Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

    گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

    گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گذشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملکی سیاسی و امن و امان کی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں خرم حمید روکھڑی، احمد کنڈی، مولانا لطف الرحمان، مولانا اسجد محمود شریک تھے

    مولانا فضل الرحمان نے اس ملاقات میں ملک بھر میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات اور خصوصاً رمضان المبارک کے دوران مساجد میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ علماء کا پے در پے قتل افسوسناک ہے اور یہ ایک گہری سازش کا حصہ معلوم ہوتا ہے جو مذہبی طبقے کے خلاف چلائی جا رہی ہے۔جے یو آئی کے سربراہ نے مفتی منیر شاکر کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفتی منیر شاکر سمیت دیگر علماء کے قاتلوں کی گرفتاری میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ اگر مساجد اور مدارس محفوظ نہیں ہیں تو پھر عام مقامات کی حفاظت کس طرح ممکن ہو گی۔مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت کی خاموشی اور عدم توجہی کی وجہ سے ملک کے مذہبی طبقے میں اضطراب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مفتی منیر شاکر کی شہادت پر کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

    یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب ملک بھر میں سیاسی تناؤ اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے امن و امان کی صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا اور مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر پاکستان کے عوام کی سلامتی اور امن کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی بحران اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا۔

  • چین میں پاک بحریہ کی دوسری ہنگور کلاس آبدوز پی ایس شوشک کی لانچنگ تقریب

    چین میں پاک بحریہ کی دوسری ہنگور کلاس آبدوز پی ایس شوشک کی لانچنگ تقریب

    بیجنگ: پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے چین میں دوسری ہنگور کلاس آبدوز پی ایس شوشک کی لانچنگ تقریب منعقد کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق، اس پروقار تقریب میں پاکستان نیوی کے وائس چیف آف نیول اسٹاف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ عسکری و حکومتی حکام بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے میری ٹائم سیکیورٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید آبدوزوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی بحری طاقت میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ پاک چین دوستی میں بھی ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔

    واضح رہے کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں تیار کی جا رہی ہیں جبکہ چار آبدوزیں کراچی شپ یارڈ میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تیار کی جائیں گی۔

    ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں اور ان کی شمولیت سے پاکستان نیوی کی دفاعی صلاحیت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔ یہ آبدوزیں جدید سنسرز، اسٹیلتھ ٹیکنالوجی، اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں جو کسی بھی بحری خطرے سے نمٹنے میں مؤثر ثابت ہوں گی۔پاکستان نیوی کے ترجمان کے مطابق، ہنگور کلاس آبدوزوں کی شمولیت سے بحری حدود کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور سمندری راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔پاک بحریہ کے اس منصوبے کو ماہرین دفاع پاکستان کے لیے ایک بڑا اقدام قرار دے رہے ہیں، جو مستقبل میں سمندری دفاع کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • خوارج کے ایک اور بزدلانہ حملے میں مفتی شاکر اللہ شہید

    خوارج کے ایک اور بزدلانہ حملے میں مفتی شاکر اللہ شہید

    آج ایک بار پھر وحشی خوارج نے اسلام کے ایک ممتاز عالم دین کو نشانہ بنایا۔ مفتی شاکر اللہ، جو ایک جید عالم اور دین کی خدمت میں مصروف تھے، کو مسجد کے قریب نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا۔ یہ حملہ اسلام کے دشمنوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا تسلسل ہے جو ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کے درپے ہیں۔

    یہ واقعہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران چوتھا حملہ ہے جس میں مذہبی مقامات اور علمائے کرام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ قبل ازیں، اکوڑہ خٹک میں مولانا حامد الحق کو بھی سفاکانہ طور پر شہید کر دیا گیا تھا۔ ان حملوں میں ملوث عناصر نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ انہیں نہ تو اسلام کی کوئی قدر ہے اور نہ ہی انسانی جانوں کا کوئی احترام۔خوارج ہمیشہ سے دین اسلام کے نام پر فساد پھیلاتے آئے ہیں۔ ان کا مقصد صرف پیسے اور طاقت کی ہوس کو پورا کرنا ہے، اور وہ اسلام کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے ایک نعرے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ یہ معصوم لوگوں، مساجد اور علمائے کرام کے سفاک قاتل ہیں، جنہیں کسی بھی قیمت پر مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

    یہ خوارج ایک لعنت ہیں اور ملک کے امن و خوشحالی کے دشمن ہیں۔ ریاست اور عوام کو ان کے خلاف متحد ہو کر سخت اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ مزید بے گناہ جانیں ضائع نہ ہوں۔ ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ ان سفاک دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جائے۔علمائے کرام، مساجد اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں، اور قوم کو ان وحشی عناصر کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کرنی ہوگی تاکہ ملک میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔

  • لاہور پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ان ایکشن

    لاہور پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ان ایکشن

    لاہور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں، کئی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے

    مستی گیٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک دو رکنی موٹر سائیکل و رکشہ چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 موٹر سائیکلیں، 1 چنگ چی رکشہ، موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ملزمان نے لاہور کے مختلف علاقوں، بشمول اندرون سٹی میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ یہ گینگ زیادہ تر مارکیٹوں، بازاروں اور رش والے مقامات پر وارداتیں کرتا تھا اور بغیر لاک کے کھڑی موٹر سائیکلوں کو چوری کر کے فرار ہو جاتا تھا۔گرفتار ہونے والے ملزمان میں سرغنہ خلیل اور اس کا ساتھی فاروق شامل ہیں۔ پولیس نے ان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس ایچ او مستی گیٹ نجم علی عباسی نے کہا کہ گینگ کی گرفتاری پر ایس پی سٹی قاضی علی رضا کی جانب سے پولیس ٹیم کو شاباش دی گئی۔ایس پی سٹی قاضی علی رضا نے کہا کہ سٹریٹ کرمنلز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور اس قسم کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید کی کرائم میٹنگ
    ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید نے اپنے دفتر میں کرائم میٹنگ کی، جس میں صدر ڈویژن کے تھانوں کے انچارجز اور انویسٹی گیشن آفیسرز نے شرکت کی۔ محمد نوید نے پینڈنگ روڈز اور زیر التواء مقدمات کی پراگرس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انچارجز کو پرفارمنس بہتر بنانے کے لیے 2 روز کی مہلت دی۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال سے متعلقہ مقدمات کی تفتیش میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کے فروغ پر زور دیا جائے گا۔

    ماڈل ٹاؤن ڈویژن پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی
    ماڈل ٹاؤن ڈویژن پولیس نے رواں ماہ کے دوران 90 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان گرفتاریوں کے دوران پولیس نے 57 کلو 675 گرام چرس، 5 کلو 60 گرام ہیروئین، 7 کلو 136 گرام آئس اور 253 لیٹر شراب برآمد کی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مزید کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

    ڈرائیور کی مونچھیں، بھنویں اور سر کے بال مونڈ نے والا ملزم گرفتار
    کاہنہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر شہری کے ساتھ نازیبا سلوک کی ویڈیو وائرل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم ملک شبیر نے غصے میں آکر ایک ڈرائیور کی مونچھیں، بھنویں اور سر کے بال مونڈ ڈالے تھے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے ایس ایچ او کاہنہ اور اس کی ٹیم کو فوری کارروائی پر شاباش دی اور کہا کہ شہریوں کے ساتھ ہونے والے اس انسانیت سوز واقعہ پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

    مانگا منڈی پولیس نے 3 رکنی موٹر سائیکل چور اور موبائل سنیچر گینگ کو گرفتار کر لیا
    لاہور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ مانگا منڈی پولیس نے 3 رکنی موٹر سائیکل چور اور موبائل سنیچر گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں مہتاب، عبداللہ اور محسن علی شامل ہیں، جو کئی بار جیل جا چکے ہیں۔ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور ہزاروں روپے نقدی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    24 گھنٹوں کے دوران 13 گینگز کا خاتمہ اور 28 کارندوں کو گرفتار
    پنجاب پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 گینگز کا خاتمہ کیا اور 28 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ اس دوران پولیس نے 280 اشتہاری مجرمان، 199 عدالتی مفرور اور 67 ٹارگٹڈ آفنڈرز کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 13 رائفلز، 90 پسٹلز، 9 بندوقیں اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔

    قبل ازیں ایس ایچ او اقبال ٹاؤن کی پولیس ٹیم نے گن پوائنٹ پر واردات کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان اویس اور فاروق نے موبائل فون اور خواتین کے پرس چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے 3 موبائل فونز، ایک 30 بور پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ایس پی اقبال ٹاؤن بلال احمد نے ایس ایچ او اقبال ٹاؤن عامر شہزاد اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ سٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اس طرح کی کارروائیاں لاہور پولیس کی جانب سے مسلسل جاری ہیں تاکہ عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

  • احسن اقبال کا لاہور میں الیکٹرک بائیکس فیکٹری کا افتتاح

    احسن اقبال کا لاہور میں الیکٹرک بائیکس فیکٹری کا افتتاح

    لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے لاہور کے علاقے سندر میں الیکٹرک بائیکس بنانے والی فیکٹری کا افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ وہ ملک میں انڈسٹریلائزیشن کو فروغ دے تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

    احسن اقبال نے اس موقع پر مزید کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کا شعبہ پاکستان میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس شعبے کی ترقی کے ساتھ ہی پاکستان گرین انرجی کی جانب اپنے سفر کو تیز تر کرے گا اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کی سمت میں ایک نیا قدم اٹھائے گا۔انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ پاکستان کا مستقبل برآمدات سے جڑا ہوا ہے، اور اس کے لیے ضروری ہے کہ نجی شعبے کو طاقتور بنایا جائے تاکہ وہ اپنے وسائل اور صلاحیتوں کو پوری طرح سے بروئے کار لا سکے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت نجی شعبے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

    وزیر منصوبہ بندی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت کا "اڑان پاکستان پروگرام” ایک مضبوط اقتصادی روڈ میپ پر مبنی ہے، جو ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے واضح سمت فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت نجی شعبے کو بھرپور حمایت دی جائے گی تاکہ وہ اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے سکے اور ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کرے۔فیکٹری کے افتتاح کے ساتھ ساتھ، وزیر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اس نوعیت کی صنعتیں نہ صرف پاکستان میں ماحولیاتی بہتری کے لیے اہم ہیں بلکہ یہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی فروغ دیتی ہیں جو عالمی سطح پر پاکستانی مصنوعات کی مانگ بڑھا سکتی ہے۔

    اس فیکٹری کے قیام سے نہ صرف ماحولیاتی فائدے ہوں گے بلکہ ملک میں نئی صنعتوں کا آغاز ہوگا جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی معیشت میں مزید استحکام آئے گا۔

  • مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی شدت پسندی کا مقابلہ کرنا ضروری ہے،بلاول

    مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی شدت پسندی کا مقابلہ کرنا ضروری ہے،بلاول

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری ے بین الاقوامی دن برائے اسلامو فوبیا کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ "ہمیں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور امتیاز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ کوئی بھی معاشرہ ایسی تعصب کو نظر انداز کرتے ہوئے جمہوریت کو قائم نہیں رکھ سکتا۔ اسلامو فوبیا صرف نفرت نہیں ہے بلکہ یہ عالمی امن اور ہم آہنگی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔”

    بلاول بھٹو زرداری نے یاد دلایا کہ مارچ 2023 میں پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ مل کر اسلامو فوبیا کے خلاف ایک اہم عالمی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور مذہب پر مبنی امتیاز کے خلاف قانونی کارروائی کی حمایت کی گئی۔انھوں نے کہا کہ "او آئی سی کے سی ایف ایم کے چیئرمین کی حیثیت سے ہم نے پہلی بار ‘مسلمان خواتین’ کے بارے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ اس کا مقصد مسلم خواتین کے حوالے سے پھیلائے جانے والے غلط فہمیوں کا چیلنج کرنا اور ان کی کامیابیوں کا جشن منانا تھا۔”

    بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ "ہمیں آزادیوں کا دفاع کرنا ہوگا، عبادت گاہوں کی حفاظت کرنی ہوگی، نفرت کو مسترد کرنا ہوگا اور خوف کی جگہ اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔”انھوں نے اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ #EndIslamophobia مہم کو کامیاب بنانے کے لیے عالمی سطح پر تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

  • زیادتی کیس میں‌ضمانت پر رہابھارتی وی لاگر کی حادثے میں موت

    زیادتی کیس میں‌ضمانت پر رہابھارتی وی لاگر کی حادثے میں موت

    اپنی سلو موشن اور روبوٹک اسٹائل ڈانس ویڈیوز کے لیے مشہور 32 سالہ جنید خان کیرالہ کے ملاپورم میں ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارتی وی لاگر کی موٹر سائیکل ایک ریت کے ٹیلے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ وہ سر پر گہری چوٹ کے ساتھ سڑک کنارے بے ہوش پائے گئے اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیے گئے، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔یہ حادثہ جمعہ کی شام 6 بجکر 20 منٹ پر پیش آیا۔ ایک بس کے کارکن نے انہیں سڑک کنارے شدید زخمی حالت میں دیکھا اور متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔

    وی لاگر کی موت پر فلم ساز کمار سیدھرن نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اس حادثے کو مشکوک قرار دیا اور سوال اٹھایا کہ آیا یہ واقعی ایک حادثہ تھا؟ انہوں نے کہا کہ یہ موت مشکوک حالات میں ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنید خان کچھ عرصے قبل جنسی زیادتی کے ایک مقدمے میں گرفتار ہوئے تھے اور اس کے بعد ان کے خلاف شدید نفرت انگیز مہم چلائی گئی تاکہ انہیں بدنام کیا جا سکے۔ ان کی موت ایک فطری حادثے سے زیادہ کسی اور حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔

    فلم ساز کے مطابق، حادثے کے وقت جنید خان جنسی زیادتی کے الزامات پر ضمانت پر تھے۔ ایک خاتون نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ جنید خان نے ان سے شادی کا وعدہ کر کے ان سے تعلقات استوار کیے۔اس شکایت کی بنیاد پر کیرالہ پولیس نے دو ہفتے قبل انہیں بنگلورو سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد عوام میں ان کے خلاف شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ ان کو شرمندہ کرنے کے لیے مختلف ویڈیوز اور پوسٹس بھی شیئر کی گئیں۔فلم ساز نے مزید کہا کہ "مجھے معلوم نہیں کہ یہ ایک حادثہ تھا یا قتل، لیکن بہرحال، لوگ سچائی جاننے کی کوشش نہیں کریں گے بلکہ اپنے اگلے ہدف کی طرف بڑھ جائیں گے۔”

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حالیہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حالیہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،ساتھ ہی بجلی کے نرخوں میں کمی کے بارے بھی جلد اعلان کرنے کا عندیہ دیا ہے

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ اقدام ایک بڑے اقتصادی ریلیف پیکج کا حصہ ہے، جس کے تحت بجلی کے نرخوں میں بامعنی کمی کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے، جس کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ردوبدل سے حاصل ہونے والی مالی گنجائش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے ایک بڑا ریلیف پیکج تیار کیا ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے اس پیکج کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔

    وزیرِ اعظم نے اپنی حکومت کی اولین ترجیح عوامی ریلیف کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب سے حکومت سنبھالی ہے، ان کا مقصد عوام کو اقتصادی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے اس پیکج سے نہ صرف بجلی کی قیمتوں میں کمی آئے گی، بلکہ اس کا اثر مجموعی طور پر مہنگائی پر بھی پڑے گا اور اس میں مزید کمی واقع ہوگی۔وزیرِ اعظم نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ وہ بہت جلد اس ریلیف کے حوالے سے قوم کو خود آگاہ کریں گے، تاکہ عوام کو ان کی حکومت کی طرف سے ملنے والی سہولتوں کا فائدہ پہنچ سکے۔

  • آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی   کے نئے عہدیداروں کا انتخاب،سرمد علی صدر منتخب

    آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نئے عہدیداروں کا انتخاب،سرمد علی صدر منتخب

    آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے سالانہ اجلاس میں نئے عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔ اجلاس میں سرمد علی کو صدر، ناز آفرین سہگل کو سینئر نائب صدر، اطہر قاضی کو سیکریٹری جنرل، اور شہاب زبیری کو نائب صدر منتخب کیا گیا۔ اس کے علاوہ، محسن بلال جوائنٹ سیکریٹری جبکہ نوید کاشف فنانس سیکریٹری کے طور پر منتخب ہوئے۔

    آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے سالانہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات کا اعلان کیا گیا۔ سرمد علی کو صدر، ناز آفرین سہگل کو سینئر نائب صدر، اطہر قاضی کو سیکریٹری جنرل، شہاب زبیری کو نائب صدر، محسن بلال کو جوائنٹ سیکریٹری اور نوید کاشف کو فنانس سیکریٹری منتخب کیا گیا۔

    وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور پی آئی او کی مبارکباد
    وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات، عنبرین جان، اور پی آئی او، مبشر حسن، نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ای پی این ایس کا پلیٹ فارم میڈیا انڈسٹری کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور وزارت اطلاعات صحافتی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ مبشر حسن نے کہا کہ اے پی این ایس کی نومنتخب قیادت اپنی تجربہ کار بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں سے صحافتی برادری کی بہتری کے لیے کام کرے گی۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد
    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سینیٹر سرمد علی کو صدر، ناز آفرین سہگل کو سینئر نائب صدر، اطہر قاضی کو سیکریٹری جنرل، شہاب زبیری کو نائب صدر، محسن بلال کو جوائنٹ سیکریٹری اور نوید کاشف کو فنانس سیکریٹری منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے توقع ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیدار صحافت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کریں گے اور ملک میں صحافتی اقدار کی بالادستی کے لیے کام کریں گے۔

    مرکزی مسلم لیگ کی طرف سے اے پی این ایس کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد
    مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اے پی این ایس ملک میں آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور نو منتخب قیادت صحافی برادری کے مسائل کے حل اور میڈیا انڈسٹری کی ترقی کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔

  • تحفظ ناموس رسالت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے.حافظ طلحہ سعید

    تحفظ ناموس رسالت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے.حافظ طلحہ سعید

    مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے.سوشل میڈیا پر شان رسالت ﷺ میں گستاخیاں منظم انداز میں کی جاتی ہیں، سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کے حوالہ سے وکلا کو قانونی راستہ اختیار کرنا چاہئے

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال آڈیٹوریم ہال لاہور ہائیکورٹ بار میں یوم تحفظ ناموس رسالت کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا. سیمینار میں وکلا کی کثیر تعداد شریک ہوئی. اس موقع پر حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ مغرب میں توہین آمیز اقدامات کے خلاف اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کو فوری کارروائی کرنی چاہیے۔ مسلمان اپنے مذہبی اقدار کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں اور اپنے عقیدے کے دفاع میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کے حوالہ سے وکلا کو قانونی راستہ اختیار کرنا چاہئےاور ملکی و بین الاقوامی سطح پر ایسے قوانین کے نفاذ کے لیے کوشش کرنی چاہیے جو مقدس ہستیوں کی توہین کو روک سکیں۔

    حافظ طلحہ سعید کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر موجود گستاخانہ مواد نہ صرف مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے اس کے سدباب کے لیے وکلا کو عدالتی کارروائی، قانونی چارہ جوئی اور پالیسی سازی میں موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ مرکزی مسلم لیگ تحفظ ناموس رسالت کے لئے کردار ادا کرتی رہے گی.سید الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ سے محبت وعقیدت مسلمان کے ایمان کا بنیادی حزو ہے ۔ رسول اللہ ﷺ سے محبت ہی صرف وہ چیز ہے جو دنیااور آخرت میں کامیابی کی ضمانت اور اللہ رب العزت کی محبت پانے کاذریعہ ہے ۔اور اسی طرح کسی بھی شخص کاایمان اس وقت تک مکمل قرار نہیں دیا جاسکتا جب تک رسول اللہ ﷺ کو تمام رشتوں سے بڑھ کر محبوب ومقرب نہ جانا جائے