Baaghi TV

Author: صدف ابرار

  • اسحاق ڈار سے صدر گلوبل ڈویلپمنٹ و بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کرس الیاس کی ملاقات

    اسحاق ڈار سے صدر گلوبل ڈویلپمنٹ و بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کرس الیاس کی ملاقات

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے صدر گلوبل ڈویلپمنٹ و بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کرس الیاس نے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور فاؤنڈیشن کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پولیو کے خاتمے کے لیے خاص طور پر صحت کے شعبے میں فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • پنجاب اسمبلی نے فنانس بل 25-2024 منظور کرلیا

    پنجاب اسمبلی نے فنانس بل 25-2024 منظور کرلیا

    سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے باقاعدہ فنانس بل پر دستخط کر دیئے، فنانس بل 2024 پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو بھجوا دیا گیا۔پنجاب اسمبلی پنجاب کے آئندہ مالی سال کی بجٹ منظور ی کا عمل مکمل کرلیا گیا، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پنجاب فنانس بل ایوان میں پیش کردیا، پنجاب فنانس بل ایوان نے پاس کرلیا۔ پنجاب اسمبلی نے آئندہ مالی سال 25-2024 کا 5446 ارب روپے کا بجٹ کثرت رائے سے منظور کر لیا۔اجلاس کے دوران رکن اسمبلی ندیم قریشی نے بجلی کے بلوں میں اضافے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی صارف 200 یونٹ بل استعمال کرتا ہے تو وہ بل 3000 روپے دیتا ہے، 201 یونٹ استعمال کرنے پر بل 8500 روپے ہو جاتا ہے۔ندیم قریشی نے مطالبہ کیا کہ پنجاب اسمبلی سے بجلی کے بلوں میں اضافے کی قرارداد وفاقی حکومت کو پیش کی جانی چاہیے، سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن رکن کو قرارداد کی شکل میں مطالبہ سامنے لانے کی ہدایت کردی۔بعدازاں پنجاب اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس کل 2 بجےتک ملتوی کر دیا۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کی ایک بار پھر  پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت

    وزیر اعظم شہباز شریف کی ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں !چارٹر آف اکانومی پر اتفاق کرتے ہیں۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی پہلی تقریرمیں چارٹر آف ڈیموکریسی کی بات کی ، پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے کہا کہ آئیں، چارٹر آف ڈیمو کریسی پر اتفاق کریں ، میری بات کو حقارت سے نظر انداز کیا گیا، میری بات پر ایسے نعرے بلند کیے گئے جس کا ذکر اس ایوان کی توہین ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’آج تلخیاں جس حد تک پہنچ گئی ہیں، اس کا ذمہ دار کون ہے۔ آج 76 سال بعد ہم ایسی جگہ پر پہنچے ہیں کہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے بھی ہم جھجھکتے ہیں۔‘انھوں نے کہا کہ ’اس اسمبلی میں ماضی میں بھی بہت تنقید ہوتی تھی، مخالفت میں باتیں ہوتی تھیں مگر سیاست دان ایک دوسرے کے دکھ اور تکلیف میں شریک ہوتے تھے،
    محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میری والدہ کا انتقال ہوا تو میں جیل تھا، آج ان کے بانی پی ٹی آئی کو مشکلات ہیں،میں پھر کہتا ہوں آئیں آج بیٹھ کر بات کریں معاملات کو حل کریں، میں آج یہاں اپنی تکلیف کا رونا نہیں رونا چاہتا ، میں بھی کینسر کی بیماری میں مبتلا ہوں، میں قیدی وین میں عدالت گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ خواجہ آصف اور رانا ثنااللہ سمیت ہمیں زمینوں پر لٹایا گیا، گھر سے کھانا نہیں لانے دیا گیا، ہماری دوائیاں بند کی گئیں، نہیں چاہتے کہ ان کے ساتھ بھی ایسی زیادتی ہو جو ہمارے ساتھ ہوئی، میں بھی کینسر کی بیماری میں مبتلا رہا کبھی جیل میں رویا نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دور میں ہمارے ساتھ جو سلوک ہوا وہ بھی سب جانتے ہیں،آج بانی پی ٹی آئی جیل میں مشکلات میں ہیں تو آئیں بات کریں، ملک کی ترقی اور اس کو آگے لے کر جانے کیلئے آئیں ملکر بیٹھیں، پاکستان کے مفاد میں معاملات طے کریں۔

  • عمر ایوب نے وزیرا عظم سے مصافحہ کرنے کے  بعد پھر فارم 47 کا وزیر اعظم کہہ دیا

    عمر ایوب نے وزیرا عظم سے مصافحہ کرنے کے بعد پھر فارم 47 کا وزیر اعظم کہہ دیا

    اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش بارے کہا کہ بات تب ہوگی جب بانی پی ٹی آئی باہر آئیں گے، بات تب ہوگی جب ہمارے قیدی باہر آئیں گے۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ میں فارم سینتالیس کے وزیراعظم کو کچھ کہنا چاہتا ہوں، جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایسی گفتگو نہ کریں ماحول بہتر ہو رہا تھا، جس پر عمر ایوب نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی مجھے جواب دینے کا حق ہے، یہ ہاؤس اس وقت چل سکے گا جب ہمارا احترام ہوگا۔
    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مفاہمت تب ہوگی جب آپ یاسمین راشد، محمود الرشید، حسان نیازی کے ساتھ زیادتی کا احساس کریں گے۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں آپ کی بات ہوگئی ہے، آپ کو موقع دے دیا ہے، آپ کا جواب آگیا ہے، آپ کے نام پر کوئی کٹ موشن نہیں ہے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے والدہ محترمہ کے جنازے کا ذکر کیا، ہم کلثوم نواز کے جنازے میں شریک ہوئے لیکن میں اپنے والد کے جنازے میں شریک نہیں ہوسکا۔عمر ایوب نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میرے لیڈر کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے جب کہ انہیں تو ایئرکنڈیشنر ملے ہوئے تھے، انہوں نے کہا کہ ملک میں عدم استحکام کی وجہ قانون کی حکمرانی نہ ہونا ہے۔

  • لوگ اس وقت ٹیکس دیں گے جب ان کو سہولتیں دی جائیں گی۔ مصفطیٰ کمال

    لوگ اس وقت ٹیکس دیں گے جب ان کو سہولتیں دی جائیں گی۔ مصفطیٰ کمال

    متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی وافر مقدار میں موجود ہے۔ اس گرمی میں کراچی میں 18 گھنٹے لائٹ نہیں ہے۔ ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ٹیکس پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ جو لوگ پہلے سے ٹیکس دے رہے تھے ان پر مزید ٹیکس لگ گیا۔ اس سے لوگوں کے بزنس اثر انداز ہوں گے، کاروبار بند ہوں گے۔ اسٹیشنری، دودھ اور اسٹنٹ پر ٹیکس پر ہم نے اعتراض اٹھایا۔اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کل بھی وزیراعظم اور ان کے وفد کے ساتھ میٹنگ ہوئی، بجٹ پر ایم کیو ایم نے فلور پر ایشوز اٹھائے۔ انکا کہنا تھا کہ ہم حقیقت سے دور کی بات نہیں کریں گے، سو دن میں مہنگائی کم ہوئی ہے۔ اسٹاک ایکسچینج میں بہتری آئی ہے۔ حکومت نے یہ بات صاف کہی کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا لازمی ہے۔ یہ ایک مثبت بات ہے کہ کچھ مبہم نہیں۔
    انہوں نے کہا کہ ہم پر 77 ہزار ارب روپے قرضہ ہے، حکومت سمجھتی ہے یہ قرض ٹیکس لگا کر اتارا جائے گا۔ لوگ اس وقت ٹیکس دیں گے جب ان کو سہولتیں دی جائیں گی۔ مصفطیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ یہ روایتی بجٹ ہے، پاکستان کے بڑے معاشی اور ابنارمل مسائل ہیں۔ اس ابنارمل صورتحال میں روایتی بجٹ لایا گیا۔ شہر کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی معاشی اور سیکیورٹی مسائل میں گھرا ہے۔ ہم نے حکومت سے تمام مسائل اور بجٹ پر تجاویز شیئر کی ہیں۔ بجٹ میں 15 ارب کراچی، 5 ارب حیدرآباد کےلیے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کے فور کیلئے 25 ارب رکھے گئے ہیں جس پر ہم نے اعتراض کیا۔ اب وزیراعظم نے کے فور کیلئے 30 ارب کردیے، بعد میں 40 ارب کردیے جائیں گے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی وافر مقدار میں موجود ہے۔ اس گرمی میں کراچی میں 18 گھنٹے لائٹ نہیں ہے۔ کراچی میں گرمی سے 442 لوگ مرگئے۔ انہوں نے کہا کہ کپیسٹی چارجز کے نام پر ڈالرز میں پیمنٹ ہوتی ہے، حکومت ڈسکوز کی قرض دار ہے، حکومت آئی پی پیز کے نظام کو درست کرے۔

  • خود ہی منصف اور مدعی بننے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔علامہ طاہر اشرفی

    خود ہی منصف اور مدعی بننے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔علامہ طاہر اشرفی

    پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ خود ہی منصف اور مدعی بننے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ ا نہوں نے کہا کہ یہ حق کسی کو نہیں دیا جاسکتا کہ خود ہی الزام لگائے اور خود ہی جلاد بن جائے، لاہور میں جوزف کالونی جلادی گئی تھی پھر تمام مجرمان بری ہوگئے ، ایسے واقعات اسلام اور پاکستان کو بدنام کرتے ہیں۔
    لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ سوات میں قرآن کریم کا نام لے کر ایک انسان کو جلا دیا گیا، جس نے ایک انسان کو قتل کیا اس نے پوری انسانیت کو قتل کیا، قرآن رحمت ہی رحمت ہے،قرآن عدل کا حکم دیتا ہے، خود ہی منصف اور مدعی بننے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
    انہوں نے مزید کہا کہ کل وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ عزم استحکام کے نام سے ایک آپریشن لانچ کیا جائے گا، یہ آپریشن انتہا پسندی،بڑھتے تشددکے خلاف ہونا چاہیے، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں، میرے ملک کے نوجوانوں کو رہنمائی کی ضرورت ہے۔علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ تمام مجرمین سامنے ہیں ان کو سزا نہیں ہوتی، یہ اتنا لمبا پراسیس ہے کہ وہ پھر ہیرو بن جاتے ہیں، چیف جسٹس ایک ہفتے کیلئے وی وی آئی پیز اور سیاسی مقدمات کو ایک طرف رکھ دیں، توہین مذہب اور ناموس رسالت کے مقدمات میں گناہ گاروں کو سزا دیں اور جو بے گناہ ہیں ان کو رہا کیا جائے۔

  • پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری کر دیا

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری کر دیا

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو مون سون بارشوں سے متعلق مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال مون سون بارشیں 35 فیصد تک زیادہ ہونے کے امکانات ہیں۔پی ڈی ایم اے نے یکم جولائی سے پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر بارش کے امکانات ہیں جبکہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر بارشیں متوقع ہیں۔
    مراسلے کے مطابق جولائی کے تیسرے ہفتے میں بالائی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جولائی کے چوتھے ہفتے میں 50 سے 70 ملی میٹر بارشوں کی پیشگوئی ہے، بالائی پنجاب وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مراسلے میں کہا گیا کہ جولائی میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ اور جنوبی پنجاب میں ہل ٹورنٹس کا خطرہ ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا ہے۔
    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں سے قبل تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے، ندی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔

  • قومی اسمبلی: وزیرِ قانون کی سوات کے معاملے پر قرار داد کثرتِ رائے سے منظور

    قومی اسمبلی: وزیرِ قانون کی سوات کے معاملے پر قرار داد کثرتِ رائے سے منظور

    قومی اسمبلی نے سوات واقعے کے تناظر میں اقلیتوں کے تحفظ کی قرارداد منظور کرلی۔اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی اجلاس ہوا جس میں بجٹ پر بحث کی گئی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے لئے اٹھنے والی آواز کا گلا گھونٹا جارہا ہے، اقلیتوں کا کبھی سوات کبھی سرگودھا کبھی فیصل آباد میں قتل ہوتا ہے، مذہب کے نام پر خون بہانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایوان کو اس مسئلہ پر متفق اور متحدہ موقف اختیار کرنا چاہیے، پاکستان میں مسلمانوں کے چھوٹے فرقے اور کوئی مذہبی اقلیت محفوظ نہیں۔وزیرقانون اعظم نزیر تارڑ نے سوات معاملے اور اقلیتوں سے متعلق قرارداد پیش کی جس میں زور دیا گیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں، اقلیتوں کے خلاف واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
    بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کچھ ویب سائٹ روزانہ توہین رسالت کررہے ہیں، یہ معاملہ وفاق خود دیکھے ، ہمیں اقلیتوں سے کوئی مسئلہ نہیں ، مگر ہم اداروں کی طرف سے کسی شخص یا گروہ کی سرعام سزا کے بھی خلاف ہیں، کوئی ادارہ بھی غیر قانونی سزا نہ دے۔اپوزیشن نے قرارداد کے مندرجات پر احتجاج کیا تو وزیر قانون نے کہا کہ اپوزیشن ہر معاملہ کو اپنے لیڈر کی رہائی کے ساتھ نہ مشروط کرے، آپ اگر اپنے قائد کی رہائی اس میں شامل کرنا چاہتے ہیں تو ایسا نہیں ہوسکتا۔ایوان نے وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کی قرار داد کثرتِ رائے سے منظور کر لی۔قرار داد کے متن کے مطابق اقلیتوں کے تحفظ کو وفاقی اور صوبائی حکومتیں یقینی بنائیں، اقلیتوں کو مکمل تحفظ دیا جائے۔
    قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کے خلاف واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔واضح رہے کہ 20 جون کو مدین میں لوگوں نے قرآن کی بے حرمتی کے الزام میں ایک سیاح کو تشدد کا نشانہ بنا کر اسے جلا ڈالا تھا۔

  • حکومت نے پیپلزپارٹی کے تمام مطالبات مان لیے،کمیٹیوں نے تحریری سفارشات کا مسودہ تیارکرلیا

    حکومت نے پیپلزپارٹی کے تمام مطالبات مان لیے،کمیٹیوں نے تحریری سفارشات کا مسودہ تیارکرلیا

    پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکراتی کمیٹیوں کا تیسرا دور ختم ہوگیا، جس میں حکومت نے پیپلزپارٹی کے تمام مطالبات مان لیے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکراتی کمیٹیوں کے تیسرے دور میں پیپلزپارٹی کے تحفظات دورکرنے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرلی گئیں۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی کو انتظامی امورمیں حصہ دینے سے متعلق مطالبات کا جائزہ لیا گیا جبکہ پنجاب سے متعلق پیپلزپارٹی کے مطالبات پرکمیٹیوں نے تحریری سفارشات کا مسودہ تیارکرلیا گیا.ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکراتی کمیٹیوں کے تیسرا دوروزیراعظم ہاوس میں ہوا۔ذرائع کے دعوی ہے کہ حکومت نے پیپلزپارٹی کے تمام مطالبات مان لیے ہیں۔
    پیپلزپارٹی کے تحفظات کو دورکرنے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرلی گئیں ہیں، ترقیاتی فنڈز اور پنجاب میں انتظامی عہدوں پر بھی پیپلزپارٹی کو ترجیح دی جائے گی۔بعدازاں کمیٹیوں کے ارکان وزیر اعظم ہاؤس سےروانہ ہو گئے ہیں، اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب اورآئی جی پنجاب بھی شریک ہوئےاس سے قبل اسلام آباد میں ہونے والے مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت وزیر اعظم نے کی۔ذرائع کے مطابق پی پی اورن لیگ میں پنجاب کے امورپرمعاملات پنجاب کی کمیٹی نے طے کی جبکہ کمیٹی میں راجہ پرویزاشرف،علی حیدرگیلانی، ندیم افضل چن اورحسن مرتضی شامل ہیں۔ذرائع کی جانب سے مزید بتانا تھا کہ پنجاب میں پاور شیئرنگ فارمولا،خصوصاً جنوبی پنجاب کے معاملات زیرغور آئے۔دوسری جانب پنجاب حکومت کی نمائندگی اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان،رانا ثنااللہ ،سعد رفیق نے کی۔

  • کرم میں شہید ہوئے 5 جوان آبائی علاقوں میں سپردِ خاک

    کرم میں شہید ہوئے 5 جوان آبائی علاقوں میں سپردِ خاک

    خیبر پختون خوا کے ضلع کرم میں 21 جون کو شہید ہونے والے پاک فوج کے 5 جوانوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 33 سالہ حوالدار عقیل احمد شہید کو اوکاڑہ میں، 30 سالہ لانس نائیک محمد طفیر شہید کو ضلع پونچھ میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔24 سالہ سپاہی انوش رفون شہید کی اٹک میں تدفین کی گئی، 26 سالہ سپاہی محمد اعظم خان شہید ہری پور میں، 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم شہید کو اسلام آباد میں سپردِ خاک کیا گیا۔شہداء کی نمازِ جنازہ و تدفین میں سینئر حاضر سروس افسران، جوانوں، لواحقین اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر شہداء کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔واضح رہے کہ 21 جون کو خیبر پختون خوا کے ضلع کرم کے علاقے صدہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں مذکورہ 5 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔