Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • پاکپتن، وزیراعلیٰ  پنجاب نےسی او ہیلتھ اور ایم ایس کو گرفتار کروا دیا

    پاکپتن، وزیراعلیٰ پنجاب نےسی او ہیلتھ اور ایم ایس کو گرفتار کروا دیا

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آج ضلع پاکپتن کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کا بغیر پیشگی اطلاع اچانک دورہ کیا، جس دوران ہسپتال کی بدترین حالت، مریضوں کی شکایات، اور انتظامی کوتاہیوں نے حکومت پنجاب کی آنکھیں کھول دیں۔

    دورے کے دوران مریضوں اور تیمارداروں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ہسپتال میں ادویات کی شدید قلت ہے، مریض بازار سے مہنگی دوائیں خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ ہسپتال کی فارمیسی مبینہ طور پر باہر کی میڈیکل سٹورز سے ملی بھگت میں ملوث ہے۔ مریضوں نے ہسپتال میں صفائی، عملے کی حاضری، اور ایمرجنسی سروسز کی ناقص کارکردگی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔موقع پر موجود وزیراعلیٰ مریم نواز سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری ایکشن میں آئیں اور مجرمانہ غفلت کے مرتکب میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ (سی ای او ہیلتھ) کے خلاف مقدمہ درج کروانے اور ان کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا۔

    وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) پاکپتن کو بھی فوری طور پر چارج چھوڑنے کی ہدایت دی، اور کہا کہ ایسے افسران کو عوامی خدمت کے کسی بھی منصب پر نہیں رہنے دیا جا سکتا جو اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہوں۔

    مریم نواز شریف نے سرکاری ہسپتالوں میں فوری طور پر کوڈ ریڈ اور کوڈ بلیو سسٹم نافذ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اور مربوط طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے محکمہ صحت پنجاب کو تمام اضلاع میں ہسپتالوں کی ازسرنو نگرانی، ادویات کی سپلائی کی شفافیت، اور عملے کی کارکردگی کی جانچ کا حکم دیا۔

  • وادی نیلم میں سیاحوں کی گاڑی دریا میں جاگری، پانچ خواتین سمیت 6 جاں بحق

    وادی نیلم میں سیاحوں کی گاڑی دریا میں جاگری، پانچ خواتین سمیت 6 جاں بحق

    آزاد کشمیر کے سیاحتی علاقے وادی نیلم میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں سیاحوں کی ایک گاڑی بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جاگری، جس کے نتیجے میں پانچ خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک بچہ تاحال لاپتہ ہے۔

    ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ دلخراش واقعہ چلہانہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں سیاحوں کی گاڑی اچانک توازن کھو بیٹھنے کے بعد گہری کھائی میں جاگری اور سیدھا دریائے نیلم میں جاپہنچی۔ گاڑی میں مجموعی طور پر سات افراد سوار تھے جن میں پانچ خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل تھے۔ریسکیو اہلکاروں اور مقامی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے چھ لاشوں کو دریا سے نکال لیا ہے۔ لاپتہ بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیموں کا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے بتایا گیا ہے، جو سیاحت کی غرض سے وادی نیلم آئے تھے۔ ڈی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی مشترکہ ٹیمیں علاقے میں موجود ہیں اور لاپتہ بچے کی تلاش کے لیے ڈرون اور غوطہ خوروں کی مدد سے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

  • لیاری،رہائشی عمارت گرنے سے 7 اموات،8 زخمی،رپورٹ جاری

    لیاری،رہائشی عمارت گرنے سے 7 اموات،8 زخمی،رپورٹ جاری

    کراچی،لیاری بغدادی میں رہائشی عمارت گرنے کی ریسکیو کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی

    اب تک 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمیوں کو ریسکیو کرلیا گیا،ملبےتلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں ،عمارت منہدم ہونے کی اطلاع 10بجکر53 منٹ پر موصول ہوئی، 5ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل، 2 اسنارکل اور متعدد ایمبولینس موقع پر موجود ہیں ،متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے کرینز اور لفٹر جائے وقوعہ پر پہنچا دیے گئے ہیں، ریسکیو کے100 سے زائد اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ، لوگوں کے ہجوم اور جگہ جگہ راستے بلاک ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات ہیں، ریسکیو کی ایمبولینس میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے،

  • پاکستان دنیا میں کہیں بھی بے گناہ لوگوں پرظلم کرنے والوں کے خلاف کھڑا ہے،وزیراعظم

    پاکستان دنیا میں کہیں بھی بے گناہ لوگوں پرظلم کرنے والوں کے خلاف کھڑا ہے،وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا پانی روکنے کا بھارتی اقدام جنگ کے مترادف ہوگا۔

    آذر بائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، پاکستان کا پانی روکنے کا بھارتی اقدام جنگ کے مترادف ہوگا، بھارتی اقدامات کا مقصد علاقائی امن کو نقصان پہنچانا تھا، پاک فوج نے مثالی جرات، پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اشتعال انگیزی کاجواب دیا۔ اسرائیل غزہ جنگ پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ کو تباہی کا سامنا ہے، ایسا لگتا ہے جیسے غزہ میں انسانیت کا وجود ہی نہیں، قحط سالی کی صورتحال، فاقہ کشی اور امدادی کارکنوں پر اسرائیلی حملےجاری ہیں، پاکستان دنیا میں کہیں بھی بے گناہ لوگوں پرظلم کرنے والوں کے خلاف کھڑا ہے،ماحولیاتی چیلنجز نےلاکھوں لوگوں کے روزگار کوخطرے میں ڈال دیا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ 10 ملکوں میں شامل ہے، پگھلتےگلیشیئرز، شدید گرمی، سیلاب اوردیگر چیلنجز کا سامنا ہے تاہم پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پالیسی وضع کی ہے۔

    دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہر خانکیندی میں 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے مابین تمام شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی گزشتہ ملاقات کے دوران کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کے تناظر میں ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے صدر پیزشکیان کی قیادت کو سراہا اور حالیہ بحران کے دوران ایران کے جنگ بندی کے فیصلے کو سراہا۔

    وزیراعظم نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کو دہراتے ہوئے خطے میں امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ صدر پیزشکیان نے حالیہ بحران کے دوران عالمی فورمز سمیت ایران کے لیے پاکستان کی مضبوط سفارتی حمایت کو سراہا اور تنازع کو کم کرنے میں پاکستان کے اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے ایرانی صدر کو ایرانی سپریم لیڈر کیلئے مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔

  • خدارا اپنی آنے والی نسلوں پر رحم کریں اور درخت لگائیں،لاہور ہائیکورٹ

    خدارا اپنی آنے والی نسلوں پر رحم کریں اور درخت لگائیں،لاہور ہائیکورٹ

    لاہور ہائیکورٹ نے بلند وبالا عمارتوں کی چھتوں پر سبزہ لگانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہےکہ کسی ایسے منصوبے کی منظوری نہ دی جائے جس میں درخت کاٹے جائیں۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی جس سلسلے میں ایل ڈی اے نے گرین بلڈنگز پالیسی رپورٹ عدالت میں پیش کی،جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی اورڈی جی پی ایچ کے یلو لائن ٹرین کے لیے درخت کاٹنے کے بیان پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا،عدالت نے کہا کہ اگر ڈی جی پی ایچ اے نے درخت کاٹے تو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیے جائیں گے، منصوبہ شروع کرنے کے خلاف نہیں، منصوبہ بنائیں لیکن درخت نہ کاٹیں، اس پر وکیل ایل ڈی اے نے کہا کہ گرین بلڈنگز میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت دیگر شرائط رکھی گئی ہیں،عدالت نے سوال کیا کہ جو ابھی بلڈنگز بنائی گئی ہیں ان کے لیے آپ نے کیا کیا؟ وکیل ایل ڈی اے نے کہا کہ گرین بلڈنگزپالیسی نئی بنائی جانے والی عمارتوں کے لیے ہے، لاہور میں 6 عمارتیں گرین بلڈنگز ڈکلیئر کی گئی ہیں۔

    لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ یلو لائن ٹرین منصوبے کے بارے میں بتائیں، اس پر سرکاری وکیل نے کہا یہ منصوبہ ابھی زیر غور ہے، کوئی عملی کام نہیں ہوا۔عدالت نے کہا کہ درخت کاٹنے کی کسی صورت اجازت نہیں، کسی ایسے منصوبے کی منظوری نہ دی جائے جس میں درخت کاٹے جائیں، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات آپ سب نے دیکھے نہیں ہیں، مغربی ممالک تو ان تبدیلیوں سے نمٹ لیں گے ہم نہیں نمٹ سکتے، خدارا اپنی آنے والی نسلوں پر رحم کریں اور درخت لگائیں،بعد ازاں عدالت نے اہم سڑکوں کو ون وے کرنے کے لیے سی ٹی او سے رپورٹ مانگ لی

  • بلا لائسنس شیر رکھنے والے شخص کو ہتھکڑیاں لگ گئی

    بلا لائسنس شیر رکھنے والے شخص کو ہتھکڑیاں لگ گئی

    لاہور میں غیر قانونی شیر رکھنے کا انکشاف، وائلڈ لائف کی بروقت اور سخت کارروائی،شیر رکھنے والے کو گرفتار کر لیا

    سینٸروزیرمریم اورنگزیب نے واقعہ کی بھرپور مذمت کی،زخمیوں کوبروقت ہسپتال پہنچادیاگیا تھااور ان کا علاج معالجہ جاری ہےواٸلڈ لاٸف رینجرز موقع پرپہنچ گٸی اورپولیس کے تعاون سے شاہ دی کھوئی میں بلا لائسنس شیر رکھنے والے شخص کو گرفتارکرلیا،واٸلڈ لاٸف رینجرزنے شیر کوزندہ پکڑکر محفوظ مقام پرپہنچادیا گیا،محکمہ وائلڈ لائف نے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرلی

    بلا لائسنس اور بغیر حفاظتی تقاضوں کے شیر رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہے،خلاف ورزی پر سات سال قید اور پچاس لاکھ روپے جرمانے کی سزا مقرر ہے،نئے قوانین کے تحت شیر رکھنے کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ، مقررہ سائز کا پنجرہ اور ایس او پیز پر عملدرآمد لازم ہے،محکمہ وائلڈ لائف عوامی تحفظ اور جنگلی حیات کی بقاء کے لیے بھرپور اور بے لچک اقدامات کر رہا ہے،عوام الناس سے اپیل: غیر قانونی طور پر کسی کے پاس شیر موجود ہو تو فوری اطلاع 1107 پر دیں،جس بھی کسی کے پاس بلالاٸسنس کوٸی جنگلی جانور پایاگیا تو قانون فوری حرکت میں اۓ گا،انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی کو کسی بھی صورت نہیں دی جاسکتی،قوانین اسی لیے بناۓ گئے ہیں،اپ کی لاپرواہی کسی کی جان لے سکتی ہے،اس لیےجنگلی جانوررکھنے سے پہلے تمام ایس او پیز پرعملدرامدیقینی بناٸیں،بلالاٸسنس جنگلی جانور رکھنے والوں کے ساتھ کوٸی رعایت نہیں برتی جاٸیگی،یہ لوگ سخت سزاٶں اورجرمانوں کےمستحق ہیں

    سینٸروزیر مریم اورنگزیب نے غیرقانونی طورپر جنگلی جانور رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاٶن کاحکم دے دیا اور کہا کہ وائلڈ لائف قوانین پر سختی سے عملدرآمد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ماحولیاتی تحفظ مشن کا اہم حصہ ہے

  • غزہ جنگ بندی،حماس کا جواب 24 گھنٹوں میں متوقع ہے،ٹرمپ

    غزہ جنگ بندی،حماس کا جواب 24 گھنٹوں میں متوقع ہے،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی سے متعلق حماس کا جواب 24 گھنٹوں میں آجائےگا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر اور امریکا کی غزہ جنگ بندی کی جو نئی تجاویز حماس کو پیش کی گئی تھیں حماس اس تجویز کردہ جنگ بندی پر دیگر مزاحمتی گروپوں سے مشاورت کررہی ہے اور ممکنہ طور پر اگلے 2 دن میں جواب دے سکتی ہے،ترک خبر ایجنسی نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا کہ حماس نئی تجاویز قبول کرنے کا سوچ رہی ہے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ امکان ہے غزہ جنگ بندی سے متعلق حماس کا جواب اگلے 24 گھنٹوں میں آجائےگا،دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں اور غزہ کی وزارت صحت کے مطابق بدھ اور جمعرات کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 94 فلسطینی شہیدکردیے گئے جن میں سے 45 افراد امداد کے حصول کی کوشش کے دوران شہید کیے گئے۔

  • ایئر انڈیا حادثہ،متاثرہ خاندانوں کا ایئر لائن پر زبردستی مالی معلومات مانگنے کا الزام

    ایئر انڈیا حادثہ،متاثرہ خاندانوں کا ایئر لائن پر زبردستی مالی معلومات مانگنے کا الزام

    گزشتہ ماہ احمد آباد میں ہونے والے ایئر انڈیا طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی ایئر لائن نے اُنہیں "پیشگی معاوضہ نہ دینے کی دھمکی” دے کر زبردستی مالی معلومات دینے پر مجبور کیا۔ دوسری جانب، ایئر انڈیا نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ادائیگیوں کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے صرف بنیادی معلومات طلب کی جا رہی ہیں۔”

    ایئر انڈیا نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا "ایئر انڈیا ان ادائیگیوں کو معلومات کی غیر موجودگی میں مکمل نہیں کر سکتی۔ ہم نے صرف خاندانی رشتے قائم کرنے کے لیے ضروری معلومات مانگی ہیں تاکہ معاوضے کی رقم ان ہی لوگوں کو ملے جو اس کے حق دار ہیں۔”

    یاد رہے کہ یہ افسوسناک حادثہ 12 جون کو اس وقت پیش آیا جب لندن جانے والی فلائٹ AI-171 نے احمد آباد ایئرپورٹ سے دوپہر تقریباً 1:30 بجے پرواز کی، اور تھوڑی دیر بعد بی جے میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں کی رہائش گاہوں پر گر کر تباہ ہو گئی۔ حادثے میں طیارے میں سوار 242 میں سے صرف ایک شخص زندہ بچ پایا، جبکہ باقی تمام مسافر، عملہ اور زمین پر موجود افراد جاں بحق ہو گئے۔

    ٹاٹا گروپ نے حادثے کے بعد جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا، جبکہ ایئر انڈیا کی جانب سے فوری طور پر 25 لاکھ روپے کی عبوری ادائیگی کی پیشکش بھی کی گئی۔ تاہم، متاثرہ خاندانوں کی جانب سے ایئر انڈیا پر الزام لگایا گیا ہے کہ یہ عبوری رقم صرف اُس وقت دی جا رہی ہے جب خاندان سوالنامہ بھرنے پر رضامند ہوں۔برطانیہ کی سب سے بڑی قانونی فرم "سٹیورٹس” نے الزام عائد کیا ہے کہ خاندانوں کو شدید گرمی میں بغیر کسی قانونی رہنمائی کے ایک پیچیدہ سوالنامہ بھرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔فرم کا کہنا ہے کہ اس سوالنامے میں قانونی اصطلاحات شامل ہیں جنہیں عام شہری سمجھنے سے قاصر ہیں اور یہ معلومات بعد میں ایئر انڈیا متاثرہ خاندانوں کے خلاف بھی استعمال کر سکتی ہے۔

    ایئر انڈیا نے ان الزامات کو "بے بنیاد اور گمراہ کن” قرار دیا اور کہا کہ "ہم نے حادثے کے بعد چند دنوں میں ہی پہلا عبوری معاوضہ جاری کر دیا تھا تاکہ متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی ضروریات پوری ہو سکیں۔ سوالنامے میں صرف یہ پوچھا گیا ہے کہ کیا خاندان کا کوئی فرد مرحوم پر مالی طور پر انحصار کرتا تھا، جو کہ ادائیگی کے لیے ایک معقول اور ضروری سوال ہے۔”ایئر انڈیا نے بتایا کہ تاج اسکائی لائن ہوٹل، احمد آباد میں ایک سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے جہاں خاندانوں کو سوالنامہ پُر کرنے میں مدد دی جا رہی ہے۔ مزید یہ کہ ای میل کے ذریعے بھی سوالنامہ فراہم کیا جا رہا ہے۔اب تک 47 خاندانوں کو عبوری ادائیگی کی جا چکی ہے، جبکہ مزید 55 افراد کے کاغذات کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے اور ان کی ادائیگی جلد جاری کر دی جائے گی۔

    حادثے کی تحقیقات بھی جاری ہیں، جن میں سازش کے پہلو کو بھی دیکھا جا رہا ہے۔ کچھ متاثرہ خاندانوں کی جانب سے برطانیہ اور امریکہ میں ایئر انڈیا اور دیگر کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

  • دوران پرواز بھارتی نوجوان کا مسافر پر تشدد، گرفتار

    دوران پرواز بھارتی نوجوان کا مسافر پر تشدد، گرفتار

    میامی جانے والی فلائٹ میں 21 سالہ بھارتی نژاد نوجوان اشان شرما کو ایک مسافر پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ 30 جون کو فرنٹیئر ایئرلائن کی پرواز میں پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اشان شرما اور کیانو ایوانس آپس میں سخت جھگڑے میں مبتلا ہیں اور دونوں ایک دوسرے کی گردن پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ دیگر مسافر انہیں لڑائی روکنے کی تلقین کرتے نظر آ رہے ہیں۔متاثرہ کیانو ایوانس نے پولیس کو بتایا کہ اشان شرما نے بغیر کسی وجہ کے ان پر حملہ کیا۔ ایوانس نے بتایا کہ شرما نے جب اپنی نشست پر واپس جا رہا تھا تو اچانک اس کی گردن پکڑ لی، جس سے جھگڑا شروع ہو گیا۔کیانو ایوانس کا کہنا تھا، "وہ عجیب قسم کی ہنسی لگا رہا تھا اور کہہ رہا تھا، ‘تم چھوٹے اور نادان انسان ہو، اگر تم نے مجھے چیلنج کیا تو تمہاری موت ہو جائے گی۔’” ایوانس نے مزید بتایا کہ جب وہ واش روم جانے کے لیے اپنی نشست چھوڑ کر فلائٹ اٹینڈنٹس کو صورتحال سے آگاہ کرنے گیا تو اسے کہا گیا کہ اگر مسئلہ برقرار رہا تو مدد کا بٹن دبائیں۔

    ایوانس نے مدد کا بٹن دبایا جب شرما نے مسلسل دھمکیاں دینا شروع کیں، اور پھر صورتحال بڑھ گئی۔ انہوں نے بتایا، "وہ مجھے بہت غصے سے دیکھ رہا تھا، اور ہم آمنے سامنے تھے۔ اچانک اس نے میری گردن پکڑ کر مجھے گلا گھونٹنا شروع کر دیا۔ اس لمحے میں نے خود کو بچانے کے لیے لڑائی شروع کی کیونکہ فلائٹ کی محدود جگہ میں اور کوئی چارہ نہیں تھا۔”فلائٹ کے میامی پہنچنے پر اشان شرما کو گرفتار کر لیا گیا ، جیل کے ریکارڈز کے مطابق ان پر 500 ڈالر کے بانڈ کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

    شرما کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ یہ واقعہ اس وقت شروع ہوا جب ان کے موکل مراقبہ کر رہا تھا۔ وکیل کے مطابق، "میرا مؤکل ایک ایسے مذہب سے تعلق رکھتا ہے جہاں مراقبہ ایک معمول کی بات ہے۔ بدقسمتی سے، پیچھے بیٹھے ہوئے مسافر کو یہ بات پسند نہیں آئی۔”یہ واقعہ فلائٹ کے دوران ایک غیر متوقع جھگڑے کی صورت اختیار کر گیا، جس نے مسافروں کو خوفزدہ کر دیا۔

  • کراچی،لیاری بغدادی میں 5 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس

    کراچی،لیاری بغدادی میں 5 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس

    کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں ایک 5 منزلہ عمارت اچانک گر گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے 6 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

    زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسپتال حکام نے بتایا کہ ان میں سے ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ دیگر پانچ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ زخمیوں کا علاج جاری ہے اور ان کی صحت کے حوالے سے ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل نگرانی کر رہی ہے،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں تقریباً 6 فیملیز رہائش پذیر تھیں اور عمارت کی اچانک تباہی نے ان کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس عمارت کے بارے میں کسی بھی قسم کا کوئی نوٹس یا وارننگ جاری نہیں کی گئی تھی، جس سے بچاؤ کے لیے کوئی پیشگی تدابیر نہیں اختیار کی جا سکیں۔

    اس واقعے کے فوری بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کو ریسکیو آپریشن اور زخمیوں کی حالت کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو بوسیدہ عمارتوں کی فوری تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے تاکہ ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں،علاقہ مکینوں کی حفاظت کے لیے متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کر رہے ہیں جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ رہیں اور کسی بھی مشتبہ عمارت کی معلومات متعلقہ حکام کو فوری فراہم کریں تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔