ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 میں حصہ لینے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر عثمان طارق کا بولنگ ایکشن کرکٹ قوانین کے منافی قرار دے دیا گیا ہے اور اسے میچ آفیشلز نے رپورٹ کردیا ہے۔عثمان طارق کا بولنگ ایکشن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان چھ مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مشکوک قرار دیا گیا اور اسے رپورٹ کیا گیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم منیجمنٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ عثمان طارق کو بولنگ ایکشن ٹیسٹ کی اجازت دی جائے جو مناسب وقت پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی فراہم کردہ سہولت کے مطابق ہوگا۔
Author: صدف ابرار
-

سندھ اسمبلی میں ذوالفقار علی بھٹو کو قومی جمہوری ہیرو قرار دینے کی قرارداد پیش
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مطالبہ کیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی سزا کا فیصلہ واپس لینا ہوگا۔ ذوالفقار علی بھٹو کے نام کے ساتھ آفیشلی شہید لگایا جائے۔مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں ذوالفقار علی بھٹو کو قومی جمہوری ہیرو قرار دینے کی قرارداد پیش کردی۔اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے خود مانا ہے بھٹو کیس میں غلطی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو ظلم ہوا، اُسے ختم کرنے کےلیے آئین میں ترامیم کرنا ہوں گی۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر شہید ڈکلیئر کیا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے دوستوں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ اس میں ساتھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور سنی اتحاد کونسل کے دوستوں سے بھی درخواست ہے کہ وہ ساتھ دیں۔
-

سکیورٹی فورسز کا خیبرپختونخوا کے علاقے میں آپریشنز،2دہشت گرد جہنم واصل
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 2 مختلف آپریشنز میں فورسز پر حملوں میں ملوث2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے پہلا آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا،جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد شمروز عرف شانے ماراگیا، جبکہ ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران دہشتگرد منصور مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ و بارودی مواد برآمدہوا، مارے جانیوالے دہشت گرد فورسز پر حملوں، بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
-

چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا شہباز شریف کو مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ملاقات کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی نے اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ اور سیکیورٹی امور سے متعلق بات چیت کی گئی۔
-

بلوچستان: سرکاری گاڑیوں کا دوسرے صوبوں میں استعمال پر پابندی
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سرکاری گاڑیاں دیگر صوبوں میں استعمال نہ کرنےکا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے حکم جاری کیا ہےکہ سرکاری امور کے لیے دیگر صوبوں میں جانے والی گاڑیوں کو چیف سیکرٹری سے این اوسی لینا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے دیگر صوبوں میں استعمال ہونے والی تمام سرکاری گاڑیاں واپس بلانے کا حکم بھی دیا ہے۔سرفراز بگٹی نے کہا ہےکہ کوئی بھی افسر جائے تعیناتی سے باہرگاڑیوں کا ذاتی استعمال نہیں کرےگا۔ سرکاری وسائل عوام کی ملکیت ہیں، غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے۔سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے جانے والی گاڑیوں کو چیف سیکریٹری سے این او سی لازمی لینا ہو گا۔
-

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات سے متعلق سپرنٹنڈنٹ جیل آرڈر پاس کرے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کےلیے درخواست کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ کے سینئر افسر کو سب جیل بنی گالہ کا دورہ کرنے کا حکم دے دیتے ہوئے بشریٰ بی بی کی سب جیل میں موجودگی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ اس دوران بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو بنی گالہ کے گھر کے ایک کمرہ میں بند کر کے رکھا گیا ہے، عدالت بیلف مقرر کردے اور وہ جا کر دیکھ کر آج ہی رپورٹ دے۔ انہوں نے کہا کہ جب بشریٰ بی بی اڈیالہ پہنچ گئی تھیں تو سپرنٹنڈنٹ جیل کو بنی گالہ منتقلی کا اختیار نہیں تھا۔اسٹیٹ کونسل کے وکیل نے کہا کہ بشریٰ بی بی سابق خاتون اول ہیں، ان کی سیکیورٹی کےلیے بنی گالہ منتقل کیا گیا ہے۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کے آرڈر کی رپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات سے متعلق سپرنٹنڈنٹ جیل آرڈر پاس کرے.
-

موڈیز نے پاکستان کے بینکنگ سیکٹر کی آؤٹ لک مستحکم کردی۔
ریٹنگ ایجنسی کے مطابق پاکستان میں 2024 میں معاشی ترقی کی شرح 2 فیصد تک ہوسکتی ہے، افراط زر گزشتہ سال کے مقابلے 29 فیصد سے کم ہو کر 23 فیصد رہے گی۔موڈیز کا کہنا ہے کہ بینکنگ سیکٹر کا منافع آئندہ سال شرح سود اور بلند ٹیکسز کی وجہ سے کم ہوسکتا ہے یعنی عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کے بینکنگ سیکٹر کی ریٹنگ مستحکم کردی۔
بینکنگ سیکٹر کی آوٹ لک پہلے منفی تھی موڈیزنے بینکنگ میں اچھے منافع کی وجہ سے آوٹ لک مستحکم کردی۔موڈیز کے بقول پاکستان کی معاشی شرح نمو دو فیصد رہنے کی توقع ہے،مہنگائی کی شرح اس مالی سال میں 23 فی صد رہنے کا امکان ہے،گزشتہ مالی سال مہنگائی کی شرح 29فی صد تھی ۔عالمی ریٹنگ ایجنسی کے مطابق پاکستان نے مشکل وقت میں بینکوں کی مدد کی، ڈیپازٹرز کا نقصان نہیں ہوا۔موڈیز کے مطابق بینکوں کے منافع سے بہتر فنڈنگ، لیکویڈیٹی، معاشی چیلنجز، سیاسی بحران سے نمٹنے میں مدد ملی۔اسکا کہنا تھا کہ پاکستانی بینکنگ نظام پر معاشی اور مالیاتی دباؤ کم ہو رہا ہے۔ مستحکم بینک ڈیپازٹ پر مبنی فنڈنگ مالی استحکام کو سپورٹ کرتی رہے گی۔ -

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت نجکاری کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ نجکاری کا عمل تیز تر بنایاجائے تاکہ معیشت کی بحالی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کا عمل تیز ہو، نجکاری کے ذمہ دار ادارے صلاحیت بڑھانے اور مطلوبہ استعداد حاصل کرنے کے فوری اقدامات کریں، حائل رکاوٹوں کو جلد ازجلد دور کیاجائے تاکہ ملک وقوم کو اربوں روپے کے خساروں سے نجات ملے اور پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہو۔ وزیراعظم نے نجکاری کے عمل میں شامل تمام اداروں کی مکمل فہرست اورپیش رفت کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وقت کے واضح تعین کے ساتھ اقدامات اور اہداف کی تفصیل پیش کی جائے۔ وزیراعظم ہاﺅس میں نجکاری کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے نجکاری کمیشن اور وزارت نجکاری کو ہدایت کی کہ کابینہ کی تشکیل کے ساتھ ہی پرائیویٹائزیشن سے متعلق زیرالتوا حل طلب مسائل پیش کئے جائیں تاکہ کابینہ ان پر فیصلہ کرے اور یہ معاملہ حل ہو۔پہلے ہی اس معاملے میں بہت تاخیر ہوچکی ہے۔ مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔ وزیراعظم نے بجلی کمپنیوں کو صوبوں کے حوالے کرنے کی تجویز پر ایک جائزہ کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو وزیراعظم کواپنی تجاویز پیش کرے گی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ نجکاری کے عمل کی تمام ذمہ داری نجکاری کمیشن اور وزارت نجکاری پر عائد ہوتی ہے۔ اگر کہیں مسائل ہیں تو انہیں دور کرنا بھی وزارت اور نجکاری کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ اگر صلاحیت اور استعداد کے مسائل ہیں تو انہیں فی الفور دور کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نجکاری کے عمل کی ادارہ جاتی سطح پر شفافیت یقینی بنائیں اور نگرانی کے عالمی معیار کے موثر اور آزمودہ طریقے اختیار کئے جائیں تاکہ کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی بھاری قیمت ملک اور عوام ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ خدا کی رضا اور ملک وقوم کی فلاح کی نیت سے ان خساروں سے قوم کو نجات دلانے میں سب اپنا مخلصانہ کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسلیں ہمارا نام عزت اور احترام سے لیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ معیار، شفافیت اور پاکستان کے مفاد کے پیمانے پر چلنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں کاروباری مقابلے اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے مقابلے کی فضا بنانا ہوگی تب ہی یہاں بہتری آئے۔ وزارتیں اور ادارے پروفیشنل ازم اور جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے حل تجویز کریں۔ یہ پاکستان کی بہتری کا سوال ہے۔
اجلاس میں پی آئی اے، ہاﺅس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، فرسٹ وومن بینک، روز ویلٹ ہوٹل، ہیوی الیکڑیکل کمپلیکس، بجلی کے کارخانوں اور تقسیم کار کمپنیوں، پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن سمیت خساروں میں چلنے والے دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل پر تازہ ترین صورتحال، اب تک کی پیش رفت اور حائل رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ سیکریٹری وزارت نجکاری اور دیگر متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایاگیا کہ نجکاری کے عمل میں تاخیر کی ایک بڑی وجہ عدالتوں سے جاری ہونے والے حکم امتناع ہیں ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس معاملے میں حکومت کی جانب سے پیش ہونے والی قانونی ٹیم کو موثر بنایاجائے اور وزارت قانون مناسب اقدامات تجویز کرے۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ ائیر پورٹس کی آﺅٹ سورسنگ کے لئے 5 مارچ بولیوں کی وصولی کی آخری تاریخ تھی۔ اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار، ،مصدق ملک،شزہ فاطمہ خواجہ، رومینہ خورشید عالم، احد چیمہ، علی پرویز ملک ، رانا احسان افضل ، ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب، گورنرسٹیٹ بینک، چئیرمین ایف بی آر، سیکریٹری نجکاری ، سیکریٹری قانون سمیت اعلی حکام شریک تھے. ممتازبینکارمحمد اورنگزیب نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ -

لکی مروت: نامعلوم افراد کی فائرنگ ،2 پولیس اہلکار شہید
لکی مروت:درہ پیزو میں ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکار پر دن دھاڑے نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہکار موقعے پر شہید ہوگیا جبکہ دوسرا ٹریفک پولیس اہلکار شدید زخمی حالت میں منتقل کیا گیا لیکن وہ بھی جانبر نہ ہو سکا۔واقعے کے بعد بڑی تعداد میں پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فائرنگ کرنے والے نامعلوم افراد فرار ہوگئے۔
-

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی نیوزی لینڈ کے سکیورٹی وفد کو یقین دہانی
نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی وفد جس میں ہیتھ ملز، سی ای او نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن اور سیکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈیکاسن شامل ہیں، نے آج سہ پہر قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا۔وفد کو پی سی بی اور سیکیورٹی حکام نے اپریل میں آئندہ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ مینز ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وفد ایک روز قبل راولپنڈی کے پنڈی سٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد لاہور پہنچا تھا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کے سکیورٹی وفد کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے مہمان ہیں ان کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سےنیوزی لینڈ کے سکیورٹی وفد نے ملاقات کی جس دوران نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے انتظامات اور سکیورٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سکیورٹی وفد میں نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیتھ ملز اور سکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکاسن شامل تھے جب کہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹر سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کرنل خالد اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل پاکستان کرکٹ بورڈ عثمان واہلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر کیوی وفد کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ وفد نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی پلان پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے انہیں شاندار قرار دیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کیوی وفد کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے مہمان ہیں، ٹیم کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
