Baaghi TV

Author: صدف ابرار

  • پاکستان پانچواں ملک ہے جسے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کا سامنا ہے، جسٹس منصور علی

    پاکستان پانچواں ملک ہے جسے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کا سامنا ہے، جسٹس منصور علی

    اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نبردآزما ہونے کے لیے ہم سب متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2022ء میں پاکستان میں بہت بڑا سیلاب آیا، سیلاب نے ہزاروں افراد کو متاثر کیا، اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا، پاکستان پانچواں ملک ہے جسے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کا سامنا ہے سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے آسان نہیں کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹے۔جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں پانی کی قلت بڑھ رہی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے جن خطرات کا سامنا ہے ان پر غور کے لیے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں۔
    سپریم کورٹ کے جج نے مزید کہا کہ موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے خشک سالی تباہ کن سیلاب جیسے مسائل کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، موسم کی تبدیلی خوراک کی قلت کا باعث بن رہی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی لوگوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہے، موسمی تبدیلیوں کا اثر صحت کی سہولتوں پر بھی پڑتا ہے، زرعی پیداوار کو موسمی تبدیلیوں نے متاثر کیا ہے، موسمی تبدیلیوں سے کلائمنٹ فنڈ کے بغیر نہیں نمٹا جا سکتا،

  • پاکستان کا دوسرا سیٹلائٹ ‘پاک سیٹ ایم ایم ون’ زمینی مدار میں پہنچ گیا

    پاکستان کا دوسرا سیٹلائٹ ‘پاک سیٹ ایم ایم ون’ زمینی مدار میں پہنچ گیا

    پاکستان کے دوسرے مواصلاتی سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون زمینی مدار میں کامیابی سے پہنچ گیا ہے، سیٹلائٹ 5 جون کو منزل تک پہنچی ہے۔پاکستان اسپیس اور اپر اٹماسفئیر کمیشن (سپارکو) کی جانب سے اس حوالے سے بیان سامنے آیا ہے، جس میں تصدیق کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پاک سیٹ ایم ایم ون زمین سے 38 ہزار 786 کلومیٹر کی بلندی پر موجود ہے، جبکہ زمینی مدار کے 38 اعشاریہ 2 ایسٹ میں موجود ہے۔مدار میں پہنچنے کے بعد سیٹلائٹ کے شمسی پینل نے کام کرنا شروع کر دیا ہے، ترجمان سپارکو کے مطابق کئی ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جس سے سیٹلائٹ کی صورتحال کے بارے میں جانچا گیا ہے۔پاک ایم ایم ون ایک جیو اسٹیشنری سیٹلائٹ ہے جو کہ جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔جس کی وجہ سے سیٹلائٹ مواصلاتی سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا جبکہ ملک کے صارفین کے لیے بھی مددگار ثابت ہو سکے گا۔واضح رہے پاک ایم ایم ون 30 مئی کو چین کے ژی چیانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کی گیا تھا۔

  • قائم مقام گورنر ملک احمد خان نے ہتک عزت بل پر دستخط کر دیئے

    قائم مقام گورنر ملک احمد خان نے ہتک عزت بل پر دستخط کر دیئے

    گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کے رخصت پر جانے کے بعد قائم مقام گورنر ملک احمد خان نے ہتک عزت بل پر دستخط کر دیئے۔ گزشتہ ماہ پنجاب اسمبلی سے ہتک عزت بل پاس ہوا جسے منظوری کیلئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو بھجوایا گیا، گورنر نے بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا، بل کے معاملے پر پنجاب حکومت اور گورنر کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہ نکل سکا۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے صدر آصف علی زرداری سے رابطہ کیا گیا، صدر نے گورنر پنجاب کو چھٹی پر جانے کا مشورہ دیا، گورنر سردار سلیم حیدر 6 جون سے 12 جون تک رخصت پر چلے گئے اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے قائم مقام گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اگلے ہی روز بل پر دستخط کر دیئے۔گورنر ہاؤس نے ہتک عزت بل پر قائمقام گورنر پنجاب ملک احمد خان کی جانب سے دستخط کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے، بل پر دستخط کے بعد سمری وزارت قانون کو بھجوا دی گئی جس کا جلد ہی گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جائے گا، نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہتک عزت قانون باقاعدہ طور پر پنجاب میں لاگو ہو جائے گا اور اس کا اطلاق ہر شہری پر ہو گا۔
    صحافیوں نے ہتک عزت بل کی منظوری کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا تھا، اس حوالے سے صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے گورنر سردار سلیم حیدر سے ملاقات بھی کی، صدر سی پی این ای ارشاد عارف، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور سابق صدر سی پی این ای کاظم خان اور دیگر شامل تھے۔صحافتی نمائندوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو ہتک عزت بل کے بارے میں تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہتک عزت بل آزادی اظہار کا گلا دبانے کی کوشش ہے جبکہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ متنازع شقوں پر تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا، بل پر پہلے مشاورت ہونی چاہیے تھی تاہم مزید مشاورت کے بغیر بل پر دستخط نہیں کروں گا۔

  • ہتک عزت کا قانون لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

    ہتک عزت کا قانون لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

    پنجاب اسمبلی کی جانب سے منظور کیا گیا ہتک عزت کا قانون لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہتک عزت قانون آئین اور قانون کے منافی ہے، ہتک عزت آرڈیننس اور ہتک عزت ایکٹ کی موجودگی میں نیا قانون نہیں بن سکتا، ہتک عزت قانون میں صحافیوں سے مشاورت نہیں کی گئی، ہتک عزت کا قانون جلد بازی میں صحافیوں اور میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ہتک عزت کے قانون کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ہتک عزت قانون پر عملدرآمد روکا جائے۔لاہور ہائیکورٹ میں درخواست صحافی جعفر احمد یار اور راجہ ریاض نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کے ذریعے دائر کی ، درخواست میں وزیر اعلیٰ اور گورنر پنجاب بذریعہ پرنسپل سیکرٹری ، پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے ۔
    واضح رہے کہ گورنر ہاؤس نے ہتک عزت بل پر قائمقام گورنر پنجاب ملک احمد خان کی جانب سے دستخط کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے، بل پر دستخط کے بعد سمری وزارت قانون کو بھجوا دی گئی جس کا جلد ہی گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جائے گا.نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہتک عزت قانون باقاعدہ طور پر پنجاب میں لاگو ہو جائے گا اور اس کا اطلاق ہر شہری پر ہو گا۔
    پنجاب اسمبلی سے منظور کرائے گئے قانون کا اطلاق پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر ہو گا، جس کے تحت پھیلائی جانے والی جھوٹی اور غیر حقیقی خبروں پر ہتک عزت کا کیس ہو سکے گا، بل کا یوٹیوب، ٹک ٹاک، ایکس، ٹوئٹر، فیس بک، انسٹا گرام کے ذریعے پھیلائی جانے والی جعلی خبروں پر بھی اطلاق ہوگا۔ہتک عزت قانون کے تحت کسی شخص کی ذاتی زندگی اور عوامی مقام کو نقصان پہنچانے کیلئے پھیلائی جانے والی خبروں پر کارروائی ہوگی، ہتک عزت کے کیسز کیلئے خصوصی ٹربیونلز قائم ہوں گے جو 6 ماہ میں فیصلہ کرنے کے پابند ہوں گے۔قانون بننے کے بعد 30 لاکھ روپے کا ہرجانہ ہوگا، آئینی عہدوں پر موجود شخصیات کے خلاف الزام کی صورت میں ہائی کورٹ کے بینچ کیس سننے کے مجاز ہوں گے، خواتین اور خواجہ سراؤں کو کیس میں قانونی معاونت کے لئے حکومتی لیگل ٹیم کی سہولت میسر ہوگی۔

  • پاکستانی فاسٹ بالر حارث روف کو سنگین الزامات کا سامنا

    پاکستانی فاسٹ بالر حارث روف کو سنگین الزامات کا سامنا

    پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو اس وقت سنگین الزامات کا سامنا ہے 6 جون کو ڈیلاس میں امریکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ کے دوران سابق جنوبی افریقی کرکٹر اور یو ایس اے کرکٹ ٹیم کے موجودہ رکن رسٹی تھیرون نے بال ٹیمپرنگ کا الزام لگایا ہے۔امریکی کرکٹر رسٹی تھیرون نے ”ایکس“ پر کی گئی پوسٹ میں حارث رؤف پر بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے لکھا کہ میچ کے دوران حارث نے انگوٹھے کے ناخن کا استعمال کرتے ہوئے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی۔

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایکس ہینڈل کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ایسا دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ باؤلر نے نئی گیند کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی؟ تو گیند تبدیل ہونے کے محض دو اوورز بعد کیسے سوئنگ ہونے لگی؟
    کھیل نے ڈرامائی موڑ اس وقت لیا جب پاکستان نے 13ویں اوور کے آغاز میں گیند کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا، امریکی ٹیم ایک وکٹ پر 94 رنز پر مضبوط پوزیشن میں تھی۔ اس فیصلے نے، اب جانچ پڑتال کے تحت، ممکنہ طور پر میچ کا رخ تبدیل کر دیا ہے۔یو ایس اے کے کپتان موننک پٹیل نے لگاتار گیندوں میں شاہین آفریدی کو چوکا اور ایک چھکا لگا کر رفتار کو جاری رکھا۔اس کے بعد حارث رؤف نے اگلے اوور کی پہلی گیند پر اینڈریز گوس کو آؤٹ کر دیا، جس نے ریورس سوئنگ کا اشارہ ظاہر کیا کیونکہ یہ آف سٹمپ کے اوپر سے ٹکرا گیا۔
    امریکی بیٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ آئی سی سی کی توجہ میں لایا جائے گا، حارث پر الزام لگایا کہ انہوں نے اپنے ناخن سے تازہ بدلی ہوئی گیند کو کھرچایا، جس سے ریورس سوئنگ ہوا۔ یہ واحد فعل اب ایک بڑی تحقیقات کا مرکز بن گیا ہے۔
    کینیڈا اور پاکستان کے خلاف بیک ٹو بیک جیت کے بعد، شریک میزبان اب جاری میگا ایونٹ کے سپر 8 راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے کی مضبوط پوزیشن میں ہیں۔مین ان گرین اپنا اگلا میچ 9 جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی

  • قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 10 جون کو طلب

    قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 10 جون کو طلب

    وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 10 جون کو طلب کر لیا گیا۔ اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس میں رواں مالی سال کے سالانہ پلان کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ مالی سال کے سالانہ پلان کی منظوری دی جائے گی۔اجلاس میں 13ویں پانچ سالہ منصوبہ 29-2024 کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پلان کی منظوری بھی دی جائے گی۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کیلئے صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی جائے گی۔ حکومتی کمپنیوں کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی جائے گی۔ جبکہ ایکنک اور سی ڈی ڈبلیو پی کی 16 مئی 2023 سے 15 مئی 2024 تک کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

  • سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس رہا،جبکہ انکے بیٹے گرفتار کر لئے گئے

    سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس رہا،جبکہ انکے بیٹے گرفتار کر لئے گئے

    سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے بیٹوں کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا، ان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شہری شیراز خان نے سردار تنویر الیاس کے بیٹوں کے خلاف تشدد کرنے پر مقدمہ درج کروایا تھا، پولیس گرفتاری کے لیے پہنچی تو سردار تنویر الیاس نے مزاحمت کی، جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا، بعد ازاں انہیں چھوڑ دیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد سردار تنویر الیاس کے تینوں بیٹوں کو گرفتار کرلیا گیا، مقدمے میں نامزد تنویرالیاس کے بھتیجے عفیف صغیر کو بھی گرفتار کیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو چھوڑ دیا، سردار تنویر الیاس کو مزاحمت اور کار سرکار میں مداخلت پر حراست میں لیا گیا تھا۔ترجمان تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ پولیس بے بنیاد مقدمات بنا کر تنویر الیاس اور ان کے گھر والوں کو تنگ کر رہی ہے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور ان کی فیملی پر بے بنیاد مقدمات کا اندراج قابل مذمت ہے۔

  • کراچی: کچرا نہ اٹھانے پر 17 سالہ لڑکے صمد کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا

    کراچی: کچرا نہ اٹھانے پر 17 سالہ لڑکے صمد کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا

    کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں سکیورٹی گارڈ نے کچرا نہ اٹھانے پر 17 سالہ لڑکے صمد کو گولی مار کر قتل کردیا نارتھ کراچی میں سکیورٹی گارڈ اور لڑکے میں کچرا اٹھانے پر بحث ہوئی جس پر طیش میں آکر گارڈ نے لڑکے کے پیٹ میں گولی ماردی۔ زخمی بچے کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ ملزم گارڈ واردات کے بعد فرار ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گارڈ اور بچے کے درمیان کچرا اٹھانے پر بحث ہوئی تھی، اس دوران نجی سکیورٹی کمپنی کے گارڈ نے گولی چلائی اور فرار ہوگیا۔پولیس نے بتایا ہے کہ مفرور سکیورٹی گارڈ کی شناخت رمضان کے نام سے ہوئی ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ واضح رہے کہ تین دن قبل کراچی کے علاقے سخی حسن سرینا موبائل مارکیٹ میں بھی سکیورٹی گارڈ نے ٹک ٹاکر کو ویڈیو بنانے پر گولی مار کر قتل کردیا تھا۔

  • ٹی20 ورلڈ کپ 2024: کینیڈا نے آئرلینڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی

    ٹی20 ورلڈ کپ 2024: کینیڈا نے آئرلینڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی

    آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے 13ویں میچ میں کینیڈا نے آئرلینڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی۔نیویارک میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 137 رنز بنائے اور حریف ٹیم کےلیے 138 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔ تعاقب میں آئرلینڈ ٹیم 7 وکٹ پر 125 رنز بنائے۔کینیڈا کی طرف نیکولس کیرٹن نے 49 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے اس دوران 2 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔آئرلینڈ کی طرف سے آئرلینڈ کے کریگ ینگ اور مک کارتھی نے2 ،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
    اس سے قبل آئرلینڈ نے کینیڈا کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔گروپ اے کی ٹیموں میں شامل آئرلینڈ اور کینیڈا کا ایونٹ میں یہ دوسرا میچ ہے، دونوں ٹیموں کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا،ایونٹ کے پہلے میچ میں کینیڈا کو امریکا نے 7 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ بھارت نے آئرلینڈ کو 8 وکٹ سے ہرایا تھا۔آج کھیلے گئے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے نمیبیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، اسکاٹ لینڈ نے 156 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 18.3 اوورز میں حاصل کیا۔

  • بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ کو فوری انصاف دیا جائے، کور کمیٹی

    بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ کو فوری انصاف دیا جائے، کور کمیٹی

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت نئی عدالت منتقل کرنے پر ردعمل سامنے آگیا۔پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ کور کمیٹی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر کی جارہی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ فوری رہائی کے مستحق ہیں، سیاسی انتقام کیلئے قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔تحریک انصاف کور کمیٹی نے عدت کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت نئی عدالت میں منتقلی کو مسترد کردیا۔
    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کیس منتقل کرنے کے لیے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کو خط لکھا تھا۔ جس کے بعد 3 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست منظور کی تھی۔ عدالت عالیہ نے کیس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت میں ٹرانسفر کردیا تھا۔
    جمعہ کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت میں فریقین کو نوٹس جاری کیے۔