Baaghi TV

Author: صدف ابرار

  • سند ھ اسمبلی کا اجلاس طلب

    سند ھ اسمبلی کا اجلاس طلب

    سندھ اسمبلی کا اجلاس ہفتہ کو طلب کرلیا گیا۔ اس حوالے سے نوٹیفکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس ہفتے کی صبح 11 بجے ہوگا، جس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس 164 ارکان حلف اٹھائیں گے۔ ایوان میں پیپلز پارٹی 114 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی کی حلف برداری کے لئے ہونے والے اجلاس کی صدارت اسپیکر آغا سراج درانی کریں گے۔ ارکان کے حلف کے بعد سندھ اسمبلی میں نئی مدت کے لئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

  • سلمان اکرم راجہ کی درخواست مسترد کر کے  عون چوہدری کی این اے 128   سے کامیابی کا نوٹیفیکشن جاری

    سلمان اکرم راجہ کی درخواست مسترد کر کے عون چوہدری کی این اے 128 سے کامیابی کا نوٹیفیکشن جاری

    الیکشن کمیشن کی جانب سے سلمان اکرم راجہ کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا جس کے بعد عون چوہدری کی حلقے سے کامیابی کا نوٹیفکیشن برقرار ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 128 سے متعلق سلمان اکرم راجہ کی اپیل کا فیصلہ سنا دیا۔یاد رہے الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ نے این اے 128 سے متعلق درخواست دائر کی تھی جس میں ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 117 لاہورسےآزادامیدوارعلی اعجازبٹرکی درخواست بھی خارج کر دی۔

    لاہور کے حلقہ این اے117 سے استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی صدر عبدالعلیم خان کی کامیابی کا نوٹیفیکشن جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نےآزادامیدوارعلی اعجازبٹرکی درخواست خارج کر دی ہے۔قبل ازیں الیکشن کمیشن نے این اے 46 اور این اے 47 میں بے ضابطگیوں کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدواران انجم عقیل اور طارق فضل چودھری کو فاتح قرار دے دیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 46 اور این اے 47 اسلام آباد کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق انجم عقیل اور طارق فضل چودھری کو کامیاب قرار دیا گیا ہے،

    الیکشن کمیشن کی جانب سے دو رکنی بنچ نے فارم 47 میں مبینہ بے ضابطگیوں پر پی ٹی آئی کے امیدواروں عامر مغل اور شعیب شاہین کی دائر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔الیکشن کمیشن نے شعیب شاہین اور عامر مغل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے این اے 46 اور این اے 47 سے انجم عقیل اور طارق فضل چودھر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کردیا ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ سیکشن 92 کے تحت فارم 47 کی تیاری کیلئے امیدواروں کو نوٹس کرنا ضروری نہیں، ریٹرننگ افسران نے فارم 47 مرتب کرنے کیلئے تمام امیدواروں کو نوٹس بھیجا تھا۔

  • نگران حکومت نے  6 مہینے میں کتنا  قرضہ لیا؟ اعلامیہ جاری

    نگران حکومت نے 6 مہینے میں کتنا قرضہ لیا؟ اعلامیہ جاری

    وزارت خزانہ نے 17 اگست 2023 سے 31 جنوری 2024 تک نگراں حکومت کی جانب سے لیے گئے مقامی قرضوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ نگراں دور حکومت میں 19 ہزار 830 ارب روپے کا ڈومیسٹک قرض لیا گیا۔ یکم فروری تا 16 اگست 2023 کی مدت میں 19 ہزار 862 ارب روپے قرض لیا گیا تھا۔ نگراں دور میں مقامی قرض کا نیٹ فلو 1796 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ مدت میں نیٹ فلو 5 ہزار 831 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گزشتہ اسی مدت کے مقابلے قرضوں میں 67 فیصد کمی ہوئی۔
    نگراں دور میں 17 ہزار 934 ارب روپے کا مقامی قرض واپس کیا گیا، گزشتہ اسی مدت میں 14 ہزار 31 ارب روپے قرض واپس کیا گیا تھا۔وزارت خزانہ کے مطابق نگراں حکومت کو 22 فیصد کا پالیسی ریٹ ورثے میں ملا، گزشتہ مدت کے دوران پالیسی ریٹ کی اوسط شرح 19.5 فیصد تھی۔نگراں حکومت نے مقامی قرض کی پروفائل بہتر کرنے کے اقدامات کیے۔ نگراں دور میں ٹریژری بلز کا حجم 1.6 ٹریلین روپے تک آگیا، سابقہ مدت میں ٹریژری بل کا حجم 3.3 ٹریلین روپے تھا۔ حجم کم ہونے سے حکومتی مالیاتی ضروریات کم کرنے میں مدد ملی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ نگراں حکومت نے 3.9 ارب ڈالر کا بیرونی قرض لیا، سابقہ مدت میں 8.4 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض لیا گیا۔نگراں حکومت نے 3.6 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض واپس کیا، سابقہ مدت میں 5.4 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض واپس کیا گیا۔

  • سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو کردار کشی کیلئے بھی استعمال کیا جاتا رہا ہے،مرتضی سولنگی

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو کردار کشی کیلئے بھی استعمال کیا جاتا رہا ہے،مرتضی سولنگی

    نگران وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کچھ لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تشدد پر اکسانے کیلئے استعمال کررہے ہیں۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر لوگ اربوں ڈالر کما رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو کردار کشی کیلئے بھی استعمال کیا جاتا رہا ہے، ہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو منفی پراپیگنڈے کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے، یہاں قانون کی حکمرانی ہے۔نگران وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کمپنیاں پراپیگنڈے کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں۔

  • بلے باز خواجہ نافع نے بھارتی کپتان روہت شرما اور پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو فالو کرنے کی وجہ بتا دی

    بلے باز خواجہ نافع نے بھارتی کپتان روہت شرما اور پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو فالو کرنے کی وجہ بتا دی

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن نو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے ابھرتے ہوئے بلے باز خواجہ نافع نے بھارتی کپتان روہت شرما اور پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو فالو کرنے کی وجہ بتا دی۔22 سالہ نوجوان نے لاہور قلندرز کے خلاف اعلان کیا جہاں انہوں نے 31 گیندوں پر 60 رنز بنا کر پی ایس ایل 9 میں اپنی ٹیم کو دوسری جیت دلائی۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے اپنے کھیل کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
    "انہوں نے مزید کہا.جب سے میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کیا ہے، میں نے روہت شرما اور بابر اعظم کو فالو کیا ہے۔ روہت تمام بولرز کو آسانی سے کھیلتے ہیں، جب کہ میں نے بابر کو ٹی وی پر دیکھا، وہ رنز بنا رہے تھے۔ بابر اعظم کو دیکھ کر مجھے حوصلہ ملا، اور میں نے بہت محنت کی۔ وہ مقابلے کے بقیہ میچوں میں بھی کارکردگی جاری رکھنے کے لیے پر امید ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی اور بہت مشق کی، مجھے اپنی محنت پر اعتماد تھا اور میں پی ایس ایل میں اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوا۔دوسری جانب خواجہ نافع نے کہا کہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے ان پر بہت اعتماد ظاہر کیا ہے اور فی الحال ان کی نظریں پی ایس ایل میں پرفارم کرنے پر لگی ہوئی ہیں۔”ٹیم انتظامیہ کو مجھ پر بہت اعتماد ہے، پی ایس ایل میں یہ میرا صرف دوسرا میچ تھا، ابھی 8 میچ باقی ہیں، اور میں ان میں اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔
    انہوں نے مزید کہا۔ابھی کے لیے، یہ صرف پی ایس ایل ہے؛ ہم دیکھیں گے کہ میرے کیریئر میں آگے کیا ہوتا ہے۔ ہمارا منصوبہ باقی میچز جیتنا، پلے آف تک پہنچنا، پھر فائنل میں جانا، اور جیتنا ہے، خواجہ نافع نے یہ بتاتے ہوئے نتیجہ اخذ کیا کہ وہ اپنی شاٹ رینج کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کیسے مشہور ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ "ایک دوست نے میرے شاٹس اپ لوڈ کرنے کے لیے ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانے کا مشورہ دیا۔ میں نے کوچ سے اجازت لی، اور پھر تمام ویڈیوز نے مجھے مقبولیت حاصل کی۔”

  • پی ایس ایل 9:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    پی ایس ایل 9:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    پی ایس ایل 9: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ایونٹ میں کوئٹہ کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 139 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے آٹھویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 139 رنز کا ہدف دے دیا۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائیلی روسو نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوور میں9 وکٹ پر 138 رنز بنائے، آغا سلمان 33 رنز بناکر نمایاں رہے، فہیم اشرف ، کولن منرو نے 20 ، 20 اور جارڈن کاز نے 19 رنز بنائے۔اس کے علاوہ عماد وسیم 9 ،شاداب خان 2 اور اعظم خان ایک رن بناسکے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد وسیم نے اور ابرار احمد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، عقیل حسین نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ لی۔

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کرلیا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یونائیٹڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، عبید شاہ کی جگہ حنین شاہ جبکہ ٹائمل ملز کی جگہ رومان رئیس کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ ہی کرتے۔ انہوں نے پچ کو بولرز بالخصوص اسپنرز کے لیے سازگار قرار دیا۔

  • ایک ٹولا ملکی معیشت کو برباد کرکے ملک کو تباہ کرنا چاہتا ہے ، عطا تارڈ

    ایک ٹولا ملکی معیشت کو برباد کرکے ملک کو تباہ کرنا چاہتا ہے ، عطا تارڈ

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ایک ٹولا ملکی معیشت کو برباد کرکے ملک کو تباہ کرنا چاہتا ہے، اسی ٹولے نے 9 مئی کے حملے کیے، انہی لوگوں نے سوشل میڈیا پر زہر پھیلایا، ان کے مذموم مقاصد کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ پی ٹی آئی والوں نے ماضی میں بھی آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی کوشش کی تھی، پچھلی بار بھی ان کی سازش پکڑی تھی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز (آئی ایم ایف) کو خط لکھنے کے فیصلے پر رد عمل دے دیا۔
    انہوں نے یہ بھی کہا کہ کے پی اور بلوچستان میں جو سیٹیں ملیں کیا وہاں دھاندلی نہیں ہوئی، ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ لوگ ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں، ان لوگوں کو چند سیٹیوں پر کامیابی ملی، ملک میں انتشار چاہتے ہیں۔ عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ ایک قیدی کی حیثیت سے آپ آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے۔عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ ملک میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہم نے ملک کی معیشت بہتر کرنی ہے، بے روزگاری ختم کرنی ہے۔

  • عقیدہ ختم نبوت پر سیاست بہت بڑا جرم ہے، حافظ طاہر محمود  اشرفی

    عقیدہ ختم نبوت پر سیاست بہت بڑا جرم ہے، حافظ طاہر محمود اشرفی

    وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اللہ نے قرآن میں فرمایا ہم نے ہی اس قرآن کو اتارا اور ہم ہی حفاظت کریں گے، ہمارے سپہ سالار بھی حافظ قرآن ہیں، پنجاب گورنمنٹ بھی ابہامات کو دور کرنے کیلئے ریویو پٹیشن داخل کرے، جس نے بھی کلمہ پڑھا وہ عقیدہ ختم نبوت کا چوکیدار ہے۔ کسی کو تحریف قرآن کی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، حکومت پنجاب سے گزارش ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں 6 فروری کو ہونے والے فیصلے میں ابہام کو دور کرنے کے لئے نظر ثانی کی اپیل دائر کرے یا سپریم کورٹ کی طرف سے اس کی وضاحت کردی جائے، ختم نبوت ہر مسلمان کا معاملہ ہے ، ہر مسلمان حضور ﷺ سے محبت رکھتا ہے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ 6 فروری کو سپریم کورٹ کا ایک فیصلہ آیا تھا، اس حوالے سے وکلاء، علماء اور مشائخ سے رابطہ تھا، عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کا معاملہ ہے ، کچھ لوگوں نے یہ معاملہ بھی سیاست کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سے بھی گزارش ہے کہ ابہامات کو دور کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کردے تا کہ انتشار پھیلانے والے کامیاب نہ ہوسکیں۔ ہم کسی کو بھی اجازت نہیں دے سکتے وہ حضور ﷺ یا مقدسات کا نام لے کر انتشار پھیلانے کی کوشش کرے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور مسالک کے ماننے والوں کا ملک ہے، پاکستان کا آئین، قانون، قرآن و سنت کے تابع ہے، پاکستان کے اندر رہنے والوں کی مذہبی آزاد ی آئین نے طے کر دی ہے۔

  • پنجاب اور خیبر پختونخوا کی الوداعی اجلاس کل طلب

    پنجاب اور خیبر پختونخوا کی الوداعی اجلاس کل طلب

    نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کا الوداعی اجلاس کل 23 فروری کو طلب کر لیا۔اجلاس کل وزیراعلیٰ آفس کے کمیٹی روم میں ہو گا، یہ پنجاب کابینہ کا 42واں اجلاس ہو گا، اجلاس میں تمام صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور تمام سیکرٹریز شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاسوں میں متعدد بڑے بڑے فیصلے کئے گئے تھے۔ خیبرپختونخوا نگران کابینہ کا آخری اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔

    خیبر پختونخوا
    دوسری جانب خیبر پختوا کا بینہ اجلاس بھی کل طلب کر لیا گیا،کابینہ اجلاس کی صدارت نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کریں گے، اجلاس ساڑھے 11 بجے ہوگا۔اعلامیہ کے مطابق صوبائی نگران کابینہ اجلاس میں آئندہ چار ماہ کے بجٹ کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ چار ماہ کے بجٹ کی مدت 29 فروری کو ختم ہو رہی ہے، اجلاس میں نگران وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس سمیت دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔

  • علیمہ خان یہ بتائیں کہ ان کے بھائی نے اقتدار میں رہتے ہوئے عوام کو کیا دیا؟ اعظمیٰ   بخاری

    علیمہ خان یہ بتائیں کہ ان کے بھائی نے اقتدار میں رہتے ہوئے عوام کو کیا دیا؟ اعظمیٰ بخاری

    پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے علیمہ خان کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کے بھائی بھابھی کے کیا کارنامے زبان زدعام ہیں۔ کہ علیمہ خان نے مریم نواز سے متعلق بدزبانی سے اپنے فتور ذہن اور تربیت کی عکاسی کی۔
    انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کو شرمندہ ہونا ہے اور شرم آنے کا کوئی امکان ہے تو ان کے اور اپنے اعمال پہ شرمندہ ہوں۔ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ علیمہ خان مریم نواز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے احتیاط کریں۔ علیمہ خان نے مریم نواز سے متعلق بدزبانی سے اپنے فتور ذہن اور تربیت کی عکاسی کی۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ پہلے پیسے چوری کیے گئے اب لوگوں کے ووٹ چوری کیے گئے، مریم نواز کا یہی خواب تھا، وہ اپنا شوق پورا کر لیں۔

    بانی پی ٹی آئی نے صرف اور صرف اپنے خاندان کے مفادات کا تحفظ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنانے کا دعویٰ کرنے والوں کو کیا معلوم کہ ملک معاشی وژن سے چلتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان یہ بتائیں کہ ان کے بھائی نے اقتدار میں رہتے ہوئے عوام کو کیا دیا؟، بانی پی ٹی آئی نے صرف اور صرف اپنے خاندان کے مفادات کا تحفظ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان اور ان کے کرپٹ بھائی کے کارنامے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ توشہ خانہ چوری، القادر ٹرسٹ پراپرٹی، ممنوعہ فنڈنگ اور 9 مئی واقعات عوام نہیں بھولے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علیمہ خان کو مریم نواز کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی، مریم نواز اور مسلم لیگ ن عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علیمہ خان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کے بھائی نے عوام کے پیسے سے اپنے اور اپنے خاندان کےلیے جائیدادیں بنائیں۔

    واضح رہےلاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا تھا کہ پہلے پیسے چوری کیے گئے اب لوگوں کے ووٹ چوری کیے گئے، مریم نواز کا یہی خواب تھا، وہ اپنا شوق پورا کر لیں۔انہوں نے ہمیں بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے، پورے نظام کو اپنے آپ پر شرمندگی ہونی چاہیے، مجھ سے پوچھا گیا آپ غیر ملکیوں کے ساتھ مل کر ریاست کے خلاف کام کر رہی ہیں، میرا ان کے ہر سوال کے لیے جواب یہی تھا، ایبسولیوٹلی ناٹ۔علیمہ خان کا کہنا ہے کہ ن لیگ، پی ٹی آئی کی کم از کم 60 سیٹیں لے کر بیٹھی ہوئی ہے، ن لیگ کی 16 اور ایم کیو ایم کی صرف ایک سیٹ ہے، یہ لوگ حکومت میں بیٹھیں گے تو کیا کریں گے، لوگ انہیں کبھی بھی سنجیدگی سے نہیں لیں گے۔