Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • علیمہ خان کے بیٹے شیرشاہ کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    علیمہ خان کے بیٹے شیرشاہ کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

    یہ فیصلہ عدالت نے پولیس کی جانب سے دائر کی گئی 30 روزہ ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کے بعد سنایا، جو کہ کچھ دیر محفوظ رکھا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ شیر شاہ 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں براہِ راست ملوث ہے۔شیر شاہ کو سخت سیکیورٹی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے مؤقف اپنایا کہ ملزم جائے وقوعہ پر موجود تھا اور پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کے ہمراہ کارروائیوں میں شریک تھا۔ تفتیشی افسر کے مطابق، ملزم موقع پر موجود لوگوں کو اشتعال دلا کر جلاؤ گھیراؤ پر اکسا رہا تھا، جس کے شواہد موجود ہیں۔
    پولیس نے عدالت سے شیر شاہ کے 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی تاکہ ملزم سے تفتیش مکمل کی جا سکے اور دیگر شریک افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔ تاہم عدالت نے پولیس کی جانب سے فراہم کردہ شواہد اور دلائل کا جائزہ لینے کے بعد صرف 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی۔

    عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو 28 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ سماعت پر تفتیش کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔

  • گلگت،گلیشیئر پگھلنے سے لینڈ سلائیڈنگ کے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ تیار

    گلگت،گلیشیئر پگھلنے سے لینڈ سلائیڈنگ کے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ تیار

    ضلع غذر کی تحصیل گوپس یاسین میں گلیشیئر کے پگھلنے کے باعث شدید لینڈ سلائیڈنگ واقع ہوئی جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ حکام نے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ مکمل کرکے اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے حکومت سے فوری امداد اور ریلیف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوپس یاسین، شیر افضل نے بتایا کہ گلیشیئر کے پھٹنے سے تالی داس، مڈوری، مولا آباد، ہاکس تھنگی، راؤشن اور گوتھ کے متعدد دیہات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق تقریباً 330 گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور عارضی جھیل بننے کے باعث کئی دکانیں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔شیر افضل نے مزید کہا کہ متاثرین کو خیمے، راشن، اور دیگر ضروری اشیاء کی فوری ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ راؤشن گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دریا کا بہاؤ رک گیا تھا جس کی وجہ سے عارضی ڈیم بن گیا تھا، تاہم اب اسپیل وے بننے سے پانی کا اخراج جاری ہے اور اس بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج ہو رہا ہے جس سے جھیل کی سطح میں کمی آ رہی ہے۔ اس کمی کی وجہ سے نچلے علاقوں میں ممکنہ کٹاؤ اور مزید تباہی کا خطرہ کم ہو گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ دریا کا بہاؤ رکنے کی وجہ سے ہزاروں گھروں کے ڈوبنے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا مگر اسپیل وے کے کھلنے سے یہ خطرہ ٹل گیا ہے۔ تاہم متاثرہ گھروں میں پانی کا اترنا ابھی وقت طلب ہے۔

    دوسری جانب، متاثرہ علاقے کے ایک چرواہے وصیت خان کو واقعے کی بروقت اطلاع دینے اور سیکڑوں لوگوں کی جان بچانے کے لیے نقد انعام اور تعریفی سند دے کر حکام کی جانب سے حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ اس بہادر عمل نے بڑی تباہی سے کئی جانیں محفوظ کر لی ہیں۔حکام نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ متاثرین کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

  • ملک ریاض اور فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز

    ملک ریاض اور فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض اور ان کے اہل خانہ کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق، نیب راولپنڈی نے ملک ریاض کے بیٹے علی ریاض سمیت چار افراد کو 26 اگست کو طلب کر لیا ہے۔ دیگر افراد میں خلیل الرحمٰن، محمد اسحاق اور عامر رشید اعوان شامل ہیں۔ نیب نے ان تمام افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے نیب راولپنڈی کے دفتر میں پیش ہوں۔نیب حکام کے مطابق، ان افراد پر بھاری رقوم کی غیر قانونی طریقے سے منتقلی، یعنی منی لانڈرنگ کا الزام ہے، اور تحقیقات انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کی جا رہی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کو شبہ ہے کہ ملزمان نے ملک سے باہر رقوم منتقل کیں، جنہیں مختلف کمپنیوں اور ذاتی اکاؤنٹس کے ذریعے چھپایا گیا۔

  • مودی سرکار کی ووٹ چوری کی سیاست کیخلاف "ووٹر ادھیکار یاترا”کو عوام میں بھر پور مقبولیت

    مودی سرکار کی ووٹ چوری کی سیاست کیخلاف "ووٹر ادھیکار یاترا”کو عوام میں بھر پور مقبولیت

    آپریشن سندور میں ناکامی،عالمی دباؤ،ووٹ چوری اور جنگی پالیسیوں پر مودی کو عوامی عدم اعتماد کا مسلسل سامنا ہے،

    سڑکوں پر گونجنے والے ’’ووٹ چور گڈی چور‘‘ کے نعروں سے بی جے پی کی جھوٹی مقبولیت کا پردہ چاک ہو گیا ہے،راہول گاندھی نے بھارتی عوام کا استحصال اور معاشی بدحالی کے پیچھے مودی کا اڈانی،امبانی گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا،اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے بہار میں "ووٹ ادھیکار یاترا” کے دوران خطاب میں کہا مہاراشٹرا کا الیکشن اس لیے چوری کیا گیا کیوں کہ وہاں کی دھاراوی زمین اڈانی کو دلوانی تھی ،آپ کو بے روز گار بنانے کیلئے یہ ووٹ چوری کیا جا رہاہے ،اڈانی اور امبانی کو بہار، مہاراشٹرا سمیت ہر ریاست کا پیسہ دلوانے کیلئے ووٹ چوری کیا جا رہاہے، جمہوریت کی حفاظت کے لیے نوجوانوں کی بڑی تعداد میدان میں اتر آئی ہے ، بہار سے اٹھنے والی یہ طاقتور آواز بہت جلد پورے ملک میں سونامی کی صورت اختیار کرے گی ،

    اپوزیشن رہنما یجسوی یادو نے ریلی سے خطاب میں کہامودی سرکار اور الیکشن کمیشن ووٹ چور ہیں مودی کے نام نہاد "شائننگ انڈیا” میں اڈانی و امبانی کا مستقبل روشن ، بھارتی عوام تباہ حال ہیں،

    "ووٹر ادھیکار یاترا” میں بھر پورعوامی ردعمل سے واضح ہے کہ عوام مودی کے مظالم اور نااہلی سے تنگ آ چکے ،بہار الیکشن، ووٹ چوری ،دھوکے ، جھوٹے دعوے اور جبر پر قائم مودی سرکار کے تابوت میں آخری کیل ہے

  • لاہور: فیکٹری ایریا میں مبینہ پولیس مقابلہ،  دو ملزمان ہلاک

    لاہور: فیکٹری ایریا میں مبینہ پولیس مقابلہ، دو ملزمان ہلاک

    لاہور کے فیکٹری ایریا میں سی سی ڈی ڈیفنس کی ٹیم اور مبینہ ملزمان کے درمیان پیش آنے والے پولیس مقابلے میں زیر حراست دو افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک اور علیحدہ واقعے میں سبزہ زار کے علاقے سے ایک زخمی ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق سی سی ڈی ڈیفنس کی ٹیم نے مختلف مقدمات میں گرفتار دو ملزمان، مون اور حفیظ کو تفتیش کے سلسلے میں والٹن روڈ کے قریب ریکوری کے لیے لے جا رکھا تھا۔ اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان، جو کہ مبینہ طور پر مون اور حفیظ کے ساتھی تھے، نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں زیر حراست دونوں ملزمان گولیوں کی زد میں آکر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گولیاں ان کے اپنے ساتھیوں کی جانب سے چلائی گئیں۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو جنرل ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    ایک اور واقعہ لاہور کے سبزہ زار کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن پولیس نے ایک مشتبہ کار چور کو مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت راشد کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ کار چوری کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ مقابلے کے دوران راشد کو گولی لگی، جس کے بعد اسے حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ راشد سے ابتدائی تفتیش جاری ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ دونوں واقعات کی مکمل انکوائری کے بعد مزید تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

  • مودی کا "آتم نربھرتا” خواب چکنا چور، بھارتی بحریہ کی فضائی طاقت کا مستقبل مشکوک

    مودی کا "آتم نربھرتا” خواب چکنا چور، بھارتی بحریہ کی فضائی طاقت کا مستقبل مشکوک

    مودی کا "آتم نربھرتا” کا خواب حقیقت سے کوسوں دور، بھارتی بحریہ کی فضائی طاقت بحران کا شکارہو گئی ہے

    مودی سرکار کی نااہلی، دس سال بعد بھی بھارت اپنا بحری لڑاکا طیارہ بنانے میں ناکام ہے،دفاعی ٹھیکوں میں کرونی ازم، "دوستوں” کو نوازنے کیلئے مودی نے بھارتی خود انحصاری قربان کردی،اڈانی امبانی کو نوازنے کی دوڑ میں مودی نے بھارتی دفاعی منصوبے ڈبو دیے ،رپورٹ کے مطابق جڑواں انجن والا ڈیک پر مبنی لڑاکا طیارہ (ٹی ای ڈی بی ایف) تاخیر اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گیا ہے،بھارتی بحریہ نے تیجس ایم کے-2 (نیول) اور ایڈوانسڈ میڈیم کمبیٹ ایئرکرافٹ (اے ایم سی اے)کے بحری ماڈلز شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، زیادہ وزن اور کم پے لوڈ صلاحیت کے باعث تیجس ایم کے-1 طیارہ بحریہ کے لیے ناموزوں قراردیا گیا ہے،بھارتی بحریہ نے تیجس ایم کے-1 کی محدود شمولیت کی تجویز بھی مسترد کر دی ،بھارتی بحریہ نے بہتر صلاحیتوں والے تیجس ایم کے-2 بحری ماڈل میں بھی دلچسپی نہیں دکھائی ،بھارتی بحریہ نے زیادہ صلاحیتوں والے جڑواں انجن جنگی طیارے ٹی ای ڈی بی ایف کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے ، ٹی ای ڈی بی ایف طیارہ پروگرام ایک دہائی کے بعد بھی ڈیزائن اور تیاری کے مرحلے میں ہے، اہم جائزے ابھی تک مکمل نہیں ہوئے، ٹی ای ڈی بی ایف کی پہلی پرواز 2029-2030 اور بحریہ میں شمولیت 2038 کے قریب متوقع ہے ، ٹی ای ڈی بی ایف کی تاخیر اور سامان کی فراہمی کے مسائل اس کی لاگت اور بروقت تعیناتی کو مزید مشکل بنا رہے ہیں ،

    چین نے J-20، J-35 سمیت جدید پانچویں نسل کے لڑاکا طیارے شامل کر دیے ہیں، بھارتی بحریہ کے لیے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے،چین کے جدید لڑاکا طیاروں کے باعث 4.5 جنریشن ٹی-ای-ڈی-بی ایف بھارتی بحریہ میں شمولیت کے وقت پرانا ہو چکا ہوگا،26 رافیل-ایم طیاروں کی شمولیت نے مقامی ٹی ای ڈی بی ایف پروگرام کی اہمیت اور ضرورت مزید کمزور کر دی ،تیجس کی ناکامی، ٹی ای-ڈی-بی-ایف کی تاخیر اورایڈوانسڈ میڈیم کمبیٹ ایئرکرافٹ سے لاتعلقی نے بھارتی بحریہ کی فضائی خودمختاری کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے،

    مودی سرکار کی نااہلی کے باعث بھارتی بحری دفاعی خودمختاری ایک نازک مرحلے پر پہنچ چکی ہے،غیر ملکی طیاروں پر بڑھتا ہوا انحصار، بھارت کی دفاعی خودکفالت اور "آتم نربھرتا” کو سوالیہ نشان بنا رہا ہے

  • پاکستان میں آبی مسائل کا حل بہتر حکمت عملی میں پوشیدہ

    پاکستان میں آبی مسائل کا حل بہتر حکمت عملی میں پوشیدہ

    پاکستان میں مون سون سیزن 2025 کے دوران پانی کا ضیاع تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے

    حالیہ مون سون سیزن میں ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں، جس سے دریا اور ندی نالے بھر گئے،محکمہ آبپاشی کے مطابق یکم جولائی سے 20 اگست تک کوٹری کے مقام سے بحیرہ عرب میں 9.04 ملین ایکڑ فٹ (MAF)پانی خارج ہو چکا ہے، مزید 4 سے 5 ملین ایکڑ فٹ پانی کے اخراج کا امکان ہے کیونکہ سوات، کشمیر اور دیگر پہاڑی علاقوں سے ندیوں میں پانی کا بہاؤ بدستور جاری ہے،ملک کے اہم آبی ذخائر جس میں تربیلا، راول، خانپور اور سملی ڈیم ا شامل ہیں اپنی مکمل گنجائش تک پہنچ چکے ہیں،منگلا ڈیم 75 فیصد بھرا ہوا ہے، اس صورتحال میں اضافی پانی کو محفوظ کرنے کے لیے کوئی متبادل انتظام موجود نہیں، جس کی وجہ سے اضافی پانی ضائع ہو رہا ہے

    کوٹری بیراج سے آبی ذخائر سے متعلق جاری تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ’’1تا 10 جولائی کے دوران 0.60، 11 تا 20 جولائی 1.11، 21 تا 31 جولائی 2.60، 1 جولائی تا 10 اگست 3.12 اور 11تا 20 اگست 1.61 ملین ایکڑ پانی خارج ہوگا‘‘

    یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں آبی وسائل کے مؤثر انتظام اور اضافی پانی کو محفوظ کرنے کی صلاحیت تاحال ناکافی ہے،آبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ملک کو شدید آبی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘ اگر بروقت نئے ڈیمز کی تعمیر اور موجودہ نظام کی بہتری پر کام نہ کیا گیا تو آبی مسائل میں اضافہ ہوگا، پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے،

  • پاکستانی اداروں کی بڑی کارروائی،کراچی میں را کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب

    پاکستانی اداروں کی بڑی کارروائی،کراچی میں را کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب

    پاکستان کے حساس اور تفتیشی اداروں نے بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی "را” کا ایک بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سندھ آزاد خان اور ڈی آئی جی نے کراچی میں ایک اہم اور ہنگامی پریس کانفرنس کی۔

    پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ 18 مئی 2025 کو سندھ کے ضلع بدین کی تحصیل ماتلی میں ایک شہری کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد واقعے کو محض ذاتی دشمنی قرار دیا جا رہا تھا، تاہم تفتیش کی گہرائی میں جانے کے بعد اس میں بیرونی ہاتھ سامنے آیا۔ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے انکشاف کیا کہ اس حملے کی منصوبہ بندی بھارت کے خفیہ ادارے را کے ایجنٹ سنجے سنجیو کمار عرف "فوجی” نے کی تھی۔یہ شخص ایک خلیجی ریاست میں مقیم ہے اور وہیں سے نیٹ ورک کو کنٹرول کرتا رہا۔ سنجے نے پاکستان میں تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے مقامی افراد کو پیسوں کے عوض ہائر کیا۔

    افسران کے مطابق سنجے نے سلمان نامی پاکستانی شہری کو اس ٹاسک کے لیے بھرتی کیا جو شیخوپورہ کا رہائشی ہے۔ سلمان نے را سے مالی معاونت حاصل کر کے ماتلی میں قتل کی واردات انجام دی۔ اس کے علاوہ تفتیش کے دوران اس نیٹ ورک سے جڑے مزید افراد کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہو چکی ہیں، جنہیں جلد گرفتار کیا جائے گا۔

    ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور دیگر ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را” پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے سرگرم ہے، لیکن ہمارے ادارے اُس کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی اداروں کی مربوط حکمتِ عملی، خفیہ اطلاعات اور مسلسل نگرانی کا نتیجہ ہے

  • خود کو خاتون ظاہر کر کے خواتین سے نازیبا تصویریں مانگنے والا ملزم گرفتار

    خود کو خاتون ظاہر کر کے خواتین سے نازیبا تصویریں مانگنے والا ملزم گرفتار

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں علیحدہ علیحدہ کارروائیاں کرتے ہوئے دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جو سوشل میڈیا پر خواتین کو ہراساں کرنے اور بلیک میل کرنے میں ملوث تھے۔

    این سی سی آئی اے اسلام آباد کے ترجمان کے مطابق، ایجنسی نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا ہے جو سوشل میڈیا پر خود کو خاتون ظاہر کرتا تھا۔ ملزم جعلی پروفائلز کے ذریعے مرد حضرات کو بات چیت میں الجھاتا اور بعد ازاں نازیبا مواد حاصل کرتا تھا۔ اس غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور ایک مشتبہ سم کارڈ برآمد کی گئی ہے، جس سے بظاہر کئی افراد کو بلیک میل کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق، این سی سی آئی اے کوئٹہ یونٹ نے ایک اور کامیاب کارروائی میں ائیرپورٹ روڈ کے علاقے سے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے، جو ایک خاتون کو بلیک میل کرنے میں ملوث تھا۔ دوران تفتیش ملزم کے موبائل فون سے متاثرہ خاتون کی متعدد نازیبا ویڈیوز اور تصاویر برآمد ہوئی ہیں، جنہیں وہ بلیک میلنگ کے لیے استعمال کر رہا تھا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور ممکنہ طور پر ان کے دیگر ساتھیوں یا متاثرین کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ایجنسی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی سائبر کرائم ونگ یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ سائبر کرائمز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ملک بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • سرکاری خرچ پر لندن کا دورہ ،سابق سری لنکن صدر گرفتار

    سرکاری خرچ پر لندن کا دورہ ،سابق سری لنکن صدر گرفتار

    سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس نے تصدیق کی ہے کہ رانیل وکرما سنگھے کے خلاف مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں اور انہیں عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق 76 سالہ وکرما سنگھے پر الزام ہے کہ انہوں نے 2023 میں اپنی اہلیہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن کا دورہ کیا اور اس مقصد کے لیے ریاستی وسائل استعمال کیے، یہ دورہ اس وقت کیا گیا جب وہ کیوبا میں منعقدہ جی77 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس آرہے تھے۔ان کے دفتر نے اس الزام کی تردید کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کی اہلیہ کے تمام اخراجات انہوں نے خود برداشت کیے اور کسی قسم کے سرکاری فنڈز استعمال نہیں کیے گئے۔ تاہم کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وکرما سنگھے نے اس نجی دورے کے لیے حکومتی رقم استعمال کی اور ان کے باڈی گارڈز کے اخراجات بھی ریاست نے ادا کیے۔

    پولیس کے مطابق اس حوالے سے وکرما سنگھے کے تین قریبی سابقہ مشیروں سے بھی تفتیش کی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق وکرما سنگھے اور ان کی اہلیہ نے برطانیہ کی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔

    واضح رہے کہ ملک گیر مظاہروں کے بعد گوتابایا راجاپاکسا کے مستعفی ہونے کے بعد رانیل ورکما سنگھے جولائی 2022 میں سری لنکا کے صدر بنے تھے۔ انہوں نے 2023 کے اوائل میں آئی ایم ایف سے 2.9 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکج حاصل کیا اور ملک کی تاریخ کے بدترین معاشی بحران کو کسی حد تک سنبھالا۔ تاہم وہ 2024 کے انتخابات میں اقتدار کھو بیٹھے۔موجودہ صدر انورا کمارا دسانایکے نے گزشتہ برس اقتدار سنبھالتے ہی انسداد بدعنوانی مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت یہ کارروائی عمل میں آئی ہے۔