پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا 100 انڈیکس دو ہزار پوائنٹس گر گیا۔ انڈیکس 108 پوائنٹس کم ہوکر 73 ہزار 754 پر بند ہوا ہے۔پی ایس ایکس 100 انڈیکس آج 2 ہزار 80 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، انڈیکس کی کم ترین سطح 71 ہزار 781 رہی جو انڈیکس کی بلند ترین سطح 76 ہزار 248 سے تقریباً چھ فیصد نیچے تھی اور کاروبار اختتام تک جو سوا تین فیصد نیچے ہے۔طاہر عباس معاشی تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ بازار میں سرمایہ پر کمائے منافع اور منافع کی تقسیم پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز ہے۔حصص بازار میں آج 55 کروڑ 95 لاکھ شیئرز کے سودے 20.20 ارب روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کی کیپٹلائزیشن آج 42 ارب روپے کم ہوئی ہے۔ کاروبار اختتام پر 9 ہزار 903 ارب روپے ہے۔سی ای او نافا ڈاکٹر امجد وحید کہتے ہیں کہ جتنا ٹیکس بڑھانے کی بازار میں باتیں ہیں اتنا نہیں بڑھے گا۔ بجٹ تک کی خلش ہے بعد میں جب ویلیوایشن پر توجہ ہوگی تو بازار تیز ہوگا۔ بازار کا سرمایہ اس وقت چھوٹے بڑے انفرادی سرمایہ کار بھی ہیں، فنڈز بھی، کنسورشیم بھی اور بیرونی سرمایہ کاری بھی ہے۔
Author: صدف ابرار
-

چین کے جذبے، کام کی رفتار اور عہد کی پاسداری سے بے حد متاثر ہوں۔وزیر اعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہبازشریف کے اعزاز میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی جانب سے پرتکلف ظہرانہ دیا گیا۔چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے وزیراعظم شہبازشریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا، گرمجوش برادرانہ تعلقات کی جھلک واضح رہی، وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب کے برادرانہ جذبات اور پرتپاک میزبانی پرشکریہ ادا کیا ۔
شہبازشریف نے کہاکہ چین عظیم اور قابل اعتماد بھائی ہے، چین کی ترقی پر ہر پاکستانی کو فخر ہے ۔ چینی وزیراعظم نے کہاکہ آپ کے جذبے، کام کی رفتار اور عہد کی پاسداری سے بے حد متاثر ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی ملی نغموں کی دھنوں نے ظہرانے کی فضا کو پاک چین دوستی کے رنگوں کی قوسِ قزاح بنا دیا،وزیراعظم شہبازشریف چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے ہمراہ ظہرانے میں آئے تو چین کی فوج کے بینڈ نے پاکستانی ملی نغموں کی دھنیں بجانا شروع کیں ،”دِل دِل پاکستان“ ، ”دل سے میں نے دیکھا پاکستان، جاں سے میرا دھرتی پہ ایماں“ ، ” میں بھی پاکستان ہوں تو بھی پاکستان ہے” ، “جیوے جیوے پاکستان“ کی دھنیں بجائی گئیں۔دونوں وزرائے اعظم نے مسکراہٹوں اور تالیاں بجا کر سازندوں کو داد دی،اس موقع پر ظہرانے میں شریک پاکستانی وفد کے ارکان نے بھرپور تالیوں سے بینڈ کو داد دی۔ -

یورپی یونین نے پاکستان کو سلامتی کونسل کے نئے رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی
یورپی یونین نے پاکستان سمیت سلامتی کونسل کے نئے منتخب ہونے والے تمام ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ دنیا کی امن و سلامتی کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔۔ جوزپ بوریل، یورپی خارجہ امور کے سربراہ، نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس بات کا اعلان کیا۔ان کے مطابق، یورپی یونین پاکستان کو امن و سلامتی کے حوالے سے عالمی سطح پر اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ارکان کو ملکر امن و سلامتی کی فروغ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ ملنے کا عزم ظاہر کیا۔بوریل نے مزید کہا کہ پاکستان کے ارکان کو منتخب ہونے پر خوش آمدید کہا جاتا ہے اور انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت امن و سلامتی کی حفاظت کے لیے کام کرنے کی پیشگوئی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
-

میرا ہر فیصلہ عدالت میں چیلنج ہوگا تو معاملات کس طرح چلیں گے؟ مئیر کراچی مرتضی وہاب
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم ایک بڑا چیلنج بن چکا، جس کو لگام ڈالنے کےلیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں اب کم ہوگئی ہیں، اسٹریٹ کرائم ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جو کہتے ہیں کراچی والوں کو اسلحہ دے دو، انہوں نے لوگوں سے ماضی میں قلم چھینا۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ اسٹریٹ کرمنل کو لگام ڈالنے کےلیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے، پوچھتا ہوں، میرا ہر فیصلہ عدالت میں چیلنج ہوگا تو معاملات کس طرح چلیں گے؟ان کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام کا حکومت سے جو رابطہ ہوتا تھا وہ اب نہیں، ہمارے افسران کو روز عدالتیں بلالیتی ہیں، عدالتیں شاید آزاد ہیں پتہ نہیں حکومت آزاد ہے کہ نہیں۔مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ اب فوٹو کلچر کی سیاست ختم ہو چکی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کام کرا رہی ہے ایم کیو ایم جھنڈا لگا لیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ماضی میں چائنا کٹنگ، یو کے، امریکا اور کینیڈا کٹنگ کی گئی، مصطفیٰ کمال کے دور میں نالوں پر مکانات دکانیں بنا دی گئیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اب وہ دور نہیں عمران اسماعیل اور وسیم اختر ہوٹل پر چائے پی کر موسم انجوائے کریں۔ان کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہے، شہر سے لاکھوں ٹن کچرا ہم نے صاف کیا۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے کراچی کی وہ صورتحال نہیں جو ماضی میں ہوا کرتی تھی، شہر کے ساتوں اضلاع میں یکساں ترقیاتی کام کرا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کچرے کی صفائی کے ساتھ سیاسی اور ذہنی صفائی بھی کریں گے، کراچی کے تمام 25ٹاون میں کچرے کے ڈبے یکساں طور پر تقسیم کریں گے۔میئر کراچی نے کہا کہ نالوں کی صفائی کا ٹینڈر دے دیا ہے، عیدالاضحیٰ کے بعد کام شروع کردیں گے، کے ایم سی نے اپنی مشینری میں بھی اضافہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وسیم اختر کے دور میں جو پمپ بند تھے، ان کو فعال کردیا ہے، سو سے زائد آلائش اٹھانے کے کلیکشن پوائنٹ بنائے ہیں، 3 لینڈ فل سائٹ پر آلائشیں دفن کی جائیں گی۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر صفائی کے حوالے سے شہری ہیلپ لائن پر کال کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ایڈمنسٹریٹر تھا پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی لگائی تھی، پلاسٹک تھیلیوں پر پابندی کے خلاف کچھ لوگ عدالت گئے، حکم امتناع حاصل کیا۔ -

ہم نےجوالیکشن لڑے وہ احتجاج کےساتھ لڑےہیں ،اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے لیے کچھ نہیں مانگتےہیں،اگرکولرلگاہےتووہ ہرجیل میں لگاہوا ہے، ٹک ٹاک وزیر اعلیٰ کو شرم آنی چاہیے، وہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کیاسہولتیں دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے جیسےفیصلے آرہےہیں،بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہوجائیں گے،عمران خان اوران کی اہلیہ کوٹارچرکیاجارہاہےاورعدت کیس کودانستہ طور پر طویل کیاجارہاہے۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی 100 دن کی کارکردگی جھوٹ پر مبنی ہے۔ملک احمد خان بھچرنے پنجاب حکومت پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ ہم نےجوالیکشن لڑے وہ احتجاج کےساتھ لڑےہیں اس لیے ہم اسمبلی میں احتجاجاَ نہیں بیٹھیں گے۔
-

ذوالحج کا چاند نظر آگیا،ملک میں عید الاضحیٰ 17 جون کو ہوگی
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہے کہ ذی الحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ پیر 17 جون کو ہوگی۔ممبر زونل رویت ہلال کمیٹی حافظ عبدالغفور کا کہنا ہے کہ ہم نے چاند دیکھ لیا ہے۔ذرائع کے مطابق ذی الحج کا چاند نظر آنے کی شہادتیں مستند قرار دے دی گئی ہیں، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان نے چاند کی رویت کے فیصلے پر دستخط کر دیے۔ عید الضحیٰ پیر 17 جون کو ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس کراچی محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہورہا ہے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو پشاور سمیت مختلف مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔۔زونل کمیٹیوں کے صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد میں اجلاس جاری ہیں۔۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں سپارکو اور متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی شرکت کی ۔زونل کمیٹیاں صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد میں اپنے اجلاس منعقد کریں گی۔دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں شام کے وقت موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، ملک کے مختلف حصوں میں کہیں مطلع صاف کہیں جزوی ابر آلود رہے گا۔سردار سرفراز نے کہا کہ چاند نظر آنے کا دورانیہ 70 منٹ رہنے کا امکان ہے، آج پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
-

سندھ: امن و امان کے بگڑتے ہوئے صورتحال پہ ایم کیو ایم اور پی پی کا ایک دوسرے پر الزامات
سندھ اسمبلی اجلاسں میں وقفہ سوالات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ارکان کی جانب سے شور شرابا کیا گیا۔اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے کہا کہ سوال پوچھیں ماحول خراب نہیں کریں۔اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا کہ وقفہ سوالات سے اہم 70 جانوں کا مسئلہ ہے، کراچی میں امن وامان ہمارے لیے اہم مسئلہ ہے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ وہ روایات قائم نہ کریں جو ماضی کی تھیں، ایم کیو ایم کے احتجاج پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ امن و امان پر بھی بات کر سکتے ہیں، مناسب نہیں اپوزیشن لیڈر کھڑے ہو جائیں۔وزیر داخلہ سندھ ضیاء اللّٰہ لنجار نے کہا کہ کراچی میں بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ اب نہیں ہورہی، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا، وہ دن نہیں ہیں جب 12 مئی کے واقعات ہو رہےتھے، اب بوری بند لاشیں بھی نہیں ملتیں۔وزیر داخلہ سندھ کےبیان پر ایم کیو ایم اراکین نے ایوان میں شور شرابا کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔
اسمبلی اجلاس کے بعدوزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما پہلے شعلہ بیانی کرتے ہیں پھر معافی مانگتے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست اور مینڈیٹ کسی سے چھپا ہوا نہیں، پہلے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بوری بند لاشیں، ہڑتالیں ہوتی تھیں، پہلے کراچی میں ایک دن میں تیس، تیس لاشیں گرتی تھیں، ٹارگٹ کلنگ کون کرتا تھا، بھتہ کون لیتا تھا کسی سے چھپا ہوا نہیں، کراچی میں کوئی نوگو ایریا نہیں، کوئی بھی شہری کسی بھی جگہ جا سکتا ہے۔سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں پہلے ٹارگٹ کلنگ کون کرتا تھا، بوری بند لاشیں کون دیتا تھا یہ کسی سے چھپا ہوا نہیں، غیر قانونی تارکین وطن سمیت بہت سارے چیلنجز کے باوجود کراچی میں کرائم کم ہو رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں امن و امان قائم کرنا سندھ حکومت کی ترجیح ہے، ایم کیو ایم کی طرف سے سندھ اسمبلی اجلاس کو ڈسٹرب کرنے کی کوشش کی گئی، ہم کوشش کر رہے ہیں اسٹریٹ کرائم ختم ہو، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں کمی آئی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم جان بوجھ کر ایسا ماحول بنانے کی کوشش کر رہی ہے، ایم کیو ایم اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہے، سیاست چمکانے کےلیے ایم کیو ایم نعرے لگاتی اور حکومت کو گالیاں دیتی ہے، ایم کیو ایم نے حیدر آباد واقعہ پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کی، لندن سے کال پر سڑکوں پر لوگوں کی گاڑیاں جلا دیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی اجلاس میں ماضی میں اسٹریٹ کرائم اور ٹارگٹ کلنگ کی بات کی گئی، تارکین وطن کے خلاف مہم بند نہیں ہوئی، روزانہ غیر قانونی تارکین وطن کو پکڑ کر ڈی پورٹ کیاجاتا ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کا ایک مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ پروجیکٹ پیپلز پارٹی بنانے جا رہی ہے، سندھ حکومت21 لاکھ گھر بنا رہی ہے۔ -

حج کے دوران سیاسی نعروں سے اجتناب کیا جائے،سعودی وزیر حج
سعودی وزیر حج توفیق الربیعہ نے کہا کہ حج کے دوران سیاسی نعروں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق توفیق الربیعہ نے جمعرات کو ایک رپورٹر کی طرف سے ”سیاسی اور فرقہ وارانہ نعروں“ کے قواعد اور تادیبی اقدامات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ”حج عبادت کے لئے ہے، کسی سیاسی نعروں کے لئے نہیں“۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہی ہے کہ حج حقیقی معنوں میں عقیدت، سکون اور روحانیت کی اعلی ٰ ترین سطح کا مظہر ہو۔واضح رہے کہ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزیر حج کے اس بیان کا اشارہ ممکنہ طور پر غزہ کی جانب ہوسکتا ہے۔خیال رہے کہ سعودی حکومت کے حامی اماموں نے اکتوبر سے ہفتہ وار جمعہ کے خطبوں میں غزہ اور فلسطینیوں کے لئے عوامی طور پر دعا کی ہے ، لیکن وزیر حج کی طرف سے اعلان کردہ قواعد کے مطابق اس طرح کے اظہار پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔
-
اسلام آباد :طالب علم طحہٰ کی موت ڈی ہائیڈریشن یا حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مارگلہ ہلز سے مردہ حالت میں ملنے والے طالب علم طحہٰ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔15 سالہ طالب علم طحٰہ کی لاش گزشتہ دنوں مارگلہ کے ہائیکنگ ٹریل 5 سے ملی تھی، وہ اپنے دوستوں کے ساتھ مارگلہ ہلز پر گھومنے کیلئے گیا تھا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا کہ طحہٰ کے جسم پر کسی قسم کے تشدد اور زخم کے نشانات نہیں، طحہٰ کے جسم پر کسی قسم کے تیز دھار آلے کے نشانات بھی نہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طحہٰ کے جسم کے نمونے پنجاب فارنزک لیب لاہور بھجوا دیے گئے، پنجاب فارنزک لیب کی رپورٹ کے بعد ہی طحہٰ کی موت کی وجہ سامنے آئے گی۔طالب علم طحہٰ کی موت کی وجہ ڈی ہائیڈریشن یا حرکت قلب بند ہونا ہوسکتی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق طحہٰ کے جسم کے اعضا مکمل ٹھیک تھے۔
-

بے زبان جانوروں کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف پاکستان میں کوئی قانون نہیں
آپ آئے روز کتوں کے خلاف تو بہت خبریں دیکھتے اور سنتے ہو نگے لیکن آج ہم آپکو تصویر کا ایک اور رخ دکھائے گے اور وہ یہ کہ جب کسی علاقے میں میونسپلٹی کو ان کتوں کو تلف کرنے کا آرڈر ملتا ہے تو میونسپلٹی کے کارندے کس طرح بے دردی سے اس بے زبان مخلوق کی جان لیتے ہے اسکی مثال تازہ ہی کچھ واقعات ہے جو سوشل میڈیا پر ان صارفین کے لئے تکلیف اور غم کا باعث بنی ہے جن کے دل میں جانوروں کے لئے محبت اور ہمدردی ہو،
پہلے بات کرتے ہے، کراچی کے علاقے لیاقت آباد کی جہاں پر لڑکوں کے ایک گروہ نے ایک کتے کو بے دردی سے تین منزلہ عمارت سے نیچے پٹخ دیا ،کتے کو پکڑ کر نیچے پھینکنے والے کا چہرہ اس ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہا ہے جبکہ اسکے باقی دوست اسکو یہی بولتے سنے جا سکتے ہے کہ پھینک دو نیچے، اس سے جان چھڑا دو، تاہم اس واقعہ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملوث شخص کو گرفتار کر لیا گیا ، جو جیل میں کھڑے ہو کر یوں مسکرا رہا ہے کہ جیسے اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ، اور اسکی سب سے بڑی وجہ بھی یہی ہے کہ پاکستان میں جانوروں کے لئے کوئی قانون موجود ہی نہیں ہے،
دوسرا واقعہ خیبر پختونخواہ سوات کے علاقے بحرین کا ہے جہاں بلدیاتی عملے کی گاڑی سے زندہ کتے کو باندھ کر گھسیٹا ، واقعہ کی ویڈیو سے سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ ویڈیو وائرل ہونےکے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے میونسپل افسر اور چار ملازمین کو معطل کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ویڈیو وائرل ہونے پر ٹی ایم او بحرین کو معطل کردیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق ٹی ایم او افضل خان کے خلاف چارج شیٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔
