Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں، اسحاق ڈار

    بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں، اسحاق ڈار

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ ہمارے پاس مضبوط افواج اور جدید ہتھیار موجود ہیں لہٰذا ہم کسی کو اپنی سالمیت کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔

    عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد ہم نے صومالیہ کے ساتھ مل کر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی درخواست کی، او آئی سی فورم سے بھر پور انداز میں اسرائیلی حملے کی مذمت کی گئی، اسرائیل کا لبنان اور شام کے بعد قطر پر حملہ ناقابل قبول ہے، ایک خودمختار ملک پر حملے کا کوئی جواز نہیں، اسرائیلی حملوں کی محض مذمت کافی نہیں، اب ہمیں واضح لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا،غزہ کے عوام انتہائی مشکلات کا شکار ہیں، وقت آگیا ہے کہ غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی یقینی بنائی جائے، دنیا کو اب اسرائیل کا راستہ روکنا ہوگا، پاکستان کے پاس مضبوط افواج اور جدید ہتھیار موجود ہیں، کسی کو اپنی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان امن پسند ملک ہے اور مذاکرات سے مسائل کا حل چاہتا ہے۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مستقبل کی جنگیں پانی پر ہونی ہیں، سندھ طاس معاہدےکے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کی تقسیم ہوئی، بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل یا ختم نہیں کرسکتا، پاکستان نے واضح کردیا ہےکہ پانی روکنے کے عمل کو اعلان جنگ تصور کیاجائےگا،بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں،جو ملک دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ہے بھارت کا اس پر الزام لگانا باعث حیرت ہے۔

  • صدر ٹرمپ کا نیویارک ٹائمز کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

    صدر ٹرمپ کا نیویارک ٹائمز کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

    واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے بڑے اور معتبر اخبار نیویارک ٹائمز کے خلاف ہتک عزت اور توہین کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ نیویارک ٹائمز کے خلاف 15 بلین ڈالر کا مقدمہ فلوریڈا کی عدالت میں دائر کر رہے ہیں۔ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ نیویارک ٹائمز نے طویل عرصے سے ان کے خلاف من گھڑت اور جھوٹی خبریں شائع کیں، جن میں ان کے اہلِ خانہ اور کاروباری معاملات سے متعلق بھی بے بنیاد دعوے شامل تھے۔ ان کے مطابق اخبار نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور عوام میں بدنام کرنے کی مہم چلائی۔

    امریکی صدر نے اپنے سخت لہجے میں کہا "نیویارک ٹائمز کو بہت زیادہ عرصے تک کھلی چھوٹ دی گئی کہ وہ میرے خلاف جھوٹ بولے، میرے خاندان کو نشانہ بنائے اور میرے کاروبار کو مشکوک بنائے۔ اب یہ سب بند ہونا چاہیے۔”

    سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ اقدام امریکی میڈیا اور صدر کے درمیان جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی جانب سے اس معاملے پر فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کے نتائج نہ صرف ٹرمپ بلکہ امریکی میڈیا اور آزادیٔ صحافت کے لیے بھی بڑے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

  • آسام، خاتون سول سروس افسر بھاری دولت کے ساتھ گرفتار

    آسام، خاتون سول سروس افسر بھاری دولت کے ساتھ گرفتار

    گوہاٹی: پولیس نے پیر کے روز آسام سول سروس کی ایک خاتون افسر نوپور بورا کو غیر قانونی دولت رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائی وزیر اعلیٰ کے اسپیشل ویجیلنس سیل کی جانب سے کی گئی، جس کے دوران افسر کے گھروں پر چھاپے مارے گئے اور بھاری مقدار میں نقدی و زیورات برآمد ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق، اسپیشل ویجیلنس سیل کی ٹیم نے نوپور بورا کے گوہاٹی میں واقع رہائشی مکان سے 92 لاکھ روپے نقدی اور تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے زیورات برآمد کیے۔ اس کے علاوہ، برپیٹا میں ان کے کرائے کے گھر سے مزید 10 لاکھ روپے نقدی بھی قبضے میں لی گئی۔نوپور بورا کا تعلق ضلع گولاگھاٹ سے ہے اور وہ 2019 میں آسام سول سروس میں شامل ہوئی تھیں۔ گرفتاری کے وقت وہ ضلع کامروپ کے علاقے گوروی ماری میں بطور سرکل آفیسر تعینات تھیں۔

    وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے انکشاف کیا کہ نوپور بورا گزشتہ چھ ماہ سے نگرانی میں تھیں کیونکہ ان پر زمینوں کے تنازعات اور مشکوک لین دین میں ملوث ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا "یہ افسر برپیٹا ریونیو سرکل میں تعیناتی کے دوران ہندوؤں کی زمین مشکوک افراد کو رقم کے عوض منتقل کرتی رہی۔ اس کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی اکثریتی علاقوں میں ریونیو سرکلز کے اندر بڑے پیمانے پر بدعنوانی موجود ہے جسے ختم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔اسپیشل ویجیلنس سیل نے نوپور بورا کے مبینہ ساتھی اور برپیٹا ریونیو سرکل دفتر میں تعینات لات منڈل سُراجیت ڈیکا کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ الزام ہے کہ انہوں نے نوپور بورا کے ساتھ ملی بھگت سے برپیٹا میں کئی زمینیں خرید رکھی تھیں۔یہ گرفتاری آسام سول سروس میں بدعنوانی کے ایک بڑے اسکینڈل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس نے سرکاری مشینری کی شفافیت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

  • کرپٹو کرنسی،پاکستان کا ابھرتا کردار،بھارتی ماہرین بھی معترف

    کرپٹو کرنسی،پاکستان کا ابھرتا کردار،بھارتی ماہرین بھی معترف

    پاکستان کا کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کے شعبے میں عالمی سطح پر مقام تیزی سے ابھر کر سامنے آ رہا ہے، جس کا اعتراف بھارتی ماہرین نے بھی کیا ہے۔

    وزیرِ مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین، بلال بن ثاقب نے ہانگ کانگ میں منعقدہ بٹ کوائن ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپٹو کرنسی کے ذریعے پاکستان عالمی سطح پر نئی شناخت بنا رہا ہے،پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے بعد پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے کرپٹو کرنسی کے لیے آزاد ریگولیٹری ادارہ تشکیل دیا۔ یہ اقدام سرمایہ کاری، شفافیت اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے،بھارتی کرپٹو انفلوئنسر "بٹ کوائن والا” نے بھی بلال بن ثاقب کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھارت میں بھی بلال بن ثاقب جیسے رہنماؤں کی ضرورت ہے۔ اس بیان کو ماہرین پاکستان کی کرپٹو کرنسی میں برتری کا اعتراف قرار دے رہے ہیں۔

  • عمران خان ٹی ٹی پی سے اپیل کریں تب دہشت گردی رُک سکتی ہے ،جاوید بدر

    عمران خان ٹی ٹی پی سے اپیل کریں تب دہشت گردی رُک سکتی ہے ،جاوید بدر

    پی ٹی آئی کے سابق میڈیا کوارڈینیٹر جاوید بدر نے حقیقت سے پردہ اُٹھا دیا

    جاوید بدر کا کہنا تھا کہ عمران خان ٹی ٹی پی سے اپیل کریں تب دہشت گردی رُک سکتی ہے ،تحریک طالبان پاکستان اور افغانی طالبان عمران خان کو اپنا رہنما مانتے ہیں،2013/18 کے الیکشن میں پی ٹی آٹی کو طالبان کی حمایت حاصل تھی ،عمران خان کو جیل سے وڈیو بیان جاری کرنا چاہیے،عمران خان کو آپریشن رکوانے کا شوق ہے تو پھر ٹی ٹی پی والوں کو واپس جانے کی اپیل کریں،پی ٹی آئی کے مُقامی رہنما ٹی ٹی پی کی سہولت کاری کرتے ہیں ،صوبائی انتظامیہ دہشت گردوں کو مدد فراہم کرتی ہے ،فوج کو دہشت گردوں سے کم اور غداروں سے زیادہ خطرہ ہے،علی امین گنڈا پور ٹی ٹی پی سے رابطے میں ہیں اُن کے ذریعے پیغام رسانی ہونی چاہیے،پی ٹی آئی کو دہشت گردوں کی بجاۓ اپنی فوج کی مدد کرنی چاہیے ،اوپر سے فوج کی حمایت اور اندر سے ٹی ٹی پی والی پالیسی چھوڑنی ہوگی

  • مودی حکومت کی سرپرستی میں ہندوتوا ایجنڈے کو تقویت

    مودی حکومت کی سرپرستی میں ہندوتوا ایجنڈے کو تقویت

    مبصرین اور انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ نریندر مودی حکومت کی سرپرستی میں ہندوتوا ایجنڈے کو تقویت مل رہی ہے، جس کے نتیجے میں اقلیتوں کے خلاف نفرت پھیلانے اور سماجی و سیاسی طور پر انہیں کنارے لگانے کی منظم کوششیں نظر آتی ہیں۔ ناقدین کا کہناہے کہ یہ پالیسیز اور بیانیے بھارت کو ایک ایسے قومی خدوخال کی طرف لے جا رہے ہیں جو شہریوں کو طبقاتی اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرتا ہے۔

    کئی ہندو انتہا پسند رہنماؤں کی خبروں اور بیانات میں بھی ایسے اشارے ملے ہیں جنھیں ناقدین ریاستی سرپرستی میں نفرت انگیز مہم کا ثبوت قرار دے رہے ہیں۔ہندو انتہا پسند رہنماء ہنت راجو داس نے دعویٰ کیا کہ وہ دہلی سے پیدل مارچ کا آغاز کریں گے تاکہ ’’ہندو راشٹر‘‘ کا قیام ممکن بنایا جا سکے۔ اسی طرح سوامی رام بھدر اچاریہ اور مہانت رام چندر گیری جیسے رہنماؤں کے بیانات میں مسلم آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنانے اور انہیں الگ تناظر میں دیکھنے کے خیالات سامنے آئے ہیں۔

    ماہرینِ سیاست اور انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ ایسی تقاریر اور اقدامات اقلیتی کمیونٹیز کو دوسرے درجے کے شہری بنانے کے درپے ہیں اور اس سلسلے میں ریاستی اداروں کا رویّہ تشویش کا باعث ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ بعض سرکاری اور نیم سرکاری ادارے نہ صرف اس نظریے کو نظرانداز کر رہے ہیں بلکہ بعض مواقع پر اس بیانیے کو مضبوط کرنے کا سبب بھی بن رہے ہیں ، جسے متعدد مبصرین "منظم امتیاز” اور "ریاستی دہشت گردی” سے تعبیر کر رہے ہیں۔

  • گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ندیم افضل چن کی ملاقات

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ندیم افضل چن کی ملاقات

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔

    گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین و جمہوریت کی بالادستی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آج بھی پارٹی اسی مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کی مضبوطی ہی ملک کو درپیش مسائل کا مستقل حل ہے،ملاقات میں حالیہ سیلابی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں سیاست کو پسِ پشت ڈال کر عوامی مفاد کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور مشکلات کے ازالے کے لیے تمام اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور ملک میں اتحاد و اتفاق کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

  • کیچ میں‌دھماکے میں کیپٹن سمیت 5 جوان شہید،5 دہشتگرد جہنم واصل

    کیچ میں‌دھماکے میں کیپٹن سمیت 5 جوان شہید،5 دہشتگرد جہنم واصل

    بلوچستان کے ضلع کیچ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں کیپٹن سمیت 5 جوان شہید جبکہ کلیئرنس آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشت گردہلاک ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے کیچ کے علاقے شیر بندی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دھماکہ خیزموادسےنشانہ بنایا۔دھماکے کے نتیجے میں پاک دھرتی کے پانچ بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہداء میں کیپٹن وقار احمد، نائیک عصمت اللہ، لانس نائیک جنید احمد، خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں،سیکورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ نیٹ ورک ’’فتنہ الہندستان‘‘ کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ علاقے میں ممکنہ طورپرموجوددہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ شانہ بشانہ ملک کو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

  • شادی کے روز لاپتہ ہونے والے دولہا کی پانچ دن بعد گھر واپسی

    شادی کے روز لاپتہ ہونے والے دولہا کی پانچ دن بعد گھر واپسی

    کراچی: کورنگی مدینہ کالونی سے شادی والے دن پراسرار طور پر لاپتا ہونے والا دلہا جہانزیب واپس اپنے گھر پہنچ گیا۔ اہلخانہ اور پولیس کے مطابق جہانزیب کی صحت اس وقت ایسی نہیں کہ وہ تفصیلات بیان کر سکے، تاہم ابتدائی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانزیب سے اس کی گمشدگی اور واپسی کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ اہلخانہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فی الحال جہانزیب کی حالت ایسی نہیں کہ وہ کچھ بتا سکے، اسی لیے مزید تفصیلات بعد میں سامنے لائی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ یہ واقعہ 11 ستمبر کو پیش آیا تھا جب جہانزیب شادی کے روز شام 6 بجے سیلون جانے کے لیے نکلا، تاہم وہ وہاں نہ پہنچ سکا۔ بعد ازاں سیلون والوں نے ساڑھے 7 بجے فون کرکے اہلخانہ کو اطلاع دی کہ جہانزیب سیلون نہیں آیا۔اس واقعے پر جہانزیب کے والد نے تھانہ زمان ٹاؤن میں مقدمہ درج کرایا اور الزام عائد کیا تھا کہ ان کے بیٹے کو اغوا کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ابتدائی طور پر پولیس کا مؤقف تھا کہ گمشدگی کے معاملے میں اغوا سمیت تمام پہلوؤں کو دیکھا جا رہا ہے۔ اب جبکہ جہانزیب بحفاظت واپس آگیا ہے، پولیس مزید تحقیقات کے بعد اصل صورتحال سے پردہ اٹھائے گی۔

  • رواں برس پہلی ششماہی ،کس کو کیا ملا؟توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری

    رواں برس پہلی ششماہی ،کس کو کیا ملا؟توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری

    کابینہ ڈویژن نے یکم جنوری 2025 سے 30 جون 2025 تک کے توشہ خانہ کا تفصیلی ریکارڈ جاری کردیا ہے، جس میں صدر مملکت، وزیراعظم، نائب وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام کو موصول ہونے والے تحائف کی فہرست شامل ہے۔

    کابینہ ڈویژن کے مطابق تمام تحائف قواعد و ضوابط کے مطابق توشہ خانہ میں جمع کروا دیے گئے ہیں۔ جاری کردہ ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ شخصیات کی جانب سے پاکستانی قیادت کو قیمتی اور روایتی نوعیت کے تحائف پیش کیے گئے۔کیلنڈر سال 2025 کی پہلی ششماہی میں وزیراعظم شہباز شریف کو متنوع نوعیت کے تحائف ملے۔ ان میں دو گھڑیاں، منبر رسول ﷺ کا ماڈل، دو کتابیں، تین شیلڈز، فریم شدہ تصویر، ایک پلیٹ، لکڑی کا باکس، ہینڈ میڈ سلک کارپٹ، مراکو کا ماڈل، دو روایتی کپ، ہاتھی کا ماڈل، ایک ڈیکوریشن پیس، یاک واز اور ایک ہینڈ بیگ شامل ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری کو ملنے والے تحائف میں بھی قیمتی اور علامتی اشیاء شامل ہیں۔ ان میں کارپیٹ، کافی سیٹ، دو واز، ٹیبل کلاتھ، بیڈ شیٹ، لیڈیز سوٹ، ونڈ ٹربائن کا ماڈل، پینٹنگ فریم، پین اور کف لنک سیٹ، شیلڈ اور ایک الیکٹرک وہیکل نمایاں ہیں۔

    چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ترکیہ کے صدر کی جانب سے ٹی سیٹ کا تحفہ ملا۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ڈش آئٹم پیش کیا گیا۔چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو بھی ٹی سیٹ کا تحفہ موصول ہوا۔کابینہ ڈویژن کے مطابق، موصول ہونے والے دیگر تحائف میں ڈیکوریشن پیسز، گھڑیاں، قالین، جائے نماز، ٹیبل کلاتھ اور کافی سیٹس شامل ہیں۔ تمام وصول کنندگان نے یہ تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیے ہیں، جیسا کہ سرکاری قوانین کا تقاضا ہے۔

    یہ ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت کو مختلف ممالک کی جانب سے ملنے والے تحائف صرف ذاتی یادگار نہیں بلکہ سفارتی تعلقات اور باہمی خیرسگالی کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔