وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ کیلئے وزارتوں کا اعلان کردیا گیا۔نئی وفاقی کابینہ میں شامل وزراء کو قلمدان سونپ دیے گئے، خواجہ محمد آصف کو دفاع کے ساتھ دفاعی پیداوار اور ایوی ایشن کے محکموں کا قلمدان بھی دیا گیا ہے۔وفاقی کابینہ میں شامل ن لیگی سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ، احسن اقبال کو وزیر منصوبہ بندی اور ترقی، ریاض پیرزادہ کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس دے دی گئی۔قیصر احمد شیخ کو وزارت میری ٹائم افیئرز، عبدالعلیم خان کو وزیر نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ جبکہ جام کمال خان کو وزیر تجارت مقرر کیا گیا ہے۔ امیر مقام وزیر سیفران مقرر کیے گئے ہیں، ان کے پاس وزارت قومی ورثہ و ثقافت کا اضافی چارج بھی ہوگا۔
شہباز شریف کی کابینہ میں محمد اورنگزیب کو خزانہ کے ساتھ ریونیو کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے جبکہ سینیٹر مصدق ملک وزیر پیٹرولیم ہوں گے اور وزارت پاور کا اضافی چارج بھی اُن کے پاس ہوگا۔اویس احمد خان لغاری کو وزیر ریلوے، عطا تارڑ کو وزیر اطلاعات و نشریات، رانا تنویر حسین کو وزیر صنعت و پیداوار، احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبشلمنٹ، محسن نقوی کو وزیر داخلہ اور انسداد منشیات کا قلمدان دیا گیا ہے۔کابینہ میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو قانون و انصاف کے ساتھ مذہبی امور کا محکمہ بھی دیا گیا ہے۔ایم کیو ایم سربراہ خالد مقبول صدیقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مقرر کیے گئے ہیں جبکہ وفاقی کابینہ میں چوہدری سالک حسین کو سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی وزارت دی گئی ہے۔
Author: صدف ابرار
-

وفاقی کابینہ کیلئے وزارتوں کا اعلان کر دیا گیا
-

محمد اورنگزیب نے وزیر خزانہ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا
حکومت کی جانب سے غیر ملکی شہری کو وفاقی وزیر تعینات کر دیا گیا، بطور وفاقی وزیر تعیناتی کے بعد محمد اورنگزیب کی پاکستانی شہریت دوبارہ حاصل کرنے کی درخواست منظور کر لی گئی، اس وقت محمد اورنگزیب نیدرلینڈز کے شہری ہیں اور ان کے پاس پاکستانی شہریت نہیں ہے۔ وزیراعظم نے احکامات جاری کر دیئے وفاقی کابینہ نے محمد اورنگزیب کی دوبارہ پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی درخواست منظور کرنے کی اجازت دے دی، وفاقی کابینہ نے یہ اجازت وزارت داخلہ کی سفارش پر دی، محمد اورنگزیب کو وزارت خزانہ کا قلمدان دیا گیا تاہم محمد اورنگزیب نے وزیر خزانہ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق محمد اورنگزیب وزیر خزانہ کے عہدے کا چارج لینے پہنچے تو وزارت خزانہ کے حکام نے دفتر پہنچنے پر انہیں خوش آمدید کہا۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اورنگزیب نے وزارت خزانہ کے حکام کے ساتھ تعارفی اجلاس کیا۔محمد اورنگزیب نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز نجی بینک سے کیا تھا، وہ نجی بینک کے کنٹری منیجر اور پاکستان بزنس کونسل کے ڈائریکٹر بھی رہے۔
Mr. Muhammad Aurangzeb officially took over the responsibility as Finance Minister of Pakistan after taking oath at the Presidency, today. pic.twitter.com/RSBhulbLwl
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) March 11, 2024
-

رمضان المبارک میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار کیا ہونگے؟
رمضان المبارک کے دوران سرکاری تعلیمی اداروں کے اوقات کار جاری کر دئے جس کے مطابق سوموار تا پیر صبح کی شفٹ صبح ساڑھے 8 سے 1 بجے تک ہوگی۔ بروز جمعہ تعلیمی اداروں میں اوقات کار ساڑھے 8 سے ساڑھے 12 تک ہوں گے ۔ڈبل شفٹ کے حامل تعلیمی اداروں میں پیر تا جمعہ پہلی شفٹ صبح ساڑھے 8 سے ساڑھے 12 ہوگی۔ تعلیمی اداروں میں دوسری شفٹ کے اوقات کار پیر سے جمعرات 1 سے 5 بجے ہوں گے ۔بروز جمعہ دوسری شفٹ 1.30 سے 5 بجے تک ہوگی ۔وفاق کے زیر انتظام تعلیمی اداروں کی انتظامیہ شیڈول پر عملدرآمد کروانے کی پابند ہوگی ۔فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے تعلیمی اداروں کے نئے اوقات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
-

رمضان المبارک امت کے درمیان ہمدردی، ایثار، اخوت اور تعاون کا پیغام لے کر آتا ہے،صدر مملکت کا قوم کے لئے پیغام
رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آمد پر صدر مملکت آصف علی زرداری نےقوم کو مبارکباد دی ہے۔ایک پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں ایک مثالی مسلمان بننے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے، مسلمان اس مہینے میں احکاماتِ الہٰی پر عمل کرکے عبادات میں مصروف ہوجاتے ہیں۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ رمضان المبارک امت کے درمیان ہمدردی، ایثار، اخوت اور تعاون کا پیغام لے کر آتا ہے، معاشرے کے غرباء، مساکین، یتیموں، نادار اور کمزور طبقات کا احساس کرتے ہوئے ان کی مدد کریں، مخیر حضرات بڑھ چڑھ کر زکوٰة، صدقات اور خیرات ادا کریں، غریبوں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مالی مدد کریں اور اس سلسلے کو سارا سال جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے مسلمانوں پر روزے اس لیے فرض کیے تاکہ وہ پرہیز گار بن سکیں، روزہ اللّٰہ تعالیٰ کے حکم پر بھوک اور پیاس برداشت کرنے کے ساتھ تمام منکرات سے بچنے کا نام بھی ہے، رشوت، سود خوری، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ جیسے گناہوں سے بچ کر ہی تقویٰ کا حصول ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوامِ عالم اور مسلم امہ مظلوم فلسطینیوں کی بھی مدد کریں اور غزہ میں جنگ بندی اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے عملی اقدامات کریں۔
-

پی ایس ایل 9:پشاور زلمی کا کراچی کنگز کو 148 رنز کا ہدف
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دے دیا۔ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جارہے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 51 رنز کی محتاط اننگز کھیلی۔ روومین پاول نے 30، صائم ایوب نے 19 اور محمد حارث نے 13 رنز بنائے۔ حسیب اللہ ایک، ٹام کوہلر کیڈمور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عامر جمال 8 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔
پشاور زلمی نے کراچی کنگز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایس ایل 9 کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی کنگز کی ٹیم مقابلے سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہے اور آج اس کا آخری میچ ہے، ہوم کراؤڈ کے سامنے میچ جیت کر کنگز کی ٹیم اپنی ساکھ بچانے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔ بظاہر اس میچ کی ٹورنامنٹ کے لیے زیادہ اہمیت نہیں ہے تاہم پشاور زلمی کے لیے ٹاپ ٹو میں جگہ بنانے کا بہترین موقع ہے۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر شان مسعود الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی ہے۔ زلمی میچ جیت کر ٹاپ ٹو میں جگہ بناسکتی ہے۔ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں پشاور زلمی کا پلڑا بھاری ہے، 20 میں سے 14 میچز جیتے جبکہ 6 میں کراچی کامیاب رہا۔پی ایس ایل 9 کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو باآسانی شکست دی تھی۔
-

کیلے اور پیاز کی برآمد پرپابندی عائد کر کے وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا تعارفی اجلاس ختم ہو گیا، وفاقی وزرا ایوان وزیراعظم سے روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس کی کاروائی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام مہنگائی میں پِس رہی ہے اور اشرفیہ کو سبسڈیز دی جارہی ہیں ٹیکس چوروں اور ٹیکس چوری میں ملی بھگت کرنے والے افسران دونوں کو نہیں چھوڑا جائے گا سرکاری اداروں میں کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ اسکے علاوہ وفاقی کابینہ نے کیلوں اور پیاز کی برآمد پر 15 اپریل 2024 تک پابندی عائد کرنے کی منظوری دی۔ وزیراعظم نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے کنٹرول کےلیے فوری کمیٹی قائم کی ہدایت کی۔ کمیٹی صوبائی حکومتوں سے مل کر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کرے گی۔وزیراعظم نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیرضروری اضافے پر سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر ناجائز منافع خوری کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے کابینہ ارکان سے گفتگو میں کہا کہ ہماری اولین ترجیح مہنگائی پر قابو پانا ہے، رمضان المبارک میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ٹیکس کے حوالے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس میں اضافہ نہیں بلکہ ٹیکس بیس میں اضافہ کریں گے، کیونکہ معیشت کی بحالی ہمارا اولین ایجنڈا ہے۔
-

پی ڈی ایم حکومت کی 100 رکنی کابینہ کی’کارکردگی‘ کی قیمت آج تک قوم ادا کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی
وفاقی کابینہ کی حلف برداری پر تحریک انصاف نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جعلی کابینہ غیر آئینی نگراں حکومت کا تسلسل لگتی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق معیشت تباہ کرنے کے ذمہ داران کی اہم عہدوں پر تعیناتی عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت کی 100 رکنی کابینہ کی’کارکردگی‘ کی قیمت آج تک قوم ادا کر رہی ہے۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق وفاقی کابینہ میں محسن نقوی کی شمولیت نے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کے غیر آئینی کردار پر مہر تصدیق لگا دی۔
ترجمان نے کہا کہ جعلی فارم 47 کی بنیاد پر تشکیل شدہ غیر آئینی اور جعلی کابینہ کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ترجمان تحریک انصاف کا کنا ہے کہ معیشت تباہ کرنے کے ذمہ داران کی اہم عہدوں پر تعیناتی عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں،وفاقی کابینہ میں محسن نقوی کی شمولیت نے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کے غیر آئینی کردار پر مہر تصدیق لگا دی۔ -

صدر مملکت آصف علی زرداری اور تاجکستان کے صدر کا ٹیلی فونک رابطہ، اہم معاملات پر تبادلہ خیال
صدر مملکت آصف علی زرداری سے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ،تاجک صدر نے آصف علی زرداری کو صدر منتخب ہونے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی،دونوں صدور نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ، صدر مملکت نے آبی وسائل کے اہم شعبے میں تاجکستان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہارکیا،صدر آصف علی زرداری نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر تاجک صدر کو مبارکباد پیش کی،صدرِ پاکستان نے تاجک صدر کو نوروز کی آمد پر بھی مبارکباد دی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاکہ پاکستان برادر ملک تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان اورتاجکستان تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں،دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔
تاجکستان کے صدر نے صدر مملکت کو دورہ تاجکستان کی دعوت بھی دی،صدر مملکت نے مبارکباد کے پیغام ، نیک خواہشات پر تاجک ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ -

بلوچستان کی نئی کابینہ کی تشکیل آئندہ دو روز میں مکمل ہوجانے کا امکان
بلوچستان کابینہ میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو اہم وزارتیں ملنے کا امکان ہے، بلوچستان کی مخلوط حکومت میں بلوچستان عوامی پارٹی بھی شامل ہوگی، عوامی نیشنل پارٹی نے بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔ بلوچستان کابینہ سینیٹ کے ضمنی انتخابات کے بعد تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔بلوچستان کابینہ تشکیل کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں کی مشترکہ کمیٹی قائم ہو گئی، ذرائع کے مطابق بلوچستان کابینہ دو مرحلوں میں تشکیل دی جائے گی، پہلے مرحلے میں مسلم لیگ ن کے 5، پیپلز پارٹی کے 3 ، اے این پی اور بی اے پی کا ایک ممبر حلف اٹھائے گا۔وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کے اعلان کے مطابق کابینہ سینیٹ انتخابات کے بعد تشکیل دی جائے گی، بلوچستان کی نئی کابینہ کی تشکیل آئندہ دو روز میں مکمل ہوجانے کا امکان ہے، پی اینڈ ڈی، صحت، سی اینڈ ڈیلبو، زراعت، پی ایچ ای کی وزارتیں مسلم ن لیگ کو دیئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ، تعلیم، ایس اینڈ جی ڈی، لائیو سٹاک، لیبر پیپلز پارٹی کو جبکہ اے این پی اور بلوچستان عوامی پارٹی کو بھی ایک وزارت دی جا رہی ہے۔
-

رمضان المبارک میں پی ایس ایکس کے دفتری اوقات کیا ہونگےَ اور آج کا کاروباری دن کیسا رہا؟
رمضان المبارک میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دفتری اوقات کار صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ہوں گے۔پاکستان اسٹاک ایکسچنج کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق مارکیٹ کے کاروباری اوقات پیر سے جمعرات صبح 9 بج 17 منٹ سے دوپہر ایک بج کر 30 منٹ تک ہوں گے۔جمعے کے روز کاروباری اوقات صبح 9 بج کر 17 منٹ سے ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے۔
دوسری جانب پی ایس ایکس میں کاروبار کا ملا جلا دن، 100 انڈیکس 38 پوائنٹس کم ہوگیا پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج کاروبار کا ملا جلا دن رہا۔100 انڈیکس 38 پوائنٹس کم ہوکر 65 ہزار 755 پر بند ہوا ہے۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 420 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، جبکہ انڈیکس کی بلند ترین سطح 66 ہزار 119 رہی۔ حصص بازار میں 54 کروڑ 87 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 16 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ یوں پی ایس ایکس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 6 ارب روپے بڑھ کر 9 ہزار 360 ارب روپے ہے۔