متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد نے نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، جس میں متحدہ وفد نے شہباز شریف کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو سراہا۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے قائدین نے اتفاق کیا ہے کہ سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں، عوام کی خدمت کیلئے ہم سب متحد ہو کر آگے بڑھیں گے۔اس موقع پر صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں ایم کیو ایم کے کردار کو سراہتے ہیں، جبکہ ایم کیو ایم کے وفد نے شہباز شریف کی ملک وقوم کیلئے خدمات کو سراہا
شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر ملک کو معاشی خطرات سے بچائیں۔ایم کیو ایم کے وفد نے کہا کہ شہباز شریف 16 ماہ کے دوران تمام اتحادیوں کو بڑی خوش اسلوبی سے ساتھ لے کر چلے، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات ملے گی۔ ایم کیو ایم کا وفد گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار پر مشتمل تھا جبکہ شہبازشریف کے ساتھ سینیٹر اسحاق ڈار، رانا ثناءاللّٰہ، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، رانا مشہود اور عطا تارڑ شامل تھے۔
Author: صدف ابرار
-

متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کا نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات
-

اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست کا ذمہ دار،ہاک آئی کی وضاحت اور اظہار افسوس
ہاک آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تصدیق کردی ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ میں سلمان علی آغا کے خلاف رائلے روسو کو ناٹ آؤٹ قرار دینا انسانی غلطی تھی۔ہاک آئی نے تسلیم کیا ہے کہ سسٹم نے زیربحث ڈلیوری کو درست طریقے سے ٹریک کیا تھا جس میں امپائر کی کال کے طور پر امپیکٹ اور وکٹ کو ہٹ کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ تاہم آپریٹر کی غلطی کی وجہ سے غلط بال ٹریکنگ ڈیٹا کوآن ائر کردیا گیا۔اگر توقع کے مطابق عمل کیا گیا ہوتا تو بال ٹریکنگ کا درست ڈیٹا غلط ڈیٹا کے چلنے کے چند سیکنڈ بعد ہی دستیاب ہوتا،” ہاک آئی کی وضاحت اور اظہار افسوس ۔ہاک آئی بال ٹریکنگ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی واحد منظور شدہ ٹیکنالوجی ہے جسے پہلی بار 2008 میں آزمایا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ DRS کا حصہ ہے۔
گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے تھے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 138 رنز بنا کر حریف ٹیم کو 139 کا ہدف دیا، جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 18.2 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر بڑی مشکل سے پورا کیا۔تاہم میچ کے اختتام جب یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان سے سوال کیا گیا کہ انہیں میچ میں شکست کیوں ہوئی، کہاں غلطی ہوئی تو انہوں نے شکست کا ذمہ دار ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کو ٹھہرا دیا۔انہوں نے ڈی آر ایس ٹیکنالوجی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال سے ہم ٹیکنالوجی کی خرابی کی وجہ سے ہارے ہیں۔ ریویو میں کوئی اور گیند دکھائی گئی۔ وہ میچ کا گیم چینچنگ لمحہ تھا، میرے خیال سے ان چیزوں کو درست ہونا چاہئے اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہئے۔ -

پی ایس ایل 9:پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 رنز سے شکست دیدی
پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو میچ جیتنے کے لیے 180 رنز کا ہدف دے دیا۔پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے، حسیب اللہ 37 اور بابراعظم نے 31 رنزکی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ رومین پاول 23، محمد حارث 19، پاول والٹر 1،آصف علی نے 13 رنز بنائے جبکہ لیوک ووڈ 17 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلی،محمد علی اور اسامہ میر نے 2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہ نواز دہانی اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ملان 52 اوریاسرخان 43 رن بنا کر نمایاں رہے، ریزا ہینڈرکس 28،اسامہ میر 12 اورعباس آفریدی نے 11 رن بنائے جب کہ افتخار احمد 16 اور خوشدل شاہ 5 رن بنا کر آوٹ ہوئے۔پشاور کے عارف یعقوب نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان ارشاد اورلک ووڈ نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ٹورنامنٹ میں یہ پشاور زلمی کی پہلی جیت جب کہ ملتان سلطانز کی پہلی شکست ہے۔ٹاس
پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیاہے , ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ ملتان میں کھیلا جارہاہے۔ماہر کا کہناہے کہ ملتان کی پچ پر گیند کے سوینگ ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہیں اور یہ بیٹسمینوں کیلئے حقیقی چیلنج ہوگا۔بابراعظم کا کہناتھا کہ پچ اچھی دکھائی دے رہی ہے لیکن بعدازاں یہ فاسٹ باولرز کیلئے سازگار ہو گی ،فی الحال یہ بیٹنگ پچ لگ رہی ہے ،
جس کے مطابق 180 سے 190 تک سکور کرنا ہوگا، پچ پر گھاس زیادہ نہیں ہے ، گزشتہ میچز میں ہم نے چھوٹی غلطیاں کیں جو کہ بہت مہنگی ثابت ہوئی ،ہم نے اس وجہ سے دو تبدیلیاں کی ہیں ۔پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، بابراعظم ، محمد حارث، حسیب اللہ خان، روومان پاول ، آصف علی ، پاول والٹر، لیوک ووڈ، عارف یعقوب، نوین الحق، سلمان ارشاد شامل ہیں ۔ملتان سلطانز کی پلیئنگ الیون میں محمد رضوان، ڈیوڈ ملان ، ریزا ہینڈرکس، یاسر خان ، افتخار احمد، خوشدل شاہ ، ڈیوڈ ویلی ، اسامہ میر، عباس آفریدی ، محمد علی اور شاہنواز دھانی شامل ہیں ۔ -

ایران سے گیس درآمد کے لئے پائپ لائن بچھانے کی منظوری
کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے آئی پی گیس پائپ لائن کے حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن کی سمری پر اجلاس میں غور کیا۔سی سی او ای نے ستمبر 2023 میں وزیر اعظم کی جانب سے تشکیل کردہ آئی پی پروجیکٹ کے لیے وزارتی نگرانی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی۔ کمیٹی نے پہلے مرحلے میں پاکستان کے اندر یعنی پاکستانی سرحد سے گوادر تک پائپ لائن کے 80 کلومیٹر حصے پر کام شروع کرنے کی سفارش کی تھی جو منظور کر لی گئی ۔ اس پروجیکٹ کو انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا اور اسے گیس انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس کے ذریعے فنڈ فراہم کیا جائے گا۔تمام متعلقہ ڈویژنز نے پاکستان کے عوام کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے مثبت منظوری دی، اس سے ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔اس سے نہ صرف پاکستان کی انرجی سیکیورٹی کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی صنعتوں کا اعتماد بڑھے گا جسے گیس کی بہتر فراہمی کے ساتھ یقینی بنایا جائے گا۔اس سے بلوچستان کے صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا جو پاکستان کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔
-

سابق خاتون اسپیکر صوبائی راحیلہ حمید دُرّانی کو ایک مرتبہ پھر اسپیکر منتخب کرنے کا امکان
کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کے مُطابق گذشتہ روز اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کی صوبائی قیادت میں ہونے والی ملاقات میں طے پایا ہے کہ بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کا عہدہ سابق اسپیکر محترمہ راحیلہ حمید دُرّانی کو دیا جائے گا جس پر دونوں جماعتوں نے آپس میں اتفاق بھی کرلیا ہے
راحیلہ حمید دُرّانی کے پاس بلوچستان کی پہلی خاتون اسپیکر صوبائی اسمبلی ہونے کا اعزاز بھی ہے,راحیلہ حمید دُرّانی کو اسپیکر بنانے کیلئے نواب ثناء اللہ زہری,سرفراز بگٹی,جام کمال خان سمیت صوبے کی اعلی قیادت نے اعتماد کا اظہار کیا ہے,ممکنہ طور پر اگلے 72 گھنٹوں میں بلوچستان صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا جائے گا جس میں اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ راحیلہ درانی کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے -

سابق کمشنر کے الزامات جھوٹ کا پلندہ قرار
سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے الزامات کے معاملہ پر ذرائع نے بتایا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے سابق کمشنر کے الزامات کو من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
انکوائری کمیٹی نے بیانات کی روشنی میں کمیشن کو سفارشات بھی دیں، انکوائری کمیٹی نے لیاقت چٹھہ کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کر دی، انکوائری کمیٹی نے اپنی سفارش میں کہا ہے کہ لیاقت چٹھہ کے خلاف توہین الیکشن کمیشن یا کریمنل کارروائی کی جائے۔ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے لیاقت علی چٹھہ کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور کریمنل کارروائی کی سفارش کر دی، الیکشن کمیشن کی انکوائری کمیٹی نے رپورٹ تیار کر کے کمیشن کو پیش کر دی۔ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیاقت چٹھہ نے تسلیم کیا کہ کسی کے بہکاوے میں آ کر بیان دیا، لیاقت چٹھہ نے انکوائری کمیٹی کے سامنے بیان پر معافی مانگ لی۔رپورٹ کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں، انکوائری رپورٹ کے ساتھ سابق کمشنر راولپنڈی کا بیان لگایا گیا ہے، 6 ڈی آر اوز اور قومی و صوبائی حلقوں کے آر اوز کے بیانات بھی لگائے گئے۔ -

بیرسٹر گوہر شریف آدمی ہیں لیکن ان کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں تھی،شیر افضل مروت
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے بیرسٹر گوہر کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی وجہ بتا دی۔ ان کا کہنا تھا بیرسٹر گوہر شریف آدمی ہیں لیکن ان کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں تھی۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نااہلی اور خراب کارکردگی کی وجہ سے بیرسٹر گوہر کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان کو چیئرمین شپ کے عہدے سے ہٹانے کے پیچھے ان کی نااہلی اور خراب کارکردگی ہے، پارٹی آفس چلانے کے لیے ہر وقت متحرک رہنا ہوتا ہے لیکن ایسا نہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ تین ماہ کا وقت بیرسٹر گوہر کو ملا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے، ورکرز کے احتجاج سمیت دیگر توقعات تھیں جس میں بیرسٹر گوہر ناکام ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی نتائج کے بعد قیادت کی اپروچ قابل ستائش نہ تھی، بیرسٹر گوہر کو لیڈ کرنا چاہیے تھا لیکن وہ ناکام رہے۔
-

پاکستان تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے،صدر مملکت عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرتار پور کاریڈور کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے، کرتار پور راہداری سے پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان امن کا خواہش مند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیغام امن کا پیغام ہے، بین المذاہب ہم آہنگی کے ایسے مزید اقدامات سے خطے میں امن کو فروغ ملے گا، سکھ مذہب نے امن اور اتحاد، لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا درس دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری امن کی علامت ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سکھ یاتریوں کی آسانی اور سہولت کے لیے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں، مستقبل میں بھی یہ جاری رہنے چاہئیں۔کرتار پور دورے کے دوران صدر مملکت کو سی ای او پروجیکٹ منیجمنٹ نے سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ اورصدر مملکت کو سکھ مذہب اور کرتار پور صاحب کی تاریخ کے بارے میں بتایا گیا، صدر مملکت کو اس موقع پرمیوزیم اور لنگر خانے کا بھی دورہ کرایا گیا۔ -

نیپرا کا تقسیم کار کمپنیوں کو 2 ماہ سے خراب میٹرز کو فوراً تبدیل کرنے کا حکم
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے تقسیم کار کمپنیوں کو 2 ماہ سے خراب میٹرز کو فوراً تبدیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی بلنگ میں پائی جانے والی بےضابطگیوں کے معاملے پر اعلامیے کے ذریعے ہدایات جاری کی ہیں۔نیپرا نے ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کو انکوائری رپوٹ میں کی سفارشات پر عمل درآمد کا حکم دیا ہے۔ان کمپنیوں کو تبدیل شدہ میٹرز پر اوسط بل کی بجائے اصل میٹر ریڈنگ کے حساب سے وصول کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
جن صارفین کی کیٹیگری جون 2023ء سے اب تک 30 دن سے زائد بلنگ کے باعث پروٹیکٹڈ سے نان پروٹیکٹڈ میں تبدیل ہوئی ہے اسےٹھیک کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔پی آئی ٹی سی میں ریکارڈ نہ ہونے پر لیسکو کو ریکارڈ کی بنیاد پر کیٹیگری ٹھیک کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔لیسکو کو اپنے بلنگ ریکارڈ کو پی آئی ٹی سی سے الحاق کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔تقسیم کار کمپنیوں کو اس غیر قانونی عمل میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔نیپرا نے حکم دیا ہے کہ جولائی 2018ء تا جون 2023ء حیسکو، سیپکو، ٹیسکو، پیسکو سرکل کے بلوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔نیپرا نے اس عمل میں ملوث افسران کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
-

ہمارے ساتھ جو ہوا کسی اور کے ساتھ نہ ہو،علی امیں گنڈا پور
خیبر پختونخوای کے نامزد وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ا کہ ذاتی طور پر انتقامی کارروائی کے حق میں نہیں ہوں، ایسا نظام بننا چاہیے کہ آئندہ ایسی کارروائیاں نہ ہوں۔
کارکن بھی ریاست مدینہ کی سوچ کے مطابق زیادتیوں کوبھول جائیں۔انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں ہمارے ساتھ جو ہوا کسی اور کے ساتھ نہ ہو، ایسی اصلاح کرنی ہے کہ چاہتے ہوئے بھی زیادتی نہ کی جاسکے۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ زیادتی کرنے والے اپنی اصلاح کرلیں تومعاف کردیں گے، ورنہ سزا کیلئے تیار رہیں۔
الیکٹرانک ووٹنگ مشین اس لیے لا رہے تھے کہ دھاندلی نہ ہو، دھاندلی سے لوگوں کو مسلط کیا جائے گا تو ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ مختلف حلقوں میں مختلف طریقوں سے دھاندلی ہوئی ہے، ثبوث سامنے آرہے ہیں کہ کچھ آر اوز نے دھاندلی ہونے دی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ابھی امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کا مرحلہ جاری ہے، ہم نے درخواست دی کہ ہمیں مخصوص نشستیں دی جائیں۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جیسے ہی دیگر مراحل ختم ہوں تو اسمبلی اجلاس بلا کر حلف لیں گے، امید ہے ٹریبونل اور عدالتوں سے ہمیں حق ملے گا۔خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جمہویت کا تقاضہ ہے عوامی حکومت بنے، کابینہ میں نئے لوگوں کو سامنے لایا جائے گا، ہمارے 50 فیصد سے زیادہ نئے چہرے اسمبلی میں آئے ہیں۔ جذبے سے عوامی مسائل کے لیے کام کریں گے۔