Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وزیر خزانہ سے پاکستان کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے ادارے کے وفد کی ملاقات

    وزیر خزانہ سے پاکستان کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے ادارے کے وفد کی ملاقات

    وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے ادارے کے وفد نے ملاقات کی۔

    وزیر خزانہ نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ معاشی اور ٹیکس پالیسیوں کو مؤثر، قابلِ عمل اور اصلاحاتی اہداف سے ہم آہنگ رکھنے کیلئے پیشہ ورانہ اداروں اور صنعتی شعبے کے ساتھ مسلسل مشاورت انتہائی اہم ہے۔
    انہوں نے حکومت کی جانب سے ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے جاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اصلاحات کا محور افرادی قوت، نظام اور ٹیکنالوجی ہے۔ وزیر خزانہ نے ادارہ جاتی جدیدیت، طریقہ کار میں آسانی اور خودکار نظام کے فروغ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شفافیت بڑھے گی، غیر ضروری انسانی مداخلت کم ہوگی اور ٹیکس دہندگان کو سہولت میسر آئے گی۔

    اس موقع پر وزیر خزانہ نے وزارتِ خزانہ کے تحت ٹیکس پالیسی دفتر کے فعال ہونے کو اہم ادارہ جاتی اصلاح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ٹیکس پالیسی سازی مزید مضبوط ہوگی اور پالیسی و انتظامی امور میں بہتر ہم آہنگی پیدا ہوگی۔اجلاس میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ٹیکس عملداری، نگرانی اور محصولات کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں مصنوعی ذہانت پر مبنی پیداوار نگرانی اور ٹیکنالوجی سے چلنے والے نگرانی کے نظام دستاویزی عمل کو بہتر، ٹیکس عملداری کو مضبوط اور نظام میں موجود مالی بے ضابطگیوں کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔وفد نے دستاویزی معیشت، گروپ ٹیکس نظام، برآمدی خدمات اور مختلف شعبوں میں ٹیکس نظام کو یکساں بنانے سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں کاروباری ماحول کی بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ، محصولات میں اضافے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

    وزیر خزانہ نے وفد کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آئندہ بجٹ سازی کے عمل میں بغور زیر غور لایا جائے گا۔ انہوں نے شفاف، ٹیکنالوجی پر مبنی اور سہولت فراہم کرنے والے ٹیکس نظام کے قیام کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا جو معاشی ترقی، دستاویزی معیشت اور مؤثر طرزِ حکمرانی کو فروغ دے سکے۔وفد کی قیادت سمیع اللہ صدیقی نے کی، جبکہ وفد میں جہاں زیب امین، احمد رضا میر اور ذیشان اعجاز بھی شامل تھے۔

  • پاکستان خطے میں پیشہ ورانہ انداز میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے،ایران

    پاکستان خطے میں پیشہ ورانہ انداز میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے،ایران

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پیشہ ورانہ انداز میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف سفارتی معاملات میں ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔

    پریس بریفنگ کے دوران ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ ایران نے خطے کے مجموعی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے امریکی تجاویز کا تفصیلی جواب دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خارجہ پالیسی میں علاقائی استحکام اور باہمی احترام کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ چین کو بھی ایران کی جانب سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ امریکی اقدامات خطے میں بے چینی اور عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں، جو کسی بھی طور پر خطے کے مفاد میں نہیں۔

    دوسری جانب عالمی سفارتی ذرائع کے مطابق سابق امریکی صدرڈونلڈٹرمپ آئندہ بدھ کو چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ رہے ہیں۔ اس دورے کو عالمی سطح پر نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس کے دوران امریکہ، چین اور دیگر علاقائی ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات اور پالیسی امور پر بات چیت کا امکان ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ صورتحال میں مشرق وسطیٰ اور ایشیا میں بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیاں عالمی طاقتوں کے درمیان تعلقات کے نئے رخ کی نشاندہی کر رہی ہیں، جس میں پاکستان جیسے ممالک کا ثالثی کردار اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

  • معرکہ حق ، ایف سی بلوچستان نارتھ کے افسران و جوانوں کی یادگارِ شہداء پر حاضری

    معرکہ حق ، ایف سی بلوچستان نارتھ کے افسران و جوانوں کی یادگارِ شہداء پر حاضری

    کوئٹہ: معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر ایف سی بلوچستان نارتھ کے افسران اور جوانوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

    اس موقع پر افسران اور جوانوں نے شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ایف سی بلوچستان نارتھ کی جانب سے شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔افسران اور جوانوں نے ملک و قوم کی خاطر عظیم قربانیاں دینے والے شہداء کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ اہلِ خانہ میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر ایف سی بلوچستان نارتھ کے افسران اور جوانوں نے وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔

  • پنجاب کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان

    پنجاب کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان

    پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق اس سال طلبہ کو طویل تعطیلات دی جائیں گی۔

    پنجاب حکومت نے 3 ماہ سے زائد عرصے پر محیط گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت اور طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اس حوالے سے بتایا کہ گرمیوں کی چھٹیاں 22 مئی (جمعہ) سے شروع ہوں گی۔ ان کے مطابق تمام سرکاری و نجی اسکول اس شیڈول پر عمل کریں گے۔وزیرِ تعلیم نے مزید کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے 24 اگست کو دوبارہ کھولے جائیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ طویل وقفہ طلبہ اور اساتذہ دونوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔

  • اسلام آباد میں خودکش حملے کا منصوبہ ناکام،خاتون دہشتگرد گرفتار

    اسلام آباد میں خودکش حملے کا منصوبہ ناکام،خاتون دہشتگرد گرفتار

    وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے انٹیلیجنس ایجنسیوں نے پاکستان کو بہت بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے بلوچستان سے ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کیا۔

    کوئٹہ میں خاتون خودکش بمبار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا ہمارے ساتھ بیٹھی خاتون خودکش حملے کے مشن پر تھی، خاتون خودکش حملہ آور کو اسلام آباد میں حملے کا ہدف دیا گیا تھا، انٹیلیجنس ایجنسی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنایا، دہشتگردوں کا بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم بچیوں کو تعلیم دینا چاہتے ہیں جبکہ دہشتگرد انہیں خودکش جیکٹس پہنا رہے ہیں، ہم بچی کو باعزت طریقے سے اس کے والد کے حوالے کررہے ہیں، دہشتگرد خواتین کو پھنساتے ہیں، بین الاقوامی آقاوں کو خوش کرنے کے لیے دہشتگرد بچیوں کا استحصال کرتے ہیں، خاتون کو دھمکی دی گئی کہ خود کش حملہ نہ کیا تو والد کومار دیں گے۔اس کیس میں خاتون کا کزن انوالو تھا، دہشت گردوں کو بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں،

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا انٹیلیجنس ایجنسیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کو بہت بڑی تباہی سے بچایا، انٹیلی جنس ایجنسیز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بچی کو گرفتار کیا، بلوچ خواتین کبھی اس جنگ کا حصہ نہیں ہیں، یہ کونسی روایت ہے کہ اپنے مفادات کے لیے بلوچ بچیوں کا استعمال کرتے ہیں۔

  • ٹھٹھہ،مال گاڑی حادثے کا شکار، تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    ٹھٹھہ،مال گاڑی حادثے کا شکار، تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    ضلع ٹھٹھہ میں جنگشانی ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک مال گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں انجن سمیت تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے کے باعث ریلوے کا لوپ لائن ٹریک متاثر ہوا اور ٹرینوں کی آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔

    پاکستان ریلویز کے حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثہ مال گاڑی کے ایئر پریشر بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جس کی وجہ سے گاڑی پر قابو برقرار نہ رکھا جا سکا۔ریلوے حکام نے مزید بتایا کہ متاثرہ لوپ لائن ٹریک کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں اور کوٹری سے ریلوے کی تکنیکی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں۔ مرمتی کام مکمل ہونے تک ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت جزوی طور پر متاثر رہنے کا امکان ہے۔حکام کے مطابق حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے

  • گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، اسلام پورہ میں پری بورڈامتحانات بارے پی ٹی ایم

    گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، اسلام پورہ میں پری بورڈامتحانات بارے پی ٹی ایم

    لاہور،گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، اسلام پورہ لاہور میں آج پری بورڈ امتحانات کے بعد ایک اہم پیرنٹس ٹیچرز میٹنگ (پی ٹی ایم) کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طالبات کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لینا اور آئندہ بورڈ امتحانات کے لیے بہتر حکمتِ عملی ترتیب دینا تھا۔

    میٹنگ میں بڑی تعداد میں طالبات کے والدین نے شرکت کی جبکہ کالج کی فیکلٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ اس دوران اساتذہ نے والدین سے ملاقات کر کے ہر طالب علم کی مجموعی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور انفرادی سطح پر طالبات کی تعلیمی پیش رفت، کمزور پہلوؤں اور بہتری کے امکانات سے والدین کو آگاہ کیا۔اساتذہ نے والدین کو بتایا کہ پری بورڈ امتحانات طالبات کی تیاری کا اہم مرحلہ ہیں جن کے نتائج کی بنیاد پر آئندہ بورڈ امتحانات کی حکمت عملی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر خصوصی طور پر ان طالبات پر بھی بات کی گئی جنہیں مزید محنت اور رہنمائی کی ضرورت ہے، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔میٹنگ کے دوران اساتذہ اور والدین کے درمیان تعلیمی مسائل، گھریلو ماحول کے اثرات، مطالعہ کے طریقہ کار اور امتحانی تیاری کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اساتذہ نے والدین پر زور دیا کہ وہ گھر کے ماحول میں مطالعے کے لیے سازگار حالات فراہم کریں اور طالبات کی باقاعدہ نگرانی کریں تاکہ وہ بہتر نتائج حاصل کر سکیں۔

    والدین نے بھی اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور کالج انتظامیہ و اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں نہ صرف اعتماد کو فروغ دیتی ہیں بلکہ طلبہ کی تعلیمی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔میٹنگ کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ والدین اور اساتذہ کے درمیان مسلسل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ طالبات کو بورڈ امتحانات میں بہتر نتائج کے حصول کے لیے ہر ممکن رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا سکے۔

  • آن لائن بینک فراڈ،عدالت کا بینک کو شہری کو رقم واپس کرنے کا حکم

    آن لائن بینک فراڈ،عدالت کا بینک کو شہری کو رقم واپس کرنے کا حکم

    آن لائن بینک فراڈ کیس میں وفاقی آئینی عدالت نے نجی بینک کو شہری کی رقم واپس کرنے کی ہدایت کردی ،

    جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ سارے ہیکرز بینکوں کے سسٹم کے اندر ہی موجود ہوتے ہیں،اکاؤنٹ بعد میں کھلتا ہے ہیکرز کے پاس ڈیٹا پہلے پہنچ جاتا ہے، جسٹس عامر فاروق نے بھی فراڈیوں کی کالز آنے کا انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ کہا گیا او پی ٹی آیا ہے وہ شیئر کریں ورنہ اکاؤنٹ بلاک کرجائے گا، کچھ سال سے کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوئی تھی، کہہ دیا اکاؤنٹ بند کردیں،جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ میں تو آن لائن بینکنگ استعمال ہی نہیں کرتا، بینکوں کا فرض ہے سسٹم مضبوط بنائیں،لوگ بیچارے کدھر جائیں، اکاؤنٹ سے پیسے کیسے نکل گئے، وکیل نجی بینک نے کہاکہ شہری نے ایپ سے خود ٹرانزیکشن کی،شہری کا موقف ہے ان کا نمبرچوری ہو گیاتھا،عدالت نے کہاکہ صدر مملکت، بینکنگ محتسب اور ہائیکورٹ نے بینک کیخلاف فیصلہ دیا، وفاقی آئینی عدالت نے نجی بینک کی اپیل خارج کردی،جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے سماعت کی،

  • بانی پی ٹی آئی کے وکالت نامے پر دستخط نہ کرانے  کیخلاف کیس،جواب طلب

    بانی پی ٹی آئی کے وکالت نامے پر دستخط نہ کرانے کیخلاف کیس،جواب طلب

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے وکالت نامے پر دستخط نہ کرانے کیخلاف کیس میں نوٹس جاری کرکے سپرنٹنڈنٹ جیل سے جواب طلب کرلیا۔

    جسٹس خادم حسین سومرو نے وکیل خالد یوسف کی درخواست پر سماعت کی،جسٹس خادم حسین سومرو نے استفسار کیا کہ اس میں قانونی طریقہ کار کیا ہے؟وکیل خالد یوسف چودھری نے کہاکہ اس حوالے سے قانونی پراسس موجود ہے، جیل پالیسی کا ذکر ہے،وکیل کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ بطور نظیر پیش کیا گیا،قیدی تک رسائی کے حوالے سے جیل رولز بڑے واضح ہیں،قیدیوں سے متعلق نیلسن منڈیلا رولزبھی بین الاقوامی سطح پر موجود ہیں۔ وکیل خالد یوسف چودھری نے کہاکہ پانچ بار میں اڈیالہ جیل گیا لیکن مجھ سے دستاویزات وصول تک نہیں کی گئیں،وکالت نامے کوریئر سے بھیجے تو کہا گیا کہ ہمیں ملے ہی نہیں،مجھے جیل حکام نے کہاکہ اجازت نہیں ہے، ملے گی تو آپ کو بتا دیں گے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کرکے سپرنٹنڈنٹ جیل سے جواب طلب کرلیااورکیس کی مزید سماعت 25مئی تک کیلئے ملتوی کردی

  • صنم جاوید کی طبیعت خراب،جیل سےہسپتال منتقل

    صنم جاوید کی طبیعت خراب،جیل سےہسپتال منتقل

    لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن صنم جاوید کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی صحت سے متعلق تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق صنم جاوید کو گزشتہ روز آنکھوں اور معدے میں شدید تکلیف کی شکایت ہوئی، جس کے بعد جیل انتظامیہ نے فوری طور پر انہیں لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ابتدائی طبی معائنے کیے جا رہے ہیں، تاہم ان کی حالت اور بیماری کی نوعیت کے بارے میں تاحال تفصیلی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔

    صنم جاوید کے شوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ کو اچانک شدید درد اور تکلیف محسوس ہوئی جس پر انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ جیل میں مناسب طبی سہولیات نہ ہونے کے باعث ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی ہو۔یاد رہے کہ صنم جاوید کو 9 مئی کے واقعات سے متعلق درج مقدمات میں عدالت کی جانب سے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد وہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔