ہری پور۔ (اے پی پی) تحریک انصاف کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان، صوبائی وزیر اکبر ایوب خان اور چیئرمین ڈیڈک ارشد ایوب خان دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، اس وقت بجلی، گیس اور سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وہ ہری پور کے حلقہ پی کے 41- خان پور کے علاقہ پدنی میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں چیئرمین ڈیڈک رکن صوبائی اسمبلی ارشد ایوب خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ یوسف ایو ب خان نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان اور صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات اکبر ایوب خان دونوں سرکاری مصروفیات کے باعث جلسہ میں شرکت نہیں کر سکے۔ عمر ایوب خان کی جانب سے مذکورہ حلقہ میں ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پدنی، پنڈ منیم، بانڈی منیم، کتبہ اور بریلہ میں سوئی گیس منصوبہ کی فراہمی کا کام جاری ہے، ان علاقوں کے ہر گھر تک گیس فراہم کی جائے گی جس سے علاقہ مکینوں خصوصاً خواتین کی ایک بہت بڑی مشکل حل ہو گی، اسی طرح بجلی کے شعبہ میں اس حلقہ کیلئے خان پور میں 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 132 کے وی اے کے گرڈ سٹیشن کا کام شروع ہے جبکہ حطار کیلئے 9 ارب روپے کی خطیر رقم سے سب سے بڑے گرڈ سٹیشن کی منظوری ہو چکی ہے، ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد آئندہ 50 سالوں کیلئے وولٹیج کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ اسی طرح 60 کروڑ روپے کے مزید فنڈز کی منظوری سے خان پور سڑک کے دونوں اطراف باقی ماندہ کام مکمل کیا جا رہا ہے، اس طرح صوبائی وزیر مواصلات اکبر ایوب خان دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی تعمیر کے میگا پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، دو ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے دو رویہ حطار سڑک، دو ارب 40 کروڑ سے لورہ چوک تا کھوہالہ سڑک کے تعمیراتی کام پر تیزی سے کام جاری ہے، ترناوہ سے کھوہالہ تک 34 کلومیٹر سڑک پر دو ارب 30 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ علاوہ ازیں اندورن گاؤں اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں اور ان منصوبہ جات کی تکمیل سے حلقہ میں بڑی تبدیلی آئے گی اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا۔
Author: Regional News

اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کس جرم میں رنگے ہاتھوں ہوا گرفتار
ایبٹ آباد۔ یکم اکتوبر (اے پی پی) محکمہ اینٹی کرپشن ہری پور کے سرکل آفیسر نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ چھاپہ کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ سرکل آفیسر محکمہ اینٹی کرپشن کیڈٹ فاروق نے جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم اللہ خان جدون کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز جانثار خان کو 25 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ مدعی پیٹی ٹھیکیدار محمد رفیق ولد فقیر محمد نے محکمہ اینٹی کرپشن میں درخواست دے رکھی تھی۔ سرکل آفیسر محکمہ اینٹی کرپشن کیڈٹ فاروق نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ کارروائی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

جسم فروشی کے اڈہ پر چھاپہ، 7 ملزمان گرفتار
ایبٹ آباد (اے پی پی) پولیس نے جھنگی میں جسم فروشی کے اڈہ پر چھاپہ کے دوران 7 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ میرپور عبدالغفور کے مطابق مخبر کی اطلاع پر پولیس نفری کے ہمراہ سائیں بابا چوک کے قریب مسماۃ (الف) کے ڈیرہ پر چھاپہ کے دوران 7 ملزمان اظہر، عمر، ظہیر، سلیم، شوہال، قیس خان اور عنایت اللہ کو گرفتار کر کے تھانہ میرپور میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ اس فحاشی کے اڈہ سے متعلق پہلے بھی اہلیان علاقہ شکایت کر چکے تھے تاہم گذشتہ روز پولیس کی جانب سے کی جانے والی کارروائی پر اہلیان علاقہ نے میرپور پولیس کو تعریف کی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کا پسرور کے لیے بڑا اعلان
سیالکوٹ (اے پی پی) لاہور ہائی کورٹ نے جوڈیشل کمپلیکس پسرور کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔سیکرٹری پسرور بار نیاز احمد باجوہ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کے لیے 77 کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی۔ اراضی کے مالکان کو 101.3 ملین روپے ادا کیے جائیں گے۔جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر جلد شروع ہوجائے گی۔

حکومت کا عوام کیلئے بہترین تحفہ کیا ہے، سیف منصور علی خان نے بتا دیا
سیالکوٹ(اے پی پی) پی ٹی آئی رہنما سیف منصور علی خان نے کہا ہے کہ تفصیلات کے مطابق صحت انصاف کارڈ حکومت کا عوام کیلئے بہترین تحفہ ہے، 42 ہزار خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار صحت انصاف کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو کہ آر ایچ سی چونڈہ میں منعقد کی گئی تھی۔ تقریب میں پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر حلقہ پی پی 39 سیف منصور علی خان کے علاوہ سماجی شخصیت و تحصیل کوارڈینٹر صحت سہولت پروگرام سہیل احمد چوہدری اور محمد فیصل ایجوکیشن آفیسر اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیف منصور علی نے میڈیا سے اپنی گفتگو میں کہا کہ حکومت آئندہ دو برسوں کے دوران ڈیڑھ کروڑ سے زائد خاندانوں میں کارڈ تقسیم کرے گی جس سے مستحق خاندان فری علاج و معالجہ سے مستفید ہوسکیں گے انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل پسرورمیں اس برس 42 ہزار خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کئیے جائینگے جس سے مستحق خاندان تین سال کے عرصہ میں 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کا علاج پرائیویٹ طور پر فری کرواسکیں گے جس کیلئے ایک پرائیویٹ ہسپتال پسرور اور دو سیالکوٹ میں ہسپتال موجود ہیں سیف منصور نے اس موقع پر مزید کہا کہ ہم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات بلاتفریق خدمت کوشاں ہیں انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی جانے والی تقریر پر کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسلم امہ اور پاکستان کی بہترین انداز میں ترجمانی کی ہے وزیراعظم عمران خان کی وطن واپسی پر عظیم فقید المثال استقبال سے یہ ثابت ہوا کہ عوام عمران خان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں۔

تاجر برادری کا سید آفتاب حسین گیلانی کو بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی کا قائم مقام صدر مقرر کرنے کا خیر مقدم
مظفر آباد۔ (اے پی پی)آزاد کشمیر کی تاجر برادری نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور کامیابی کے لئے مکمل تعاون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سید آفتاب حسین گیلانی کو بینک کا قائم مقام صدر مقرر کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا کہ کشمیر بینک پر آزاد کشمیر کے عوام کا مکمل اعتماد ہے۔ آزاد کشمیر بینک بہت جلد کامیابی کے نئے زینے طے کرنے میں کامیاب ہو گا۔ پیر کو یہاں دارالحکومت کی تاجر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے اپنے چیئرمین عبدالرزاق خان کی زیر قیادت بینک ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور قائم مقام صدر سے ملاقات کی۔ وفد میں کمیٹی کے سیکریٹری جنرل بشارت مغل، چیف آرگنائزر تنویر انور قریشی سمیت میر امتیاز،خواجہ فاروق قادری، نثار الرحمان عباسی، شہزاد اعوان، مبارک شہباز، شفیق قریشی، پرویز زرگر اور دیگر شامل تھے۔ تاجر حضرات نے اس موقع پر سید آفتاب حسین گیلانی کو مبارکباد پیش کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ انھوں نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر ریاست کا واحد بینک ہے جس کی دن دوگنی، رات چوگنی ترقی کے لئے تاجر برادری اپنے مالیاتی بزنس کا رخ اس بینک کی طرف موڑ دے گی۔ اس بینک کو کسی بھی صورت میں کامیاب بینک بنانے میں کاروباری طبقہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔ قائم مقام صدر نے مکمل تعاون اور بینک پر اعتماد کرنے پر آزاد کشمیر کے ٹریڈرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو صف اول کے بینکوں میں لا کھڑا کرنا ان کا نصب العین ہے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد ریاست کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں بینک اپنا کردار ادا کرنے کا عمل تیز کر دے گا۔

پاکستان سوائل سائنسز سوسائٹی کے زیراہتمام پہاڑی زراعت اور اراضی زرخیزی سے متعلق قومی سیمینار کا انعقاد
مظفرآباد۔ (اے پی پی)آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں سوائل سائنسز سوسائٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام پہاڑی زراعت اور اراضی زرخیزی سے متعلق قومی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ مستقبل کے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے زراعت کی ترقی پر خصوصی توجہ کے ساتھ موثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ زراعت کے فروغ سے ہی معاشی ترقی کی راہ ہموار کر کے آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دیاجاسکتا ہے۔ زراعت کی ترقی کیلئے درکار وسائل درپیش مسائل،بروقت تحقیق اور منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وائس چانسلر جامعہ کشمیر پاکستان سوائل سائنسز سوسائٹی اور جامعہ کشمیر کے اشتراک سے پہاڑی زراعت اور اراضی زرخیزی سے متعلق قومی سمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سمینار سے سیکرٹری زراعت آزاد کشمیر راجہ طارق مسعود، سیکرٹری بہبود آبادی راجہ رزاق خان، ڈائر یکٹر جنرل زراعت ڈاکٹر بشیر بٹ، سمیت پاکستان کی مختلف جامعات سے آنے والے سائنس دانوں،اسکالرز ارو طلبہ نے شرکت کی۔ رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمدکلیم عباسی نے اپنے خطاب میں سمینار میں شرکت پر پاکستان اور آزاد کشمیر کی مختلف جامعات کے پروفیسرز، محقیقین،زرعی ماہرین اور طلبہ کو خوش آمدیدکہا،انہوں نے کہا کہ یہ سمینار غیر معمولی نوعیت کا حامل ہے، کرہ ارض کا 1/5حصہ پہاڑ پر مشتمل ہے۔ پاکستان کا 61فی صد علاقہ پہاڑوں پر مشتمل ہے۔ 40ملین لوگ پہاڑی علاقوں میں آباد ہیں، سہولیات نہ ہونے کے باعث لوگ شہری علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔ جس سے شہری آبادی پر دباو بڑھ رہا ہے اور کئی طرح کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی رونما ہو رہی ہے۔آبی ذخائر اور خاص کر زمین کی زرخیزی متاثر ہو رہی ہے۔ پانی کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر کلیم عباسی نے مزید کہا کہ پہاڑی علاقوں میں زراعت کی ترقی اور فروغ کیلئے لوگوں کو سہولیات مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔ سائنس دانوں،اسکالرز اور طلبہ کو مواقع مہیا کر رہے ہیں کہ وہ اپنے آئیڈیاز،مشاہدات شئیر کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے جرات مندانہ خطاب کیا ہے۔کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے بھرپور آواز بلند کی۔،ہم اس کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے پہاڑ پاکستان کیلئے فائدہ مند ہیں۔ پاکستان کی زراعت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، پاکستان کی 80فی صد زراعت ان پہاڑوں کی وجہ سے ہے۔ پاکستان کے تحفظ کیلئے ہرکسی کو کشمیریوں کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیکرٹری زراعت آزاد کشمیر راجہ طارق مسعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادکشمیر میں اس موضوع پر سمینار کا انعقاد خوش آئند ہے، یہاں قومی زرعی کانفرنس منعقد کی جائے، موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیاں رونما ہونا قدرتی امر ہے،تاہم ہمیں خود کو اس کا مقابلہ کرنے کیلئے تیاری کرنی چاہیے۔ سیکرٹری بہبود آبادی راجہ محمد رزاق خان نے آزاد کشمیر میں زراعت،ماحول کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھی مفصل احاطہ کیا۔ سمینار میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے سوئل سے منسلک سائنس دانوں اور ریسرچ اسکالرز سمیت محکمہ زراعت کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان اورآفیسران بھی شریک ہوئے۔ سیمینار میں پہاڑی علاقہ باالخصوص آزاد کشمیر میں زراعت کے فروغ کیلئے مختلف مقالہ جات بھی پیش کیے گئے۔ محکمہ زراعت کے ڈائر یکٹر جنرل ڈاکٹر محمد بشیر بٹ نے اپنے مقالہ میں آزاد کشمیر میں زراعت کے فروغ کیلئے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطہ میں زرعی زونز کی بنیاد پر کاشت کاری جس میں فروٹ،سبزیات اور پھولوں کی پیداوار کر کے اس شعبہ کو آمدن کا ایک بڑا زریعہ بنایا جاسکتا ہے۔

پنجاب میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا امکان کم ہے، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز
چکوال۔ (اے پی پی) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے پیر کے روز بتایا کہ پنجاب میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا امکان کم ہے کیونکہ بلدیاتی انتخابات کیلئے کچھ قانونی ضروریات پوری کی جانی ہیں جس کی وجہ سے فوری طور پر بلدیاتی الیکشن نہیں ہوسکتے۔وہ کوٹ سرفراز میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ راجہ یاسر سرفراز نے مزید بتایا کہ نارتھ پنجاب یونیورسٹی کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب نے دے دی ہے اور سردست اس یونیورسٹی کیلئے ضلع چکوال میں وافر سرکاری زمین موجود ہے اور کوئی پرائیویٹ زمین سردست حاصل کرنے کی ضرورت نہیں اور یہ تاثر درست نہیں کہ قصبہ تھوہا بہادر کی پرائیویٹ زمین میں اپنی زمین کو فائدہ پہنچانے کیلئے حاصل کروا رہا ہوں۔تھوہا بہادر والوں کی خواہش کا احترام ہوگا اور انکی کوئی اراضی حاصل نہیں کی جا رہی۔ ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمہ مال نے جو پانچ کنال دس مرلے اراضی جس پر اربوں روپے کے پلازے اور مارکیٹیں عوام نے تعمیر کیے ہیں اور غلام دستگیر نامی کو یہ پلازے اور مارکیٹیں منتقل کردی گئی ہیں اس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی غلام دستگیر کو پلازے،مارکیٹیں نہیں دی جا سکتیں۔ صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 1900کنال سرکاری اراضی پر قابضین اور اس اراضی کو فروخت کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ ضلع چکوال میں کسی کیساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پختہ تعمیرات، مکانات اور پلازوں کو گرانا کوئی درست عمل نہیں اور اس حوالے سے یقین دلاتا ہوں کہ پلازوں، مارکیٹوں کی توڑ پھوڑ نہیں کی جائے گی جس کے پاس ملکیت کے ثبوت نہیں اس کو بہرحال سرکاری زمین واپس کرنا ہوگی۔

بچوں کی لڑائی کے تنازعے پر کوٹ عیسیٰ خان میں ایک شخص نے اینٹ مار کر خاتون کو زخمی کردیا
ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اے پی پی) بچوں کی لڑائی کے تنازعے پر کوٹ عیسیٰ خان میں ایک شخص نے اینٹ مار کر خاتون خانہ کو زخمی کردیا، مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ درابن کی حدود میں کوٹ عیسیٰ خان کے علاقہ میں بچوں کی لڑائی کے تنازعے پر مدے خان نامی شخص نے اینٹ مار کر الف بی بی کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔درابن پولیس نے زخمی خاتون کی رپورٹ پر واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا انسداد تجاوزات آپریشن، 5ٹرک سامان ضبط
راولپنڈی.(اے پی پی)راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران 5ٹرک سامان ضبط کر لیاجبکہ بغیر نقشہ غیر قا نی تعمیرا ت پر 20بلڈ نگ ما لکا ن کو نو ٹسزجاری کردیئے۔ ترجمان کے مطابق راولپنڈی کینٹ بورڈ کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کے عملے نے غیر قانونی بلڈنگ کے خلاف کارروائی میں کینٹ کے علاقوں ما ربل فیکٹری،عثمانیہ کالونی فاروق آباد، مصریال روڈ، قائد اعظم کالونی اور پشاورروڈ,احمد آباد کے علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات اور بغیر نقشہ کی تعمیرات پر 20بلڈنگزما لکا ن کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے نوٹس دیئے اور ہدا یا ت جا ری کیں کہ وہ اپنے نقشے جلد از جلد کنٹو نمنٹ بو رڈ کے دفتر میں جمع کر وائیں بصو رت دیگر غیر قا نو نی عما را ت گرا دی جا ئینگی دو سری جا نب تجا وزا ت کے سلسلہ میں آپر یشن روزا نہ کی بنیا د پر کیا جا تا ہے تجا وزات کے خلا ف آپر یشن میں قا نو نی کا روا ئی کر تے ہو ئے کینٹ کے مختلف علا قو ں صدر، بینک روڈپشاورروڈ،،پیر ودہائی موڑاوربکرا منڈی کے علا قو ں 5ٹر ک سا ما ن قبضہ میں لے لیے۔اسی طرح کینٹ کے مختلف علا قو ں سے غیر قا نونی لا تعداد بینر ز اور پو سٹرز بھی اتادیے گئے۔









