Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • مصطفیٰ عامر قتل کیس،ارمغان کے ریمانڈ میں توسیع

    مصطفیٰ عامر قتل کیس،ارمغان کے ریمانڈ میں توسیع

    کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قتل کئے گئے مصطفیٰ عامر کیس میں مرکزی ملزم ارمغان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

    انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست کی۔سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کو کہاں رکھا گیا ہے، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کو پیش کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے مزید پوچھا کہ کیس کی پیشرفت کیا ہے، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ آلۂ قتل اور ڈی وی آر برآمد کر لی گئی ہے۔ تاہم، وکیل صفائی عابد زمان نے مؤقف اختیار کیا کہ آلۂ قتل (ڈنڈا) اور ڈی وی آر پہلے ہی برآمد ہو چکی ہے اور میڈیا پر بھی یہ تمام شواہد دکھائے جا چکے ہیں۔عدالت نے کہا کہ میرے علم میں یہ چیزیں نہیں ہیں اور نہ ہی میں میڈیا دیکھتا ہوں۔ جو چیزیں برآمد کی گئی ہیں، کیا انہیں سیل کیا گیا ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ تمام برآمد شدہ اشیا کو سیل کر دیا گیا ہے۔

    عدالت نے ملزم ارمغان سے استفسار کیا کہ کیا پولیس نے اسے تشدد کا نشانہ تو نہیں بنایا؟ جس پر ملزم نے جواب دیا کہ ’میں سر نہیں ہلا سکتا‘۔ ملزم نے کہا کہ وہ مزید پولیس حراست میں نہیں رہنا چاہتا۔پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ لیپ ٹاپ اور موبائل فون کا ڈیٹا ریکور کرنا باقی ہے، اس لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ وکلا صفائی نے اعتراض کیا کہ پولیس کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔
    عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی اور پولیس کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر کیس کی پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے۔

    علاوہ ازیں، عدالت نے وکیل عابد زمان اور سارہ عاصم خان کی جانب سے مقدمے کا عبوری چالان پیش کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیے۔ مزید برآں، عدالت نے ملزم کے والدین کو 5 منٹ کے لیے ملاقات کی اجازت بھی دے دی۔

    بعدازاں انسداد دہشتگردی عدالت میں مصطفی عامر قتل کیس میں عدالت نے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔تحریری حکم نامے کے مطابق ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں7 دن کی توسیع کی استدعا کی گئی، تفتیشی افسر کے مطابق ملزم نے قتل کے بعد والد کو آگاہ کیا، ملزم کے والد نے ملزم کو روپوش ہونے کا مشورہ دیا۔تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ پراسیکیوٹر نے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی، وکلا صفائی نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی مخالفت کی، عدالت نے ملزم ارمغان سے پوچھا کیا آپ پرتشدد کیا گیا؟ ملزم نے عدالتی استفسار پر پر مثبت جواب نہیں دیا۔تحریری حکم نامہ کے مطابق پولیس کسٹڈی کے دوران مزید شواہد ملنے کا بھی امکان ہے، ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 7 دن کی توسیع کی جاتی ہے، وکیل صفائی کی چالان پیش کرنے کی درخواست دائر کی گئی، وکیل صفائی کی چالان پیش کرنے کی درخواست کی سماعت 18 مارچ کو ہوگی۔تحریری حکم نامہ یہ بھی کہا گیا کہ وکیل صفائی کی والدین سے ملزم کی ملاقات کی درخواست پر کمرہ عدالت میں پانچ منٹ کی ملاقات کی اجازت دی گئی۔

  • سپریم کورٹ کا کسی پارٹی کے دلائل پر انحصار لازمی نہیں ہوتا،جسٹس جمال مندوخیل

    سپریم کورٹ کا کسی پارٹی کے دلائل پر انحصار لازمی نہیں ہوتا،جسٹس جمال مندوخیل

    سپریم کورٹ،ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی.

    جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔آج وزارتِ دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے جواب الجواب دلائل کا آغاز کیا اور کہا کہ سلمان اکرم راجہ اور اور عزیر بھنڈاری نے اپنے دلائل میں ایف بی علی کیس پر بات کی۔خواجہ حارث نے کہا کہ ایف بی علی کیس کا وہ متعلقہ پیراگراف آپ کے سامنے رکھتا ہوں، ایف بی علی کیس کو جس طرح سےدوسری طرف نے اپنے دلائل میں بیان کیا وہ کیا ہی نہیں جاسکتا تھا۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کا کسی پارٹی کے دلائل پر انحصار لازمی نہیں ہوتا، ایف بی علی کیس میں کہا کہ آرمڈ فورسز کے ممبران پر بنیادی حقوق لاگو نہیں ہوتے۔ ایف بی علی کیس کلاز ڈی کی بات کرتا ہے کہ اس کے تحت شہریوں کو بنیادی حقوق حاصل ہوں گے، پھر ایف بی علی کیس کے تناظر میں کلاز ڈی کے ہوتے شہریوں کو فوجی عدالتوں میں کیسے ٹرائل کیا جاسکتا ہے؟ یہی سوال ہے جو میرے دماغ میں اٹکا ہوا ہے۔

    بعد ازاں ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

  • جنگ بندی کے نام پر اسرائیل کا دوہرا معیار،غزہ کی بجلی بندش قابل مذمت، حافظ طلحہ سعید

    جنگ بندی کے نام پر اسرائیل کا دوہرا معیار،غزہ کی بجلی بندش قابل مذمت، حافظ طلحہ سعید

    او آئی سی، اقوام متحدہ ،عالمی دنیا خاموش کیوں،پاکستان قائدانہ کردار ادا کرے، نائب صدر مرکزی مسلم لیگ
    مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی بجلی کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام غزہ کے معصوم شہریوں کو کھلے عام موت کے منہ میں دھکیلنے کے مترادف ہے، عالمی دنیا اس پر خاموش رہنے کی بجائے غزہ کے باسیوں کی بجلی بحال کروائے. اسرائیل جنگ بندی کے نام پر بھی دوغلی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.افطار ڈنر کی تقریب میں سماجی و مذہبی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھاکہ غزہ پہلے ہی انسانی بحران کا شکار ہے،اسرائیلی بمباری کی وجہ سے غزہ میں مکمل تباہی ہو چکی ہے، ہسپتالیں ،تعلیمی ادارے ،گھر سب تباہ ہیں، ایسے میں بجلی کی بندش سے غزہ کے باسیوں کی زندگی مزید اجیرن ہو رہی ہے. ہسپتالوں میں مریضوں کی موت کا خدشہ ہے. اسرائیل جنگ بندی کے اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے.او آئی سی، اقوام متحدہ سمیت دنیا کو چاہئے کہ وہ غزہ میں بجلی کی بحالی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کی بحالی کے لئے دباؤ ڈالیں،

    حافظ طلحہ سعید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت بھی خاموش رہنے کی بجائے جراتمندانہ اور قائدانہ کردار ادا کرے۔ مرکزی مسلم لیگ فلسطینی بھائیوں کی تحریک کی حمایت جاری رکھے گی، فلسطینی اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں. وہ دن دور نہیں جب فلسطینی مسلمان کھلی فضا میں سانس لیں گے.

  • جعفر ایکسپریس پر حملہ ڈرائیور شہید، تین دہشتگرد جہنم واصل ،کئی مسافر زخمی

    جعفر ایکسپریس پر حملہ ڈرائیور شہید، تین دہشتگرد جہنم واصل ،کئی مسافر زخمی

    بلوچستان دشمن دہشتگردوں نے جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا

    جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد واصلِ جہنم ہوگئے جبکہ 20 مسافروں کو بحفاظت چھڑوا لیا گیا ہے۔ علاقے میں ایف سی فورسز کا کلیرنس آپریشن جاری ہے اور باقی دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جا رہی ہے۔فورسز دشمنوں کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، اور دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔واقعہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈرائیور جعفر ایکسپریس امجد عزیز شہید ہو گئے ہیں. متعدد مسافر زخمی بھی ہیں،ریلوے ترجمان کے مطابق جعفر ایکسپریس میں چار سو سے زیادہ مسافر سوار ہیں اور مجموعی طور پر نو بوگیاں ہیں۔

    قبل ازیں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو گڈالر اور پیرو کنری کے درمیان دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔ اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی ہے ،دوسری طرف، ٹرین سروس متاثر ہونے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور حکام نے ٹرین کی حفاظت کے لیے اضافی سیکیورٹی فورسز تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس واقعے کے بعد عوامی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے اور شہریوں کی جانب سے سیکیورٹی میں مزید سختی کی مطالبات کیے جا رہے ہیں۔

    ٹرین فائرنگ، واقعہ دہشت گردی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے، ترجمان بلوچستان حکومت
    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر گڈالر اور پیرو کنری کے درمیان شدید فائرنگ کی اطلاعات ہیں،سبی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،ایمبولینسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہیں،پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ ہونے کے باعث جائے وقوعہ تک رسائی میں مشکلات پیش آررہی ہیں، محکمہ ریلوے کی جانب سے امدادی ٹرین جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہے، سیکورٹی فورسز مذکورہ علاقے کی جانب روانہ ہیں ، واقعے کی نوعیت اور ممکنہ دہشت گردی کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ دہشت گردی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے، تحقیقات جاری ہیں،حکومت بلوچستان کی جانب سے ہنگامی اقدامات کی ہدایت، تمام ادارے متحرک ہیں، عوام سے پرامن رہنے اور افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہیں.

    ٹرین فائرنگ،جائے وقوعہ تک رسائی میں مشکلات پیش آررہی ہیں،ترجمان بلوچستان حکومت
    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر گڈالر اور پیرو کنری کے درمیان شدید فائرنگ کی اطلاعات ہیں،سبی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ایمبولینسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہیں،پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ ہونے کے باعث جائے وقوعہ تک رسائی میں مشکلات پیش آررہی ہیں،محکمہ ریلوے کی جانب سے امدادی ٹرین جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہے،سیکورٹی فورسز مذکورہ علاقے کی جانب روانہ ہیں ،واقعے کی نوعیت اور ممکنہ دہشت گردی کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ دہشت گردی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے، تحقیقات جاری ہیں، حکومت بلوچستان کی جانب سے ہنگامی اقدامات کی ہدایت، تمام ادارے متحرک ہیں،

  • چچا نے بھتیجی، بھائی نے بہن کی جان لے لی

    چچا نے بھتیجی، بھائی نے بہن کی جان لے لی

    پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہو رمیں دو افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں، چچا نے بھتیجی اور بھائی نے بہن کو گولیاں مار کر قتل کر دیا

    لاہور کے علاقے چوہنگ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چچا نے اپنی 17 سالہ بھتیجی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گھریلو جھگڑے کے باعث چوہنگ کے علاقے میں چچا نے اپنی بھتیجی سماہا پر گولیاں چلا دیں جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس اور فارنزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    دوسری جانب لاہور کے علاقے ہجویری اسکیم میں بھائی نے فائرنگ کر کے اپنی 23 سالہ بہن کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہربنس پورہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ملزم نے اپنی بہن لائبہ فاطمہ کو گولی مار دی۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتولہ لائبہ فاطمہ طلاق یافتہ تھی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

  • 190 ملین پاؤنڈز وفاق کو مل گئے،ان پیسوں سےدانش یونیورسٹی بنائیں گے،وزیراعظم

    190 ملین پاؤنڈز وفاق کو مل گئے،ان پیسوں سےدانش یونیورسٹی بنائیں گے،وزیراعظم

    وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

    برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی طرف سے پاکستان کو واپس کیے گئے 190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ کے ذریعے وفاقی حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق، یہ رقم دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں استعمال کی جائے گی۔وزیراعظم نے 190 ملین پاؤنڈز کی رقم وفاقی حکومت کو منتقلی پر چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس معاملے کو جلدی نمٹانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی ایک ایسی درسگاہ ہو گی جہاں مستحق اور لائق طلباء کو اعلیٰ درجے کی تحقیق پر مبنی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس یونیورسٹی کا مقصد پاکستان میں جدید سائنسی تحقیق کو فروغ دینا ہے تاکہ نوجوانوں کو عالمی سطح کی تعلیم دی جا سکے۔وزیراعظم نے دانش یونیورسٹی کے لئے اسلام آباد میں زمین کے حصول کے لئے تمام قانونی تقاضے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ، یونیورسٹی کے چارٹر اور دیگر قانونی معاملات کو بھی فوری طور پر مکمل کرنے کا کہا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت دی کہ یونیورسٹی کی عمارت سادگی کے عنصر کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کی جائے۔ عمارت کو سرخ اینٹوں سے بنایا جائے اور غیر ضروری اخراجات سے بچا جائے تاکہ لاگت کم سے کم ہو۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے لئے اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ اور فیکلٹی کو بھرتی کیا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کے تمام آلات فراہم کیے جائیں تاکہ یونیورسٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔

    وزیراعظم نے یونیورسٹی کے نصاب کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، تاکہ اس پوزیشن کے لئے بہترین امیدوار کا انتخاب کیا جا سکے۔وزیراعظم نے یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی نامزدگی کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ اس ادارے کو مضبوط اور خودمختار بنایا جا سکے۔

    اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ دانش یونیورسٹی کی رجسٹریشن سیکشن 42 کمپنی کے طور پر کی جائے گی اور اس کے تمام ضروری معاملات جلد ہی مکمل ہو جائیں گے۔ یونیورسٹی کے امور دانش ٹرسٹ کے زیر تحت ہوں گے تاکہ ادارہ اپنے مالی معاملات میں خود مختار ہو اور حکومتی عمل دخل کم سے کم ہو۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ شگر، گلگت اور باغ میں جلد ہی دانش اسکولز کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ آزاد جموں و کشمیر کے نیلم ویلی اور کراچی کے پسماندہ علاقوں میں بھی دانش اسکولز کے قیام پر کام جاری ہے۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دانش یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ یہ ادارہ جدید تعلیم اور تحقیق کے حوالے سے عالمی معیار پر پورا اتر سکے۔ ان اقدامات سے نہ صرف طلباء کو بہتر تعلیم ملے گی بلکہ پاکستان میں سائنسی تحقیق کی ترقی کے لیے ایک نیا دور شروع ہو گا۔

  • اپوزیشن صرف گالم گلوچ اور شور شرابے کے علاوہ کچھ نہیں کرتی ،بلاول

    اپوزیشن صرف گالم گلوچ اور شور شرابے کے علاوہ کچھ نہیں کرتی ،بلاول

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،

    قومی اسمبلی میں خطاب ، بعد ازاں اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام سیاستدانوں سے اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن صرف گالم گلوچ اور شور شرابے کے علاوہ کچھ نہیں کرتی صدر زرداری نے اپنے خطاب میں ہر ایشو پر بات کی .صدر زرداری نے پارلیمان میں تاریخی خطاب کیا، پہلی بار کسی سویلین صدر نے آٹھ بار خطاب کیا،صدر مملکت نے نفرت کی بجائے امید کی بات کی.دریائے سندھ سے نئی نہروں کےبارے متفقہ فیصلے لینے چاہئے،وزیراعلی خیبر پختونخوا کو صوبے میں بڑھتی دہشت گردی کی پرواز نہیں، وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہاں بڑھتی دہشت گردی خود دیکھے، وفاق سے بات چیت چلتی رہے گی. پیپلز پارٹی مثبت سیاست پر یقین رکھتی ہے.

    بلاول زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پانی کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی خاموشی کا بیانیہ سفید جھوٹ ہے
    ، پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے اس ایشو کو اٹھایا ،27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں بھی یہ ایشو اٹھایا ،ہر قومی اسمبلی اجلاس میں پیپلز پارٹی کے تمام ارکان نے یہ بات کی ،نواب یوسف تالپور نے آخری تقریر وہیل چیئر پر آکر چیخ چیخ یہ آواز اٹھائی ،ہماری صوبائی حکومت، وزیراعلی سندھ سمیت دیگر وزراء نے یہ معاملہ اٹھایا ،پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو پانی کی تقسیم پر ہمیشہ آواز اٹھاتی آئی ہے اور اٹھا رہی ہے ،وہ سیاستدان جو جان بوجھ کر اس پر غلط فہمی پیدا کررہے ہیں وہ اسے متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں،قومی ایشوز پر اپنی سیاست کو چمکانے کیلئے آواز اٹھانے والوں کو نشانہ بنارہے ہیں ،ایسی بات کرکے آپ دھوکہ دہی کی سوا کچھ نہیں کررہے ہیں ،یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، پیپلز ہی صحیح معنوں میں اٹھا رہی ہے ،ہم مثبت سیاست پر یقین رکھتے ہیں مگر جو واقعی چاہتے ہیں کہ پانی کو غیر متنازعہ رکھیں وہ پھر مناسب جگہ تنقید کریں

    بلاول زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہاف ٹرم کا وزیراعظم کا فارمولا ہمیشہ مسترد کیا ہے .حکومت کیساتھ ہمارے تعلقات سیاسی ساتھ سب کے سامنے ہے،آصف علی زرداری نے جمہوری تاریخ میں پہلی مرتبہ 8 ویں مرتبہ ایوان سے خطاب کرکے تاریخ رقم کی ،صدر زرداری نے نفرت کی بجائے احترام اور تقسیم کی بجائے اتحاد کی بات کی ،مسئلہ فلسطین و کشمیر سے لے کر دوست ممالک اور تمام شعبہ جات کے حوالوں تک امور پر روشنی ڈالی
    ،عوامی ایشوز پر انہوں نے زور دیا، وہ واحد منتخب وفاقی نمائندہ ہیں ،صدر مملکت نے حکومت کی یکطرفہ پالیسیوں پر بھی تبصرہ کیا ،خصوصاً انہوں نے نئی نہروں کے حوالے سے بڑے مثبت انداز میں حکومت وقت کو خبردار کیا،اس فیصلے سے وفاق پر ایک نشان لگ رہا ہے اس لئے اس معاملے کا حل متفقہ طور ہونا چاہیے ،آصف علی زرداری کا تاریخی خطاب عوامی ایشوز پر مشتمل تھا جو سامنے تھا ،اسی طرح اپوزیشن کا شور تماشا بھی عوام نے دیکھا،افطار ڈنر میں وزیراعظم میاں شہباز شریف کا شکر گزار ہوں ،معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں جس پر وزیراعظم کو مبارک باد پیش کی ہے ،ہم نے اس کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل اور امن و امان کی صورتحال پر توجہ مبذول کرائی ،ایک طرف امن و امان کی یہ صورتحال ہے بنوں سے پارا چنار اور ڈی آئی خان سے پشاور تک آگ پھیلی ہے ،اس جانب حکومت کی توجہ مبذول کرائی ہے کہ صوبائی حکومت کی بجائے وفاقی حکومت سنجیدہ اقدام لے ،بلوچستان کی جو صورت حال ہے اس کے جانب بھی متوجہ کیا گیا ،پنجاب کے مسائل بھی وزیراعظم کے سامنے رکھے،موسمی تبدیلیوں، پانی کی کمی، آئی ایم ایف کے دباؤ کی وجہ سے زراعت پر ٹیکس سامنے ہے،پانی کی کمی اور موسمی تبدیلی ایک حقیقت ہے،دنیا میں سب کو پتہ ہے مستقبل میں پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا،پیپلز پارٹی گرین پاکستان گرین سندھ گرین پنجاب گریں کے پی اور گرین بلوچستان کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں ،سب سے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کے ڈیم ہم نے بنائے،چولستان، تھر میرے اپنے علاقے ہیں ہم خود یہاں تک پانی پہنچائیں گے،ہم کہہ رہے ہیں کہ ہمار نظریہ اور منشور ہے حکومت ساتھ دے،حکومت کے پاس اس سے بہتر تجویز ہے تو وہ ہمیں بتائیں،وزیراعظم کیساتھ ایک مثبت میٹنگ ہوئی ہے اور یقین دلایا ہے کہ وہ مسائل حل کریں گے ،دوسرا بجٹ آنے والا ہے اب تک ان شکایات کو حل ہونا چاہیئے تھا ،لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر اگر صوبائی حکومت کچھ نہیں کرتی تو وفاق کو کام کرنا ہوگا ،پیپلز پارٹی اور ن لیگ خیبرپختونخوا کے حوالے آج مشاورت کرے گی ،وفاقی حکومت کیوں نہیں مانے گی کہ نہروں کے مسائل پر صدر زرداری کے تحفظات سنیں اور حل کرے ،میں امید رکھتا ہوں کہ اس بار پیپلز پارٹی اور ن لیگ مل کر بجٹ بنائیں گے ،چاروں صوبوں کے پی ایس ڈی پی بھی جب مل کر بنائیں گے تو پھر ہم کیوں اس کی حمایت نہیں کرینگے ،الیکشن کے بعد میں کسی سیاسی جماعت کے پاس نہیں گیا تھا ،اس سے پہلے وزیراعظم میاں شہباز شریف اپنی ٹیم کیساتھ چل کر آئے ،ہم نے اس کے بعد دو روز تک سی ای سی اجلاس چلایا،پی ٹی آئی نے تو از خود اکیلے چلنے کا فیصلہ کیا تھا ان کے پاس ہم نہیں گئے تھے

    بلاول زرداری کا مزید کہنا تھا کہ نواب یوسف تالپور ایک عوامی سیاست دان تھے جن کی سیاسی جدوجہد طلباء سیاست سے شروع ہوئی، انہوں نے آمریت کے خلاف اور جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ضیا ء الحق اور پرویز مشرف تھا، نواب یوسف تالپور ہے،

  • سوات پولیس کی اہم کامیابی، مطلوب دہشت گرد اجمل ساتھیوں سمیت گرفتار

    سوات پولیس کی اہم کامیابی، مطلوب دہشت گرد اجمل ساتھیوں سمیت گرفتار

    سوات: مینگورہ میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد اجمل کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ اجمل ساکن ملوک آباد تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کی طویل عرصے سے تلاش تھی۔

    پولیس کے مطابق اجمل اور اس کے ساتھی دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان پر متعدد قتل اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ یہ کارروائی سوات پولیس کی خصوصی ٹیم نے کی، جس میں خفیہ اطلاعات پر بروقت کارروائی کی گئی۔مذکورہ دہشت گرد گروہ علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کے علاوہ امن و امان کی صورت حال کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس نے فوری طور پر انہیں گرفتار کر کے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی سوات میں دہشت گردوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، جس کے ذریعے امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف معلومات فراہم کرنے میں پولیس کا ساتھ دیں تاکہ ان کے نیٹ ورک کو مزید ختم کیا جا سکے۔یہ گرفتاری پولیس کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کیے جانے والے موثر اقدامات اور سوات میں امن و سکون کے قیام کے لیے ایک اور اہم کامیابی ہے۔

  • دفتر خارجہ کی ترکمانستان میں تعینات سفیر کو امریکا میں داخلے سے روکنے کی تصدیق

    دفتر خارجہ کی ترکمانستان میں تعینات سفیر کو امریکا میں داخلے سے روکنے کی تصدیق

    دفتر خارجہ نے ترکمانستان میں تعینات سفیر کو امریکا میں داخلے سے روکنے کی تصدیق کر دی

    ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ترکمانستان میں تعینات سفیر، احسن وگن، کو امریکا میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ متعلقہ سفیر نجی دورے پر امریکا گئے تھے، لیکن ان کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس بارے میں مزید تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے معاملات میں قیاس آرائیاں کرنا مناسب نہیں، کیونکہ صورتحال کی مکمل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستانی سفارتکار کی امریکا سے واپسی کا معاملہ وزارت خارجہ دیکھ رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام قانونی اور سفارتی طریقہ کار کو اپنایا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ سفارتی ذرائع سے یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ پاکستان کے ترکمانستان میں تعینات سفیر احسن وگن کو امریکی شہر لاس اینجلس سے واپس ڈیپورٹ کیا گیا۔ اس واقعے نے پاکستانی سفارتکاری کی سطح پر بے چینی پیدا کر دی ہے، اور اس کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔پاکستانی وزارت خارجہ اس معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اسے پوری طرح سے تحقیقات کے بعد حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • شہری کی غیر قانونی حراست،اسلام آباد ہائیکورٹ نےآئی جی کو کیا طلب

    شہری کی غیر قانونی حراست،اسلام آباد ہائیکورٹ نےآئی جی کو کیا طلب

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری علی محمد کو مبینہ غیرقانونی حراست میں رکھنے کیخلاف کیس میں 13مارچ کو آئی جی اسلام آباد کو طلب کرلیا

    پولیس کی جانب سے شہری علی محمد کو مبینہ غیرقانونی حراست میں رکھنے کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی نے شہری کی درخواست پر سماعت کی،جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا جی بتائیں،پولیس آفیسرز گرفتار ہو چکے ہیں،ڈی ایس پی نے کہاکہ پولیس آفیشلز کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنا دی ہے،پولیس افسران کی شناخت کیلئے درخواست گزار کو بلایا تھا وہ نہیں آئے،ہم نے کال اپ نوٹس بھیجا، اس کا بھی جواب نہیں آیا،

    دوران سماعت عدالت میں شیر افضل مروت نے کہاکہ پولیس افسران نے بندہ اٹھایا اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے،شناخت پریڈ کی ضرورت ہی نہیں ہے، جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے 13مارچ کو آئی جی اسلام آباد کو طلب کرلیا،عدالت نے کیس کی سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی