Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وسیع معدنی ذخائر ہوتے ہوئے مایوسی  کی کوئی گنجائش نہیں۔آرمی چیف

    وسیع معدنی ذخائر ہوتے ہوئے مایوسی کی کوئی گنجائش نہیں۔آرمی چیف

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مجھے پختہ یقین ہے پاکستان عالمی معدنی معیشت میں ایک رہنما کے طور پر ابھرنے کےلیے تیار ہے۔

    پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد معدنی شعبے کےلیے افرادی قوت، مہارت اور انسانی وسائل پیدا کرنا بھی ہے۔ وسائل کی ترقی اور سرمایہ کاری کےلیے عالمی ادارے شراکت داری کریں۔ اقتصادی سلامتی، قومی سلامتی کے ایک اہم جُزو کے طور پر ابھری ہے۔ آگے بڑھیں اور جدوجہد کریں ملک کےلیے اور اپنے لیے، آپ پاکستان پر پُراعتماد پارٹنر کے طور پر بھروسہ کر سکتے ہیں،پاکستان میں اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم معدنی صنعتوں کی ترقی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کو مضبوط سیکیورٹی فریم ورک اور فعال اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ پاکستان میں ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کی جائے۔ ہم بین الاقوامی اداروں کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ اپنی مہارت سے پاکستان کو روشناس کرائیں، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ بین الاقوامی ادارے وسائل کی وسیع صلاحیت کی ترقی میں ہمارے ساتھ شراکت داری کریں۔پاکستان کی معدنیات کی دولت کو اخذ کرنے کے لیے انجنیئر ، جیالوجسٹ، آپریٹر اور بہت سے ماہر کان کن درکار ہیں۔ہم اس شعبے کی ترقی کے لیے طلبا کو بیرون ملک تربیت کےلیے بھی بھیج رہے ہیں اس وقت بلوچستان کے 27 طلباء زیمبیا اور ارجنٹینا میں منرل ایکسپلوریشن میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ پاکستانی عوام کے پیروں کے نیچے وسیع معدنی ذخائر ہوتے ہوئے مایوسی اور بےعملی کی کوئی گنجائش نہیں۔ کاروبار اور معدنی دولت سے استفادہ کےلیے آپ کی مہارت سے مستفید ہونا ہماری اجتماعی قومی خواہش ہے۔میں بلوچ قبائلی عمائدین کی کاوشوں کا بھی معترف ہوں۔ بلوچ قبائلی عمائدین نے کان کنی کے فروغ اور بلوچستان کی ترقی اور پیشرفت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مل کر کام کرنے سے پاکستان کا معدنی شعبہ اجتماعی فائدے کےلیے علاقائی ترقی، خوشحالی اور پائیداری کو فروغ دے سکتا ہے۔

  • ملازمت کا جھانسہ،لڑکیوں کو عصمت فروشی پر مجبور کرنے والا گروہ گرفتار

    ملازمت کا جھانسہ،لڑکیوں کو عصمت فروشی پر مجبور کرنے والا گروہ گرفتار

    راولپنڈی – تھانہ دھمیال پولیس نے ایک سنگین کیس میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے گھریلو ملازمت کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کو جنسی استحصال اور عصمت فروشی پر مجبور کرنے والے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار شدگان میں ایک میاں بیوی اور ان کا بیٹا شامل ہے، جنہیں متاثرہ لڑکی کی درخواست پر حراست میں لیا گیا۔

    متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ اسے ایک شخص عامر عباس نے گھریلو کام کے بہانے اپنے گھر بلایا، جہاں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی اور ویڈیو بھی بنائی گئی۔ بعد ازاں ویڈیو کے ذریعے اسے بلیک میل کرتے ہوئے جسم فروشی پر مجبور کیا گیا۔لڑکی کا مزید کہنا تھا کہ عامر عباس کے ساتھ اس کی اہلیہ ثمینہ اور فرزانہ نامی خاتون بھی اس مکروہ دھندے میں شریک تھیں۔ مدعیہ نے دعویٰ کیا کہ نہ صرف اسے، بلکہ اس کی کزن کو بھی کام کے بہانے بلایا گیا، اور اسی طرح کے حالات کا نشانہ بنایا گیا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عامر عباس، اس کی بیوی ثمینہ، اور بیٹے زمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل پراسیس بھی شروع کردیا گیا ہے تاکہ شواہد حاصل کیے جا سکیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق گروہ ممکنہ طور پر دیگر لڑکیوں کو بھی نشانہ بنا چکا ہے، جس کی تصدیق تحقیقات کے دوران کی جائے گی۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے کسی مشتبہ واقعے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کو دیں تاکہ اس قسم کے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔

    یہ واقعہ معاشرے میں پھیلے ہوئے چند گھناؤنے عناصر کی نشاندہی کرتا ہے جو کمزور طبقات کو نشانہ بنا کر اپنی ہوس پوری کرتے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

  • محمود خان اچکزئی پہلے اپنی پارٹی تو سنبھالے، اکبر ایس بابر

    محمود خان اچکزئی پہلے اپنی پارٹی تو سنبھالے، اکبر ایس بابر

    تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی جیسے لوگ اب پی ٹی آئی کے دعوے دار بن چکے ہیں، جو پی ٹی آئی کے موقف پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ اکبر ایس بابر نے یہ بات الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے محمود خان اچکزئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "جس کی اپنی جماعت سنبھل نہیں پا رہی، وہ پی ٹی آئی کی بات کر رہا ہے۔” اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ "کل تک یہی لوگ پی ٹی آئی کو پاکستان کی بدترین جماعت قرار دیتے تھے، لیکن اب یہ جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں۔”

    ان کا کہنا تھا کہ یہ تضاد ان سیاستدانوں کے دوہری حکمت عملی کا عکاس ہے جو محض اپنی سیاسی مفادات کے لئے پی ٹی آئی کے ساتھ تعلقات استوار کر رہے ہیں۔اکبر ایس بابر نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ "ایک طرف ہائی کورٹ میں کیس پر اسٹے لیا گیا ہے اور دوسری طرف یہاں کیس کو روکا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے ورکرز کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔” انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو انصاف نہیں مل رہا اور کیس کو دانستہ طور پر ٹالا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی کے بانی رکن نے مزید کہا کہ وہ قانون کے مطابق اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے تاکہ پارٹی ورکرز کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے اور پارٹی کی ساکھ کو بچایا جا سکے۔

  • غزہ لہولہو،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام دوسرے روز بھی ملک گیر احتجاج

    غزہ لہولہو،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام دوسرے روز بھی ملک گیر احتجاج

    شہروں میں مظاہرے،پاکستانی قوم سخت گرمی میں بھی سڑکوں پر،اسرائیل کیخلاف نعرے بازی
    اسرائیل، تیری دہشتگردی، ظلم اور بربریت کا دور ختم ہونے کو ہے،خالد مسعود سندھو،مقررین کے خطابات

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام غزہ لہو لہو مہم ،ہفتہ یکجہتی فلسطین ،کے تحت دوسرے روز بھی مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا، راولپنڈی،سیالکوٹ، سرگودھا،گجرات منڈی بہاؤالدین ،میانوالی، وزیر آباد ، نارووال،حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ،بہاولپور،ڈی جی خان،راجن پور، رحیم یار خان،ننکانہ، خوشاب،مانسہرہ، ثمر باغ، چترال سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے،فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے سخت گرم موسم میں بھی ہزاروں شہری سڑکوں پر آ گئے اور اپنے جذبات کا اظہار کیا، مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم پر انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیموں‌کا دوہرا معیار بے نقاب ہو گیا، غزہ کے شہریوں نے مزاحمت کی تاریخ رقم کر دی۔ مذمتوں کا وقت گزر چکا ، مسلم امہ عملی اقدامات کرے،راولپنڈی میں مری روڈ پر ہونے والے مظاہرے میں اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ شرکا نے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے پلے کارڈز، بینرز اٹھا رکھے تھے. احتجاجی مظاہرے سے احسان اللہ منصور ،مبین صدیقی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یہاں غزہ کے نہتے، مظلوم، اور جبر کا شکار بھائیوں اور بہنوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں۔فلسطینی ہیں، حق پر ہیں،ہم یہاں صرف افسوس کرنے نہیں آئے، ہم یہاں اعلان کرنے آئے ہیں،اسرائیل، تیری دہشتگردی، ظلم اور بربریت کا دور ختم ہونے کو ہے.

    ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہباز چوک پر احتجاجی مظاہرے سے صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ وسطی پنجاب شیخ فیاض احمد،عبد المجید سالک ،میاں سہیل احمد ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل،ایک ناجائز، غاصب ریاست ہے جس کا وجود ہی ظلم پر قائم ہے۔اسرائیل کے ہاتھ لاکھوں بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ گجرات میں کچری چوک میں یکجہتی غزہ مظاہرے سے مرکزی مسلم گجرات ڈویژن کے صدر چوہدری عبدالسعید کندوآنہ،ضلعی سیکرٹری جنرل محمد سجاد ڈار،چوہدری سلیمان چوکت ایڈووکیٹ ، چوہدری منیر احمد گوندل ،عظمت اللہ تتلہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج انسان نہیں، درندے ہیں، بچوں کے جسموں کو چاک کرنا، ہسپتالوں کو راکھ بنانا، مساجد پر بمباری کرنا ، اسرائیلی جنگی جرائم کی طویل فہرست ہے ،اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے،اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جائے،

    اوکاڑہ میں صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع اوکاڑہ قاری حفیظ اللّٰه بلوچ ،انجینئر محمد عمران ،شیخ اظہر،شیخ اعجاز احمد ،رانا محمدشفیق،ملک زاہد علی و دیگر نے احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کیا، رحیم یارخان میں مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی صدر شاہد حمید،نوید قمر ، محمد معاویہ ، سیف اللہ و دیگر نے یکجہتی غزہ مظاہرے سے خطا ب کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم نہ صرف اپنے حکمرانوں بلکہ مسلم ممالک کے حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسرائیلی بربریت کے خلاف خاموشیاں ختم کی جائیں،امت مسلمہ کے ممالک اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہوں.اسرائیل کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ پاکستانی قوم اہل غزہ کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی.

  • نومئی کتنا نقصان ہوا،رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

    نومئی کتنا نقصان ہوا،رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

    پنجاب حکومت نے سانحہ 9 مئی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔

    صوبائی حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پنجاب میں 9 مئی واقعات سے 19 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان ہوا اور پنجاب کے 38 شہروں میں توڑ پھوڑ املاک کو نقصان پہنچایا گیا،رپورٹ کے مطابق لاہور میں 11 کروڑ، راولپنڈی میں 2 کروڑ 60 لاکھ اورمیانوالی میں 5 کروڑ روپے کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا،رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ 9 مئی کو ایک ادارے پر حملہ کیا گیا، 9 مئی کو احتجاج یا ریلی نہیں ادارے پر حملہ تھا، ان واقعات کے پنجاب بھر کے 38 اضلاع میں 319 مقدمات درج ہوئے، کل ملزمان کی تعداد 35 ہزار 962 ہے جب کہ 9 مئی واقعات کے 24 ہزار 595 ملزمان تاحال مفرور اور 11 ہزار 367 ملزمان گرفتار ہیں۔

  • شمالی وزیرستان سے بھی تیل ،گیس کے ذخائر نکل آئے

    شمالی وزیرستان سے بھی تیل ،گیس کے ذخائر نکل آئے

    اسلام آباد: ماڑی انرجیز نے اپنے اعلامیے میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی کامیاب دریافت کا اعلان کیا ہے۔ یہ دریافت شمالی وزیرستان کے بلاک سے ہوئی ہے، جس کے بعد کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں اور توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔

    ماڑی انرجیز کے مطابق، اس نئی دریافت سے یومیہ 7 کروڑ 3 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہو گی، جو کہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ، کمپنی کو یومیہ 310 بیرل خام تیل بھی حاصل ہوگا، جو کہ ملک میں تیل کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ماڑی انرجیز کے مطابق یہ دریافت نہ صرف توانائی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرے گی، بلکہ مقامی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگی۔ اس کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک میں توانائی کی خود انحصاری کو فروغ ملے گا۔

    کمپنی نے اپنے اعلامیے میں یہ بھی بتایا کہ یہ دریافت تیز رفتاری سے جاری ہے اور مزید تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ اس کے ذخائر کی مقدار اور معیار کا مزید جائزہ لیا جا سکے۔ ماڑی انرجیز کے اس اعلان سے ملک کی توانائی کے شعبے میں ایک نئی امید کی کرن پیدا ہوئی ہے اور اس سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوششوں میں مزید کامیابی ملے گی۔

  • کراچی، 16 لاکھ چالان،ڈرائیور کے لئے ڈرگ ٹیسٹ لازمی قرار

    کراچی، 16 لاکھ چالان،ڈرائیور کے لئے ڈرگ ٹیسٹ لازمی قرار

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا، میئر کراچی، اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر میں ہیوی ٹریفک کے باعث بڑھنے والے حادثات کی روک تھام کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی میں ہیوی ٹرانسپورٹ کے لیے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھی جائے گی تاکہ ٹریفک کے حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ اس کے علاوہ، بھاری اور ہلکی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لیے ڈرگ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیے گئے ہیں تاکہ ڈرائیورز کی نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کی روک تھام ہو سکے۔

    اجلاس کے دوران آئی جی سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں 2024 کے دوران 16 لاکھ سے زائد چالان کیے گئے اور ایک ارب 33 کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ اس کے علاوہ، 5 لاکھ 12 ہزار گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں اور 11,287 ڈرائیورز کو حراست میں لیا گیا۔ 6,550 ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں اور 7,555 فٹنس سرٹیفکیٹس منسوخ کیے گئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے روڈ حادثات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ "انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل برداشت ہے، ماؤں کی گودیں اجڑ رہی ہیں۔” انہوں نے ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کو مل کر اس مسئلے پر کام کرنے کی ہدایت کی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام ہیوی وہیکلز کے ڈرائیونگ لائسنس چیک کیے جائیں گے اور ان گاڑیوں میں ٹریکر اور ڈیش کیم نصب کرنا لازمی ہوگا۔ انہوں نے ٹریفک قوانین کی مؤثر عملداری کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ، ایکسائز، لائسنسنگ اتھارٹی، ٹریفک پولیس، اور نادرا کو ایک ساتھ منسلک کرنے کی تجویز دی۔وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ڈرائیورز کے لیے بین الاقوامی معیار کی تربیت لازمی ہوگی اور غیر قانونی نمبر پلیٹس، کالے شیشے، غیر مجاز سائرن و لائٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی نگرانی آئی جی پولیس کریں گے۔ اس کمیٹی کا مقصد کراچی میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنا ہے۔ترجمان کے مطابق، وزیراعلیٰ سندھ نے ہیلمٹ نہ پہننے والے اور ٹرپل سواری کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ جن گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس منسوخ ہو چکے ہیں، انہیں ضبط کیا جائے گا اور ان گاڑیوں کو دوبارہ چلانے کی اجازت محکمہ ٹرانسپورٹ سے مشروط ہوگی۔

    کراچی میں ٹریفک کے مسائل اور حادثات کے تدارک کے لیے کیے گئے یہ اقدامات یقینی طور پر شہر کے شہریوں کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہوں گے اور ان حادثات کی روک تھام میں مددگار ہوں گے۔

  • پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس کیلئے مشترکہ فائر پاور مظاہرہ

    پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس کیلئے مشترکہ فائر پاور مظاہرہ

    جہلم: پاکستان آرمی اور پاکستان ائیرفورس نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کے کیڈٹس کیلئے ٹلہ فیلڈفائرنگ رینج میں ایک شاندار مشترکہ فائر پاور مظاہرہ کیا۔ یہ فائر پاور مظاہرہ پی ایم اے کے کیڈٹس کی جنگی مشقوں کی تربیت کا اہم حصہ تھا۔ اس مظاہرے کا مقصد کیڈٹس کو جنگی حکمت عملی، دفاعی صلاحیتوں، فائر پاور اور کمیونیکیشن نیٹ ورک کی ہم آہنگی کو عملی طور پر سمجھانا تھا۔

    فائر پاور مظاہرے میں پاکستان کے سپیشل سروس گروپ، آرمی ایوی ایشن اور ایئر ڈیفنس کے دستوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان دستوں نے اپنی جنگی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا، جس سے نہ صرف کیڈٹس کی تربیت کو مزید مستحکم کیا گیا بلکہ ان کی جنگی تیاریوں کو بھی بہتر بنانے کی کوشش کی گئی۔مظاہرے کے بعد پی ایم اے کے کیڈٹس نے جنگی کارروائیوں کی خصوصی تربیت حاصل کی، جس میں مختلف قسم کی جنگی حکمت عملیوں اور میدانِ جنگ میں فورسز کی ہم آہنگی کو عملی طور پر دیکھنے کا موقع ملا۔ اس موقع پر اعلیٰ عسکری حکام، پی ایم اے کے کیڈٹس اور دیگر طلبہ نے شاندار مظاہرہ دیکھ کر اس کی بھرپور تعریف کی۔

    اس کے علاوہ، پی ایم اے کے کیڈٹس نے انسدادِ دہشت گردی کے قومی مرکز پبی کا دورہ بھی کیا اور وہاں ہونے والی تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ اس دورے کے دوران کیڈٹس نے جدید ہتھیاروں اور آلات کا معائنہ بھی کیا، جو جنگی تیاریوں میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ کھاریاں میں ہونے والی اس مشق کے دوران کیڈٹس نے جدید ترین جنگی آلات اور ٹیکنالوجی کو قریب سے دیکھا، جس سے ان کی عملی تربیت میں مزید بہتری آئی۔

    اس شاندار مظاہرے اور تربیتی سیشن نے کیڈٹس کی جنگی مہارتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ ان کی قیادت کی صلاحیتوں کو بھی مزید بڑھایا۔

  • اقتصادی تعاون تنظیم  کے سیکرٹری جنرل  کی وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات

    اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کی وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات

    اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اقتصادی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت کی۔

    ملاقات کے دوران ڈاکٹر اسد مجید خان نے وزیر خزانہ کو اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے کردار اور اس کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تنظیم کے 10 رکن ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات میں تجارتی راہداریوں اور ابھرتی ہوئی منڈیوں کے تناظر میں علاقائی تجارت اور روابط کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ رکن ممالک کے مابین تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تجارتی تعلقات مضبوط ہوں اور معاشی ترقی کو فروغ ملے۔

    ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ تنظیم کی کوششیں رکن ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لیے مسلسل جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ECO کی مضبوطی اور متحرک حیثیت عالمی سطح پر اہمیت رکھتی ہے، اور اس کا مقصد تمام رکن ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید گہرا کرنا ہے۔

    وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان علاقائی تجارت اور روابط کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزارت خزانہ کے مختلف فورمز اور سرگرمیوں میں فعال شرکت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ اقتصادی تعاون تنظیم کی سرگرمیوں کو مزید تقویت دی جا سکے۔دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری خطے میں اقتصادی استحکام اور ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔

  • عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ وہ کسی دباؤ کا سامنا نہیں کریں گے،علیمہ خان

    عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ وہ کسی دباؤ کا سامنا نہیں کریں گے،علیمہ خان

    عمران خان کی ہمشیرہ، علیمہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو بہت پہلے ملک چھوڑنے یا کم از کم دو سال کے لیے خاموش رہنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

    لاہور کی احتساب عدالت کے باہر علیمہ خان نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے ہمیں عمران خان سے ملاقات کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے، اور یہ سوال اٹھایا کہ ان سے ملاقات نہ کرا کے حکام کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آج بھی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی گئی، تو ہم وہاں دھرنا دیں گے۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ امریکی وفد پاکستان اپنے مرضی سے آ رہا ہے اور ہمیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ ہم وہی بات کرتے ہیں جو عمران خان ہمیں بتاتے ہیں، اور ان کے بیانات ہی ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ وہ کسی دباؤ کا سامنا نہیں کریں گے،اور نہ ہی وہ پیچھے ہٹیں گے۔ علیمہ خان نے اپنے بھائی کی پختہ عزم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور ان کے فیصلے ان کی مرضی کے مطابق ہوں گے۔عمران خان آخری بار جب ہم سے ملے تو کہا ” کہہ دیا تھا میں نہ پریشر لوں گا اور نہ ڈیل کروں گا” میں نے کہا کہہ دیا تھا آپ کہہ رہے میں ڈیل نہیں کروں گا، وہ مجھ سے چیک کرتے ہیں کہ میں نے کہا یا نہیں کہا، عمران خان خاموش کیوں ہوں؟ کیا یہ انڈیا کروانا چاہ رہا ہے کہ وہ ملک کیلئے بات نہ کریں؟ وہ کون ہے؟ نام لیں کون ہے وہ جو خاموش کروانا چاہتا ہے؟