Baaghi TV

Author: Regional News

  • ہوٹل کے کمرے میں رہائش پذیر 60 سالہ شخص پراسرار طور پر جاں بحق

    ہوٹل کے کمرے میں رہائش پذیر 60 سالہ شخص پراسرار طور پر جاں بحق

    ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) ایبٹ آباد کے ایک ہوٹل کے کمرے میں رہائش پذیر 60 سالہ شخص پراسرار طور پر جاں بحق ہو گیا، نعش پولیس نے قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی جہاں سے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی گئی۔ کھوکھریالہ ٹھنڈیانی کا رہائشی 60 سالہ صوبیدار (ر) منور کسی کام کیلئے گاؤں سے ایبٹ آباد شہر آیا ہوا تھا جہاں اس نے تھانہ سٹی کی حدود میں ایک پرائیویٹ ہوٹل میں رات گذارنے کیلئے کرایہ پر کمرہ حاصل کیا اور وہ صبح مردہ حالت میں پایا گیا۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کی جہاں سے نعش ورثاء کے حوالہ کر دی گئی۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

  • موٹر سائیکل کے حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو شدید زخمی

    موٹر سائیکل کے حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو شدید زخمی

    مانسہرہ۔ (اے پی پی) مانسہرہ میں موٹر سائیکل کے حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے۔ اس سلسلہ میں دو مختلف حادثات میں پہلا حادثہ کوٹکے کے قریب پیش آیا جس میں دو موٹر سائیکل سوار نوجوان عظیم اور جاوید گاڑی کی ٹکر سے حادثہ کا شکار ہو کر شدید زخمی ہو گئے جبکہ گذشتہ روز اسرار طارق نامی موٹر سائیکل سوار نوجوان ویگن کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا جس کی نماز جنازہ بکریال میں ادا کی گئی جس میں عزیز و اقارب سمیت اہلیان علاقہ کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحوم کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ ٹریفک پولیس کو بھی موٹر سائیکل سواروں کیلئے ٹریفک سے متعلق کوئی پالیسی وضع کرنا ہو گی کیونکہ آئے روز حادثات میں نوجوان جاں بحق ہو رہے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ایبٹ آباد کا تین روزہ دورہ کب کریں گے ایبٹ آباد والوں کے لیے بڑی خبر

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ایبٹ آباد کا تین روزہ دورہ کب کریں گے ایبٹ آباد والوں کے لیے بڑی خبر

    ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان 11 اکتوبر سے ایبٹ آباد کا تین روزہ دورہ کریں گے۔ دورہ کے دوران وہ مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمود خان 11 اکتوبر کو تین روزہ دورہ پر ایبٹ آباد آئیں گے، یہاں وہ ایک دن سکی کناری ڈیم کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ باقی دو دن ایبٹ آباد میں منعقدہ مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ کے دورہ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، امید کی جا رہی ہے کہ وہ دورہ کے دوران ضلع ایبٹ آباد کے مسائل خاص طور پر شاہراہوں پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف منصوبوں کا بھی جائزہ لیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی 8 اکتوبر کو زلزلہ متاثرین کی یاد میں ہزارہ یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں شرکت کیلئے مانسہرہ آئیں گے۔

  • خیبر پختونخوا حکومت کا صوبہ کے سیاحت کے فروغ کے لیے بڑا اقدام

    خیبر پختونخوا حکومت کا صوبہ کے سیاحت کے فروغ کے لیے بڑا اقدام

    ایبٹ آباد۔(اے پی پی) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ کے سیاحتی مقامات پر ایکو ٹورازم ویلج قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلہ میں چترال کی تین کیلاش وادیوں سمیت ہزارہ ڈویژن میں ٹورازم ویلج قائم کئے جائیں گے۔ یہ فیصلہ سینئر وزیر برائے سیاحت و ثقافت عاطف خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹورازم کامران رحمن، منیجنگ ڈائریکٹر جنید خان سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر وزیر کو ایکو ٹورازم ویلج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سینئر وزیر نے کہا کہ دنیا میں ایکو ٹورازم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کے دوررس نتائج سامنے آ رہے ہیں، ہمیں بھی ملک میں ٹورازم کے فروغ کیلئے بہتر پالیسیاں تیار کرنا ہوں گی تاکہ ملک میں ٹورازم کا شعبہ ترقی کرے۔

  • موٹرسائیکل سوارملزمان خاتون سے پرس چھین کر فرار

    موٹرسائیکل سوارملزمان خاتون سے پرس چھین کر فرار

    ساہیوال۔(اے پی پی) تین موٹرسائیکل سوارملزمان خاتون سے پرس چھین کر فرار ہوگئے۔ شہری منظور احمد کی بیوی دوپہر 2بجے کے قریب بازار سے سودا سلف خریدنے کیلئے آئی جب وہ جوگی چوک پہنچی تو موٹرسائیکل سوار تین ملزمان شاہد وغیرہ نے خاتون سے پر س، جس میں موبائل فون اورنقدی کل مالیتی 18ہزار روپے، چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس تھانہ سٹی نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

  • جبری ٹرانسفر کیے جانے پر ڈولفن کانسٹیبل نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی

    جبری ٹرانسفر کیے جانے پر ڈولفن کانسٹیبل نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی

    ڈی جی خان- ڈولفن کانسٹیبل عدیل نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سٹی ، ایس ایچ او تھانہ گداٸ اور انچارج کراٸم سین موقع پر پہنچ گۓ ہیں۔شواہد اکٹھے کر کے پوسٹمارٹم کرانے کے لۓ پولیس ہسپتال روانہ ہو گٸ ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق پولیس تھانہ گداٸ قانون کے تقاضے پورے کرتے ہوۓ کارواٸ میں مصروف عمل ہے۔پولیس زرئع کے مطابق عدیل لاہور سمن آباد کا رہائشی تھا اور جبری طورپر لاہور سے ڈیرہ غازی خان ٹرانسفر کیا گیا تھا.غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق خودکشی کی وجہ تبادلہ کی ڈیپریشن تھی۔ریسکیو 1122ذرائع کا کہناہے کہ آج سہ پہر تین بج کر 22منٹ پر انہیں کال موصول ہوئی کہ شاہ سکندر روڈ المعروف چٹ روڈ پر ایک شخص نے خود کو گولی مارلی ہے۔
    ریسکیو ٹیم وہاں پہنچی تو خود کو گولی مارنے والا شخص جاں بحق ہوچکا تھا ۔جاں بحق شخص کی شناخت عدیل احمد ولد عبدالرشید کے نام سے ہوئی جو ڈولفن فورس کا اہلکار بتایا گیا۔

    ریسکیو ٹیم نے ہلاک ڈولفن فورس کے اہلکار کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ڈیرہ غازی خان منتقل کردی۔تاحال نوجوان کی خود کشی بابت کوئی بات سامنے نہیں آسکی کہ آخر کار فورس کے نوجوان نے خود کو گولی کیوں ماری اور کیوں اپنی جان لینے پر مجبور ہوا۔لاہور سے ڈولفن پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ا ہلکار عدیل عارضی طور پر ڈی جی خان میں فرائض سرانجام دے رہا تھاخودکشی کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ڈولفن پولیس ترجمان کے مطابق خودکشی کو تبادلہ کی وجہ سے ڈپریشن کا تاثر دینا حقائق کے منافی ہے۔عدیل ڈولفن اسکواڈ کے چھٹے بیچ کا تربیت یافتہ اہلکار تھا۔

  • 25 سالہ نوجوان کو نامعلوم ملزما ن نے اغواء کرلیا

    25 سالہ نوجوان کو نامعلوم ملزما ن نے اغواء کرلیا

    ساہیوال۔(اے پی پی) 25سالہ نوجوان کو نامعلوم ملزما ن نے اغواء کرلیا۔ پولیس لائن ساہیوال کے قریب کار رہائشی 25سالہ شیراز مشرف 3روز قبل اپنے ہمسایہ خالد ضیاء کے ہمراہ کیری ڈبہ میں گھر سے لاہور گیاجوراستہ میں لاپتہ ہوگیا۔ گاڑی میں ٹریکر نصب نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ شیراز مشرف کے ساتھی خالد ضیاء کا بھی پتہ نہیں اور دونوں کے موبائل فون بند ہیں جو پتوکی کے قریب بند ہوئے ہیں۔ دونوں شادی شدہ ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ انہیں کسی نے اغواء کیاہے یا کوئی اور معاملہ ہے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

  • سبق یا دنہ ہونے پر ٹیچر کے ڈر کی وجہ سے بچی نے کیا انتہائی انوکھا کام کہ پولیس کی مدد لینا پڑی

    سبق یا دنہ ہونے پر ٹیچر کے ڈر کی وجہ سے بچی نے کیا انتہائی انوکھا کام کہ پولیس کی مدد لینا پڑی

    ساہیوال۔(اے پی پی) 188/9-L ہڑپہ کے رہائشی اللہ دتہ کی بیٹی 10سالہ عائشہ سبق یاد نہ ہونے پر ٹیچر کے ڈر کی وجہ سے سکول جانے کی بجائے لاہورکوجانیوالی بس میں بیٹھ گئی جب بچی سکول نہ پہنچی تو بچی کے والد اللہ دتہ نے ہڑپہ پولیس کے ایس ایچ اوذیشان بشیرڈوگر کواطلاع دی اورمذکورہ آفیسر نے موٹروے پولیس کواطلاع کردی۔ اوکاڑہ کے قریب دوران چیکنگ موٹروے پولیس نے بچی کو بس سے اتارکر مذکورہ ایس ایچ او کواطلاع دی اور اس طرح بچی کوپولیس نے والدین کے حوالے کردیا۔

  • مانیٹری پالیسی کو کیوں سخت کرنا پڑا ،گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے بتا دیا

    مانیٹری پالیسی کو کیوں سخت کرنا پڑا ،گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے بتا دیا

    کراچی۔(اے پی پی) انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی نے ممتاز شخصیات کے لیکچرز کی سیریز کے سلسلے میں پاکستان کی معیشت، معاشی چیلنجز اور امکانات کے موضوع پر آئی بی اے کیمپس میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر کے لیکچر کا اہتمام کیا۔ منگل کو مرکزی بینک سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق میزبانی کے فرائض ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی اے ڈاکٹر فرخ اقبال نے انجام دئیے جنہوں نے حاضرین سے ڈاکٹر باقر کا تعارف کرایا۔ حاضرین میں تعلیمی اداروں، کارپوریٹ سیکٹر، آئی بی اے فیکلٹی اور طلبہ شامل تھے۔ ڈاکٹر باقر نے اپنے لیکچر کو تین حصوں میں تقسیم کیا جس میں معیشت کو درپیش موجودہ معاشی چیلنجز کے اسباب، ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے معاشی ٹیم کے اقدامات اور اب تک کے نتائج اور معیشت کا منظرنامہ شامل ہیں۔ انہوں نے موجودہ معاشی چیلنجز کے دو بنیادی اسباب بیان کئے، پہلا یہ کہ 2015-2018 کے دوران بڑھتے ہوئے جاری کھاتے کا خسارہ جو زائد القدر اور نسبتاً معینہ ایکسچینج ریٹ کے تناظر میں ملک کے ذخائر میں نمایاں کمی کا باعث بنا، دوسرا اہم سبب بڑھتا ہوا مالیاتی خسارہ اور سرکاری قرضہ تھا جس نے ملک کو قرضے کے لائق ہونے کی اہلیت کو مشکوک بنادیا تھا۔ ڈاکٹر باقر نے کہا کہ اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ان شعبوں میں تین قسم کے اقدامات کئے گئے ہیں جن میں بیرونی شعبہ، مالیاتی شعبہ اور زرعی شعبہ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے اقدام سے 2017 کے آخر سے ایکسچینج ریٹ میں متعدد بار ردوبدل کرنے سے شرح مبادلہ کی زائد قدرپیمائی کو کم کرنے میں مدد ملی۔ اس کا اختتام مئی 2019 میں ایکسچینج ریٹ کے نظام میں تبدیلی سے ہوا جس کی جگہ مارکیٹ پر مبنی نظام نے لے لی جس میں اقتصادی حکام کو کرنسی کے قدر کا تعین نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مارکیٹ پر مبنی نظام کے آزادانہ پہلو پر مشتمل نہیں تھا اور اس میں اسٹیٹ بینک کو خراب حالات کی درستگی کے لئے مارکیٹ میں مداخلت کی اجازت تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں جاری کھاتے میں نمایاں بہتری آئی اور اس کا 2 ارب ڈالر ماہانہ تک کا تاریخی بلند خسارہ کم ہو کر نصف رہ گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جاری کھاتے کے خسارے میں بہتری لانے میں درآمدات میں کمی اور برآمدات کے حجم میں بہتری نے کردار ادا کیا، اگرچہ بین الاقوامی اکائی قیمتوں میں کمی کے باعث برآمدی قدروں میں زیادہ نمو نہیں ہو سکی۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے معیشت میں برآمدات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روزگار اور پیداوار کے لحاظ سے جو بات اہمیت رکھتی ہے وہ برآمدات کا حجم ہے۔ ڈاکٹر باقر نے مالیاتی خسارے سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومت کے اقدامات کا بھی مختصراً ذکر کیا۔ آخر میں ڈاکٹر باقر نے کہا کہ ماضی کے بیرونی اور مالیاتی عدم توازن سے نمٹنے کی ضرورت کا مطلب یہ تھا کہ مہنگائی جزوی طور پر ایکسچینج ریٹ، ٹیکسز اور یوٹیلٹی نرخوں میں اضافے کے باعث بڑھ گئی۔ اس کی بنا پر مانیٹری پالیسی کو سخت کرنا پڑا جس سے مہنگائی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر باقر نے منظرنامے پر اور خاص کر اس بات پر کہ یہ پروگرام آئی ایم ایف کے سابقہ پروگراموں سے کس طرح مختلف ہوگا تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی سب سے اہم وجہ زرِ مبادلہ ذخائر کا کم ہوتے جانا اور ان کی پست سطح تھی۔ اگر پاکستان ایسے ادارے بنانے کے قابل ہو جو ان ذخائر میں اضافہ کرتے رہیں اور سرمائے کے اخراج کے زمانے میں یہ ادارے زرمبادلہ کو محفوظ رکھیں تو پاکستان اقتصادی دھچکوں سے خود کو محفوظ بنانے کے قابل ہو جائے گا اور اسے بین الاقوامی مالی اداروں سے مدد مانگنا نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پروگرام میں دو ادارہ جاتی اصلاحات اس حوالے سے مدد کریں گی، مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ کا نظام اور اسٹیٹ بینک سے حکومت کی صفر قرض گیری جس سے مالیاتی نظم و ضبط لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے اختتام پر زور دے کر کہا کہ طویل مدتی نقطہ نظر سے پاکستان کے لئے اہم چیلنج یہ ہے کہ وہ اپنی بچت اور سرمایہ کاری کی شرح میں اضافہ کرے۔ لیکچر کے بعد ڈاکٹر اقبال نے ڈاکٹر باقر سے پاکستان کے موجودہ معاشی مسائل اور مشکلات اور ان پر قابو پانے کے لئے حل پر اظہار خیال کے لئے گفتگو کی۔ اس کے بعد ڈاکٹر باقر اور حاضرین کے درمیان سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا۔ سیشن کا اختتام ڈاکٹر اقبال کی جانب سے شکریے کے اظہار پر ہوا۔ ڈاکٹر باقر کو ایک یادگار بھی پیش کی گئی۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر رضا باقر اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک میں 20 سال کام کرچکے ہیں۔ وہ ہارورڈ یونیورسٹی سے معاشیات میں اے بی)میگنا کم لاڈ(اور یورنیورسٹی آف کیلیفورنیا بارکلے سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی اسناد رکھتے ہیں۔ ان کی تحقیق معاشی پیشے کے کئی موقر جرائد بشمول جرنل آف پولیٹیکل اکانومی اور کوارٹرلی جرنل آف اکنامکس میں شائع ہوچکی ہے۔

  • غیر معیاری صفائی، بغیر لائسنس کاروبار پر راولپنڈی کینٹ میں 12 فوڈ پوائنٹس کو نوٹسز جاری

    غیر معیاری صفائی، بغیر لائسنس کاروبار پر راولپنڈی کینٹ میں 12 فوڈ پوائنٹس کو نوٹسز جاری

    راولپنڈی۔ (اے پی پی)کنٹو نمنٹ بورڈ راولپنڈی نے کینٹ کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری صفائی پر نو ٹسز جا ری کر دیئے۔راولپنڈی کینٹ بورڈ کے فوڈ برانچ کے عملے نے کینٹ کے مختلف علاقوں صدر، پشاور روڈ،آلہ آباد میں موجود25 فوڈ پوائنٹس چیک کیے گئے جس میں 12 فوڈ پوائنٹس کو غیر معیاری صفائی اور بغیر لائسنس کے کاروبار کر نے پر شو کا ز نوٹسز جا ری کیئے اور14اشیاء کے نمونہ جات حاصل کیے جن کو ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا،فوڈ برانچ کا عملہ روزانہ کی بنیاد پر کینٹ کے مختلف علاقوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کاروائی کر رہا ہے