مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا اختیارولی خان نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی تقریر پر ردعمل میں کہا کہ سائفر کا گم ہونا اور پھر میڈیا میں چھپنا ہی آپ کے لیڈر کی سازش تھی۔ اختیارولی خان نے کہا کہ آپ کی گاڑی کی ڈگی سے باقاعدہ بلینک بیلٹ پیپرز بھی برآمد ہوئے، ویڈیو بڑی وائرل ہے، اگر حلقے کھل گئے تو نہ آپ وزیراعلیٰ رہیں گے نہ آپکی کابینہ، کیونکہ آپ کا مینڈیٹ جعلی ہے، اگر تحقیقات ہوئی تو قومی اسمبلی میں آپ 92 سے 29 پر آجائیں گے۔ترجمان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا اختیارولی خان نے کہا کہ پختونخوا کو ایک ہزار ارب روپے مقروض کرنے کا جُرم آپ نے تسلیم کیا آپ کا شکریہ، ہمارا مؤقف ہے دھاندلی خیبرپختونخوا میں ہوئی ہے جہاں آپ جیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان ہے کوئی نیلام گھر نہیں، اپنے لیڈر کو رہا کرانے کیلئے عدالتوں سے رجوع کریں، گنڈاپور صاحب آپ کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں آپ صحت کارڈ کا ڈرامہ کیسے چلائیں گے؟اختیارولی نے کہا کہ بدقسمتی سے آپ وزیراعلیٰ بن چکے اب سلطان راہی کے ڈائیلاگ چھوڑیں قوم کی خدمت کریں۔
Author: صدف ابرار
-

لاہور قلندرز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
167 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری گیند پر چھکا مارکر حاصل کیا۔ کوئٹہ کی جیت کے ساتھ کراچی کنگز اگلے مرحلے میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔قلندر پہلے ہی اس ریس سے باہر ہوچکی تھی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے، تاہم وسیم جونیئر نے شاہین کو چھکا مار کر اپنی ٹیم کو نہ صرف میچ جتوادیا جبکہ اگلے مرحلے میں بھی پہنچا دیا۔اس کے علاوہ سعود شکیل88 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں۔لاہور قلندرز کی ٹیم میں 2 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔قلندر کے فخر زمان میچ کیلئے دستیاب نہیں، وہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف میچ میں کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے۔،لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 166 رنز بنائے۔کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 34 گیندوں پر 55 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، اُن کی وکٹ محمد عامر کے حصے میں آئی۔لاہور قلندرز کے بیٹر اسد شفیق نے 39 گیندوں پر 59 رنز بنائے، وہ ناقابل شکست رہے، انہوں نے دوران بیٹنگ 2 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔دیگر کھلاڑیوں میں مرزا بیگ 12، شائے ہوپ 5، صاحبزادہ فرحان 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ابرار احمد نے 2، محمد عامر اور محمد وسیم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 28 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا ،
ٹاس لاہور قلندرز نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنرزصاحبزادہ فرحان اور مرزا طاہر کریز پر آئے اور پہلے اوور کے اختتام پر8 رنز بنا لئے۔واضح رہے کہ لاہور قلندرز اب تک رواں سیزن میں صرف ایک میچ جیت سکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کیساتھ آخری پوزیشن پر ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا9 پوائنٹس کیساتھ چوتھا نمبر ہے۔ -

ایف بی آر لگژری گاڑیوں پر 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد کر دیا
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مقامی طور پر تیار لگژری گاڑیوں پر 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد کر دیا۔ایف بی آر نے لگژری گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کا ایس آر او جاری کر دیا جس کے مطابق ٹیکس مقامی طور پر تیار 1400 سی سی اور اس سے بڑی گاڑیوں پر عائد کیا گیا ہے۔ایس آر او کے مطابق 40 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ مالیت کی گاڑیوں پر بھی یہ ٹیکس عائد ہو گا، مقامی طور پر تیار اور ڈبل کیبن گاڑیوں پر بھی 25 فیصد ٹیکس عائد ہو گا۔ذرائع ایف بی آر کے مطابق مقامی طور پر تیار ایس یو وی اور سی یو وی گاڑیوں پر یہ ٹیکس پہلے ہی عائد ہے جبکہ درآمدی گاڑیوں پر بھی یہ ٹیکس پہلے سے عائد ہے۔
-

امریکہ سرعام اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے،حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے غزہ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں مسلسل بمباری کر رہا ہے، فلسطین میں پچاس ہزار سے زائد بے گناہ مسلمانوں کو قتل کر دیا گیا ہے، امریکہ سرعام اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی کروائی جائے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ کوئی عرب ملک فلسطینیوں کی مدد کے لئے تیار نہیں، اسرائیل اب تک فلسطین میں اسی فیصد مکانات گرا چکا ہے، غزہ کے فوجی اکتوبر میں ہی اسرائیل کو شکست دے چکے تھے، اس وقت مغربی طاقتیں اسرائیل کو اسلحہ اور تعاون فراہم کر رہی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ افسوس ہے ہمارے حکمران مسلم امہ کامقدمہ نہیں لڑسکتے، اس وقت ہر طرف سیاست بازی کا بازار گرم ہے، پارلیمنٹ کوغلاظت کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے، ہمیں اب وہ حکمران چاہئے جوعوام اورامت کا درد رکھے۔انہوں نے کہا کہ مسلم ریاستوں کو موت کا ڈر ہے، مسلم ریاستیں بیٹھ کرمحض فلسطین کی تباہی کا تماشا دیکھ رہی ہیں، ہمیں اب غلامی اور امریکہ سے آزادی چاہئے، قوم کو اب غلام ابن غلام نہیں رہنا، عنقریب انقلاب مسلمانوں اور فلسطینیوں کا مقدر ہوگا۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کو چاہئے فوری اسرائیل کو لگام ڈالیں، فلسطین اس وقت لہولہو ہے۔ -

پی ایس ا یل 9: اسلام آباد یونائیٹڈ نےپلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا
پاکستان سپر لیگ 9 کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان کا 229 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا اور پلے آف میں جگہ بنالی۔اس سے قبل ملتان، پشاور زلمی بھی پلے آف میں کوالیفائی کر چکی ہیں۔
ملتان سلطانز کا 229 رنزکا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے آخری گیند پر حاصل کرلیا۔کولن منرو 84 رنز بناکر نمایاں رہے، کپتان شاداب خان نے 54 رنزبنائے، عماد وسیم 30 رنزبناکر ناقابل شکست رہے اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی۔اس کے علاوہ فہیم اشرف 23 اور حیدرعلی نے 19 رنزبنائے۔ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی 3 اور محمد علی نے 2و کٹیں لی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز یاسر خان اور محمد رضوان نے کیا اور سلطانز کو پہلا نقصان یاسر خان کی صورت میں 44 کے مجموعے پر ہوا، یاسر خان 16 گیندوں پر 33 بنا کر آؤٹ ہوئے۔محمد رضوان بھی 20 رنز بنا سکے لیکن عثمان خان نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کی درگت بنائی اور 50 گیندوں پر 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 15 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے،اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے دو اور حنین شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔پوائنٹس ٹیبل
پی ایس ایل سیزن 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ 11،11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔کوئٹہ 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔ -

سعودی عرب میں رمضان کا چاند نظر آگیا
سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا جس کے بعد کل پہلا روزہ ہوگا۔سعودی عرب میں چاند دیکھنے کیلئے مملکت کی 10 آبزرویٹریز میں اجلاس ہوئے جبکہ سعودی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔ چاند دیکھنے والے اسلامک کریسنٹ آبزرویشن پراجیکٹ نے چاند کی رویت کا اعلان کیا۔ سعودیہ کے بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود تھا۔ جبکہ مشرقی ایشیائی ریاستوں اور اوشیانا کے مختلف ممالک میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، یہاں پہلا روزہ منگل 12 مارچ کو ہوگا۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا، انڈونیشیا، ملائیشیا میں یکم رمضان منگل 12 مارچ کو ہوگا۔اسی طرح برونائی دارالسلام، سنگاپور، فلپائن میں بھی 12 مارچ کو پہلا روزہ ہوگا۔ آسٹریلیا کے نیشنل امام کونسل کے فیڈرل فتوی کونسل کی جانب سے بھی بیان جاری کردیا گیا۔ آسٹریلوی فیڈرل فتوی کونسل کا کہنا ہے کہ پیر 11 مارچ شعبان کا آخری روز ہوگا، آسٹریلیا میں مسلمان پیر کو نماز تراویح کا اہتمام کریں۔
-

زرادری کے چاروں اطراف ایسے چہرے ہے جو کئی سالوں سے ملک لوٹ رہے ہیں،سراج الحق
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، آج ایوان صدرمیں آصف علی زرداری نے حلف اٹھایا ہے، چاروں اطراف ایسے چہرے تھے جو کئی سالوں سے ملک کو لوٹ رہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم حلف اٹھاتے ہیں جب تک ہماری جان میں جان ہے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جعلی اسمبلیوں میں ہونے والا صدارتی انتخاب بھی ناجائز، غیر جمہوری ہے، وزیراعظم اور کابینہ جعلی الیکشن کی بنیاد پر عہدوں میں قابض ہیں، مینڈیٹ چوری کے نتیجے میں آنے والی حکومتیں عوامی مسائل حل نہیں کر سکتیں۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ افسوس وزیراعظم شہبازشریف کی پوری تقریر میں غزہ کا ذکر نہیں تھا، رمضان المبارک کے 27 ویں روزے جمعہ کو امریکی سفارتخانے کی جانب ملین مارچ کریں گے، ہم نے دوبارہ امریکی سفارت خانے کی طرف آنا ہے، فلسطینیوں کی حمایت میں واشنگٹن میں جلوس نکالا گیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر رمضان کے مہینے میں حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو ہم ایوان صدر یا امریکی سفارت خانے میں داخل ہوں گے۔ -

اگلے دو سالوں میں پیداواری صلاحیت اور آمدنی میں اضافے کی کوشش کرینگے، احسن اقبال
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ معشیت کو نئے سرے سے کھڑا کرنا ہوگا، 7 ہزار ارب ٹیکس وصول ہوتا ہے قرضوں کی ادائیگی کے لیے 7 ہزار 3 سو ارب روپے چاہیے، پورے کا پورا ملک ادھار پہ چل رہا ہے۔قرض پہ قرض لینا دانشمندی نہیں، حکومت کی پوری توجہ ہے اگلے دو سالوں میں پیداواری صلاحیت، امدنی میں اضافہ کریں۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معشیت جو ورثہ میں ملی ہے کھوکھلی ہو چکی ہے ، بانی پی ٹی آئی نے چار سال میں معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب ملک کی آمدنی میں اضافہ نہیں ہوتا جو بھی سہولت دے گے قرض اٹھا کر دے گے، دانشمندی نہیں کہ قرض پہ قرض لیے جائیں، اگلے دو سالوں میں پیداواری صلاحیت اور آمدنی میں اضافے کی کوشش کرینگے۔
-

سائفر بانی پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازش تھی، علی امین گنڈا پور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہ افسوس شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کی وہ آج ملک کا وزیراعظم ہے، بانی پی ٹی آئی کا فیئر ٹرائل اور جلد رہا کیا جائے، سائفر بانی پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازش تھی، سائفر سازش کے پیچھے آلہ کار ایک دن سامنے آئیں گے۔ علی امین گنڈا پور نے مطالبہ کیا کہ سائفر کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق کا ساتھ دینے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف غیرقانونی مقدمات بنائے گئے، آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے غیرقانونی طریقے سے گاڑیاں لیں، افسوس آصف علی زرداری ملک کا صدر بن گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سائفرکیس پرجوڈیشل کمیشن بنائیں، مینڈیٹ چوری کے خلاف ایک کمیشن بنایا جائے، ہمارا مطالبہ ہے تحریک انصاف کا مینڈیٹ واپس دیا جائے، چیف الیکشن کمشنر کو آئین توڑنے والے نظر نہیں آرہے؟انہوں نے کہا کہ افسوس ڈھٹائی کے ساتھ ہماری مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دی گئیں، ہمیں مجبور نہ کیا جائے، اپنا حق ملنے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم ایک ٹیم بن کر کرپشن، ظلم اور ناانصافی کے خلاف جہاد کریں گے۔علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کوایک مثالی صوبہ بنائیں گے، خیبرپختونخوا میں امن لائیں گے، اسی جنون کے ساتھ ہم اپنا حق بھی لیں گے، وزیراعلیٰ نے ’’ساڈا حق ایتھے رکھ‘‘ کے نعرے بازی بھی کی۔ -

مرکزی رویت حلال کمیٹی کا اجلاس کب ہوگا؟
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر 11 مارچ 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں منعقد ہوگا، زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے مقررہ علاقوں میں ہوں گے تاکہ چاند کی رویت کے حوالے سے رپورٹس اکٹھی کی جا سکیں۔ ملک میں رمضان المبارک 1445ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 11 مارچ کو پشاور میں ہوگا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کرینگے۔دیگر زونل وضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کےاجلاس بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔ دوسری جانب ماہرین فلکیات کے مطابق اگرچہ رمضان المبارک کا چاند 10 مارچ کو پیدا ہو گا لیکن اس وقت یہ نظر نہیں آئے گا، چاند کو 11 مارچ کو واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلی تراویح 11 مارچ کی رات کو ہو گی کیونکہ 95 فیصد امکان ہے کہ پہلا روزہ 12 مارچ بروز منگل کو ہو گا۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 10مارچ کو رمضان المبارک کا چاند پیداہوگا اور 11 مارچ کو رمضان المبارک کا چاند نظرآنے کے قوی امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند10مارچ کو دوپہر2 بجے پیداہوگا، چاند کی عمر11مارچ کو 28گھنٹے سے زائد ہوگی، اس لیے 11 مارچ کو رمضان کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں جبکہ اس روز چاند دیکھنے کیلئے وسطی ، زیریں سندھ اور بلوچستان میں مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں نے مزید کہا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی سسٹم اور مطلع ابرآلود ہونے کے سبب موسم چاند کی رویت کے لیے بہت زیادہ سازگار نہیں ہوگا۔
