وفاقی بجٹ میں ملازمین کیلئے 20 فیصد تک تنخواہوں میں اضافے کی ابتدائی تجویز تیار کرلی گئی ہے۔وزارت خزانہ نے تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ تک تجاویز وزیراعظم کی ہدایت پر تیار کی ہیں،ذرائع کے مطابق1 سے 22 گریڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ سے تقریباً 140 ارب روپے کا امپیکٹ آئے گا۔1 سے 16 گریڈ کے ملازمین کیلئے میڈیکل اور کنوینس الاؤنس میں 2 سو فیصد اضافے کا مطالبہ ہے،1 سے 16 اسکیل ملازمین کو 18 سو روپے کنوینس الاؤنس اور 1500 روپے میڈیکل الاؤنس مل رہا ہے۔17 اور 18 گریڈ کے افسران کو اس وقت 5 ہزار روپے کنوینس الاؤنس مل رہا ہے،17 سے 18 گریڈ کیلئے بھی کنوینس الاؤنس میں 200 فیصد اضافے کی ابتدائی تجویز ہے۔ذرائع کا کہنا ہے1 سے 16 اسکیل کے ملازمین کو 2021 اور 2022 میں 25 اور 15 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس ملا تھا،صوبوں اور وفاق کے ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کو کم کرنے کیلئے ڈسپیریٹی الاؤنس جاری رکھنے کی بھی تجویز ہے۔
Author: صدف ابرار
-

انڈسٹریل سیکٹر میں تقریباً 4 فیصد گروتھ آئی ہے، مصدق ملک
وفاقی وزیر پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ فاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مل کر غریب کے مسائل پر بات چیت بھی نہیں کرسکیں، ایوان میں اوئے توئے کا بازار گرم ہے۔ اشرافیہ کی 4 ہزار ارب کی سبسڈی ختم کر رہے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں مصدق ملک، پی ٹی آئی سینیٹر زرقا تیمور اور تاجر رہنما عتیق میر نے شرکت کی ،انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں بات چیت کو خوش آئند سمجھتا ہوں، جمہوریت کے ذریعے آگے بڑھنا ہے تو بات چیت ہی ہوگی نا، اداروں اور سیاسی جماعتوں میں تناؤ کم ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ شوگر والوں کے خلاف تو ڈاکٹر زرقا بات نہ کریں، ماضی میں آئی ایم ایف کے حاضر سروس ملازم کو اسٹیٹ بینک کا گورنر بنایا گیا۔سینیٹر مصدق ملک نے مزید کہا کہ اشرافیہ کو دی جانے والی 4 ہزار ارب روپے کی سبسڈی ختم کی جارہی ہے، کل کے بجٹ میں اس کے اثرات نظر آئیں گے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے یہ بھی کہا کہ محمد اورنگزیب بڑے اچھے ذہن کے آدمی ہیں، وزیر خزانہ کا معیشت کی طرف رویہ متوازن ہے، معاشی مستقبل کے لیے بہت زیادہ پریشان نہیں ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں، انڈسٹریل سیکٹر میں تقریباً 4 فیصد گروتھ آئی ہے، میں مذاق کرتا ہوں ،لیکن مذاق میں سچی بات کرتا ہوں۔سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ ان ڈائریکٹ ٹیکس اس لیے لیا جاتا ہے کیونکہ ہم سے ڈائریکٹ ٹیکس نہیں لیا جاتا یہ ایف بی آر کی ناکامی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی مکمل اصلاحات اور ڈیجیٹلایزشن کا کام شروع ہوچکا ہے، ٹیکس کی بیس کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سال ہم نے30 فیصد سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔ -

پاکستان سٹیل ملز کو نجکاری کے لسٹ سے نکال لیا گیا، رانا تنویر
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر نےکہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کو نجکاری فہرست سے ہٹا دیا ہےکیونکہ اس کی نجکاری ہو نہیں رہی، اسٹیل ملز اب سندھ حکومت کو دے دی گئی ہے اسے وہی چلائیں گے ۔سینیٹ وقفہ سوالات میں وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر نے جواب دیتے ہوئےکہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کو نجکاری فہرست سے ہٹا دیا ہےکیونکہ اس کی نجکاری ہو نہیں رہی، اب اس کے 1500 ایکڑ پر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون بنا رہے ہیں، چین اپنی انڈسٹری وہاں ری لوکیٹ کرنا چاہتا ہے، چین سمیت مزید ممالک اس میں اپنی فیکٹری لگانے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔رانا تنویر نےکہا کہ اسٹیل ملز کی 750 ایکڑ زمین سندھ حکومت کو مل گئی ہے، سندھ حکومت اب نئی اسٹیل مل لگائےگی یا اسی کو بحال کرےگی۔ اسٹیل ملز اب سندھ حکومت کے پاس ہی ہے وہی چلائیں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 24-2023 کا اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئےکہا کہ سرکاری اداروں میں ایک ہزار ارب روپے کا خسارہ برداشت نہیں کر سکتے، اسٹیل ملز کی بحالی کا کوئی امکان نہیں، صرف اسکریپ میں بکےگی، اسٹیل ملز میں لوگ بیٹھے ہیں،گیس بھی استعمال ہو رہی ہے۔
-

جولائی سے مارچ تک کتنی یونٹ بجلی پیدا کی گئی؟
رواں مالی سال جولائی سے مارچ تک 92 ارب 9 یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جبکہ اس دوران 68 ارب 55 کروڑ یونٹ بجلی استعمال ہوئی، باقی 23 ارب 54 کروڑ یونٹ بجلی کہاں گئی اکنامک سروے میں ذکر نہیں۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی سروے 24-2023 جاری کردیا۔رواں مالی سال جولائی سے مارچ تک پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت 7.2 فیصد کم ہوئی ہے۔اقتصادی سروکے کے مطابق رواں مالی سال پیٹرول اور ڈیزل کی کھپت گر گئی، پیٹرول اور ڈیزل کی کھپت پٹرولیم مصنوعات کی مہنگی قیمتوں کے باعث کم ہوئی۔اقتصادی سروے کے مطابق جولائی سے مارچ تک یومیہ گیس کی کھپت 3 ارب 20 کروڑ مکعب فٹ رہی، مقامی گیس کی یومیہ کھپت 2 ارب 51 کروڑ مکعب فٹ یومیہ رہی۔ درآمدی گیس ایل این جی کی یومیہ کھپت 69 کروڑ 50 لاکھ مکعب فٹ یومیہ رہی،اکنامک سروے اقتصادی سروے میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2024 تک سولرنیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد1 لاکھ 17ہزار 807 رہی۔
-

فاسٹ بولر حارث رؤف نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی
پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی، پاکستانی فاسٹ بولر نے کینیڈا کے خلاف ورلڈکپ میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا، حارث رؤف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری مکمل کرنے والے فاسٹ بولر بن گئے، انہوں نے 71 میچز میں 100 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کیں، قبل ازیں آئرلینڈ کے مارک اڈائیر نے 72 میچز میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا تھا۔ مجموعی طور پر حارث رؤف 100 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے تیز ترین بولر ہیں، حارث سے کم میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے دیگر دونوں بولرز اسپنرز ہیں، افغانستان کے راشد خان نے 54 اور سری لنکا کے ہسارنگا نے 63 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کیں۔ خیال رہے کہ حارث رؤف 100 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی ہیں، شاداب خان 107 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹ لینے والے پاکستانی بولر ہیں۔
-

چین پاکستان کی بھرپور حمایت، تعاون پر مبنی تعلقات مضبوط بنانے کا خواہاں ہے،چینی وزارت خارجہ
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کی بھرپور حمایت، تعاون پر مبنی تعلقات مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے 4 سے 8 جون تک چین کا سرکاری دورہ کیا جہاں ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے پاک چین تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ترجمان نے کہا کہ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ اپنے اپنے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ فریقین نے پاکستان کی قومی ترقی کے فروغ اور پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں پاک چین اقتصادی راہداری کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں صدر شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ہر موسم میں اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ مسلسل گہری ہوئی ہے۔ ترجمان چینی دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی حکومت نے ایک بار پھر 26 مارچ کے داسو دہشت گرد حملے میں چینی اہلکاروں کی ہلاکت پر گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور انہیں سخت سزا دے گی اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ دورے کے دوران فریقین نے پاک چین اقتصادی راہداری، نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے، زراعت، صنعت، بین الحکومتی معاونت، مارکیٹ کی نگرانی، جغرافیائی سروے اور نقشہ سازی، میڈیا، فلم اور ٹیلی ویژن وغیرہ سے متعلق تعاون کی 23 دستاویزات پر دستخط کیے۔اس دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے شینزین، شیان اور دیگر شہروں کا بھی دورہ کیا، انہوں نے چین کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تعریف بھی کی۔ -

وفاقی حکومت کے رویے کی وجہ سے ہمیں ساتھ چلنے میں دشواریوں کا سامنا ہے، شازیہ مری
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ پی پی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ہے، کل قومی بجٹ پیش ہو رہا ہے، بجٹ پر بحث کے لئے اجلاس منعقد ہوا، بلاول بھٹو کی زیر صدارت ارکان اسمبلی نے پارٹی قیادت کو تحفظات سے آگاہ کیا۔پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ ہم کابینہ کا حصہ نہیں بننے جا رہے، حکومت چاہتی ہے کہ پی پی احتجاج کرے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پی پی سے رویے کی وجہ سے ہمیں دشواریاں سامنے آ رہی ہیں، کسان کو ریلیف نہ ملے تو ہمیں سامنا کرنا پڑتا ہے، حیرت انگیز بات ہے کہ وفاقی حکومت نے جن باتوں کا معاہدہ کیا تھا اس پر عمل نہیں کیا، بجٹ میں پی پی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔شازیہ مری نے کہا کہ کوشش کی تھی کہ اس نہج پر وقت نہ آئے، چیئرمین پیپلز پارٹی نے حکومت کے ساتھ بات کی مگر ہماری توقع کے مطابق نتائج نہیں آئے، این ای سی کا اجلاس پہلے ہونا چاہئے تھا، سندھ کے وزیراعلیٰ نے اپنا کیس این ای سی میں لڑا ہے، بلوچستان اور پنجاب کو کیا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سولر انرجی میں کوئی چیز نظر نہیں آ رہی، کل اڑھائی بجے ایک اور اجلاس ہوگا، حکومت کو سپورٹ کیا ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ سمجھے، پی پی کو اپنے لوگوں کو جواب دینا پڑتا ہے، پنجاب سے ارکان نے بہت تحفظات کا اظہار کیا ہے، چیئرمین اپنی جماعت کے لوگوں کو سنیں گے۔ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم ایک سیاسی جماعت ہیں، اپنے منشور کی روشنی میں اِن پُٹ دیں گے، کیا یہ حکومت چاہتی ہے کہ پی پی احتجاج کرے، اب حکومت کو دیکھنا ہے اور ذمہ داری بھئ اسی کی ہے، ہمیں لگ رہا تھا کہ شہباز شریف کو ہمارا ادراک ہوگا۔ -

ٹی 20 ورلڈ کپ:پاکستان نے کینیڈا کو ہرا کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے پہلی کامیابی حاصل کرتے ہوئےکینیڈا کو 7 وکٹ سے ہرا دیا۔نیویارک میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے کینیڈا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔کینیڈا نے مقررہ 20 اوور میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔کینیڈا کی جانب سے ارون جانسن نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیو یارک کے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 20 کے مجموعی اسکور پر نیونیت دہلیوال 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اسکور میں صرف 9 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ پرگت سنگھ 2 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کینیڈا کی تیسری وکٹ 43 رنز پر گری، نیکولس کیرٹون ایک رن کے ذاتی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔کینیڈا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تیز ہوا تو چوتھی اور پانچویں وکٹ 54 رنز پر ہی گرگئیں، یہ دونوں وکٹیں حارث رؤف کے حصے میں آئیں۔اس دوران آرون جانسن نے 41 گیندوں کی مدد سے اپنی شاندار نصف سنچری مکمل کی۔ لیکن وہ جلد ہی 52 کے اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ وہ کینیڈا کے آؤٹ ہونے والے چھٹے بیٹر تھے۔87 کے مجموعے پر محمد عامر نے پاکستان کو 7ویں کامیابی دلوائی۔ انہوں نے کینیڈین کپتان سعد بن ظفر کو کیچ آؤٹ کروایا۔ سعد نے 10 رنز بنائے تھے۔کینیڈا نے اس کے بعد مزید تو کوئی وکٹ نہیں گنوائی لیکن مقررہ 20 اوورز میں صرف 106 رنز بناسکی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ افتخار احمد کی جگہ صائم ایوب کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث روف اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔یونٹ میں پاکستان ٹیم اپنی پہلی جیت کی منتظر ہے، اسے پہلے میچ میں امریکا اور دوسرے میں روایتی حریف بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ایونٹ میں اِن رہنے کےلیے پاکستان کو نہ صرف اپنے اگلے دونوں میچز جیتنا ضروری ہیں بلکہ امریکا کی بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف شکست بھی لازمی ہے۔اگر امریکا کسی بھی طرح مزید ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا تو پاکستان کےلیے ایونٹ پہلے مرحلے میں ہی ختم ہو جائے گا۔
-

ایمل ولی نے سینٹ کو ربڑ سٹیمپ قرار دے دیا،
عوامی نشینل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ یہ عوام کا سینیٹ نہیں، ربڑ سٹیمپ ہے ۔ ربڑ اسٹیمپنگ کا کردار ختم کریں۔سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ 95 فیصد ایوان کو معلوم نہیں کہ کیا قانون پاس ہوا، کمیٹیز کی تقسیم کس نے کی، مجھ سے کسی فیصلے پر مشورہ نہیں کیا گیا۔ اے این پی سربراہ نے کہا کہ چمن میں دھرنا جاری ہے، سب کو معلوم ہے ان کے کیا مسائل ہیں۔ ایوان اس مسئلے پر اپنا کردار ادا کرے۔ میں چمن میں لڑائی کے حالات دیکھ رہا ہوں۔ سینیٹر ایمل ولی نے کہا مالاکنڈ یونیورسٹی میں طالب علم کو ہاسٹل سے نکالا گیا کہ آپ رباب ہاسٹل میں لائے۔ اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
-

کیا سی ڈی اے کے اعلیٰ افسران کو انگریزی کی کلاسز کرانا پڑیں گی؟ جسٹس قاضی فائز عیسی
سپریم کورٹ میں مارگلہ نیشنل پارک میں واقع ریسٹورنٹ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مارگلہ نیشنل پارک میں واقع ریسٹورنٹ کے کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ کیا مارگلہ ہلز پر سی ڈی اے والے خود آگ لگاتے ہیں؟چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ دنیا کو معلوم ہے مونال کے ساتھ مزید کتنے ریسٹورنٹس ہیں، نہیں معلوم تو سی ڈی اے کو نہیں، کیا سی ڈی اے کا اپنا دفتر بھی نیشنل پارک میں ہے؟ مارگلہ ہلز پر کتنی بار آگ لگ چکی؟ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کو فوری طلب کرتے ہوئے سی ڈی اے کی رپورٹ مسترد کر دی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سی ڈی اے کی رپورٹ میں اسپورٹس کلب پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر بھی شامل ہے، سی ڈی اے نے آرٹس کونسل نیشنل مانومنٹ کا نام بھی شامل کر دیا ہے، یہ سی ڈی اے کی ایمانداری ہے؟ کیا سپریم کورٹ کی عمارت بھی نیشنل پارک میں آتی ہے؟چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ کیا سی ڈی اے کے اعلیٰ افسران کو انگریزی کی کلاسز کرانا پڑیں گی؟ سی ڈی اے سے مونال اور دیگر ریسٹورنٹس کی تفصیل مانگی تھی؟سی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ ہم نے مارگلہ نیشنل پارک میں تمام تعمیرات کی تفصیلات پر رپورٹ دی ہے۔
سی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ مجھے اس سوال کے جواب کے لیے نقشہ دیکھنا پڑے گا۔سی ڈی اے کے چیئرمین نے کہا کہ رواں سیزن 21 بار مارگلہ ہلز پر آگ لگنے کے واقعات پیش آچکے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ گزشتہ رات مارگلہ ہلز پر رات گئے تک آگ لگی رہی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کچھ کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں، مون سون سیزن میں مارگلہ ہلز پر نئے درخت لگائیں گے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹر کہاں سے آتے ہیں؟چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد آگ بجھانے کے لیے این ڈی ایم اے سے ہیلی کاپٹر لیے گئے تھے۔سپریم کورٹ نے مارگلہ پر ریسٹورنٹ کے اطراف دیگر تعمیر شدہ ریسٹورنٹس کی تفصیل طلب کرتے ہوئے سماعت میں مختصر وقفہ کر دیا۔
