Baaghi TV

Blog

  • برطانوی گلوکار نے اسلام قبول کرلیا

    برطانوی گلوکار نے اسلام قبول کرلیا

    2023 میں ریلیز ہونے والے مشہور انگریزی گانے ’ٹو مچ‘ کے برطانوی گلوکار و ریپر اور سینٹرل سی کے نام سے مشہور اوکلی نیل سیزر- سو نے نے اسلام قبول کرلیا۔

    گلوکار نے لائیو اسٹریمنگ کے دوران اسلام قبول کرنے اور اپنا نام تبدیل کرنے کی تصدیق بھی کی، انہوں نے ایک لائیو اسٹریم کے دوران اعلان کیا کہ میں نے ابھی اپنا نام تبدیل کیا ہے اور کلمہ شہادت پڑھ لیا ہے، اب میں مسلمان ہوں 27 سالہ ریپر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا پہلا نام اوکلی سے تبدیل کر کے عقیل رکھ لیا ہے۔ لائیو اسٹریم کے دوران انہوں نے کلمہ شہادت ادا کیا۔

    سینٹرل سی اپنی منفرد موسیقی اور عام زندگی سے جڑے لیریکس کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کی توجہ حاصل کر چکے ہیں،لائیو اسٹریم کے دوران ان کے ہمراہ موجود دوستوں نے انہیں مبارکباد دی، تاہم انہوں نے اپنے روحانی سفر سے متعلق مزید تفصیل بیان نہیں کی۔

    4 جون 1998 کو لندن میں پیدا ہونے والے سینٹرل سی نے 2014 میں اپنے موسیقی کے کیریئر کا آغاز کیا اس کے بعد وہ برطانوی ڈرل اور ریپ میوزک کی دنیا کے نمایاں شخصیات میں شامل ہو گئے،2024 میں انہیں دنیا بھر میں سب سے زیادہ سنے جانے والے برطانوی ریپر کا اعزاز حاصل ہوا، جن کے گانوں کو مختلف پلیٹ فارمز پر اربوں بار سنا گیا۔

  • 
کابل: رہائشی گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 8 افراد ہلاک

    
کابل: رہائشی گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 8 افراد ہلاک

    ‎افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک رہائشی گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
    ‎غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس ڈسٹرکٹ 21 میں پیش آنے والے واقعے میں ایک خاندان سرد موسم کے دوران اپنے گھر کو گرم رکھنے کے لیے گیس ہیٹر استعمال کر رہا تھا۔ لیک ہونے والی گیس کی وجہ سے سلنڈر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 8 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
    ‎واضح رہے کہ کابل میں گزشتہ ماہ ایک چینی ریسٹورنٹ میں ہونے والے دھماکے میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک چینی شہری اور 6 افغان شامل تھے، جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے تھے۔

  • 
جنوبی کوریا: فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار

    
جنوبی کوریا: فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار

    ‎جنوبی کوریا کے صوبہ گیونگ گی میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار دو افراد شدید زخمی ہوئے اور دل کا دورہ پڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
    ‎غیر ملکی ذرائع کے مطابق یہ حادثہ صوبے کے کاپیونگ کاؤنٹی میں مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 11 بجے پیش آیا۔ فوجی ذرائع کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے لیے روانہ ہوا تھا اور یہ اے ایچ-1 ایس کوبرا ماڈل تھا، جسے سروس سے ریٹائر کیا جانا تھا۔
    ‎حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد کسی دھماکے یا آگ لگنے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم واقعے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

  • مشہور ریپر طلحہ انجم کی زوئیہ کریم کے ساتھ منگنی، تصاویر وائرل

    مشہور ریپر طلحہ انجم کی زوئیہ کریم کے ساتھ منگنی، تصاویر وائرل

    پاکستان کے معروف ریپر طلحہ انجم نے میڈیکل ایستھیٹیشن اور انفلوئنسر زوئیہ کریم کے ساتھ کراچی میں ایک نجی تقریب کے دوران منگنی کر لی ہے۔ یہ تقریب اتوار 8 فروری کو منعقد ہوئی، جس میں طلحہ نے سیاہ اور گرے رنگ کا تھری پیس سوٹ اور لیوینڈر رنگ کی ٹائی پہنی، جبکہ زوئیہ کریم لیوینڈر رنگ کی ساڑھی اور سادہ جیولری میں جلوہ گر ہوئیں۔
    ‎تقریب میں ‘ینگ اسٹنرز’ کے معروف ریپر طلحہ یونس بھی شریک ہوئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں طلحہ انجم کو قریبی دوستوں کے ساتھ اپنے حالیہ گانے ‘ہوا آنے دے’ پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
    ‎مداحوں نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور یہ خبر سوشل میڈیا پر کافی دلچسپی پیدا کر گئی ہے۔ طلحہ اور زوئیہ کے تعلقات کی افواہیں اس وقت شروع ہوئی تھیں جب زوئیہ نے طلحہ کی سالگرہ پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی اور بعد میں سوشل میڈیا پر ان کی بات چیت کو مداحوں نے نوٹ کیا۔

  • بجلی کی قیمتوں میں  ریلیف ختم کرنے کی بات عوام دشمن پالیسی ہے۔ خالد مسعود سندھو

    بجلی کی قیمتوں میں ریلیف ختم کرنے کی بات عوام دشمن پالیسی ہے۔ خالد مسعود سندھو

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں غریب طبقے کو دیا گیا معمولی ریلیف ختم کرنے کی بات عوام دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ حکومت اشرافیہ کو دی گئی بے شمار مراعات اور غیرضروری شاہانہ اخراجات کم کر کے غریب عوام کا سوچے۔

    ان خیالات کا اظہار خالد مسعود سندھو نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں عوام کو دیا گیا ریلیف ختم کرنے کے حوالہ سے بیان پر ردعمل میں کیا، خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ 70 فیصد رعایت کسی بڑے طبقے کے لیے نہیں بلکہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔ پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور مسلسل بڑھتے ہوئے ٹیکسوں نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے، ایسے میں بجلی کے نرخوں میں دیا گیا تھوڑا سا ریلیف بھی واپس لینا سراسر ناانصافی ہے، ریاست اگر آئی پی پیز کو کھربوں روپے کی ادائیگیاں، اشرافیہ کو بے شمار مراعات اور غیر ضروری شاہانہ اخراجات برداشت کر سکتی ہے تو غریب عوام کو سستی بجلی دینا کیوں ناممکن قرار دیا جا رہا ہے؟ اصل مسئلہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ غلط ترجیحات ہیں۔

    خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بجلی کے بلوں میں عوام کو حقیقی اور پائیدار ریلیف فراہم کرے اور معاشی بوجھ غریب عوام کے بجائے طاقتور طبقات اور مافیا پر ڈالے، تاکہ عام آدمی کو سکھ کا سانس میسر آ سکے،مرکزی مسلم لیگ عوام کے حقوق کی پاسداری کرے گی.

  • بھارت نے  بحیرہ عرب میں  ایران سے منسلک تیل بردار جہاز ضبط کر لیے

    بھارت نے بحیرہ عرب میں ایران سے منسلک تیل بردار جہاز ضبط کر لیے

    بھارت نے چاہ بہار بندرگاہ سے خاموش واپسی کے بعد ایران سے منسلک تیل بردار جہاز بھی ضبط کر لیے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق بھارتی کوسٹ گارڈ نے بحیرہ عرب میں اسمگلنگ کے الزام میں 3 آئل ٹینکرز کو تحویل میں لیا آئل ٹینکرز کو ممبئی سے تقریباً 100 سمندری میل کے فاصلے پر بحیرہ عرب میں قبضے میں لے لیا گیا ضبط کیے گئے بحری جہازوں میں ال جافزیہ، ایسفالٹ اسٹار اور اسٹیلر روبی شامل ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ چاہ بہار سے واپسی کے بعد ایرانی جہازوں کی ضبطی ایران کے لیے بھارت کی جانب سے چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔

  • روس نے پابندیاں توڑنے کےلیے ایران کو ڈھائی ارب ڈالر نقد بھیجے،برطانوی اخبار  کا دعویٰ

    روس نے پابندیاں توڑنے کےلیے ایران کو ڈھائی ارب ڈالر نقد بھیجے،برطانوی اخبار کا دعویٰ

    برطانوی اخبار ٹیلیگراف نے اپنی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ روس نے امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے 2018 میں ایران کو خفیہ طور پر تقریباً 2.5 ارب ڈالر نقد رقم منتقل کی۔

    رپورٹ کے مطابق یہ رقوم روسی سرکاری بینک پرومسویاز بینک کے ذریعے 34 بڑی ترسیلات میں تہران کے مرکزی بینک تک پہنچائی گئیں، جن کا مجموعی وزن تقریباً پانچ ٹن بتایا گیا ہے یہ رقم اُس وقت بھیجی گئی جب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر سخت پابندیاں عائد کی تھیں ہر کھیپ کی مالیت 57 سے 115 ملین ڈالر کے درمیان تھی اور زیادہ تر نوٹ یورپی کرنسی کے بڑے مالیت والے بلوں پر مشتمل تھے۔

    رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ادائیگیاں روس اور ایران کے درمیان پہلے سے زیادہ گہرے تعلقات کی عکاس ہیں اور ممکنہ طور پر اسلحہ یا فوجی سازوسامان کے بدلے کی گئی ہوں امریکی سابق حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایسی ترسیلات آج بھی جاری ہوسکتی ہیں، خاص طور پر جب ایران یوکرین جنگ میں روس کو ڈرون اور میزائل فراہم کر رہا ہے مذکورہ روسی بینک کو 2017 میں دفاعی شعبے کی مالی معاونت اور پابندیوں سے بچنے کے لیے سرکاری تحویل میں لیا گیا تھا، جبکہ اس کے سابق سربراہ پر بعد میں امریکا اور برطانیہ نے پابندیاں بھی عائد کیں۔

    تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ نقد رقم کے ذریعے لین دین کا طریقہ ٹریس کرنا مشکل ہوتا ہے، اسی لیے روس ممکنہ طور پر مستقبل میں بھی اسی حکمتِ عملی پر انحصار کرتا رہے گا۔

  • 
لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی کو حادثہ ، 55 افراد ہلاک

    
لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی کو حادثہ ، 55 افراد ہلاک

    ‎لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کو لے جانے والی ایک کشتی ڈوبنے سے 2 بچوں سمیت 55 افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے ہیں۔
    ‎انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف مائیگریشن کے مطابق یہ حادثہ 6 فروری کو لیبیا کے ساحلی شہر زوارہ کے شمال میں پیش آیا۔ لیبیائی حکام کا کہنا ہے کہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائی کے دوران صرف نائجیریا سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کو زندہ بچایا جا سکا۔
    ‎میڈیا رپورٹس کے مطابق بچ جانے والی خواتین میں سے ایک نے بتایا کہ اس حادثے میں اس کے شوہر کی جان چلی گئی، جبکہ دوسری خاتون نے اپنے دو بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
    ‎زندہ بچ جانے والی خواتین کے مطابق افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن اور پناہ گزینوں کو لے جانے والی یہ کشتی 5 فروری کی رات تقریباً 11 بجے لیبیا کے شہر الزاویہ سے روانہ ہوئی تھی۔ تقریباً چھ گھنٹے بعد کشتی میں پانی بھرنا شروع ہو گیا، جس کے بعد کشتی الٹ گئی۔

  • دہلی بنے گا خالصتان،9 تعلیمی اداروں کو بم کی دھمکی موصول

    دہلی بنے گا خالصتان،9 تعلیمی اداروں کو بم کی دھمکی موصول

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پیر کی صبح متعدد اسکولوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں، جس کے بعد شہر بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

    دہلی فائر سروس (ڈی ایف ایس) کے مطابق پہلی کال صبح 8 بج کر 33 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے فوراً بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس ٹیمیں متاثرہ مقامات پر روانہ کر دی گئیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں واقع 9 اسکولوں کو ای میل کے ذریعے بم دھماکوں کی دھمکیاں دی گئیں۔ دھمکی موصول ہونے والے اسکولوں میں،لوریٹو کانوینٹ اسکول، دہلی کینٹ،کیمبرج اسکول، سری نیواسپوری (جنوبی دہلی)،وینکٹیشور اسکول، روہنی (نارتھ ویسٹ دہلی)،سی ایم اسکول، روہنی،بال بھارتی اسکول، روہنی،کیمبرج اسکول، نیو فرینڈز کالونی (جنوبی دہلی)،دی انڈین اسکول، صادق نگر (جنوبی دہلی)،ڈی ٹی اے اسکول، آئی این اے شامل ہیں،حکام کے مطابق مزید اسکولوں کو بھی اسی نوعیت کی دھمکیاں موصول ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق دھمکی آمیز ای میل میں انتہائی اشتعال انگیز اور خوفناک زبان استعمال کی گئی۔ ای میل میں دعویٰ کیا گیا کہ “دہلی خالصتان بنے گا، پنجاب خالصتان ہے، افضل گرو کی یاد میں”۔ ای میل میں یہ بھی کہا گیا کہ 13 فروری کو دوپہر 1 بج کر 11 منٹ پر پارلیمنٹ میں دھماکہ ہوگا۔

    سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر تمام متاثرہ اسکولوں کو خالی کروا کر تلاشی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کسی مشتبہ شے کی برآمدگی کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔حکام کے مطابق ای میل بھیجنے والے عناصر کا سراغ لگانے کے لیے سائبر سیل کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے، جبکہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

  • 
بسنت پر شہریوں کی ذمہ داری قابلِ تحسین، ثقافت کو دوبارہ زندہ کیا: مریم اورنگزیب

    
بسنت پر شہریوں کی ذمہ داری قابلِ تحسین، ثقافت کو دوبارہ زندہ کیا: مریم اورنگزیب

    ‎سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت کے موقع پر لاہوریوں اور صوبے بھر کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جنہوں نے ڈور، پتنگ بازی اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کر کے ثابت کیا کہ تہوار محفوظ اور منظم انداز میں منائے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقافت کو تالے نہیں لگائے جاتے بلکہ بہتر حکمتِ عملی سے مینیج کیا جاتا ہے۔
    ‎مریم اورنگزیب کے مطابق لاہوری نوجوان برسوں سے اپنی ثقافت سے دور ہو گئے تھے اور زیادہ وقت اسکرینز تک محدود تھا، تاہم بسنت کی بحالی نے انہیں اپنی روایات سے دوبارہ جوڑ دیا ہے۔ آج نوجوان کھل کر اپنے کلچر کو سیلیبریٹ کر رہے ہیں، نفرت اور تشدد کے بیانیے کو مسترد کیا گیا اور شہریوں نے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جو معاشرے کو آگے لے جانے کا مثبت راستہ ہے۔