وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو پاکستان کی خود مختاری کےلیے خطرہ قرار دے دیا۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ان کا شہر سیالکوٹ ایکسپورٹ کا مرکز ہے، ایکسپورٹرز پر جو ٹیکس لگایا گیا اس سے ایف بی آر کے کرپٹ مافیا کو فائدہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ غلام سرور قومی مجرم ہیں، ان کے ایک بیان کی وجہ سے ہماری پروازوں کے روٹس بند ہوگئے، جس سے کئی سو ارب کا نقصان ہوچکا ہے۔ خواجہ آصف نے اپنی ہی حکومت کے بجٹ پر اعتراض داغ دیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں ٹیکس آئی ایم ایف کے دباؤ پر لگایا گیا ہے، آئی ایم ایف پاکستان کی خودمختاری کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پر آئی ایم ایف کا پریشر تھا، ایکسپورٹرز ڈیڑھ فیصد دینے کو تیار تھے، ایکسپورٹرز کےلیے میں 15 سے 20 دن سے احتجاج کر رہا ہوں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے آپریشن عزم استحکام پر نہیں سندھ کی حد تک اختلافات ہیں، جسے ختم کرنے میں وزیراعظم شہباز شریف کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن عزم استحکام میں کوئی نقل مکانی نہیں ہوگی، ہمیں دہشت گردی کی اطلاعات مل رہی ہیں جبکہ آپریشن مخصوص جگہوں پر ہوگا۔خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ ایوی ایشن منسٹری میں اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے، پیٹرول کی قیمتیں بین الاقوامی سطح پر بڑھی ہیں اس لیے بڑھائی ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات کے فیصلے میں جے یو آئی اور اے این پی دونوں شامل تھیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جب سے اسلامی جمعیت طلبہ کے ہاتھ میں آئی ہے، اس کے اعلیٰ اصول کمپرومائز ہوگئے، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ وہ پرویز مشرف کے ساتھ کھڑے تھے۔
Author: صدف ابرار
-

خواجہ آصف نے اپنی ہی حکومت کے بجٹ پر اعتراض داغ دیا۔
-

مشکل وقت میں پارٹی چھوڑنے والوں کے پاس پارٹی معاملات پر تبصرے کا کوئی اخلاقی جواز یا اختیار نہیں۔ پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ فواد چوہدری سمیت جوبھی پارٹی قیادت پرتنقید کرتا ہے اسے سخت جواب دیا جائے، مشکل وقت میں پارٹی چھوڑنے والوں کے پاس پارٹی معاملات پر تبصرے کا کوئی اخلاقی جواز یا اختیار نہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مختلف معاملات پر غور کیا گیا۔کور کمیٹی اجلاس میں 3 قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔ عمر ایوب کا بطور سیکرٹری جنرل استعفیٰ منظورنہ کرنے کی سفارش بھی قرارداد کا حصہ ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق عمر ایوب کی بطورپارٹی سیکرٹری جنرل خدمات موجودہ حالات میں نہایت اہمیت کی حامل ہیں، کور کمیٹی بانی پی ٹی آئی سے عمرایوب خان کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کرتی ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کورکمیٹی عمر ایوب کی انتہائی کٹھن حالات میں پارٹی کیلئے قابل تحسین خدمات کی معترف ہے لہٰذا سیکرٹری جنرل عمرایوب سے پارٹی عہدے سے اپنا استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کرتے ہیں۔ایک اور قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کورکمیٹی حساس اور اہم موڑ پر پارٹی سے راہیں جدا کرنے والے افراد کی شدید مذمت کرتی ہے، مشکل وقت میں پارٹی چھوڑنے والوں کے پاس پارٹی معاملات پر تبصرے کا کوئی اخلاقی جواز یا اختیار نہیں، پارٹی کا ایسے تمام افراد سے کوئی سروکار نہیں ہے، ایسے افراد کےبیانات کسی طور پرپارٹی معاملات پر اثرانداز نہیں ہو سکتے ۔قرارداد میں قرار دیا گیاکہ مشکل وقت میں راہیں جدا کرنے والے لوگ پارٹی کیلئے پھر سے کبھی قابلِ قبول نہیں ہوں گے، وہ تمام افراد جنہیں اپنے کیے پر افسوس ہے ان سے متعلق فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی صوابدید ہے، پارٹی اس امر کی توثیق کرتی ہے کہ ہر حال میں پارٹی صفوں میں سخت نظم و ضبط کا نفاذ کیا جائے گا اور مستقبل میں پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے امور سے نہایت سختی سے نمٹا جائے گا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر بنیادی رکنیت کی معطلی سمیت دیگر تادیبی اقدامات کا سامنا کرنا ہو گا جن افراد کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نوٹسز دیے جا چکے ان کے معاملات 7 روز میں نمٹائے جائیں گے۔
کورکمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ مشکل وقت میں جورہنما کھڑے رہے ان کیخلاف بیانات کی مذمت کرتے ہیں، فواد چوہدری سمیت جوبھی پارٹی قیادت پرتنقید کرتا ہے اسے سخت جواب دیا جائے۔کور کمیٹی ارکان نے مطالبہ کیا کہ جنید اکبرکے استعفے کا معاملہ کورکمیٹی کے سامنے لایا جائے اور ہمیں بتایا جائے جنید اکبرنے کیوں اورکس لیے استعفی دیا؟خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فواد چوہدری نے انٹرویو میں کہا تھاکہ پی ٹی آئی ہی کی وجہ سے ہیں، ہماری پہچان ہی پی ٹی آئی ہے، پی ٹی آئی میں تھے، ہیں اور رہیں گے۔واضح رہے کہ 24 مئی 2023 کو فواد چوہدری نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور 9 مئی واقعے کی مذمت کی تھی۔ -

خالد مقبول صدیقی نے صدر پاکستان سے استعفی کے مطالبے کی دھمکی دے دی
رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر آئینی عہدوں کو گھسیٹا گیا تو صدر پاکستان آصف علی زرداری کے استعفے کا مطالبہ کریں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا یہ پی پی رہنماؤں کا ایک غیرسیاسی رویہ ہے اور کم ظرفی کا مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو زبردستی اس پوری بحث میں گھسیٹا گیا۔ گورنر ایم کیو ایم کے ہیں لیکن وہ پارٹی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس میں عدالت کے فیصلے اور ایم کیو ایم کے مؤقف کی تائید کی بات کی لیکن پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اصل مدعے کی بجائے ڈاکٹر خالد مقبول کی ذات کو نشانہ بنایا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگر گورنر کے استعفے کی بات کر رہی ہے تو وہ بحث کو کہیں اور لیکر جانا چاہتی ہے۔ اگر آئینی عہدوں کو گھسیٹا گیا تو ایم کیو ایم صدر پاکستان کے استعفے کا مطالبہ کرے گی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی اس غیر سیاسی رویے کی مذمت کرتا ہوں۔ -

وزیرِ اعظم سے جہانگیر خان ترین کی ملاقات
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے معروف کاروباری شخصیت و اقتصادی مشاورتی کونسل کے رکن جہانگیر خان ترین کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں استحکام پاکستان پارٹی کے راہنما عون چوہدری بھی شریک تھے، ملاقات میں جہانگیر ترین نے وزیرِ اعظم کو مشکل معاشی حالات کے باوجود کاروبار و سرمایہ کار دوست اور عوامی بجٹ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ جہانگیر ترین نے وزیرِ اعظم کو معیشت کو مثبت سمت میں گامزن کرنے پر بھی مبارکباد پیش کی۔ -

علمائے کرام امن و امان برقرار رکھنے میں حکومت سے تعاون کریں گے۔ وزیر اعلی سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محرم الحرام کے دوران پولیس کو سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کی ہدایت کردی۔اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، صوبے کے لوگ مذہبی رواداری سے رہتے ہیں، تمام علماء کرام نے ہمیشہ احترام اور محبت کے جذبے کو فروغ دیا ہے۔کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کمشنر کراچی و دیگر نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ میں تمام علماء کا شکرگزار ہوں، محرم الحرام کی آمد آمد ہے، امید ہے کہ اس مقدس مہینے میں علمائے کرام امن و امان برقرار رکھنے میں حکومت سے تعاون کریں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ علمائے کرام محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کو پُرامن رکھنے کےلیے تجاویز دیں۔ان کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن مجالس کے علاقوں میں نکاسی آب اور پانی کی فراہمی یقینی بنائیں، ٹاؤنز مجالس اور جلوسوں کےلیے سہولیات فراہم کریں۔
-

ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی،روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے کاخدشہ
محکمہ موسمیات نے ملک میں رواں ہفتے سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 2 تا 7جولائی میرپورکشمیر ، اسلام آباد، سرگودھا، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان میں تیزہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ تین سے 7 جولائی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم مرطوب رہنے اور مشرقی علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چار سے7 جولائی سندھ میں موسم انتہائی گرم مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم مٹھی،عمرکوٹ،سکھر،لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ رواں ہفتے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں شدت کےساتھ مون سون بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ موسلادھار بارش کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال اور سیالکوٹ،گوجرانوالہ،نارووال میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔رواں ہفتے کے دوران گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش کی توقع ہے۔
-

سندھ میں گیس کے نئے ذخائر دریافت
سندھ میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ ماڑی پیٹرولیم کمپنی نے سندھ میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں غازی فارمیشن میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ ماڑی پیٹرولیم کے مطابق کنویں سے پیداواری عمل ریگولیٹری قوائد پورے ہونے کے بعد سسٹم میں شامل ہوگا۔ واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں ماڑی پیٹرولیم نے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈھرکی سے گیس اور تیل کے نئے ذخائر دریافت کیے تھے۔اعلامیے کے مطابق سندھ میں غازی فارمیشن میں کنویں پر 1006 میٹر کی ڈرلنگ کی گئی، ابتدائی جانچ میں کنویں سے 5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس کے ذخائر ملے ہیں۔ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ تیل اور گیس کی دریافت سندھ کے شہر ڈھرکی سے ہوئی اور ابتدائی طور پر نئی دریافت سے یومیہ 25 لاکھ مکعب فٹ گیس جب کہ 1040 بیرل خام تیل حاصل ہوگا۔
-

شہباز شریف رواں ہفتے تاجکستان کا دورہ کرینگے
وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے تاجکستان کےصدر امام علی رحمان کی دعوت پر وزیراعظم 2 سے 3 جولائی تک دوشنبہ تاجکستان کا سرکاری دورہ کرینگے ۔ دوشنبہ میں وزیر اعظم کی صدر امام علی رحمان، مجلسی اولی محمدطائر زویر ذوکر زادہ سے ملاقات ہوگی ،وزیر اعظم شہباز شریف تاجکستان کے وزیر اعظم قاہر رسولزادہ اور مجلس نمایندگان کے چیئرمین سے ملاقات کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان باقاعدہ اعلیٰ سطح تبادلوں کا حصہ ہے،دونوں فریقین باہمی دلچسپی کے شعبوں پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے ۔
ملاقات میں علاقائی رابطوں، تجارت، عوام سے عوام کے رابطوں اور توانائی کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی امور پر تعاون کے شعبوں میں فریق پر بات چیت ہوگی ، تعاون کے مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کریں گے۔ -

کراچی میں کے الیکٹرک کے ساتھ کوئی اور کمپنی ہو، جو بجلی مہیا کر سکے
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے کراچی میں کے الیکٹرک کے ساتھ کوئی اور کمپنی ہونے کے مطالبے کی حمایت کردی۔کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب میں نہال ہاشمی نے کہا کہ حکمران جماعت کے ساتھ وابستگی کی وجہ سے اکثر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ سرکاری ہوں یا غیر سرکاری، بجلی کی پریشانی سے سب متاثر ہیں۔ میرا بچہ اگر بھوک سے تڑپ رہا ہے اور بجلی کا بل دینا ہے تو میرے لیے کوئی قانون کوئی مروت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھی ان مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، کےالیکٹرک کوئی سرکاری ادارہ نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اصولی طور پر تو آئی ایم ایف والوں کو بھی یہاں ہونا چاہیے تھا، کےالیکٹرک اور نیپرا کو بھی یہاں بلایا جاتا۔نہال ہاشمی نے یہ بھی کہا کہ بغیر بتائے لوڈشیڈنگ کرتے ہیں تو ہمارا نقصان ہوتا ہے، کے الیکٹرک کے ساتھ کوئی اور کمپنی بھی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ یہاں نہیں آئے تو کراچی کے لوگ ان کو بلائیں گے۔ -

ٹیکس دینے والوں پر ریٹرن فائل کرنے میں تاخیر پر بھی ٹیکس لگے گا
ٹیکس دینے والوں پر ریٹرن فائل کرنے میں تاخیر پر بھی ٹیکس لگے گا۔ 5 کروڑ مالیت رکھنے والا فائلرز تاخیر سے ریٹرن فائل کرے گا تو 6 فیصد اضافی ٹیکس لگے۔10 کروڑ والے پر 7 فیصد اور اس سے زائد مالیت والے فائلرز پر 8 فیصد اضافی ٹیکس لگے گا۔ کمرشل پراپرٹی، اوپن پلاٹ اور رہائشی پلاٹس کی خریداری پر ایکسائز ڈيوٹی عائد ہوگی۔ فائلرز ان پلاٹس پر 3 فیصد، لیٹ فائلرز 5 فیصد اور نان فائلرز 7 فیصد ایکسائز ڈیوٹی ادا کریں گے۔چینی مینوفیکچرر کےلیے سپلائی پر 15 روپے فکسڈ ڈیوٹی عائد کردی گئی، سگریٹس میں استعمال ہونے والے فلٹر پر 44 ہزار روپے فی کلو ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔