Baaghi TV

Author: صدف ابرار

  • حریف کوئی بھی ہو ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنی ہے، روہت شرما

    حریف کوئی بھی ہو ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنی ہے، روہت شرما

    امریکی دالحکومت نیو یارک کے کے نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پچھلے ورلڈ کپ میں زمبابوے سے ہارنے کے بعد فائنل کھیلا تھا، ٹی 20 میں کسی بھی وقت صورتحال بدل جاتی ہے، یہ نہیں سوچ سکتے کہ پچھلا میچ پاکستان ہارا تو یہ بھی ہار سکتا ہے، پاکستان ٹیم یقینی طور پر اپنی غلطی کا تجزیہ کر کے آئے گی۔ بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ چیلنج رہتا ہے، ٹی 20 کرکٹ میں حالات بدل جاتے ہیں، ضروری نہیں پاکستان دوبارہ بھی ہار جائے ،2022 میں پاکستان زمبابوے سے ہار کر بھی فائنل کھیلا تھا۔
    روہت شرما کا مزید کہنا تھا کہ نیو یارک کی پچ پر باؤنڈری اور چھکے نہیں ملتے، بھاگ کر رن لینا اہم ہوگا، پچ جیسی ہو، سامنا کسی سے بھی ہو، ہمیں اپنی بہترین کرکٹ کھیلنی ہے، یہاں کی کنڈیشنز میں مشکلات ہیں لیکن جیت کے لیے اس کو عبور کرنا ہوگا، یہاں ہر اوور میں گیم تبدیل ہوتا ہے، اس لیے زیادہ آگے کا نہیں سوچتے۔
    بھارتی کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم یقیناً غلطیوں کا تجزیہ کر کے آئے گی، 7 ماہ میں پاکستان کے ساتھ تیسری مرتبہ کھیل رہے، پہلے 4 سال بعد کھیلتے تھے، اب یہ میچ دیگر مقابلوں کی طرح ہے، حریف کوئی بھی ہو ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنی ہے۔روہت شرما نے مزید کہا کہ کبھی اچھے آغاز کے بعد بھی ٹیمیں لڑکھڑا جاتی ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں ہر ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، نیویارک میں دونوں ٹیم کے لے یکساں کنڈیشنز اور موقع ہو گا، ہم یہاں صرف 7 دن پہلے آئے ہیں، نیویارک ہمارا ہوم گراؤنڈ نہیں، جو اچھا کھیلے گا وہ جیتے گا، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کون پہلے نیویارک پہنچا۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ کے لیے گیم پلان پر بات ہوئی ہے، ٹیم میں سب تجربہ کار پلیئر ہیں، ان سے اچھے کی توقع ہے، ایک دو کھلاڑیوں پر انحصار نہیں کر سکتے، تمام 11 کو کردار ادا کرنا ہو گا، اہم پلیئر ہر اسکواڈ میں ہوتے ہیں لیکن کردار سب کا ہی رہتا ہے۔

  • خیبر پختونخوا: رواں سال پولیو ٹیموں پر 15 حملے ہوئے،سی ٹی ڈی رپورٹ

    خیبر پختونخوا: رواں سال پولیو ٹیموں پر 15 حملے ہوئے،سی ٹی ڈی رپورٹ

    محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خیبر پختون خوا میں پولیو ٹیموں پر حملوں کی رپورٹ جاری کر دی۔سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال پولیو ٹیموں پر 15 حملے ہوئے۔سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق بنوں میں 4، باجوڑ اور ٹانک میں 3، 3، خیبر، لکی مروت، مردان، شمالی و جنوبی وزیرستان میں پولیو ٹیموں پر 1، 1 حملہ رپورٹ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق ان 15 حملوں میں پولیو مہم کی سیکیورٹی پر تعینات 13 پولیس اہلکار شہید اور 36 زخمی ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ باجوڑ میں 9 اہلکار شہید جبکہ 30 اہلکار زخمی ہوئے، بنوں میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے جبکہ جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں 1، 1 اہلکار شہید ہوا۔رپورٹ کے مطابق بنوں، خیبر اور لکی مروت میں 1، 1 پولیس اہلکار زخمی ہوا۔
    علاوہ ازیں رپورٹ میں پولیو کی ٹیموں پر حملوں میں دو شدت پسند تنظیموں کی نشاندہی ہوئی ہے۔

  • اسرائیلی قابض افواج کےہاتھوں 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسحاق ڈار

    اسرائیلی قابض افواج کےہاتھوں 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسحاق ڈار

    استنبول میں ڈی ایٹ ممالک کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ غزہ میں نہتے عوام کو بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ غیر معمولی سانحہ ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج کےہاتھوں 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور 81 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، کئی فلسطینی جان لیوا زخموں کا شکار ہے یا طویل عرصے تک معذوری کا سامنا کررہے ہیں۔
    نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا فلسطینی خواتین اور بچوں کےاندھا دھند قتل کا مشاہدہ کررہی ہے، اسرائیل عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق غزہ میں فوری طور پر اپنے مظالم روکے۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ڈی 8 وزرائےخارجہ کے اجتماع سے فلسطینیوں کی حمایت کا مضبوط پیغام جاناچاہیے، ہمیں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی کارروائی کےلیے مہم چلانی چاہیے، غزہ کےلیے انسانی امداد کے تمام راستے کھولنے کے لیے ٹھوس کارروائی ہونی چاہیے، پاکستان اپنی طرف سے پہلےہی فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کےلیے امدادی سامان بھیج چکاہے۔ آخر میں غیر معمولی اجلاس پر اسحاق ڈار نے جمہوریہ ترکیہ اور وزیر خارجہ ہاکان فیدان کا تہہ دل سے شکر گزار ادا کیا۔

  • سونے کے قیمت میں بڑی کمی

    سونے کے قیمت میں بڑی کمی

    ملک بھر میں سونا سستا ہو گیا، سونے کی فی تولہ قیمت میں 3600 روپے کی کمی ہو گئی۔اس کمی کے بعد سونا فی تولہ 2 لاکھ 39 ہزار 400 روپے کا ہو گیا، سونے کی دس گرام قیمت میں 3086 روپے کی کمی ہو گئی۔دس گرام سونے کی نئی قیمت 2 لاکھ 5 ہزار 247 روپے ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 2 ہزار 80 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔انڈیکس کی کم ترین سطح 71 ہزار 781 رہی جو انڈیکس کی بلند ترین سطح 76 ہزار 248 سے تقریباً چھ فیصد نیچے تھی۔

  • چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے قطر کا دورہ کیا

    چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے قطر کا دورہ کیا

    چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے قطر کا دورہ کیا، جہاں سربراہ پاک بحریہ کی قطری افواج کے چیف آف اسٹاف اور کمانڈر قطری امیری نیول فورسز سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے قطری افواج کے چیف آف اسٹاف اور کمانڈر قطری امیری نیول فورسز سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کے دوران دفاعی تعلقات، دو طرفہ بحری تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے محمد بن غانم الغنیم نیول اکیڈمی، نیول بیس ام الحول اور قطر امیری بحریہ کے جہازوں کا دورہ کیا ۔ نیول چیف کو قطری بحریہ کی استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ۔ سربراہ پاک بحریہ نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شرکت کے ذریعے علاقائی میری ٹائم امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا ۔ میزبان حکام نے خطے کی بحری سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی ۔ نیول چیف کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا ۔

  • گزشتہ ماہ 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر موصول

    گزشتہ ماہ 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر موصول

    ملک کو گزشتہ ماہ مئی کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر کی مد میں 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ رقم موصول ہوئی۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کےمطابق رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں ترسیلات زر کی مد میں 27 اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی رقم آئی جو گزشتہ مالی سال کی نسبت7.7 فیصد زیادہ ہے ۔مئی 2024 کے دوران ترسیلات زر کی مد میں سب سے زیادہ رقم سعودی عرب سے 81 کروڑ 93 لاکھ ڈالر موصول ہوئی۔ متحدہ عرب امارات سے 66 کروڑ 85 لاکھ ڈالر ، برطانیہ سے 47 کروڑ 32 لاکھ ڈالر اور امریکہ سے 35 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر آئیں۔

  • وزیرداخلہ محسن نقوی کی یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سےملاقات

    وزیرداخلہ محسن نقوی کی یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سےملاقات

    وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سےملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے اموراوردہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں وزیرداخلہ محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں سے پاکستانی پولیس افسران کی یو این امن مشنز میں تعیناتی کا سلسلہ دوبارہ بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت جلد 128 پاکستانی پولیس افسر یو این جا سکیں گے اور انہیں تعیناتی ملے گی،وفاقی وزیر نےانتونیو گوتریس کو اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی فورس کے یونٹ کے قیام اور اس ضمن میں پاکستان کے تجربے ۔ مہارت اور پروفیشنل اپروچ سے آگاہ کیااور اس کیلئے پاکستان کی جانب سے معاونت کی پیشکش کی،وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہےاورپاکستان کی پولیس میں خواتین افسران کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو خوش آئند ہے،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 2022 بدترین سیلاب کے دوران پاکستان کا دورہ کرنے اور سیلاب زدگان کے لئے مدد کی اپیل پر یو این سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا ،اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور اقوام متحدہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

  • بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں،اسرائیل اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ میں شامل

    بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں،اسرائیل اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ میں شامل

    اقوام متحدہ کے سیکریٹرل جنرل نے اسرائیل کا نام اس عالمی ادارے کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا اعلان کردیا ہے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے اسرائیل کو اطلاع دے دی ہے کہ اس کا نام اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ میں شامل کیا جارہا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بتایا ہے کہ اسرائیلی حکومت کا نام ان ملکوں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا جو جنگی علاقوں میں بچوں پر حملہ کرتے ہیں اور انہیں نقصان پہنچاتے ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کو غزہ میں بچوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق یو این بلیک لسٹ میں روس، افغانستان، صومالیہ، شام، یمن، داعش اور بوکو حرام بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ جون کے آخر تک شائع کردی جائے گی۔
    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں کم از کم 5 میں سے چار بچے 72 گھنٹوں میں سے پورا ایک دن خوراک کے بغیر رہے ہیں۔دوسری جانب یو این انسانی حقوق کے عہدیدار نے اسرائیل کو یو این بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔فرانسسکا البانیز کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 15ہزار فلسطینی بچے مارے جاچکے ہیں، اسرائیل کو بچوں کیخلاف سنگین جرائم پر بلیک لسٹ میں لے جانے کا اقدام تاخیر سے ہوا۔ اقوام متحدہ میں صیہونی حکومت کے نمائندے گلعادعردان نے اس خبر کی تصدیق کردی ہے کہ سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے اس کو یہ اطلاع دے دی ہے کہ اسرائیل کا نام جنگ میں بچوں پر حملہ کرنے والے ملکوں کی فہرست میں شامل کیا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ میں اسرائیلی حکومت کے نمائندے نے اسی کے ساتھ غزہ کے بچوں پر حملے اور ان کے قتل پر اقوام متحدہ کے اس فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس کو شرمناک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس خبر سے اس کو شاک پہنچا ہے۔
    قابل ذکر ہے کہ جنگوں میں بچوں کے حقوق پامال کرنے والی افواج کی جو رپورٹ تیار کی گئی ہے اس میں اسرائیلی فوج کا نام شامل ہے۔ یہ رپورٹ 14 جون کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی جائے گی۔ جنگوں میں بچوں کے ساتھ بدسلوکی سے متعلق یہ سالانہ رپورٹ ہے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پیش کرتے ہیں اور یہ پہلا موقع ہے جب اس رپورٹ میں اسرائیل کا نام شامل کیا گیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق جنگ غزہ میں صیہونی فوج کے حملوں میں 14 ہزار فلسطینی بچے شہید اور 12 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔
    فلسطین سماء نیوز کے مطابق مرکزی غزہ کے النصیرات کیمپ ٹو میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا کے السردی اسکول پر صیہونی حکومت کی تازہ بمباری میں درجنوں فلسطینی پناہ گزین شہید اور زخمی ہوئے ہیں جن میں متعدد بچے بھی شامل ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹر جنرل نے انروا کے اسکول پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنگ غزہ میں ان عام شہریوں، عورتوں اور بچو کے قتل عام کا جو اپنی جان بچانے کی کوششوں کے دوران خاک وخون میں غلطاں ہوئے ہیں، صرف ایک وحشتناک نمونہ ہے ۔انروا نے اعلان کیا ہے کہ حملے کے وقت اس اسکول میں چھے ہزار عام شہری پناہ لئے ہوئے تھے۔انروا نے جمعرات کو اس حملے کے بعد جس میں چالیس سے زائد پناہ گزین شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے کہا تھا کہ یہ غزہ کا ایک اور وحشتناک دن تھا۔

  • ساہیوال میں ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی،2بچے جاں بحق

    ساہیوال میں ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی،2بچے جاں بحق

    ریسکیو حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ، آگ کی شدت کافی زیادہ تھی تاہم سٹاف اور سکیورٹی گارڈز نے اپنی جانوں پر کھیل کر بچوں کی جانیں بچائیں اور 60 سے 70 بچوں کو چلڈرن وارڈ سے نکال کر ایمرجنسی میں شفٹ کر دیا۔ہسپتال ایم ایس کے مطابق دھوئیں کے اثرات کی وجہ سے دو بچے دم توڑ گئے ہیں جبکہ دوکی حالت تشویشناک ہے، مرنے والے بچے پیدائشی طور پر پری میچور اور بیمار تھے۔ آگ لگنے کی اطلاع پر کمشنر،آر پی او،ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھی موقع پر پہنچ گئے۔
    آگ کے باعث چلڈرن وارڈ کا تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا، آگ پر قابو پالیا گیا ہے ، ریسکیو کی 4 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا ۔

  • منسٹر صاحب کے لوڈشیڈنگ 10 گھنٹے کے بیان میں کوئی سچائی نہیں،شازیہ مری

    منسٹر صاحب کے لوڈشیڈنگ 10 گھنٹے کے بیان میں کوئی سچائی نہیں،شازیہ مری

    پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ منسٹر صاحب کے لوڈشیڈنگ 10 گھنٹے کے بیان میں کوئی سچائی نہیں، منسٹر صاحب خود آکر دیکھیں، سندھ کے علاقے میں تھوڑا وقت گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے زندگی عذاب کر دی ہے، منسٹر صاحب کے خوبصورت بیانات سے بجلی نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے گزارش ہے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس فوری بلایا جائے، عدم مساوات دور کرنے کے لیے قومی اقتصادی کونسل کا کام کرنا ضروری ہے۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ تنخواہ دار متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی ضرورت ہے، بے جا سبسڈیز ختم کی جائیں، کسانوں کو سبسڈی دی جائے، یونیورسٹیز کی وفاقی فنڈنگ روکے جانے پر افسوس ہے۔شازیہ مری کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی ضرورت ہے، بڑی سبسڈیز ختم کر کے مزدور طبقے کو سبسڈیز دی جائے، حکومت کی ترجیحات عوام کو ریلیف دینا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت 30 ارب روپے یونیورسٹی فنڈنگ کے لیے مختص کررہی ہے، وفاق اور صوبوں کو معاشی صورتِ حال دیکھ کر لائحہ عمل طے کرنا چاہیے۔شازیہ مری نے کہا کہ مہنگائی میں حکومت کی ترجیح عوام کو ریلیف دینے کی ہونی چاہیے، پاکستان کے متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی ضرورت ہے، ہمارے پاس گندم کے اسٹاک موجود تھے تو گندم کیوں درآمد کی گئی۔پی پی پی کی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں گندم غیر ضروری درآمد کی گئی، آنے والا بجٹ کسان دوست بجٹ ہونا چاہیے۔