئی ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ’’منفعت بخش منافع‘‘ حاصل ہو سکے۔

    اس منصوبے کے تحت غزہ کا نظم و نسق مغربی کنارے میں قائم فلسطینی اتھارٹی سے الگ ہو جائے گا، جو ناقدین کے مطابق فلسطینی وحدت کے تصور کو نقصان پہنچائے گا۔مسودے میں کسی فلسطینی رہنما کا نام نہیں لیا گیا، لیکن دیگر شخصیات مثلاً مصری ارب پتی نجیب ساویریس، اپالو گلوبل مینجمنٹ کے مارک روان، اور ٹرمپ کے سابق مشیر آریہ لائٹ اسٹون کے نام بطور مثال درج ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ نام صرف ’’تصویری مقاصد‘‘ کے لیے شامل کیے گئے ہیں اور ان افراد سے اجازت نہیں لی گئی۔

    GITA کا ہیڈ کوارٹر ابتدائی طور پر مصر کے علاقے العریش میں قائم کرنے کی تجویز ہے، اور اس کی قیادت 7 سے 10 رکنی کونسل کرے گی جسے سلامتی کونسل کی منظوری حاصل ہوگی۔صرف ایک فلسطینی رکن کی شمولیت کی گنجائش ہوگی، وہ بھی بزنس یا سکیورٹی پس منظر سے۔زیادہ تر اراکین بین الاقوامی شخصیات ہوں گی جنہیں انتظامی یا مالیاتی تجربہ حاصل ہو۔’’علاقائی ثقافتی جواز‘‘ کے لیے خلیجی ممالک یا مصر کی جانب سے مسلم اراکین شامل کرنے کی تجویز ہے۔یہ کونسل ’’بائنڈنگ فیصلے‘‘ کرے گی، قوانین اور اہم تعیناتیاں منظور کرے گی اور براہِ راست سلامتی کونسل کو جوابدہ ہوگی۔منصوبے کے مطابق چیئرمین (جس کے لیے ٹونی بلیئر کا نام نمایاں ہے) کو ’’سیاسی و تزویراتی سمت‘‘ طے کرنے، اسرائیل، مصر اور امریکہ کے ساتھ سفارتی و سکیورٹی معاملات نمٹانے کا اختیار ہوگا۔ حیرت انگیز طور پر اس حصے میں فلسطینی اتھارٹی کا ذکر تک موجود نہیں۔

    فلسطینی ناقدین نے اس منصوبے کو ’’فلسطین کے لیے تباہی‘‘ قرار دیا ہے۔ مصطفیٰ برغوثی نے واشنگٹن پوسٹ سے گفتگو میں کہا ’’ہم پہلے ہی برطانوی نوآبادیات بھگت چکے ہیں۔ اگر آپ یہاں ٹونی بلیئر کا نام لیں تو سب سے پہلے عراق جنگ یاد آتی ہے۔‘‘ذرائع کے مطابق ٹونی بلیئر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ’’غزہ صرف غزہ کے عوام کے لیے ہے‘‘ اور کسی بھی منصوبے میں فلسطینیوں کی بے دخلی شامل نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ عبوری اتھارٹی بالآخر فلسطینی اتھارٹی کو ہی اختیارات منتقل کرے گی تاکہ دو ریاستی حل کی راہ ہموار ہو۔

    یہ منصوبہ، جسے وائٹ ہاؤس کی حمایت حاصل بتائی جا رہی ہے، ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی بمباری اور انسانی المیہ دنیا کی توجہ کا مرکز ہے۔ تاہم یہ بھی واضح ہے کہ فلسطینی حلقوں میں ٹونی بلیئر کی ساکھ کمزور ہے، اور اس منصوبے کی کامیابی فلسطینی عوام کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں ہوگی۔