Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ملکہ کونین پنکی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

    ملکہ کونین پنکی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

    کراچی کی ملیر کورٹ میں منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت نے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، جبکہ پولیس کی جانب سے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی گئی۔

    سچل تھانے میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران مجسٹریٹ نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ دوسری جانب منشیات فروش انمول عرف پنکی کے خلاف تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔تفتیشی ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ کے منشیات سپلائی کرنے کے طریقہ کار سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر پہلے سے منشیات رکھوائی جاتی تھی اور رقم وصول ہونے کے تقریباً 10 منٹ بعد خریدار کو لائیو لوکیشن اور منشیات کی تصاویر ارسال کی جاتی تھیں۔ذرائع کے مطابق ملزمہ کے موبائل فون کا فرانزک مکمل کر لیا گیا ہے، جس سے 800 سے زائد نمبرز برآمد ہوئے ہیں، جبکہ ان میں 200 سے زائد افراد کا تعلق کراچی سے بتایا جا رہا ہے۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے بینک اکاؤنٹس، مالی لین دین اور کراچی میں موجود جائیدادوں کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 500 سے زائد صفحات پر مشتمل بینک اسٹیٹمنٹ بھی تفتیشی ٹیم کے ریکارڈ میں شامل کر لی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی میں درج 15 مختلف مقدمات میں بھی انمول عرف پنکی سے تفتیش جاری ہے، جبکہ بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفصیلات وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔

  • سیشلز ٹریل رن میں پاکستانی ایتھلیٹ وقار احمد  نےپاکستان کا نام کیا روشن

    سیشلز ٹریل رن میں پاکستانی ایتھلیٹ وقار احمد نےپاکستان کا نام کیا روشن

    افریقی جزائر سیشلز میں منعقد ہونے والی سالانہ سیشلز ٹریل رن میں پاکستانی رنر وقار احمد نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ وقار احمد نے نہ صرف ایونٹ اپنے نام کیا بلکہ اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع بھی کیا۔

    22 کلومیٹر طویل دشوار گزار ٹریل رن میں وقار احمد نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 11 منٹ 39 سیکنڈ میں مکمل کیا اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔سیشلز ٹریل رن دنیا بھر کے ایتھلیٹس کے لیے ایک منفرد اور چیلنجنگ مقابلہ تصور کیا جاتا ہے، جہاں شرکاء کو پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات، ساحلی علاقوں اور مشکل ٹریکس سے گزرنا پڑتا ہے۔مقابلے میں جنوبی افریقا کے رنر ڈینیئل کلاسن نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم وہ 2 گھنٹے 13 منٹ کے وقت کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر سکے۔

    وقار احمد کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی رنرز کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا واضح ثبوت بھی سمجھی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق مسلسل دوسری بار ٹائٹل جیتنا وقار احمد کی محنت، مستقل مزاجی اور اعلیٰ فٹنس کا مظہر ہے۔

  • کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی

    کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی

    لاہور کے علاقے اچھرہ پل پر کٹی پتنگ کی ڈور ایک اور شہری کے لیے خطرہ بن گئی، ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان ابوبکر موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک کٹی پتنگ کی ڈور اس کی گردن پر پھر گئی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کر دیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ابوبکر کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور اسے ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

    واقعے کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ شہری حلقوں نے ایک بار پھر پتنگ بازی اور دھاتی ڈور کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    کٹی ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی، ڈی آئی جی آپریشنز کا نوٹس،ایس ایچ او گارڈن ٹاؤن کو شوکاز نوٹس جاری
    مسلم ٹاؤن پل ، کٹی ڈور پھرنے سے نوجوان کے زخمی ہونے کا معاملہ،ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا واقعہ کا سخت نوٹس، ایس ایچ او گارڈن ٹاؤن کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا گیا، ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ابوبکر نامی نوجوان موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ کٹی ڈور اس کی گردن پر پھری. زخمی نوجوان کو فوری میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حالت خطرے سے باہر ہے، ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ ترجمان دی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری ہے،تمام ایس ایچ اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے،تمام علاقوں میں درختوں، چھتوں اور بجلی کے کھمبوں پر لٹکتی ڈور فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی ہے،ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس رواں سال ابتک 4ہزار 185 ملزمان گرفتار کر چکی ہے،پتنگ بازوں اور فروشوں سے 1 لاکھ 14 ہزار سے زائد پتنگیں اور 44 سو سے زائد چرخیاں برآمد کر چکی. شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی.

  • تربت،فتنہ الہندوستان کی بربریت،لیڈی کانسٹیبل شکیلہ شہید،شوہر،بیٹا زخمی

    تربت،فتنہ الہندوستان کی بربریت،لیڈی کانسٹیبل شکیلہ شہید،شوہر،بیٹا زخمی

    فتنہ الہندوستان کالعدم تنظیموں کی بربریت، سفاکیت اور درندگی اپنی انتہاء کو پہنچ گئی،تربت میں دہشت گردوں کی سفاکیت ، لیڈی کانسٹیبل شکیلہ اپنے شوہر سنیل اور دو معصوم بچوں کے ساتھ اپنے فرض کی ادائیگی کے لیے گھر سے نکلی تھیں کہ راستے میں دہشت گردوں کی فائرنگ نے ان کی خوشیوں کو خون میں بدل دیا

    بلوچستان کے شہر تربت کے علاقے آبسر میں نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے لیڈی کانسٹیبل شہید ہو گئی ہیں،اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے لیڈی کانسٹیبل کا شوہر اور 5 سالہ بیٹا زخمی ہوئے ہیں،پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کے بعد لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کا کہنا تھاکہ تربت اور نوشکی میں دہشت گردی کے واقعات، لیڈی کانسٹیبل اور معروف براہوئی ادیب پروفیسر غمخوار حیات کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی بربریت ہے،خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔پروفیسر غمخوار حیات پر حملہ بلوچستان کی علمی، ادبی اور فکری اقدار پر حملہ ہے۔علم و قلم کے دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔دہشت گرد اساتذہ، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔

    معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابریوسفزئی کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندستان کے دہشت گرد خواتین، اساتذہ اور بلوچستان کے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ،بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف متحد ہیں۔بلوچستان کے عوام دہشتگردی اور جہالت کے ایجنڈے کو مسترد کرتے ہیں،فتنہ الہندستان کا مقصد بلوچستان میں خوف، جہالت اور بدامنی پھیلانا ہے،تعلیم دشمن عناصر بلوچ نوجوانوں کا مستقبل تاریک کرنا چاہتے ہیں،بلوچستان کے عوام، اساتذہ اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف متحد ہیں۔فتنہ الہندوستان نے آج صبح بلوچستان کی دوسری بہادر شہید بیٹی پولیس اہلکار شکیلہ کو نشانہ بنایا،لیڈی کانسٹیبل کو بچوں کے سامنے شہید کرنا کھلی دہشتگردی ہے، بلوچستان پولیس کی بہادر خاتون اہلکار نے وطن پر جان قربان کر دی،شہید لیڈی کانسٹیبل شکیلہ کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،

  • گلگت بلتستان انتخابات،جماعت اسلامی کے 2 امیدوار ن لیگ کے حق میں دستبردار

    گلگت بلتستان انتخابات،جماعت اسلامی کے 2 امیدوار ن لیگ کے حق میں دستبردار

    گلگت بلتستان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور جماعتِ اسلامی کے درمیان دو اہم حلقوں میں انتخابی اتحاد طے پا گیا۔ اتحاد کے تحت استور حلقہ 2 اور گلگت حلقہ 2 میں جماعتِ اسلامی کے امیدوار مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں۔

    مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ یہ انتخابی اتحاد مرکزی قیادت کی مشاورت سے عمل میں آیا۔ انہوں نے اس فیصلے پر جماعتِ اسلامی کا شکریہ بھی ادا کیا۔دوسری جانب جماعتِ اسلامی گلگت بلتستان کے سابق امیر مولانا عبد السمیع کا کہنا ہے کہ 2015ء میں مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی بہتر رہی تھی، اسی بنیاد پر اتحاد کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جماعتِ اسلامی کے امیدوار باضابطہ طور پر مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار ہو چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں تیزی اختیار کر گئی ہیں، جبکہ پہلی بار 21 خواتین نے بھی کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا کے انتخابی عمل میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ  کے ہیلی کاپٹر کے لئے پائلٹس بھرتی،درخواستیں طلب

    وزیراعلیٰ سندھ کے ہیلی کاپٹر کے لئے پائلٹس بھرتی،درخواستیں طلب

    حکومتِ سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہیلی کاپٹر کے لیے اسپیشل گریڈ میں تین افسران کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں دو پائلٹس اور ایک اسسٹنٹ ڈپٹی چیف انجینئر کی تقرری کے لیے تجربہ کار امیدواروں سے 15 روز کے اندر درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔

    حکام کے مطابق امیدواروں کے لیے پی سی سی اے لائسنس ہولڈر اور متعلقہ امتحان پاس ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 57 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ اسسٹنٹ ڈپٹی چیف انجینئر کے لیے بیچلر آف انجینئرنگ کی ڈگری لازمی ہوگی۔بھرتی کے معیار کے مطابق پائلٹس کے لیے کم از کم 4500 گھنٹے فلائنگ کا تجربہ ضروری قرار دیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ ڈپٹی چیف انجینئر کے لیے 3500 گھنٹے کا تجربہ لازمی ہوگا۔حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسے امیدوار نااہل تصور کیے جائیں گے جو ذاتی خامیوں کی بنیاد پر قبل از وقت ریٹائرڈ یا ملازمت سے برطرف کیے گئے ہوں۔ اسی طرح اگر کسی امیدوار کے خلاف پائلٹ کی غلطی یا فلائٹ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کے باعث حادثے کا ریکارڈ موجود ہوا تو اسے بھی بھرتی کے عمل سے خارج کر دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق خواہشمند امیدواروں کو اپنی سی وی، تجرباتی سرٹیفکیٹس اور شناختی کارڈ کی نقول ڈائریکٹر چیف منسٹر ہیلی کاپٹر فلائٹ، حکومت سندھ کے دفتر میں جمع کرانا ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ صرف شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو انٹرویو کے لیے طلب کیا جائے گا۔

  • نیا وفاقی بجٹ، ایف بی آر،وزارت خزانہ کی نااہلی کا بوجھ غریب عوام کو اٹھانا پڑے گا

    نیا وفاقی بجٹ، ایف بی آر،وزارت خزانہ کی نااہلی کا بوجھ غریب عوام کو اٹھانا پڑے گا

    نئے وفاقی بجٹ میں بھی وزارت خزانہ اور ایف بی آر کی نااہلی کا بوجھ غریب عوام کو اٹھانا پڑے گا، حکومت نے آئی ایم ایف کو 860 ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگانے کی یقین دہانی کرادی۔

    آئی ایم ایف کے دباؤ پر پیٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی بند کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا، نئے بجٹ کا حجم 17 ہزار ارب روپے سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔معیشت سست روی کا شکار ہے، مہنگائی پہلے ہی ڈبل ڈیجیٹ تک پہنچ گئی، رپورٹ کے مطابق 6 ماہ میں 7 ہزار ارب، جون تک 15 ہزار 267 ارب ٹیکس وصولی کا پلان ہے۔آئی ایم ایف کی شرائط کے باعث توانائی اور ایندھن کی قیمتیں نئی بلندیوں پر جانے کا خدشہ ہے، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کا 430 ارب کا اضافی بوجھ ڈالنے کا پلان ہے۔وفاقی حکومت لیوی کی مد میں عوام سے 260 ارب اضافی بٹورے گی، 215 ارب اضافی ٹیکس، باقی 215 ارب آڈٹ، سخت نگرانی سے ملیں گے، آئی ایم ایف نے جی ایس ٹی کی مد میں اضافی 2 ہزار ارب جمع کرنے پر زور دیا ہے۔

  • ہم تو ڈوبے ہیں صنم، ان سب کو بھی ساتھ لے کر ڈوبیں گے،ملکہ کونین پنکی

    ہم تو ڈوبے ہیں صنم، ان سب کو بھی ساتھ لے کر ڈوبیں گے،ملکہ کونین پنکی

    کراچی میں عدالت سے پیشی کے بعد باہر آتے ہی ملزمہ انمول عرف پنکی نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئےدھماکا خیز بیان دے دیا۔

    عدالت سے روانگی کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ وہ میڈیا کو کیا پیغام دینا چاہتی ہیں، جس پر انمول پنکی نے کہا، “ہم تو ڈوبے ہیں صنم، ان سب کو بھی ساتھ لے کر ڈوبیں گے۔”اس سے قبل عدالت میں پیشی کے دوران ملزمہ نے شور شرابا کیا اور دعویٰ کیا کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انمول پنکی کو چہرہ ڈھانپ کر عدالت میں پیش کیا گیا، تاہم وہ بار بار چہرے سے کپڑا ہٹا کر بات کرنے کی کوشش کرتی رہیں۔

    عدالت میں بیان دیتے ہوئے ملزمہ نے کہا کہ انہیں 22 روز قبل لاہور سے گرفتار کیا گیا، جہاں 6 پولیس اہلکار انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 15 دن تک انہیں نامعلوم مقام پر رکھا گیا اور بعد ازاں کراچی منتقل کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ انہوں نے پہلے شور شرابا کیوں نہیں کیا، جس پر انمول پنکی نے جواب دیا کہ انہیں مسلسل تشدد کا سامنا تھا۔ ملزمہ نے خود کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا سابق شوہر ان کے خلاف کارروائیاں کرا رہا ہے۔

    جج نے سوال کیا کہ سابق شوہر ایسا کیوں کر رہا ہے، تو ملزمہ نے جواب دیا کہ “کیونکہ میں نے اسے چھوڑ دیا تھا۔” انہوں نے مزید بتایا کہ تین ماہ قبل علیحدگی ہوئی تھی اور نکاح رجسٹرڈ نہیں تھا۔عدالت سے واپسی کے دوران لیڈی پولیس اہلکار مسلسل ملزمہ کا چہرہ ڈھانپنے کی کوشش کرتی رہیں جبکہ کسٹڈی میں لے جاتے وقت انمول پنکی پولیس اہلکاروں پر چیختی بھی رہیں۔

  • قومی ایکشن پلان برائے کاروبار و انسانی حقوق  پر عمل درآمد جاری ہے،وزیراعظم

    قومی ایکشن پلان برائے کاروبار و انسانی حقوق پر عمل درآمد جاری ہے،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پُرامن باہمی طرز زندگی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک پُرامن، ہم آہنگ اور متحد معاشرے کی تعمیر کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ملکی سطح پر ایسے سماجی ماحول کی تشکیل جو امن کے فروغ کا باعث ہو بلا شبہ ہماری بصیرت افروز قومی وراثت اور آئینی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس تناظر میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے قومی ترجیحات کی نشاندہی کرتے ہوۓ واضح کیا تھا کہ بحیثیت قوم ” ہم قومی اور بین الاقوامی معاملات میں دیانت داری اور منصفانہ طرز عمل کے اصول پر یقین رکھتے ہیں اور اندرون و بیرون ملک امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور خدمات انجام دینے کے لیے تیار ہیں،شہباز شریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ انسانی حقوق کے آئینی تحفظ کے ساتھ ساتھ پالیسی و عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اسی ضمن میں حکومت نے ’’قومی ایکشن پلان برائے انسانی حقوق‘‘ تشکیل دیا ہے، جس کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، بچوں کا تحفظ اور محروم و کمزور طبقات کے حقوق کا فروغ ہے۔ ملک کے پہلے "قومی ایکشن پلان برائے کاروبار و انسانی حقوق‘‘ پر عمل درآمد جاری ہے جس کے ذریعے ذمہ دارانہ کاروباری طرز عمل، مزدوروں کے حقوق کا تحفظ، امتیازی سلوک کے خاتمے اور کاروباری سرگرمیوں سے جڑے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مؤثر ازالے کو فروغ دینا ہے۔ یہ پالیسی اقدامات ایک منصفانہ، مربوط اور مساوی معاشرے کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ مزید برآں،حکومت نے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ’’قومی کمیشن برائے انسانی حقوق‘‘ کے قیام اور فعالیت میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ صوبوں میں بھی ’’ضلعی انسانی حقوق کمیٹیاں‘‘ قائم کی گئی ہیں تاکہ مقامی سطح پر سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ ان اقدامات کو ’’ٹیکنالوجی کے ذریعے سہولت یافتہ صنفی بنیاد پر تشدد کے تدارک کی قومی حکمتِ عملی‘‘ اور اقلیتی فلاحی فنڈ کے ذریعے مزید تقویت دی جا رہی ہے۔

  • مہنگائی کی شرح 7 فیصد تک جانے کا امکان ہے،گورنر اسٹیٹ بینک

    مہنگائی کی شرح 7 فیصد تک جانے کا امکان ہے،گورنر اسٹیٹ بینک

    گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 7 فیصد تک جانے کا امکان ہے جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی نو ماہ میں معاشی نمو 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

    کراچی چیمبر سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ آئندہ مالی سال کی دوسری ششماہی میں مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اور اسٹیٹ بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کی فنانسنگ کو جون 2028 تک 1500 ارب روپے تک لے جانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔جمیل احمد کا کہنا تھا کہ ملک میں قرضوں کے حجم میں اضافہ ہوا ہے، اندرونی قرض بڑھا جبکہ بیرونی قرضوں میں کمی لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں کمی کی ایک بڑی وجہ عالمی معاشی حالات ہیں اور رواں مالی سال میں برآمدی اہداف تقریباً 2 ارب روپے کم رہے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید بتایا کہ نئے کرنسی نوٹوں پر کام جاری ہے اور اس حوالے سے حکومت سے منظوری کا عمل بھی جاری ہے۔