Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • شوہر کے سامنے بیوی سے زیادتی،چوتھا ملزم بھی انجام کو پہنچ گیا

    شوہر کے سامنے بیوی سے زیادتی،چوتھا ملزم بھی انجام کو پہنچ گیا

    شوہر کے سامنے بیوی کےگینگ ریپ کی مکمل پلاننگ کرنے والا ملزم پولیس فائرنگ سے مارا گیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں کچھ دن قبل خاوندکے سامنے بیوی کےگینگ ریپ کا واقعہ پیش آیا تھا جس دوران ملزمان نے خاتون پر بدترین جنسی تشدد بھی کیا تھا حتیٰ کہ واقعے کی ویڈیو بھی بنائی تھی،اس دوران ملزمان نے خاتون کے شوہر کو بھی برہنہ کیا تھا، مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے کاروائی کی تھی، پولیس کا بتانا ہے کہ افسوسناک واقعے میں 4 ملزمان اویس، زاہد، ارشاد اور عمران کو نامزد کیا گیا تھا، مقدمے میں نامزد 3 ملزمان اویس، زاہد اور ارشاد پہلے ہی مقابلے میں مارے جاچکے ہیں،سی سی ڈی کے مطابق قصور میں فائرنگ کے تبادلے میں اب چوتھا مرکزی ملزم عمران بھی مارا گیا ، ہلاک ملزم عمران نے گینگ ریپ کی مکمل پلاننگ کی تھی۔

  • موسم کی خرابی، اسلام آباد اور لاہور ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن متاثر

    موسم کی خرابی، اسلام آباد اور لاہور ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن متاثر

    ملک بھر میں موسم کی خراب صورتحال کے باعث اسلام آباد اور لاہور کے بین الاقوامی ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔

    اسلام آباد ائیرپورٹ پر کم از کم 21 پروازیں اپنی آمد اور روانگی میں تاخیر کا شکار ہیں، جبکہ کراچی سے آنے والی ایک پرواز کو حفاظتی وجوہات کی بنا پر فیصل آباد میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔فلائٹ شیڈول کے مطابق، اسلام آباد ائیرپورٹ پر ریاض، ابوظبی، مسقط، باکو اور دوحہ سے آنے والی پروازوں کی لینڈنگ میں دشواری پیش آ رہی ہے، جس کی وجہ سے غیر ملکی پروازوں کی روانگی میں ایک سے دو گھنٹے تک تاخیر ہو رہی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور جانے والی پرواز تقریباً چار گھنٹے تیس منٹ کی تاخیر کے بعد دن ساڑھے بارہ بجے روانہ ہوگی، جب کہ کراچی سے اسلام آباد کے لیے ایک نجی ائیرلائن کی پرواز میں بھی دو گھنٹے کی تاخیر ہو گئی ہے۔اسی طرح، کوالالمپور سے لاہور آنے والی غیر ملکی ائیرلائن کی دو پروازیں موسم کی خرابی کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہیں۔ لاہور ائیرپورٹ پر بھی سات پروازوں کی آمد و روانگی میں ایک سے ساڑھے نو گھنٹے تک تاخیر کا سامنا ہے۔

    موسم کی خرابی کے باعث ائر لائنز نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرنے کے لیے ایئر لائنز کے آفیشل چینلز سے رابطہ کریں اور ائیرپورٹس پر بروقت پہنچیں۔

  • بحریہ ٹاؤن اور ملک ریاض کی ایک ارب 12 کروڑ کی منی لانڈرنگ،عطا تارڑ کا انکشاف

    بحریہ ٹاؤن اور ملک ریاض کی ایک ارب 12 کروڑ کی منی لانڈرنگ،عطا تارڑ کا انکشاف

    وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بحریہ ٹاؤن اور ملک ریاض کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ ایف آئی اے نے کامیاب کاروائی میں بحریہ ٹاؤن اور ملک ریاض کی ایک ارب 12 کروڑ کی منی لانڈرنگ، ہنڈی حوالہ نیٹ ورک اور سفاری ہسپتال کو فرنٹ آفس بنانے کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کر لیے ہیں۔ بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کے حقوق محفوظ اور قانون شکنوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

    عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن کی جانب سے اربوں روپے غیر قانونی طریقے سے باہر بھیجے جا رہے تھے۔ یہ سارے پیسہ ایک اسپتال میں رکھا گیا تھا ایف آئی اے نے جب چھاپہ مارا تو اس ریکارڈ کو آگ لگائی جا رہی تھی،اگر کچھ چھپانے کو نہ ہوتا تو ریکارڈ جلانے کی ضرورت کیوں پیش آتی؟ زیادہ تر دستاویزات ایف آئی اے نے برآمد کر لی ہیں، جو ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن کے منی لانڈرنگ نیٹ ورک کا ثبوت ہیں۔ اربوں روپے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کیے گئے۔ ایف آئی اے تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے، مفرور افراد کی معلومات بھی حاصل ہو چکی ہیں۔ جلد مزید حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔

  • گھانا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، وزیر دفاع اور وزیر ماحولیات سمیت 9 افراد ہلاک

    گھانا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، وزیر دفاع اور وزیر ماحولیات سمیت 9 افراد ہلاک

    افریقی ملک گھانا کے جنوبی علاقے میں ایک افسوسناک واقعے میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں وزیر دفاع، وزیر ماحولیات سمیت 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس واقعے کو صدر نے "قومی سانحہ” قرار دے دیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر ایک سرکاری مشن پر روانہ تھا۔ گھانا کی حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں جان بحق ہونے والوں میں وزیر دفاع، وزیر ماحولیات، فضائیہ کے تین اہلکار اور دیگر سرکاری افسران شامل ہیں۔گھانا کی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے سے قبل ہیلی کاپٹر سے رابطہ اچانک منقطع ہوگیا تھا، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کیا گیا۔ فوج کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

    گھانا کے صدر نے اس المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا:”یہ ہمارے ملک کے لیے ایک اندوہناک دن ہے۔ ہم اپنے بہادر افسران اور وزرا کو کھو چکے ہیں جو قوم کی خدمت میں مصروف تھے۔”

    ملک بھر میں اس حادثے پر غم کی فضا چھا گئی ہے اور حکومتی سطح پر تین روزہ سوگ کا اعلان بھی متوقع ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق موسم کی خرابی یا تکنیکی خرابی حادثے کی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں، تاہم حتمی رائے تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔یہ واقعہ گھانا کی سیاسی و عسکری قیادت کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے اور عوام میں بھی شدید دکھ اور صدمہ پایا جاتا ہے۔

  • جس نے بھی  پاکستان کو لوٹا خواہ وہ کوئی بھی ہو اس کا محاسبہ ہونا چاہئے،خالد مسعود سندھو

    جس نے بھی پاکستان کو لوٹا خواہ وہ کوئی بھی ہو اس کا محاسبہ ہونا چاہئے،خالد مسعود سندھو

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کا بیوروکریسی کے حوالہ سے بیان حیران کن ہے،بیورو کریسی جو کر رہی ہے اسکی ذمہ دار حکومت ہے،خواجہ آصف اپوزیشن میں نہیں حکومت میں ہیں، نام سامنے لائیں اور تحقیقات ہونی چاہئے،جس نے بھی قائد کے پاکستان کو لوٹا خواہ وہ کوئی بھی ہو اس کا محاسبہ ہونا چاہئے

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھاکہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نےبیوروکریسی بارے انکشاف قوم کے سامنے رکھا،حکمران انکشاف نہیں کرتے کاروائی کرتے ہیں،بیورو کریسی حکومت کے ماتحت ہوتی ہے اور حکمرانوں کے اشاروں کے بغیر کچھ نہیں کر سکتی،بیوروکریسی کی کرپشن اور بیرون ملک جائیدادوں کے ذمہ دارحکمران ہیں، سیاستدان ہوں یا بیوروکریسی،ملک کو جس نے بھی لوٹا وہ معافی کا مستحق نہیں، اس ضمن میں خواجہ آصف کے بیان پر تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے،کرپشن سے پاک پاکستان بنے گا تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا، کرپشن ایک ناسور ہے، اگر واقعی ملک کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی بیرونِ ملک جائیدادیں خرید رہی ہے، شہریتیں حاصل کر رہی ہے اور اربوں روپے ہضم کر کے ریٹائر ہو رہی ہے، تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آپ حکومت میں ہوتے ہوئے صرف بیانات کیوں دے رہے ہیں،خواجہ آصف نہ صرف اب وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں بلکہ کئی بار اقتدار میں رہ چکے ہیں،پاکستان مرکزی مسلم لیگ مطالبہ کرتی ہے کہ خواجہ آصف کے دعووں کی روشنی میں فی الفور ایک کمیشن بنایا جائے،اس سنگین معاملے کی مکمل چھان بین ہو.

  • اسلام آباد کے رہائشی علاقے زیر آب،معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا

    اسلام آباد کے رہائشی علاقے زیر آب،معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا

    پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی) کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے اسلام آباد کے کئی رہائشی علاقوں کے زیرآب آنے کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھا دیا۔

    پی پی کی شاہدہ رحمانی نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں مارگلہ پہاڑیوں کے ساتھ اور دریائے سواں میں آبی گزرگاہ میں سوسائٹیاں بن رہی ہیں ، جن کی وجہ سے آج بھی اسلام آباد کے کئی علاقے زیر آب ہیں، پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی شاہدہ رحمانی نے سوال کیا کہ کیا حکومت آبی گزرگاہوں میں سوسائٹیزکی تعمیر روکنے کے لیے کوئی اقدامات کر رہی ہے ؟

    وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی شذرہ منصب علی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے مشکل صورتحال کا سامنا ہے،شذرہ منصب علی کا کہنا تھا کہ حکومت سیلابی پانی کو محفوظ بنا کر استعمال کرنے اور تجاوزات کے خاتمے پر کام کر رہی ہے جبکہ بارش کا پانی ذخیرہ کرکے اسے کارآمد بنایا جائے گا۔

  • انتظار کی گھڑیاں ختم، اب لاہور میں جدید ترین”سپراٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ چلے گی

    انتظار کی گھڑیاں ختم، اب لاہور میں جدید ترین”سپراٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ چلے گی

    عوام کی انتظار کی گھڑیاں ختم، اب لاہور میں جدید ترین سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ چلے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرام”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ میں تجرباتی سفرکرکے باقاعدہ آغاز کیا۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس آر ٹی ٹرام میں علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک روڈ ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس آر ٹی کا معائنہ کیا اور موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس آر ٹی کے ٹیسٹ کے ڈرائیو کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عام ٹریفک کے درمیان ایس آر ٹی کی رننگ چیک کی۔ رائیونڈ روڈ اور کینال روڈ پر عوام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ایس آر ٹی ٹرام میں سفر کرتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے رہے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ایس آر ٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ترکی، چین،ابو ظہبی اور دیگر ممالک میں کامیابی سے چلائی جارہی ہے۔ ”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ میں تین بوگیاں لگائی گئی ہیں جبکہ چار کی گنجائش ہے۔ نورنکو انٹر نیشنل کی جدید ترین ایس آر ٹی میں 320 مسافروں کی گنجائش ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پہلی مکمل ای ٹرین”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ ایک دفعہ چارج کے بعد 40 کلومیٹر سفر طے کر سکتی ہے۔ ”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ میں ائیر کنڈیشننگ اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔ ”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور ٹریفک میں بہتر ی آئے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی عوام کے لئے اب ہر روز خوشی کی خبر منتظر ہوتی ہے۔ ایس آر ٹی چلنے سے لاہور کی خوبصورتی دوبالا ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جلد ہی گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی عوام کو بھی ایس آر ٹی کی خوش خبری ملے گی۔

  • مودی ..”تو توگیا”ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا

    مودی ..”تو توگیا”ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا جس کے بعد اب بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق وائٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے،وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیا پر اضافی ڈیوٹی عائد کرنا مناسب اور ضروری ہے، بھارت روس سے بلاواسطہ اور بالواسطہ تیل درآمد کررہا ہے۔

    خیال رہےکہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا، امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ بھارت کے موجودہ 25 فیصد ٹیرف میں اضافہ کیا جائے گا۔صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت اچھا تجارتی پارٹنر نہیں، بھارت روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس طرح وہ یوکرین میں جنگی مشین کو ایندھن فراہم کررہا ہے۔یاد رہےکہ اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ نے روس سے تیل خریدنے پر بھارت پر عائد ٹیرف مزید بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا تھا کہ بھارت نہ صرف بڑی مقدار میں روسی تیل خرید رہا ہے بلکہ اسے فروخت کرکے منافع بھی کما رہا ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت کو کوئی پرواہ نہیں کہ یوکرین میں روسی فوج کے ہاتھوں کتنے لوگ مارے جارہے ہیں۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے اب بھارت پر ٹیرف میں اور بھی اضافہ کرنے جارہا ہوں۔

  • اعظم سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

    اعظم سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

    پشاور: تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعظم خان سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ہے۔

    اعظم سواتی بیرون ملک جانا چاہتے تھے تا ہم انہیں نہیں جانے دیا گیا، پشاور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے گزشتہ روز اعظم خان سواتی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے احکامات جاری کیے تھے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ تاہم، اس عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر اعظم سواتی کو سفر سے روکا گیا، جس پر انہوں نے قانونی چارہ جوئی کا راستہ اپنایا۔ذرائع کے مطابق اعظم خان سواتی نے اس اقدام کے خلاف فوری طور پر پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود ان کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی، جو کہ عدالت کی توہین کے مترادف ہے۔عدالت میں دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی حکم کو فوری طور پر لاگو کیا جائے اور اعظم سواتی کو بغیر کسی رکاوٹ کے بیرون ملک جانے کی مکمل آزادی دی جائے۔

  • سابق سینئر بیورو کریٹ جی  ایم سکندر  کی وفات،وزیراعظم کا اظہار افسوس

    سابق سینئر بیورو کریٹ جی ایم سکندر کی وفات،وزیراعظم کا اظہار افسوس

    سابق سینئر بیورو کریٹ جی ایم سکندر قضائے الہی سے انتقال کر گئے ۔

    ان کا نماز جنازہ اج مسجد امام حسین بحریہ ٹاؤن لاہور بروز بدھ بوقت 5 بجے شام بعد از نماز عصر ادا کیا جائے گا،

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نےنامور سول سرونٹ جی۔ ایم۔ سکندر کی رحلت پر اظہار افسوس کیا ہے، وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مرحوم کی 39 سال پر محیط حکومت پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مرحوم کی تعلیمی، انتظامی اور بالخصوص سماجی شعبوں میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے سابق فیڈرل سیکریٹری جی ایم سکندر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ جی ایم سکندر کی گلگت بلتستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جی ایم سکندر ایک عہد ساز شخصیت اور قوم کا سرمایہ تھا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان کے سینئر بیوروکریٹ جی ایم سکندر کی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پاکستان کی سینئر بیوروکریسی میں اپنا خصوصی مقام رکھتے تھے۔ جی ایم سکندر نے گلگت بلتستان کا نام روشن کیا