ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد محمد حسان احسن نے محکمہ تعلیم، صحت، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پبلک ہیلتھ اور دیگر ضلعی محکموں کو ہدایت کی ہے کہ نتھیاگلی اور گردونواح کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دیں تاکہ نتھیاگلی اور گردونواح کے عوام اپنے چھوٹے چھوٹے مسائل کے حل کیلئے ایبٹ آباد میں آپ کے دفاتر نہ آئیں۔ انہوں نے محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ آپ اپنے دفتر سے باہر نکل کر عوامی مسائل اور مشکلات سے خود بھی آگاہی رکھیں۔ یہ ہدایات انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول نتھیاگلی میں کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کے جواب میں جاری کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد قمر ضیاء اعوان، تمام وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکموں کے افسران کے علاوہ علاقہ گلیات کی سماجی و سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ عوام بھی کثیر تعداد میں موجود تھی۔ نتھیاگلی کھلی کچہری میں اہلیان علاقہ نے تعلیم، صحت، محکمہ مال، پبلک ہیلتھ، پینے کے پانی، سول ہسپتال نتھیاگلی، جی ڈی اے اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد محمد حسان احسن اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر قمر ضیاء عوان نے عوام کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل اور مشکلات کو غور سے سنا اور ان مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر پر ہدایات جاری کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ جن مسائل اور مشکلات کا تعلق صوبائی یا مر کزی حکومت سے ہے وہ نوٹ کر لی گئی ہیں ان کو ارسال کر دیا جائے گا اور ان کے حل میں پیش رفت کے حوالہ سے باقاعدہ شکایت گذاروں کو آگاہ کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے عوام سے کہا کہ آپ کے مسائل کے حل کیلئے پہلے ہر تحصیل میں ایک ماہ میں میں دو کھلی کچہریاں منعقد کی جاتی تھیں، اب انشاء اللہ چار کھلی کچہریاں منعقد کی جائے گی تاکہ تمام عوامی مسائل کا فوری حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت تمام متعلقہ محکموں کو کھلی کچہریوں میں بلایا جاتا ہے تاکہ فوری نوعیت کے تمام مسائل موقع پر ہی حل کئے جا سکے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ کو ہدایت کی کہ جہاں جہاں اساتذہ کی کمی ہے ایک ماہ میں پوری کر کے رپورٹ دی جائے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد کو بھی ہدایت کی کہ جہاں جہاں صحت کی سہولیات کا فقدان ہے یا سٹاف کی کمی ہیں اس کو بھی فوری طور پر پورا کر کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کھلی کچہری میں عوام کی درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موسم سرما میں سڑکوں سے برف ہٹانے کے حوالہ سے فوری اجلاس طلب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں طے کیا جائے گا کہ کس طرح عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں ڈسٹرکٹ کونسل کے راستوں پر تجاوزات ہیں ان کی نشاندہی کی جائے اور ان کو فوری ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ تمام دور دراز گاؤں میں قائم دکانوں کو چیک کیا جائے کہ اشیاء خوردونوش مقرر ریٹ اور کوالٹی کے مطابق عوام کو مل رہی ہیں۔
Author: Regional News

تین دنوں میں دو لڑکیوں نے خودکشی کرلی،رواں ہفتے خودکشیوں کا چوتھا واقعہ
چترال۔ (اے پی پی)چترال کے بالائی علاقے ملکہو میں جماعت نہم کی ایک طالبہ نے خود پر بارہ بور بندوق سے گولی چلاکر زندگی کا حاتمہ کرلی۔ایس ایچ او تھانہ ملکہو سب انسپکٹر گل محمد کے مطابق مسماۃ فصیحہ بی بی دختر رستم خان سکنہ گوہ کیر جو اپنی بہن کے گھر موردیر گاؤ ں گئی تھی اور وہاں نامعلوم وجوہات کے بناء پر بارہ بور چھرے دار بندوق سے خود پر گولی چلا کر خودکشی کرلی۔ ملکہو پولیس نے اس سلسلے میں تفتیش کررہی ہے۔ فصیحہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بونی لائی گئی تھی جسے بعد میں ورثاء کے حوالہ کرکے سپرد خاک کیا گیا۔قبل ازیں یکم اکتوبر کو جونالی کوچ (بونی کے قریب) ایک جواں سال لڑکی نے دریائے چترال میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ ایس ایچ او تھانہ بونی ظہورالدین کے مطابق رشیدہ بی بی دختر سید بادشاہ نے دریائے چترال میں چھلانگ لگاکر زندگی کا حاتمہ کرلی۔ اس کی لاش دریا سے برآمد کرکے بونی ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد سپرد خاک کی گئی۔ اس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس نے دو مرتبہ ماسٹر ڈگری لی تھی مگر کچھ دماغی بیماری میں مبتلا تھی۔آیون گاؤ ں میں 15 ستمبر کو ایک جواں سال لڑکی جو آٹھویں جماعت کی طالبہ تھی اس نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی تھی۔ایس ایچ او تھانہ آیون سب انسپکٹر صاحب الرحمان کے مطابق مسماۃ نرگس بی بی دختر صفدر علی شاہ جو اپنے والدین کی اکلوتی بیٹی تھی اس کا والد محنت مزدوری کے سلسلے میں سعودی عرب گیا ہوا ہے۔ اس نے معمولی تکرار پر گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے یکجہتی کے لئے سیمینار
خانیوال۔(اے پی پی)ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری تھے۔ سیمینار میں سرکاری افسران، علماء، سماجی کارکنان، اساتذہ اور سکولوں کے طلباء کی بڑی تعداد میں شرکت۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ پوری قوم بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔عالمی دنیا کشمیریوں کو حق دلانے کے لئے حق ادا کرے۔ سیمینار کے بعد ڈپٹی کمشنر کی زیر قیادت ریلی بھی نکالی گئی۔

ٹریفک حادثہ میں شہید ہونے والا ریسکیو جوان سپردخاک
خانیوال۔ (اے پی پی) ریسکیو 1122 کے ٹریفک حادثہ میں شہید ہونے والے جوان محمد وسیم کی نمازے جنازہ اس رہائش گاہ 57 دس آر میں پورے ریسکیو اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازے جنازہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 ڈاکٹر اعجاز انجم، ریسکیو آفیسرز، پنجاب بھر سے آئے ریسکیو جوان اور بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر علاقے کے ہر فرد کی آنکھ اشکبار تھی۔ آخر میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر اعجاز انجم نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی
لاہور۔(اے پی پی) پاکستان ریلوے کی کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی تین پچھلی بوگیاں 11بج کر 31منٹ پر ٹیکسلا ریلوے اسٹیشن پر پٹری سے اْتر گئیں۔اس حادثے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا‘پٹڑی سے اترنے والی کوچز کو علیحدہ کر کے باقی ٹرین کو 11بج کر 50 منٹ پر منز ل مقصود کی طرف روانہ کر دیا گیا۔پنڈی سے ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے جو جلد اپنا کام شروع کرے گی‘حکام نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

کشمیر یو ں کا جذبہ آزادی ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جا سکتا، ظفر اقبال شیخ
سرگودھا۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف کمشنر سرگودہا ظفر اقبال شیخ کی قیادت میں جمعہ کے روز احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریو نیو کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی، ایڈیشنل کمشنر جنرل بلا ل فیروزکے علاوہ تمام صوبائی اور ضلعی محکموں کے افسران اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے پینا فلکس،بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرائے اور بھارتی وزیر اعظم مودی کے خلاف شدیدنعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ظفر اقبال شیخ نے کہا کہ آزادی اور خود مختاری کشمیریوں کا حق ہے ان کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 72سال ہو چکے ہیں بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث کشمیریوں کو استصواب رائے کا موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر اور اسلام کا مقدمہ بھر پور،بہتر اور دلیرانہ انداز میں پیش کیا جو لا ئق تحسین ہے۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا۔ کمشنر نے کہا کہ بھار ت نے مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ سے بھارت نے مظلوم کشمیر یوں کو یر غمال بنا رکھا ہے۔ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ کشمیر میں دو ماہ سے کر فیو نافذ ہے بھارت کرفیو ختم کر ے پھر کشمیری عوام کاجذبہ دیکھ لے۔ انڈیا کی بیشتر ریا ستوں میں حکو متی استبدادی ہتھکنڈوں کے باعث آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بحیثیت قوم ہمار اخلاقی دینی اور قومی فرض ہے کہ ہم اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں۔ معاشی طور پر مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کی بنیاد اور بھارت کی برباد ی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ کمشنر نے کہاکہ ہر جمعۃ المبارک کو اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج ریکار ڈ کروایا جائے گا۔اس موقع پر کشمیریوں کی آزادی کیلئے دعابھی کی گئی۔علاوہ ازیں محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام 47پل سے سکول کے طلباء کی ریلی بھی نکالی گئی۔ریلی میں مختلف سکولوں کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مقبوضہ کشمیر کے طلباء کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

جمعہ کے دن خوفناک حادثے کی خبر آگئی بیس سے زائد زخمی
فیصل آباد۔ (اے پی پی) سمندری فیصل آباد روڈ پر 65والا بائی پاس کے قریب ملتان جانے والی مسافر بس اور ٹرک کے مابین تصادم کے نتیجہ میں 21افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122فیصل آبا دکے ترجمان نے بتایاکہ زخمی ہونے والے افراد کوطبی امداد فراہم کر کے 4معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی فارغ کر دیا گیا جبکہ باقی 17افراد کو مزید طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمندری منتقل کر دیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ زخمی ہونے والوں میں 30سالہ فوزیہ زوجہ پرویز ساکن جگت پور،38سالہ محمد افضل ولد محمد بوٹا ساکن ڈجکوٹ،35سالہ عائشہ زوجہ یاسین ساکن مذہبی والہ اور محمد احسن ولد توقیر ساکن 193 گ ب کو موقع پر طبی امداد دی گئی جبکہ 30سالہ عاصم اخترولد اختر ساکن فیصل آباد، 35سالہ اعجا ز ولد اشرف ساکن ملتان، 50سالہ یاسین ولد شوکت ساکن موٹی کیکر،20سالہ طیب ولد یاسین ساکن موٹی کیکر،55سالہ اویس ولد ظفر ساکن 199گ ب، 45سالہ صابراں بی بی زوجہ ظفر 199گ ب، 40 سالہ صغراں بی بی زوجہ محمد احمد ساکن 59چک فیصل آباد، 33سالہ نورین کوثر زوجہ شاہد ساکن مانانوالہ، 50سالہ شمیم زوجہ ارشد ساکن منصور آباد، 18سالہ شہباز ولد ارشد ساکن فیصل آباد، 25سالہ سبحان ولد قاسم ساکن کمالیہ، 23سالہ محمد عاصم وبد اختر ساکن فیصل آباد، 35سالہ طیب ولد یاسین ساکن فیصل آباد،40سالہ سمیع اللہ ولد اللہ رکھا ساکن فیصل آباد، حسن خان و لد نصیب خان ساکن فیصل آبا د اور فرحان ولد یاسین ساکن ڈجکوٹ کو مزید طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمندری منتقل کردیا گیا۔
تیز رفتار مزدا سڑک کنارے کھڑے مزدے سے ٹکر اگیا،ایک شخص جاں بحق، دو زخمی
فیصل آباد۔(اے پی پی) فیصل آباد کے نواحی علاقہ سید والا کے قریب موٹر وے پل پر تیز رفتار مزدا سڑک کنارے کھڑے دوسرے مزدا ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 23سالہ محسن علی ولد محمد علی موقع پر جاں بحق جبکہ25سالہ آکاش علی ولد محمد علی اور 30سالہ عرفان ولد لیاقت علی زخمی ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122اور پولیس کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طبی امدا د فراہم کی اور انہیں مزید علاج معالجہ کیلئے تحصیل ہیڈ کوار ٹر ہسپتال جڑانوالہ منتقل کر دیا گیا۔دریں اثناء پولیس نے تیز رفتاری سے مزدا ٹرک چلانے والے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

وزیر اعظم نے بزنس کمیونٹی سے کونسا وعدہ کیا ہے، صدر فیصل آباد چیمبر نے بتادیا
فیصل آباد۔ (اے پی پی) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مہنگائی پر فوری قابو پا کر عوام کے مسائل کے حل اور ملکی معیشت کو جلد از جلد ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنا چاہتے ہیں جبکہ انہوں نے قومی معیشت پر طاری جمود ختم کرنے کیلئے بزنس کمیونٹی کی تجاویز پر ہمدردانہ غور کا بھی یقین دلایا ہے۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ انہوں نے گزشتہ روز چیمبر کے سبکدوش ہونے والے صدر سید ضیاء علمدار حسین اور آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد نواز کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے انتہائی توجہ کے ساتھ تاجروں کے مسائل حل کرنے کی تجاویز کو سنا اور بتایا کہ وہ ملکی معیشت کو جلد از جلد ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنا چاہتے ہیں تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے بتایاکہ انہوں نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ فیصل آباد کا روزگار مہیا کرنے والا پاور لوم سیکٹر پہلے ہی تباہی کے دھانے پر کھڑا تھا جبکہ سیلز ٹیکس رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کی لازمی شرط نے ٹیکسٹائل پروسیسنگ کے اس اہم ویلیو ایڈڈ سیکٹر کی مکمل بندش کی راہ ہموار کر دی ہے۔ اس لئے جب تک ٹیکسٹائل کی پوری چین رجسٹر ڈ نہیں ہوتی اس وقت تک ان پابندیوں کو کم از کم ایک سال کیلئے مؤخر کیا جائے۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے مزید بتایا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے مثبت نتائج نکلنے کی بجائے ترقی کی شرح مزید کم ہو گئی ہے لہٰذا حکومت اور تاجر نمائندوں کو مل بیٹھ کر ایسی حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی جس کے نتیجہ میں صنعتی اور کاروباری شعبہ کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ سید ضیاء علمدار حسین نے بتایا کہ کاروباری مندے اور مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے صنعتی کاروباری اورتجارتی سرگرمیوں پر جمود طاری ہے۔ چوہدری محمد نواز نے پاورلومز کو ٹیکسٹائل سیکٹر کی ریڑھ کی ہڈی قرار د یتے ہوئے کہا کہ مسلسل مندی کی وجہ سے مالکان پاور لومز کو لوہے کے ریٹ پر بیچ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ وزیر اعظم عمران خان نے اُن کے مسائل کو انتہائی توجہ سے سنا اور کہا کہ حکومت ٹھوس بنیادوں پر ملکی معیشت کی ترقی کی خواہاں ہے اور اس سلسلہ میں ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ تاجر راہنما حکومتی معاشی ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کریں تاکہ کوئی درمیانی راستہ نکالا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں وہ بزنس کمیونٹی کی تجاویز پر ہمدردانہ غور کریں گے۔

سوشل میڈیا اور ٹی وی پر چلائی جانے والی خبربے بنیاد ہیں، رکن صوبائی اسمبلی کی پریس کانفرنس
ملتان۔ (اے پی پی) رکن صوبائی اسمبلی سبین گل خان نے کہا ہے کہ میرے خلاف سوشل میڈیا اور ٹی وی پر چلائی جانے والی خبربے بنیاد ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ میں نے پروٹوکول کے مسئلے پر ڈاکٹرکو معطل کروایا ہے۔ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سبین گل نے کہاکہ پروٹوکول کے نام پر میرے خلاف مہم کیوں چلائی گئی۔ انہوں نے کہاکہ میں 4 جولائی کو سوا 12 بجے اپنی بیٹی کو چیک کروانے کے لیے ایم ایس کے پاس گئی، مجھے شک تھا کہ میری بیٹی کوڈینگی ہوگیا ہے، ایم ایس نے مجھے اوپی ڈی میں بھیج دیاچونکہ میرا وہاں پہلی دفعہ جانا ہوا تھا جس پر ایم ایس نے ڈی ایم ایس ڈاکٹرشاہد کو میری رہنمائی کے لیے بھیجا جس کا ڈی ایم ایس ڈاکٹر شاہد نے برا منایا۔شاید ان کو جانا ان کے پروٹوکول کے خلاف تھا جس کا انہوں نے میڈیا پراظہارکیا۔ وہ مجھے اوپی ڈی نہ چاہتے ہوئے بھی لے گئے۔وہاں ڈاکٹرسعدیہ خان موجودنہ تھیں ان کی اوپی ڈی میں غیرموجودگی پر میں ان کے کمرے کی طرف چلی گئی۔اپنی باری کے لیے ان کے کمرے کے باہر پندرہ منٹ تک گرمی میں انتظار کیا۔ نرس کے کہنے پر اپنی بیماربیٹی کوساتھ لے کر اجازت طلب کرکے اندرچلی گئی جہاں کوئی مریض موجودنہ تھا جبکہ ڈاکٹر سعدیہ کو میرا اندر آنا اس وقت ناگوارگزرا۔ اور انہوں نے مجھے باہر چلے جانے کو کہا۔ ڈاکٹر سعدیہ کی شکایت پر میرے ساتھ بدتمیزی کی گئی اورمیری بچی کو چیک کرنے سے انکارکردیا گیا۔ سبین گل نے کہاکہ کیا کمرے کے باہر اپنی باری کا بیمار بچی کے ساتھ انتظار کرنا میرا پروٹوکول تھا۔ کیاکمرے میں اجازت لے کرجانا میراپروٹوکول تھا۔ نہ تو میں نے ڈاکٹر کو اپنے گھربلایا تھا اور نہ ہی ایم ایس آفس میں۔ انہوں نے کہاکہ تین ماہ پہلے میں نے اس واقعہ پر نہ ہی ان ڈاکٹروں کوتبدیل کرایا نہ ہی معطل کروایا۔ میں نے انتہائی ذمہ داری اور قواعدوضوابط کومدنظر رکھتے ہوئے تحریک استحقاق جوکہ میراقانونی حق تھا جمع کروائی جس پر کمیٹی نے میرا موقف سننے کے بعد مزید انکوائری اورحتمی فیصلہ آنے تک ڈاکٹر شاہد کو معطل کردیا۔ کمیٹی کے اس فیصلے پر وہ کبھی بھی اثرانداز نہیں ہوئیں۔اس موقع پر ان کے ہمراہ گلشن وڑائچ، غزل صدیقی، عصمت جبیں،سعدیہ بھٹہ سمیت دیگر شریک تھیں۔








