Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • کشمیریوں کو معلوم ہے کہ آزادی کی قیمت کیا ہوتی ہے،مشعال ملک

    کشمیریوں کو معلوم ہے کہ آزادی کی قیمت کیا ہوتی ہے،مشعال ملک

    کراچی: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ہمیں آج یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو سیاسی اختلاف کا احترام کرنا چاہیے لیکن وقت کی ضرورت ہے کہ سب مل کر ایک ہو جائیں۔

    مشعال ملک نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 2019 میں کشمیریوں کے خلاف ایسے اقدامات کیے جو ڈیتھ وارنٹ کے مترادف ہیں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے کہا کہ قائداعظم نے کشمیریوں کو اپنی شہہ رگ قرار دیا تھا، اس لیے کشمیریوں کی آزادی ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے حریت رہنما یاسین ملک کو پھانسی دینے کی سازش کی جا رہی ہے، لیکن کشمیریوں کو معلوم ہے کہ آزادی کی قیمت کیا ہوتی ہے اور وہ اپنی آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مشعال ملک نے کہا کہ آج بھی وہی مودی اور آر ایس ایس بھارت میں حکمرانی کر رہے ہیں جنہوں نے گاندھی جی کو قتل کیا تھا۔

    مشعال ملک نے بھارت کی پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بھارت سرینگر میں دہلی سے حکومت چلانا چاہتا ہے، جس کی وجہ سے کشمیری عوام پر ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حوالے سے کہا کہ پہلگام میں بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی کی گئی اور بھارت بار بار فالس فلیگ آپریشنز کرتا رہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورکس پکڑے جاتے ہیں، جو بھارت کی اصل روایات کو بے نقاب کرتے ہیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ مودی کی حکومت کا ہر آزادی پسند کو دہشتگرد قرار دینے کا شوق ہے، اور وہ مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں کشمیریوں کو بھارتی شہریت دے کر وہاں کے اصل مسلمان آبادی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں اللہ کی مدد سے کامیابی حاصل کی ہے اور دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کا براہ راست ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کے معاملات میں کردار ادا کیا جو خطے کے امن کے لیے اہم ہے۔

  • ریڈ لائن بی آر ٹی اہم منصوبہ ، مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے،شرجیل میمن

    ریڈ لائن بی آر ٹی اہم منصوبہ ، مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے،شرجیل میمن

    کراچی: کے الیکٹرک کو ریڈ لائن بی آر ٹی کی راہ میں حائل یوٹیلیٹیز 15 ستمبر تک ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے

    سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، انجینئرز، کنسلٹنٹس اور کے الیکٹرک کے نمائندگان نے شرکت کی،اجلاس میں حکام نے بی آر ٹی منصوبے میں پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ،اجلاس میں منصوبے میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے اقدامات اور کنٹریکٹرز کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا،سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ منصوبے پر کام کی رفتار متاثر نہ ہو، ریڈ لائن بی آر ٹی کے راستے میں آنے والی تمام یوٹیلیٹیز کی منتقلی 15 ستمبر 2025 تک مکمل کی جائیں، بی آر ٹی کوریڈور میں 2 اعشاریہ 7 کلومیٹر پر محیط کے فور منصوبے کی پائیپ لائن جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا گیا ،ہدایت کی گئی کہ واٹر بورڈ جلد از جلد کے فور پائپ لائن کا کام مکمل کرے تاکہ کام کی روانی متاثر نہ ہو،ریڈ لائن بی آر ٹی عوام کا ایک اہم منصوبہ ہے مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے،تمام اسٹیک ہولڈرز آپس میں رابطہ اور تعاون بڑھائیں اور منصوبے پر بلا تعطل کام جاری رکھیں،

  • وزیراعظم سے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید کی ملاقات، چیئرمین واپڈا تعیناتی پر مبارکباد

    وزیراعظم سے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید کی ملاقات، چیئرمین واپڈا تعیناتی پر مبارکباد

    وزیراعظم محمد شہباز شریف سے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران وزیراعظم نے انہیں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاکستان واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے نئے چیئرمین کی حیثیت سے تعیناتی پر دلی مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بطور چیئرمین واپڈا اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے اور قومی ترقی میں فعال کردار ادا کریں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ "لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید ایک منظم اور تجربہ کار افسر ہیں۔ امید ہے کہ وہ اپنی قیادت میں واپڈا کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹیں گے اور توانائی و آبی وسائل کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائیں گے۔”

    اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات کے دوران ملک میں توانائی کی صورتحال، جاری واپڈا منصوبہ جات، اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید مختلف اہم عسکری عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور وہ قومی خدمت کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

  • ایئر انڈیا کی بین الاقوامی پرواز میں لال بیگ، حفظانِ صحت پر سوالات اٹھنے لگے

    ایئر انڈیا کی بین الاقوامی پرواز میں لال بیگ، حفظانِ صحت پر سوالات اٹھنے لگے

    ایئر انڈیا کی بین الاقوامی پرواز میں دورانِ سفر لال بیگ کی موجودگی پر مسافروں کی شکایت کے بعد ایئرلائن انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے ناقص انتظامات پر بھارتی ایئرلائنز، خاص طور پر ایئر انڈیا، ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔

    ایئر انڈیا کی پرواز AI-180، جو سان فرانسسکو سے ممبئی جا رہی تھی، دورانِ پرواز جب کولکتہ میں ایندھن بھرنے کے لیے رکی، تو اس وقت دو مسافروں نے جہاز میں لال بیگ کی موجودگی کی نشاندہی کی۔ دونوں مسافر کیڑے کو دیکھ کر شدید پریشان ہو گئے اور عملے سے فوری شکایت کی۔ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق شکایت موصول ہوتے ہی مسافروں کو اسی کیبن میں دیگر نشستوں پر منتقل کر دیا گیا، جہاں انہوں نے بقیہ سفر اطمینان سے مکمل کیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ شکایت کے بعد جہاز کی گہرائی سے صفائی کی گئی اور مکمل جراثیم کش اقدامات کیے گئے، جس کے بعد طیارہ وقت پر ممبئی روانہ ہو گیا۔

    ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "ایئر انڈیا کی تمام پروازوں میں باقاعدگی سے فومیگیشن (جراثیم کش اسپرے) کیا جاتا ہے، تاہم بعض اوقات گراؤنڈ آپریشنز کے دوران کیڑے مکوڑے جہاز میں داخل ہو جاتے ہیں، جس پر قابو پانے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔”

    یہ واقعہ ایئر انڈیا کے صفائی اور صحت سے متعلق دعووں پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ ماضی میں بھی ایئر انڈیا کو صفائی کے ناقص معیار، خستہ حال جہازوں اور سروس کے مسائل پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں میں اس قسم کے واقعات نہ صرف مسافروں کے اعتماد کو مجروح کرتے ہیں بلکہ بھارت کی عالمی سطح پر ساکھ پر بھی منفی اثر ڈالتے ہیں۔ایئرلائن نے اس واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل میں اس نوعیت کے مسائل سے بچنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

  • بحریہ ٹاؤن میں غیر قانونی پلاٹنگ ،ملک ریاض  کے بیٹے پر مقدمہ درج

    بحریہ ٹاؤن میں غیر قانونی پلاٹنگ ،ملک ریاض کے بیٹے پر مقدمہ درج

    تھانہ روات میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف پنجاب ڈیولپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    اسکیم انسپکٹر عمران حسین جعفری کی شکایت پر درج ہونے والی ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے عہدیدار غیر قانونی طور پر دریائے سواں کے کنارے فلنگ کر کے پلاٹنگ کر رہے ہیں اور سیوریج و کیمیکل ملا پانی دریائے سواں میں ڈال کر ماحولیاتی آلودگی پھیلا رہے ہیں۔اس کے علاوہ، شکایت کنندہ نے کہا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی ریاض، ڈپٹی چیف ایگزیکٹو محمد الیاس، انجینئر محمد سلیم، اور جنرل منیجر چوہدری محمد جمیل سمیت دیگر افراد نے انسٹالمنٹ پلان کی اشتہار بازی کے ذریعے غیر قانونی پلاٹس کی فروخت شروع کر رکھی ہے، جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    عمران حسین جعفری کے مطابق، انہوں نے متعدد وزٹ کے دوران اور 30 جولائی 2025 کو بحریہ ٹاؤن کے فیز 7 اور 8 میں موجود مختلف مقامات کا معائنہ کیا، جہاں پر تجاوزات اور غیر قانونی سرگرمیاں جاری تھیں۔ متعلقہ اتھارٹی کی جانب سے نوٹسز جاری کیے گئے، لیکن ملزمان نے نہ تو ان کا جواب دیا اور نہ ہی غیر قانونی کارروائیاں بند کیں۔ایف آئی آر کے مطابق، ان سرگرمیوں پر سخت قانونی کارروائی کے لیے تھانہ روات میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    مقدمہ درج کرتے ہوئے پولیس نے کہا کہ ملزمان کے خلاف دفعہ 1(4)، 34، 15، 12، 4، اور 3 کے تحت سخت قانونی کاروائی کی جائے گی تاکہ قانون کی بالا دستی یقینی بنائی جا سکے۔

  • برطانیہ میں طوفان فلورِس کا زور، ٹرینیں منسوخ، تقریبات ملتوی

    برطانیہ میں طوفان فلورِس کا زور، ٹرینیں منسوخ، تقریبات ملتوی

    برطانیہ میں طوفان فلورِس کی شدت کے باعث متعدد اہم سروسز متاثر ہوئیں اور حفاظتی اقدامات کے طور پر ٹرینوں کی سروسز منسوخ اور عوامی تقریبات ملتوی کر دی گئیں۔ برطانوی حکام نے مختلف علاقوں میں طوفان اور تیز ہواؤں کے پیش نظر ایمبر اور یلو وارننگز جاری کی ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان فلورِس اسکاٹ لینڈ، شمالی آئر لینڈ، ویلز اور شمالی انگلینڈ میں غیر معمولی تیز ہوائیں اور موسلا دھار بارشیں لے کر آیا ہے۔ خاص طور پر اسکاٹ لینڈ کے وسیع حصوں میں صبح 10 بجے سے ایمبر وارننگ نافذ کی گئی ہے، جب کہ شمالی انگلینڈ، ویلز، شمالی آئر لینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے لیے صبح چھ بجے سے یلو وارننگ جاری ہے۔نیوکاسل کے شمال میں ایسٹ کوسٹ مین لائن کی ریلوے سروسز کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ مغربی جانب پریسٹن کے شمال میں ریلوے مسافروں کو سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، گلاسگو سے اسکاٹش جزیروں کے لیے تمام پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ ہوائی سفر کو محفوظ بنایا جا سکے۔

    ایڈنبرا میں پرنسز اسٹریٹ گارڈنز کو بند کر دیا گیا ہے تاکہ طوفان سے کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔ مزید برآں، نارتھ بیروک میں آج ہونے والا "فرنج بائے دی سی” فیسٹیول بھی حفاظتی وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔حکام نے ڈرائیوروں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔ طوفان اور تیز ہواؤں کی وجہ سے نظام زندگی میں بڑے پیمانے پر خلل پڑنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر عوام سے کہا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

    برطانیہ میں آنے والے دنوں میں موسم کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مزید حفاظتی اقدامات کی توقع ہے۔

  • تحریک انصاف کے اراکین ٔپارلیمنٹ اسلام آباد طلب

    تحریک انصاف کے اراکین ٔپارلیمنٹ اسلام آباد طلب

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے اپنے تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ارکان آج جمع ہو کر پارٹی قیادت کے ساتھ اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اسلام آباد میں ایک اجلاس کرے گی جس میں 5 اگست کو ہونے والے احتجاج سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ پارٹی کی جانب سے تمام ارکان اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد میں موجود رہیں تاکہ احتجاجی حکمت عملی پر بھرپور توجہ دی جا سکے۔

    پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین اس بار سیاسی مہم کے ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں اور 5 اگست کی تاریخ کو کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ یہ اقدام تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے ذریعے حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں کو پیغام دیا جائے گا۔تاہم اراکین کو گرفتاریوں کا بھی خوف ہے کیونکہ متعدد اراکین کو سزائیں ہو چکی ہیں اور کئی رہنما اشتہاری ہیں.

    واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی تحریک انصاف نے متعدد مرتبہ ملک کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے ہیں، جن کا مقصد سیاسی دباؤ بڑھانا اور اپنی سیاسی حکمت عملی کو تقویت دینا ہوتا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے اسلام آباد میں ارکان اسمبلی کی طلبی کو سیاسی منظرنامے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر آنے والے دنوں میں ملک کی سیاسی صورتحال میں مزید شدت آ سکتی ہے۔

  • مرکزی مسلم لیگ قانونی و آئینی دائرہ کار کے اندر رہ کر سیاست کر رہی،حافظ طلحہ سعید

    مرکزی مسلم لیگ قانونی و آئینی دائرہ کار کے اندر رہ کر سیاست کر رہی،حافظ طلحہ سعید

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ مکمل طور پر سیاسی ،قانونی اور آئینی دائرہ کار کے اندر رہ کر سیاست کر رہی ہے. ہر اس خیال یا ظاہری و خفیہ بیانی،سازش،پلان کو مسترد کرتے ہیں جو ہماری پر امن سیاسی جدوجہد کو کسی بھی طور پر کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی سے جوڑنے اور ہائی جیک کرنے کی کوشش کرے۔ ہماری جدوجہد سیاسی، قانونی اور آئینی حوالے سے ہے، قطعی طور عسکری نہیں ہے، عسکری امور کا تعلق پاکستان کی مسلح افواج سے ہے۔

    اپنے ایک بیان میں حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ ہمارا یقین ہے کہ پاکستان کے دفاع اور عسکری امور سے متعلق تمام تر ذمہ داری صرف اور صرف پاکستان کی مسلح افواج کی ہے، جو نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر آئینی و قانونی ادارہ ہے۔ جس کی کارکردگی پر ہم مکمل طور پر مطمئن ہیں۔ہم اپنی سیاسی حیثیت اور دائرہ کار کو بخوبی جانتے ہیں، اور ہمیشہ ملکی، سفارتی اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ہمارے نزدیک ایک کھلی زیادتی، ظلم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اس قبضے کے خلاف آواز اٹھانا، نہ صرف سیاسی حق ہے بلکہ اخلاقی و انسانی فریضہ بھی ہے۔حافظ طلحہ سعید کا مزید کہنا تھا کہ ایسی پر امن، سیاسی جدوجہد کو کسی بھی قسم کی دہشتگردی سے جوڑنا نہ صرف غیر آئینی و غیر قانونی اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ بھارتی ریاستی بیانیے کا حصہ ہے، جسے ہم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ہم پر امن ، دلیل پر مبنی اور ملکی و بین الاقوامی قانون کی دی ہوئی وسعت کے مطابق جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور دنیا بھر کے باشعور طبقات سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ حق و باطل میں فرق کریں۔

  • سیاحتی مقامات کیلئے موسم کے اعتبار سے پیشگی آگاہی کا نظام تشکیل دیا جائے.وزیراعظم

    سیاحتی مقامات کیلئے موسم کے اعتبار سے پیشگی آگاہی کا نظام تشکیل دیا جائے.وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں حالیہ مون سون و سیلابی صورتحال کے نتیجے میں نقصانات اور امدادی کاروائیوں و بحالی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا،

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ مون سون میں گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات ہوئے جس پر مجھ سمیت پوری قوم افسردہ ہے. پاکستان کا موسمیاتی تبدیلی میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اسکے مضر اثرات سے سب سے ذیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان شامل ہے. موسمیاتی تبدیلی کو مد نظر رکھتے ہوئے وقتی پیشن گوئی، امدادی کاروائیوں کیلئے تیاری اور خطرے سے دوچار علاقوں میں کلائیمیٹ ریزیلیئنٹ انفراسٹرکچر بنایا جائے. سیاحتی مقامات کیلئے موسم کے اعتبار سے پیشگی آگاہی کا نظام تشکیل دیا جائے.مقامی آبادیوں کو پانی کی قدرتی گزرگاہوں سے دور بحال کیا جائے. مستقبل میں ایسی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کیلئے محکمہ موسمیات کے پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید فعال اور مربوط بنایا جائے. این ڈی ایم اے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی مل کر گلگت میں آئندہ چند ماہ میں پیشگی اطلاعات و مانیٹرنگ کا گلگت بلتستان میں سینٹر بنائیں. ہنگامی صورتحال میں فوری ریسکیو و مدد کیلئے ایک جامع نظام تشکیل دیا جائے.ہنگامی صورتحال میں ریسکیو و ریلیف اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے NDMA صوبائی حکومتوں و اداروں سے تعاون یقینی بنائے،حالیہ مون سون سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کیلئے اقدامات کو جلد مکمل کیا جائے. شاہراہوں و دیگر انفراسٹرکچر کے نقصانات کا سروے کرکے تمام علاقوں کے مواصلاتی روابط کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے

    وزیرِ اعظم نے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، وزارت مواصلات، ضلعی انتظامیہ و ریسکیو افسران و اہلکاروں کی امدادی کاروائیوں اور اقدامات کو سراہا اور کہا کہ گلگت بلتستان سمیت ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کی وسیع استعداد موجود ہے. موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کلائیمیٹ ریزیلئینٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر اور خراب موسمی صورتحال کی پیشگی آگاہی سے سیاحوں و مقامی افراد کو ہنگامی صورتحال سے بچایا جا سکتا ہے. وزیرِ اعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومت کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ،

    اجلاس میں وزیرِ اعظم کو حالیہ بارشوں اور اسکے نتیجے میں سیلاب کی صورتحال و نقصانات سے آگاہ کیا گیا.اجلاس میں صوبائی انتظامیہ اور چیئرمین این۔ ڈی۔ ایم۔ اے نے ملک بھر بالخصوص گلگت بلتستان میں شدید مون سون سے ہونے والے اب تک کے نقصانات، ممکنہ موسمی صورتحال اور اب تک کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی.اجلاس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے گلیشئیل لیک آؤٹ برسٹ کی پیشگی اطلاعات کے نظام کی تنصیب پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں 21 جولائی 2025 کو تھک- بابوسر، تھور، کنڈداس اور اشکومن پر کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے شدید بارش ہوئی جس کے نتیجے میں سیاح اور مقامی آبادی کو نقصان پہنچا. 600 سے زائد لوگوں کو ریسکیو کیا گیا اور تباہ شدہ شاہراہوں کو روابط کی بحالی کیلئے مرمت کرکے دوبارہ کھولا گیا.اجلاس کو بتایا گیا کہ ریسکیو آپریشن کیلئے 5 خیمہ بستیاں قائم کی گئیں جبکہ 10 ہیلی کاپٹر اور 2 C-130 طیاروں کی سارٹیاں سیاحوں و دیگر پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے بروئے کار لائی گئیں. اجلاس کو بتایا گیا کہ اس آپریشن میں پاک فوج، NDMA, ضلعی انتظامیہ، پولیس، GBDMA، 1122، اور ہیلتھ ورکرز نے حصہ لیا. اجلاس کو وزارت مواصلات کی جانب سے بارشوں و سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں، پلوں و انفراسٹرکچر کے بارے بتایا گیا. وزیرِ اعظم نے متاثرہ انفراسٹرکچر کو کلائیمیٹ ریزیلئینس کو ذہن میں رکھتے ہوئے دوبارہ تعمیر کرنے کی ہدایت کی،اجلاس کو وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے GLOF کی پیشگی اطلاعات کے نظام کی جاری تنصیب پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا. وزیرِ اعظم کی NDMA کو وزارت کے ساتھ تعاون سے اس نظام کی آئندہ دو ماہ میں مکمل تنصیب کی ہدایت کر دی. وزیرِ اعظم نے نظام کی تنصیب کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کروانے کی بھی ہدایت کی،وزیرِ اعظم نےوزیرِ آبی وسائل کو گلگت بلتستان میں رک کر پانی کے بہتر نظام کے حوالے سے مشاورت و منصوبی بندی مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی،اجلاس میں وفاقی وزراء انجینیئر امیر مقام، عبدالعلیم خان، عطاء اللہ تارڑ، میاں معین وٹو، ڈاکٹر مصدق ملک، مشیر رانا ثناء اللہ، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر شبیر احمد عثمانی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیراعلی گلگت بلتستان گلبر خان، چیئرمین این۔ ڈی۔ ایم۔ اے انعام حیدر ملک اور دیگر اعلی حکام اور سرکاری عہدے داران نے شرکت کی

  • سپریم کورٹ، نان نفقہ کی ادائیگی کے خلاف مختلف درخواستیں مسترد

    سپریم کورٹ، نان نفقہ کی ادائیگی کے خلاف مختلف درخواستیں مسترد

    سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے نان نفقہ کی ادائیگی کے خلاف مختلف درخواستیں مسترد کر دیں۔

    دوران درخواست چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حقائق کی جانچ سپریم کورٹ کا کام نہیں، ہم یہاں صرف قانون کی خلاف ورزی کو دیکھیں گے،سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نان نفقہ کی ادائیگی سے متعلق شہریوں کی مختلف اپیلوں پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے نان نفقہ کی ادائیگی سے متعلق شہریوں کی مختلف اپیلوں پر سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں حقائق کی جانچ سے متعلق معاملات نہیں آنے چاہئیں، حقائق کی جانچ سپریم کورٹ کا کام نہیں، ہم یہاں صرف قانون کی خلاف ورزی کو دیکھیں گے،نان نفقہ سے متعلق حقائق کی جانچ فیملی کورٹس نے کرنی ہیں، سپریم کورٹ حقائق کی جانچ سے متعلق مداخلت نہیں کرے گی، ہم سمجھتے ہیں ہائی کورٹ کو بھی حقائق کی جانچ میں نہیں جانا چاہیے۔

    درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار علیحدگی کے بعد سے نان نفقہ دینے کو تیار ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ آپ نے 2022ء سے نان نفقہ ادا نہیں کیا، 3 برسوں سے آپ نے اپنے بچوں کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا،جسٹس شفیع صدیقی نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ آپ جو بات کر رہے ہیں اس کے لیے ریکارڈ کا جائزہ لینا پڑے گا، حقائق کی جانچ کا فورم ماتحت عدالت ہے،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ سپریم کورٹ اس مرحلے پر مداخلت نہیں کرے گی۔