سرگودھا۔ (اے پی پی) سرگودھا میڈیکل کالج کے ماہرین ِ امراض چشم نے آنکھوں کی پتلیوں کا کامیاب ٹرانسپلانٹ کر لیا۔ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں پہلی مرتبہ یہ ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہے۔ پہلی کھیپ کے تحت سرگودھا میڈیکل کالج کے ماہرامراض چشم و چیئرمین شعبہ امراض چشم پروفیسر ڈاکٹر ہاشم عمران و دیگر ڈاکٹرز پرمشتمل ٹیم نے پانچ مریضوں کی آنکھوں میں بذریعہ ٹرانسپلانٹ آنکھ کی پتلیاں کامیابی سے نصب کردیں جس کے بعد ان مریضوں کی بصارت بحال ہو گئی ہے۔کارنیا کا عطیہ پاکستان ایسوسی ایشن آف میمفسز (PAM) اور امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز نارتھ امریکہ (APPNA) کی جانب سے فراہم کیا گیاجن کو ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں سرگودھا میڈیکل کالج کے ڈاکٹرز نے مستحق مریضوں میں مفت ٹرانسپلانٹ کیا۔ڈاکٹر عمران ہاشم نے بتایا کہ آنکھوں کی شفاف پتلی کارنیا کہلاتی ہے جسے آنکھ کی کھڑکی بھی کہا جاتا ہے، بیماری یا چوٹ کی وجہ سے آنکھ کی پُتلی متاثر ہونے سے مریض ٹھیک طرح سے دیکھ نہیں سکتا اور آنکھوں کی روشنی بالکل ختم ہونے کا بھی خدشہ لاحق ہو جاتا ہے۔ اس کا علاج کارنیا کی تبدیلی ہے۔ ہمارے ملک میں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ کارنیا عطیہ کرنے سے کتراتے ہیں۔ فی الوقت بیرون ملک سے عطیہ کیے جانے والے کارنیا مریضوں میں ٹرانسپلانٹ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب دوسرے مرحلہ کے تحت آگاہی مہم چلائیں گے تاکہ مقامی سطح پر کارنیا ڈونیشن کا آغاز ہو سکے۔
Author: Regional News

سرگودھا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے، ڈپٹی کمشنر آسیہ گل
سرگودھا۔ (اے پی پی) سرگودھا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے کیونکہ جس قوم کے گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں اس کے ہسپتال برباد ہوجاتے ہیں، بچوں کو گراؤنڈز کی طرف راغب کرنے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سرگودھا محترمہ آسیہ گل نے پاکستان تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن سرگودھا ڈویژن کے صدر راجہ عبدالوہاب سے ملاقات کے دورا ن کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سرگودھا کے نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے اگر ہم نے فوری توجہ نہ دی تو مستقبل میں اس کے نقصانات برداشت کرنا پڑینگے۔اس موقع پر راجہ عبدالوہاب نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کو مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹس کروانے اور گراؤنڈز کو آباد کرنے کے علاوہ گراؤنڈز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالہ سے آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے گراؤنڈز کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کو ہدایت جاری کی کہ وہ کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ راجہ عبدالوہاب نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کا شکریہ ادا کیا۔

چینی سفارتخانہ کی طرف سے جامعہ پشاور کے نادار طلباء کے لیے بڑی خوشخبری
پشاور۔(اے پی پی)جامعہ پشاور کے نادار طلباء کیلئے تعلیمی وظائف کیلئے چینی سفارتخانہ کی طرف سے 40لاکھ روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے یہ رقم سکالر شپ کی شکل میں 40 غریب طلباء کو دی جائیگی۔ جامعہ کی مجاز اتھارٹی نے مستحق طلباء کے انتخاب کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس میں چائنا سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹرزاہد انور اورڈائریکٹر ایڈمشن علی اصغر جان بھی شامل ہیں

ملت انڈسٹریل سٹیٹ فیصل آباد کا مزدوروں کے لیے بڑا اقدام
فیصل آباد۔ (اے پی پی) ملت انڈسٹریل سٹیٹ فیصل آباد میں 10 بستروں پر مشتمل سوشل سکیورٹی ہسپتال کی تعمیر کی منظوری دیدی گئی ہے جبکہ مذکورہ جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال کی تعمیر کیلئے مقامی صنعتکار بھی 60لاکھ روپے کا عطیہ فراہم کریں گے اور اس ہسپتال کی تعمیر سے ملت انڈسٹریل سٹیٹ کے مختلف صنعتی یونٹس میں کام کرنے والے مزدوروں و فیکٹری ورکرز کو کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہو سکے گی۔ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے سبکدوش ہونے والے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے بتایاکہ مذکورہ ہسپتال کی منظوری چیمبر کی کوششوں کی مرہون منت ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اپنے دور صدارت میں انہوں نے بزنس کمیونٹی کو بجلی اور گیس کی مد میں 160ارب روپے کا ریلیف لے کر دیا جبکہ 50ارب کے ری فنڈ بھی دلوائے گئے اسی طرح رواں سال کے بجٹ میں بھی ریفنڈ کیلئے 48ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 17فیصد سیلز ٹیکس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ حکومتی اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ساتھ طے ہوا تھا کہ سیلز ٹیکس 5سے 12فیصد کے درمیان ہو گا مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا جو فیصل آباد چیمبر کے نئے عہدیداروں کیلئے بہت بڑا چیلنج ہو گا۔

ایوان صنعت و تجارت نے چھوٹے تاجروں کیلئے بڑا مطالبہ کردیا
فیصل آباد۔ (اے پی پی) ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد نے چھوٹے تاجروں کیلئے سیلز ٹیکس و انکم ٹیکس کے موجودہ نظام کی بجائے فکسڈ ٹیکس رجیم کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ چیمبرکے عہدیداران و ممبران کاروباری، تجارتی و صنعتی طبقہ سے مل کر اس ضمن میں بھر پور جدو جہد کریں گے تاکہ تاجروں کے ٹیکس سے متعلق تحفظات دور کئے جا سکیں۔ایوان صنعت و تجارت کے صدر رانا محمد سکندر ا عظم خان نے کہا کہ افکسڈ ٹیکس لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد میں قومی تاجر کنونشن کے انعقاد سمیت فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کا اجلاس بلانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے دور صدارت کیلئے طویل روڈ میپ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ریفنڈ کی فوری ادائیگی، بیمار صنعتوں کی بحالی، ہر سیکٹر کے مسائل کے حل کیلئے ٹیکنو کریٹس پر مشتمل کونسلوں کے قیام، انڈسٹری واکیڈیمیا رابطوں میں اضافے، پاور لومز کیلئے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں الگ زون،فیصل آباد شہر کی جامع ترقی کیلئے ڈویلپمنٹ فورم کے قیام، چیمبر کی مختلف وفاقی، صوبائی اور مقامی کمیٹیوں میں نمائندگی، فیصل آباد میں پاکستان فیڈریشن آف چیمبر ز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے اجلاس اور تاجر کنونشن کے انعقاد، آر اینڈ ڈی کے شعبہ کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنے اور ای کامرس کو روشناس کرانے کیلئے شعوری کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر کی جلد تعمیر، چھوٹے صنعتکاروں کیلئے رعایتی نرخوں پر قرض کی فراہمی اور کنسٹرکشن انڈسٹری کو مضبوط بنانے کیلئے ڈویلپر فورم کے قیام کے علاوہ غیر ملکی سفارتکاروں کو بھی فیصل آباد چیمبر میں مدعو کیا جائے گا جس کے ساتھ ساتھ برآمدات بڑھانے کیلئے دوسرے ملکوں کیلئے تجارتی وفود بھیجے جائیں گے جبکہ چیمبر کی ممبر شپ میں اضافہ کیلئے بھی کوششوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ چیمبر کی قائمہ کمیٹیوں کو مزید فعال اور متحرک کیا جائے گا نیز اہداف کے حصول کیلئے ایگزیکٹو اور سیکرٹریٹ کو بھی بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔

خیبرپختونخواہ میں ڈینگی کے مزید کیسز سامنے آنے سے ٹوٹل تعداد کتنی ہوگئی.. صوبائی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ
پشاور۔(اے پی پی)خیبرپختونخوا میں 24گھنٹے کے دوران ڈینگی بخار کے 77 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں‘ جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3738سے تجاوز کر گئی ہے‘ ڈینگی رسپانس سیل کی منگل کے روز کی رپورٹ کے مطابق پچھلے 24گھنٹوں میں پشاور میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ 19نئے مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے جس کے بعد پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1885ہوگئی‘ سیل کے مطابق پشاور اور دیگر اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں‘اس کے ساتھ ساتھ ان تمام علاقوں میں جہاں سے ڈینگی کے مریض تعلق رکھتے ہیں یا جہاں ڈینگی مچھر کے لاروے کی موجودگی کا امکان ہے سپرے یقینی بنایاجارہاہے تاکہ ڈینگی کی افزائش کو روکاجاسکے

لوئیر دیر میں سیلابی ریلہ‘ تین بچوں کو بہا لے گیا
پشاور۔(اے پی پی)ضلع لوئر دیر کی تحصیل میدان میں سیلابی ریلہ تین بچوں کو بہالے گیا‘ مقامی ایم پی اے ملک لیاقت کے مطابق گزشتہ روز کی بارشوں کے باعث گاؤں میرگام میں بارش کے پانی نے سیلابی ریلے کی شکل اختیار کی جس میں ایک مقامی شخص شیر رحمان کی دو نواسیاں اور ایک نواسہ بہہ گئے‘ بچوں کی عمریں 7 سے 10سال کے درمیان ہیں‘ حادثے کے فوراً بعد گاؤں کے لوگوں نے بچوں کی تلاش شروع کی اور دوکی نعشیں برآمد کرلی ہیں‘ جبکہ آخری اطلاعات تک تیسرے بچے کی تلاش جاری تھی‘ ایم پی اے ملک لیاقت نے متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے امدادی کاروائیوں میں مدد کی اپیل کی۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال ساتویں روز بھی جاری مطالبات بڑھ گئے
پشاور۔(اے پی پی)صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مختلف اضلاع میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال ساتویں روز بھی جاری رہی‘ منگل کے روز ڈاکٹروں اور طبی عملے نے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں اوپی ڈیز کو بند رکھا اور دیگر فرائض کی ادائیگی کا بھی بائیکاٹ کیا‘ اس دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تمام تر دباؤ کے باوجود ان کی ہڑتال جاری ہے‘ اور یہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی‘ اور اگر مطالبات جلد تسلیم نہیں کیے جاتے تو ہڑتال میں مزید شدت لائی جائیگی‘ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس صوبائی اسمبلی سے حال ہی میں منظور ہونے والے ہیلتھ ایکٹ کی واپسی کا مطالبہ کررہاہے‘ جس کے تحت بی ایچ یوز‘ آر ایچ سیزا ور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتالوں میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی گئی ہے‘ علاوہ ازیں گرینڈ ہیلتھ الائنس ان ڈاکٹروں اور طبی عملے کی رہائی کا بھی مطالبہ کررہاہے جنہیں حالیہ احتجاج کے دوران گرفتار کیاگیاہے‘ اس کے ساتھ ساتھ الائنس نے کئی دیگر مطالبات بھی حکومت کے سامنے رکھے ہیں‘تاہم صوبائی حکومت کا موقف ہے کہ وہ مذکورہ ہیلتھ ایکٹ کسی صورت واپس نہیں لے گی‘ کیونکہ محکمہ صحت اور خصوصاً سرکاری ہسپتالوں میں عوامی مفاد کے تابع اصلاحات پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا ایجنڈا ہے‘ جس کی تکمیل اس کی ذمہ داری ہے‘صوبائی حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دباؤ میں نہیں آئیگی البتہ اگر بات چیت کے ذریعے کچھ مطالبات کے حوالے سے اتفاق رائے ممکن ہو تو اس کیلئے حکومت تیار ہے۔

ایک درجن سے زائد افراد کو اسپتال پہنچانے والے کتے کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا..
گلگت۔ (اے پی پی) سکردو شہر میں 2 خواتین سمیت15 افراد کو کاٹنے والا باولا کتا مار دیا گیا۔ پیر کی شب سکردو میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک پاگل کتے نے ایک درجن سے زیادہ افراد پر حملہ کیا جن میں سے 11 افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس خبر کے عام ہوتے ہی شہر بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر متحرک ہو گئی اور اسسٹنٹ کمشنر نے بلدیہ کی کتے مار شوٹر ٹیم کو شہر کے مختلف علاقوں کی طرف روانہ کر دیا تاہم مذکورہ پاگل کتا کسی کے ہاتھ نہ لگا۔ رات تقریبا ساڑھے 11 بجے مذکورہ کتا علی آباد کے علاقے میں ایک گھر میں گھسا جہاں اس نے 2 خواتین سمیت 4 افراد کو زخمی کر دیا۔ اسی حملے کے دوران زخمی ہونے والے نوجوان نے بیلچے کے زور دار وار سے اسے ہلاک کر دیا۔ امدادی ٹیموں نے زخمی ہونے والے افراد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
اک اور زینب درندگی کا شکار
ضلع چنیوٹ کی تحصیل بھوآنہ کے علاقہ واڑہ ٹھٹھہ محمد شاہ میں دس سالہ یتیم بچی سے زیادتی
بھوآنہ کے نواحی علاقے واڑہ ٹھٹھہ محمد شاہ میں دس سالہ یتیم بچی سے زیادتی کادلخراش واقعہ پیش آیا،
دس سالہ سونیااپنے گھرسے رشتے داروں کے گھر جا رہی تھی کہ راستے میں کماد کی فصل میں چھپاندیم نول اسے زبردستی کماد کی فصل میں لے گیا اور اس کے ساتھ زیادتی کرڈالی،بچی کی چیخ وپکار پر لوگوں کے آنے پر اسے خون میں لت پت چھوڑ کرفرار ہوگیا،
ریسکیو 1122نے بچی کو نازک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھوآنہ منتقل کردیا،
تھانہ بھوآنہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے








