Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • جہلم میں گورنمنٹ کالج کے پروفیسر کا اغوا، 40 لاکھ روپے تاوان کے بدلے رہائی

    جہلم میں گورنمنٹ کالج کے پروفیسر کا اغوا، 40 لاکھ روپے تاوان کے بدلے رہائی

    جہلم: گورنمنٹ کالج کے ایک پروفیسر کو ملزمان نے اغوا کرنے کے بعد 40 لاکھ روپے تاوان وصول کرکے رہا کر دیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور چند ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

    پولیس کے مطابق پروفیسر کے اغوا کا واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے پروفیسر کو اغوا کر لیا۔ بعد ازاں اغواکاروں نے اہل خانہ سے 40 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، جو وصول کرنے کے بعد پروفیسر کو رہا کر دیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ اغوا میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں سابق پولیس افسر کے بیٹے اور اس کے چند ساتھی شامل ہیں۔ پولیس نے مزید کارروائی کے لیے مرکزی ملزم اور دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے اور جلد تمام ملوث افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس واقعے نے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور طلباء و اساتذہ کے حلقوں میں شدید تشویش کا باعث بن گیا ہے۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات

    فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

    فریقین نے خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی ترقی اور خود مختاری کیلئے حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ملاقات میں علاقائی و عالمی فورمز پر رابطہ کاری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

  • 4 مسلح نقاب پوش میرے بیٹے شاہریز کو اغواء کرکے لے گئے،علیمہ خان کا الزام

    4 مسلح نقاب پوش میرے بیٹے شاہریز کو اغواء کرکے لے گئے،علیمہ خان کا الزام

    تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ 4 مسلح نقاب پوش میرے بیٹے شاہریز کو اغواء کرکے لے گئے۔

    علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ شاہریز کو لاہور میں میرے گھر سے اغواء کیا گیا، سادہ کپڑوں میں ملبوس چار مسلح افراد کچن کے راستے گھر میں داخل ہوئے، میرا بیٹا اپنی بیوی اور والد کے ہمراہ گھر کی بالائی منزل پر تھا، مسلح افراد نے گھر میں ڈائیورز کو بھی ہراساں کیا۔

    دوسری جانب سلمان اکرم راجہ نے بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کی لاہور کی رہائشگاہ پر سادہ لباس میں افراد حملہ آور ہوئے،علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو اغواء کر لیا گیا، اہلخانہ کو ہراساں کیا، بانی پی ٹی آئی کی بہن کے گھر کے ملازمین کو مارا پیٹا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ مسلح افراد دروازے توڑ کر شاہ ریز کو بیڈ روم سے اغواء کر کے لے گئے۔پی ٹی آئی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ شاہ ریز خان کے دو بچوں کے سامنے کمرے میں گھس کر تشدد کیا گیا، گزشتہ روز شاہ ریز خان کو اہلیہ کے ہمراہ لاہور ایئرپورٹ سے غیر قانونی آف لوڈ کیا گیا شاہ ریز خان کا کسی سیاسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں، چیف جسٹس سے فوری نوٹس لینے اور شاہ ریز خان کو بازیاب کروانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

  • سپریم کورٹ،عمران خان ضمانت کیس کا تحریری فیصلہ جاری

    سپریم کورٹ،عمران خان ضمانت کیس کا تحریری فیصلہ جاری

    سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پی ٹی آئی کی 8 مقدمات میں ضمانتوں کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بانیٔ پی ٹی آئی کی ضمانتوں کا فیصلہ تحریر کیا جو 4 صفحات پر مشتمل ہے۔سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے درخواستیں اپیلوں میں تبدیل کر کے منظور کر لیں، مبینہ سازش سے متعلق شواہد ٹرائل کے دوران ہی جانچے جائیں گے۔تحریری فیصلے کے مطابق ملزم کو فی کیس 1 لاکھ روپے کے مچلکوں پر بعد از گرفتاری ضمانت دی جاتی ہے، لاہور ہائی کورٹ نے ضمانت کیس میں حتمی قسم کی فائنڈنگ دی، سپریم کورٹ ایسی کوئی آبزرویشن نہیں دے گی جس سے کسی کا کیس متاثر ہو۔

    عدالتِ عظمیٰ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے ہی مقدمات میں دیگر ملزمان کو ضمانت دی جا چکی ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کا کیس بھی اسی تسلسل کے اصول پر دیکھا جائے گا۔ لاہور ہائی کورٹ کے 24 جون کے فیصلے کے خلاف 8 اپیلیں دائر کی گئیں، بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں 9 مئی کے مقدمات درج ہوئے،سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے کے مطابق ایف آئی آرز میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں، استغاثہ کا بنیادی مؤقف اس الزام کے گرد گھومتا ہے کہ درخواست گزار نے سازش تیار کی۔

    تحریری فیصلے کے مطابق پراسیکیوٹر نے عدالت کی توجہ 3 گواہوں کے بیانات، میڈیا رپورٹس کی طرف مبذول کرائی، اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ تمام شواہد درخواست گزار کو مبینہ جرائم کے ارتکاب سے جوڑتے ہیں، عدالت کی جانب سے یہ نکتہ اٹھایا گیا کہ اسی وقوع سے منسلک دیگر ملزمان ضمانت پر ہیں، ملزمان اعجاز احمد چوہدری، امتیاز محمود اور حافظ فرحت عباس کو اس عدالت نے ضمانت دے رکھی ہے،اسپیشل پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ موجودہ درخواست گزار کا کیس بالکل مختلف ہے، اس معاملے میں یکسانیت کے اصول کا اطلاق نہیں ہو گا۔

  • رحیم یار خان،بس اور ایمبولینس میں تصادم،6 افراد کی موت

    رحیم یار خان،بس اور ایمبولینس میں تصادم،6 افراد کی موت

    رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سمابہ کے قریب مسافر بس اور ایمبولینس کے درمیان شدید ٹکر ہونے سے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 4 ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس کے ڈرائیور نے ایک موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش کی، لیکن اسی دوران ایمبولینس سے ٹکر ہوگئی۔ ایمبولینس میں سوار ریسکیو اہلکار خان پور سے رحیم یار خان آرہے تھے۔ریسکیو کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل رحمان نے بتایا کہ حادثہ انتہائی افسوسناک اور غیرمتوقع تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

    حادثے کی جگہ پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر کے زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

  • نسلہ ٹاور کیس، سابق ڈی جی ایس بی سی اے  سمیت 27 ملزمان بری

    نسلہ ٹاور کیس، سابق ڈی جی ایس بی سی اے سمیت 27 ملزمان بری

    اینٹی کرپشن کورٹ سندھ نے نسلہ ٹاور کو غیر قانونی زمین الاٹ کرنے کے کیس میں سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور کاکا سمیت 27 ملزمان کو عدم شواہد کی بنا پربری کردیا۔

    عدالت نے کہا کہ پراسیکیوشن ملزمان کےخلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ملزمان پر نسلہ ٹاور کو غیرقانونی اضافی زمین الاٹ کرنے اور رشوت وصولی سمیت متعدد الزامات تھے۔ ملزمان پر نسلہ ٹاور کی زمین 700 گز سے بڑھا کر 1100 گز کرنےکا الزام تھا۔

    خیال رہے کہ 3 سال قبل سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد نے شارع فیصل پر قائم نسلہ ٹاور کو منہدم کرنے کا حکم دیا تھا جس پر انتظامیہ نے مسلسل 69 دن کام کرکے 15 منزلہ نسلہ ٹاور کو مکمل منہدم کردیا تھا۔

  • سعودی عرب پاکستان کا سچا، مخلص اور بااعتماد دوست ہے،ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر

    سعودی عرب پاکستان کا سچا، مخلص اور بااعتماد دوست ہے،ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر

    پاکستان اسلامک کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے کہا ہے کہ سیلاب کی حالیہ تباہ کاریوں کے بعد ایک مرتبہ پھر یہ حقیقت عیاں ہو گئی ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا سچا، مخلص اور بااعتماد دوست ہے۔ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کے لیے حسبِ معمول سب سے پہلے سعودی عرب نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا، جس پر پوری پاکستانی قوم برادر خادم الحرمین ملک سلمان بن عبد العزیز ولیعہد محمد بن سلمان اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عوام کی شکر گزار ہے۔
    انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سیاسی یا سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ یہ رشتہ ایمان، عقیدہ، اخوت اور باہمی اعتماد پر قائم ہے۔ جب بھی پاکستان کسی مشکل گھڑی میں مبتلا ہوا، سعودی عرب نے سب سے پہلے بڑھ کر ساتھ دیا اور اپنے بھائی چارے کا عملی ثبوت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے بھی سعودی عرب کی طرف سے بھاری امدادی سامان، خیمے، خوراک، ادویات اور دیگر اشیائے ضرورت کی فراہمی نہ صرف متاثرہ عوام کے لیے سہارا ہے بلکہ دونوں ممالک کے گہرے اور لازوال تعلقات کا عملی مظہر ہے۔ سعودی قیادت کی طرف سے متاثرین پاکستان کے لیے فوری اقدامات اس بات کی دلیل ہیں کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور اس دوستی کو دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔ ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے حکومتِ پاکستان سے بھی اپیل کی کہ سعودی عرب کی اس بروقت امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے اور متاثرین تک یہ پیغام پہنچایا جائے کہ برادر اسلامی ملک ہر مشکل وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی و سماجی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر آ کر مشترکہ جدوجہد کریں اور سعودی عرب سمیت برادر اسلامی ممالک کے تعاون کو زیادہ سے زیادہ نتیجہ خیز بنایا جائے۔ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی سعودی عرب پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اسی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنیادوں پر استوار ہوں گے۔

  • سندھ میں کوئی دوسرا صوبہ نہیں بنایا جائے گا۔شرجیل میمن

    سندھ میں کوئی دوسرا صوبہ نہیں بنایا جائے گا۔شرجیل میمن

    سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کراچی میں حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بارش وقفے وقفے سے ہوتی تو اتنے سنگین مسائل پیش نہ آتے۔

    شرجیل میمن نے بتایا کہ شہر میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی بارش ہوئی، جس کی وجہ سے شہریوں کو اربن فلڈنگ اور پانی کی نکاسی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس بارش کی شدت زیادہ تھی، جس کی وجہ سے نالیاں پانی نکالنے میں دیر کر گئیں، اور اس سے گزرنا شہریوں کے لیے دشوار ہوگیا۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ، کمشنر اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات سڑکوں پر موجود رہے اور شہر کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا، تاکہ صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ شہریوں کو جو تکلیف ہوئی، اس پر سندھ حکومت نے معذرت بھی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ نے مرکزی برساتی نالوں کی صفائی ایڈوانس میں کرائی ہوئی تھی، تاہم بارش کی غیر معمولی مقدار کے باعث پانی کو نکالنے میں دیر ہوئی۔ انڈر پاسز میں پانی کی نکاسی کے لیے مشینری بھی لگائی گئی تھی تاکہ پانی جلد از جلد نکالا جا سکے۔انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ شہر میں ہونے والی اموات بجلی کے کرنٹ لگنے اور چند دیواریں گرنے سے ہوئیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں سب سے زیادہ کوتاہی کے الیکٹرک سیکٹر کی طرف سے دیکھی گئی۔ مختلف علاقوں میں 48 گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر حیدرآباد میں حیسکو کی نااہلی نمایاں رہی، جس کے بارے میں ناصر حسین شاہ اس وقت رابطے میں ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے واضح کیا کہ سندھ میں کوئی دوسرا صوبہ نہیں بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس بنانے کا معاملہ صرف مفروضہ ہے، اور اس پر حکومت یا پارٹی کی طرف سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ جب یہ معاملہ سنجیدگی سے سامنے آئے گا تو پارٹی اس پر مشورہ کرے گی اور پھر عوام کو مکمل آگاہ کیا جائے گا۔

  • 10 سالہ بچی کو ہراساں کرنے والا حجام گرفتار

    10 سالہ بچی کو ہراساں کرنے والا حجام گرفتار

    10 سالہ بچی کو ہراساں کرنے والا حجام گرفتارکر لیا گیا

    ترجمان پولیس کے مطابق بچی اسکول و عربی قاعدہ کی پڑھائی کے لیے بازار سے گزرتی تھی اور اوباش ملزم اجمل نے بازار میں حجام کی دکان بنائی ہوئی تھی،ملزم معصوم بچی سے دوستی کی آڑ میں شاپنگ کے بہانے بازار جانے پر آمادہ کرتا رہا، بچی قریبی فلٹر سے پانی بھرنے گئی تو ملزم نے بچی کو حراساں کیا لیکن والدہ کے موقع پر آنے سے ملزم اجمل وہاں سے فرار ہوگیا۔ایس پی ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق والدہ نسیم کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم اجمل کو فوری گرفتار کیا گیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن نے ایس ایچ او ساندہ انسپکٹر شرجیل اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ ڈاکٹر محمد عمر نے واضح پیغام دیا کہ بچوں اور عورتوں کو حراساں کرنے والوں کے خلاف کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

  • عاصم منیر کا حالیہ واشنگٹن دورہ پاک امریکا تعلقات کے لیے  نئی جہت کی علامت قرار

    عاصم منیر کا حالیہ واشنگٹن دورہ پاک امریکا تعلقات کے لیے نئی جہت کی علامت قرار

    امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں اور اس کا کریڈٹ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کو جاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا حالیہ واشنگٹن کا دورہ پاک امریکا تعلقات کے لیے ’’نئی جہت کی علامت‘‘ قرار دی گئی ہے،امریکی تھنک ٹینک یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس کے ماہر ڈاکٹر ڈینیئل ایس مارکی نے کہا کہ پاکستان ٹرمپ انتظامیہ سے قریبی تعلقات کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے، جس میں عسکری، تجارتی اور توانائی شعبوں میں تعاون شامل ہے۔اخبار نے لکھا کہ امریکا نے پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے بلوچ لبریشن آرمی (BLA) کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا۔پاکستان نے امریکا کو کرپٹو کرنسی، معدنی وسائل اور توانائی کے منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی، جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔

    دی اکانومسٹ نے بھی ایک تفصیلی مضمون میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا معمار قرار دیا اور ان کی 18 جون کو وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو خطے میں سفارت کاری کا نیا موڑ قرار دیا۔

    حالیہ پیش رفت میں امریکا نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرتے ہوئے اسے ’’کمزور معیشت‘‘ قرار دیا جبکہ پاکستان کے ساتھ صرف 19 فیصد ٹیرف پر تجارتی معاہدہ کیا،بصرین کے مطابق یہ پیشرفت جنوبی ایشیا، چین اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کی اسٹریٹجک ترجیحات میں تبدیلی کا عندیہ دیتی ہے۔