صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے الوداعی ملاقات کی،ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی و پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ صدر مملکت نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ایوان بالا احسن طریقے سے چلانے پر سراہا، صدر مملکت نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے ایوان بالا کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلائی۔ یاد رہے کہ صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی درخواست مسترد کردی تھی، چیئرمین سینیٹ نے سمری مسترد کئے جانے کے بعد صدر عارف علوی سے ملاقات کی ہے۔
Author: صدف ابرار
-

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی الوداعی ملاقات
-

گاڑیو ں کی خریداری ،بینکوں کی جانب سے قرضوں کے اجرا ء میں 25.6فیصد کمی
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق دسمبر میں گاڑیو ں کی خریداری کے لئے بینکوں کی جانب سے قرضوں کے اجرا کاحجم 251 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو دسمبر 2022 کے مقابلہ میں 25.6 فیصد کم ہے۔دسمبر 2022 میں گاڑیو ں کی خریداری کے لئے بینکوں کی جانب سے قرضوں کے اجرا کاحجم 337 ارب روپے تھا۔نومبرکے مقابلہ میں دسمبر میں گاڑیو ں کی خریداری کے لئے بینکوں کی جانب سے قرضوں کے اجرا ء میں ماہانہ بنیادوں پر 2.3 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔نومبر میں گاڑیو ں کی خریداری کے لئے بینکوں کی جانب سے 257ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے جو دسمبر میں کم ہو کر 251 ارب روپے ہو گئے۔گاڑیوں کی خریداری کے لئے بینکوں کی جانب سے قرضوں کے اجرا میں دسمبر 2023 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 25.6فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
-

مریم نواز کا پانچ روز میں مہنگائی پر کنٹرول کے لئے ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم
پنجاب میں گرانفروشی پر قابو کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کا فیصلہ ، نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی سے ریلیف کیلئے جامع اقدامات کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے پرائس کنٹرول کیلئے پائیدار اقدامات کا فوری پلان طلب کرلیا اور پانچ روز میں پرائس کنٹرول کیلئے باقاعدہ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کے احکامات جاری کردیے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کی۔ اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول کیلئے باقاعدہ قانونی میکنزم موجود نہیں، عارضی اقدامات کافی نہیں، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں اولین ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ گراں فروشی کے خاتمے کیلئے پائیدار سسٹم وضع کیا جائے، پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے خورد و نوش کے نرخ کنٹرول کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گراں فروشی کا ارتکاب کرنے والوں کیخلاف سزا یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، بلال کیانی، افضل کھوکھر، ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، آئی جی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹرز اور دیگر متعلقہ پولیس حکام بھی موجود تھے۔
-

قومی بلائینڈ کرکٹ ٹیم نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نامِ روشن کیا ہے ، صدر مملکت عارف علوی
صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھاکہ قومی بلائینڈ کرکٹ ٹیم نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نامِ روشن کیا ہے،قومی ٹیم نے ٹورنامنٹس میں شرکت کر کے بینائی سے محروم کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی، بلائینڈ کرکٹ ٹیم نے دنیا کو خصوصی افراد کی شاندار صلاحیتوں سے متعارف کروایا۔حالیہ برسوں میں پاکستان میں بلائنڈ کرکٹ نے خصوصی توجہ اور پہچان حاصل کی۔عارف علوی کا کہنا تھاکہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ بورڈ کا ملک میں کرکٹ کے مقابلوں کے فروغ اور انعقاد کے لئے سرگرم ہوناخوش آئند ہے،بلائنڈٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، بلائنڈ کرکٹرز کی جدوجہد اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لئے کرکٹرز کی متاثر کن کارکردگی کو سراہا جانا چاہئے۔ پاکستان بلائینڈ کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے صدر مملکت کو ٹیم کی حالیہ کارکردگی کے بارے میں بریف کیا۔حوصلہ افزائی کرنے پر صدر مملکت اور خاتون اول کا شکریہ ادا کیا۔
-

جب پچز بیٹنگ فرنڈلی ہوں تو ہر ٹیم کے پاس اچھی پرفارمنس کا موقع ملتا ہے، عاقب جاوید
لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ حارث رﺅف لاہور کی ٹیم کا پلر ہے اور پاکستانی ٹیم کو بھی نقصان ہے لاہور کی تاریخ میں سب کچھ ممکن ہے، اگر پانچ ہار سکتے ہیں تو یہ ٹیم پانچ میچ جیت بھی سکتی ہے،پرامید ہوں کہ آئندہ میچوں میں اچھا پرفارم کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہاکہ جب پچز بیٹنگ فرنڈلی ہوں تو ہر ٹیم کے پاس موقع ہوتا ہے، پہلے اور دوسری اننگز میں کہیں کسی ٹیم کو ایڈوانٹیج نظر نہیں آرہا۔ان کاکہناتھا کہ ،جب کوئی ایک پلیئر بھی موجود نہ ہوں تو کمبینیشن خراب ہوجاتا ہے۔لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہاکہ لاہور کی تاریخ میں سب کچھ ممکن ہے، اگر پانچ ہار سکتے ہیں تو یہ ٹیم پانچ میچ جیت بھی سکتی ہے،ان کاکہناتھا کہ راشد خان کو کوئی پلیئر ریپلیس نہیں کرسکتا، اس جیسے پلیئر کو ہر ٹیم مس کرے۔عاقب جاوید نے کہاکہ ماضی سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، چاہے وہ اچھا ہو یا برا ہو، پرامید ہوں کہ آئندہ میچوں میں اچھا پرفارم کریں گے۔
-

جہاں امن ہوگا ترقی بھی وہاں ہوگی۔ محمد بخش مہر
سندھ اسمبلی کے اجلاس سے پیپلزپارٹی کے محمدبخش مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور چیئرمین کا نظریہ ہے جو ڈیلیور کرے گا اس کو ہی موقع ملے گا، مرادعلی شاہ کو یہ تیسری مرتبہ موقع ملا یہ اس کے حقدار ہیں۔ پیپلزپارٹی کے محمدبخش مہر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے، جہاں امن ہوگا ترقی بھی وہاں ہوگی۔
محمدبخش مہر نے کہا کہ مرادعلی شاہ میں لیڈرشپ کوالٹی ہے، ہم یہ جانتے ہیں بڑا کام کرنا ہے، اللہ تعالیٰ جس کو یہ ذمہ داری دیتا ہے اس کومضبوط کندھے بھی دیتا ہے، ہمیں جو مینڈیٹ ملا ہے وہ ہمیں ڈیلیور کی وجہ سے ملا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گھوٹکی کے حوالے سے درخواست ہے وہاں امن وامان کی صورتحال خراب ہے جس کیلئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔ -

پی ایس ایل 9:پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کے تیرہویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 202 رن کا ہدف دے دیا۔پشاور زلمی نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 201 رن بنائے۔زلمی کے کپتان بابراعظم 111رن بناکر ناقابل شکست رہے، بابراعظم کی 63 گیندوں پر مشتمل اننگ میں 2 چھکے اور 14چوکے شامل تھے۔ان کے علاوہ صائم ایوب نے 38 اور پال والٹر نے19 رن بنائے، آصف علی 17 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 2، آغاسلمان اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنا سکی ۔اسلام آٓباد یونائیٹڈ کی طرف سے اعظم خان نے 75 ، کولن منرو نے 71 رنز کی اننگز کھیلیں ۔پشاور زلمی کی جانب سے عارف یعقوب نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔عارف یعقوب نے ایک اوور میں 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،صائم ایوب ، لیوک ووڈ، نوین الحق اور سلمان ارشاد کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی ۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ایونٹ میں پشاور زلمی نے اب تک 4 میچ کھیلے جس میں اسے دو میں کامیابی ملی جبکہ دو میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ پشاور زلمی نے ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کو زیر کیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز سے شکست ہوئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے ایک میچ جیتا ہے جبکہ اسے دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو ہرایا جبکہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اسے شکست ہوئی۔
-

کےپی کے میں اپوزیشن لیڈر کے لئے جے یو آئی اور ن لیگ کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 28 فروری صبح 11 بجے طلب کیا جاچکا ہے، اسمبلی اجلاس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پی ٹی آئی کے علی امین گنڈا پور نامزد وزیر اعلیٰ ہیں، جب کہ اپوزیشن لیڈر کےلئے ن لیگ اور جے یوآئی میں رسہ کشی جاری ہے، دونوں جماعتوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔صوبائی اسمبلی اجلاس کی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے سیشن میں شرکت کے لئے کارڈز جاری کئے گئے ہیں۔نگراں وزیراعلیٰ اور اسپیکر کی ہدایت پر ہر ممبر کو 2، 2 مہمان لانے کی اجازت ہوگی۔خیبر پختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں میں سے 113 پر انتخابات ہوچکے ہیں۔دو نشستوں پر انتخابات ملتوی ہوچکے تھے۔ 113 میں سے 4 اراکین کے ابھی تک الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے۔109 اراکین میں سے اب تک 80 اسمبلی میں رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ جب کہ منگل کو رجسٹریشن کا آخری دن ہے۔ مخصوص نشستوں پر منتخب 5 خواتین بھی حلف لیں گی۔
پی ٹی آئی کے علی امین گنڈا پور نامزد وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ہیں، جب کہ اپوزیشن لیڈر کےلئے ن لیگ اور جے یو آئی میں رسہ کشی جاری ہے۔کےپی میں اپوزیشن لیڈر کے لئے دونوں جماعتوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔صوبائی اسمبلی میں ن لیگ اور جے یو آئی کی 9 ، 9 نشستیں ہیں۔دونوں جماعتوں نے پی پی، اے این پی اور پی ٹی آئی پی کی حمایت کے لئے رابطے تیز کردیے ہیں۔ن لیگ کا دعویٰ ہے کہ اپوزیش لیڈر ڈاکٹر عباد ہی ہوں گے۔ -

معاشی استحکام کیلئے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے کاوشیں کرنا ہوں گی۔ نامزد وزیر اعظم شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے باہمی اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی، سادگی اور کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہوں گے، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام اور پُرامن فضاء بے حد اہمیت کی حامل ہے۔ ملک سے غربت، بیروزگاری اور جہالت کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔اپنے ایک بیان میں نامزد وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام نہایت ضروری ہے، معاشی استحکام کیلئے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے کاوشیں کرنا ہوں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تبھی خوشحال ہوگا جب اس کی تمام اکائیاں خوشحال ہوں گی، تمام صوبوں کی ترقی میرے دل کے قریب ترین ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی معاشی ترقی و استحکام کی روشن مثال قائم کی اور اب بھی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے عملی و ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے، زندہ قومیں چیلنجز اور مشکلات کا سامنا بہادری اور محنت سے کرتی ہیں، ہم باہم متحد ہو کر آگے بڑھیں گے اور مسائل حل کریں گے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اپنے دور حکومت میں پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے کی بچت کر کے کفایت اور بچت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا، نواز شریف کا دور ترقی و خوشحالی کا سنہری دور تھا، قائد عوام کی مدبرانہ قیادت میں ملک کو خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ -

آئین کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کا جلاس طلب کر سکتا ہے، سینٹر اسحاق ڈار
صدر نے سمری پر قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلایا تو 29 فروری کو اسپیکر آئین کے مطابق خود اجلاس بلا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار پنجاب اسمبلی پہنچ کر صحافیوں سے بات چیت کے دوران کی ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ 21 ویں روز اسپیکر کو اجلاس بلانے کا اختیار ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ 21 دن کی آئینی مہلت کے حساب سے 29 فروری آخری تاریخ بنتی ہے۔ واضح رہے کہ صدرِ مملکت عارف علوی نے تاحال قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلایا ہے۔صدرِ مملکت نے تاحال قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلایاذرائع کے مطابق صدر عارف علوی کو 4 دن پہلے وزارتِ پارلیمانی امور نے سمری بھیجی تھی جس پر انہوں نے تاحال دستخط نہیں کیے۔ذرائع کے مطابق صدر کا کہنا ہے کہ ایوان ابھی مکمل نہیں، کچھ مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت نے تاحال سمری منظور یا مسترد نہیں کی، اس حوالے سے ان کا زبانی مؤقف سامنے آیا ہے۔