Baaghi TV

Blog

  • 
سالانہ امتحانات کے بعد سندھ میں طلبہ سے مفت درسی کتب واپس لینے کا فیصلہ

    
سالانہ امتحانات کے بعد سندھ میں طلبہ سے مفت درسی کتب واپس لینے کا فیصلہ

    
سندھ کے محکمہ تعلیم نے سالانہ امتحانات کے بعد طلبہ کو فراہم کی جانے والی مفت درسی کتب واپس لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
    ‎ترجمان صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق طلبہ کے رزلٹ کارڈ پر درسی کتب کی واپسی کا اندراج لازمی ہوگا، جبکہ جاری اور واپس ہونے والی تمام کتابوں کا باقاعدہ ریکارڈ بھی رکھا جائے گا۔
    ‎محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ جمع شدہ تمام کتابیں اسکول بُک بینک میں محفوظ کی جائیں تاکہ آئندہ تعلیمی سیشن میں دوبارہ استعمال ممکن ہو سکے۔
    ‎یہ احکامات پرائمری سے ہائر سیکنڈری تک تمام طلبہ پر لاگو ہوں گے اور ہر سطح پر کتابوں کی واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
    ‎ترجمان کے مطابق ضلعی تعلیمی افسران کتابوں کے اسٹاک سے متعلق مکمل ریکارڈ ریجنل ڈائریکٹرز کو جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

  • 
مظفرگڑھ میں دھی رانی پروگرام کے تحت 207 اجتماعی شادیاں

    
مظفرگڑھ میں دھی رانی پروگرام کے تحت 207 اجتماعی شادیاں

    
مظفرگڑھ کے اسپورٹس گراؤنڈ میں دھی رانی پروگرام کے چوتھے مرحلے کے تحت 207 اجتماعی شادیوں کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں 3 غیر مسلم مستحق جوڑے اور 4 معذور جوڑے بھی شامل تھے۔
    ‎تقریب میں صوبائی وزیر سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عوامی فلاح اور دوراندیش قیادت کو سراہا۔
    ‎اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی اجمل چانڈیا، ایم پی اے عون حمید ڈوگر، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر طارق قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اظہر یوسف، ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ بھی موجود تھے۔
    ‎رکن صوبائی اسمبلی اجمل چانڈیا نے خطاب کرتے ہوئے اجتماعی شادیوں اور دھی رانی پروگرام کے اقدامات کو سراہا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی فلاحی پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
    ‎صوبائی وزیر سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے وژن کے مطابق دھی رانی پروگرام کے تحت مستحق بچیوں کے حقوق اور سہولیات کا عملی تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں محکمہ سماجی بہبود نے ہمت کارڈ، وہیل چیئرز اور دیگر فلاحی منصوبوں کا کامیاب اجرا کیا ہے۔
    ‎ان کا کہنا تھا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت تمام منصوبے شفاف انداز میں نافذ کیے گئے ہیں اور ہر مستحق جوڑے کو دو لاکھ روپے کی مالی امداد براہِ راست اے ٹی ایم کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔
    ‎صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایک ماں کے جذبے کے تحت مستحق جوڑوں کی شادیوں کی ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔

  • 
انڈونیشیا کا غزہ میں ہزاروں فوجی بھیجنے کا اعلان

    
انڈونیشیا کا غزہ میں ہزاروں فوجی بھیجنے کا اعلان

    
انڈونیشیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کے تحت غزہ میں 5 ہزار سے 8 ہزار فوجیوں کی ممکنہ تعیناتی کی تیاری شروع کر دی ہے۔
    یہ اعلان انڈونیشیا کے آرمی چیف آف اسٹاف نے پیر کے روز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈونیشین فوج نے ممکنہ امن مشن کے لیے دستوں کی تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے، تاہم فوجیوں کی حتمی تعداد اور ذمہ داریوں سے متعلق بات چیت تاحال جاری ہے۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ چند ہفتوں کے دوران غزہ میں ہزاروں انڈونیشین فوجیوں کی تعیناتی متوقع ہے۔ یہ پیش رفت اس معاہدے کے چار ماہ بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت غزہ میں ایک کثیر القومی فورس قائم کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔
    ‎انڈونیشیا اس معاہدے کے بعد پہلا ملک بن گیا ہے جس نے باضابطہ طور پر غزہ میں امن مشن کے لیے فوج بھیجنے کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔ تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا کا یہ بیان عملی تعیناتی سے زیادہ ایک سیاسی پیغام بھی ہو سکتا ہے، کیونکہ حتمی فیصلے اور تفصیلات ابھی طے ہونا باقی ہیں۔

  • سندھ طاس معاہدہ: پاکستان نےعالمی ثالثی عدالت میں بھارت کے خلاف اعتراضات جمع کرادیے

    سندھ طاس معاہدہ: پاکستان نےعالمی ثالثی عدالت میں بھارت کے خلاف اعتراضات جمع کرادیے

    سندھ طاس معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت عالمی ثالثی عدالت میں جاری ہے-

    انڈس واٹرز آربیٹریشن کیس کے دوسرے مرحلے کی سماعت مکمل ہو چکی ہے، جس دوران پاکستان نے بھارتی پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن، پانی کے بہاؤ اور تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی تحفظات پیش کیےعالمی عدالت برائے ثالثی میں پاکستان کی نمائندگی اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ انڈس واٹر ٹریٹی کمشنر مہر علی شاہ اور مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا بھی موجود تھے۔

    پاکستانی وفد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بھارت دریائے سندھ، جہلم اور چناب پر منصوبے تعمیر کرتے وقت سندھ طاس معاہدے میں طے شدہ حدود سے تجاوز کر رہا ہے، جو معاہدے کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

    پاکستان نے عدالت سے درخواست کی کہ بھارت کو معاہدے کے تحت ان تین دریاؤں پر پن بجلی منصوبوں کی اجازت، ان کی نوعیت اور دائرہ کار سے متعلق واضح وضاحت فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے وفد کا مؤقف تھا کہ بھارتی منصوبوں کی نصب شدہ صلاحیت اور متوقع پانی کے بہاؤ کا درست اور شفاف تعین نہایت اہم ہے تاکہ سندھ طاس معاہدے کی روح کے مطابق فیصلے کیے جا سکیں،ادھر بھارت نے سماعت میں شرکت کی دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی عدالت کے روبرو پیش ہوا۔

    ثالثی عدالت کے بینچ کی قیادت امریکا سے تعلق رکھنے والے پروفیسر شان ڈی مرفی نے کی، جبکہ دیگر بین الاقوامی ججز بھی کارروائی کا حصہ تھے، یہ عالمی فورم 127 رکن ممالک پر مشتمل ہے اور بین الاقوامی تنازعات کے حل میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

  • 
ڈاکوؤں کی فائرنگ، تین پولیس اہلکار شہید، تین زخمی

    
انڈس ہائی وے پر ڈاکوؤں نے مسافروں سے لوٹ مار کی کوشش کے دوران پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ ایک اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، تاہم ڈاکوؤں نے گولیاں چلائیں۔ شہید ہونے والے اہلکاروں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
    ‎دوسری جانب ڈاکوؤں کے ہاتھوں لوٹنے والے مسافروں نے انڈس ہائی وے پر دھرنا دے کر احتجاج کیا، جس کے باعث شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی۔
    ‎وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دیا اور شہید اہلکاروں کے لواحقین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے ساتھ زخمیوں کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

  • ہمارا مقصد بنگلہ دیش کو عزت دلانا تھا اور کوئی ذاتی مقصد نہیں تھا ،محسن نقوی

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد بنگلہ دیش کو عزت دلانا تھا اور اس معاملے میں ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں تھا۔

    پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے ٹیمو ں کی تعداد میں 2 کا اضافہ کردیا گیا ہے، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ جبکہ رنر اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے تاکہ کرکٹ کی ترقی کے عمل کو مز ید مضبوط بنایا جا سکےپاکستان کی قومی ٹیم میں 60 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے میں کرکٹ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسپورٹس بورڈ کے ساتھ قریبی اشتراک سے کام کیا جا رہا ہے، صوبے میں کرکٹ اکیڈمیز اور گراؤنڈز کے قیام و بہتری کے لیے قابل ذکر اقدامات کیے گئے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ریجنل ٹیلنٹ کو جتنا زیادہ پروموٹ کیا جائے گا وہ پاکستان کی کرکٹ کے لیے اتنا ہی فائدہ مند ہوگا، ہمارا مقصد یہ ہے کہ ٹیلنٹ ضائع نہ ہو بلکہ اسے مزید نکھار کر قومی سطح تک پہنچایا جائے، پشاور ریجن میں 2 ٹیمیں بنارہے ہیں۔

    آئی سی سی سے متعلق معاملات پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد بنگلہ دیش کو عزت دلانا تھا اور اس معاملے میں ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں تھا بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی اور اب ان کی بات مانی گئی ہے، اسی لیے ہم انڈیا کے ساتھ کھیل رہے ہیں مستقبل کے بارے میں صرف اللہ بہتر جا نتا ہے، تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھا جائے اور خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مثبت اقدامات کیے جائیں۔

    امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایپیکس کمیٹی کا اجلاس ہو چکا ہے اور اس کے بعد فالو اپ میٹنگ بھی ہوئی ہے، ایک بات واضح ہے کہ انسداد دہشتگردی کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تعریف ہے، اسلام آباد میں ہونے والے واقعات میں بھی اداروں نے مؤثر کارروائی کی ہے اور آئندہ بھی مشترکہ کوششو ں سے دہشتگردوں کو شکست دی جائے گی۔

    ڈیجیٹل شناخت اور ای کے وائی سی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت ملک بھر میں ڈیجیٹل شناختی نظام متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت ہر شہری کی تصدیق شدہ ڈیجیٹل شناخت ہوگی، اس سے سرمایہ کاری، بینکاری اور دیگر شعبوں میں شفافیت بڑھے گی اور فراڈ کے امکانات کم ہوں گے، اسلام آباد دھماکے کی تحقیقات میں سی ٹی ڈی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

  • ‎کراچی: انڈے کے تاجر سے 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی

    ‎کراچی: انڈے کے تاجر سے 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی

    ‎کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں ایک انڈے کے تاجر سے 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
    ‎تاجر اصغر نے بتایا کہ دو ملازمین، عامر اور عمران، 30 لاکھ روپے تھیلے میں بھر کر بینک جمع کروانے جا رہے تھے کہ کورنگی ڈھائی نمبر کے مقام پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے انہیں روک لیا۔ ملزمان نے اسلحہ دکھا کر رقم سے بھرا تھیلا اور موبائل فون چھین لیا۔
    ‎پولیس حکام نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک اور ہیلمٹ پہن رکھے تھے اور جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔

  • کراچی میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری

    کراچی میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری

    
کراچی میں ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے شہریوں کو دہشت گردی کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھریٹ لیول ہائی ہے، تاہم پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
    کراچی پولیس آفس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد خان نے بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہیومن انٹیلی جنس کے ذریعے شہر کو جرائم سے پاک کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانزک لیب کی سہولت پر کام جاری ہے لیکن مختلف مشکلات کی وجہ سے مکمل ہونے میں وقت لگے گا۔
    ‎ایڈیشنل آئی جی نے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کو کراچی کے اہم اہداف میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے۔ دشمن اپنی پراکسیز کو زیادہ رقوم ادا کرتا ہے تاکہ شہر میں کارروائیاں کی جا سکیں، جبکہ ان گروہوں کی زیادہ توجہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان پر ہے۔
    ‎آزاد خان نے پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اہل اور پیشہ ور افسران کی تعیناتی ضروری ہے، تاکہ سفارشات سے گورننس متاثر نہ ہو۔ انہوں نے تھانہ کلچر ختم کرنے اور عوام کو زیادہ سہولت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
    ‎انہوں نے واضح کیا کہ انسداد منشیات، اسمگلنگ، تجاوزات اور گداگری روکنا پولیس کا بنیادی کام نہیں، بلکہ جرائم کی روک تھام، تفتیش اور عوام کے تحفظ پر توجہ دینا اصل ذمہ داری ہے۔ اگر پولیس اپنے بنیادی فرائض پر توجہ دے تو نہ صرف کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ رشوت کے خاتمے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

  • 
آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں ملالہ یوسفزئی کی تصویر آویزاں

    
آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں ملالہ یوسفزئی کی تصویر آویزاں

    
نوبل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی کی تصویر آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں آویزاں کر دی گئی، یہ اعزاز بینظیر بھٹو کے بعد دیا جانے والا دوسرا اہم اعزاز ہے۔ اس موقع پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ملالہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان لڑکیوں اور خواتین کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہے ہیں۔
    ملالہ نے مزید کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف ہے، اور بین الاقوامی برادری کو انسانی حقوق کی بنیاد پر طالبان پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔
    ‎ملالہ یوسفزئی نے ایل ایم ایچ سے فلسفہ، سیاست اور معیشت میں تعلیم حاصل کی اور 2020 میں گریجویشن کی۔ وہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے عالمی سطح پر معروف کارکن ہیں اور 2014 میں نوبل امن انعام حاصل کرنے والی سب سے کم عمر شخصیت بنی تھیں۔
    ‎ملالہ کو 2024 میں ایل ایم ایچ کی آنرری فیلو بھی منتخب کیا گیا تھا اور وہ آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے مشاورتی ادارے کی رکن بھی ہیں، جو آکسفورڈ اور پاکستان کے درمیان علمی روابط اور اسکالرشپ مواقع فراہم کرتا ہے۔
    ‎اس موقع پر پورٹریٹ پینٹر ازابیلا واٹلنگ نے کہا کہ ملالہ کا پورٹریٹ بنانا ایک بہت بڑا اعزاز تھا اور انہوں نے تصویر میں ملالہ کی طاقت اور وقار کو پیش کرنے کی کوشش کی۔ ملالہ نے کہا کہ یہ اعزاز دیگر لوگوں کے لیے دروازے کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا اور یہ یاد دہانی ہے کہ وادی سوات کی ایک لڑکی یہاں اپنی جگہ رکھتی ہے، اور ہر لڑکی، چاہے وہ پاکستان، افغانستان یا کہیں بھی سے ہو، کی بھی یہاں اپنی جگہ ہے۔

  • بیگناہوں کا خون بہانے والے اسلام، انسانیت اور پاکستان کے دشمن ہیں،قدرت اللہ

    بیگناہوں کا خون بہانے والے اسلام، انسانیت اور پاکستان کے دشمن ہیں،قدرت اللہ

    قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن کے صدر قدرت اللہ، چیئرمین سید احسن محمود شاہ اور سرپرستِ اعلیٰ حفیظ البرکات شاہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بیگناہوں کا خون بہانے والے اسلام، انسانیت اور پاکستان کے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کا کسی دین، مسلک یا نظریے سے کوئی تعلق نہیں۔ قرآنِ کریم ایک انسان کے ناحق قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے، دہشت گردی اور قتل و غارت اسلامی تعلیمات کی صریح توہین ہے۔ مساجد، مدارس اور امام بارگاہیں امن، عبادت اور اخوت کا مرکز ہوتی ہیں، ان مقدس مقامات کو نشانہ بنانا صرف عبادت گزاروں پر ہی حملہ نہیں بلکہ ملک کے امن، مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر براہِ راست حملہ ہے۔ پاکستانی عوام کامطالبہ ہے کہ ملک بھر کی تمام مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی و عوامی مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں اور غفلت یا لاپرواہی برداشت نہ کی جائے۔

    قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے حکومت اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائیاں کی جائیں، سہولت کاروں اور سرپرستوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور امن دشمن نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔

    قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ملک و قوم کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہادر سپاہی ہمارے حقیقی محسن، قومی وقار کی علامت اور دشمن کے سامنے آہنی دیوار ہیں۔ ان کی قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ان حالات میں جبکہ دشمن ہم پر دہشت گردی کی جنگ مسلط کرنے کی کوشش کررہا ہے قوم سے ہماری اپیل ہے کہ وہ مسلکی، لسانی اور علاقائی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد، صبر اور شعور کا مظاہرہ کرے، افواہوں اور منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہے اور ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ پاکستان ایک پُرامن اسلامی ریاست ہے اور ان شاء اللہ دہشت گردی، نفرت اور خونریزی کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔