سعودی وزیر حج توفیق الربیعہ نے کہا کہ حج کے دوران سیاسی نعروں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق توفیق الربیعہ نے جمعرات کو ایک رپورٹر کی طرف سے ”سیاسی اور فرقہ وارانہ نعروں“ کے قواعد اور تادیبی اقدامات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ”حج عبادت کے لئے ہے، کسی سیاسی نعروں کے لئے نہیں“۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہی ہے کہ حج حقیقی معنوں میں عقیدت، سکون اور روحانیت کی اعلی ٰ ترین سطح کا مظہر ہو۔واضح رہے کہ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزیر حج کے اس بیان کا اشارہ ممکنہ طور پر غزہ کی جانب ہوسکتا ہے۔خیال رہے کہ سعودی حکومت کے حامی اماموں نے اکتوبر سے ہفتہ وار جمعہ کے خطبوں میں غزہ اور فلسطینیوں کے لئے عوامی طور پر دعا کی ہے ، لیکن وزیر حج کی طرف سے اعلان کردہ قواعد کے مطابق اس طرح کے اظہار پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔
Author: صدف ابرار
-
اسلام آباد :طالب علم طحہٰ کی موت ڈی ہائیڈریشن یا حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مارگلہ ہلز سے مردہ حالت میں ملنے والے طالب علم طحہٰ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔15 سالہ طالب علم طحٰہ کی لاش گزشتہ دنوں مارگلہ کے ہائیکنگ ٹریل 5 سے ملی تھی، وہ اپنے دوستوں کے ساتھ مارگلہ ہلز پر گھومنے کیلئے گیا تھا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا کہ طحہٰ کے جسم پر کسی قسم کے تشدد اور زخم کے نشانات نہیں، طحہٰ کے جسم پر کسی قسم کے تیز دھار آلے کے نشانات بھی نہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طحہٰ کے جسم کے نمونے پنجاب فارنزک لیب لاہور بھجوا دیے گئے، پنجاب فارنزک لیب کی رپورٹ کے بعد ہی طحہٰ کی موت کی وجہ سامنے آئے گی۔طالب علم طحہٰ کی موت کی وجہ ڈی ہائیڈریشن یا حرکت قلب بند ہونا ہوسکتی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق طحہٰ کے جسم کے اعضا مکمل ٹھیک تھے۔
-

بے زبان جانوروں کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف پاکستان میں کوئی قانون نہیں
آپ آئے روز کتوں کے خلاف تو بہت خبریں دیکھتے اور سنتے ہو نگے لیکن آج ہم آپکو تصویر کا ایک اور رخ دکھائے گے اور وہ یہ کہ جب کسی علاقے میں میونسپلٹی کو ان کتوں کو تلف کرنے کا آرڈر ملتا ہے تو میونسپلٹی کے کارندے کس طرح بے دردی سے اس بے زبان مخلوق کی جان لیتے ہے اسکی مثال تازہ ہی کچھ واقعات ہے جو سوشل میڈیا پر ان صارفین کے لئے تکلیف اور غم کا باعث بنی ہے جن کے دل میں جانوروں کے لئے محبت اور ہمدردی ہو،
پہلے بات کرتے ہے، کراچی کے علاقے لیاقت آباد کی جہاں پر لڑکوں کے ایک گروہ نے ایک کتے کو بے دردی سے تین منزلہ عمارت سے نیچے پٹخ دیا ،کتے کو پکڑ کر نیچے پھینکنے والے کا چہرہ اس ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہا ہے جبکہ اسکے باقی دوست اسکو یہی بولتے سنے جا سکتے ہے کہ پھینک دو نیچے، اس سے جان چھڑا دو، تاہم اس واقعہ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملوث شخص کو گرفتار کر لیا گیا ، جو جیل میں کھڑے ہو کر یوں مسکرا رہا ہے کہ جیسے اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ، اور اسکی سب سے بڑی وجہ بھی یہی ہے کہ پاکستان میں جانوروں کے لئے کوئی قانون موجود ہی نہیں ہے،
دوسرا واقعہ خیبر پختونخواہ سوات کے علاقے بحرین کا ہے جہاں بلدیاتی عملے کی گاڑی سے زندہ کتے کو باندھ کر گھسیٹا ، واقعہ کی ویڈیو سے سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ ویڈیو وائرل ہونےکے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے میونسپل افسر اور چار ملازمین کو معطل کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ویڈیو وائرل ہونے پر ٹی ایم او بحرین کو معطل کردیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق ٹی ایم او افضل خان کے خلاف چارج شیٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔ -

اسلام آباد :فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائر میں سعودی عرب کا پاکستان کو 3-0 سے شکست
اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائر میں سعودی عرب نے پاکستان کو 3-0 سے شکست دے دی۔ناصر البریقان نے 26ویں منٹ اور پھر 41ویں منٹ میں دو گول کر کے اپنی شاندار صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے لیے مضبوط برتری قائم کی۔دریں اثنا، مصعب فہد الجوائر نے 59ویں منٹ میں گول کر کے مہمان ٹیم کو آرام دہ فتح حاصل کر لی۔عبداللہ اقبال نے کھیل کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی غلطیوں کی وجہ سے گول مانے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت اچھا کھیلا۔ ہم نے جو اہداف تسلیم کیے وہ ہماری غلطیوں سے تھے اور اگر ایسا نہ ہوتا تو کھیل قدرے مختلف ہو سکتا تھا۔ مداحوں کی حمایت کے لیے آپ کے شکر گزار ہے،
پاکستان گروپ جی میں سب سے نیچے ہے کیونکہ وہ اب تک کھیلے گئے پانچوں میچ ہار چکا ہے۔ پاکستان نے نومبر میں الاحساء میں سعودی عرب کے ہاتھوں 4-0 سے شکست کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد اسی ماہ اسلام آباد میں تاجکستان کے ہاتھوں 6-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس کے بعد اردن نے اسلام آباد میں رمضان المبارک میں کھیلے گئے کھیل میں پاکستان کو 3-0 سے شکست دی اور عمان انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شاہینز نے ریورس میچ بھی 7-0 سے ہارا۔سعودی عرب کے خلاف میچ کے بعد، پاکستان فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کے دوسرے راؤنڈ میں اپنے آخری گروپ میچ میں تاجکستان سے ٹکرائے گا۔ -

کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے والی کانسٹیبل معطل
بھارتی سیاستدان و بالی ووڈ کی اداکارہ کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنا لیڈی کانسٹیبل کو مہنگا پڑگیا۔سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے والی خاتون اہلکار کو معطل کردیا ہے۔لیڈی کانسٹیبل نے بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والی نو منتخب رکن پارلیمنٹ اور اداکارہ کنگنا رناوت کو چندی گڑھ ایئرپورٹ پر اس وقت تھپڑ مارا تھا جب وہ دہلی کیلئے روانہ ہورہی تھیں۔اس حوالے سے کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ جب وہ ایئرپورٹ پر چیکنگ کے بعد بورڈنگ کیلئے جارہی تھیں تو سی آئی اسی ایف آفیسر نے ان سے بحث شروع کردی اور اس کے بعد مجھے تھپڑ بھی مارا۔خیال رہے کہ کنگنا رناوت ریاست ہما چل پردیش میں اپنے آبائی علاقے مندی سے الیکشن میں کھڑی ہوئی تھیں۔کنگنا رناوت نے کانگریس رکن وکرمادتیہ سنگھ کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
-

حیدر آباد ؛سلنڈر دھماکے کے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے
حیدرآباد میں پریٹ آباد گیس سلنڈر دھماکے کے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے۔ جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو گئی ،
ڈپٹی کمشنر حیدر آباد زین العابدین نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ کراچی کے دو اسپتالوں میں 3 زخمی زیر علاج ہیں جبکہ سول اسپتال حیدر آباد میں 11 زخمی اب بھی زیر علاج ہیں۔ واضح رہے کہ 30 مئی کو پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کے دھماکے میں 62 افراد جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔ -

ہم نے احترام کی سیاست کی، مخالف کو گالی نہیں دی، مولانا فضل الرحمن
جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے بات چیت چل رہی ہے اس سے انکار نہیں۔ کوئی فیصلہ ہوتا تو آپ تک پہنچ چکا ہوتا۔ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں مقامی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل ہونگے؟ تو انھوں کہا میں نے پہلی بار یہ سوال نہیں سنا کہیں، آپ پہلی باریہ بات نہیں کر رہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جب فیصلے ہونگے دنیا کو پتہ چلے گا، پھر پوچھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف جب ملنا چاہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہم نے احترام کی سیاست کی، مخالف کو گالی نہیں دی۔ گالیاں برداشت کی ہیں لیکن گالیاں دی نہیں ہیں۔
-

پاکستان آٹھویں مرتبہ یو این سکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب
پاکستان آٹھویں مرتبہ یو این سکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہو گیا۔پاکستان کے حق میں بھارت سمیت 182 ممالک نے ووٹ دیا، یونان، ڈنمارک، صومالیہ، پاناما بھی 2 سال کیلئے غیر مستقل رکن منتخب ہو گئے، پاکستان سے پہلے ایشیا پیسیفک گروپ کی سیٹ جاپان کے پاس تھی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن کے طور پر انتخاب پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا رکن منتخب ہونا امن اور سلامتی کے لیے ہماری قوم کے عزم کا ثبوت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کریں گے، ہم اقوام عالم کے درمیان امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کے اقوام متحدہ کی سلامتی غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے مطابق بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے موثر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر ایک تہنیتی پیغام پوسٹ کیا ہے جس مین انہوں نے کہا ہے, "2025-26 کی مدت کے لیے 182 ووٹوں کی زبردست حمایت کے ساتھ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان کے انتخاب پر میری دلی مبارکباد, پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے وژن کے ساتھ اپنی وابستگی کو برقرار رکھنے کا منتظر ہے. اقوام متحدہ کے چارٹر کے وژن میں جنگ کی روک تھام, امن و عالمی خوشحالی کا فروغ اور انسانی حقوق کے عالمی احترام کا فروغ شامل ہیں. "اسحاق ڈار نے مزید لکھا، "ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے مطابق بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے موثر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں.” انہوں نے کہا، "میں اس موقع پر وزارت خارجہ، اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن اور بیرون ملک مشنز کی شاندار انتخابی مہم اور ٹیم ورک کی تعریف کرتا ہوں.” -

بانی پی ٹی آئی کو 6 فٹ کا سیل دیا گیا ہے، عمر ایوب
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ آئین میں ہائبرڈ سسٹم نہیں، پاکستان تحریک انصاف کا ہر رکن محب وطن ہے، آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ پریس گیلری کے صحافیوں کے کیمروں کو اجازت دینی چاہئے، یہ عوامی اسمبلی ہے، ہمیں عوام میں رہنا پڑتا ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ قومی اسمبلی میں یوٹیوبرز کو اجازت دینی چاہئے، وزیر داخلہ کو حاضر ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اڈیالہ میں بانی پی ٹی آئی کو جو سیل دیا گیا ہے، وہ 15 فٹ کی بھی جگہ نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کو 6 فٹ کا سیل دیا گیا ہے، ان کو واک کے لیے جگہ دی جاتی ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں۔
-

گلگت بلتستان میں بے پناہ وسیع اقتصادی صلاحیت موجود ہے، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری سے گلگت بلتستان کے کونسل کے اراکین نے ملاقات کی، صدر مملکت نے گلگت بلتستان کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ کی ضرورت پر زور دیا، صدر مملکت کو وفد نے گلگت بلتستان کی ترقیاتی اور مالی ضروریات بارے آگاہ کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے بھی شرکت کی، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان، گلگت بلتستان کونسل کے اراکین اور اعلیٰ سرکاری افسروں نے بھی شرکت کی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت، تعلیم اور سڑکوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، صدر مملکت نے گلگت میں ہوائی اڈے کو وسعت دینے، گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان چین کے سنگم پر واقع ہے، گلگت بلتستان میں بے پناہ وسیع اقتصادی صلاحیت موجود ہے، اقتصادی صلاحیت سے عوامی مفاد میں استفادہ کیا جانا چاہئے، دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا معاملہ مناسب فورم پر اٹھایا جائے گا۔صدر مملکت کو وفد نے بتایا کہ صحت سہولت پروگرام کے بند ہونے سے گلگت بلتستان کے لوگ ہیلتھ انشورنس کی خدمات حاصل کرنے سے قاصر ہیں، صدر مملکت نے گلگت بلتستان کی عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت سہولت پروگرام کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز دی۔وفد نے گلگت بلتستان کی ترقی، مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، صدر مملکت نے وفد کو گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے اپنے تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔
