Baaghi TV

Blog

  • کراچی: ٹریفک پولیس اہلکار نے دوران ڈیوٹی خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی

    کراچی: ٹریفک پولیس اہلکار نے دوران ڈیوٹی خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی

    کراچی: سول لائنز کے علاقے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد خان روڈ پر ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔

    ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل نواز ندیم قریشی نے دوران ڈیوٹی اپنے سر پر گولی ماری اہلکار کی ڈیوٹی ضیاء الدین روڈ پر تھی اور وہ پی آئی بی کالونی کے علاقے نفیس آباد کا رہائشی تھا واقعے کے بعد لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اتفاقیہ گولی چلی ہے، تاہم سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ کا کہنا ہے کہ معاملے کو چیک کیا جارہا ہے اور جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔

  • آبنائے ہرمز کی سلامتی ساحلی ریاستوں کی ذمہ داری ہے، ایران

    آبنائے ہرمز کی سلامتی ساحلی ریاستوں کی ذمہ داری ہے، ایران

    ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی ساحلی ریاستوں کی ذمہ داری ہے، بحران پیدا کرنے والے اپنی مہم جوئی کے نتائج کے ذمہ دارخود ہوں گے۔

    ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز غیر علاقائی طاقتوں کے فوجی مظاہرے کا میدان نہیں ، آبنائے ہرمزکی سلامتی کا ضامن ہونے کے ناطے آبی گزرگاہ میں کسی بھی فوجی نقل و حرکت کے خلاف خبردار کرتے ہیں آبنائے ہرمز کی سلامتی ساحلی ریاستوں کی ذمہ داری ہے، بحران پیدا کرنے والے اپنی مہم جوئی کے نتائج کے ذمہ دارخود ہوں گے۔

    قبل ازیں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا تھا کہ اسرائیل اور امریکا کی ایران کے خلاف جنگ کے بعد حالات بدل چکے ہیں ، اب امریکا کو تجارت کے حوالے سے موجودہ حقائق کو تسلیم کرنا ہو گا۔ امریکا کو آبنائے ہرمز میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق ازبکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات کے دوران باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ جنگ کے بعد حالات ماضی کے مقابلے میں بہتر ہوئے ہیں ، حالیہ پیشرفت نے امریکا کو نئے حقائق قبول کرنے پر مجبور کر دیا ہے، موجودہ ماحول میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے ، امید ہے کہ مستقبل میں پابندیاں اٹھانے کی بنیاد بھی تیار ہو جائے گیامریکا کو آبنائے ہرمز میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔

  • کوئٹہ سیشن کورٹ سمیت عدالتوں پر  خودکش  حملے کا تھریٹ الرٹ جاری

    کوئٹہ سیشن کورٹ سمیت عدالتوں پر خودکش حملے کا تھریٹ الرٹ جاری

    ‏کوئٹہ سیشن کورٹ پر خودکش حملے کا تھریٹ الرٹ جاری ہو گیا۔

    محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ خطرناک دہشتگرد شہر میں آ گیا ہے کوئٹہ کی سیشن کورٹ سمیت عدالتوں پر خودکش دہشتگرد حملے کا شدید خطرہ ہے، تمام ادارے احتیاطی تدابیر اختیار کر لیں، ایک سینیئر وکیل کے مطابق محکمہ داخلہ نے عدالتوں، ججوں اور وکلا کو مراسلے بھیجے ہیں جن میں ممکنہ خودکش حملے کے خدشے کی نشان دہی کی گئی ہے اور غیر معمولی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی خود کش دہشتگرد ونگ مجید بریگیڈ کا خودکش دہشتگرد حوران اپنے ساتھیوں کے ساتھ کوئٹہ آیا ہے۔ حوران کئی خودکش دہشتگردوں کے ساتھ سریاب کے علاقے میں موجود ہے جہاں سے وہ کوئٹہ شہر میں دہشتگردی کی کارروائی کرنے والا ہے امکان ہے کہ مجید بریگیڈ کے تربیت یافتہ خودکش دہشتگردوں کا یہ گروہ کوئٹہ سیشن کورٹ اور دیگر عدالتوں کو یا کچہری مین پر ہجوم علاقوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا سکتا ہے۔

  • پی سی بی کا ایبٹ آباد میں کرکٹ گراؤنڈ بنانے کا معاہدہ

    پی سی بی کا ایبٹ آباد میں کرکٹ گراؤنڈ بنانے کا معاہدہ

    پی سی بی نے ایبٹ آباد شہر میں کرکٹ گراؤنڈ بنانے کا معاہدہ کر لیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان ہائی پرفارمنس کرکٹ سنٹر کے قیام کے لیے 25 سالہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے۔

    معاہدے کے مطابق ایبٹ آباد یونیورسٹی اپنے کیمپس میں کرکٹ گراؤنڈ کے لیے زمین فراہم کرے گی جبکہ پی سی بی جدید معیار کے مطابق کرکٹ گراؤنڈ تعمیر کرے گا گراؤنڈ میں اعلیٰ معیار کی میچ اور پریکٹس پچز، پویلین، جدید مشینری اور ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کے مطابق تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    یونیورسٹی کھلاڑیوں اور کوچز کی رہائش کے لیے اپنے ہوسٹل اور میس کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کرے گی جبکہ پی سی بی اس گراؤنڈ کو سال بھر ریجنل ٹریننگ کیمپوں اور ریجنل اکیڈمی کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرے گا اس منصوبے سے ایبٹ ریجن کے انڈر 15، اسکول، فرسٹ کلاس اور دیگر سطحوں کے کرکٹرز کو جدید تربیتی سہولیات میسر آئیں گی، جس سے خطے میں کرکٹ کے فروغ کو نئی تقویت ملے گی۔

    مفاہمتی یادداشت پر پی سی بی کے سینئر جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شارون اور ایبٹ آباد یونیورسٹی کے حکام نے دستخط کیے اس موقع پر اسامہ شارون نے کہا کہ یہ منصوبہ ایبٹ ریجن کے کھلاڑیوں کے لیے خوش آئند اور حوصلہ افزا قدم ہے، جو مقامی ٹیلنٹ کو نکھارنے اور قومی سطح پر آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

  • بھارت میں سڑک منصوبے کے لیے 5 مساجد مسمار

    بھارت میں سڑک منصوبے کے لیے 5 مساجد مسمار

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر وارانسی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانچ مساجد کو مسمار کردیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی حکومت کی جانب سے سڑک کو کشادہ کرنے اور شہری ترقیاتی منصوبے کے تحت کی گئی جبکہ علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات کیے گئے، متاثرہ افراد اور مقامی مسلم تنظیموں نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ کارروائیاں متعدد مقامات پر پیشگی نوٹس اور قانونی طریقۂ کار کی پابندی کے بغیر انجام دی گئیں۔

    حکام نے کہا ہے کہ مساجد منصوبہ بندی کے راستے میں آ رہی تھیں اور قانونی کارروائی اور پیشگی نوٹس کے بعد انہدام کیا گیا۔ بعض رپورٹس کے مطابق پانچ مساجد کی انتظامیہ نے منصوبے کے تحت کارروائی میں تعاون بھی کیا جبکہ چھٹی مسجد سے متعلق معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

    دوسری جانب مقامی مسلم تنظیموں اور بعض سماجی کارکنوں نے اس اقدام پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی اور مذہبی اہمیت رکھنے والی مساجد کو نقصان پہنچایا گیا ہے اور حکومت کو متبادل راستے تلاش کرنے چاہیے تھے۔ انہوں نے اس کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا۔

    جمعیۃ علماء ہند کے حقائق معلوم کرنے والے وفد نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے متاثرین سے ملاقات کی اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے تنظیم کے مطابق، مسمار کی گئی تعمیرات میں مذہبی مقامات، تجارتی عمارتیں اور رہائشی مکانات شامل ہیں، جبکہ احتجاج کے دوران متعدد مسلم نوجوانوں کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائیاں ریاستی حکومت کی انسدادِ تجاوزات مہم اور سکیورٹی تقاضوں کے تحت کی گئی ہیں بعض متاثرین نے اس کارروائی کو عدالت میں چیلنج کیا ہے، جبکہ مقامی مسلم تنظیموں نے غیر جانبدارانہ تحقیقات، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی، متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ اور بلڈوزر کارروائیوں پر فوری روک کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سونے کی قیمتوں میں کمی

    سونے کی قیمتوں میں کمی

    سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت کم ہو گئی۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 1100 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے کا ہوگیا ہے اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 943 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 77 ہزار 88 روپے ہوگئی ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 11 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 174 ڈالر پر آگیا۔

    دوسری جانب مقامی سطح پر فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 48 روپے کی کمی سے 6ہزار 716 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 42روپے کی کمی سے 5ہزار 757روپے کی سطح پر آگئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جب فی تولہ سونا 12 ہزار 200 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے تک پہنچ گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 459 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے ہوگئی تھی۔

  • اسحاق ڈار کی ترک ادارے ’اویاک‘ کے سی ای او سے ملاقات

    اسحاق ڈار کی ترک ادارے ’اویاک‘ کے سی ای او سے ملاقات

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان ترکیہ بزنس کانفرنس کے موقع پر ترکیہ کے معروف ادارے اویاک کے جنرل مینیجر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر مرات یالچنتاش سے ملاقات کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے، صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر گفتگو ہوئی۔

    پروفیسر ڈاکٹر مرات یالچنتاش اور ان کے وفد نے پاکستان کی معاشی ترقی اور اقتصادی پیشرفت کو سراہتے ہوئے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیاانہوں نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    ملاقات میں وفاقی وزیر برائے بحری امور، وفاقی وزیر توانائی، وفاقی وزیر پیٹرولیم، وفاقی وزیر نجکاری، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر بھی شریک تھے۔

    قبل ازیں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ترکیہ کی معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ’ترک سیل‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی طحہٰ کوچ نے استنبول میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حکومت کے ’پاکستان ترکیہ ڈیجیٹل کوریڈور‘ کے وژن سے آگاہ کیا،انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کا مقصد علاقائی ڈیجیٹل رابطوں کو مضبوط بنانا، سرحد پار محفوظ ڈیٹا کے تبادلے کو آسان بنانا اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے انضمام کو فروغ دینا ہے۔

  • پاکستان میں سکھ برادری کے دھرم شالا کی گرنے والی دیوار کی دوبارہ تعمیر کا اعلان

    پاکستان میں سکھ برادری کے دھرم شالا کی گرنے والی دیوار کی دوبارہ تعمیر کا اعلان

    پاکستان کے تمام مذاہب اور مکاتبِ فکر کے قائدین نے ہندوستان کا بے بنیاد پروپیگنڈا زمین بوس کر دیا۔پاکستان میں بین المذاہب رواداری کی عظیم مثال ، فاروق آباد کی دھرم شالہ کی تعمیر نو اور اس کی اصل حالت میں باقی رکھنے کا متفقہ اعلان کر دیا گیا،سکھ برادری کی دھرم شالہ جس کی دیوار خستہ حالت کی وجہ سے گر گئی تھی ،اس کی باہمی تعاون سے تعمیر نو اور اس کی اصل حالت میں باقی رکھنے کا متفقہ اعلان کیا گیا

    گزشتہ چند روز سے ہندوستان بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا تھا کہ فاروق آباد شیخوپورہ میں سکھ برادری کے گوردوارے کو پاکستانیوں نے گرا کر قبضہ کر لیا ہے جبکہ حقیقتِ یہ ہے کہ یہ دھرم شالہ بیٹھک گزشتہ قیامِ پاکستان سے پہلے کی جس حالت میں تھی، اسی طرح قائم ہے اور اس کی ایک دیوار خستہ حال ہونے کی وجہ سے گر گئی تھی جس کو آج پاکستان کے تمام مذاہب اور مکاتبِ فکر کے قائدین نے جا کر دوبارہ تعمیر کے لیے افتتاح کر دیا،قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے ہمراہ تمام مسلم مکاتبِ فکر کے قائدین مولانا زاہد محمود قاسمی ، حافظ مقبول احمد، علامہ غلام مصطفیٰ حیدری ، مولانا فاروق اعظم، مولانا اسلم صدیقی، مولانا سلمان عصری ، مولانا شاہد سعیدی، مسیحی قائدین بشپ کامران ، پنڈت لال ، سردار پلوندر سنگھ، سردار رنجیت سنگھ گیانی، سردار امر جیت سنگھ، سردار گلاب سنگھ، سردار جکرن سنگھ، انجمن تاجران فاروق آباد کے صدر شیخ شہزاد انجم نے آج فاروق آباد کا دورہ کیا اور یہ اعلان کیا کہ دھرم شالہ جس طرح دیوار کے گرنے سے پہلے تھی، اسی طرح باقی رہے گی اوگرے ہوئے حصے کی تعمیرِ نو ہوگی۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےپاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر مختلف مذاہب، مسالک کے لوگ رہتے ہیں ،کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ کسی دوسرے کی عبادتگاہ،مقدسات کی توہین کرے یا قبضہ کرے،حکومت پاکستان اپنا واضح مؤقف رکھتی ہے، دھرم شالہ، بیٹھک کا ریکارڈ حکومت پاکستان کے پاس موجود ہے، جب ہمارےعلم میں آیا کہ دیوار گری ہے،جس طرح یہ بلڈنگ تھی اسی طرح رہے گی، کسی کو حق نہیں کہ اس پر قبضہ کرے، بطور مسلمان تمام علما جو آج آئے ہیں میں سب کا شکر گزار ہوں،مسیحی برادری کا بھی شکر گزار ہوں، یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ جو دیوار گری ہم خود بنائیں گے،نہ اضافہ کرنے دیں گے نہ کمی کرنے دیں گے،ہم بھی اسی لئے آئےہیں کہ سکھ برادری کو بتا دیں کہ کسی کو املاک یا عبادتگاہ پر قبضے کا حق نہیں، اس ملک کے آئین نے جتنا حق ہمیں دیا انہیں بھی حق حاصل ہے، پاکستان کے تمام مسالک اور مذاہب کے قائدین نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور پاکستان میں غیر مسلموں کو جو حقوق حاصل ہیں وہ دنیا میں کہیں نہیں ہیں۔ پاکستان کے مسلمان اپنے غیر مسلم بھائیوں کے حقوق کے پاسبان ہیں اور حکومتِ پاکستان ہر طرح سے غیر مسلم برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی اور ان کی عبادات اور مقدس مقامات کا تحفظ ہر صورت کیا جائے گا۔

  • ساہیوال،سی ٹی ڈی کی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کیلئے جاسوسی کرنے والا گرفتار

    ساہیوال،سی ٹی ڈی کی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کیلئے جاسوسی کرنے والا گرفتار

    ساہیوال: کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے

    سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت روز علی خان کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر ارمڑ پایانہ، پشاور کا رہائشی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران ملزم کو ساہیوال سے حراست میں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملزم کے قبضے سے بارودی مواد، ایک پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹر، برقی تار، تین بیٹریاں اور دو موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔ برآمد شدہ سامان کو قبضے میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اوکاڑہ کے فیصل آباد روڈ پر واقع کوہ نور سٹی میں حساس تنصیبات کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی غرض سے موجود تھا۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک ممکنہ تخریب کاری کی کوشش کو ناکام بنایا گیا۔

    حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے مبینہ نیٹ ورک، سہولت کاروں اور ممکنہ رابطوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔ سی ٹی ڈی نے واقعے کے حوالے سے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

  • ترک سیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر  علی طحہ کوچ کی وزیراعظم سے ملاقات

    ترک سیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی طحہ کوچ کی وزیراعظم سے ملاقات

    ترک سیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی طحہ کوچ نے آج استنبول میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران، وزیراعظم نے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ‘پاکستان-ترکیہ ڈیجیٹل کوریڈور’ کے قیام کے حوالے سے حکومت کے وژن کا ذکر کیا جس کا مقصد علاقائی ڈیجیٹل رابطوں کو مضبوط بنانا، سرحد پار محفوظ ڈیٹا کے تبادلے کو آسان بنانا اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے انضمام کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے ترک سیل کو دعوت دی کہ وہ پاکستانی اداروں کے ساتھ طویل مدتی تعاون کے امکانات کا جائزہ لے؛ ان شعبوں میں 5G کا نفاذ، نیٹ ورک کی بہتری (آپٹیمائزیشن)، اسپیکٹرم کا انتظام، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہیں۔ انہوں نے کمپنی کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ٹیلی کمیونیکیشن آلات کی مقامی تیاری، سافٹ ویئر کی تیاری، ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں شراکت داری پر غور کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعاون سے پاکستان کا ٹیکنالوجی ایکو سسٹم مضبوط ہوگا اور ساتھ ہی جدت، روزگار اور پائیدار ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے شفاف اور سرمایہ کاری دوست کاروباری ماحول برقرار رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ اس عمل میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کا تعاون شامل ہے تاکہ اہم شعبوں، بالخصوص انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کو آسان بنایا جا سکے۔

    جناب علی طحہ کوچ نے حکومتِ پاکستان کے مستقبل پر مبنی ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے کو سراہا اور ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے میں ترک سیل کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے کمپنی کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داریاں قائم کی جا سکیں جو پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ اقتصادی اور تکنیکی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں۔