Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • علیمہ خان احتجاج کیس،ایچ ایس او کی گرفتاری کا حکم جاری

    علیمہ خان احتجاج کیس،ایچ ایس او کی گرفتاری کا حکم جاری

    راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان سمیت 10ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں حکم عدولی پر ایس ایچ او اور اے ایس آئی صادق آباد کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

    اے ٹی سی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر سے متلعق احتجاج کے کیس میں چالان کے سمن کی تعمیل نہ کرانے پر ایس ایچ او تھانہ صادق آباد ندیم عباس اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر شکیل کی گرفتاری کا حکم دیا،عدالت نے احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر ایس ایچ او اور اے ایس آئی کو صادق آباد 6، 6 ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے 50، 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

    یاد رہے کہ علیمہ خان سمیت 10 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں عدالت نے ایس پی راول، ایس ایچ او صادق آباد اور اے ایس آئی کے خلاف توہین عدالت کا شوکاز جاری کیا تھا،عدالت نے پولیس افسران کی جانب سے توہین عدالت کے شوکاز کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔

  • اورسیز پاکستانیوں کا سیاسی و عسکری قیادت کو عالمی سطح پر شاندار خراجِ تحسین

    اورسیز پاکستانیوں کا سیاسی و عسکری قیادت کو عالمی سطح پر شاندار خراجِ تحسین

    اوورسیز پاکستانیوں نےسیاسی و عسکری قیادت کو عالمی سطح پر شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے

    نیو یارک کی فضا پاکستانی پرچموں اور "پاکستان زندہ آباد” کے فلگ شگاف نعروں سے گونج اٹھی،اورسیز پاکستانی کمیونٹی نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے باہر وزیرِاعظم اور افواجِ پاکستان کے ساتھ والہانہ یکجہتی کا مظاہرہ کیا،اورسیز پاکستانیوں نے موبائل ڈیجیٹل ٹرکوں پر پاک فوج اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حق میں پیغامات نشر کیے ،نیویارک کی شاہراہوں پر موبائیل ٹرکوں پر آویزاں پاک فوج کی جرات، بہادری اور قربانیوں کے مناظر سب کی نگاہوں کا مرکز بنے رہے

    اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے معرکہ حق میں قوم کا وقار بلند کیا

    اوورسیز پاکستانی کمیونٹی نے معرکہ حق میں تاریخی فتح کو پاکستان کی عظیم کامیابی قرار دیا،کشمیری عوام کے حق میں جرات مندانہ موقف اپنانے پر وزیرِاعظم اور افواجِ پاکستان کی قیادت کو سراہا گیا،اوورسیز پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری پر قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا،اورسیز پاکستانیوں نے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کیا ، پاکستانی کمیونٹی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو عالمی فورمز پر پاکستان کی عزت اور ساکھ بلند کرنے کا سبب قرار دیا اور کہا کہ پاک فوج کی قربانیاں ہر پاکستانی کے دل میں فخر اور محبت کا جذبہ پیدا کرتی ہیں

  • آڈیو لیک کیس، علی امین گنڈاپور کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    آڈیو لیک کیس، علی امین گنڈاپور کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

    اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے آڈیو لیک کیس میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللّٰہ بلوچ نے کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کی مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور پولیس کو حکم دیا کہ انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے اس سلسلے میں باضابطہ طور پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی ہے، جبکہ آئندہ سماعت پر علی امین گنڈاپور کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف تھانہ گولڑہ، اسلام آباد میں مقدمہ درج ہے، جو کہ ایک مبینہ آڈیو لیک سے متعلق ہے۔ اس مقدمے میں ان پر مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • کانگریس سمیت کرکٹ سے وابستہ حلقے مودی پر برس پڑے

    کانگریس سمیت کرکٹ سے وابستہ حلقے مودی پر برس پڑے

    بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی ایک بار پھر غیرسنجیدہ اور اشتعال انگیز بیانات کے باعث کڑی تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ ایشیا کپ میں بھارت کی جیت کو "آپریشن سندور” سے جوڑنے پر اپوزیشن جماعت کانگریس سمیت کرکٹ سے وابستہ حلقوں نے مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    کانگریس کے رہنما اتل پٹیل نے کہا کہ کھیل کو جنگی بیانیے سے منسلک کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "مودی کو نہ تو خارجہ پالیسی کی سمجھ ہے اور نہ ہی سفارت کاری کا شعور۔ کرکٹ جیسے کھیل کو جنگی پروپیگنڈے کے طور پر پیش کرنا کھیل کی روح کے منافی ہے۔”اسی طرح مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سکپال نے وزیراعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ "مودی ہوا ہو، پانی ہو یا کھیل، ہر معاملے کو سیاست اور پولرائزیشن سے جوڑ دیتے ہیں۔” ان کے مطابق یہ افسوسناک ہے کہ ملک کے وقار اور کھیلوں کی غیرجانبدار حیثیت کو نظرانداز کرتے ہوئے کھیلوں کو بھی سیاسی نفرت کے ایجنڈے کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی بھارتی وزیراعظم کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ "جنگ کو کھیل سے جوڑنا دراصل مایوسی اور کمزوری کی علامت ہے۔ کھیل کو کھیل ہی رہنے دیا جانا چاہیے تاکہ یہ عوام کو جوڑنے کا ذریعہ بنے، نہ کہ نفرت پھیلانے کا ہتھیار۔”

    سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مودی کے اس طرح کے بیانات نہ صرف بھارت میں کھیل کے تقدس کو متاثر کرتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اپوزیشن کا موقف ہے کہ حکومت کو کھیلوں کو سیاست اور پروپیگنڈے سے الگ رکھنا چاہیے تاکہ یہ حقیقی معنوں میں امن اور یکجہتی کا پیغام بن سکیں۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ ،پرائیویٹ سکولز سے مفت تعلیم فراہم کرنے کی رپورٹ طلب

    اسلام آباد ہائیکورٹ ،پرائیویٹ سکولز سے مفت تعلیم فراہم کرنے کی رپورٹ طلب

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرائیویٹ سکولز سے متعلق اہم کیس میں یہ رپورٹ طلب کرلی ہے کہ انہوں نے قانون کے مطابق کتنے حق دار بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے شہری محمد بشارت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایک صفحے پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ سکولز کی ریگولیٹری باڈی (پیرا) عدالت کو رپورٹ جمع کرائے کہ نجی تعلیمی اداروں نے اب تک کتنے مستحق بچوں کو فری ایجوکیشن دی ہے۔عدالتی حکم کے مطابق یہ جاننا ضروری ہے کہ پرائیویٹ سکولز نے ’’10 فی صد مفت تعلیم‘‘ کے قانون پر کس حد تک عمل درآمد کیا ہے۔ اس سلسلے میں پیرا کو ہدایت دی گئی ہے کہ جامع رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے تاکہ کیس کو آگے بڑھایا جاسکے۔

    یاد رہے کہ اگست میں محکمہ ایجوکیشن پنجاب نے بھی پرائیویٹ سکول آرڈیننس 2014 کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس آرڈیننس کے تحت نجی تعلیمی اداروں کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ اپنے داخلوں میں سے 10 فیصد کوٹے پر مستحق اور نادار بچوں کو مفت تعلیم فراہم کریں۔ وزارت تعلیم نے پرائیویٹ سکولز سے فری بچوں کی لسٹیں اور داخلوں کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا تاکہ اس قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔

    محکمہ سکول ایجوکیشن کا مؤقف ہے کہ ملک بھر میں لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں، لہٰذا نجی تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرتی فلاح کے اس اقدام کو عملی جامہ پہنائیں اور مفت تعلیم کے قانون پر مکمل عمل کریں۔

  • تنسیخ نکاح کا دعویٰ کیوں دائر کیا؟شوہر نے بیوی بچوں پر تیزاب پھینک دیا

    تنسیخ نکاح کا دعویٰ کیوں دائر کیا؟شوہر نے بیوی بچوں پر تیزاب پھینک دیا

    رحیم یار خان کے نواحی علاقے ترنڈہ محمد پناہ میں گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر نے اپنی اہلیہ کی جانب سے تنسیخِ نکاح کا دعویٰ دائر کیے جانے پر شدید انتقام لیتے ہوئے بیوی بچوں سمیت چار افراد پر تیزاب پھینک دیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سسرال میں داخل ہوا اور زبردستی گھر میں گھس کر بیوی اور اہل خانہ پر تیزاب پھینکا جس کے نتیجے میں ملزم کی اہلیہ شدید جھلس کر دورانِ علاج دم توڑ گئیں،حادثے میں چار سالہ معصوم بچی اور ستر سالہ پھپھو سمیت تین افراد بری طرح جھلس گئے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں بہاولپور اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق بچی اور خواتین کے جسم اور چہرے کا 70 فیصد سے زائد حصہ جھلس چکا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تاہم اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق مقتولہ نے گھریلو تشدد اور جھگڑوں سے تنگ آکر عدالت میں تنسیخِ نکاح کا دعویٰ دائر کیا تھا جس پر ملزم نے اشتعال میں آکر یہ قدم اٹھایا۔

  • پاکستان  دفاع سمیت تمام محاذوں پر تیزی سے ترقی کر رہا ہے،وزیراعظم

    پاکستان دفاع سمیت تمام محاذوں پر تیزی سے ترقی کر رہا ہے،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان معیشت ،خارجہ تعلقات اور دفاع سمیت تمام محاذوں پر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، معاشی استحکام حاصل کر لیا، اب ملک معاشی ترقی کی طرف بڑھے گا۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے دورے کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کی معیشت ایک مشکل دور سے گزری،موجودہ حکومت کی تمام کامیابیاں خلوص، محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں اور ہر کسی نے اہداف کے حصول میں اپنا کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم تعاون، مشاورت، خلوص، مسلسل کوششوں اور فکر و عمل کے اتحاد سے ہر مشکل پر قابو پا سکتے ہیں اور ترقی کر سکتے ہیں، پاکستان نے قوموں کی برادری میں وقار اور احترام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے جنگ جیت لی اور اپنے دشمن کو شکست دی جس کے بعد دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں میں نے پاکستانی عوام کی نمائندگی کی، ان کا مقدمہ پیش کیا اور ان کے جذبات کی عکاسی کی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اپنی تقریر میں انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام ایک دن اپنی آزادی کی منزل حاصل کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ کے لوگ جس ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں اس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں عرب، اسلامی ممالک سے مشاورت غزہ کے معاملے پر حوصلہ افزا نتائج پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں قابض فوج نے خواتین، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سمیت 64000 مسلمانوں کو شہید کیا ہے، انہوں نے غزہ میں امن اور ظلم کے خاتمے کیلئے بھی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کے ساتھ تعمیری اور کارآمد ملاقات دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ملاقات امریکہ کے ساتھ مزید بہتر تعلقات کا سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، وہ پاکستان کے عظیم سفیر ہیں اور وہ اپنے ملک کی جانفشانی سے خدمت کر رہے ہیں۔

    اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹرمحمداسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کی مؤثر طریقے سے نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ عرب ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، اردن اور مصر اور تین غیر عرب مسلم ممالک پاکستان، ترکیہ اور انڈونیشیا سمیت آٹھ ممالک کے سربراہان نے امریکی صدر کے ساتھ ملاقات کی اور غزہ کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی ملاقات کے بعد بھی ملاقاتیں جاری رہیں اور اس سے غزہ کے معاملے پر مثبت نتائج برآمد ہوں گے، جو قوم کے ساتھ شیئر کئے جائیں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران تقریباً دو درجن ملاقاتوں میں تمام فورمز پر قوم کی نمائندگی کی۔ پاکستانی وفد نے کشمیر، فلسطین اور غزہ کے مسائل بین الاقوامی برادری کے سامنے اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم نے اپریل 2022 میں ذمہ داری سنبھالی تو انہوں نے پاکستان کو معاشی ڈیفالٹ سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کی معیشت کو 24 ویں بڑی معیشت بنایا تھا جو اگلے چار سالوں کی بدانتظامی کی وجہ سے بعد میں 47 ویں نمبر پر آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اب حالات بہتر ہو گئے ہیں، معاشی استحکام حاصل ہو گیا ہے، سود کی شرح 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد رہ گئی ہے اور مہنگائی 30 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد رہ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے پاکستان ترقی کرے گا ،اس سے غربت ختم ہوگی، ترقی ہوگی اور عوام کی فی کس آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو آگے لے جانے کی کوشش کر رہی ہے، پاکستان کی ترقی نظر آ رہی ہے اور دنیا اسے تسلیم کر رہی ہے۔

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات اور گفتگو کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے وزیراعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں خطاب کو سراہا اور پاکستان کا نقطہ نظر بھرپور انداز میں پیش کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے جس انداز میں کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں لڑا ہے اس سے کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے تنازعات پر بھرپور آواز اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف کی اور اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم پاکستان کی تقریر جنرل اسمبلی کی سب سے زیادہ سنی گئی تقاریر میں شامل ہے۔بعد ازاں وزیراعظم نے پاکستان ہائی کمیشن میں مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔

  • بحری ترقی قومی ترقی کی ضامن ہے۔صدر مملکت

    بحری ترقی قومی ترقی کی ضامن ہے۔صدر مملکت

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ بحری تجارت 2025 کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا بحری شعبہ ملکی تجارت اور معاشی استحکام کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بحری مستقبل روشن اور پائیدار ہے۔

    صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت بندرگاہوں کی ترقی، ڈیجیٹائزیشن اور جدیدیت کو اپنی اولین ترجیح دے رہی ہے۔ کراچی اور پورٹ قاسم کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے، جنہیں علاقائی تجارتی مراکز میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بحری پالیسیوں میں اصلاحات جاری ہیں تاکہ قومی شپنگ کو عالمی سطح پر مسابقتی بنایا جا سکے۔ پاکستانی شپنگ کمپنیوں کے لیے مراعات دی جا رہی ہیں جو غیر ملکی انحصار میں کمی کا باعث بنیں گی،فریٹ سیکیورٹی میں بہتری اور زرِ مبادلہ کی بچت کے لیے اہم اقدامات جاری ہیں۔ پاکستان سنگل ونڈو کے تحت پورٹ کمیونٹی سسٹم کا مرحلہ وار نفاذ جاری ہے، جس سے بندرگاہی آپریشنز کی ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے پورا سپلائی چین مربوط ہوگا۔عالمی معیار کے مطابق اصلاحات قومی مفادات اور علاقائی انضمام کے لیے ضروری ہیں۔ پاکستان عالمی بحری برادری کا ذمہ دار رکن بن کر ابھر رہا ہے اور بحری شعبے میں یکجہتی اور اعلیٰ کارکردگی کے ذریعے پائیدار ترقی کا عزم رکھتا ہے ہتر پالیسیوں اور محنت سے مضبوط بحری مستقبل کی تعمیر ممکن ہے۔ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر باوقار، پائیدار اور جدید بحری قوم بنایا جائے گا۔بحری شعبے میں سرمایہ کاری سے تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ بندرگاہوں کی جدیدیت پاکستان کو علاقائی ٹریڈ گیٹ وے میں تبدیل کرے گی اور پاکستان عالمی تجارتی سپلائی چین کا کلیدی حصہ بننے کے لیے تیار ہے۔

    آصف علی زرداری نے بحری شعبے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ بحری ترقی قومی ترقی کا ضامن ہے۔

  • افغانستان،قطر کی ثالثی، ایک اور امریکی شہری رہا

    افغانستان،قطر کی ثالثی، ایک اور امریکی شہری رہا

    افغانستان میں طالبان حکام نے قطر کی ثالثی کے تحت زیرِ حراست امریکی شہری امیر امیری کو رہا کر دیا ہے۔

    امیر امیری دسمبر 2024ء سے افغانستان میں زیرِ حراست تھے جو گزشتہ روز، اتوار کو امریکا واپس روانہ ہو گئے،امریکی شہری کی رہائی امریکا کے خصوصی ایلچی ایڈم بوہلر کے دورۂ افغانستان کے دوران ہوئی،طالبان حکومت نے اگست 2021ء میں امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد اقتدار میں آنے کے بعد یہ پانچواں امریکی شہری رہا کیا ہے،امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے امیری کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی حکومت اپنے شہریوں کو بیرونِ ملک ناجائز حراست سے نکالنے کےلیے پُرعزم ہے۔

    طالبان نے امریکی خصوصی نمائندے برائے یرغمالی امور کی کابل آمد کے بعد ایک اور امریکی شہری کو رہا کیا،یہ وفد کا کابل کا تیسرا دورہ ہے اور اب تک ان مذاکرات کے نتیجے میں طالبان کی قید سے پانچ امریکی شہریوں کی رہائی عمل میں آچکی ہے۔

  • اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے کو ایران میں پھانسی

    اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے کو ایران میں پھانسی

    ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی دے دی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق بہمن چوبی (Bahman Choubi) نامی شخص پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے حساس معلومات اکٹھی کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔

    ایرانی عدلیہ کے میڈیا ونگ میزان کے مطابق بہمن چوبی کو ملک کے اہم ترین اسرائیلی جاسوسوں میں شمار کیا جاتا تھا، جو خفیہ طریقے سے ریاستی اداروں اور ڈیٹا سینٹرز کے بارے میں معلومات دشمن ملک کو فراہم کر رہا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ ملزم نے سرکاری اداروں کے ڈیٹا بیس تک رسائی، معلومات کی ترسیل اور ایران کے الیکٹرانک آلات کی درآمد کے راستوں کے بارے میں تفصیلات موساد کو پہنچائیں۔میزان کے مطابق موساد کا بنیادی ہدف ایران کے ڈیٹا سینٹرز میں خلل پیدا کرنا اور ریاستی سکیورٹی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانا تھا۔ حکام نے دعویٰ کیا کہ بہمن چوبی اس نیٹ ورک کا مرکزی کردار تھا، جسے طویل تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے بعد سزائے موت دی گئی۔

    یاد رہے کہ جون 2025 میں ایران اور اسرائیل کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کے دوران تہران نے اسرائیلی خفیہ نیٹ ورکس کا پردہ فاش کیا تھا۔ جنگ کے خاتمے کے بعد ایرانی حکام نے متعدد افراد کو گرفتار کر کے ان پر جاسوسی کے مقدمات چلائے، جن میں سے کئی کو پھانسی دی جا چکی ہے۔