خیبر پختون خوا کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ہم تسلی کرنا چاہتے ہیں کہ سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی گر کر زخمی ہوئے ہیں یا ان پر تشدد ہوا۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ میڈیکل ٹیم کو پرویز الہٰی کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت اور رسائی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا پرویز الہٰی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں رویہ تشویش ناک ہے ، محمد علی سیف نے مزید کہا کہ مریم نواز کو بین الاقوامی قوانین کے تحت تشدد کا مرتکب ٹھہرائیں گے جس میں جسمانی ، ذہنی اور جذباتی تشدد جرم ہے۔انھوں نے کہا کہ تسلی کرنا چاہتے ہیں کہ پرویز الہیٰ گر کر زخمی ہوئے یا ان پرتشدد کیا گیا۔الزام لگاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں شدید تشویش ہے کہ مریم نواز ذاتی انتقام لے رہی ہیں اور ان کی ظالمانہ و آمرانہ حکومت سیاسی مخالفین کو تشدد کا نشانہ بنارہی ہے۔ترجمان کے پی حکومت نے مزید کہا کہ پنجاب کی جیل میں بانی پی ٹی آئی اور پرویز الہیٰ سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی حفاظت اور تحفظ پر ہمیں تشویش ہے۔ واضح رہے کہ 19 مارچ کو پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھ رتیوں کے مقدمے کی سماعت میں اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ طاہر نے پرویز الہٰی کی میڈیکل رپورٹ پیش کی تھی جس کے مطابق پرویز الہٰی گر گئے تھے اور انہیں فریکچر ہوا تھا۔
Author: صدف ابرار
-

آج 24 مارچ کو اردو کے ممتاز انقلابی شاعر حبیب جالب کا یوم پیدائش منایا جا رہا ہے،
وطن کو کچھ نہیں خطرہ نظام زر ہے خطرے میں
حقیقت میں جو رہزن ہے وہی رہبر ہے خطرے میں
اردو کے ممتاز انقلابی شاعر حبیب احمد المعروف حبیب جالب 24 مارچ 1928ء کو میانی افغاناں، ہوشیار پور ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے زندگی بھر عوام کے مسائل اور خیالات کی ترجمانی کی اور عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہے۔ 1962ء میں انہوں نے صدر ایوب خان کے آئین کے خلاف اپنی مشہور نظم دستور تحریر کی جس کا یہ مصرع ایسے دستور کو صبح بے نور کو میں نہیں مانتا، میں نہیں مانتا پورے ملک میں گونج اٹھا۔ بعدازاں انہوں نے محترمہ فاطمہ جناح کی صدارتی مہم میں بھی فعال کردار ادا کیا۔ سیاسی اعتبار سے وہ نیشنل عوامی پارٹی سے منسلک تھے زیادہ قریب تھے اور انہوں نے عمر کا بیشتر حصہ اسی پارٹی کے ساتھ وابستہ رہ کر بسر کیا۔انہوں نے ہر عہد میں سیاسی اور سماجی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی جس کی وجہ سے وہ ہر عہد میں حکومت کے معتوب اور عوام کے محبوب رہے۔ان کے شعری مجموعوں میں برگ آوارہ، سرمقتل، عہد ستم، حرف حق، ذکر بہتے خون کا، عہد سزا، اس شہر خرابی میں، گنبد بے در، گوشے میں قفس کے، حرف سر دار اور چاروں جانب سناٹا شامل ہیں۔
اس ستم گر کی حقیقت ہم پہ ظاہر ہو گئی
ختم خوش فہمی کی منزل کا سفر بھی ہو گیا
حبیب جالب نے کئی معروف فلموں کے لئے بھی نغمہ نگاری کی جن میں مس 56، ماں بہو اور بیٹا، گھونگھٹ، زخمی، موسیقار، زمانہ، زرقا، خاموش رہو، کون کسی کا، یہ امن، قیدی، بھروسہ، العاصفہ، پرائی آگ، سیما، دو راستے، ناگ منی، سماج اور انسان شامل ہیں۔ انہیں انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں نے اعلیٰ اعزازات پیش کئے تھے۔ کراچی پریس کلب نے انہیں اپنی اعزازی رکنیت پیش کرکے اپنے وقار میں اضافہ کیا تھا اور ان کی وفات کے بعد 2008ء میں حکومت پاکستان نے انہیں نشان امتیاز کا اعزاز عطا کیا تھا جو خود اس اعزاز کے لئے باعث اعزاز تھا۔13؍مارچ 1993ء کو حبیب جالب، لاہور میں وفات پاگئے اور قبرستان سبزہ زار اسکیم میں آسودۂ خاک ہوئے۔ -

پی سی بی کی موجودہ سلیکشن کمیٹی تحلیل
ترجمان پی سی بی کے مطابق موجودہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا ہے، نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی ٹیم کے انتخاب کے لیے میرٹ پر آزادانہ فیصلے کرے گی، نئی سلیکشن کمیٹی کے میرٹ پر فیصلے سب کے سامنے ہوں گے۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج پریس کانفرنس شیڈول ہے اور ذرائع کا بتانا ہے کہ محسن نقوی پریس کانفرنس میں نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کو دوبارہ چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں ملنےکا امکان ہے جبکہ سابق آل راونڈر عبدالرزاق رکن کے طور پر مضبوط امیدوار ہیں۔خیال رہے کہ موجودہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض تھے جبکہ کمیٹی ممبرز میں سابق ٹیسٹ کرکٹر وجاہت اللہ واسطی، توصیف احمد، وسیم حیدر، کامران اکمل اور راؤ افتخار انجم (کنسلٹنٹ ممبر) اور حسن مظفر چیمہ منیجر اینالیٹکس اینڈ ٹیم اسٹریٹجی شامل تھے۔
-

روایت اور اختراع کی تلاش، ہالینڈ کے پاکستانی ایمبیسی میں عمران قریشی کے فن پاروں کی نمائش
23 مارچ سے 14 اپریل 2024 تک پلچری اسٹوڈیو، دی ہیگ میں ہونے والی نمائش ہالینڈ میں پاکستانی سفارتخانے میں افتتاحی تقریب عمران قریشی کے فنکارانہ کام کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستان میں موجود وسیع فنکارانہ صلاحیتوں کو بھی سامنے لانے کے خواہش مند ہے ۔ اس نمائش کا مقصد ڈچ عوام کو پاکستانی ثقافتی ورثے اور عصری آرٹ کی عظمت کو تلاش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ دونوں ممالک کے فنی میدانوں کے درمیان ایک پل کا کام کرتے ہوئے یہ نمائش فنون لطیفہ کے حوالے سے فنکاروں کی کامیابیوں پر روشنی ڈالے گی۔ یوم پاکستان کی تقریبات کے موقع پر طے شدہ، سفیر سلجوک مستان تاردار 23 مارچ 2024 کو فنکاروں اور پرنٹ میکنگ اسٹوڈیو کے نمائندوں کے ساتھ نمائش کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ عمران قریشی ایک عالمی سطح پر مشہور فنکار ہیں جو مغل چھوٹے پینٹنگ کی روایت سے وابستگی کے لیے جانا جاتا ہے، جس میں کاغذ پر ان کے کام کو یادگاری تصویروں اور موقع کے لحاظ سے مخصوص کمپوزیشن شامل کیا گیا ہے۔ اس کا فن عصر حاضر کی چھوٹی پینٹنگ کی رسمی زبان کے ساتھ موجودہ دور کے حالات کا ایک انوکھا امتزاج بناتا ہے، روایتی نقشوں، فنکارانہ تمثیلوں اور علامتوں کی دلکش تشریحات کے ذریعے تخیلاتی تصورات کو پیش کرتا ہے۔ اس وقت نیشنل کالج آف آرٹس، لاہور میں منی ایچر پینٹنگ کے شعبہ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، عمران قریشی اس شعبے میں ایک سرپرست کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، جنوبی ایشیا کے ممتاز آرٹ اداروں کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر فنون لطیفہ کی اپنی قدیم روایات کے لیے جانا جاتا ہے۔
عمران قریشی نے 1993 میں لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے فن مصوری کی تعلیم حاصل کی اور آج کل تدریس کے شعبے کے وابستہ ہیں۔ان کے فن پاروں میں16 ویں صدی کے آرٹ اور جدید آرٹ کا امتزاج نظر آتا ہے جن کو پوری دنیا میں پذیرائی ملتی ہے۔اس پاکستانی مصور کے فن پاروں کی نمائش پاکستان سمیت نیویارک، امریکا، پیرس، دبئی اور دیگر ممالک میں بھی کی جاتی ہے۔انہوں نے اپنی کام کی انفرادیت کے باعث پوری دنیا کی توجہ حاصل کی۔ سیاسی اور سماجی مکالمہ ان کے کام اہم جز ہے۔ستارہ امتیاز پانے والے عمران قریشی اپنے فن سے پوری دنیا میں پاکستان کی مثبت تصویر پیش کرتے ہیں اور انہیں مختلف ممالک کی طرف سے اعزازت سے بھی نوازا جا چکا ہے۔حکومت پاکستان نے عمران قریشی کو 2021 میں ستارہ امتیاز سے نوازا ہے. -

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کا انٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ 2024 کا افتتاح
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارانٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ 2024 کا میلہ سج گیا ، چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا.چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی ،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کپتانوں سے مصافحہ کیا .انٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ کے انعقاد سے نچلی سطح سے ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ محسن نقوی اسلام آباد اور کراچی لیگ کے میچ کل 23 مارچ سے شروع ہوں گے،لاہور لیگ کے 21 میچز پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے پی سی بی نے تماشائیوں کو کھیل دیکھنے کے لیے مفت داخلے کی اجازت دی ہے چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر۔ کمشنر لاہور ڈویژن محمدعلی رندھاوا۔ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم ۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللہ خرم نیازی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے،
-

ملک کو موجودہ معاشی وسیاسی عدم استحکام سے نکالنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔گورنر کے پی کے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی گورنر خیبرپختونخوا غلام علی سے ملاقات کی ہے،خیبرپختونخوا کے گورنر غلام علی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مقامی ٹی وی سے گفتگو میں گورنر غلام علی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے صوبے کی معاشی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ صوبے کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے پیسے نہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ علی امین گنڈاپور نے مرکز میں صوبے کا جو کیس پیش کیا اس سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعلیٰ کو صوبے کے آئینی اور معاشی مسائل پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ معاشی وسیاسی عدم استحکام سے نکالنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
-

وفاقی وزیر پاور و نجکاری میں ڈسکوز کی نجکاری کے امور طےپاگئے
آئی ایم ایف شرائط اور وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی تقسیم کارکمپنیوں کی نجکاری سے متعلق امور طے پا گئے۔ آئی ایم ایف کی شرائط اور وزیر اعظم کے احکامات پرعمل درآمد شروع ہو گیا، وزیر نجکاری اور وفاقی وزیر پاور میں ڈسکوز کی نجکاری کے امور طےپاگئے، وزارتِ نجکاری نے اعلامیہ بھی جاری کر دیا۔ وزارت نجکاری کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بجلی تقسیم کارکمپنیوں کی نجکاری سے متعلق امور طے ہوگئے،
وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور اویس احمد لغاری کے درمیان ملاقات میں اہم فیصلے ہوئے، ملاقات میں ڈسکوز اور آئی پی پیز کے مختلف منصوبوں کی نجکاری کے حوالے سے جائزہ لیا گیا، نجکاری کے لائحہ عمل اور نجکاری کی کارروائی کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ توانائی کےمنصوبوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے کام کی رفتارتیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ڈسکوز اور آئی پی پیز کےمنصوبوں کی نجکاری کیلئے جلد اجلاس بلایا جائے گا۔ دونوں وزراء نے متعلقہ محکموں کو نجکاری کے عمل کو جلد از جلد حتمی شکل دینےکی ہدایات جاری کر دیں۔ -

پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے،دفتر خارجہ
پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ قندھار حملے میں قیمتی جانوں کانقصان ہوا اوربہت سےلوگ زخمی ہوئے، جس کی پاکستان سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے سوگوارخاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی ایک مشترکہ تشویش ہے، جسے دونوں ممالک کو اجتماعی کوششوں کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے، دہشت گردی ایک مشترکہ مسئلہ ہے جسے اجتماعی کوششوں کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
-

اسلام آباد: 23 مارچ رات بارہ بجے سے دن دو بجے تک کے لئے ٹریفک پلان جاری
اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کی اینٹری 23 مارچ کو رات بارہ سے دن دو بجے تک بند رہے گی۔23 مارچ کو صبح پانچ سے دوپہر دو بجے تک فیض آباد ہر قسم کی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کے لئے بند رہے گا۔کھنہ پل سے لیکر فیض آباد اور زیرو پوائنٹ تک گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔زیرو پوائنٹ سے فیض آباد اور کھنہ پل جانے والی ٹریفک بھی بند رہے گی۔
کورال چوک اور راولپنڈی سے آنے والی ٹریفک ایکسپریس وے سے کھنہ پل، لہتراڑ روڈ ، پارک روڈ سے ہوتی ہوئی اسلام آباد میں داخل ہوسکے گی۔چھوٹی گاڑیاں کشمیر چوک سے مڑتے ہوئے بہارہ کہو اور مری جاسکتی ہیں۔راول ڈیم چوک سے فیض آباد تک بھی دوطرفہ ٹریفک بند رہے گی۔روٹ پلان کے مطابق لاہور سے آنے والی چھوٹی گاڑیاں روات ٹی چوک سے راولپنڈی صدر روڈ سے ہوتی ہوئی پشاور جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر جاسکیں گی۔راولپنڈی ایئرپورٹ سے لاہور جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو سے مری روڈ اور راول روڈ سے ہوتے ہوئے کورال فلائی اوور سے دائیں ٹرن کرکے لاہور جاسکتی ہے۔موٹروے سے آنے والی ٹریفک سری نگر ہائی وے استعمال کرتے ہوئے آبپارہ، بہارہ کہو اور مری جا سکے گی۔ -

اسلام آباد،بچوں کی لڑائی تین افراد کی جان لے گئی
تھانہ سہالہ کی حدود میں گاؤں پیرسوہاوہ میں خونی تصادم، بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی ، تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جان سے گئے جبکہ 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔لاشوں اور زخمیوں کواسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔ مرنے والوں میں غلام مصطفیٰ ،پرویز اور زبیر اقبال شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں بلال ،عمیر اقبال، عدیل، گلفام اور سدرہ شامل ہیں۔
