Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • 9 مئی کو علیمہ خان کا بیٹا حسان نیازی کے ساتھ موجود تھا، طلال چوہدری

    9 مئی کو علیمہ خان کا بیٹا حسان نیازی کے ساتھ موجود تھا، طلال چوہدری

    وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ 9 مئی کو علیمہ خان کا بیٹا حسان نیازی کے ساتھ موجود تھا لہٰذا اسے شواہد کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔

    جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی ٹارگٹ نہیں بلکہ ٹارگٹ وہ لوگ ہیں جنہوں نے قانون توڑا ہے جب کہ پی ٹی آئی کو بھی کہا ہے کہ ان لوگوں سے لاتعلقی کریں جنہوں نے قانون توڑا ہے۔وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ 9 مئی کو علیمہ خان کا بیٹا حسان نیازی کے ساتھ موجود تھا، پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے گرفتاریاں کیں۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کہہ چکےکہ گرینڈ ڈائیلاگ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں موجود ہے، اسپیکر قومی اسمبلی یہ بھی کہہ چکےکہ بات چیت کے لیے ان کا آفس بھی کھلا ہے، پی ٹی آئی گرینڈ ڈائیلاگ چاہتی ہے تو اسپیکر کی آفر قبول کرے۔

    پی ٹی آئی ارکان کی نااہلی کے بعد خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات سے متعلق سوال پر طلال چوہدری نے جواب دیا کہ ضمنی الیکشن میں جو بھی عوام کا فیصلہ ہوگا ہم قبول کریں گے۔

  • پتوکی،برہنہ ویڈیو بنا کر لڑکی سے ایک برس تک زیادتی

    پتوکی،برہنہ ویڈیو بنا کر لڑکی سے ایک برس تک زیادتی

    پتوکی کے نواحی علاقےکوٹ سردارکاہن سنگھ میں ملزمان ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیکر لڑکی کو ایک سال تک مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔

    درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق کوٹ سردارکاہن سنگھ میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا، ملزمان ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکیاں دےکر لڑکی سے ایک سال تک زیادتی کرتے رہے، بلیک میل کر کے زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے باوجود ملزم اور اس کے دوستوں نے لڑکی کی جانب سے مزیدکہنا نہ ماننے پر ویڈیو وائرل کر دی لڑکی نے جنسی زیادتی اور ملزمان کی دھمکیوں سے متعلق والدہ کو آگاہ کیا، سرائے مغل پولیس نے لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں، کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

  • جون سے اگست تک موسلادھار بارشوں اور سیلابی تباہ کاریوں میں 799 افراد جاں بحق

    جون سے اگست تک موسلادھار بارشوں اور سیلابی تباہ کاریوں میں 799 افراد جاں بحق

    ملک بھر میں جون سے شروع ہونے والی موسلادھار بارشوں، اچانک سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات نے شہریوں کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 26 جون سے 25 اگست کے دوران بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں میں اب تک 799 افراد جاں بحق اور 1080 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 203 بچے، 476 مرد اور 119 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں بھی بچوں، مردوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔ اس دوران 592 ریسکیو آپریشنز کیے گئے جن میں ایک لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔سیلابی صورتحال کی وجہ سے ملک بھر میں 7175 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور 5552 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں، جس نے کسانوں اور دیہی علاقوں کے باشندوں کی زندگیوں پر منفی اثر ڈالا ہے۔

    خیبرپختونخوا: سب سے زیادہ 497 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ 347 افراد زخمی ہوئے۔پنجاب: 165 اموات اور 584 زخمی رپورٹ ہوئے جو سب سے زیادہ زخمیوں کی تعداد ہے۔سندھ: 55 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 71 زخمی ہوئے۔بلوچستان: 24 اموات اور 5 زخمی ہوئے۔گلگت بلتستان: 45 افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہوئے۔آزاد جموں و کشمیر: 23 اموات اور 28 زخمی رپورٹ ہوئے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد: 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔

    موسمیاتی تبدیلیوں اور موسلادھار بارشوں نے ملک کے کئی علاقوں میں زندگی کو معمول سے بہت متاثر کر دیا ہے۔ کئی شہروں میں سیلابی پانی نے گھروں، سڑکوں، اسکولوں اور دیگر بنیادی سہولیات کو نقصان پہنچایا ہے جس سے نہ صرف رہائشی متاثر ہوئے بلکہ انفراسٹرکچر بھی بری طرح متاثر ہوا۔

    حکومتی ادارے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکمے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے 24 گھنٹے چوکس ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں۔ تاہم، حکام نے عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

  • اتر پردیش میں ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم، 8 ہندو یاتری ہلاک

    اتر پردیش میں ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم، 8 ہندو یاتری ہلاک

    اتر پردیش کے شہر بلندشہر میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں 8 ہندو یاتری جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ بلندشہر کے قریب پیش آیا جہاں یاتریوں کو لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالی کو ایک ٹرک نے پیچھے سے ٹکر مار دی۔بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت ٹریکٹر ٹرالی میں کل 61 افراد سوار تھے، جو کسگنج کے رفت پور گاؤں سے جہرپیر، راجستھان جا رہے تھے۔ ٹرک کی ٹکر لگنے کے فوراً بعد کئی افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ 8 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس کے علاوہ، حادثے میں 12 بچے بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

    زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں فوری طور پر خصوصی طبی نگہداشت کی ضرورت ہے۔ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور مزید امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    بلندشہر کے مقامی حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ممکنہ طور پر ٹرک کا تیز رفتار اور حفاظتی اقدامات کی کمی اس حادثے کا باعث بنی ہے۔ پولیس اور دیگر امدادی ادارے موقع پر پہنچ چکے ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

  • خیبر پختونخوا سیلاب، پاک فوج کی امدادی کاروائیاں جاری

    خیبر پختونخوا سیلاب، پاک فوج کی امدادی کاروائیاں جاری

    خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں خاص طور پر شانگلہ اور بونیر میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پاک فوج کی امدادی ٹیمیں دن رات محنت کر رہی ہیں تاکہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

    پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے بونیر اور شانگلہ میں راشن، کھانے پینے کی اشیاء، صاف پانی اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔ اس کے علاوہ فوج کی میڈیکل ٹیمیں بھی متاثرین کے طبی معائنے اور ابتدائی علاج معالجے کے لیے تعینات کی گئی ہیں تاکہ صحت کے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔متاثرہ علاقوں کے باشندوں نے پاک فوج کی قربانیوں اور ہمدردی کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مقامی لوگ پاک فوج کی امدادی کارروائیوں کو اپنی زندگیوں میں امید کی کرن قرار دے رہے ہیں۔

    پاک فوج نے اعلان کیا ہے کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی اور سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں سے متاثرین کو جلد از جلد اپنی زندگی معمول پر لانے میں مدد دی جائے گی۔

  • پاکستان کو  دنیا سے جوڑنے کا مشن، تجارتی سطح پر این ایل سی کی تاریخ کامیابی

    پاکستان کو دنیا سے جوڑنے کا مشن، تجارتی سطح پر این ایل سی کی تاریخ کامیابی

    این ایل سی کی شاندار کامیابی ، علاقائی تجارت میں نیا باب رقم ہو گیا

    نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) اور ڈی پی ورلڈ نے متحدہ عرب امارات سے تاجکستان تک تجارتی سامان کی پہلی کامیاب ترسیل مکمل کر لی،این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کی متحدہ عرب امارات سے تاجکستان تک تجارتی سامان کی کامیاب ترسیل کی گئی،این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ نے کامیابی سے 38 ٹن کی کھیپ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچا دی، 38 ٹن آٹو موبائل اسپیئر پارٹس کی کھیپ جبل علی پورٹ سے کراچی پہنچی تھی ،دبئی سے دوشنبے تک کا سفر محض 16 دنوں میں ممکن بنایا گیا،این ایل سی نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید لاجسٹکس نظام کے ذریعے اس کامیابی کو ممکن بنایا،این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ خلیجی ممالک اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان نئی راہداری فراہم کر رہی ہے

    تجارتی سامان کی ترسیل اقوامِ متحدہ کی بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ نظام (ٹی آئی آر ) کے تحت کی گئی،این ایل سی خطے میں جدید لاجسٹکس اور علاقائی رابطے کی علامت بن کر ابھرا ہے،وسطی ایشیائی ریاستوں کو این ایل سی پاکستانی بندرگاہوں تک مختصر ترین اور محفوظ راستہ فراہم کر رہی ہے،اس منصوبے کے تحت 100 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری بھی پاکستان میں لائی جا رہی ہے،این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کا اشتراک پاکستان کے بڑھتے ہوئے تجارتی کردار کی ایک تاریخی کامیابی ہے،

  • گلگت: فیض آباد میں تیز بارش کے بعد سیلابی ریلے سے گھروں کو جزوی نقصان

    گلگت: فیض آباد میں تیز بارش کے بعد سیلابی ریلے سے گھروں کو جزوی نقصان

    گلگت کے علاقے فیض آباد میں گزشتہ شب شدید بارش کے باعث پہاڑ سے آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچائی ہے۔ اس دوران متعدد گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جبکہ نلتر ایکسپریس وے کا ایک حصہ بھی متاثر ہوا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر گلگت کیپٹن ریٹائرڈ عادل علی نے بتایا کہ رات گئے ہونے والی تیز بارش کے بعد سیلابی پانی نے علاقے میں داخل ہو کر کچھ گھروں کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلابی پانی کی وجہ سے سڑک پر بھی پانی جمع ہو گیا، جس کی وجہ سے نلتر ایکسپریس وے کے کچھ حصے متاثر ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے فوری طور پر تین گھروں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے تاکہ ان کی جان و مال کو کسی قسم کا خطرہ نہ ہو۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ریسکیو اور دیگر متعلقہ ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچ چکی ہیں اور امدادی کام جاری ہیں۔

    عادل علی نے یقین دہانی کروائی کہ سیلاب کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے اور ریسکیو ٹیمیں پوری طرح چوکس ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

  • او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس،اسحاق ڈار سعودی عرب پہنچ گئے

    او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس،اسحاق ڈار سعودی عرب پہنچ گئے

    نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کا پاکستانی سفیر احمد فاروق اور قونصل جنرل خالد مجید نے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر استقبال کیا۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس آج او آئی سی سیکریٹریٹ جدہ میں ہوگا، جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ فلسطین کی سنگین صورتِ حال پر غور کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجی جارحیت اور غزہ پر مکمل کنٹرول کے منصوبے پر اجلاس میں مشاورت کی جائے گی۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ او آئی سی اجلاس فلسطینی عوام کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مشترکہ جواب پر غور کرے گا۔

  • ہنگو، ایف سی قافلہ پر حملہ،3 اہلکار شہید،17 زخمی

    ہنگو، ایف سی قافلہ پر حملہ،3 اہلکار شہید،17 زخمی

    ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے دو آبہ میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے قلعے پر حملے میں 3 اہلکار شہید اور 17 زخمی ہو گئے۔

    ایس پی آپریشنز اسد زبیر کے مطابق دوآبہ کے علاقے طورہ وڑی میں فیڈرل کانسٹیبلری قلعے پر حملہ کیا گیا،پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 جوان شہید اور 17 زخمی ہوئے،ایس پی آپریشنز کا بتانا ہے کہ پولیس اور ایف سی کی بھرپور جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار ہو گئے،ایس پی اسد زبیر کا کہنا ہے کہ زخمی اہل کاروں کو دوآبہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • بھارت میں انل امبانی کی مشکلات میں اضافہ،گھر پر چھاپہ

    بھارت میں انل امبانی کی مشکلات میں اضافہ،گھر پر چھاپہ

    بھارت کے معروف صنعتکار انل امبانی کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جہاں ای ڈی کی تفتیش کے بعد اب مرکزی تفتیشی ادارہ سی بی آئی بھی ان کے خلاف 17000 کروڑ روپے کے مبینہ بینک دھوکہ دہی معاملے میں کارروائی کر رہا ہے۔ سی بی آئی کی ٹیم ہفتہ کی صبح تقریباً 7 بجے انل امبانی کے گھر "کف پریڈ سیونڈ” پہنچ کر تلاشی مہم کا آغاز کیا، جس میں 7 سے 8 افسر شامل تھے۔

    اطلاعات کے مطابق، انل امبانی اس وقت اپنے گھر میں اہلخانہ کے ساتھ موجود ہیں اور سی بی آئی کی ٹیم نے ان کے گھر اور دیگر جڑے ہوئے مقامات پر دستاویزات کی تلاش شروع کر دی ہے۔ یہ کارروائی انل امبانی اور ان کی کمپنیوں کے خلاف بینک قرضوں کے حوالے سے مبینہ دھوکہ دہی کی تحقیقات کے تحت کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق، سی بی آئی انل امبانی کی کمپنیوں اور یس بینک کے درمیان مالی لین دین سے متعلق اہم دستاویزات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاکہ اس معاملے کی گہرائی میں جا کر حقائق کا پتہ چلایا جا سکے۔

    یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے ریلائنس کمیونکیشنز کے خلاف بینک دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا ہے، جس کے تحت اسٹیٹ بینک آف انڈیا کو تقریباً 2 ہزار کروڑ روپے سے زائد کا مالی نقصان پہنچنے کا الزام ہے۔ اس کیس میں تفتیش کے دوران کمپنی کے کئی دفاتر اور ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ ثبوت اکٹھے کیے جا سکیں۔گذشتہ یکم اگست کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بھی 17000 کروڑ روپے کے قرض فراڈ کیس میں انل امبانی کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا، جو اب اس تحقیقات کی کڑی ہے۔

    انل امبانی کے زیر ملکیت ریلائنس انفراسٹرکچر اور ریلائنس پاور کے شیئرز بھی حالیہ دنوں میں زبردست دباؤ کا شکار ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران دونوں کمپنیوں کے شیئرز میں تقریباً 22 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ گراوٹ سرمایہ کاروں میں بڑھتے ہوئے خدشات کی عکاسی کرتی ہے۔اگرچہ ریلائنس انفراسٹرکچر کو حال ہی میں نورتن کمپنی این ایچ پی سی سے ایک بڑا آرڈر ملا ہے، اور ریلائنس پاور کی ایک معاون کمپنی نے بھوٹان میں جوائنٹ وینچر قائم کیا ہے، مگر موجودہ قانونی اور مالی چیلنجز کے باعث ان کمپنیوں کی قدر پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔