Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • متحد قوم، فاتح پاکستان، ہفتہ آزادی ،مرکزی مسلم لیگ کی ملک بھر میں تقریبات کا آج آغاز

    متحد قوم، فاتح پاکستان، ہفتہ آزادی ،مرکزی مسلم لیگ کی ملک بھر میں تقریبات کا آج آغاز

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یوم آزادی کے سلسلہ میں ہفتہ آزادی کی تقریبات کا آغاز آج سے ہو گا، ملک بھر میں ریلیاں، کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، شجر کاری مہم کا آغاز کیا جائے گا، خواتین،طلبا ،کسان ونگ،مزدور یونین،یوتھ لیگ کے بھی پروگرام ہوں‌گے،آج خطبات جمعہ میں علماء کرام متحد قوم ،فاتح پاکستان کے موضوع پر خطبہ دیں گے،مرکزی مسلم لیگ کے سنٹرل میڈیا سیل نے متحد قوم ،فاتح پاکستان پرڈاکو منٹری بھی جاری کر دی،ہفتہ آزادی کے پہلے روز لاہور میں آزادی کارواں کا انعقاد کیا جائے گا جس کا آغاز بیگم کوٹ چوک سے ہو گا، ہفتہ آزادی کی تقریبات سے مرکزی مسلم لیگ کے قائدین تقریبات سے خطاب کریں گے

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ہفتہ آزادی کے سلسلہ میں‌تقریبات کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،لاہور میں آٹھ اگست سے 14 اگست تک آزادی کارواں ہوں گے، جن میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے،پہلے روز آٹھ اگست کو بیگم کوٹ چوک سے آزادی کارواں کا آغاز ہو گا جو شاہدرہ چوک، بادامی باغ روڈ،بھاٹی چوک سے ہوتا ہوا ریلوے اسٹیشن پر اختتام پذیر ہو گا، آزادی کارواں سے مرکزی مسلم لیگ کے رہنما خطاب کریں گے،اس موقع پر سیکورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے جائیں گے،مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام کراچی، اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ، سکھر،میر پور خاص،رحیم یار خان،بہاولپور،ساہیوال،اوکاڑہ،جہلم،میانوالی، چکوال،سوات،مردان، ایبٹ آباد سمیت دیگر شہروں میں ہفتہ آزادی کی تقریبات منعقد ہوں گی.مرکزی مسلم لیگ سنٹرل میڈیا سیل کی جانب سے ہفتہ آزادی کے موقع پر ایک ڈاکومنٹری بھی جاری کی گئی ہے جس میں امت کی حالت زار ،ایٹمی پاکستان کا امت کے لئے کرداراور متحد قوم،فاتح پاکستان، امت کا پشتی بان پاکستان کو اجاگر کیا گیا ہے.

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کا کہنا ہے کہ ہفتہ آزادی کی تقریبات کا مقصد قوم میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا، قیام پاکستان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا اور نوجوان نسل کو پاکستان کی نظریاتی اساس سے روشناس کرانا ہے،متحد قوم ،فاتح پاکستان ،سلوگن کے تحت 14 اگست تک ملک گیر پروگرام جاری رہیں گے، جن میں مرکزی مسلم لیگ کے قائدین، سیاسی و سماجی رہنما، اساتذہ، طلباء، خواتین، نوجوانوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھرپور شرکت کریں گے ،پاکستانی قوم سے اپیل ہے کہ وہ ہفتہ آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کر کے وطن سے اپنی محبت کا ثبوت دیں،

  • اُودھم پور : سڑک حادثے میں بھارتی پیراملٹری کے تین اہلکار ہلاک ، بارہ شدید زخمی

    اُودھم پور : سڑک حادثے میں بھارتی پیراملٹری کے تین اہلکار ہلاک ، بارہ شدید زخمی

    بھارت کے غیرقانونی زیرِقبضہ جموں کشمیر کے ضلع اُودھم پور میں ایک سڑک حادثے میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 3 اہلکار ہلاک جبکہ 12 شدید زخمی ہو گئے۔
    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیراملٹری کی گاڑی کو حادثہ ضلع اُودھم پور کے علاقے بسنت گڑھ میں کنڈوا کے قریب پیش آیا۔ گاڑی گہری کھائی میں جا گرنے کے سبب تین ہلکار ہلاک ہو گئے ۔ حادثے میں 12 اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    دوسری جانب بھارت کے غیر قانونی زیرِقبضہ جموں کشمیر کے ضلع کولگام میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی آج مسلسل ساتویں روز بھی جاری ہے،کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کولگام میں آکھرن دیوسر کے جنگلاتی علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران ڈرونز کیمروں ، ہیلی کاپٹر اور ایلیٹ کمانڈوز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔بھارتی فورسز نے آپریشن کے دوران تاحال ایک نوجوان کو شہید کیا ہے جبکہ 9 بھارتی فوجی بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔آپریشن کے باعث علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

  • مذہب تبدیل کر کے شادی کرنیوالی خاتون کو سپریم کورٹ کا تحفظ فراہم کرنے کا حکم

    مذہب تبدیل کر کے شادی کرنیوالی خاتون کو سپریم کورٹ کا تحفظ فراہم کرنے کا حکم

    سپریم کورٹ نے مذہب تبدیل اور پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔

    سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے بیٹی کی مذہب تبدیلی اورپسند کی شادی کے خلاف والدین کی درخواست پرسماعت کی جس دوران پسند کی شادی کرنے والی خاتون عدالت میں پیش ہوئی،دوران سماعت چیف جسٹس نے خاتون سے سوال کیا کہ آپ نے اپنی پسند سے شادی کی ہے؟ خاتون نے کہا میں نے اپنی پسند سے شادی کی ہے، شادی کے وقت میری عمر 28 برس تھی اور مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سوال کیا آپ کے والد کا کہنا ہے کہ دباؤ کے تحت زبردستی آپ کا مذہب تبدیل کروایا گیا، اس پر خاتون نے جواب دیا اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کیا، شوہر کے ساتھ خوش ہوں، والد کیس کرتے رہتے ہیں اور دھمکیاں دیتے ہیں۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نےخاتون سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اب کچھ نہیں ہوگا،کوئی دھمکیاں نہیں دے گا۔ بعد ازاں عدالت نے خاتون کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دی اور پولیس کو حکم دیا کہ جوڑے کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

  • پاکستان سے ایران اور خلیجی ممالک کے لیے فیری سروس،لائسنس جاری

    پاکستان سے ایران اور خلیجی ممالک کے لیے فیری سروس،لائسنس جاری

    اسلام آباد: پاکستان نے ایران اور دیگر خلیجی ممالک کے لیے فیری سروس چلانے کا باضابطہ لائسنس جاری کر دیا ہے، جس سے خطے میں تجارتی، سیاحتی اور سفری مواقع میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق، ایک نجی کمپنی نے فیری سروس کے اجرا کے لیے 7 سال قبل درخواست جمع کرائی تھی، جس کا فیصلہ اب جا کر کیا گیا ہے۔ طویل انتظار کے بعد بالآخر کمپنی کو پاکستان سے ایران تک فیری سروس چلانے کا لائسنس جاری کر دیا گیا ہے۔نجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پاکستان سے ایران تک فیری سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ بعد ازاں اس سروس کو دیگر خلیجی اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک جیسا کہ سعودی عرب، عمان، عراق اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) تک وسعت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فیری سروس سے نہ صرف عوام کو سہولت میسر آئے گی بلکہ علاقائی روابط، مذہبی زیارات، اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

    وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز جنید انور چوہدری نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیری سروس پاکستان کی علاقائی تجارت اور سفری نیٹ ورک کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا "ایران اور جی سی سی (GCC) ممالک سے فیری روٹس پر کام جاری ہے۔ پاک-عراق فیری سروس دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نیا باب کھولے گی۔ اس سے تجارت، لاجسٹکس اور سفر کو فروغ ملے گا۔”

    متعلقہ حکام کے مطابق فیری سروس سے زائرین، سیاحوں، مزدوروں اور تاجروں کو ایک سستا، محفوظ اور باقاعدہ سفری متبادل میسر آئے گا، جو ہوائی اور زمینی راستوں کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد دے گا۔

  • گورنرپنجاب سےآل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

    گورنرپنجاب سےآل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

    لاہور: پاکستان کے تخلیقی اور ادبی میدان کو اجاگر کرنے کے لیے آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس لاہور کا خصوصی دورہ کیا۔ اس وفد کی قیادت سینئر وائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان نے کی، جنہوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو 14 اگست کو ہونے والی "اپووا استحکام پاکستان کانفرنس اور شان پاکستان ایوارڈز” کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔

    گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ا پووا وفد کا نہایت پرتپاک استقبال کیا اور دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر ممکن کوشش کریں گے کہ اس اہم تقریب کا حصہ بن سکیں۔ اگرچہ 14 اگست کو ان کے بیرون ملک جانے کا امکان ہے، مگر انہوں نے یقین دلایا کہ اگر وہ ملک میں موجود ہوئے تو کانفرنس میں ضرور شرکت کریں گے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اپووا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک منظم اور متحرک تنظیم قرار دیا۔ انہوں نے خاص طور پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس تنظیم کے سینئر نائب چیئرمین ملک یعقوب اعوان اور بانی ایم ایم علی ان کے اپنے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، جو ان کے لیے فخر کا باعث ہے۔

    ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے وفد کے لیے خصوصی پیشکش کی کہ لاہور کے کسی بھی ہال میں اپووا اپنی تقریبات منعقد کرنا چاہے، حکومت کی طرف سے مکمل انتظامات اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وفد نے اس پیشکش کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگرچہ اس سال کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں، مگر آئندہ سال اس پیشکش سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

    ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے اپووا کے عہدیداران عابدہ نذر، فیضان شیخ اور طارق نوید کو ان کے نئے عہدوں کی نوٹیفکیشن بھی دیئے،۔ اپووا کے کوآرڈینیٹر قصور طارق نوید نے گورنر کو قصور کی مشہور مٹھائی "اندرسے” پیش کی، جسے گورنر سردار سلیم حیدر نے نہایت پسند کیا ،اپووا پنجاب کی جنرل سیکرٹری عابدہ نذر نے گورنر پنجاب کو سرگودھا میں مدعو کیا، جسے گورنر نے قبول کرتے ہوئے جلد سرگودھا کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

    گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کرنے والے اپووا وفد میں ملک یعقوب اعوان، ایم ایم علی، ممتاز اعوان، طارق نوید، غلام زادہ نعمان صابری، عبدالصمد مظفر، فیضان شیخ، مدیحہ کنول، ایمن سعید، عابدہ نذر، لاریب اقراء، محمد اویس اور دیگر معزز اراکین شامل تھے۔اپوواوفد نے گورنر کو بتایا کہ اپووا جلد ہی لکھاریوں کے لیے ایک فلاحی منصوبہ بھی شروع کرنے جا رہی ہے، جس پر گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ اپنی بھرپور کوشش کریں گے کہ حکومتی سطح پر اس منصوبے کی مکمل معاونت کی جائے۔

    گورنر ہاؤس سے واپسی کے بعد، بانی اپوواایم ایم علی نے وفد کے اعزاز میں ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پرتکلف عصرانہ بھی دیا.

  • پاکستانی تاجر کو لندن میں ایئر ہوسٹس کو زیادتی کی دھمکیوں پر 15 ماہ قید کی سزا

    پاکستانی تاجر کو لندن میں ایئر ہوسٹس کو زیادتی کی دھمکیوں پر 15 ماہ قید کی سزا

    لندن: ایک پاکستانی تاجر سلمان افتخار کو فلائٹ کے دوران ایک ایئر ہوسٹس کو زیادتی کی دھمکیاں دینے اور نسلی گالیاں دینے کے جرم میں 15 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ واقعہ فروری 2023 میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے لاہور جانے والی پرواز میں پیش آیا تھا۔

    نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، 37 سالہ سلمان افتخار فرسٹ کلاس میں سفر کر رہے تھے جب انہوں نے ایئرلائن کے عملے کے ساتھ بدتمیزی شروع کر دی۔ آٹھ گھنٹے کی پرواز کے دوران وہ جہاز کی بار میں شراب پی رہے تھے اور جب عملے نے انہیں نشے میں دھت ہونے پر اپنی سیٹ پر واپس جانے کو کہا تو وہ مشتعل ہو گئے۔افتخار نے عملے پر نسل پرستی کا الزام لگایا اور ایک ایئر ہوسٹس اینجی والش پر گالی گلوچ کی۔ انہوں نے چیختے ہوئے کہا کہ "تم نے مجھے سب کے سامنے ایک نازیبا لفظ کہا ہے”۔ ایک مسافر نے ان کے اس ہنگامہ آرائی کو ریکارڈ بھی کر لیا، جس میں وہ ایئر ہوسٹس کو دھمکیاں دیتے اور ہدایات ماننے سے انکار کرتے نظر آئے۔

    افتخار نے ایئر ہوسٹس کو دھمکیاں دیں کہ وہ اس کے ہوٹل کے کمرے سے گھسیٹ کر اس کا گینگ ریپ کرائیں گے اور اسے آگ لگا دیں گے۔ انہوں نے عملے کے مرد رکن ٹومی مرچنٹ کو بھی دھمکایا اور کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ عملے کے ارکان لاہور کے کس ہوٹل میں قیام کریں گے۔پرواز کے دوران انہوں نے فلائٹ اٹینڈنٹ کو ایک نازیبا نسلی گالی بھی دی اور اس کے بعد انہیں زیادتی کی دھمکیاں دیں۔ ان کی بیوی نے انہیں روکنے کی کوشش کی لیکن افتخار نے انہیں بھی دور دھکیل دیا۔

    اس واقعے سے متاثرہ ایئر ہوسٹس نے عدالت میں اپنا بیان پڑھ کر سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ 37 سال تک ورجن اٹلانٹک کے ساتھ کام کرنے کے بعد اس واقعے نے انہیں توڑ کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 9/11 جیسے واقعات اور جنگ زدہ علاقوں میں پرواز کرنے کے باوجود کبھی اتنا خوف محسوس نہیں کیا اور اس واقعے کے بعد وہ 14 ماہ تک کام سے دور رہیں۔واقعے کے بعد سلمان افتخار کو پاکستان میں گرفتار نہیں کیا گیا تھا، لیکن ایک سال بعد 16 مارچ 2024 کو انہیں انگلینڈ میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے ایئر ہوسٹس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور نسلی ہراساں کرنے کا اعتراف کیا۔ ان کے وکیل نے ان کے اس رویے کو ایک طبی حالت سے منسوب کرنے کی کوشش کی لیکن عدالت نے انہیں 15 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    ان کی لنکڈ ان پروفائل کے مطابق، سلمان افتخار ایک ریکروٹمنٹ فرم "اسٹافنگ میچ” کے بانی اور ڈائریکٹر ہیں۔

  • انکوائری کی بنیاد پر نوکری سے نہیں نکالا جا سکتا،عدالت

    انکوائری کی بنیاد پر نوکری سے نہیں نکالا جا سکتا،عدالت

    لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ محض انکوائری کی بنیاد پر کسی کو نوکری سے برخاست نہیں کیا جاسکتا۔

    جسٹس اویس خالد نے تسنیم کوثر کی درخواست پر 10 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔ 16 سال بعد خاتون سرکاری ملازم کی نوکری سے برخاست کرنے کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی،عدالت نے قرار دیا کہ محض انکوائری کی بنیاد پر کسی کو نوکری سے برخاست نہیں کیا جاسکتا۔ فئیرٹرائل کا حق دیئے بغیر کسی کو نوکری سے نہیں نکالا جاسکتا۔ عدالت نے خاتون کو نوکری سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردے دیا،عدالت نے متعلقہ اتھارٹی کو درخواست گزار پر لگائے گئے الزامات کی دوبارہ انکوائری کی ہدایت کردی۔ درخواست گزار کے واجبات کی ادائیگی انکوائری کے فیصلہ سے مشروط کردی گئی،فیصلے کے مطابق درخواست گزار کو 2009 میں کنڈکٹ کی بنیاد پر لیب اسسٹنٹ کی نوکری سے برخاست کیا گیا۔ عدالت نے 2014 میں درخواست گزار کو نوکری پر بحال کردیا مگر عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزارکو بحال نہ کیا گیا اورمعطل کردیا، 2015 میں درخواست گزارکو دوبارہ نوکری سے برخاست کردیاگیا۔ درخواست گزار پر الزام تھا کہ بھرتی کے وقت اس نے جعلی سرٹیفکیٹ جمع کرائے۔

  • جنوبی وزیرستان ، ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، 2 افراد جاں بحق ، 14 زخمی

    جنوبی وزیرستان ، ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، 2 افراد جاں بحق ، 14 زخمی

    جنوبی وزیرستان کے لوئر وانا کے علاقے رستم بازار میں ایک خطرناک ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 14 دیگر زخمی ہو گئے جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    ڈی ایس پی عمران اللہ نے بتایا کہ یہ دھماکہ پولیس موبائل وین کے قریب ہوا، جس سے شدید تباہی ہوئی۔ دھماکے کے فوراً بعد ڈی ایچ کیو اسپتال وانا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔واقعہ کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ریسکیو اور پولیس کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں لینے کے ساتھ ساتھ شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔

  • اخراجات میں کمی کے دعوے ہوامیں،وفاقی حکومت  کا خرچہ تقریباً 14 فیصد بڑھ گیا

    اخراجات میں کمی کے دعوے ہوامیں،وفاقی حکومت کا خرچہ تقریباً 14 فیصد بڑھ گیا

    اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری کے اقدامات کے دعوؤں کے باوجود وفاقی حکومت کے امور چلانے کے مجموعی اخراجات میں تقریباً 14 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اخراجات نہ صرف مقررہ ہدف سے تجاوز کر گئے بلکہ نظرثانی شدہ تخمینے سے بھی کہیں زیادہ ہو گئے ہیں۔

    نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور مختلف اداروں کے روزمرہ آپریشنل اخراجات، تنخواہوں اور انتظامی و دیگر متفرق خرچوں پر مشتمل وفاقی حکومت کے انتظامی اخراجات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال کے دوران وفاقی حکومت کے کل اخراجات میں 108 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023-24 میں وفاقی حکومت کے امور چلانے کا کل خرچہ 784 ارب روپے تھا، جو مالی سال 2024-25 میں بڑھ کر 892 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اس طرح ایک سال کے دوران اخراجات میں تقریباً 14 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جو حکومتی دعوؤں کے برعکس ایک بڑا مالی بوجھ ثابت ہو رہا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی وجوہات میں انتظامی خرچوں میں بے ترتیبی، تنخواہوں میں اضافے اور غیر ضروری سرکاری اخراجات شامل ہیں۔ وہیں کچھ حلقے اس اضافہ کو ملکی اقتصادی حالات، مہنگائی اور ضروری خدمات کی فراہمی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہیں۔

  • روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری،مالیاتی مشیر کے چھوڑنے سے نقصان کا خدشہ

    روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری،مالیاتی مشیر کے چھوڑنے سے نقصان کا خدشہ

    دنیا کی مشہور ریئل اسٹیٹ کمپنی جونس لینگ لاسیلےکے پاکستان کے روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے مالیاتی مشیر کے طور پر کام چھوڑنے کے فیصلے کے باعث قومی خزانے کو تقریباً 5 کروڑ ڈالر کا نقصان ہونے کا خدشہ ہے جبکہ اس ٹرانزیکشن کی تکمیل میں بھی ممکنہ تاخیر متوقع ہے۔

    نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق دوسری جانب نیشنل بینک آف پاکستان نے وزارت خزانہ کو باقاعدہ خط ارسال کر کے یہ استفسار کیا ہے کہ روزویلٹ ہوٹل کو دیے گئے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر قرضے کا مستقبل کیا ہو گا، خصوصاً اب جب کہ JLL نے مفادات کے ٹکراؤ (conflict of interest) کو بنیاد بنا کر اس منصوبے سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا، تاہم خدشہ ہے کہ اس قرض کی ادائیگی کا بوجھ بدستور قومی خزانے پر پڑتا رہے گا۔ یہ قرض نیشنل بینک نے 2020 میں روزویلٹ ہوٹل کو دیا تھا۔

    دوسری جانب نجکاری کمیشن بورڈ میں نئے ممبران کا تقرر کر دیا گیا، وزیر اعظم نے جناب آصف علی قریشی اور جناب عامر شہزاد کو نجکاری کمیشن بورڈ کا ممبر مقرر کیا ہے، جو حکومت کے نجکاری کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری، مالیات اور کارپوریٹ قیادت میں غیر معمولی مہارت رکھتے ہیں۔ جناب آصف علی قریشی سی ایف اے انسٹی ٹیوٹ، امریکہ سے چارٹرڈ فنانشل اینالسٹ (CFA) ہیں، جنہوں نے نیو کیسل یونیورسٹی، یو کے سے بین الاقوامی مالیاتی تجزیہ میں ایم اے اور قائداعظم یونیورسٹی سے ایم بی اے (فنانس) کیا ہے۔ وہ اس وقت یو بی ایل فنڈ منیجرز لمیٹڈ کے سی ای او ہیں اور میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان (MUFAP) اور CFA سوسائٹی پاکستان کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ پاکستان کے بینکنگ اور مالیاتی شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور توانائی کے شعبے کی گہری سمجھ رکھتے ہیں جو حکومت کے نجکاری پروگرام کا ایک اہم ستون ہے۔ جناب عامر شہزاد کے پاس کارنیل یونیورسٹی، امریکہ سے ایگزیکٹو لیڈرشپ پروگرام کا سرٹیفکیٹ ہے، اور ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی، امریکہ سے بی ایس ان فنانس (کم لاڈ) ہے۔ وہ فی الحال یونٹی فوڈز لمیٹڈ کے چیئرمین ہیں، اس سے قبل وہ کمپنی میں ڈائریکٹر اور گروپ سینئر ایگزیکٹو کے طور پر اور عسکری بینک لمیٹڈ میں ای وی پی اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کا تجربہ FMCG، بینکنگ، زرعی کاروبار، اور نجی ایکویٹی کے شعبوں میں پھیلا ہوا ہے۔ یہ تقرریاں نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ کریں گی، اسے فکری بصیرت سے مالا مال کریں گی، اور اس کی سٹریٹجک اور تکنیکی صلاحیتوں کو مضبوط کریں گی – اس طرح زیادہ موثر فیصلہ سازی، نجکاری کے لین دین کی بہتر کارکردگی، اور حکومت کے سٹریٹجک مقاصد کے ساتھ بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے گا۔