ریلوے حکام نے عید پر 4 سپیشل ٹرین چلانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ،کراچی ، لاہور ، پشاور اور کوئٹہ کے مسافروں کیلئے سپیشل ٹرین چلائی جائیگی ۔ریلوے حکام کاکہنا ہے کہ کراچی سے مسافروں کیلئے2 سپیشل ٹرین چلائی جائیگی ،سی ای او ریلوے نے عید پر سپیشل چلانے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق 17 بوگیوں پر مشتمل پہلی عید سپیشل ٹرین کراچی سے پشاور جائیگی، پہلی عید سپیشل ٹرین 7 اپریل کو کراچی کینٹ سٹیشن سے پشاور کیلئے شام ساڑھے چھ بجے روانہ ہوگی،پہلی عید سپیشل ٹرین میں تمام بوگیاں اکانومی کلاس ہیں ،کراچی سے پشاور جانے والی سپیشل ٹرین میں 1725 مسافر سفرکر سکیں گے۔ یہ نوٹیفکیشن کے مطابق 18 بوگیوں پر مشتمل دوسری عید سپیشل ٹرین کراچی سے لاہور جائیگی، دوسری عید سپیشل ٹرین 8 اپریل کو کراچی کینٹ سٹیشن سے لاہور کیلئے رات نوبجے روانہ ہوگی،دوسری عید سپیشل ٹرین میں 2 بزنس کلاس اور 2 لوئر اے سی کلاس ہونگی ،کراچی سے لاہور جانے والی اسپیشل ٹرین میں 1280 مسافر سفر کر سکیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق چار میں دو سپیشل ٹرین لاہور اور کوئٹہ سے بھی چلائی جائینگی۔
Author: صدف ابرار
-

سینٹ الیکشن : مراد سعید کو الیکشن ٹریبونل کی جانب سے بڑا ریلیف مل گیا
سینیٹ کے لئے پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید کو کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا معاملہ پر الیکشن ٹریبونل کی جانب سے بڑا ریلیف مل گیا۔پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر دائر کی گئی اپیل پر سماعت ہوئی، اپیل پر سماعت الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس شکیل احمد نے کی، الیکشن ٹریبونل نے مراد سعید کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کے کاغذات کو بھی منظور کیا تھا۔
دوسری جانب اپیلیٹ ٹریبونل نےخرم ذیشان اوراعظم سواتی کی اپیلیں بھی منظورکر لیں ، جسٹس شکیل احمد کا کہنا ہے کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست کےلیے اپیل پر بعد میں فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ایپلٹ ٹریبونل نے اعظم سواتی کے سینٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جنرل نشست پر منظور کرلیے ہیں ۔ سینٹ الیکشن کی جنرل نشست پر کاغذات نامزدگی مسترد ہونےکےخلاف اعظم سواتی کی اپیل پر سماعت ہوئی، ایپلٹ ٹریبونل نےاعظم سواتی کی اپیل پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔ایپلٹ ٹریبونل نے اعظم سواتی کو سینٹ الیکشن کی جنرل نشست کےلیے اہل قرار دیا،جسٹس شکیل احمد کا کہنا ہے کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست کےلیے اپیل پر بعد میں فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ -

ڈی آئی خان : سیکیورٹی اداروں کے آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک
ڈی آئی خان کلاچی میں سیکیورٹی اداروں کے آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، فائرنگ کی زد میں آکر سابق ڈائریکٹر زراعت احسان اللہ گنڈا پور بھی جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق آپریشن میں سیکیورٹی فورسز، سی ٹی ڈی اور پولیس مشترکہ طور پر شامل کیا۔ آپریشن کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کی زد میں آکر سابق ڈائریکٹر زراعت احسان اللہ گنڈا پور بھی جاں بحق ہوگئے۔سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ باردوی مواد اور دیگر سامان برآمد کر لیا ہے۔ جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی شناخت جاری ہے۔
-

وزیر اعلی بلوچستان نے دو ہزار اساتذہ کو برطرف کر دیا
بلوچستان میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان نے 2000 غیر حاضر اساتذہ کو ان کے عہدوں سے برطرف کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیر اعلی بلوچستان نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو غیر حاضر اساتذہ کی برطرفی کے حوالے سے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ محکمہ تعلیم میں کوئی مداخلت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تعلیمی افسران کی تقرری میرٹ کی بنیاد پر کی جائے تاکہ تعلیمی نظام کو موثر انداز میں چلایا جا سکے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ اگر کوئی ٹیچر غیر حاضر پایا گیا تو سیکریٹری تعلیم کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں فی بچے پر ماہانہ 5 ہزار 625 روپے خرچ کیا جا رہا ہے، اتنے اخراجات میں بچہ اعلیٰ نجی تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرسکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ اپنے زیر صدارت ہو رہے محکمہ تعلیم کے اجلاس میں کیا۔ -

پاک بحریہ کا کامیاب ریسکیو آپریشن،8ایرانی ماہی گیروں کو بچالیا
پاک بحریہ نے کھلے سمندر میں ایرانی ماہی گیروں کو بچانے کے لیے کامیاب ریسکیو آپریشن کیا، ریسکیو آپریشن کے دوران پاک بحریہ کے جہازنے سمندرمیں آتشزدگی کا شکارکشتی کی طرف سے ہنگامی کال کوبروقت مانیٹرکیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جس کے بعد جہازپی این ایس یرموک نے کھلے سمندرمیں آتشزدگی کا شکار ایرانی کشتی کے 8 ماہی گیروں کوبچالیا۔پی این ایس یرموک نے کال سنتے ہی انسانی ہمدردی کے تحت کامیاب ریسکیو آپریشن کیا پاک بحریہ کے جہاز نے تمام ماہی گیروں کو کامیابی سے ریسکیو کیا اوربے قابو آگ کو بجھانے میں احسن کردارادا کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق بروقت اور کامیاب ریسکیو آپریشن پاک بحریہ کی سمندر میں ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کا عملی نمونہ ہے۔ پاک بحریہ کا انسانی ہمدردی کے تحت ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا غماز ہے۔
-

وفاقی محتسب کی سالانہ رپورٹ صدر آصف علی زرداری کو پیش
صدر مملکت آصف زرداری کو وفاقی محتسب کی سالانہ رپورٹ پیش کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق وفاقی محتسب نے 2023 میں سرکاری محکموں کی بد انتظامی کے خلاف ریکارڈ ایک لاکھ 94 ہزار 99 شکایات پر کارروائی کی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت سال 2023ء میں شکایات پر کارروائی میں 18 فیصد اضافہ ہوا، کل شکایات میں سے 193,028 کا ازالہ کیا گیا، سال 2022 کے مقابلے میں 22 فیصد اضافہ ہوا۔وفاقی محتسب نے ملاقات میں صدر مملکت کو محتسب کی کارکردگی اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
-

سیکریٹری کامرس خرم آغا کل افغانستان کا دورہ کرے گے،دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ سیکریٹری کامرس خرم آغا کل سے افغانستان کا دورہ کریں گے۔اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سیکریٹری کامرس کا دورہ افغانستان 2 روز پر مشتمل ہوگا۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دو روز کے دورے میں افغان حکام سے تجارتی معاملات پر بات ہوگی۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ تجارت کے فروغ اور عوام سے مضبوط تعلقات کےلیے کوشاں ہے۔
-

مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک بار پھر گیس بم گرانے کی تیاریاں
مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک بار پھر گیس بم گرانے کی تیاریاں شروع ہو گئی، سوئی ناردرن نے 1سال میں گیس کی قیمت میں تیسرا اضافہ مانگ لیا۔سوئی نادرن گیس کمپنی نے ایک مرتبہ پھر اوگرا میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں گیس کی قیمت 4449روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی درخواست کی گئی ہے، منظوری کی صورت میں صارفین کیلئے گیس 155فیصد مہنگی ہوگی۔
اوگرا کے مطابق آئندہ سال کیلئے 180ارب کے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا گیا، کمپنی نے ایل این جی چارجز کا تخمینہ 325روپے فی ایم ایم بی ٹی یو لگایا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے گیس کی قمیت میں ایک سال میں 2 مرتبہ اضافہ کیا جاچکا ہے، گیس کی قمیت ایک مرتبہ 200 اور دوسری بار 35فیصد تک بڑھائی جاچکی ہے۔ -

مونس الہی کے کاغذات نامزدگی میں کیا اعتراضآت اٹھائے گئے ہے؟
مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 62 (9) کے تحت مسترد کیے ہیں، ان کے کاغذات نامزدگی میں اعتراض تھا کہ وہ اشتہاری ہیں۔
ضمنی الیکشن 2024 کیلئے سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کے پی پی 158 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔پی پی 158 کی ریٹرننگ افسر انعم فاطمہ نے مونس الہٰی کے کاغذات مسترد کرنے کا فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 62 (9) کے تحت مسترد کئے جاتے ہیں، مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی کی 21 مارچ کو جانچ پڑتال ہوئی۔
فیصلے میں لکھا گیا کہ امیدوار کے وکیل اعتراضات سے متعلق تفصیلات بتانے میں ناکام رہے، مونس الہٰی کا وکیل 180 کنال اراضی سے متعلق کوئی دستاویزات فراہم نہیں کر سکا۔ریٹرننگ افسر نے فیصلے میں لکھا کہ مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض تھا کہ وہ اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں، مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی پر 180 کنال سے زائد کی زمین کا انکم ٹیکس اور زرعی آمدن کا ذکر نہ کرنے کا بھی اعتراض تھا۔فیصلے میں مزید لکھا گیا کہ عام انتخابات2024 میں بھی مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے، مونس الہٰی کے اشتہاری ہونے سے متعلق اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں۔ -

کپتان سمیت 7 افراد پر مشتمل پی سی بی سلیکشن کمیٹی کا اعلان ہو گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نئی سات رکنی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا۔ وہاب ریاض کی سربراہی میں سابقہ کمیٹی آج تحلیل کر دی گئی جس کے بعد از سر نو سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا گیا۔پی سی بی کے سربراہ نے تصدیق کی کہ کمیٹی کا اب کوئی چیئرمین نہیں ہوگا اور ہر رکن کو یکساں اختیارات حاصل ہوں گے تاکہ فیصلہ سازی کا عمل ہموار رہے۔نئی کمیٹی جس میں محمد یوسف، عبدالرزاق، وہاب ریاض اور اسد شفیق شامل ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کو ری اسٹرکچر کیا ہے، قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی 7 ارکان پر مشتمل ہوگی، نئی چیز یہ ہے کہ اب سلیکشن کمیٹی کا کوئی چیئرمین نہیں ہوگا۔محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی ازسر نوتنظیم کی ہے، ساتوں ممبران مشاورت کے ساتھ فیصلہ کیا کریں گے، کمیٹی ہر فیصلے کو حتمی شکل دے گی، تمام ساتوں ارکان کے پاس یکساں اختیار ہوگا، چیئرمین کی ٹیم سلیکشن میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ وہاب ریاض،محمد یوسف،عبدالرزاق اور اسد شفیق کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، کپتان اور ہیڈ کوچ بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے، ڈیٹا اینالسٹ کو بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے، محمد یوسف انڈر 19 کے بھی ہیڈ کوچ رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیا ہے، کنٹریکٹ کے مطابق این او سی پالیسی ہوگی، کسی کھلاڑی کے حوالے سے فیورٹ ازم نہیں ہو گا، عماد وسیم کے ساتھ ون پوائنٹ ایجنڈے پر بات ہوئی، ان کو صرف کہا گیا ہے واپس آجائیں۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ بھی کہا کہ ایسے اقدامات کریں گے جن کا اثر 5سال بعد نظر آئے گا، کرکٹ بورڈ کا پیسہ کرکٹ کی بہتری پر لگاؤں گا، ہمارے پاس جادو کا چراغ نہیں لیکن ٹیم کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے، ہم وویمن لیگ بھی کروانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی لابنگ نہیں ہوگی میرٹ پر کام ہو گا، کپتان کے حوالے سے بھی کام ہو رہا ہے، شاہین آفریدی کپتان رہیں گے یا نیا کپتان آئے گا اس حوالے سے مشاورت کے بعد فیصلہ ہو گا۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ کوچز پر کام ہورہا ہے، ملکی اور غیر ملکی کوچز کا امتزاج ہوگا،ڈریم ٹیم بنائیں گے، ایک کوچ سے بات چل رہی تھی، میڈیا نے ہائی لائٹ کیا وہ بھاگ گیا، بورڈ میں پیراشوٹرز کی گنجائش نہیں ہے، کوچز کا ایک پورا پینل بن رہا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنزٹرافی پاکستان میں ہوگی، اس کے لیے سب کچھ کررہے ہیں، سب کا یہی خیال ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم مضبوط ہونی چاہیئے، کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھیں تو بہتر ہے، پی ایس ایل بائیکاٹ کی باتیں ملک کے لیے مناسب نہیں، محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ سلیکشن ٹیم کرے گی۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ خزانہ ان شا اللہ تعالیٰ کرکٹ اور کھلاڑیوں پر لگے گا ، خزانہ خالی بھی چھوڑ کر گیا تو خوش ہوں گا کہ کرکٹ کی بہتری پر خرچ ہوا، بینکوں میں پیسہ رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ، کرکٹرز کے لیے پیسہ رہے گا ، کنٹریکٹ کے مطابق یکساں این او سی پالیسی ہو گی ، کسی کھلاڑی کے ساتھ فیورٹزم نہیں ہو گی۔
