Baaghi TV

Author: صدف ابرار

  • چئیر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کا صوابی ادائیگی مراکز  کا دورہ

    چئیر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کا صوابی ادائیگی مراکز کا دورہ

    چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے صوابی میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ادائیگی مراکز کا دورہ کیا، انہوں نے مستحق خواتین میں ادائیگیوں کی تقسیم کے عمل، ادائیگی مراکز میں موجودہ انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا، انہوں نے مستحق خواتین سے براہ راست بات چیت کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ بزرگ اور چھوٹے بچوں والی خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر رقوم کی ادائیگی کی جائے، انہوں نے مستحق خواتین کو بھی ہدایت کی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سرکاری نمبر 8171 سے پیغام موصول ہونے پر ہی ادائیگی مرکز پرتشریف لائیں، انہوں نے مستحق گھرانوں کے افراد کیلئے تکنیکی مہارت اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی پر بھی زور دیا۔
    اس موقع پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سیاسی وابستگی سے بالاتر تمام غریب و مستحق افراد کی مدد کررہا ہے، مستحق خواتین کو باعزت اور شفاف طریقے سے رقوم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، کفالت کی سہ ماہی قسط کی رقم 10500روپے ہے، کٹوتی کی صورت میں فوری طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر شکایت درج کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 95 لاکھ سے زائد خاندان پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں، مستحق گھرانوں کیلئے سروے کا عمل جاری ہے۔

  • آئی سی سی کا ٹی  ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے  15 رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان

    آئی سی سی کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ، ورلڈ کپ اسکواڈ میں بابراعظم ( کپتان ) صائم ایوب۔ محمد رضوان۔ فخرزمان ۔ اعظم خان۔ عثمان خان ۔افتخار احمد۔ عماد وسیم۔ شاہین شاہ آفریدی ۔ شاداب خان۔ محمد عامر۔ عباس آفریدی۔ نسیم شاہ۔ حارث رؤف اور ابرار احمد شامل کر لئے گئے ہیں،
    عثمان خان۔ اعظم خان۔ ابرار احمد۔ عباس آفریدی اور صائم ایوب پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ سلیکشن کمیٹی نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ ٹیم متوازن ہے جس میں تجربہ کار اور نوجوان کرکٹرز شامل ہیں۔ حارث رؤف فٹ ہیں ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کا کردار بہت اہم ہوگا۔
    پاکستان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے میں شامل ہے۔ گروپ اے کی دیگر ٹیمیں انڈیا۔ آئرلینڈ ۔ کینیڈا اور امریکہ ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکہ کے خلاف کھیلے گا۔پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 9 جون کو نیویارک میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور کینیڈا 11جون کو مدمقابل ہونگے۔16 جون کو پاکستان آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

  • پی ایس ایکس میں آج مثبت رجحان رہا

    پی ایس ایکس میں آج مثبت رجحان رہا

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز مارکیٹ بہت تیز ہو گئی۔ ہنڈرڈ انڈیکس آج 76 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا اور کاروبار کے اختتام پر میں ایک روز میں 856 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا۔ جمعہ کی شام سٹاک ایکسچینج میں کاروبار بند ہوا تو 100 انڈیکس 75ہزار 983 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا تھا۔ جمعہ کو کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 76 ہزار 248 نئی بلند ترین سطح پر بھی ٹریڈ ہوا تاہم اس کے بعد کم ہو کر 75983 پر آ گیا۔ جمعہ کو سٹاک ایکسچینج میں 23 ارب روپے مالیت کے 60 کروڑ شئیرز کا کاروبار ہوا۔

  • اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو جرمنی میں داخل ہوئے تو گرفتار کرلیا جائے گا،جرمن چانسلر

    اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو جرمنی میں داخل ہوئے تو گرفتار کرلیا جائے گا،جرمن چانسلر

    جرمنی کے چانسلر اولاف شولز کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو جرمنی میں داخل ہوئے تو گرفتار کرلیا جائے گا۔میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق جرمن چانسلر اولاف شولز کے ترجمان اسٹیفن ہیبر سٹریٹ نے تصدیق کی ہے کہ قانون کی پاسداری کی جائے گی اور اسرائیلی وزیراعظم کو جرمنی میں داخلے کی صورت میں گرفتار کرلیا جائے گا۔جرمنی کا بیان برلن میں اسرائیلی سفیر رو پروسور کی جانب سے جرمنی کو آئی سی سی کا مذکورہ فیصلہ مسترد کرنے کا مطالبہ کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
    اس سے قبل برطانوی پروسیکیوڑ کریم خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ نیتن یاہو، اسرائیلی وزیردفاع یووا گیلینٹ کے ساتھ ساھ حماس کے سربراہ یحیٰ سنوار کی گرفتاری کے لیے کوشش کریں گے۔خیال رہے کہ آئی سی سی نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد غزہ پر اسرائیل کی جنگ شروع کرنے اور اس دوران بھیانک جرائم کا ارتکاب کرنے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیردفاع گیلنٹ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے تھے۔آئی سی سی نےان کے ساتھ ساتھ حماس کے سربراہ کے وارنٹ بھی جاری کردیے تھے۔

  • حکومت سے لڑائی نہیں چاہتے، مگر تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

    حکومت سے لڑائی نہیں چاہتے، مگر تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

    چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس شہزاد ملک کاکہنا ہے کہ ا گر حکومت عدلیہ کا احترام نہیں کرے گی تو ہم سے بھی امید نہ رکھے۔ جسٹس شہزاد ملک نے لاہور میں تقریب سے خطاب میں کہاکہ ا گر حکومت عدلیہ کا احترام نہیں کرے گی تو ہم سے بھی امید نہ رکھے۔ان کاکہنا تھا کہ حکومت سے لڑائی نہیں چاہتے، مگر تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ ان کاکہنا تھاکہ آپسی لڑائی سے ادارے کمزور ہوتے ہیں،ان لوگوں سے ہوشیار رہیں جواداروں کی لڑائی کراناچاہتے ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان کا کہنا تھا عدل کرنا بہت بڑی ذمے داری ہے، ججز بغیر خوف کےکام کریں، جج کو قانون پر دسترس ہونی چاہیے اور جج کو کسی کے پریشر میں نہیں آنا چاہیے، ججز جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں، جلد اور فوری انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، پنجاب میں ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کا آغاز کریں گے۔
    انہوں نے کہا کہ کوئی جج کسی پریشر میں نہ آئے، مجھ سمیت ہر جج کے دل میں وکیل کا احترام ہے، ہم کسی بار، کسی ادارے، کسی حکومت کے ساتھ لڑائی نہیں چاہتے، ہمارے دل میں سب کا احترام ہے، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، اگر کوئی عدلیہ کا احترام نہیں کرے گا تو ہم سے بھی توقع نہ رکھے، ہم پھر قانون کے مطابق چلیں گے۔جسٹس ملک شہزاد احمد خان کا کہنا تھا کہ آپس کی لڑائی سے ادارے کمزور ہوتے ہیں، ان سے ہوشیار رہیں جو اداروں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں۔
    انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ کے خواب کی تعبیر کیلئے سب کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے، یہ عدالتی نظام کسی طاقتور کیلئے نہیں کمزور کیلئے بنایا گیا ہے، طاقتور اپنا حق لے لیتا ہے لیکن مظلوم کو اس نظام میں آنے کی ضرورت پڑتی ہے، ہر پاکستانی شہری کو حق ہے کہ اس کو قانونی تحفظ حاصل ہو۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا مزید کہنا کہ آپ اپنے دل میں صرف خوف خدا رکھیں گے، آپ عرش والے خدا کا خوف رکھیں گے اور فرشی خداؤں سے نہ ڈریں۔

  • خیبر پختونخوا حکومت کا  تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان

    خیبر پختونخوا حکومت کا تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان

    خیبر پختونخوا حکومت نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا جس کے مطابق یکم جون سے 31 اگست تک تمام پرائمری اسکولز بند رہیں گے ،محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پرائمری اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم اگست سے شروع ہوں گی جو 31 اگست تک جاری رہیں گی۔محکمہ تعلیم کے اعلامیے کے مطابق صوبے کے مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولز 15 جون سے 31 اگست تک بند رہیں گے، بالائی اضلاع میں بھی اسکولز یکم جولائی سے 31 جولائی تک بند رہیں گے۔

  • انٹراپارٹی الیکشن پر تحریک انصاف کو نوٹس جاری

    انٹراپارٹی الیکشن پر تحریک انصاف کو نوٹس جاری

    الیکشن کمیشن نے انٹراپارٹی الیکشن پر پاکستان تحریک انصاف کو نوٹس جاری کردیا۔پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کی سماعت الیکشن کمیشن 30 مئی کو کرے گا، الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر خان، رؤف حسن کونوٹس جاری کر دیے۔اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کے 3 مارچ کو کروائے گئے انٹراپارٹی الیکشنز پر 7 اعتراضات عائد کیے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی الیکشن نہیں کروائے، انتظامی ڈھانچہ ختم ہوگیا ہے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی رجسٹریشن پر سوالات اٹھائے تھے۔اعتراضات میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے الیکشنز ایکٹ کی سیکشن 208 ایک کے تحت انٹراپارٹی الیکشنز 5 سال میں نہیں کروائے، الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کا انتظامی ڈھانچہ پانچ سال سے نہیں ہے اب بطور سیاسی جماعت کیا اسٹیٹس ہے؟ پی ٹی آئی نے سیکشن 202 پانچ کے تحت فہرست میں شامل ہونے کیلئے درکار دستاویزات نہیں دیں۔

  • نوازشریف کا یوم تکبیر کے موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کا فیصلہ

    نوازشریف کا یوم تکبیر کے موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کا فیصلہ

    نوازشریف نے یوم تکبیر کے موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پانچ ہزار سے زائد لیگی عہدیداروں اور بلدیاتی نمائندوں کو لاہور طلب کر لیا گیا، جنرل کونسل اجلاس کو عوامی رنگ دینے کیلئےبڑی تعداد میں کارکنوں کو اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،قائد مسلم لیگ ن نوازشریف پارٹی صدارت سنبھالنے کے بعد تنظیمی اور آئینی معاملات پر کھل کر خطاب کریں گے۔پارٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف ملک گیر دوروں کے حوالے سے بھی اعلان کریں گے، نوازشریف آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے، گرم موسم کے پیش نظر جنرل کونسل کا اجلاس ماڈل ٹاؤن کے بجائے نجی ہوٹل میں ہوگا۔

  • اسرائیلی فوجی آپریشن فی الفور روکا جائے عالمی عدالت انصاف

    اسرائیلی فوجی آپریشن فی الفور روکا جائے عالمی عدالت انصاف

    عالمی عدالت انصاف نے جنوبی افریقا کی جانب سے رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن رکوانے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ رفح میں اسرائیلی آپریشن سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا 8 لاکھ افراد بے گھر ہوئے۔عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح میں آپریشن فوری روکنے کا حکم دیتے ہوئے غزہ میں نسل کشی کے الزامات کی تحقیقات کی اجازت دے دی۔عالمی عدالت نے کہا کہ اسرائیل فیکٹ فائنڈنگ مشن کو تحقیق کی اجازت دے، ایک ماہ میں اسرائیل رپورٹ پیش کرے۔29 دسمبر 2023 کو جمع کرائی گئی اپنی درخواست میں جنوبی افریقہ نے اسرائیل پر سنہ 1948 کے اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نسل کشی کا دعویٰ کیا ہے جس میں جنوبی افریقہ اور اسرائیل دونوں فریق ہیں۔ معاہدے کے فریق ممالک کو جرم کو روکنے کا اجتماعی حق حاصل ہے۔
    اپنی درخواست میں جنوبی افریقہ نے اسرائیلی جارحیت کی جو نشاندہی کی ان میں بڑی تعداد میں عام شہریوں خصوصاً بچوں کا قتل، فلسطینیوں کی اجتماعی بے دخلی، انہیں بے گھر کرنا، ان کے گھر تباہ کرنا، اسرائیلی حکام کے اشتعال انگیز بیانات جن میں فلسطینیوں کو انسانوں سے کم سمجھا جانا بھی شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام عوامل نسل کشی کے مترادف ہیں اور اسرائیل کی نیت ظاہر کرتے ہیں۔درخواست کی سماعت کے دوران روز جنوبی افریقا کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ رفح میں فوجی آپریشن غزہ میں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی کا آخری مرحلہ ہے، دفاع کا حق نسل کشی کا جواز فراہم نہیں کرتا، فلسطینیوں کو بچانے کے لیے اضافی اقدامات کی ضرورت ہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے، اسرائیل کے حملے رُکوائے جائیں۔

  • خیبرپختونخوا اسمبلی میں مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کر دیا گیا۔

    خیبرپختونخوا اسمبلی میں مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کر دیا گیا۔

    بجٹ اجلاس 2 گھنٹے 15 منٹ تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی کر رہے تھے۔وزیرخزانہ خیبر پختونخوا آفتاب عالم نے بجٹ پیش کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور ایوان بھی میں موجود تھے۔وزیرخزانہ خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے بتایا کہ کل محصولات 1754 ارب روپے ہیں جبکہ کل اخراجات 1654ارب روپے ہیں، بجٹ 100 ارب روپے سرپلس ہے۔
    وزیر خزانہ نے کہا کہ 30 ڈگری کالجز کرائے کی عمارتوں میں قائم کرنے کا منصوبہ ہے، وفاقی ٹیکس محصولات 902 ارب51 کروڑ روپے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے قابل تقسیم محاصل کا 1 فیصد 108 ارب 44 کروڑ روپے ہے، تیل و گیس کی رائیلٹیز اور سرچارج کی مد میں براہ راست منتقلی 42 ارب96 کروڑ روپے ہے، ونڈ فال لیوی آن آئل 46ارب83 کروڑ روپے ہے جبکہ پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں محصولات ” موجودہ سال” 33 ارب 10 کروڑ روپے ہیں۔
    وزیرخزانہ کے مطابق تعلیم کے لیے کل 362 ارب 68 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ، تعلیم کے اخراجات گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہیں، اعلیٰ تعلیم کیلئے 35 ارب 82 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔آفتاب عالم نے بتایا کہ پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں محصولات ” بقایاجات”78 ارب 21 کروڑ روپے ہے، مجموعی طور پر محصولات 1212 ارب 40 لاکھ روپے ہیں۔
    وزیرخزانہ خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت ضم اضلاع کا سالانہ حصہ 262 ارب روپے بنتا ہے، صوبے کو 262 میں سے صرف 123 ارب روپے ملے ہیں، خیبرپختونخوا کو 139 ارب روپے کے سالانہ خسارے کا سامنا ہے، ہر سال صوبہ کو واجب الادا رقم اپنے حصہ کے مقابلہ میں کم ملتی ہے۔وزیرخزانہ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہوٹلوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 6 فیصد کر دی گئی ہے، ریسٹورنٹ انوائس منیجمنٹ سسٹم کا استعمال تمام ہوٹلوں کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شادی ہالوں کے لیے فکسڈ سیلز ٹیکس ریٹ متعارف کرنے کی تجویز ہے جبکہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں بڑا ریلیف دیا جا رہا ہے، کارخانوں پر پراپرٹی ٹیکس 2.5 روپے فی مربع فٹ ہے جو 10 ہزار 600 روپے فی کنال بنتا ہے۔اس ٹیکس کم کو کم کر کے 10 ہزار روپے فی کنال کرنے کی تجویز ہے۔
    وزیرخزانہ خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے بتایا کہ کمرشل پراپرٹی پر ٹیکس ماہانہ کرایہ کا 16 فیصد سےکم کرکے 10 فیصد کرنے کی تجویز ہے جبکہ شعبہ صحت سے منسلک کاروباروں پر ٹیکس 16 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کیا جارہا ہےوزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ریونیو موبیلائزیشن پلان کے تحت 93.50 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، آمدن بڑھانے کیلئے ٹیکس نیٹ بڑھانے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں، ٹیکس کی مد میں کئی اصلاحاتی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ بھاری وفاقی ٹیکس کے باعث لوگ جائیداد کی منتقلی کیلئے اسٹامپ پیپر استعمال کرتے ہیں، جائیداد منتقلی پر صوبائی ٹیکسز کو 6.5 فیصد سے کم کرکے 3.5 فیصد کرنے کی تجویز ہے عوام کو جائیداد کی منتقلی پر 3 فیصد ٹیکس ریلیف ملے گا۔
    بجٹ دستاویز کے مطابق ضم شدہ اضلاع کےلیے 259 ارب 91 کروڑ ملنےکی توقع ہے، وفاق سے ضم شدہ اضلاع کے لیے 72 ارب 60 کروڑ ملنےکا امکان ہے، اضافی گرانٹ کی مد میں وفاق سے55 ارب روپے ملنےکی توقع ہے جب کہ ضم شدہ اضلاع کےلیے76 ارب کا ترقیاتی فنڈ وفاق سے ملےگا۔بجٹ دستاویزات کے مطابق بےگھر افراد کی مد میں 17 ارب وفاق سے ملنے کی توقع ہے۔بجٹ دستاویز کے مطابق صحت سہولت کارڈ کے لیے 34 ارب مختص کرنےکی تجویز ہے، صحت کارڈ میں 28 ارب بندوبستی اضلاع اور 6 ارب قبائلی اضلاع کے لیے ہوں گے۔
    خیبرپختونخوا کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 100 ارب سرپلس ہے۔دستاویز کے مطابق صوبائی حکومت کو وفاق سےایک ہزار 212 ارب سے زائد ملنےکا امکان ہے، دہشتگردی کےخلاف جنگ کے ایک فیصدکی مد میں 108 ارب 44 کروڑ روپے ملنےکا امکان ہے جب کہ پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں 33 ارب 10 کروڑ ملنے کی توقع ہے، پن بجلی کے بقایاجات کی مد میں 78 ارب 21 کروڑ روپے ملنے کا امکان ہے۔دستاویز کے مطابق صوبائی حکومت 93 ارب 50 کروڑ روپے اپنے وسائل سے اکٹھے کرے گی، ٹیکسیشن کی مد میں صوبائی حکومت کا 63 ارب 19کروڑکا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق 10 ارب 97 کروڑ ادویات کی خریداری کے لیے مختص کرنےکی تجویز اور 26 ارب 70 کروڑ گندم کی سبسڈی کے لیے رکھنے کی تجویز ہے، طلبہ کو مفت کتب کی فراہمی کے لیے 9 ارب مختص کرنےکی تجویز ہے، بی آر ٹی کی سبسڈی کےلیے 3 ارب رکھنےکی تجویز ہے۔
    دستاویز کے مطابق نجی شعبےکے تعاون سے 4 بڑے منصوبے شروع کیےجائیں گے، منصوبوں میں دیر موٹروے، ڈی آئی خان موٹروے، بنوں لنک روڈ اور ہکلہ یارک موٹروے بھی شامل ہے۔دستاویز کے مطابق بجٹ میں تعلیم کے لیے 362 ارب 68 کروڑ روپے مختص کرنےکی تجویز ہے، بجٹ میں صحت کے لیے 232 ارب روپے رکھنےکی تجویز ہے۔دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا میں ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز کیا جائےگا اور پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا جنوبی اضلاع میں سیٹلائٹ مرکز قائم کیا جائےگا۔دستاویز کے مطابق ریلیف اور امدادی سرگرمیوں کے لیے ڈھائی ارب روپے رکھنے، پناہ گاہوں کے لیے 90 کروڑ مختص کرنے، احساس روزگار، نوجوان پروگرام، ہنرمند پروگرام کے لیے 12 ارب مختص کرنے اور احساس اپنا پروگرام کے لیے 3 ارب روپے مختص اور 5 ہزارگھر تعمیرکیےجائیں گے، سی آر بی سی پروجیکٹ کے لیے 10 ارب مختص کیے جائیں گے جس سے 3لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔بجٹ دستاویز کے مطابق امن و امان کے لیے 140 ارب 62 کروڑ روپے مختص کرنے، سماجی بہبود کے لیے 8 ارب 11 کروڑ رکھنے کی تجویز ہے۔صنعت کے لیے7 ارب 53 کروڑ مختص کرنے اور سیاحت کے لیے9 ارب 66 کروڑ رکھنے کی تجویز ہے۔