لوئر دیر ۔ (اے پی پی) اسسٹنٹ کمشنر جندول محسن صلاح الدین نے تحصیلدار اور ٹیم او منڈہ کیساتھ ملکر منڈہ بازار میں مختلف دکانوں پر چھاپے مارے، چھاپوں کے دوران دکانداروں کے لائسنس اور خوراکی اشیاء چپس،پاپڑ،چنہ چور اور ٹافیوں بشمول مختلف مشروبات کا معیار چیک کیا گیا جسمیں بھاری تعداد میں دو نمبر اور مضرِ صحت چپس پاپڑ ٹافیوں اور مشروبات سمیت مختلف خوراکی اشیاء قبضہ میں لے لی گئیں جنہیں بعد ازاں منڈہ اڈہ میں جلا دیا گیا۔ اے سی صلاح الدین نے واضح کیا کہ کھلی کچہری میں عوام نے ان خوراکی اشیاء کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ عوامی شکایات پر بہت جلد ہوٹلوں اور نانبائیوں کیخلاف بھی کارروائیاں شروع کی جائینگی۔
Author: Regional News

حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کے لیے بڑا اعلان
غذر۔ (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر غذر دلدار ملک نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کے 5 کروڑ کا فنڈز مختص کردیا گیا ہے، یہ خطیر رقم خصوصی افراد کی زندگی کو آسان بنانے پر خرچ کیا جائے گا، اس سلسلے میں غذر میں خصوصی افراد کا سروے جاری ہے، اب تک چار سو خصوصی افراد کی لیسٹ بنایا گیا ہے جن میں دو سو کو ڈاکٹروں نے باقاعدہ خصوصی افراد کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا ہے، باقی دو سو افراد کا بھی میڈیکل سرٹیفکیٹ ڈسٹرک ہیڈکوارٹر ہسپتال گلگت سے بہت جلد حاصل کیا جائے گا تاکہ ان خصوصی افراد کو اس اہم منصوبے کے تحت ہنر سکھانے کے علاوہ بنیادی ضرورت کا سامان فراہم کیا جائے۔

لہسن کی کن پوتھیوں کو بطور بیج استعما ل کیا جائے،زرعی ترجمان نے بتا دیا
راولپنڈی ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے ترجمان نے کہاہے کہ چین لہسن کی پیداوار اور رقبے کے لحاظ سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے اور اس کی اوسط پیداوار 7.8 ٹن فی ایکڑ ہے جبکہ پاکستان میں لہسن کی اوسط پیداوار 3 ٹن فی ایکڑ ہے۔ لہسن پاکستان کے تمام صوبوں میں کاشت کیا جاتا ہے۔ زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ اکتوبر کا مہینہ لہسن کی کاشت کے لئے موزوں ہے۔ لہسن کو اگاؤ کے لئے کم از کم 10 تا 15 اوسطاً 22 تا 28 اور زیادہ سے زیادہ 30 تا 35 درجے سینٹی گریڈ کی ضرورت ہوتی ہے۔ درمیانے اور موٹے سائز کی پوتھیوں کو بطور بیج استعما ل کیا جائے۔ 160 کلو گرام صحت مند پوتھیاں فی ایکڑ درکار ہوتی ہیں۔ پوتھیوں کو ہموار زمین پر لائنوں میں کاشت کیا جائے۔ پودوں کا درمیانی فاصلہ 10 سینٹی میٹر اور لائنوں کا درمیانی فاصلہ 20 سینٹی میٹر رکھا جاتا ہے۔ لہسن کی فصل کو خشک زمین میں کاشت کیا جائے اور کاشت کے فوری بعد پانی لگایا جائے۔

سورج مکھی، کینولہ اور تل کی پیداوار میں اضافہ کیلئے جامع حکمت عملی تیار
راولپنڈی ۔ (اے پی پی) محکمہ زراعت پنجاب نے تیلدار اجناس کی کاشت کے فروغ اور پیداواری اہداف کے حصول کے لیے 32کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے تیلدار فصلات کی کاشت کے فروغ کے سلسلہ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے زراعت کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنا از حد ضروری ہے، ملکی خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہر سال کثیر زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیلدار اجناس خصوصاً سورج مکھی، کینولہ اور تل کی پیداوار میں اضافہ کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے تاکہ تیلدار اجناس کے زیر کاشت رقبہ اور پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے 5 سال کے منصوبہ پر 3 ارب 7 کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ سال 2019-20 میں پیداواری اہداف حاصل کرنے کیلئے 32 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت نے تیلدار اجناس کے فروغ کیلئے زرعی مشینری و آلات پر 50 فیصد جبکہ سورج مکھی، کینولہ اور تل کی کاشت پر 5 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی دی جارہی ہے۔ سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب پوٹھوار کو زیتون کی وادی بنانے کیلئے چکوال، جہلم، اٹک، راولپنڈی اور خوشاب کے اضلاع میں زیتون کی کاشت کے فروغ کیلئے 20 لاکھ پودے مفت فراہم کررہی ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے بھی خوردنی تیل کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

کمسن بچے کے ساتھ زیادتی کا مرتکب اوباش نوجوان گرفتار
سرگودھا۔(اے پی پی) اوباش نوجوان کی کمسن بچے کے ساتھ زیادتی، ملزم گرفتار،تفصیلات کے مطابق 92شمالی میں درندہ صفت نوجوان نے کمسن بچے کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، ملز م گرفتار کر لیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم گلباز نے 9 سالہ احمد حسن کو بہانے سے لے جاکر بداخلاقی کا نشانہ بنا ڈالا، اہل علاقہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو قابو کرلیا اور پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا اور واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

ایک ہفتہ میں اگر یہ کام نہ ہوا تو احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے، طلبہ رہنما جامعہ کشمیر
مظفر آباد۔ (اے پی پی) طلبہ رہنماؤں ولید میر ایڈووکیٹ، صدر ایم ایس ایف این جامعہ کشمیر راجہ تابش ممتاز،احسن ہمدانی ایڈووکیٹ،راجہ ارسلان، زین شیخ، ندیم خواجہ، سفارت علی، سید اسد علی نقوی و دیگر نے جامعہ کشمیر میں طلبہ ایشوز پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کشمیر میں اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر غریب طلبہ و طالبات کو سمسٹرز فیس واپس نہ کی گئی تو وہ احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے،انہوں نے جامعہ کشمیر کے ذمہ داران نے ستمبر میں فیس واپسی کیلئے یقینی دہانی کروائی تھی لیکن شعبہ فنانس اور متعلقہ چیئر مین کی نااہلی کی وجہ سے فیس ابھی تک واپس نہیں ہو سکی،غریب طلبہ و طالبات دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ طلبہ رہنماؤں نے کہا جامعہ کشمیر کے طلبہ مسائل جوں کے توں ہیں، انہوں نے وائس چانسلر سے مطالبہ کیا کہ جامعہ کے ملازمین کی حاضری کو بہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان کی حاضری چیک کی جائے۔ جامعہ ایک مقدس ادارہ ہے یہاں مسائل تب تک حل نہیں ہوں گے جبتک ملازمین اپنے فرائض ایمانداری سے سر انجام نہیں دیتے، کوئی بھی ملازم وقت پر حاضر نہیں ہوتا جس سے طلبہ مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

زلزلے سے متاثرہ ملازمین کو ان کے گھروں کی تعمیر کے لئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز دینے کا مطالبہ
مظفر آباد۔ (اے پی پی) تنظیم غیر جریدہ ملازمین کے اجلاس میں زلزلہ زدہ میرپور ڈویژن کے متاثرہ ملازمین کو ان کے گھروں کی تعمیر کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ایچ بی اے فنڈز دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ متاثرہ ملازمین کو 3 ماہ کی ایڈوانس تنخواہ بھی دی جائے اور متاثرہ ملازمین کے ایچ بی اے سمیت تمام قرضے معاف کئے جائیں۔انھوں نے کہا کہ تنظیم غیر جریدہ ملازمین زلزلہ زدہ میرپور ڈویژن کے عوام اور ملازم کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے، ان کے ساتھ مکمل اظہار ہمدردی کرتے ہیں،ان کے ساتھ مشکل گھڑی میں چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم غیر جریدہ ملازمین آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی صدر سالک رشید عباسی، مرکزی سیکرٹری جنرل خواجہ عبدالوحید، سینئر نائب صدر تصور گردیزی، نائب صدر راجہ منشاء خان، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی طاہر شاہ، سیکرٹری مالیات خالد شیخ، پریس سیکرٹری الطاف نقوی، جائنٹ سیکرٹری مدثر خورشید عباسی، ضلعی صدر راجہ اویس ناصر، جنرل سیکرٹری زاہد عزیز عباسی، سینئر نائب صدر آصف میر، نائب صدر خواجہ محمد شفیق، سیکرٹری مالیات ندیم اعوان، سعید مغل، خواجہ جاوید اور دیگر نے تنظیم کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ حکومت زلزلہ زدہ میرپور ڈویژن کی تعمیر نو اور بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کو فی الفور معاوضے ادا کرے۔ متاثرین کو بے یار و مددگار نہ چھوڑا جائے۔ مقررین نے شہداء کے ورثاء سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہداء کے ایصال ثواب درجات کی بلندی زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ سواد اعظم تنظیم غیر جریدہ ملازمین نے زخمی متاثرین کے علاج معالجہ کے لئے خصوصی انتظامات کا بھی مطالبہ کیا۔ زخمیوں کے لئے علاج معالجہ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے خاتمے کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر
مظفر آباد۔ (اے پی پی) قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر شاہ غلام قادر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت عالمی طاقتوں سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمے، انسانی حقوق کی فوری بحالی اور سلامتی کونسل میں کشمیر سے متعلق تسلیم شدہ حق خودارادیت کی قراردادوں کو عملی جامعہ پہنا کر کشمیری عوام کو آزادی کا حق دلانے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں نام نہاد جمہوریت ہے،مودی نے سپریم کورٹ آف انڈیا کے فیصلے کو بھی رد کر دیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا نافذ کر کے نوجوانوں کا قتل عام اور مظالم کا سلسلہ جاری ہے، عالمی برادری کو فوری اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ بھارت پورے خطے میں ہندو راج قائم کرنے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں حالات دن بدن سنگین ہو رہے ہیں 2 ماہ سے 80 لاکھ لوگ زیر حراست ہیں وادی کے لوگوں کو بنیادی زندگی کی ضروریات سے محروم کرنا درندگی ہے جس کا سدباب کرنا چاہئے ریاستی عوام بھارت سے فوری آزادی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں آزادی ان کا حق ہے جو دلایا جانا چاہئے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس بڑے فیصلے
اسلام آباد۔ (اے پی پی) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے تیل اور گیس کے شعبہ میں کام کرنے والی تمام کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور بورڈز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ان تمام کمپنیوں میں کارپوریٹ گورنس کو بہتر کرنے کے لئے موثر اور مربوط پالیسی کے ساتھ ساتھ ایسا نظام وضع کیا جائے جس سے بے قاعدگیوں میں ملوث عملے کا ادارہ جاتی سطح پر ہی محاسبہ ہو سکے۔ اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کے کنوینر سینیٹر شبلی فراز کی زیر صدارت ہوا جس میں کمپنی کے ارکان سید نوید قمر اور منزہ حسن کے علاوہ متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن کے 2010-11ء کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ ایک آڈٹ اعتراض کے جائزے کے دوران بتایا گیا کہ 2002ء میں ایل پی جی پلانٹ کا ٹھیکہ خلاف قواعد دیا گیا۔ ایم ڈی سوئی سدرن نے پی اے سی کو بتایا کہ اس وقت ملک میں گیس کی کمی تھی جس کی وجہ سے یہ اقدام لینا پڑا۔ پی اے سی نے وزارت پٹرولیم نے اس وقت کے ایم ڈی اور بورڈ کے ممبران کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بدنیتی پر مبنی تھا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ غریب عوام کا پیسہ ہے اس کے ساتھ ایسا کھلواڑ نہیں ہونا چاہئے۔ پی اے سی کے استفسار پر سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ ملک میں گیس کی کمی ہے تاہم کتنی کمی ہے فی الوقت نہیں بتایا جاسکتا۔ پی اے سی نے کہا کہ پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے پی اے سی کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ اگر وزارتوں کی ہی روش رہی تو آئندہ سخت اقدامات کا حکم دیا جائے گا۔ منزہ حسن نے ایف آئی اے حکام کو بھی ہدایت کی کہ اس طرح کی قواعد کی خلاف ورزیوں کا انہیں نوٹس لینا چاہئے۔ اس طرح کے تمام اقدامات کی مکمل سکروٹنی ہونی چاہئے جو بھی اس طرح کی بے قاعدگیوں میں ملوث ہوں تمام ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہئے۔ پی اے سی نے نیب کے پاس پی اے سی کی طرف سے بھجوائے گئے تمام مقدمات پر تحقیقات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ پی اے سی سیکرٹریٹ اور آڈٹ حکام کو بھی ہدایت کی گئی کہ جن جن اداروں کو پی اے سی میں طلب کیا جاتا ہے انہیں مکمل تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کی جائے۔ کمیٹی کے کنوینر نے آڈٹ حکام کی نشاندہی پر کہا کہ واقعی ایک دن میں پی اے سی کے دو دو تین تین اجلاس ہوتے ہیں‘ اس صورتحال میں آڈٹ کو اپنے دفاتر میں کام کرنے کا موقع کم ملتا ہے۔ ہمیں آپس میں بیٹھ کر اس کا حل نکالنا پڑے گا۔ انہوں نے وزارت پٹرولیم کو ہدایت کی کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کو لائسنسز کے اجراء اور دیگر کمپنیوں کو آپریشن میں شامل کرنے کے حوالے سے موثر پالیسی اور مربوط نظام ہونا چاہئے۔ مربوط پالیسی کے بغیر اس طرح کی باقاعدگیاں سامنے آتی رہیں گی۔ سیکرٹری پٹرولیم میاں اسد حیاء الدین نے کہا کہ ہمیں بہت سے معاملات میں عدالتی چارہ جوئی کا سامنا ہے، ہمیں کارپوریٹ گورنس میں کمزوریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڑی گیس پی پی ایل اور او جی ڈی سی ایل مقامی کمپنیاں ہیں ان اداروں میں ہمیں کسی قسم کی شکایات کا سامنا نہیں ہے۔

جعلی دودھ سپلائی کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی بڑی کاروائی، پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع
لاہور۔(اے پی پی)رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا ئی ہے جس کہ مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع پرجعلی دودھ سپلائی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملاوٹ زدہ د5ہزار لیٹر دودھ لیجانیوالی والی گاڑی پکڑی ہے۔ گاڑی ضبط کرتے ہوئے مالکان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ جعلی دودھ تیار کرنے والا کیمیکل، پاؤڈر اور پانی سے تیار5ہزار لیٹر گاڑھا محلول گاڑی نمبر LEI-1390 میں عارفوالا سے لاہور لایا جا رہا تھا۔موقع پر کیے گئے ٹیسٹ میں گاڑھے محلول میں ڈیٹرجنٹ، پاؤڈر اور پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم کو دیکھ کر مالک اور ڈرائیور گاڑی چھوڑ کرموقع سے فرار ہوگئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطا بق محلول کو لاہور لا کر 20ہزار لیٹر سے زائد دودھ تیار کیا جانا تھا۔









