پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی موجودگی پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ آپریشنز کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے دہشت گرد انعام اللہ کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، دہشت گرد معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔واضح رہے کہ 4 مئی کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے6 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔
Author: صدف ابرار
-

ہمارا ایک پوائنٹ ایجنڈا یہی ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہو، عمر ایوب
اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہا ہے کہ آئین میں واضح ہے فوج سیاست میں مداخلت نہیں کرےگی۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے آئین اور قانون کی بالا ستی کیلئے کسی سے سودے بازی کے لیے تیار نہیں۔سیمینار سے خطاب کرتے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 9مئی ایک سازش تھی جس کا نشانہ عمران خان تھے۔یہ سب لندن پلان کا حصہ تھا ٹارگٹ اس وقت کے وزیراعظم تھے۔ہم پر قتل ، اغوا اور دہشت گردی کے کیسز بنائے گئے۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے شیر افضل مروت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ بانی چیئرمین ہمارا لیڈر ہے ، وہ کہیں گے تو استعفیٰ بھی دے دیں گے۔ عمرایوب نے کہاکہ میری شیر افضل مروت سے کوئی لڑائی نہیں، شیرافضل مروت کا نام میں نے ہی دیا تھا،ان کا کہناتھا کہ بانی چیئرمین تک میری رسائی نہیں ہے، ان سے ملاقات کرکے ضرور پوچھے کہ شیرافضل مروت کا نام کیوں واپس لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ،فارم 47 کے ذریعے ہمارے ایم این ایز کی تعداد کم کی گئی۔ پی ٹی آئی کسی سے بات چیت کے لیے تیار نہیں ،ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔
-

فیملی کو قتل سمیت دیگر سنگین خطرات کا سامنا، وزیراعظم، چیف جسٹس اور وفاقی وزیر داخلہ انصاف فراہم کرے،زکیہ نورین خٹک
خیبر پختونخوا کے ضلع کرکے سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی سرگرم رکن پاکستانی امریکن خاتون زکیہ نورین خٹک کی فیملی کے دو بچے مقامی طالبان تشدد پسند گروپ نے اغواء کرکے انکی رہائی کے بدلے 80 لاکھ روپے تاوان مانگ لیا،فیملی کو قتل سمیت دیگر سنگین خطرات کا سامنا، وزیراعظم، چیف جسٹس اور وفاقی وزیر داخلہ سے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل،تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع کرکے سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی سرگرم رکن پاکستانی امریکن خاتون زکیہ نورین خٹک نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اپنے خاندان کی واحد اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون ہیں اور ایم بی اے کرنے کے بعد علاقے کی خواتین کے حقوق اور اُن کی بہتری کیلئے میدان عمل میں قدم رکھا اور ویمن اویرننس ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لا کر علاقے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کئی پرا جیکٹس پر بھی کام کیا،اس دوران ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نےممبر آف ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اور بیت المال کمیٹی منتخب کر لیا،
ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کےممبر کے حیثیت سے میں نے بیوہ اور غریب خواتین بشمول کچھ کرسچین خواتین کے نام بیت المال سے جاری ہونے والے فنڈز کیلئے دیئے جس پر مجھے سخت تنقید کا سامناکرنا پڑا،جس پر میں نے جواب دیا کہ آئین پاکستان کے مطابق بیت المال سے جاری ہونے والے فنڈز پر دوسروں کا بھی حق ہے مگر کمیٹی کے دیگر ممبران نے مجھے ہدف تنقید بنایا اور لوگوں میں یہ جھوٹی خبر پھیلا دی کہ یہ بھی کرسچن بن گئی ہے،جس پر علاقے کے طالبان نے مسجد کے لاؤڈ اسپیکرپر میرے قتل کا فتویٰ جاری کر دیا، اس کے بعد علاقے کےتشددپسندطالبان کے ایک گروپ نے میرے بھائی اکرام اللہ اور ان کے دو بچوں کو 80 لاکھ روپے تاوان کے عوض اغواء کر لیا اور اب ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ اگر ہم نے انصاف کا مطالبہ کیا تو ہمیں قتل کر دیا جائے گا، جبکہ میرے والد پر پتھراؤ بھی کیا گیا اور ہمیں اپنے علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ ہم 2009 میں پشاور چلے گئے جس کے بعد میں اپنے ننھے بیٹے کے ساتھ امریکہ ہجرت کر گئی،میرے جانے کے بعد طالبان میری فیملی کو ہراساں کرتے رہے اور یہ سلسلہ پچھلے 24 سالوں سے جاری ہے۔ میں اپنی فیملی کی فلاح و بہبود اور اپنے والدین کی زندگی کیلئے آج بھی انصاف کی متلاشی ہوں ، زکیہ نورین خٹک نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی سےاپیل کی کہ انہیں اور انکی فیملی کوانصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ آزادانہ اپنی زندگی گزار سکیں۔
-

حج ادائیگی کے لئے اجازت نامہ لازمی قرار
سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں دوران سفر عازمین حج کی حفاظت ، سلامتی، آسائش اور ذہنی سکون کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حج کے ضوابط اور ہدایات پر عملدرآمد پر زور دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے کہا کہ کسی خلاف ورزی کے دوبارہ ارتکاب کی صورت میں جرمانہ دوگنا کر دیا جائے گا۔حج کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت نامہ کے نقل و حمل پر پکڑے جانے والے افراد کو چھ ماہ تک قید اور 50 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔ ٹرانسپورٹیشن کے حوالہ سے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد کی بنیاد پر جرمانہ میں اضافہ کیا جائے گا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ اس سے قبل واضح کر چکی ہے کہ عمرہ، سیاحت، ، فیملی وزٹ اور ٹرانزٹ ویزے پر کسی کو حج کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔سعودی وزارت داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ بغیر پرمٹ حج کے واقعات کو کم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔
مزید برآں، خلاف ورزی کے لئے استعمال ہونے والے نقل و حمل کے ذرائع کو عدالتی حکم کے ذریعے ضبط کر لیا جائے گا۔ قوانین کے مطابق کسی تارک وطن کی طرف سے خلاف ورزی کی صورت میں اس کی سزا پوری ہونے کے بعد اسے ملک بدر کر دیا جائے گااور اس کے مملکت میں دوبارہ داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ -

عالمی بینک کے نائب صدر کی چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات
عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریزر نے بدھ کے روز ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور چیئرمین ایف بی آر/ سکریٹری ریونیو ڈویژن ملک امجد زبیر ٹوانہ کے ساتھ ملاقات کی۔ عالمی بینک کی ٹیم میں کنٹری ڈائریکٹر ناجی بیہنسن، آپریشنز منیجر گیلیس جے ڈرگیلیس۔ لیڈ کنٹری اکانومسٹ ٹوبیاس اختر حق اور پبلک سیکٹر سپیشلسٹ ارم توقیر شامل تھے۔ ملاقات میں ایف بی آر کے ممبر ریفارمز اینڈ ماڈرنائزیشن اردشیر سلیم طارق اور ممبر ڈیجیٹل انی شیٹیو کرامت اللہ خان چوہدری نے بھی شرکت کی۔عالمی بینک کی ٹیم کو ایف بی آر اور اس کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں پاکستان ریزز ریونیو پراجیکٹ کے تحت ہارمونائزیشن آف سیلز ٹیکس، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم اور ایف بی آر کی آئی سی ٹی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے بارے میں بتایا گیا۔
عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریزر نے ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو ڈیجیٹلائز کرنے کی ایف بی آر کی پالیسی کوسراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بتدریج رعایتیں ختم کرتے ہوئے سماجی امداد اور کھپت کی بنیاد پر سیلز ٹیکس متعارف کرانے سے یہ اقدامات زیادہ مفید ثابت ہو سکیں گے۔چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ایف بی آر ڈیجٹیلائزیشن کے انی شیٹیو پر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو وسیع البنیاد بنا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن نہ صرف محصولات کے لئے اہمیت رکھتی ہے بلکہ یہ ایف بی آر کو محصولات میں پائیدار اضافہ کے لئے موثر فیصلے کرنے کے قابل بنائے گی۔مسٹر مارٹن ریزر نے چیئرمین ایف بی آر کے خیالات سے اتفاق کیا اور کہا کہ عالمی بینک ڈیجیٹلائزیشن کے انی شیٹیو کو ایف بی آر کے ساتھ مزید تعاون بڑھانے کا ایک موقع سمجھتا ہے۔ -

روبینہ خالد کی بطور چیئرپرسن بی آئی ایس پی تعیناتی کی منظوری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے روبینہ خالد کی بطور چیئرپرسن بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام تعیناتی کی منظوری دے دی ۔صدر مملکت نے ڈاکٹر امجد ثاقب کا چیئرپرسن کے عہدے سے استعفیٰ بھی منظور کرلیا،صدر مملکت نے تعیناتی کی منظوری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ایکٹ 2010 کے سیکشن 5 (3) کے تحت دی۔
-

ملک میں پیاز کی قیمت میں نمایاں کمی
بھارت سے برآمد کھلنے کے باعث ملک میں پیاز کی قیمت میں نمایاں کمی آنے لگی۔ لاہور میں پیاز 80 سے 100 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور سوات میں ایک کلو پیاز 120 روپے اور سکھر میں 130روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔کئی ماہ کراچی میں دو سو سے ڈھائی سو روپے فی کلو بکنے والی پیاز 100 سے ایک 120 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی۔دوسری جانب گندم بحران کے بعد کراچی میں چکی کا آٹا 160 روپے کلو سے کم ہوکر 140 روپے فی کلو ہوگیا۔فلار ملز کا ڈھائی نمبر آٹا 120 روپے فی کلو سے کم ہو کر 100 روپے فی کلو ہوگیا۔پشاور میں آٹے کی 20 کلو کی بوری کی قیمت 800 روپے کم ہوگئی جبکہ چاول پر 50 روپے فی کلو تک کمی دیکھی گئی۔پنجاب میں 10 کلو آٹے کی قیمت میں 500 سے600 روپےتک کمی دیکھی گئی جبکہ لاہور ڈویژن میں10 کلو آٹےکا تھیلا 800 روپے، فیصل آباد ڈویژن میں 830 روپے اور گجرات ڈویژن میں 850 روپے میں دستیاب ہے،
-

وزیرخارجہ سے برطانوی رکن سعیدہ وارثی کی ملاقات
وزیرخارجہ اسحاق ڈار سےبرطانیہ کی ہاؤس آف لارڈز کی رکن بیرونس سعیدہ وارثی کی ملاقات،باہمی امور پرتبادلہ خیال کیا۔سعیدہ وارثی نے اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی ۔فریقین نے پاک برطانیہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کا عزم کیا۔ان شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے روابط شامل ہیں۔
-

وزیر داخلہ محسن نقوی کا سی ڈی اے کو نان ڈیویلپڈ سکیٹرز کو فوری ڈیولپ کرنے کا حکم
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیرداخلہ کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں تین گھنٹے تک طویل اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں کئی بڑے فیصلے کئے گئے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کئی دہائیوں سے نان ڈیویلپڈ سکیٹرز کو فوری ڈویلپ کرنے کے فوری احکامات جاری کیے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ رقم دینے کے باوجود پلاٹ کا قبضہ نہ دینا شہریوں سے زیادتی ہے۔ جو قطعا قبول نہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ سالہا سال سے رقم ادا کرنے کے باوجود پلاٹ حاصل نہ کرنے والوں کو پلاٹ جلد دینے کی جامع حکمت عملی کو جلد حتمی شکل دی جائے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں اراضی کے مسائل حل کرنے کے لیے لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا حکم دیا۔اس بابت میں سی ڈی اے حکام کو چھ ماہ میں لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا ٹاسک بھی دیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کیلئے سی ڈی اے میں تیز رفتار ون ونڈو سسٹم بنے گاتاکہ سی ڈی اے بلا تاخیر خدمات کی فراہمی یقینی بناسکےاور انتظار کی زحمت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لئے زیادہ سے زیادہ خدمات کی آن لائن فراہمی یقینی بنائی جائےاور تین ماہ کے اندر سمارٹ ایپ کو فعال کیا جائے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے شہریوں کی سہولت کیلئے کال سنٹر کی سہولت کی دستیابی کو ہمہ وقت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیرداخلہ نے سی ڈی اے حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔ گرین بیلٹ پر سائیکلنگ اور واکنگ ٹریکس بنانے کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے اس حوالے سے سی ڈی اے کے متعلقہ ونگ سے لینڈ سیکپنگ اور وفاقی دارالحکومت کوخوبصورت بنانے کا پلان طلب کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کو شہر کا سب سے خوبصورت علاقہ بنایا جائے گا اور ڈپلومیٹک انکلیو میں لینڈ سیکپنگ کا کام 3ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے نئے سی ڈی اے سیکٹرز بنانے کی زمہ داری بھی سونپ دی۔جن جن سیکٹرز میں ابھی تک لوگوں کو قبضہ نہیں دیا گیا اس میں مزید تاخیر برداشت نہیں ہو گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا سی ڈی اے کے سینئر افسران سے تعارف کرایا گیا بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹر کے لان میں پودا لگایا۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن، ڈائریکٹر ایڈمن آئی سی ٹی اور سی ڈی اے کے تمام ممبران کی اجلاس میں شرکت کی۔ -

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس، نیب کےمزیدایک گواہ کابیان ریکارڈ
190ملین پاؤنڈاسکینڈل ریفرنس کی سماعت میں نیب کےمزیدایک گواہ کابیان ریکارڈکرلیاگیا۔ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی گئی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء ظہیر عباس چودھری، عثمان گل اور بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔نیب کے مزیدایک گواہ کا بیان ریکارڈ ایک پر جرح مکمل جبکہ ایک گواہ پر ابتدائی جرح ہوئی۔190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس میں مجموعی طور پر 27 گواہان کے بیانات ریکارڈ 18 پر جرح مکمل کرلی گئی۔ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔
