Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • پہلگام فالس فلیگ، بھارت سے اٹھتی آوازیں، مودی سرکار پر الزامات کی بوچھاڑ

    پہلگام فالس فلیگ، بھارت سے اٹھتی آوازیں، مودی سرکار پر الزامات کی بوچھاڑ

    بھارت کے علاقے پہلگام میں حالیہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد پورے ملک میں مودی حکومت، بی جے پی اور اس کی انتہا پسند پالیسیوں کے خلاف آوازیں تیزی سے بلند ہو رہی ہیں۔ واقعے کے بعد بھارتی عوام، سوشل میڈیا صارفین، سیاسی تجزیہ کاروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم تیز کر دی ہے۔ متعدد رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ یہ مہم ایک منصوبہ بند سازش کے تحت مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے لیے شروع کی گئی ہے تاکہ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا سکے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں ایک بھارتی شہری نے سوال اٹھایا:”پہلگام حملے کے وقت حملہ آور آتے ہیں اور مار کے چلے جاتے ہیں، کہاں گئی آپ کی انٹیلیجنس؟”

    اسی تناظر میں کئی شہریوں نے مودی سرکار سے پوچھا کہ ایسے حملے صرف الیکشن کے قریب ہی کیوں ہوتے ہیں۔ ایک شہری کا کہنا تھا:”جب پلوامہ میں فالس فلیگ ہوا تو لوک سبھا کے انتخابات تھے، اور اب پہلگام واقعہ بہار میں الیکشن کے وقت کیوں پیش آیا؟ کیا یہ سب کچھ محض اتفاق ہے؟”

    سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور نریندر مودی ایک مخصوص نظریے، ہندوتوا، کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کر کے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق:”انتہا پسند بی جے پی صرف کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں کو بدنام کرنے اور اپنے کرتوت چھپانے کے لیے مسجد اور مسلمان کے پیچھے چھپ جاتی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد جو شواہد سامنے آئے ہیں، وہ اس بات کی نشان دہی کرتے ہیں کہ یہ کارروائی کسی بیرونی دشمن نے نہیں بلکہ اندرون ملک ایک سیاسی منصوبہ بندی کا حصہ تھی۔

    بھارت کے مختلف شہروں میں عوامی احتجاج، سوشل میڈیا پر ٹرینڈز اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سوالات اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام اب حکومتی بیانیے کو آنکھ بند کر کے قبول کرنے کو تیار نہیں۔ایک شہری نے کہا:”مودی حکومت ہر بار الیکشن سے پہلے دہشت گردی کے ڈرامے رچا کر عوامی ہمدردی حاصل کرنا چاہتی ہے، مگر اب لوگ جاگ چکے ہیں۔”

  • پاکستان کا پہلگام سے کوئی لینا دینا نہیں ،وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے گفتگو

    پاکستان کا پہلگام سے کوئی لینا دینا نہیں ،وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے گفتگو

    وزیراعظم محمد شہبازشریف سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے آج وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ثبوت ہے۔

    وزیر اعظم نے پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں حالیہ امن و امان کی صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتا ہے کیونکہ وہ خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے۔ گزشتہ برسوں میں 90,000 ہلاکتوں اور 152 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کے معاشی نقصانات کے حوالے سے بے پناہ قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے مغربی محاذ سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کی عفریت سے نمٹ رہا ہے۔ بھارت کے حالیہ اقدامات اور اس کے جارحانہ انداز کا مقصد پاکستان کی توجہ دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کوششوں سے ہٹانا ہے۔

    وزیر اعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعہ سے پاکستان کو جوڑنے کی مذموم کوششوں میں ہندوستان کی طرف سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس واقعے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس واقعے کی قابل اعتماد، شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ بحران پر اپنا موقف پیش کرنے کے لیے دوسرے دوست ممالک سے رابطہ کر رہا ہے۔

    اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ان کی حکومت کی توجہ گزشتہ پندرہ ماہ کے محنت سے کمائے گئے معاشی فوائد کو مستحکم کرنے پر مرکوز ہے، جو متحدہ عرب امارات سمیت دوست ممالک کی حمایت سے ممکن ہوا، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی ایسا اقدام نہیں کرے گا جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہو۔اس سلسلے میں، وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات سمیت برادر ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ہندوستان کو مائل کریں۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کا موقف شیئر کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

  • 26 نومبراحتجاج،گنڈا پور،بشریٰ کا فرار،82 ملزمان کو عدالت نے سنائی سزا

    26 نومبراحتجاج،گنڈا پور،بشریٰ کا فرار،82 ملزمان کو عدالت نے سنائی سزا

    راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی کے 26 نومبر احتجاج کے کیس کے 82 ملزمان نے اعتراف جرم کر لیا۔

    پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف 24 اور 26 نومبر 2024 کے احتجاج پر درج 24 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں ہوئی جس دوران متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے،سماعت کے دوران 1609 ملزمان میں سے عدالت پیش ہونے والے 560 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی،عدالت میں پیش کیے گئے 82 ملزمان نے جج کے سامنے اعتراف جرم کیا اور بیان حلفی جمع کرایا کہ پی ٹی آئی قیادت نے انہیں احتجاج کے لیے اکسایا،ملزمان نے عدالت میں بیان دیا کہ مقامی اور مرکزی قیادت نے پرتشدد احتجاج کی ترغیب دی تھی، ہم غریب مزدور ہیں، ہمارے ساتھ رعایت برتی جائے،ملزمان نے عدالت میں تحریری بیان بھی دیا کہ وہ آئندہ کسی احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے،عدالت نے اعتراف جرم کرنے والے82 ملزمان کو 4،4 ماہ قید اور 15،15 ہزارروپے جرمانے کی سزا سنا دی

    واضح رہے کہ 28 نومبر کو پی ٹی آئی کارکنان کو چھوڑ کر بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور فرار ہو گئے تھے ،بعد ازاں علی امین گنڈا پور نے خیبر پختونخوا پہنچ کر پریس کانفرنس کی تھی.

  • پہلگام ڈرامہ،مودی سرکار نے آئی ایس پی آر کا یوٹیوب چینل بھی بلاک کر دیا

    پہلگام ڈرامہ،مودی سرکار نے آئی ایس پی آر کا یوٹیوب چینل بھی بلاک کر دیا

    پہلگام فالس فلیگ آپریشن/ حقائق سامنے لانے پر مودی سرکار نے گھبراہٹ میں آئی ایس پی آر کا یو ٹیوب چینل بھی بلاک کر دیا

    پاکستانی میڈیا بیانیے کی جنگ جیت گیا، بھارتی میڈیا کا بھی اعتراف،مودی سرکار نے ذرائع ابلاغ اور میڈیا چینلز پر پابندی کے بعد اب آئی ایس پی آر کا آفیشل یوٹیوب چینل اور ایکس اکائونٹ بھی معطل کر دیا،ڈی جی آئی آئی ایس پی آر 29 اور 30 اپریل کو پاکستان میں بھارتی دہشت گردی اور جھوٹ کو مفصل طریقے سے بے نقاب کیا ،1 مئی کو مودی سرکار نے آئی ایس پی آر کے آفیشل اکاؤنٹ کو بھی بلاک کردیا ،پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کا راز فاش کر کے مودی کا فالس فلیگ بے نقاب کر دیا، پہلگام حملے کے بعد مودی سرکار نے میڈیا پر قابض ہونے کی کوشش کی،مودی سرکار کی جانب سے پاکستان کے اکثر ٹی وی چینلز پہلے ہی معطل کیے جا چکے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ مودی سرکار نے معروف پاکستانی شخصیات کے سوشل میڈیا اکائونٹس بھی بند کر دئیے،

    پاکستان کے تمام ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی بے جا پابندی کی زد میں ہیں، پہلگام کے حوالے سے پاکستانی میڈیا کی حقائق پر مبنی رپورٹنگ کا اقرار بھارتی میڈیا نے بھی کیا،

  • سعودی عرب  پاکستان کے ساتھ ہے،سعودی سفیر کی وزیراعظم سے ملاقات

    سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہے،سعودی سفیر کی وزیراعظم سے ملاقات

    وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے آج ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، اور ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

    پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کا مؤقف بیان کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی مذمت کی ہے۔ پاکستان نے گزشتہ برسوں میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں بڑی قربانیاں دی ہیں جو کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کے بے بنیاد بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کیا اور واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔

    سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے تعاون سے گزشتہ پندرہ ماہ کے محنت سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد کو مستحکم کرنے پر حکومت کی مکمل توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی کامیابیوں کو خطرے میں ڈالنے اور ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ سے ہٹانے کی بھارتی کوششیں ناقابل فہم ہیں۔

    انہوں نے سعودی عرب سمیت برادر ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالیں۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ سعودی سفیر نے اس اہم معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

  • اس بار چائے کے ساتھ "پٹاخہ سموسوں” کا بھی انتظام ہو گا،وارث بیگ

    اس بار چائے کے ساتھ "پٹاخہ سموسوں” کا بھی انتظام ہو گا،وارث بیگ

    مقبوضہ کشمیرمیں ہوئے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی گیدڑ بھپکیوں پر پوری قوم متحد و بیدارہے،حال ہی میں گلوکار وارث بیگ نے بھی اپنے بیان سے مودی سرکار کو ابھی نندن واقعے کی یاد تازہ کروادی۔

    نجی نیوز ٹی وی چینل کو دیے گئے بیان میں گلوکار وارث بیگ کا کہنا تھا کہ ’ بھارتی فضائیہ کا پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن جب بارڈر کراس کرکے پاکستان آیا تھا تو ہم نے اُن کو چائے پلائی تھی ، ایک ایسی چائے جس کا ذکر انہوں نے بھارت جاکر بھی کیا تھا‘،اگر اس بار بھارت نے پاکستانی سرحد پار کرنے کی کوشش کی یا پھر جو پانی پر دہشتگردی کی جارہی ہے تو اس بار بھارت جان لے اس کیلئے چائے کے ساتھ پکوڑے اور پٹاخہ سموسوں کا بھی انتظام ہوگا ‘ ۔

    گلوکار وارث بیگ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کو بتانا چاہتا ہوں کہ جب ہمارے ملک میں مصیبت آئے تو ہم صرف 7 لاکھ فوجی نہیں ہوتے، ان فوجیوں کے پیچھے 25کروڑ کی عوام بھی فوج بن جاتی ہے، ہم فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں ، میرا بھارت اور بھارتیوں کو یہ پیغام ہے کہ جو بھارتی سوشل میڈیا پر جنگ کی خواہش ظاہر کرکے اپنا کاروبار چمکارہے ہیں اس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہونے والا، یہاں کا ہر پاکستانی پاکستان کیلئے ، اس کی حفاظت کیلئے اور شہید ہونے کیلئے لڑتا ہے،

  • پاکستان کے دفاع کے لیے سب سے آگے ہوں گے،سکھ رہنماؤں کا اعلان

    پاکستان کے دفاع کے لیے سب سے آگے ہوں گے،سکھ رہنماؤں کا اعلان

    پاکستان کی سکھ برادری نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی مکمل تائید کا اعلان کیا ہے۔

    پاکستان سکھ کمیونٹی کے چیئرمین رادیش سنگھ نے پہلگام واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام دنیا اور پاکستان کی سکھ کمیونٹی اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے،سکھ رہنماء سربت سنگھ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ ہندوستان کی سکھ برادری بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ پاکستانی سکھ گولڈن ٹیمپل تک پہنچ جائیں اور ارداس کریں۔ سربت سنگھ نے واضح عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے سب سے پہلے وہ حاضر ہوں گے،ایک اور سکھ رہنماء ہربجن سنگھ نے جوش و خروش سے کہا کہ ان کے خون کا ایک ایک قطرہ بھی پاکستان کے لیے لڑے گا۔ وریام سنگھ نے اپنے گہرے ملکی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی ہیں اور "پاکستان زندہ باد” کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان کا ملک، ان کی زمین اور ان کی ماں ہے۔

    سکھ برادری کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی تمام اقلیتیں اس نازک صورتحال میں اپنے ملک کے ساتھ متحد ہیں۔ پاکستانی سکھ برادری کا یہ واضح اور مضبوط پیغام ملک کے دفاع اور اتحاد کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے،

  • بھارت سفارتی سطح پر بھی منہ کی کھا رہا ہے،شیری رحمان

    بھارت سفارتی سطح پر بھی منہ کی کھا رہا ہے،شیری رحمان

    پیپلز پارٹی کی رہما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ صورتحال اس وقت بھی کشیدہ ہے دونوں ممالک میں اس سطح کی کشیدگی ہوئی ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر اور سابق وفاقی وزیراطلاعات شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بھارت آئے روز جنگ کا طبل بجا رہا ہوتا ہے اور بھارت کے لیڈرز پاکستان کے خلاف بات کر رہے ہوتے ہیں،سیکیورٹی اور سیاسی سطح پر چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، ایل او سی پر رات کو روز فائرنگ ہو رہی ہے، بھارت بغیر شواہد کے الزامات پاکستان پر لگاتا ہے، بھارت نے اپنے بیانیے میں زہر گھول دیاہے، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کا بیانیہ کمزور ہوتا جارہا ہے۔

    سینئر پی پی پی رہنما نے عالمی سطح پر پاک بھارت صورتحال پر پائی جانے والی سوچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ توقع تھی کہ امریکی مؤقف کا جھکاؤ بھارت کی جانب ہوگا لیکن توقعات کے برعکس امریکا نے معاملے میں توازن رکھنے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے بھارت سفارتی سطح پر بھی منہ کی کھا رہا ہے، مس ایڈونچر بھارت کا وتیرا رہا ہے، بھارت پھر کوئی جھوٹا بیانیہ بنا کر پروپیگنڈا کرے گا،سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بھارت کا طے شدہ منصوبہ تھا، انڈس واٹر ٹریٹی بھارت کو بہت کھٹک رہا ہے،مقبوضہ جموں کشمیر مکمل طور پر چھاؤنی بن چکا ہے۔

  • کال سنٹر کامقدمہ، ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم

    کال سنٹر کامقدمہ، ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم

    کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے میں ملزم ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت میں ملزم ارمغان کے خلاف غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے میں سائبر کرائم کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی،تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کے خلاف غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور ڈیجیٹل کرنسی کی منتقلی کا الزام ہے،عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ ملزم ابھی کہاں ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم دوسرے مقدمے میں جیل میں ہے،عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم کونسی جیل میں ہے؟ ملزم ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے،بعدازاں عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔

    علاوہ ازیں قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل منتظر مہدی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزم ساحر حسن کی درخواست ضمانت منظور ہوئی ہے، عدالت نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ منشیات کیسز کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں،منتظر مہدی نے کہا کہ قانون سازی کے بعد خصوصی عدالتیں بننی ہیں، قانون سازی ابھی ہوئی ہے، تھوڑا وقت لگے گا۔

  • لندن میں سکھ برادری کا   مودی  کے خلاف شدید احتجاج،تصویر پھاڑ دی

    لندن میں سکھ برادری کا مودی کے خلاف شدید احتجاج،تصویر پھاڑ دی

    لندن: سکھ مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا، جس دوران مظاہرین نے نریندر مودی کی تصویر کو تار تار کر دیا۔ یہ مظاہرہ پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر ہونے والے بھارتی احتجاج کے جواب میں کیا گیا تھا۔

    سکھ کمیونٹی نے لندن کی سڑکوں پر نکل کر بھارت مخالف اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔ مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کی پالیسیوں کو سکھوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف نعرے بازی کی اور بھارتی مظاہرے کو غیر سنجیدہ قرار دیا۔مظاہرین نے اس بات پر زور دیا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں کا مقصد سکھوں کے حقوق کو دبانا اور ان کی آواز کو خاموش کرنا ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بڑھتی ہوئی تشویش کا بھی اظہار کیا۔اس احتجاج میں سکھ کمیونٹی کے افراد نے واضح پیغام دیا کہ وہ مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری سے درخواست کی کہ وہ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے مزید اقدامات کرے۔

    لندن میں سکھوں کا یہ احتجاج اس بات کا غماز ہے کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصاً سکھوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی سطح پر تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔ سکھ کمیونٹی کا کہنا ہے کہ وہ مودی حکومت کی پالیسیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے تاکہ ان کے حقوق کی پامالیوں کا خاتمہ ہو سکے۔مظاہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مودی حکومت کی طرف سے سکھوں کے خلاف روا رکھی جانے والی پالیسیوں کی وجہ سے سکھ کمیونٹی میں بے چینی بڑھ رہی ہے، اور وہ عالمی سطح پر ان مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے تاکہ بھارت میں سکھوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔