Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • دہشتگردی کے جھوٹے بیانیے کو دنیا مسترد کر چکی ،علاقائی امن و خودمختاری اولین ترجیح،وزیراعظم

    دہشتگردی کے جھوٹے بیانیے کو دنیا مسترد کر چکی ،علاقائی امن و خودمختاری اولین ترجیح،وزیراعظم

    چین کے شہر تیانجن میں جاری 25 ویں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان مملکت کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر میں دہشتگردی کو سیاسی مفادات کے لیے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے والے ممالک کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دہشتگردی کے اس غلط استعمال کو تسلیم نہیں کرتی۔

    وزیراعظم نے چینی قیادت کی شاندار میزبانی اور بھرپور انتظامات پر صدر اور حکومت چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او خطے میں تعاون، یکجہتی اور انضمام کو فروغ دینے کا ایک موثر پلیٹ فارم ہے جو پاکستان کے دیرپا عزم کی عکاسی کرتا ہے۔شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستان کثیر الجہتی تعلقات، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، اور پاکستان ایس سی او کے ارکان اور اپنے ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کا مکمل احترام کرتا ہے۔

    وزیراعظم نے سی پیک منصوبے کو پاکستان اور چین کے درمیان ایک مثالی اور کامیاب تعاون قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام بین الاقوامی اور دو طرفہ معاہدات کا احترام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی تک بلا روک ٹوک رسائی ایس سی او کے مشترکہ مقاصد کو مضبوط کرے گی۔اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن اور معمول کے تعلقات چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے گفتگو اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے جامع مکالمے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایسا مکالمہ خطے کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کا واحد راستہ ہے۔

    غزہ کی موجودہ صورتحال پر وزیراعظم نے کہا کہ وہاں جاری ظلم و ستم اور بھوک ہمارے اجتماعی ضمیر پر ایک گہرا زخم ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کے منظور کردہ دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے اور وہاں ظلم و خونریزی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی پورے خطے کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کی ہر شکل اور صورت کی سخت مذمت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ دنیا دہشتگردی کو سیاسی مقاصد کے لیے ہتھیار بنانے والے ممالک کے جھوٹے بیانیے کو قبول نہیں کرتی۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والے دہشتگرد حملوں میں بیرونی مداخلت کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، جن کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کو اپنا برادر اور قریبی ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

  • گلگت بلتستان حکومت کا ہیلی کاپٹر چلاس کے قریب گرکر تباہ

    گلگت بلتستان حکومت کا ہیلی کاپٹر چلاس کے قریب گرکر تباہ

    گلگت بلتستان حکومت کا ہیلی کاپٹر چلاس کے قریب گرگیا جس کی تصدیق ترجمان جی بی حکومت فیض اللہ فراق نے کی۔

    ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث لینڈنگ کی کوشش کے دوران گرا، جس میں 2 پائلٹ اور 2 ٹیکنیکل اسٹاف سوار تھے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی جانب سے واقعے پراظہار افسوس کیا گیا ہے،ترجمان جی بی حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے متعلقہ حکام کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

  • وزیراعظم پاکستان کی ایران کے صدر سے ملاقات

    وزیراعظم پاکستان کی ایران کے صدر سے ملاقات

    وزیراعظم محمد شہبازشریف نے چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان کی کونسل کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر عزت مآب مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔

    نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، چیف آف دی آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پڑوسی ملک ایران کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے لیے پاکستان کے گہرے عزم کا اعادہ کیا، مشترکہ تاریخ، ثقافتی ورثے اور عقیدے پر مبنی تعلقات کی مضبوط بنیادوں کو اجاگر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی صورتحال کا جائزہ لیا اور پاکستان- ایران تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    صدر پیزشکیان نے ایران کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔

    وزیراعظم نے ایرانی صدر کے اگست 2025 میں دورہء پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیانہ تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ایران کے حالیہ دورہ پر پاکستانی عوام انتہائی خوش تھی۔ وزیراعظم نے دونوں دوست ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا بھی اعادہ کیا اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مذاکرات اور سفارت کاری کو تناؤ میں کمی اور استحکام کی جانب واحد قابل عمل راستہ قرار دیا۔

    ایران کے صدر نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں جاری سیلابی صورتحال کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان اور مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • سیلاب متاثرین کی مدد کیلیے پاک فوج کا جھنگ،چنیوٹ اور گردونواح میں ریسکیو آپریشن جاری

    سیلاب متاثرین کی مدد کیلیے پاک فوج کا جھنگ،چنیوٹ اور گردونواح میں ریسکیو آپریشن جاری

    سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاک فوج کا جھنگ،چنیوٹ اور گردونواح میں ریسکیو آپریشن جاری ہے

    جھنگ اور چنیوٹ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے،سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے پاک فوج کے دستےجھنگ، چنیوٹ اور گردونواح میں موجود ہیں،پاک فوج کے جوانوں نے سیلاب میں پھنسے افراد کو کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا،ریسکیو کئے جانے والے افراد میں بزرگ شہری، بچے اور خواتین شامل ہیں،متاثرینِ سیلاب کی جانب سے پاک فوج کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو سراہا جا رہا ہے،مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے

  • افغانستان ،زلزلے سے تباہی، 500 اموات

    افغانستان ،زلزلے سے تباہی، 500 اموات

    افغانستان میں خوفناک زلزلے سے تقریباً 500 افراد جاں بحق اور 1000 زخمی ہو گئے۔

    افغان وزارت اطلاعات نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان صوبے کنڑ میں زلزلے سے 500 افراد جاں بحق اور 1000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں،افغانستان کے خبر رساں ادارے خاما پریس کی رپورٹ کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 47 منٹ پر آیا تھا، یہ اموات نورگل، سواکئی، واٹاپور، منوگی اور چپہ درہ اضلاع میں رپورٹ ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی یہ تعداد حتمی نہیں، کیونکہ دور دراز علاقوں کے مکینوں سے رابطے کا سلسلہ ابھی جاری ہے، ان اضلاع میں امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ زلزلے کے نتیجے میں ضلع نورگل کے کئی گاؤں مٹی تلے دب گئے ہیں۔ امریکا کے جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6 اور مرکز جلال آباد شہر میں 8 کلو میٹر زیرزمین تھا، زلزلے کے بعد 4.5، 5.2، 5.2، 4.7 اور 4.3 شدت کے 5 مزید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا، مقامی حکام اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں،انہوں نے بتایا کہ مرکز اور قریبی صوبوں سے امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و بحالی کے کاموں میں حصہ لیں گی۔

  • برطانیہ میں جنسی جرائم،بھارتی سزا پانے والوں میں پہلے نمبر پر

    برطانیہ میں جنسی جرائم،بھارتی سزا پانے والوں میں پہلے نمبر پر

    برطانیہ میں جنسی جرائم کے مرتکب غیر ملکیوں میں بھارتی سزا پانے والوں میں سر فہرست نکلے۔

    یہ انکشاف تھنک ٹینک سینٹر فار مائیگریشن کنٹرول کی تازہ رپورٹ میں سامنے آیا ہے،اس رپورٹ کے مطابق جنسی جرائم میں ملوث سزا پانے والے بھارتی شہریوں کی تعداد میں 2021 سے 2024 کے درمیان 257 فیصد اضافہ ہوا، 2021 میں جنسی جرائم پر 28 بھارتی شہریوں کو سزا ہوئی جبکہ 2024 میں یہ تعداد 100 تک جاپہنچی،تھنک ٹینک سینٹر فار مائیگریشن کنٹرول کے مطابق جنسی جرائم میں بھارتیوں کے بعد نائیجیرین، عراقی، سوڈانی، افغانی اور بنگلادیشیوں کا نمبر رہا،ملزمان گرفتار ہوئے سزائیں ہوئی، کچھ کے مقدمات تاحال عدالت میں زیر سماعت ہیں، پاکستانی شہری بھی ان کیس میں گرفتار ہو چکے ہیں

  • مانسہرہ،شدید بارش،ندی نالوں میں طغیانی،3 گاڑیاں بہہ گئیں

    مانسہرہ،شدید بارش،ندی نالوں میں طغیانی،3 گاڑیاں بہہ گئیں

    مانسہرہ: مانسہرہ اور اس کے گردونواح میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ شدید بارش کے باعث علاقے کے ندی نالے پھٹ پڑے اور طغیانی کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، جس سے گھروں، بازاروں اور سڑکوں پر پانی داخل ہوگیا ہے۔

    بارش کے نتیجے میں برساتی نالہ بپھر گیا، جس کے باعث پانی کئی گھروں میں داخل ہو گیا اور ایک مکان کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ سیلابی ریلے میں تین گاڑیاں بہہ گئیں جبکہ ایک مدرسہ بھی ریلے کے پانی میں گھِر گیا، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود طلباء کو بحفاظت نکال لیا۔ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں آپریشنز تیز کر دیے ہیں اور سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں محتاط رہنے اور سیلابی پانی سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع کے لیے 1 سے 3 ستمبر تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور ہنگامی حالات کے لیے تیار رہیں۔مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب نہ جائیں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔ حکام نے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا ہے تاکہ ممکنہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

  • پرواز میں فنی خرابی،دبئی سے لاہور کی پرواز کو دبئی واپس اتار لیا گیا

    پرواز میں فنی خرابی،دبئی سے لاہور کی پرواز کو دبئی واپس اتار لیا گیا

    دبئی سے لاہور کے لیے روانہ ہونے والی نجی ائیر لائن کی پرواز کو فنی خرابی پر واپس دبئی اتار لیا گیا۔

    تاہم کئی گھنٹے تاخیر سے طیارہ 210 مسافروں کو لے کر منزل کے لیے روانہ ہوا،ائیر لائن ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پرواز پی اے 411 دبئی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تو ائیر بس اے 321 طیارے کے ہیڈرولک سسٹم میں نقص پیدا ہوا،ترجمان نے بتایا کہ طیارہ بلندی پکڑنے میں ناکام ہوا۔ پھر ٹریفک کنٹرولر کی اجازت سے طیارے نے واپس دبئی لینڈنگ کی،ترجمان کے مطابق فنی خرابی دور ہونے پر پرواز رات گئے روانہ ہوئی تو اسے لاہور پہنچنے میں 3 گھنٹے تاخیر ہوئی۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ وائرل،غلطی یاکچھ اور

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ وائرل،غلطی یاکچھ اور

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے آفیشل ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ سے ایک ذاتی نوعیت کی پوسٹ غلطی سے شیئر ہو گئی، جس نے سوشل میڈیا صارفین کے درمیان گہری بحث کو جنم دے دیا۔ یہ پوسٹ جس میں کیپشن "A.U.R.A” کے ساتھ ان کی تصویر شامل تھی، چند ہی منٹوں میں ہٹا دی گئی، مگر اس کا اسکرین شاٹ کافی حد تک وائرل ہو چکا تھا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین نے اس پر مختلف رائے دی۔ کچھ لوگوں نے اسے مریم نواز کی ذاتی غلطی قرار دیا، جب کہ دیگر نے اس کو ٹیم کی جانب سے کی گئی لاپروائی بتایا۔ کچھ حلقوں نے اس پوسٹ کو کسی خاص پیغام یا اشارے کے طور پر بھی لیا، جس پر مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔ماہرین سوشل میڈیا کے مطابق، یہ غلطی سوشل میڈیا مینجمنٹ میں ایک عام انسانی غلطی ہے، سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے اور جوابات میں طنز و مزاح کے ساتھ ساتھ سنجیدہ سیاسی تجزیے بھی شامل تھے، جنہوں نے اس واقعے کو ایک موقع کے طور پر استعمال کیا کہ مریم نواز اور ان کی ٹیم سوشل میڈیا پر مزید احتیاط کریں۔

  • لاہور میں دو خیمہ بستوں میں ہزاروں افراد مقیم، 7 کشتیوں کے ذریعے متاثرین، سامان ریسکیو

    لاہور میں دو خیمہ بستوں میں ہزاروں افراد مقیم، 7 کشتیوں کے ذریعے متاثرین، سامان ریسکیو

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،لاہور میں دو خیمہ بستوں میں ہزاروں افراد مقیم ہیں، لاہور میں سات کشتیوں کے ذریعے متاثرین، سامان کو ریسکیوکیا جا رہا ہے،حافظ آباد چنیوٹ ،جھنگ میں 13 کشتیاں چل رہی ہیں جبکہ 15 ہزار سے زائد افراد میں روزانہ ان علاقوں میں‌پکا پکایا کھانا تقسیم کیا جا رہاہے،منڈی بہاؤلدین و دیگر علاقوں میں مرکزی مسلم لیگ نے سیلاب متاثرین میں خشک راشن کی تقسیم کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے.

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایت پر پنجاب کے 25 سیلاب متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں موہلنوال میں دو خیمہ بستیوں میں ہزاروں سیلاب متاثرین مقیم ہیں،مرکزی مسلم لیگ پنجاب کے صدر محمد سرور چوہدری، وسطی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حمید الحسن ، لاہور کے سیکرٹری جنرل مزمل اقبال ہاشمی نے خیمہ بستیوں کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی،امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا،خیمہ بستیوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے جہاں متاثرین کا علاج معالجہ کیا جا رہا ہے، اس موقع پر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ خیمہ بستیوں کی تعداد بڑھا رہے ہیںمرکزی مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صدر عارف اللہ خٹک نے بھی ترجمان خیبر پختونخوا محمد عبداللہ کے ہمراہ موہلنوال میں خیمہ بستیوں کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی، خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع اوکاڑہ کی جانب سے کشتیوں‌کے ذریعے 80 افراد کو ریسکیو کیا گیا، 800 سیلاب متاثرین میں کھانا تقسیم کیا گیا، 500 مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا، تین کشتیاں ریسکیو آپریشن کے لئے مصروف ہیں، مجموعی طور پر اب تک مرکزی مسلم لیگ اوکاڑہ کی جانب 1600 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے،4 امدادی کیمپوں میں چار ہزار سے زائد افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا ہے. 600 خاندانوں میں خشک راشن تقسیم کیا گیا ہے.شعبہ خدمتِ خلق گوجرانوالہ کی جانب سے پنڈی بھٹیاں حافظ آباد کے سیلاب زدہ علاقوں میں 100 راشن پیک،100 بستر، 130 لیڈیز سوٹ،80 مردانہ سوٹ،50 بچگانہ سوٹ،50 گفٹ پیک تقسیم کئے گئے، سمبڑیال گاؤں کوٹ دینہ میں مرکزی مسلم لیگ کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے،شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملتان کی جانب سے سیلاب کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر بستی لنگڑیال قاسم بیلہ میں امدادی کیمپ قائم کردیا گیا ہے،ننکانہ میں بھی مرکزی مسلم لیگ کی امدادی سرگرمیاں‌جاری ہیں، ننکانہ میں مرکزی مسلم لیگ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 4 ہزار سے زائد افراد میں پکی پکائی خوراک تقسیم کی،2 کشتیوں کے ذریعے 1870 افراد کو ریسکیو کیا گیا، 4 میڈیکل کیمپوں میں 1357 مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا،

    شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ پاکپتن کی طرف سے نواحی گاؤں چک مہار کلاں میں کشتیوں کے ذریعے کھانا اور امدادی سامان پہنچایا گیا، کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو ریسکیو بھی کیا گیا، ساہیوال کی بستی اورنگ آباد میں مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار کشتی کے ذریعے پہنچے اور شہریوں کو ریسکیو کیا،شعبہ خدمتِ خلق گوجرانوالہ کی جانب سے ونیکے تارڑ حافظ آباد کے سیلاب زدہ علاقوں کی جانب امدادی سامان روانہ کیا گیا، اس موقع پر راشد علی سندھو نائب صدر مرکزی مسلم لیگ گوجرانوالہ بھی موجود تھے،مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی کی جانب سے پنڈی بھٹیاں میں فری میڈیکل کیمپ لگایا ہے، 12 ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم سیلاب متاثرین کا علاج معالجہ کر رہی ہے،صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ جنوبی پنجاب عمران لیاقت بھٹی نےدریائے چناب پر موجود امدادی کیمپس کا دورہ کیا ، سیلاب کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر بستی لنگڑیال قاسم بیلہ میں امدادی کیمپ قائم کردیا گیا ہے ،منڈی بہاوالدین میں سیلاب سے70 سے زائد دیہات زیر آب آ چکے ہیں، مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں،شعبہ خدمتِ خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع بہاول نگر کے زیرِ اہتمام بھکاں پتن ٹول پلازہ پر مرکزی امدادی کیمپ قائم کیا گیا ہے، سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف آپریشن جاری ہے، کشتیوں کے ذریعے پانی میں پھنسے افراد کو ریسکیو کیا گیا، خیمے فراہم کیے گئے اور 3000 سے زائد متاثرین میں کھانا تقسیم کیا گیا۔بھکاں پتن ٹول پلازہ پر مرکزی مسلم لیگ جنوبی پنجاب کے صدر عمران لیاقت بھٹی ،جنرل سیکرٹری ویمن لیگ عفت سعید نے امدادی کیمپ کا دورہ کیا، بچوں میں خوشیاں بانٹنے کے لیے گفٹ پیک تقسیم کیے اور امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، مسلم یوتھ لیگ کے میڈیکل کیمپ میں مفت علاج، ادویات اور بچوں کو تحائف دیے گئے۔ شعبہ خدمتِ خلق مرکزی مسلم لیگ عارفوالہ کی جانب سے گاؤں عارفوالہ پل بہاول نگر میں سیلاب متاثرہ خاندانوں میں کھانا تقسیم کیا گیا.ادراہ خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ لالیاں کی طرف سے موضع ہمبوآنہ سیلاب متاثرین میں پکا پکایا کھانا تقسیم کیاگیا،پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ساہیوال کے زیر اہتمام قطب شاہانہ پل پر قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا پی ٹی آئی کے ضلعی صدر رانا آفتاب احمد نے دورہ کیا،اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ ضلع ساہیوال کے سیکرٹری جنرل ارشد نواب نےمہمانوں کو امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی،پاکستان مرکزی مسلم لیگ تحصیل ڈسکہ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کوٹلی داسو سنگھ اور پنڈوریاں میں فلڈ ریلیف آپریشن جاری ہے،مرکزی مسلم لیگ چکوال کی ٹیم کا سیلاب سے متاثرہ علاقہ ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں کا ہنگامی دورہ,کشتی کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں جا کر کھانا تقسیم کیا گیا۔ دریائے چناب کے کے کنارے شہریوں کی نقل مکانی جاری ہے، شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ مظفرگڑھ کی طرف سے متاثرین میں کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے،پاکستان مرکزی مسلم لیگ موڑکھنڈا شعبہ خدمت خلق کی ٹیم سیلاب متاثرین کیلئے کھانا اور ادویات لے کرقلعہ قمر سنگھ اور ڈیرہ نمبراں پہنچی اورامدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا،مرکزی مسلم لیگ سندھ کا دریائے سندھ کے قریبی علاقوں میں فری بوٹ ریسکیو آپریشن کا آغازکردیا گیا ہے ,دریائے سندھ کے قریبی علاقوں میں سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر مرکزی مسلم لیگ سندھ نے فری بوٹ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دریائی علاقوں کا دورہ کیا اور ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن حد تک اقدامات کیے جائیں گے۔