Baaghi TV

Author: Regional News

  • صوابی، میڈیا کے تعاون سے عوام کے مسائل حل کریں گے، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود

    صوابی، میڈیا کے تعاون سے عوام کے مسائل حل کریں گے، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود

    پشاور۔ (اے پی پی) ضلع صوابی کے نئے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہاہے کہ میڈیا کے تعاون سے عوام کے مسائل حل کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں چارج لینے کے بعد صوابی الیکٹرانک میڈیا ایسو سی ایشن کے وفد کے ساتھ تعارفی ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں صدر یونین محمد فاروق کے علاوہ جنرل سیکرٹری عظمت علی خان، محمد ریاض، مصطفی کمال، محمد عادل، رخسار علی اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے ڈی سی صوابی شاہد محمود کو چارج سنبھالنے پر مبارک باد دی اور انہیں یقین دلایا کہ صوابی الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن ضلع صوابی کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔

  • وزیر اعظم کاجنرل اسمبلی میں کشمیر کے معاملے پر خطاب دنیا کی سوچ میں تبدیلی لائے گا‘ ہمایوں اختر خان

    وزیر اعظم کاجنرل اسمبلی میں کشمیر کے معاملے پر خطاب دنیا کی سوچ میں تبدیلی لائے گا‘ ہمایوں اختر خان

    لاہور۔ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کاجنرل اسمبلی میں کشمیر کے معاملے پر پُر اثر خطاب دنیا کی سوچ میں ضرور تبدیلی لائے گا، ہم نے سابقہ حکمرانوں کے معاشی بد حالی کے ایجنڈے کو خوشحالی سے بدلنا ہے اور اس کیلئے عملی پیشرفت کی جارہی ہے،اپوزیشن کرپشن کو بچانے کیلئے اپنا ہرحربہ آزما کر دیکھ لے لیکن حکومت دباؤ میں آکر احتساب کے جاری عمل میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پارٹی وفود اوربعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ میں اپنے قیام کے دوران نریندر مودی کا اصل چہرہ بے نقا ب کیا ہے اور دنیا کو بھی اب پاکستان کی تشویش سمجھ آنا شروع ہو گئی ہے۔ پاکستان نے کشمیر کے معاملے پر موثرسفارتکاری کی ہے اور قوی امید ہے کہ اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے رویے سے واضح ہے کہ انہیں ملک کے موجودہ حالات اور مفادات سے کوئی سروکار نہیں اور ان کا ایک ہی مشن ہے کہ ہم نے کس طرح حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کر کے اپنی کرپشن کو بچانا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ کرپشن کے کیسز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور تمام فیصلے احتساب اور انصاف کے ادارے کریں گے اور حکومت ان پر کسی طرح کا دباؤ ڈالنے کی بجائے انہیں مکمل سپورٹ دے گی۔ اگر ہم نے ماضی کی غلط روایات کو جڑوں سے اکھاڑ کر نہ پھینکا تو خدانخواستہ پاکستان کی بقاء خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت معیشت کی بہتری کے لئے غیر معمولی فیصلے کر رہی ہے، ڈھانچہ جاتی اصلاحات لائی جارہی ہے جس کے نتیجے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تیز ی سے کم ہوا ہے، ہماری برآمدات بڑھی ہیں، انشااللہ آنے والے دنوں میں مینو فیکچرننگ گروتھ بھی بڑھے گی جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکلات عارضی ہیں،ہم سابقہ حکمرانوں کے معاشی بد حالی کے ایجنڈے کو خوشحالی سے تبدیل کریں گے جس سے رصرف خاص طبقات نہیں بلکہ محروم طبقات کی زندگیوں میں بھی آسودگی اور خوشحالی آئے گی۔

  • چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ننھی زینب کے والد امین انصاری کو قصور میں فوکل پرسن مقرر کر دیا

    چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ننھی زینب کے والد امین انصاری کو قصور میں فوکل پرسن مقرر کر دیا

    لاہور۔(اے پی پی)چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے قصور میں معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں ننھی زینب کے والد امین انصاری کو قصور میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔چیئر پرسن سارہ احمد نے اس بات کا اعلان گزشتہ روز قصور میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے دورہ کے بعد زینب کے گھر ان کے والد امین انصاری سے ملاقات کے بعد کیا۔اس موقع پر چیئر پرسن سارہ احمد کا کہنا تھا کہ قصور میں معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔زینب کے واقعہ کے بعد امید تھی کہ ان واقعات میں کمی آئے گی لیکن بدقسمتی سے ایسے واقعات دوبارہ رونماہوئے۔ انھوں نے کہا کہ زینب کے والد امین انصاری زیادتی کا شکار بچوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے کے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ اس موقع پر زینب کے والد امین انصاری نے چئیر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ زیادتی کا شکار معصوم بچوں کو تحفظ اور انصاف کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

  • قومی ٹیم میں کم بیک کرنے والے کھلاڑیوں کا سری لنکا کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم

    قومی ٹیم میں کم بیک کرنے والے کھلاڑیوں کا سری لنکا کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم

    کراچی۔ (اے پی پی) سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں 5 قومی کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے۔ افتخار احمد، محمد رضوان، عثمان شنواری، محمد نواز اور عابد علی قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کرنے میں کا میاب رہے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچوں پر مشمل ایک روزہ سیریز 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی میں جاری رہے گی۔ تقریباً 4 سال بعد قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم میں واپس آنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ، ایک ٹی ٹونٹی ا ور 2 ایک روزہ میچز میں شرکت کرچکے ہیں۔ 13 نومبر 2015ء کو ابوظہبی کے میدان میں انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ ڈیبیو کرنے والے افتخار احمد اپنے پہلے میچ میں 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے۔ دوسرے ایک روزہ میچ میں افتخار احمد 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم سے ڈراپ کردئیے گئے۔ قومی ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد افتخار احمد نے اپنی خامیوں پر قابو پانے کے لیے ایک بار پھر ڈومیسٹک کرکٹ کا رخ کیا۔ اب تک 79 لسٹ اے میچز میں افتخار احمد نے 51.65 کی اوسط سے 3254 رنز بنارکھے ہیں۔ 8 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں اسکور کرنے والے افتخار احمد کا بہترین ا سکور 138 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ مڈل آرڈرپر بیٹنگ کے ساتھ ساتھ آف اسپن باؤلنگ کرنے والے29 سالہ افتخار احمد کی لسٹ اے میں بہترین باؤلنگ 3 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانا ہے۔ تقریباً 4 سال بعد قومی ایک روزہ ٹیم میں واپسی پر افتحار احمد نے سیریز سیقبل تربیتی کیمپ کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق کی زیرنگرانی کھلاڑی نے سخت ٹریننگ کی ہے۔ امید ہے سیریز میں بہترین نتائج دیں گے۔ افتخار احمد نے کہاکہ مصباح الحق کے ساتھ طویل عرصہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی اس دوران سابق کپتان کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ مصباح الحق میرے آئیڈیل ہیں۔ کوشش کرتا ہوں ان کی طرح مثبت کرکٹ کھیلوں۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی عدم موجودگی میں مڈل آرڈر کی بھاری ذمہ داری ملنے پر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر نے تربیتی کیمپ کے دوران بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے۔مصباح الحق نے سمجھایا ہے کہ بطور مڈل آرڈر بیٹسمین میچ کا بہترین اختتام میری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے میچ کے دوران کھیل کے اختتام تک کریز پر موجود رہنا ہے۔ افتخار احمد نے واضح کیا ہے کہ اس سے قبل پاکستان کی نمائندگی کرتے وقت ان کی باؤلنگ میں خامیاں تھیں۔ تاہم ٹیم سے دوری کے دوران انہوں نے اپنی باؤلنگ پر خاص توجہ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں اپنی بیٹنگ اور باؤلنگ سے قومی کرکٹ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب آلراؤنڈر محمد نواز کی ایک سال بعد قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ اس موقع پر آلراؤنڈر نے تسلیم کیا ہے کہ ان کی بیٹنگ میں کچھ خامیاں تھیں جسے دور کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان کی بیٹنگ میں تسلسل نہیں تھا تاہم سری لنکا کے خلاف سیریز میں بہترین آلراؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے وہ قومی ٹیم کا مستقل رکن بننے کی کوشش کریں گے۔ آلراؤنڈر نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل لگائے گئے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر خاص توجہ دی گئی ہے۔کیمپ کے اختتام پر تمام کھلاڑیوں کی فٹنس میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرکے سیزن کا خوش آئندآغاز کرنا چاہتے ہیں۔ 27 سالہ محمد رضوان کی 6 ماہ بعد قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا ہے کہ بطوربیک اپ کھلاڑی وہ گذشتہ 3 سالوں سے قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سفر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ایک کرکٹرساری زندگی سیکھنے کے عمل سے گزرتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ کپتان سرفراز احمد کے تجربے سے بہت سیکھتے ہیں۔ سرفراز احمد کی ٹیم میں موجودگی ان کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ 6 ماہ سے قومی کرکٹ ٹیم سے دور فاسٹ باؤلر عثمان شنواری بھی ٹیم میں واپسی پر خوش ہیں۔ فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف میرا ریکارڈ اچھا رہا ہے۔ اگر چانس ملا تو مہمان ٹیم کے خلاف بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھوں گا۔ ورلڈکپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے فائنل اسکواڈ میں جگہ نہ بنانے والے عابد علی کا کہنا ہے کہ انہوں نے آف سیزن میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ جاری رکھی تھی۔ وہ محنت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں چانس ملا تووہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

  • کلینکس اور میڈیکل سٹوروں پر غیر معیاری ادویات کی فروخت جاری

    کلینکس اور میڈیکل سٹوروں پر غیر معیاری ادویات کی فروخت جاری

    ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) ایبٹ آباد میں پرائیویٹ کلینکس اور میڈیکل سٹوروں پر غیر معیاری ادویات فروخت کی جانے لگی۔ سستی ادویات کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے اور ڈاکٹرز کی جانب سے مریضوں کو وہی ادویات تجویز کی جاتی ہیں کیونکہ اس میں انہیں منافع زیادہ ہوتا ہے جبکہ غیر معیاری ادویات سے مریض صحت یاب بھی نہیں ہو رہے ہیں۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے صوبائی حکومت سے غیرمعیاری ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ایبٹ آباد، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف آپریشن کے احکامات

    ایبٹ آباد، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف آپریشن کے احکامات

    ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) نو تعینات ایس ایس پی ٹریفک وارڈن طارق محمود خان کی سربراہی میں ٹریفک وارڈن آفس میں ٹریفک افسران و سٹاف کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ جس میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر، ٹریفک وارڈن ہمایوں خان، ڈی ایس پی ٹریفک اعظم علی شاہ، انسپکٹرز ٹریفک وسیم خان، تحفور خان، ذوالفقار علی، ٹریفک سب انسپکٹرز پرویز خان، جہانزیب خان، انور خان اور دیگر تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے انچارج صاحبان نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران پریشر ہارن، ایکسٹرا ڈیکوریشن، و ایکسٹرا سپیکر سمیت بچوں کو خطرناک طریقہ سے سکول لے جانے اور لانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔

  • مانسہرہ کا رہائشی کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    مانسہرہ کا رہائشی کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    مانسہرہ۔ (اے پی پی) مانسہرہ کے علاقہ دارہ کا رہائشی شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ اس سلسلہ میں ذرائع نے بتایا کہ دارہ کا رہائشی ظہور احمد المعروف فوجی جو ڈرائیور تھا، گھر کے باتھ روم میں بجلی ٹھیک کر رہا تھا کہ اچانک اسے کرنٹ لگ گیا جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ مرحوم نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

  • گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کی سابق وزیراعظم میرظفراللہ جمالی سے ملاقات

    گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کی سابق وزیراعظم میرظفراللہ جمالی سے ملاقات

    جعفرآ باد۔(اے پی پی)سابق چیف جسٹس وگورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے بدھ کے روز جعفرآباد کیڈٹ کالج کا دورہ کیا جس کے بعد وہ خصوصی طور پرسابق وزیراعظم میرظفراللہ جمالی سے ملنے ان کے آبائی گاؤں روجھان جمالی پہنچے،گورنر نے میرظفراللہ جمالی سے ان کی خیریت دریافت کی اور صوبے اور ملک کی موجودہ صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وزیرصحت میر نصیب اللہ مری اور وزیرٹرانسپورٹ میرعمرخان جمالی بھی ان کے ہمراہ تھے بعد ازاں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ جعفرآباد کیڈٹ کالج سابق وزیراعظم میرظفراللہ جمالی کے دور میں بنایاگیاتھا وہاں جوبھی کمی بیشی ہے اسے حل کرنے کی کوشش کریں گے۔انھوں نے کہا کہ اس کیڈٹ کالج میں دس فیصد کوٹہ علاقے کے لیے مخصوص ہے،اس کالج کو انٹرنیشنل لیول پر لایا جائے گا تاکہ بلوچستان اور ملک کانام روشن ہوسکے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ مودی سرکار نے کشمیریوں پر بربریت کی انتہاکردی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ کشمیری ان سے خوش ہیں،مودی سرکار کرفیواٹھاکردیکھے کہ کشمیریوں کافیصلہ کیا سامنے آتاہے۔گورنر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بیرون ملک دورے پرہیں اورمسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • آزادکشمیر میں  زلزلہ شہداء کیلئے دعائے مغفرت زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں

    آزادکشمیر میں زلزلہ شہداء کیلئے دعائے مغفرت زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں

    مظفرآباد۔ (اے پی پی)آزادکشمیر میں ایک بار پھر قیامت خیز زلزلہ‘میرپور آزادکشمیر زلزلہ سے لرز اٹھا عمارتیں سڑکیں‘بری طرح متاثرآزادجموں وکشمیر بار کونسل کی کال پر وکلاء نے پورے آزادکشمیر میں گزشتہ روز یوم سوگ منایا زلزلہ میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں کی گئیں، سول ادارے اور انتظامیہ زلزلہ سے متاثرین کی فوری امداد کریں اور تعمیر نو اور بحالی کے عمل کیلئے ایک جامعہ پالیسی وضع کی جائے تاکہ زلزلہ میں متاثر ہونے والے افراد کی مشکلات کم ہوسکیں۔ان خیالات کااظہار آزادجموں وکشمیر بار کونسل کے وائس چیئرمین چوہدری شکیل زمان ایڈووکیٹ نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت متاثرین کی بحالی اور انہیں خوراک طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کرے۔

  • ترک صدر نے کشمیری عوام کے حق آزادی کی آواز کو عالمی فورم پر اُٹھا کر کشمیری عوام کے دل جیت لیئے ہیں، قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر

    ترک صدر نے کشمیری عوام کے حق آزادی کی آواز کو عالمی فورم پر اُٹھا کر کشمیری عوام کے دل جیت لیئے ہیں، قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر

    مظفرآباد۔ (اے پی پی)قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے عوامی جمہوریہ تُرکی کے صدر طیب اردگان کی جانب سے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تُرکی کے عوام اور تُرک قیادت کے شُکر گزار ہیں۔ اُنہوں نے کشمیری عوام کے حق آزادی کی آواز کو عالمی فورم پر اُٹھا کر کشمیری عوام کے دل جیت لیئے ہیں۔ اُنہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ دوست ممالک کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر او آئی سی کے ممالک اس عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی کُھل کر حمایت کریں گے۔ اُنہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمے،بھارتی مظالم کے خاتمے اور ریاست جموں و کشمیر کی تاریخی حیثیت کی بحالی کے ساتھ ساتھ حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان متوقع تباہ کُن جنگ کو روکا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکن صدر بار بار ثالثی کا اعلان کرتے ہیں، اقوام متحدہ کو متحرک کر کے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت کا تسلیم شُدہ حق دلایا جائے۔ اگر عالمی ادارہ بھی ناکام رہا تو دُنیا کی تباہی یقینی ہے جس کی ذمہ داری عالمی طاقتوں پر ہو گی۔