Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • پاکستان میں مشرق ڈیجیٹل ریٹیل بینک کا باضابطہ افتتاح

    پاکستان میں مشرق ڈیجیٹل ریٹیل بینک کا باضابطہ افتتاح

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیجیٹلائزیشن کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق ڈیجیٹل بینک کا قیام پاکستان میں کیش لیس کاروبار اور مالیاتی شعبے کی ترقی اور فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا،نوجوان ملک کی آبادی کا بڑا حصہ ہیں،یہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور عظیم موقع ہیں۔ معیشت مضبوط و ترقی اور شفافیت کے لیے اسکو پیپر لیس بنانا اور اس میں انسانی عمل دخل کم کرنا ہو گا۔

    انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں پاکستان میں مشرق ڈیجیٹل ریٹیل بینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں دوسرے ڈیجیٹل بینک مشرق ڈیجیٹل بینک کا قیام خوش آئند ہے، متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کے خواہاں رہے ہیں،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں متحدہ عرب امارات کے کاروباری افراد کا اہم کردار ہے۔ مشرق بینک کی ٹیم با صلاحیت ہے، ملک میں کاروباری، زرعی و صنعتی سرگرمیوں اور بینکاری نظام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور ڈیجیٹلائزیشن کا دور ہے اور ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے معیشت کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق بینک ایک بڑا بینک ہے اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان میں ڈیجیٹل بینک کے قیام سے مالیاتی شعبے میں عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے حوالے سے بڑی تبدیلی آئے گی۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک میں اقتصادی استحکام کے لیے کوشاں ہے، ترسیلات زر پاکستان کی لائف لائن ہیں ،بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی بہتر معاشی کارکردگی کی تصدیق کی ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، یہ ایک آغاز ہے اور ہم نے مزید آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت انتظامی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، توانائی، بینکاری نظام اور ایس او ایز کے حوالے سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، ہم پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنائیں گے،مشرق ڈیجیٹل بینک کی پاکستان کے مالیاتی شعبے میں شمولیت خوش آئند ہے۔

    مشرق بینک کے چیئرمین عبدالعزیز الغریر نے کہا کہ مشرق بینک پاکستان میں اپنا مالیاتی سفر شروع کر رہا ہے، پاکستان کی حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں اصلاحات ،معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے کوشاں ہے، ہمیں اس عمل کا حصہ بننے پر فخر ہے،ڈیجیٹل ریگولیٹری فریم ورک کے تحت سٹیٹ بینک کے اقدامات لائق تحسین ہیں ، ہم نے پہلے مکمل ڈیجیٹل بینک کے قیام کے لیے پاکستان کا انتخاب کیا ہے، پاکستان جغرافیائی محل وقوع اور کاروباری و مالیاتی سرگرمیوں کے لئے بہتر ماحول کے باعث ڈیجیٹل اکنامک پاور ہاوس بننے کی صلاحیت رکھتا ہے،ہم پاکستان میں بہترین مالیاتی خدمات تک رسائی کو یقینی بنائیں گے، ہم صرف پاکستان میں ڈیجیٹل بینک ہی قائم نہیں کر رہے بلکہ اس کی ترقی کے سفر میں شریک ہو رہے ہیں۔

    مشرق بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ہمایوں سجاد نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے،نوجوان مالیاتی شعبے کا ڈیجیٹل مستقبل ہیں،ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ اور سائبر سکیورٹی کے لیے سٹیٹ بینک کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

    اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین مشرق بینک عبدالعزیز الغریر نے پاکستان میں مشرق ڈیجیٹل ریٹیل بینک کا باضابطہ افتتاح کیا۔

  • پاکستان کے خلائی کارناموں کے اعزاز میں   یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری

    پاکستان کے خلائی کارناموں کے اعزاز میں یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری

    اسلام آباد – – سپارکو ڈے 16 ستمبر 2025 کے موقع پر، پاکستان ڈاک نے پاکستان کے خلائی تحقیقات کے سنگ میل کو منانے کے لیے یادگاری ڈاک ٹکٹوں کے تین خصوصی سیٹ جاری کیے ہیں۔ یہ ٹکٹ آئی کیوب قمر، پاک سیٹ-ایم ایم 1 اور ای او-1 کی کامیاب لانچنگ کو اجاگر کرتے ہیں، جو ملک کے خلائی پروگرام میں ایک تبدیلی لانے والے دور کی نشاندہی کرتی ہیں۔
    آئی کیوب قمر جو 03 مئی 2024 کو چین کے چینج ای 6 مشن کے حصے کے طور پر لانچ کیا گیا، پاکستان کا پہلا قمری کیوب سیٹلائٹ تھا جس نے چاند کے مدار میں عملیات کی تصدیق کی اور چاند اور سورج کی تصاویر حاصل کیں۔ پاک سیٹ-ایم ایم 1، جو 30 مئی 2024 کو لانچ کیا گیا، ایک جیو اسٹیشنری مواصلاتی سیٹلائٹ ہے جو سماجی و اقتصادی ترقی کو سپورٹ کرنے کے لیے بہتر نشریات، ٹیلی کمیونیکیشن اور انٹرنیٹ سروسز مہیا کرتا ہے۔ پاکستان کال الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او-1، جو 17 جنوری 2025 کو لانچ کیا گیا، پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ ہے جو زراعت، شہری منصوبہ بندی، ماحولیاتی نگرانی اور آفات کے ردعمل کے لیے قیمتی تصاویر فراہم کرتا ہے۔سپارکو ڈے پر ان ٹکٹوں کا اجراء نہ صرف ان لانڈمارک مشنز کو خراج تحسین پیش کرتا ہے بلکہ خلائی تحقیق میں پاکستان کے مستقل سفر کی علامت بھی ہے۔

  • جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جوڈیشل ورک سے روک دیا

    جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جوڈیشل ورک سے روک دیا

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جوڈیشل ورک سے روک دیا گیا۔

    عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے تک بطور جج کام سے روکنے کا حکم دیا ہے۔سینئر قانون دان بیرسٹر ظفر اللّٰہ خان اور اشتر علی اوصاف عدالتی معاون مقرر کردیے گئے ہیں جبکہ اٹارنی جنرل سے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر معاونت طلب کرلی گئی ہے۔چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی تھی اور ڈویژن بینچ نے میاں داؤد کی درخواست پر آج کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے

  • چیئرمین پی ٹی اے   کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

    چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا،عدالت نے اس حوالے سے 99 صفحات پر مشتمل محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا،جسٹس بابر ستار نے فیصلے میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی اے کی تعیناتی قانونی طور پر درست نہیں ، انہیں فوری عہدے سے ہٹایا جائے۔،عدالتی حکم میں کہا گیا ہےکہ پی ٹی اے میں سنیئر ممبر کو عارضی طورپر چیئرمین تعینات کیا جائے۔

  • میچ ہو سکتا تو یاتری پاکستان کیوں نہیں جا سکتے،مودی سرکار کیخلاف بھارتی پھٹ پڑے

    میچ ہو سکتا تو یاتری پاکستان کیوں نہیں جا سکتے،مودی سرکار کیخلاف بھارتی پھٹ پڑے

    نئی دہلی: بھارت کی سکھ برادری نے مرکزی حکومت کی جانب سے پاکستان جانے پر عائد پابندی کو مذہبی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نومبر میں بابا گرو نانک دیو جی کا 555واں یوم پیدائش منایا جائے گا جس میں ہزاروں سکھ یاتری پاکستان کے ننکانہ صاحب اور کرتارپور جانے کے خواہشمند تھے۔ تاہم بھارتی وزارت داخلہ نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے سکھ یاتریوں کو پاکستان جانے سے روک دیا ہے۔اس فیصلے پر بھارتی پنجاب میں نہ صرف سیاسی جماعتوں بلکہ سکھ مذہبی رہنماؤں اور عوامی حلقوں نے بھی سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت کو کسی بھی برادری کی مذہبی رسومات اور عقیدت میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے طنزیہ سوال اٹھایا کہ "جب بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ ہوسکتا ہے تو سکھ یاتری پاکستان کیوں نہیں جا سکتے؟”اسی طرح شرومنی اکالی دل کے صدر اور سابق رکن لوک سبھا سکھبیر سنگھ بادل نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے اس فیصلے پر فوری نظرثانی کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور صاحب تک رسائی روکنا سکھ برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ بادل نے حکومت پر زور دیا کہ کرتارپور راہداری کو فوراً دوبارہ کھولا جائے تاکہ یاتری اپنی عقیدت کے مطابق حاضری دے سکیں۔

    سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاملہ نہ صرف مذہبی آزادی بلکہ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے بھی سنگین سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ پنجاب کی اپوزیشن جماعتوں نے اس پابندی کو "مذہبی آزادی پر قدغن” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت سکھوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم کر رہی ہے۔

  • آٹو ڈرائیور کا خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعہ،بولا”فلمی”لگتی ہو،چھاتی کو بھی چھوا

    آٹو ڈرائیور کا خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعہ،بولا”فلمی”لگتی ہو،چھاتی کو بھی چھوا

    بھارتی بنگلورو میں ایک ایپ بیسڈ سروس ریپڈو کے آٹو رکشہ ڈرائیور کے خلاف خاتون مسافر کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا جب متاثرہ خاتون نے اپنے گھر جانے کے لیے ریپڈو کے ذریعے آٹو بک کیا۔شکایت کے مطابق، ڈرائیور کی شناخت ہنومنتپا ایچ تلاور کے نام سے ہوئی ہے، جس نے 8 ستمبر کو سہ پہر تقریباً 4:30 بجے متاثرہ خاتون کو پک کیا۔ دورانِ سفر ڈرائیور نے نازیبا اور نامناسب گفتگو کی اور کہا کہ خاتون فلمی اداکارہ لگتی ہیں۔ اس کے علاوہ اس نے خاتون کے بیگ اٹھانے کی پیشکش کی اور اچانک اس کی پیشانی چھوتے ہوئے پوچھا کہ کیا بخار ہے؟افسران کے مطابق، اس کے بعد ڈرائیور نے خاتون کو چھاتی کے حصے پر نامناسب طور پر چھوا جسے جنسی ہراسانی کے زمرے میں لیا گیا ہے۔ جب خاتون نے رکشہ چھوڑنے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے اندر ہی رہنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی، تاہم خاتون نے ہمت دکھاتے ہوئے ملزم کو دھکا دیا اور رکشے سے کود کر گھر واپس آگئیں۔

    خاتون نے واقعے کی اطلاع اپنی والدہ کو دی، جس کے بعد پولیس میں باقاعدہ شکایت درج کروائی گئی۔ شکایت کی بنیاد پر ڈرائیور کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم تاحال اس کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    ریپڈو نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہے۔ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا "ہم بنگلور میں رپورٹ ہونے والے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ کوئی بھی شخص ہماری سروس استعمال کرتے ہوئے خود کو غیر محفوظ یا ہراساں محسوس نہ کرے۔ ہمیں جیسے ہی معاملے کا علم ہوا، ہم نے متاثرہ خاتون سے رابطہ کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ متعلقہ ڈرائیور کو مستقل طور پر معطل اور بلیک لسٹ کردیا گیا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ہماری سروس کے ذریعے کوئی سواری نہ لے سکے۔”کمپنی نے مزید کہا کہ وہ نہ صرف پولیس تحقیقات میں بھرپور تعاون کر رہی ہے بلکہ اپنے پورے فلیٹ میں ڈرائیوروں کو پروفیشنل کنڈکٹ اور سیکورٹی ٹریننگ دوبارہ فراہم کر رہی ہے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ریپڈو نے زور دیا کہ ان کے پلیٹ فارم پر خواتین مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ کمپنی نے وضاحت دی کہ خواتین کے لیے رات 10 بجے کے بعد "سیفٹی کال” کی سہولت موجود ہے۔ایپ میں 24/7 ایس او ایس (SOS) سپورٹ فراہم کیا جاتا ہے۔سواری شروع کرنے سے پہلے مسافروں کو مسلسل یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ وہ گاڑی اور ڈرائیور کی تفصیلات چیک کریں۔کمپنی نے کہا کہ ان کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور ہر طرح کی ہراسانی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں، اسحاق ڈار

    بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں، اسحاق ڈار

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ ہمارے پاس مضبوط افواج اور جدید ہتھیار موجود ہیں لہٰذا ہم کسی کو اپنی سالمیت کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔

    عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد ہم نے صومالیہ کے ساتھ مل کر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی درخواست کی، او آئی سی فورم سے بھر پور انداز میں اسرائیلی حملے کی مذمت کی گئی، اسرائیل کا لبنان اور شام کے بعد قطر پر حملہ ناقابل قبول ہے، ایک خودمختار ملک پر حملے کا کوئی جواز نہیں، اسرائیلی حملوں کی محض مذمت کافی نہیں، اب ہمیں واضح لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا،غزہ کے عوام انتہائی مشکلات کا شکار ہیں، وقت آگیا ہے کہ غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی یقینی بنائی جائے، دنیا کو اب اسرائیل کا راستہ روکنا ہوگا، پاکستان کے پاس مضبوط افواج اور جدید ہتھیار موجود ہیں، کسی کو اپنی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان امن پسند ملک ہے اور مذاکرات سے مسائل کا حل چاہتا ہے۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مستقبل کی جنگیں پانی پر ہونی ہیں، سندھ طاس معاہدےکے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کی تقسیم ہوئی، بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل یا ختم نہیں کرسکتا، پاکستان نے واضح کردیا ہےکہ پانی روکنے کے عمل کو اعلان جنگ تصور کیاجائےگا،بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں،جو ملک دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ہے بھارت کا اس پر الزام لگانا باعث حیرت ہے۔

  • صدر ٹرمپ کا نیویارک ٹائمز کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

    صدر ٹرمپ کا نیویارک ٹائمز کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

    واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے بڑے اور معتبر اخبار نیویارک ٹائمز کے خلاف ہتک عزت اور توہین کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ نیویارک ٹائمز کے خلاف 15 بلین ڈالر کا مقدمہ فلوریڈا کی عدالت میں دائر کر رہے ہیں۔ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ نیویارک ٹائمز نے طویل عرصے سے ان کے خلاف من گھڑت اور جھوٹی خبریں شائع کیں، جن میں ان کے اہلِ خانہ اور کاروباری معاملات سے متعلق بھی بے بنیاد دعوے شامل تھے۔ ان کے مطابق اخبار نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور عوام میں بدنام کرنے کی مہم چلائی۔

    امریکی صدر نے اپنے سخت لہجے میں کہا "نیویارک ٹائمز کو بہت زیادہ عرصے تک کھلی چھوٹ دی گئی کہ وہ میرے خلاف جھوٹ بولے، میرے خاندان کو نشانہ بنائے اور میرے کاروبار کو مشکوک بنائے۔ اب یہ سب بند ہونا چاہیے۔”

    سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ اقدام امریکی میڈیا اور صدر کے درمیان جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی جانب سے اس معاملے پر فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کے نتائج نہ صرف ٹرمپ بلکہ امریکی میڈیا اور آزادیٔ صحافت کے لیے بھی بڑے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

  • آسام، خاتون سول سروس افسر بھاری دولت کے ساتھ گرفتار

    آسام، خاتون سول سروس افسر بھاری دولت کے ساتھ گرفتار

    گوہاٹی: پولیس نے پیر کے روز آسام سول سروس کی ایک خاتون افسر نوپور بورا کو غیر قانونی دولت رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائی وزیر اعلیٰ کے اسپیشل ویجیلنس سیل کی جانب سے کی گئی، جس کے دوران افسر کے گھروں پر چھاپے مارے گئے اور بھاری مقدار میں نقدی و زیورات برآمد ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق، اسپیشل ویجیلنس سیل کی ٹیم نے نوپور بورا کے گوہاٹی میں واقع رہائشی مکان سے 92 لاکھ روپے نقدی اور تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے زیورات برآمد کیے۔ اس کے علاوہ، برپیٹا میں ان کے کرائے کے گھر سے مزید 10 لاکھ روپے نقدی بھی قبضے میں لی گئی۔نوپور بورا کا تعلق ضلع گولاگھاٹ سے ہے اور وہ 2019 میں آسام سول سروس میں شامل ہوئی تھیں۔ گرفتاری کے وقت وہ ضلع کامروپ کے علاقے گوروی ماری میں بطور سرکل آفیسر تعینات تھیں۔

    وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے انکشاف کیا کہ نوپور بورا گزشتہ چھ ماہ سے نگرانی میں تھیں کیونکہ ان پر زمینوں کے تنازعات اور مشکوک لین دین میں ملوث ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا "یہ افسر برپیٹا ریونیو سرکل میں تعیناتی کے دوران ہندوؤں کی زمین مشکوک افراد کو رقم کے عوض منتقل کرتی رہی۔ اس کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی اکثریتی علاقوں میں ریونیو سرکلز کے اندر بڑے پیمانے پر بدعنوانی موجود ہے جسے ختم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔اسپیشل ویجیلنس سیل نے نوپور بورا کے مبینہ ساتھی اور برپیٹا ریونیو سرکل دفتر میں تعینات لات منڈل سُراجیت ڈیکا کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ الزام ہے کہ انہوں نے نوپور بورا کے ساتھ ملی بھگت سے برپیٹا میں کئی زمینیں خرید رکھی تھیں۔یہ گرفتاری آسام سول سروس میں بدعنوانی کے ایک بڑے اسکینڈل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس نے سرکاری مشینری کی شفافیت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

  • کرپٹو کرنسی،پاکستان کا ابھرتا کردار،بھارتی ماہرین بھی معترف

    کرپٹو کرنسی،پاکستان کا ابھرتا کردار،بھارتی ماہرین بھی معترف

    پاکستان کا کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کے شعبے میں عالمی سطح پر مقام تیزی سے ابھر کر سامنے آ رہا ہے، جس کا اعتراف بھارتی ماہرین نے بھی کیا ہے۔

    وزیرِ مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین، بلال بن ثاقب نے ہانگ کانگ میں منعقدہ بٹ کوائن ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپٹو کرنسی کے ذریعے پاکستان عالمی سطح پر نئی شناخت بنا رہا ہے،پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے بعد پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے کرپٹو کرنسی کے لیے آزاد ریگولیٹری ادارہ تشکیل دیا۔ یہ اقدام سرمایہ کاری، شفافیت اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے،بھارتی کرپٹو انفلوئنسر "بٹ کوائن والا” نے بھی بلال بن ثاقب کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھارت میں بھی بلال بن ثاقب جیسے رہنماؤں کی ضرورت ہے۔ اس بیان کو ماہرین پاکستان کی کرپٹو کرنسی میں برتری کا اعتراف قرار دے رہے ہیں۔