محکمہ ٹرانسپورٹ خیبرپختون خوا نے بی آر ٹی آپریشنز کے لیے سبسڈی مانگ لی، محکمہ ٹرانسپورٹ کا محکمہ خزانہ کو فنڈز جاری کرنے کے لیے خط لکھا گیا، فوری طور پر ایک ارب روپے جاری کیے جائیں ،محکمہ ٹرانسپورٹ کا محکمہ خزانہ کو خط میں کہا گیا ہے کہ سبسڈی فنڈز نومبر 2023 سے فروری 2024 تک جاری کیے جانے تھے،خط میں کہا گیا ہے کہ فنڈز سے بی آر ٹی کے بلاتعطل آپریشنز ممکن ہوں گے، وینڈرز کے بڑھتے بقایاجات کو مدنظر رکھتے ہوئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر ادا کیے جائیں ،احمد رسول بنگش نگران وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ بی آر ٹی کو دو مرتبہ پہلے بھی فنڈز دیے ہیں مزید پیسے بھی دے دیں گے ، اور بی آر ٹی عوامی مفاد کا منصوبہ ہے اسے روکنے نہیں دیں گے،
Author: صدف ابرار
-

الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے خلاف دائر کیے گئے توہین عدالت کیس میں جواب جمع
الیکشن کمیشن نے اپنے خلاف پی ٹی آئی کے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر توہینِ عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں جواب جمع کروا دیا۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے کے الزامات مسترد کر دیے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کی گئی، ملاقات میں تحریکِ انصاف کو بلاتفریق لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔اپنے جواب میں الیکشن کمیشن نے استدعا کی ہے کہ عدالت پی ٹی آئی کی درخواست جرمانہ عائد کرتے ہوئے مسترد کرے۔جواب میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو ہدایات بھی جاری کی گئیں، 26 دسمبر تک تحریکِ انصاف کی جانب سے ملک بھر میں 33 شکایات درج کروائی گئیں۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی شکایات پر اقدامات اور ہدایات کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ کو فراہم کر دی گئی ہیں، پی ٹی آئی کی شکایات پر آئی جی، چیف سیکریٹری اور آر اوز نے عملدرآمد رپورٹس بھی جمع کروائیں، لیول پلیئنگ فراہم نہ کرنے کے الزامات کو آر اوز کی رپورٹ کے تناظر میں مسترد کرتے ہیں۔ اپنے جواب میں الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کے قومی اسمبلی کے لیے 843 میں سے 598 کاغذاتِ نامزدگی منظور کیے گئے جبکہ 245 کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے گئے، صوبائی اسمبلیوں کے لیے پی ٹی آئی کے 1777 میں 1398 کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے اور 379 کاغذات مسترد کیے گئے، تحریکِ انصاف کے امیدواران کے 76.18 فیصد کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔
-

حماد اظہر اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں مسترد
تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر اور کارکن صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیئے گئے۔ایپلیٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ بحال رکھتے ہوئے این اے 129 سے حماد اظہر کی اپیل خارج کر دی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں مسترد کر دی گئی۔لاہور کے حلقہ این اے 129 سے پی ٹی آئی کے حماد اظہر کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہ مل سکی، ایپلٹ ٹریبونل نے سابق وفاقی وزیر کی اپیل مسترد کر دی۔ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے پی ٹی آئی رہنما کی اپیل پر فیصلہ سنایا اور ریٹرننگ افسر کا حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ادھر لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹریبونل نے صنم جاوید کے حلقہ این اے 119، این اے 120 اور پی پی 150 سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف بھی اپیلیں خارج کر دیں۔
ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔واضح رہے کہ صنم جاوید نے جیل سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے این اے 119 ، 120 اور پی پی 150 سے کاغذات جمع کروائے تھے، انہوں نے مریم نواز کے مقابلے میں بھی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ -

پشاور اور لاہور ہائیکورٹ میں آج پی ٹی آئی رہنماؤں کی الیکشن ٹربیونل اپیلوں پر سماعت ہوگی
پشاور الیکشن ٹربیونل میں امیدواروں کی کاغذات مسترد اور منظوری کے خلاف اپیلوں پر سماعت آج بھی جاری رہے گی، پشاور کے الیکشن ٹربیونل میں آج 33 اپیلوں پر سماعت ہوگی، پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کی اپیل پر بھی سماعت آج ہوگی .الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس وقار احمد, علی محمد خان کی اپیل پر سماعت کرے گے
ریٹرننگ افسر نے علی محمد خان کی این اے 23 مردان سے کاغذات نامزدگی مسترد کی ہے، علی محمد خان ن کاغذات نامسزدگی مسترد ہونے کے خلاف ٹربیونل میں اپیل دائر کیا ہے۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے ایپلیٹ ٹریبیونلز میں آج اہم اپیلوں کی سماعت ہو گی، جن میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد اور منظوری ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔سابق سپیکر اسد قیصر، زرتاج گل، جمشید دستی، سابق صوبائی وزیر تیمورسلیم جھگڑا، ارباب شیر علی اور یوسف خان دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی اپیلیں منظورہوچکی ہیں، جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار پائے ہیں۔آج ہونے والی سماعت میں ایپلیٹ ٹربیونل لاہور نے صنم جاوید خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید نے این اے 119، 120 اور پی پی 150 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔
ان کے کاغذات پر اعتراض اٹھایا گیا تھا کہ صنم جاوید نے دستخط 21 دسمبر کو کیے جبکہ ریٹرننگ افسر کے سامنے 22 دسمبر کو کاغذات جمع کروائے گئے، صنم جاوید نے کاغذات نامزدگی میں جوائنٹ اکاؤنٹ ظاہر کیا، جبکہ کاغذات میں سنگل اکاؤنٹ ظاہر کیا جانا چاہیے۔اسی طرح عمران خان، شہباز شریف، قیصرہ الٰہی اور عابد شیرعلی کے کاغذات نامزدگی کے خلاف نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔آج ایپلٹ ٹریبونل میں ہونے والی سماعت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ -

قیمت میں 200 فیصد کے اضافے کے باوجود گیس غائب
پورے ملک میں گیس غائب ہونے کی وجہ صارفین کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے۔ دوسری طرف بلوں میں اضافے نے بھی عوام کو شدید پریشان کیا ہوا ہے۔ لوگ گھروں کے چولہے جلانے کے لیے متبادل ایندھن استعمال کررہے ہیں جس کی وجہ سے ان کا بجٹ متاثر ہورہا ہے۔گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 200 فیصد تک اضافہ ہونے کے باوجود ملک کے بیشتر علاقوں میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔حکومت نے یکم نومبر سے گیس کی قیمتوں میں تقریباً 200 فیصد تک اضافہ کیا تھا۔ جس کی وجہ سے صارفین کو بھاری بل وصول ہو رہے ہیں، گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔نومبر میں قیمتوں میں 200 فیصد اضافے کے بعد غیر معمولی بل دیکھ کر عوام کی چیخیں نکل آئیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ گزشتہ مہینوں اور سال کی نسبت بلوں میں بڑا فرق آ گیا ہے۔صارفین نے کہا کہ پہلے بجلی کی قیمتوں نے زندگی مشکل کر رکھی ہے، اب رہی سہی کسر گیس کے بلوں نے پوری کر دی ہے۔
-

مولانا فضل الرحمٰن دورۂ افغانستان پر 7 رکنی وفد کے ساتھ روانہ ہو گئے
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان افغان حکومت کی دعوت افغانستان روانہ ہوگئےمولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ پارٹی رہنماؤں پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی روانہ ہوا ہے۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن افغان حکومت کی خصوصی دعوت پر افغانستان گئے ہیں، ان کے اس دورے میں خطے میں امن و امان کی صورتِ حال پر بات چیت ہو گی۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کے دورۂ افغانستان میں 7 رکنی وفد میں مولانا عبدالواسع، سلیم الدین شامزئی، مولانا امداد اللّٰہ، دارالعلوم حقانیہ کے مولانا ادریس حقانی، مولانا صلاح الدین ایوبی، مفتی ابرار اور اپر جنوبی وزیرستان سے سابق رکن اسمبلی مولانا جمال الدین محسود شامل ہیں۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی افغان عبوری حکومت کے حکام اور افغان علمائے کرام سے ملاقاتیں ہوں گی، دورے میں پاک افغان تعلقات اور دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔مولانا فضل الرحمان نے گذشتہ روز اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کی اور انہیں بتایا کہ ٹی ٹی پی کا معاملہ بھی ان کی افغان حکام سے بات چیت میں شامل ہوگا۔مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ وہ قندھار بھی جائیں گے جہاں ان کی افغان طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ سے ملاقات ہوگی۔ طالبان سربراہ غیرملکی رہنماؤں سے بہت کم ملتے ہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انہیں دورے کی دعوت طالبان سربراہ کی منظوری سے دی گئی ہے اور وہ ان سے ملیں گے۔جب پوچھا گیا کہ کیا وہ ٹی ٹی پی کا معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھائیں گے تو انہوں نے کہا کہ ہاں، اس کا امکان ہے، ہم اپنا تعلق خیر سگالی کے لیے استعمال کریں گےمولانا فضل الرحمان پچھلی مرتبہ دس برس قبل 2013 میں کابل گئے تھے جب وہاں حامد کرزئی کی حکومت تھی.. مولانا فضل الرحمان کاایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ کشیدگی کم کرنے کا انحصار پاکستان اور طالبان حکومت پر ہے، اگر وہ برادرانہ تعلقات چاہتے ہیں تو پیچیدہ معاملات بھی حل ہوسکتے ہیں لیکن اگر ارادہ نہیں تو چھوٹی باتیں بھی بڑی ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے جو اشارے انہیں ملے ہیں اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا دورہ نتیجہ خیز ہوگا جب کہ افغان حکام بھی اس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ -

ضلع کرم : مسافر گاڑی پر فائرنگ،4 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں صدہ کے قریب مسافر کوچ اور کار پر مسلح افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ ڈی پی او محمد عمران کا یہ بھی کہنا ہے کہ فائرنگ سے ڈرائیور، 2 سیکیورٹی اہلکار اور ایک خاتون جاں بحق ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر گاڑی پارا چنار سے کوہاٹ جارہی تھی۔زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پاراچنار میں مسافر بس پر فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔گزشتہ ہفتے 30 دسمبر 2023 کو بھی پاراچنار کے قریب صدہ بازار میں پشاور جانے والی وین پر ملزمان نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک مسافر زخمی ہوا تھا۔وین میں موجود مسافر کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے تھے۔
اس واقعے سے 3 روز قبل بھی ہنگو کے قریب پاراچنار جانے والی بس پر فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔ڈی پی او محمد عمران کے مطابق حملہ آوروں کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہےان کا مزید کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے پاراچنار سے پشاور جانے والی 2 گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ -

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج بھی دھند کا راج ،موٹرویز بند
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے آج بھی شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز بند اور فلائٹس آپریشن متاثر ہوگیا ہے۔ترجمان موٹر وے کے مطابق حد نگاہ کم ہونے پر موٹر وے ایم ون پشاور سے برہان تک، ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ تک، موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک بند کی گئی ہے۔اسی طرح موٹر وے ایم 5 اقبال آباد سے روہڑی جبکہ ایم 11 لاہور سے سیالکوٹ تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ دھند کے باعث شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر دھند والی لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔دوسری جانب ایسوسی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز 25 سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔
-

سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا صدارتی ریفرنس ایک بار پھر سماعت کے لیے مقرر
سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کی سزائے موت سے متعلق صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر ہو گیا۔چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ 8 جنوری کو سماعت کرے گا۔9 رکنی لارجر بینچ میں جسٹس سردار طارق، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔واضح رہے کہ 2011ء میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کے ذریعے سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق ریفرنس دائر کیا تھا۔3 جنوری 2012ء سے 12 نومبر 2012ء تک کیس کی 6 سماعتیں ہوئیں لیکن کوئی فیصلہ نہ ہو سکا تھا، تاہم تقریباً 11 برس بعد گزشتہ ماہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 9 رکنی بینچ نے ریفرنس دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔
-

انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کو طلب کر لیا
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان کو 9 جنوری کو طلب کرلیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔بانی چئیرمین پی ٹی آئی پر 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں میں اکسانے کا الزام ہے، 9 مئی کے مقدمات میں عمران خان مرکزی ملزم کے طور پر نامزد ہیں۔
