Baaghi TV

بیگناہوں کا خون بہانے والے اسلام، انسانیت اور پاکستان کے دشمن ہیں،قدرت اللہ

قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن کے صدر قدرت اللہ، چیئرمین سید احسن محمود شاہ اور سرپرستِ اعلیٰ حفیظ البرکات شاہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بیگناہوں کا خون بہانے والے اسلام، انسانیت اور پاکستان کے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کا کسی دین، مسلک یا نظریے سے کوئی تعلق نہیں۔ قرآنِ کریم ایک انسان کے ناحق قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے، دہشت گردی اور قتل و غارت اسلامی تعلیمات کی صریح توہین ہے۔ مساجد، مدارس اور امام بارگاہیں امن، عبادت اور اخوت کا مرکز ہوتی ہیں، ان مقدس مقامات کو نشانہ بنانا صرف عبادت گزاروں پر ہی حملہ نہیں بلکہ ملک کے امن، مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر براہِ راست حملہ ہے۔ پاکستانی عوام کامطالبہ ہے کہ ملک بھر کی تمام مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی و عوامی مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں اور غفلت یا لاپرواہی برداشت نہ کی جائے۔

قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے حکومت اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائیاں کی جائیں، سہولت کاروں اور سرپرستوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور امن دشمن نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔

قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ملک و قوم کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہادر سپاہی ہمارے حقیقی محسن، قومی وقار کی علامت اور دشمن کے سامنے آہنی دیوار ہیں۔ ان کی قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ان حالات میں جبکہ دشمن ہم پر دہشت گردی کی جنگ مسلط کرنے کی کوشش کررہا ہے قوم سے ہماری اپیل ہے کہ وہ مسلکی، لسانی اور علاقائی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد، صبر اور شعور کا مظاہرہ کرے، افواہوں اور منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہے اور ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ پاکستان ایک پُرامن اسلامی ریاست ہے اور ان شاء اللہ دہشت گردی، نفرت اور خونریزی کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔

More posts