چاغی۔ (اے پی پی)غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہونے والے مزید 48 پاکستانی شہریوں کو ایرانی حکام نے گرفتار کرکے ضلع چاغی میں تفتان سرحد پر لیویز حکام کے حوالے کردیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق زیر حراست افراد قانونی دستاویزات کے بغیر ایران کے مختلف علاقوں میں مقیم تھے اور بہتر روزگار کی تلاش میں یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔لیویز حکام نے مذکورہ افراد کو مزید تحقیقات کی غرض سے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
Author: Regional News

راجن پور کی فضا کشمیر کے نعروں سے گونج اٹھی
راجن پور۔ (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل ناصر خان اور دیگر مقررین نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور پنجاب حکومت کی ہدایت پر راجن پور میں یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح حرمت رسولؐ اور کشمیریوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے ایسا پچھلے 70سالوں کسی بھی حکمران نے نہیں کیا۔مقررین کامزید کہنا تھا کہ کشمیریوں سے ہمارا کلمہ توحید کا رشتہ ہے جو کہ باقی تمام رشتوں پر مقدم ہے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے تمام افسران واہلکاران نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق شرکاء نے پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں قومی اور کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔پاکستان اور کشمیر کے ملی نغموں سے فضا گونجتی رہی۔استحکام پاکستان،ملک و قوم کی خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کیلیے خصوصی دعا کی۔

حکومت پنجاب لوگوں کو پینے کے صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی کیلئے کیا انتظام کر رہی ہے…
راجن پور۔ (اے پی پی)حکومت پنجاب لوگوں کو پینے کے صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی کیلئے کئی منصوبے فراہم کررہی ہے۔ اس سلسلے میں ”آبِ پاک اتھارٹی“ کا اجلاس ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل ناصر خان کی زیر صدارت منعقدہ ہوا۔اجلاس میں مقامی ایم پی اے و ایم این اے کے نمائندگان کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنما علی رضا خان دریشک، اسسٹنٹ کمشنر راجن پور مراد حسین، ایکسین پبلک ہیلتھ جاوید احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ یعقوب شیروانی، تنزیل الرحمن علوی، رشید ساجد اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر یونین کونسل میں چار واٹر سپلائی سکیمیں اور پانچ فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے، میونسپل کمیٹی کی حدود میں 10 فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اس سے قبل جو بھی واٹر سپلائی سکیمیں اور فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں ان کی فہرست فراہم کی جائے۔
میپکوٹاسک فورسزنے ایک روز میں 26لاکھ22ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا مگر کس کو….
ملتان۔ (اے پی پی) میپکو ٹیموں نے ٹاسک فورسز کے ہمراہ آپریشن کرتے ہوئے جنوبی پنجاب میں ایک روز میں 103بجلی چورپکڑلئے۔ایک لاکھ38ہزار یونٹس بجلی چوری کرنے پر26لاکھ22ہزار روپے جرمانہ عائد۔5مقدمات درج۔صارفین میٹر باڈی ٹمپر، ڈائریکٹ سپلائی، میٹر میں لوپ لگاکر، میٹر سلو، میٹر ڈیڈ سٹاپ اور میٹر سکرین واش کرکے بجلی چوری کرتے ہوئے پائے گئے۔4اکتوبر2019ء کو ملتان میں 13گھریلواورکمرشل صارفین کو22158یونٹس چوری کرنے پر521425 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ڈی جی خان میں 15گھریلوصارفین کو23016یونٹس چوری کرنے پر344060روپے جرمانہ عائد اور دو مقدمات درج، وہاڑی میں 8 گھریلواورکمرشل صارفین کو 8622 یونٹس چوری کرنے پر187997روپے جرمانہ،بہاولپور میں 10گھریلوصارفین کو14330 یونٹس چوری کرنے پر312000روپے جرمانہ،ساہیوال سرکل میں 9گھریلو صارفین کو 10999 یونٹس چوری کرنے پر 213640روپے جرمانہ، رحیم یار خان میں 15گھریلوصارفین کو13777 یونٹس چوری کرنے پر240000روپے جرمانہ، مظفر گڑھ میں 21 گھریلوصارفین کو 35207 یونٹس چوری کرنے پر615194روپے جرمانہ اورتین ایف آئی آرز درج،بہاولنگر میں 3 گھریلوصارفین کو2278یونٹس چوری کرنے پر32000روپے جرمانہ جبکہ خانیوال میں 11 گھریلوصارفین کو8286یونٹس چوری کرنے پر156500روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔

کراچی کے طالب علم ممتاز علی کو وزیر اعظم نے اعلیٰ کارکردگی پر”مثالی طالب علم“ کا ایوارڈ دے دیا
کراچی – جامعة الدراسات الاسلامیہ کے طالب علم ممتاز علی کو وزیر اعظم عمران خان نے اعلیٰ کارکردگی پر”مثالی طالب علم“ کا ایوارڈ دے دیا۔ وزیر اعظم ہاﺅس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران جامعة الدراسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی یوسف کشمیری بھی موجود تھے۔ طالب علم ممتاز علی کو وفاق المدارس اور جامعة الدراسات الاسلامیہ کے مختلف شعبہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے پر ”مثالی طالب علم“ قرار دیا گیا۔ مدیر الجامعة مفتی یوسف کشمیری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دینی مدارس کے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی خوش آئند ہے۔ ہم اس تقریب کے انعقاد پر وزیر اعظم کے مشکور ہیں۔ دینی مدارس تعلیم کے فروغ کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں منصوبے کے تحت مدارس کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کیا گیا اور انہیں دہشت گردی سے جوڑ کر مدارس کے کردار کو مشکوک بنانے کی کوششیں کی گئیں۔ امید ہے وزیر اعظم کا یہ قدام مداراس کے خلاف منفی پروپیگنڈا زائل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے جامعة الدراسات اسلامیہ کے طالب علم ممتاز علی کو مبارک باد دی اور یہ امید ظاہر کی کہ تمام طلبہ ”مثالی طالب علم“ بننے کے لیے حصول تعلیم پر توجہ دیں گے اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

تین سال سے مفرور قتل کا ملزم آیا قانون کے شکنجے میں
کوئٹہ۔(اے پی پی) ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ چمن میجر (ر) بشیراحمد خان کی خصوصی ہدایت پر چمن کے علاقے مال روڈ پر فوجی مارکیٹ میں لیویز فورس کی کارروائی،قتل کا مفرور ملزم کو لیویز نے گرفتار کرلیا،ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ چمن میجر بشیراحمد خان کی خصوصی ہدایت پر فوجی مارکیٹ مال روڈ پر لیویز فورس نے تحصیلدار چمن عبدالرزاق خان میانی کے ہمراہ چھاپہ مارکر قتل میں ملوث مفرورملزم عبدالخالق ولد شادی کو گرفتار کرلیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر چمن یاسراقبال دشتی نے بتایا کہ قتل کا تین سال سے مفرور ملزم عبدالخالق ولد شادی خان کو مقتول کی ورثاء کی نشاندہی پر گرفتار کرلیا گیا جو تین سال سے مفرور تھا،تحصیلدار چمن عبدالرزاق خان میانی بھی لیویز فورس کے ہمراہ کاروائی میں شریک تھا۔

لسبیلہ بس حادثہ 10 افراد جاں بحق 11 شدید زخمی، ہسپتالوں ایمرجنسی نافذ
کوئٹہ (اے پی پی) پسنی سے کراچی جانے والی مسافر کوچ گہری کھائی میں جاگری، 10 افراد جاں بحق، 11 شدید زخمی، زخمیوں کو اورماڑہ ہسپتال میں طبی امداد کے بعد کراچی ریفر کردیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل، زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک،سرکاری ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح پسنی سے کراچی جانے والی الجنید مسافر کوچ لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل سے 155 کلومیٹر دور بزی ٹاپ کے مقام پر ٹائر برسٹ ہونے کی وجہ سے گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 10 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے،جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد، تین خواتین اور دو کمسن بچے بھی شامل ہیں جبکہ 11 افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی اورماڑہ سے پاکستان نیوی اور دیگر ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ کیلئے روانہ ہوگئیں لاشوں اور زخمیوں کو اورماڑہ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں کراچی منتقل کردیا گیا زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جاتی ہے.
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پسنی سے کراچی جانے والی مسافر کوچ کے حادثہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے مغفرت کی دعا کی، زخمیوں کی بہترین نگہداشت کیلئے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کردئیے،انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو دیگر مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
"بلتستان کے عوام نے کن دو جماعتوں کو رد کر دیا ہے” بڑا بیان آگیا
گلگت۔ (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین اکبر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سکردو کے کامیاب جلسے سے مخالفین بھوکھلاہٹ کا شکار ہیں،موسم کی خرابی کے باعث وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بارے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے باوجود جلسہ گاہ میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تھا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کیا۔انھوں نیپیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیراعظم کے دورے کی منسوخی پر میڈیا بیانات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی اور ان کی پوری کابینہ سکردو میں موجود تھی اور پوری سرکاری مشینری اپنے ارد گرد لگانے کے باوجود تحریک انصاف کا ایسا عظیم الشان جلسہ منعقد کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ بلتستان کے عوام نے ان دونوں جماعتوں کو رد کر دیا ہے۔انھوں نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے مطابق وفاق نے تمام صوبوں کے بجٹ میں کٹوتی کی مگر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بجٹ میں نہ صرف کوئی کٹوتی نہیں کی بلکہ گلگت بلتستان کی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے اضافی اربوں روپے بھی دیے گئے۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت الیکشن جیتنے کے لئے نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود چاہتی ہے۔انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی کڑا احتساب ہونے والا ہے اور جس نے عوام کا پیسہ بے رحمی سے لوٹا ہے اس کا پورا حساب لیا جائے گا۔

یوم اساتذہ پر طلباء کا انوکھا کام
لاہور-اسلامی جمعیت طلبہ کالجز سرکل علاقہ وسطی کے زیر اہتمام عالمی یوم اساتذہ کے حوالے گورنمنٹ اسلامیہ کالج آف کامرس لاہور میں پرنسپل صاحب وائس پرنسپل صاحب اور باقی اساتذہ کو پھول اور گفٹ تقسیم کیے گئے جس میں ناظم علاقہ وسطی خزیمہ داؤد ،ناظم کالجز سرکل اسرار محمد خان اور ناظم کالج حافظ سلمان نے شرکت کی.

کوئٹہ میں سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل
کوئٹہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے انتظامیہ کے سبھی دعوؤں کی قلعی کھول دی.
کوئٹہ میں کچھ منٹ کی بارش ہونے کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں پیدل چلنے والوں کے لئے مشکلات پیش آرہی ہیں اس کے ساتھے ساتھ بارش کے باعث اکثر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوگئی۔







